Author: انجم وہاب

  • ایران کا امریکا پر جوابی حملہ، پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مندی

    ایران کا امریکا پر جوابی حملہ، پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مندی

    کراچی : ایران کے جوابی حملوں کے بعد پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں مندی ریکارڈ کی گئی ،100 انڈیکس 546 پوائنٹس کمی سے 41357 پوائنٹس پر بند ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا ایران کشیدگی عروج پر ہے ، ایران کی جانب سے جوابی حملے کے بعد پاکستان سمیت ایشیائی کی تمام اسٹاک مارکیٹس شدید مندی کی لپیٹ میں ہیں۔

    پاکستان اسٹاک ایکسچینچ میں کاروبار کے آغاز پر 411پوائنٹس کی کمی ہوئی ،  جس کے بعد 100  انڈیکس 41ہزار 494 پوائنٹس پر آگیا تاہم کاروبار کے دوران انڈیکس میں 618پوائنٹس تک گرگیا۔

    اسٹاک ایکس چینج کاروبار کے اختتام تک مندی کی لپیٹ میں رہا اور 100 انڈیکس 546 پوائنٹس کمی سے 41357 پوائنٹس پر بند ہوا ، کاروبار کے دوران 100 انڈیکس میں 1.32 فیصد کمی ہوئی۔

    دوسری جانب ایشیائی کی تمام اسٹاک مارکیٹس میں شدید مندی دیکھی گئی ، جاپانی اسٹاک مارکیٹ میں300 پوائنٹس ، ہانگ کانگ اسٹاک مارکیٹ میں206 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی ، چینی حصص بازار بھی مندی کی لپیٹ میں ہیں جبکہ کورین اورآسٹریلوی اسٹاک مارکیٹس بھی منفی زون میں ہیں۔

    مزید پڑھیں : پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں تیزی

    گذشتہ روز اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا اختتام تیزی پر ہوا تھا، ایک دن میں 100 انڈیکس میں 1.45 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، 100 انڈیکس 608 پوائنٹس اضافے سے 41904 کی سطح پر بند ہوا۔

    یاد رہے جنرل سلیمانی کے قتل پر ایران نے امریکا پر جوابی وار کرتے ہوئے عراق میں موجود امریکی فوجی اڈوں پر دو حملے کئے، واشنگٹن نے حملوں کی تصدیق کر دی ہے جبکہ ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے ایران کےعراق میں امریکی فوجی اڈوں پرمیزائل حملوں میں80افراد ہلاک ہوئے۔

    واضح رہے بغداد ائیرپورٹ پر امریکی فضائی حملہ میں ایران کی القدس فورس کے جنرل قاسم سلیمانی کو ہلاک ہوگئے تھے،جس کے بعد ایرانی حکومت نے امریکی حملے کی مذمت کرتے ہوئے بدلہ لینے کا اعلان کیا تھا۔

  • گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کا تیسرا دن، کراچی پورٹ پر بھی کارگو لوڈنگ بند

    گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کا تیسرا دن، کراچی پورٹ پر بھی کارگو لوڈنگ بند

    کراچی: گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کا آج تیسرا دن ہے، تا حال وفاقی سطح پر کسی نے ہڑتال کرنے والے ٹرانسپورٹرز سے رابطہ نہیں کیا۔

    تفصیلات کے مطابق گڈز ٹرانسپورٹرز نے پورٹ قاسم کے بعد کراچی پورٹ پر بھی کارگو لوڈنگ روک دی ہے، ترجمان گڈز ٹرانسپورٹرز امداد حسین نقوی نے کہا ہے کہ آج ہڑتال کا تیسرا دن ہے لیکن وفاقی سطح پر کسی نے رابطہ نہیں کیا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ گڈ ٹرانسپورٹرز نے آج سے کراچی پورٹ پر درآمدی اور برآمدی مصنوعات، کھاد، کوئلہ اور ہر قسم کی صنعتی اور تعمیراتی مشینری کی اندرون ملک ترسیل روک دی ہے۔

    ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ ان کے مطالبات کی منظوری تک ملکی صنعتوں کی تیار کردہ برآمدی مصنوعات کی ترسیل بھی معطل رہے گی، جمعے تک ایکسل لوڈ لمٹ کا نفاذ، ڈرائیونگ لائسنس اور جرمانوں کے میکنزم میں تبدیلی کے ساتھ ساتھ تمام مطالبات نہ مانے گئے تو پھر آئل ٹینکر ٹرانسپورٹرز بھی ہڑتال میں شریک ہو جائیں گے۔

