Author: انجم وہاب

  • خسارے میں کمی، معاشی حالات بہتری کی جانب گامزن ہیں، گورنراسٹیٹ بینک

    خسارے میں کمی، معاشی حالات بہتری کی جانب گامزن ہیں، گورنراسٹیٹ بینک

    کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے گورنر رضا باقر نے کہا ہے کہ ملک کے معاشی حالات بہتری کی جانب گامزن ہیں اسی وجہ سے خسارے میں کمی آرہی ہے۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رضا باقر کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں تاجروں کا کاروبار بڑھے اور وہ مزید اچھے انداز سے کام کرسکیں۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ایس ایم ای پر سستے قرض فراہم کرنے کی اسکیمیں متعارف کرائیں۔

    دوسری جانب اسٹیٹ بینک کی جانب سے اگلے دوماہ کیلئےمانیٹری پالیسی کااعلان جمعہ کو کیا جائےگا۔ قومی بینک دولت پاکستان کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کےمطابق اسٹیٹ بینک کےمانیٹری پالیسی بورڈ کااجلاس بائیس نومبرکوہوگا۔

    اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں مہنگائی سیمت دیگر معاشی اعشاریوں کا جائزہ لیاجائےگا اور شرح سودمیں ردوبدل کا تعین کیاجائے گا۔ معاشی ماہرین کےمطابق بائیس نومبرکوآنےوالی مانیٹری پالیسی میں شرح سود موجودہ سطح  پر برقرار رہنےکا امکان ہے۔

    اسٹیٹ بینک کے مطابق مانیٹری پالیسی کا اعلان پریس ریلیز کے ذریعے کیا جائے گا۔

  • سونے کی فی تولہ قیمت میں 450 روپے کی کمی

    سونے کی فی تولہ قیمت میں 450 روپے کی کمی

    کراچی: بلین مارکیٹ میں سونے کی فی ڈالر قیمت کم ہونے کے مثبت اثرات مقامی صرافہ بازاروں پر بھی نظر آئے۔

    تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران سونے کی قیمت میں مزید 08 ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد بعد سونا 1453 ڈالر فی اونس کی سطح پر پہنچ گیا۔

    آل پاکستان جیولرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد ارشد کے مطابق بلین مارکیٹ میں ہونے والی کمی کے بعد مقامی صرافہ بازاروں میں فی تولہ اور دس گرام کی قیمت میں بالترتیب 450 اور 385 روپے کی کمی ہوئی۔

    حالیہ کمی کے بعد کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاہور، ملتان، فیصل آباد، کوئٹہ، پشاور، اسلام آباد، راولپنڈی کے بازاروں میں بتاریخ 12 نومبر کو سونے کی فی تولہ اور دس گرام کی خریدو فروخت بالترتیب 86ہزار 250 اور 73 ہزار 945 روپے کے ساتھ ہوئی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز  سونے کی فی تولہ قیمت  100 روپے کے اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا جس کے بعد  ریٹ  86700 روپے پر پہنچ گئے تھے، اسی طرح دس گرام کی قیمت میں بھی 86 روپے کا اضافہ ہوا تھا۔

  • پانچ ہزار کا نوٹ ختم نہیں  کیا جارہا، اسٹیٹ بینک

    پانچ ہزار کا نوٹ ختم نہیں کیا جارہا، اسٹیٹ بینک

    کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے پانچ ہزار کا نوٹ ختم کرنے کی تردید کردی، اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ پانچ ہزار کے کرنسی نوٹ ختم کرنے کی کوئی تجویز نہیں دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان اسٹیٹ بینک نے پانچ ہزار کا کرنسی نوٹ ختم کرنے کے حوالے سے میڈیا میں چلنے والی خبروں کو جھوٹ، بے بنیاد اورحقائق کے منافی قرار دیا ہے۔

    ترجمان اسٹیٹ بینک سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مرکزی بینک پانچ ہزار کے نوٹ کو ختم کرنے کی تجویز کو سختی سے مسترد کرتا ہے۔