    گورنر سندھ سے ٹرانسپورٹرز کے مذاکرات ناکام، ہڑتال کا دوسرا دن، صوبائی وزیر کی تنقید

    ادھر تین دن سے گڈز ٹرانسپورٹرز سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں اور وفاقی وزارت مواصلات خواب خرگوش کے مزے لے رہی ہے، امداد حسین نے کہا ہے کہ گڈز ٹرانسپورٹرز یکم جنوری 2020 کو نافذ ہونے والے بھاری جرمانوں کے نوٹیفکیشن کو لوٹ مار کا نوٹیفکیشن سمجھتے ہیں۔

    انھوں نے مزید کہا کہ کراچی میں دو بین الاقوامی پورٹس ہیں مگر ٹرانسپورٹرز کو اپنے ٹرک ٹرالرز اور کار کیرئرز پارک کرنے کے لیے پارکنگ یارڈ دستیاب نہیں۔

  • سونے کی قیمتوں  میں بڑی کمی

    سونے کی قیمتوں میں بڑی کمی

    کراچی : پاکستان میں سونے کی قیمتوں میں بڑی کمی ہوئی، قیمت 1250 روپے کمی سے 92ہزار100روپے فی تولہ ہوگئی‌۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی مارکیٹ میں میں سونے کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے بعد مقامی صرافہ بازاروں میں بھی بڑھتے بھاؤ کو بریک لگ گیا اور قیمتیں کم ہوگئیں، سونا ایک ہی دن میں 1250 سستا ہوا۔ ہوکر تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔سونا 12 ڈالر کمی کے بعد 1566.70 ڈالر فی اونس میں ٹریڈہو رہا ہے۔

    عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 12 ڈالر کمی کے بعد 1566.70 فی اونس ہوگئی، ماہرین معاشیات نے قیمتوں میں مزید اضافے کا امکان بھی ظاہر کیا ہے۔

    مزید پڑھیں  : پاکستان میں سونا تاریخ کی بلند ترین سطح پرپہنچ گیا

    آل پاکستان جیولرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد ارشد نے کہا سونے کی قیمت 1250 روپے کی کمی کے بعد سونا92100 روپے فی تولہ ہو گئی جبکہ
    دس گرام سونے کی قیمت میں 1071 روپے کی کمی ہوئی، جس کے بعد ریٹ 78960 روپے ہوگئے۔

    گذشتہ روز سونا پاکستان میں تاریخ کی بلند ترین سطح پرپہنچ گیا، سونے کی فی تولہ قیمت میں 2850 روپے اضافہ کے بعد 93350 روپے ہو گیا تھا۔

    خیال رہے ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی موت کے بعد امریکہ اورایران میں بڑھتی کشیدگی کے باعث خام تیل اور سونا مہنگا ہورہا ہے جبکہ ایشیائی حصص بازارمندی کی لپیٹ میں ہیں۔

  • وزیر توانائی کی سندھ میں گیس بحران کو حل کرنے کی کوشش

    وزیر توانائی کی سندھ میں گیس بحران کو حل کرنے کی کوشش

    کراچی: صوبہ سندھ میں گیس کے بحران کے پیش نظر وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ نے ارکان قومی اسمبلی و سینیٹرز کو خط لکھ دیا، انہوں نے کہا کہ سندھ کو ملکی پیداوار کی 65 فیصد گیس دینے کے باوجود نہایت کم گیس فراہم کی جارہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ نے صوبے میں گیس کی فراہمی کے حوالے سے ارکان قومی اسمبلی و سینیٹرز کو خط لکھ دیا۔

    اپنے خط میں امتیاز شیخ نے لکھا کہ 65 فیصد گیس پیدا کرنے والے سندھ کو گیس کی فراہمی نے حد کم ہے۔ شدید سردی میں 1 ہزار ایم ایم سی ایف ڈی سے بھی کم گیس دی جارہی ہے۔