    ان کا کہنا ہےکہ پانچ ہزار کے کرنسی نوٹ ختم کرنے کی کوئی تجویز نہیں دی گئی اور نوٹ ختم کرنے کے حوالے سے زیر گردش خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔

    واضح رہے کہ میڈیا میں ایسی خبریں زیر گردش تھیں کہ اسٹیٹ بینک رواں سال کے آخر تک 5 ہزار کا کرنسی نوٹ ختم کر دے گا جس کے بعد سے لوگوں میں شدید تشویش پائی جاتی تھی۔

  • بابا گرونانک کی 550 سالگرہ پر یادگاری سکہ جاری

    بابا گرونانک کی 550 سالگرہ پر یادگاری سکہ جاری

    کراچی : سکھوں کے مذہبی پیشوا بابا گرونانک کی 550ویں سالگرہ پر 550 روپے کا یادگاری سکہ جاری کردیا گیا، گورنراسٹیٹ بینک رضا باقراور سکھ رہنما رمیش نے سکے کا افتتاح کیا ۔

    تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں بابا گرونانک کی 550سالگرہ پر یاد گاری سکے کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی ، جس میں گورنراسٹیٹ بینک رضا باقراور سکھ رہنما رمیش نے یاد گاری سکے کی رونمائی کی۔

    اس موقع پر گورنراسٹیٹ بینک نے کہا سکھ مزہب کے بابا گرونانک کے جنم دن کےحوالےسے یہاں جمع ہیں یہ پہلا سکہ ہے جو اسٹیٹ بینک نےمذہبی شخصیت  کے لیے جاری کیا ، اس کی تین وجوہات ہیں ، ایک یہ کہ قومی ادارے اپناکردار ادا کررہےہیں ، سکہ جاری کرنا ہماری ذمہ داریوں میں آتا ہے اور گرونانک کا پیغام بھائی چارہ ہم آہنگی کا مسیج عام ہو۔

    باقر رضا کا کہنا تھا کہ جب تک امن و امان نہیں ہوگا تو کچھ نہیں ہوسکتا، امن معیشت کےلیےضروری ہے،اس میں اسٹیٹ بینک پیش پیش ہے، تمام سکھ یاتریوں کو خوش آمدید کہوں گا۔

    چئیرمین پاکستان سکھ کونسل سردار رمیش کا خطاب میں کہنا تھا کہ سکے کے اجراپر 14کروڑ سکھ براداری پاکستان کی شکرگزارہے، وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید کا شکر گزارہوں، حکومت پاکستان کے مشکور ہیں کرتارپور کا تحفہ ہم اسکا قرض نہیں اتار سکتے۔

    سردار رمیش نے کہا اتنی جلدی کرتارپور کی تعمیر کرنا ناممکن تھا، جب میں وہاں موجود تھا تو میں اپنے جذبات بتا نہیں سکتا، دنیا بھرکے سکھ پاکستان کرتار پور آنے کیلئے ترستے ہیں، بابا گرونانک نے زندگی کے آخری 18سال کرتارپور میں گزارے اور آخری آرام گاہ بھی ان کی وہی ہے۔

    سکھ رہنما کا کہنا تھا کہ ہم سب ایک ہیں اور ہمارے بابا کا بھی یہ پیغام ہے، ہم گورنر صاحب سے کہتے ہیں ہمیں زیادہ سے زیادہ سکے دیں تاکہ ہم اسے دنیا تک پہنچائیں، یہ وژن بابائے قوم قائداعظم کاتھا جو عمران خان کی حکومت کررہی ہے۔

    خیال رہے سکھ برادری آج اپنے مذہبی پیشوا بابا گرونانک کی پانچ سو پچاسویں سالگرہ منارہی ہے ، ہر سال پاکستان میں سکھ برادری کے مذہبی پیشوا بابا گرونانک کی سالگرہ کی تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے، جس میں شرکت کے لیے کینیڈا اور بھارت سمیت دنیا بھر کے ممالک سے سکھ یاتری پاکستان کا رخ کرتے ہیں۔

    یاد رہے 9 نومبر کو وزیر اعظم عمران خان نے کرتارپور راہداری کا افتتاح کیا تھا، افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا سکھ برادری کوگرونانک کی سالگرہ کی مبارکباد دیتاہوں،راہداری کھولنے کی مجھے بہت خوشی ہوئی ، امید ہے یہ شروعات ہے، انشااللہ بھارت سے تعلقات اچھے ہوں گے۔

    پاکستان کی جانب سے باباگرو نانک کی 550ویں سالگرہ پر یادگاری ٹکٹ اور یادگاری سکہ جاری کیا گیا تھا، یادگاری سکہ 50 روپے مالیت کا تھا، سکے کے ایک رُخ پر اسلامی جمہوریہ پاکستان اور قومی نشان ہے جبکہ دوسرے رُخ پر سکھوں کی عبادت گاہ کی تصویر کندہ ہے، یادگاری سکے پر گرونانک دیو جی 1469-2019 کے الفاظ کندہ ہیں۔

  • مشن پرواز ،  گلوکار فخر عالم  کی ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان سے  ملاقات

    مشن پرواز ، گلوکار فخر عالم کی ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان سے ملاقات

    اسلام آباد : گلوکار فخر عالم نے ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان سے ملاقات ہوئی ، جس میں فخر عالم نے ایئر چیف کے تعاون اور مشورے کا شکریہ ادا کیا ، جس کی بدولت وہ ملک کا نام روشن کرنے میں کامیاب ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق معروف اینکر اور گلوکار فخر عالم نے آج ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان سے ملاقات کی، یہ ملاقات فخر عالم کے دنیا کے گرد تاریخی سفر کے پس منظر میں ہوئی۔

    فخر عالم نے ایئر چیف کے تعاون اور مشورے کا شکریہ ادا کیا جس کی بدولت وہ ملک کا نام روشن کرنے میں کامیاب ہوئے۔

    اس غیر معمولی کارنامے کی تعریف کرتے ہوئے ایئر چیف نے کہا کہ یہ کوشش دنیا میں پاکستان کے مثبت امیج کو پیش کرنے میں معاون ثابت ہوگی، اس موقع پر فخر عالم نے ایئر چیف کو اپنی کتاب ”مشن پرواز – فخر عالم میکنگ ہسٹری” بھی پیش کی۔

    مزید پڑھیں : فخر عالم کا ’مشن پرواز‘ کتابی صورت میں‌ شائع

    یاد رہے فخر عالم گزشتہ برس تین نومبر کو اپنا دنیا بھر کا سفر مکمل کرنے کے بعد کراچی واپس پہنچے اور انہوں نے دنیا بھر کا چکر لگانے والے پہلے پاکستانی ہونے کا اعزاز اپنے نام کیا تھا،پاکستانی گلوکار کو مشن پرواز پر حکومت اور پوری قوم نے بہت زیادہ سراہا جس کی وجہ سے انہیں فخر پاکستان بھی قرار دیا گیا تھا۔

    تین نومبر کو تاریخی سفر کا ایک برس مکمل ہونے پر فخر عالم نے دستاویزی فلم جاری کی اور ’مشن پرواز‘ کے نام سے کتاب بھی شائع کی، فخر عالم کا کہنا تھا کہ میرے لیے آج کا دن اس لیے بھی خاص ہے کہ میں نے مشن پرواز صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کو بھی پیش کی۔

  • ملک میں پیدا ہونے والی سبزیاں بھی عوام کی پہنچ سے دور ہو گئیں

    ملک میں پیدا ہونے والی سبزیاں بھی عوام کی پہنچ سے دور ہو گئیں

    کراچی: سبزیوں کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ کر دیا گیا ہے، ملک میں پیدا ہونے والی سبزیاں بھی عوام کی پہنچ سے دور ہو گئیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سبزی کی قیمتیں من مانی طور پر مہنگی کر دی گئی ہیں، کراچی میں ہول سیل قیمت سے دگنی قیمت پر سبزیاں فروخت ہو رہی ہیں، دودھ کے بعد سبزی فروشوں نے بھی کمشنر کراچی کے احکامات ہوا میں اڑا دیے۔