    صوبائی وزیر نے کہا کہ سندھ ملکی پیداوار کا 65 فیصد یعنی ڈھائی ہزار سے 26 سو ایم ایم سی ایف ڈی مہیا کرتا ہے جبکہ سندھ کو سالانہ صرف 13 سو سے 14 سو ایم ایم سی ایف ڈی گیس دی جاتی ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کو فراہم شدہ گیس میں بجلی اور کھاد بنانے والی کمپنیاں بھی حصے دار ہیں۔ پی پی ایل، ایس ایس جی سی، پی ایس اور وفاقی اداروں کے بورڈز میں سندھ کی نمائندگی نہیں۔

    خیال رہے کہ سردیوں میں اضافہ ہوتے ہی سندھ میں گیس کا بحران شدید ہوگیا تھا۔ گھروں میں لوگ لکڑی کے چولہے استعمال کرنے پر مجبور ہوگئے۔

    گیس پریشر میں کمی کے باعث سی این جی اسٹیشنز مستقل کئی روز بند رہے۔ سندھ میں گیس کی صورتحال تاحال بہتر نہیں ہوسکی ہے۔

  • گورنر سندھ سے ٹرانسپورٹرز کے مذاکرات ناکام، ہڑتال کا دوسرا دن، صوبائی وزیر کی تنقید

    گورنر سندھ سے ٹرانسپورٹرز کے مذاکرات ناکام، ہڑتال کا دوسرا دن، صوبائی وزیر کی تنقید

    کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل سے ٹرانسپورٹرز کے مذاکرات نا کام ہو گئے ہیں، گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کا آج دوسرا دن ہے، صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ نے معاملے کو تنقید کا نشانہ بنا لیا۔

    تفصیلات کے مطابق گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے آج بھی ہڑتال جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، افغان ٹرانزٹ ٹریڈ اور آل کراچی ٹائر ایسوسی ایشنز کی جانب سے بھی ہڑتال کی حمایت کر دی گئی ہے۔

    ٹرانسپورٹرز نے مال بردار گاڑیاں سڑکوں پر کھڑی کر دی ہیں، جس کے باعث پورٹ قاسم اور کراچی پورٹ سمیت سبزیوں، پھلوں اور دواؤں کی ترسیل معطل ہو گئی ہے۔ خیال رہے کہ ملک بھر میں گڈز ٹرانسپورٹ کی 3 لاکھ سے زائد گاڑیاں ہیں جب کہ کراچی سے روزانہ 17 ہزار سے زائد گاڑیاں دیگر شہروں کو جاتی اور آتی ہیں۔

    خیال رہے کہ گڈز ٹرانسپورٹرز نے مطالبات کی منظوری تک کل سے ہڑتال شروع کی ہے، ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ ڈرائیونگ لائسنس فیس تجدید میں 100 فی صد اضافہ کیا گیا، 18 سو روپے فیس کو 18 ہزار روپے کر دیا گیا، اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد نہیں ہو رہا، ایکسل لوڈ ایس آر او 2 ہزار پر حکومت اور موٹر وے پولیس عمل نہیں کر رہی، ایکسل لوڈ مینجمنٹ مؤخر کر کے اوور لوڈنگ پر مجبور کیا جا رہا ہے، گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم پر ایکسل لوڈ مینجمنٹ نافذ کی جائے۔

    واضح رہے کہ گڈز ٹرانسپورٹرز مطالبات کی منظوری تک غیر معینہ مدت کے لیے ملک گیر پہیہ جام ہڑتال میں صنعتوں اور بندرگاہوں سے درآمدی اور برآمدی سامان کی ترسیل روک دی ہے، کاٹھور پر احتجاجی کیمپ قائم کیا گیا ہے، جہاں مال بردار گاڑیاں کھڑی کر دی گئی ہیں۔ گڈز ٹرانسپورٹرز کے ترجمان امداد حسین نقوی نے کہا کہ ہڑتال کا آج دوسرا دن ہے اور تاحال وفاقی سطح پر کسی نے ہم سے رابطہ نہیں کیا، وفاقی وزارت مواصلات خواب خرگوش کے مزے لے رہی ہے۔