    لال ٹماٹر کی قیمت سن کر خریداروں کے چہرے بھی لال ہو گئے ہیں، پیاز کی قیمت نے شہریوں کو رلا دیا ہے، ایک کلو ٹماٹر کی قیمت 300 روپے جب کہ پیاز 150 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ جب کہ سبزی منڈی میں ہول سیل ریٹ کے مطابق آج ٹماٹر 155 سے 165 روپے فی کلو کے درمیان فروخت ہوئے۔

    سبزی منڈی مارکیٹ کمیٹی کے نائب چیئرمین آصف احمد نے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری رٹ چیلنج کرنے اور دگنی قیمت پر سبزیاں فروخت کرنے والوں کے والوں کے خلاف ایکشن لیا جائے، آج ہول سیل میں فی کلو ٹماٹر 155 سے 165 روپے، فی کلو پیاز 60 سے 63 روپے، آلو 17 روپے 22 روپے فی کلو تک ریٹ رہے۔

    آصف احمد کا کہنا تھا کہ ابھی مقامی ٹماٹر کی فصل کی پیداوار آنا شروع نہیں ہوئی، ایران اور افغانستان سے درآمد ہونے والا ٹماٹر طلب و رسد کو پورا نہیں کر پا رہا، جس کے باعث منڈی میں قیمتیں بڑھی ہیں، یکم دسمبر سے سندھ کے ٹماٹر کی فصل آنا شروع ہو جائے گی، جس کے بعد ٹماٹر کی قیمت میں نمایاں کمی ہوگی۔

    ادھر کراچی میں دودھ فروشوں کے بعد سبزی فروشوں نے بھی کمشنر کراچی کے احکامات ہوا میں اڑا دیے ہیں، ٹماٹر کی سرکاری قیمت 192 روپے اور فروخت 300 روپے میں ہو رہا ہے، کمشنر کراچی نے دودھ کے سرکاری نرخ بھی 94 روپے فی لیٹر مقرر کیے ہوئے ہیں اور فروخت 110 روپے میں کیا جا رہا ہے۔

    واضح رہے کہ سرکاری نرخ نامے میں ریٹیل میں ٹماٹر درجہ اوّل 199 اور بچت بازار میں درجہ اوّل 192 روپے فی کلو گرام ہے، لیکن منڈی میں ٹماٹر کمشنر کراچی کی فہرست سے کم قیمت میں فروخت اور نیلام کیا جا رہا ہے۔

    سبزی منڈی ویجی ٹبیل ایسوسی ایشن کے صدر حاجی شاہ جہاں کا کہنا ہے کہ ایران اور کابل سے ٹماٹر کی آمد بند ہونے سے قیمتوں میں اضافہ ہوا جب کہ بلوچستان کی ٹماٹر کی فصل بھی جلدی ختم ہو گئی، سندھ میں ٹماٹر کی فصل آنے میں دو ہفتے تاخیر ہے۔

  • پاک بحریہ کا بحری جہاز کو نشانہ بنانے والے میزائل کا کامیاب تجربہ

    پاک بحریہ کا بحری جہاز کو نشانہ بنانے والے میزائل کا کامیاب تجربہ

    اسلام آباد : پاک بحریہ نے خشکی سے بحری جہاز کو نشانہ بنانے والے میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ، امیرالبحر نے تجربہ کامیاب بنانے پر متعلقہ یونٹس، سائنسدانوں اور انجینئرز کوسراہتے ہوئے کہا پاک بحریہ کسی بھی جارحیت کا بھرپورجواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان پاک بحریہ نے کہا کہ پاک بحریہ نے خشکی سے بحری جہاز کو نشانہ بنانے والے میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ، میزائل نے اپنے ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے بھی میزائل فائرنگ کا مشاہدہ کیا، امیرالبحر نے تجربہ کامیاب بنانے پر متعلقہ یونٹس، سائنس دانوں اور انجینئرز کوسراہا۔

    نیول چیف نے کہا پاک بحریہ کسی بھی جارحیت کا بھرپورجواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے، پاک بحریہ سرحدوں اور بحری اثاثوں کے تحفظ کے لئے ہمہ وقت تیار ہے۔

    گذشتہ روز دوست ملک چین میں پاک بحریہ کیلئے تیار کردہ جدید ترین سروے جہاز کی ملکی بحری بیڑے میں شامل کیا گیا تھا۔

    مزید پڑھیں : پاک بحریہ کا سمندر سے سمندر اور سمندر سے زمین پر مار کرنے والے میزائل کا کامیاب تجربہ

    یاد رہے رواں سال اپریل میں پاک بحریہ نے شمالی بحیرہ عرب میں سمندر سے سمندر اور سمندر سے زمین پر مار کرنے والے میزائل کا کامیاب تجربہ کیا تھا ، بحریہ کے فاسٹ اٹیک کرافٹ نے سطح سمندر سے زمین پرمیزائل فائر کیا، مقامی سطح پر تیارمیزائل نے ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔

    میزائل سمندرسے سمندر اور سمندرسے زمین پر مار کی صلاحیت رکھتا ہے، تجربہ پاکستان کی جدید اسلحہ سازی کی استعداد کاثبوت ہے۔

  • سانحہ تیز گام: وزارتِ ریلوے کے متعدد افسران معطل اور عہدوں سے برطرف

    سانحہ تیز گام: وزارتِ ریلوے کے متعدد افسران معطل اور عہدوں سے برطرف

    کراچی: سانحہ تیزگام کے سلسلے میں وزارتِ ریلوے متحرک ہو گئی ہے، محکمے کے متعدد افسران کو معطل اور عہدوں سے بر طرف کر دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت ریلوے کے ترجمان نے کہا ہے کہ محکمے کے متعدد ملازمین کو تیزگام حادثے میں غفلت برتنے پر معطل کر دیا گیا ہے، جن میں کمرشل اور ٹرانسپوٹیشن گروپ سمیت ریلوے پولیس کے گریڈ 17 اور 18 کے چند افسران بھی شامل ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے نمایندے کے مطابق کراچی ڈویژن میں کمرشل ٹرانسپورٹیشن گروپ کے گریڈ 18 کے آفیسر جنید اسلم کو ڈیوٹی میں کوتاہی برتنے پر عہدے سے ہٹا دیا گیا۔

    سکھر ڈویژن میں گریڈ 17 کے آفیسر عابد قمر شیخ جو کہ ڈویژنل کمرشل آفیسر کے عہدے پر کام کر رہے تھے، کو فرائض میں غفلت برتنے پر معطل کر دیا گیا۔

    اہم ترین:  سانحہ تیزگام: ریلوے پولیس کی ابتدائی تحقیقات مکمل، حادثے کی وجہ سامنے آ گئی

    معطل ہونے والوں میں سکھر ڈویژن کے اسسٹنٹ کمرشل آفیسر راشد علی، کراچی ڈویژن کے اسسٹنٹ کمرشل آفیسر احسان الحق، سکھر ڈویژن کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ریلوے پولیس دلاور میمن اور کراچی ریلوے ڈویژن پولیس کے ڈپٹی سرنٹنڈنٹ حبیب اللہ خٹک کے نام بھی شامل ہیں۔

    دریں اثنا، سانحہ تیزگام کی تحقیقات کے لیے وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر فیڈرل گورنمنٹ انسپکٹر آف پاکستان ریلوے ( ایف جی آئی آر ) دوست علی لغاری انکوائری افسر مقرر کر دیے گئے ہیں، انکوائری سے متعلق پہلا اجلاس 9،8 نومبر کو ڈی ایس آفس ملتان میں ہوگا جب کہ دوسرا اجلاس 12 نومبر کو میرپور خاص ریلوے اسٹیشن پر ہوگا۔

    اے آر وائی نیوز کے نمایندے کے مطابق یہ اوپن انکوائری ہوگی جس میں سانحہ تیز گام کے متعلق اگر کوئی شخص معلومات رکھتا ہے اور کسی کے پاس ثبوت ہوں تو وہ حصہ لے سکتا ہے اور معلومات فراہم کر سکتا ہے، اگر کوئی شخص حصہ نہیں لے سکتا ہے تو وہ فیڈرل گورنمنٹ انسپکٹر آف پاکستان ریلوے کو لیٹر اور سانحے سے متعلق 15 نومبر تک دستاویز بھیج سکتا ہے۔