    ادھر سکھر میں وزیر ٹرانسپورٹ سندھ اویس شاہ قادر نے کہا ہے کہ مواصلات کی وزارت نا اہل اور نالائق شخص کے سپرد کی گئی ہے، ٹرانسپورٹرز کی ایک دن کی ہڑتال سے کروڑوں کا نقصان ہو رہا ہے، کوئی مسئلہ الجھ جائے تو سلجھانے کے طریقے ہوتے ہیں لیکن ٹرانسپورٹرز کے ساتھ معاملہ سلجھایا نہیں گیا۔

    انھوں نے مواصلات کے وزیر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نالائق وزرا بیٹھے رہے تو خان صاحب کو جلد پارلیمنٹ سے نکلوا دیں گے، وفاقی حکومت کو کوئی بھی مدد درکار ہے تو ہم ساتھ دینے کو تیار ہیں۔

  • پاکستان میں سونا  تاریخ کی بلند ترین سطح پرپہنچ گیا

    پاکستان میں سونا تاریخ کی بلند ترین سطح پرپہنچ گیا

    کراچی : سونا پاکستان میں تاریخ کی بلند ترین سطح پرپہنچ گیا، سونے کی فی تولہ قیمت میں 2850 روپے اضافہ کے بعد 93350 روپے ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت میں اضافے کے بعد پاکستان بھر کے صرافہ بازاروں میں بھاؤ مزید بڑھ گئے اور سونا ایک ہی دن میں 2850 مہنگا ہوکر تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

    انٹرنیشنل مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران سونے کی قیمت 26 ڈالر اضافے کے بعد 1578 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی، ماہرین معاشیات نے قیمتوں میں مزید اضافے کا امکان بھی ظاہر کیا ہے۔

    چئیرمین جیولرز ایسوسی ایشن محمد ارشد نے کہا سونے کی قیمتوں میں مزید تیزی دیکھی جاسکتی ہے م مقامی صرافہ بازاروں میں فی تولہ قیمت میں 2850 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد قیمت 93350 تک پہنچ گئی، اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت میں 2442 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد ریٹ 80032 روپے ہوگئے۔

    مزید پڑھیں : سونے کی قیمتوں نے تمام ریکارڈز توڑ دیے

    خیال رہے ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی موت کے بعد امریکہ اورایران میں بڑھتی کشیدگی کے باعث خام تیل اورسونا مہنگا ہورہا ہے جبکہ ایشیائی حصص بازارمندی کی لپیٹ میں ہیں۔

  • ملک میں معاشی استحکام کی رفتار میں اضافہ ہوگیا

    ملک میں معاشی استحکام کی رفتار میں اضافہ ہوگیا

    کراچی: اسٹیٹ بینک نے ملکی معاشی کیفیت پر پہلی سہ ماہی رپورٹ جاری کردی جس کے مطابق تجارتی خسارے میں بہتری آئی جبکہ معاشی استحکام کی رفتار بڑھ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق بینک دولت پاکستان نے پاکستانی معیشت کی کیفیت پر پہلی سہ ماہی رپورٹ مالی سال 2020 جاری کردی۔ رپورٹ کے مطابق مالی سال 2020 کی پہلی سہ ماہی میں پاکستان کی معیشت بتدریج مطابقت کی راہ پر گامزن رہی۔

    اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے توسیعی فنڈ سہولت پروگرام کی شروعات سے کلی معاشی استحکام کی رفتار بڑھ گئی۔ اسٹیٹ بینک نے مسلسل زرعی پالیسی کو مہنگائی کے وسط مدتی ہدف سے ہم آہنگ رکھا جبکہ مالیاتی محاذ پر یکجائی کی کوششیں نمایاں رہیں۔ مارکیٹ پر مبنی شرح مبادلہ کا ایک نظام نافذ کیا گیا اور انٹر بینک فارن ایکسچینج مارکیٹ نے خود کو اس نظام سے خاصا ہم آہنگ کر لیا۔

    یہ بات قابل ذکر ہے کہ حکومت نے اسٹیٹ بینک کے قرضے کے رول اوور سمیت خسارے کی مونیٹائزیشن سے گریز کیا اور دستاویزیت کی کوششوں کو فعال انداز میں آگے بڑھایا۔

    رپورٹ کے مطابق جڑواں خساروں میں کمی کی شکل میں معاشی استحکام کی جاری کوششوں کے ثمرات نمایاں ہو چکے ہیں۔ مالی سال 2020 کی پہلی سہ ماہی میں جاری کھاتے کا خسارہ بنیادی طور پر درآمدات میں خاصی کمی کی بدولت گر کر گزشتہ برس کی نصف سطح سے بھی کم رہ گیا۔

    کم اکائی قیمتوں کی وجہ سے برآمدات کی نمو پست رہی تاہم، حجم کے لحاظ سے برآمدات میں قابل ذکر نمو دیکھی گئی۔

    مالیاتی محاذ پر مجموعی خسارہ گزشتہ برس کی اسی مدت کے مقابلے میں کم رہا اور بنیادی توازن میں پچھلی 7 سہ ماہیوں میں پہلی مرتبہ فاضل درج کیا گیا۔ اس بہتری میں محصولات میں اضافے اور اخراجات پر قابو پانے کے اقدامات دونوں نے کردار ادا کیا۔

    زیادہ اہم بات یہ ہے کہ سہ ماہی کے دوران ترقیاتی اخراجات میں 30.5 فیصد کی بلند نمو ہوئی۔

    جی ڈی پی کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا کہ خریف کے موسم کے نظرِ ثانی شدہ تخمینوں سے معلوم ہوتا ہے کہ اہم فصلوں کی پیداوار مالی سال 2020 کے ہدف سے کم رہنے کا امکان ہے۔

    مالی سال 2020 کی پہلی سہ ماہی کے دوران بڑے پیمانے کی اشیا سازی کے شعبے میں 5.9 فیصد کی سال بسال کمی بھی دیکھی گئی۔ یہ تخفیف وسیع البنیاد تھی کیونکہ تعمیرات سے منسلک صنعتوں، پیٹرولیم اور گاڑیوں کی صنعتوں کی نمو میں کمی کا رجحان بھی جاری رہا۔

    اس کے مقابلے میں شرح مبادلہ میں پہلے کی گئی اصلاحات سے برآمدی صنعتوں کو مدد ملی جس کی عکاسی ٹیکسٹائل اور چمڑے کی نسبتاً بہتر کارکردگی سے ہوتی ہے، تاہم بحیثیت مجموعی حقیقی جی ڈی پی کی 4 فیصد نمو کا ہدف حاصل ہونے کا امکان نظر نہیں آتا۔

    رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ مالی سال 2020 کی پہلی سہ ماہی میں عمومی صارف اشاریہ قیمت مہنگائی 11.5 فیصد ہوگئی، جو مالی سال 2019 کے آغاز سے شروع ہونے والے اضافے کے رجحان کا تسلسل ہے۔

  • مزید 2 ریل گاڑیاں حادثے کا شکار ہو گئیں

    مزید 2 ریل گاڑیاں حادثے کا شکار ہو گئیں

    کراچی/فیصل آباد: ریل حادثات رکنے میں نہیں آ رہے، دو مزید ریل گاڑیاں حادثے کا شکار ہو گئی ہیں، ایک حادثہ سندھ کے شہر کوٹری جب کہ دوسرا پنجاب کے شہر فیصل آباد میں پیش آیا۔

    تفصیلات کے مطابق علامہ اقبال ایکسپریس کو سندھ کے ضلع جام شورو کے تعلقہ کوٹری میں حادثہ پیش آ گیا ہے، ریل کی 2 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، جس کے باعث ڈاؤن ٹریک بلاک ہو گیا ہے۔

    موصولہ اطلاعات کے مطابق علامہ اقبال ایکسپریس کی بوگیاں پٹری سے اترنے کے واقعے میں تمام مسافر محفوظ رہے، ریلوے حکام نے فوری کارروائی کرتے ہوئے بوگیوں کو پٹری پر رکھ کر ریل گاڑی کو روانہ کر دیا، کراچی آنے والا ٹرین اپنے ٹریک پر بحال ہو گیا۔

    سال 2019 محکمہ ریلوے کے لیے حادثوں کا سال رہا

    ادھر فیصل آباد میں بھی ریلوے اسٹیشن پر ٹرین کا انجن پٹری سے اتر گیا، ریلوے انتظامیہ نے بتایا کہ انجن کو واپس پٹری پر لانے کا کام جاری ہے۔ مسافروں کا کہنا تھا کہ فیصل آباد میں متعدد بار ٹرین کی بوگیاں پٹری سے اتر چکی ہیں۔