  • اسٹاک ایکسچینج میں تیزی، ڈالر کی قیمت کم ترین سطح پر پہنچ گئی

    اسٹاک ایکسچینج میں تیزی، ڈالر کی قیمت کم ترین سطح پر پہنچ گئی

    کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار میں تیزی دیکھی گئی اور 100 انڈیکس میں 174 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ڈالر کی قمیت چار ماہ کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے آخری روز مارکیٹ کے آغاز سے ہی تیزی رہی اور سرمایہ کاروں نے لین دین میں دلچسپی ظاہر کی۔

    ٹریڈنگ کے دوران مجموعی طور پر 335 کمپنیوں کے شیئرز خرید و فروخت کے لیے پیش کیے گئے جن میں سے 164 کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ 133 کے ریٹ کم ہوئے، اسی طرح 38 کی قیمتوں میں کوئی ردوبدل نہیں ہوا۔

    ایک موقع پر 100 انڈیکس 269 پوائنٹس کمی تک پہنچا مگر یہ صورتحال زیادہ دیر برقرار نہیں رہی پھر مارکیٹ میں تیزی ہوئی جو بند ہونے تک برقرار رہی، 100 انڈیکس 173 پوائنٹس اضافے کے بعد 34 ہزار 377 کی سطح پر بند ہوا۔ ٹریڈنگ کے دوران 6 ارب 4 کروڑ روپے مالیت کے 15.70 کروڑ شیئرز کی لین دین ہوئی۔

    انٹربینک ڈالر

    دوسری جانب انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت میں 2 پیسے کمی ہوئی جس کے بعد امریکی کرنسی چار ماہ کی کم ترین سطح پر پہنچی اور ڈالر 155 روپے 65 پیسے پر بند ہوا۔

  • پاک فضائیہ مادر وطن کے فضائی دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہے، ایئر چیف مجاہد انورخان

    پاک فضائیہ مادر وطن کے فضائی دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہے، ایئر چیف مجاہد انورخان

    اسلام آباد : سربراہ پاک فضائیہ ایئر مارشل مجاہد انورخان نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ مادر وطن کے فضائی دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہے، ہم کشمیری بھائیوں کے حق خودارادیت کی جدوجہد میں ان کے ساتھ ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے سومیانی فائرنگ رینج میں انٹر اسکواڈرن آرمامنٹ مقابلوں کی تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سربراہ پاک فضائیہ مجاہد انورخان اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔

    سومیانی فائرنگ رینج میں انٹر اسکواڈرن آرمامنٹ مقابلوں میں پاک فضائیہ کے نمبر11ملٹی رول اسکواڈرن نے فتح حاصل کرلی، مینٹی نینس ٹرافی نمبر14اسکواڈرن نے حاصل کی۔

    پہلی مرتبہ متعارف بیسٹ آرمامنٹ ٹرافی نمبر دو اسکواڈرن اور نمبر 8اسکواڈرن کو عطا کی گئی جبکہ مینٹی نینس ٹرافی نمبر14اسکواڈرن نے حاصل کی۔

    انٹر اسکواڈرن آرمامنٹ مقابلوں میں ونگ کمانڈر نعمان اکرم کو انفرادی نشانہ بازی کے مظاہرے پر شیرافگن ٹرافی سے نوازا گیا۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایئر مارشل مجاہد انورخان نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ جنگی صلاحیتیں بڑھانے پر جدیدیت اور خود انحصاری کی راہ پر گامزن ہے، ہم مادر وطن کے فضائی دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ پاک فضائیہ عزم اور حوصلے کے ساتھ قوم کی آواز پر لبیک کہتی ہے، پوری قوم کی طرح کشمیری بھائیوں کے حق خودارادیت کی جدوجہد میں ان کے ساتھ ہیں۔