    خیال رہے کہ پاکستان کے مختلف شہروں میں ریل کی پٹریوں پر آئے روز ریل گاڑیاں حادثے کا شکار ہو رہی ہیں، پٹری سے ریل کے اترنے کے واقعات بھی بڑھ گئے ہیں، اپوزیشن کی جانب سے وزیر ریلوے کو بھی اس کے لیے نشانہ بنایا گیا کہ جب سے شیخ رشید وزیر بنے ہیں تب سے حادثات بڑھ گئے ہیں، تاہم شیخ رشید نے کہا تھا کہ سب سے کم حادثات ان کے دور میں ہوئے۔

    اے آر وائی نیوز کی ایک رپورٹ کے مطابق سال 2019 محکمہ ریلوے کے لیے حادثوں کا سال رہا، جہاں ملک کے مختلف علاقوں میں ریل گاڑیوں کو حادثات پیش آئے وہاں صرف سندھ کے ضلع سکھر کی حدود میں 2 درجن سے زائد حادثے ہوئے۔

  • کراچی : گڈز ٹرانسپورٹرز نے پیر سے ملک گیر ہڑتال کا اعلان کردیا

    کراچی : گڈز ٹرانسپورٹرز نے پیر سے ملک گیر ہڑتال کا اعلان کردیا

    کراچی : گڈز ٹرانسپورٹرزاور انٹر سٹی بس مالکان نے چھ جنوری سے غیر معینہ مدت کے لئے ملک گیر ہڑتال کا اعلان کر دیا، عدالت کے فیصلے پر عمل نہ کیا گیا تو غیر معینہ مدت تک سڑکوں پر گاڑیاں نہیں لائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق گڈزٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے عہدیداران اور انٹر سٹی بس مالکان نے کہا ہے کہ ہمارے جائز مطالبات منظور نہ کیے گئے تو ملک بھر میں سامان کی ترسیل بند کر دیں گے، گڈز ٹرانسپورٹ کی ہڑتال کا دورانیہ غیرمعینہ مدت کا ہوگا۔

    گڈز ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ ڈرائیونگ لائسنس فیس کی تجدید میں سو فیصداضافہ کردیا گیا جو کہ سراسر نانصافی ہے،18سو روپے فیس کو18 ہزار روپے تک کردیا گیا ہے، ایکسل لوڈ کے قانون کو بحال کیا جائے اور ناجائز جرمانے ختم کیے جائیں۔

    گڈزٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے پرعمل درآمد نہیں ہورہا، ایکسل لوڈ ایس آر او دو ہزار پر حکومت اور موٹروے پولیس عمل نہیں کررہی۔

  • سونے کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ

    سونے کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ

    کراچی: بلین مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت میں اضافے کے بعد پاکستان بھر کے صرافہ بازاروں میں بھاؤ مزید بڑھ گئے۔

    انٹرنیشنل مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران سونے کی قیمت 28 ڈالر اضافے کے بعد 1549 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی، ماہرین معاشیات نے قیمتوں میں مزید اضافے کا امکان بھی ظاہر کیا ہے۔

    آل پاکستان جیولرز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق عالمی مارکیٹ میں قیمتیں بڑھنے سے مقامی صرافہ بازاروں میں فی تولہ ریٹ میں 1300 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد قیمت 89 ہزار 500 تک پہنچ گئی۔ اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت میں 1114 روپے کا اضافہ ہوا جس کے بعد ریٹ 76 ہزار 731 روپے تک پہنچ گئے۔

    آج 3 جنوری 2020 کے ریٹ

    فی تولہ : -/89,500 

    دس گرام : -/76,731 

    کراچی ، حیدرآباد، سکھر، ملتان، فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کی تمام صرافہ بازاروں میں سونے کی فی تولہ اور دس گرام کی خرید و فروخت نئے ریٹ کے ساتھ ہوئی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز ٹریڈنگ کے دوران سونے کی فی اونس قیمت میں چار ڈالر کا اضافہ ہوا تھا جس کے باعث مقامی صرافہ بازاروں میں فی تولہ اور دس گرام کی قیمت 100 اور 86 روپے بڑھ گئی تھی۔

    گزشتہ روز اضافے کے بعد سونے کی فی تولہ قیمت 88 ہزار 200 اور دس گرام 75 ہزار 617 روپے تک پہنچی تھی۔