Author: انجم وہاب

  • کراچی : بارشوں میں کرنٹ لگنے سے اموات، نیپرا کی تحقیقاتی رپورٹ جاری

    کراچی : بارشوں میں کرنٹ لگنے سے اموات، نیپرا کی تحقیقاتی رپورٹ جاری

    کراچی : حالیہ بارشوں میں کرنٹ لگنے سے ہلاک ہونے والے زیادہ تر افراد کے الیکٹرک کی غفلت کے باعث موت کے منہ میں چلے گئے، نیپرا نے کے الیکٹرک کیخلاف کارروائی کا عندیہ دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے شہر قائد میں ہونے والی حالیہ بارشوں میں بجلی کی بندش پر کے الیکٹرک کو ذمہ دار قرار دے دیا۔

    بارشوں میں کرنٹ لگنے سے اموات سے متعلق نیپرا نے تحقیقاتی رپورٹ جاری کردی رپورٹ کے مطابق کرنٹ لگنے کے35میں سے19واقعات کا ذمہ دار کے الیکٹرک ہے۔

    اس کے علاوہ شہر قائد میں بارش کے بعد شہر میں بجلی کی عدم فراہمی کا ذمہ دار بھی کے الیکٹرک ہے، رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ نیپراحکام کے الیکٹرک کیخلاف1997کے قواعد کے مطابق قانونی کارروائی کرے گا۔

    اس حوالے سے نیپرا نے کے الیکٹرک کو شوکاز نوٹس بھی جاری کردیا، بارشوں میں بجلی کی طویل بندش بھی کے الیکٹرک کی نااہلی ہے۔

    ترجمان کے الیکٹرک کی وضاحت 

    دوسری جانب ترجمان کےالیکٹرک اس حوالے سے کہا ہے کہ نیپرا کے نوٹس کا جائزہ لے کر جواب جمع کرادیا جائے گا، کراچی میں بارش کے پانی کی نکاسی نہ ہونے سے تنصیبات متاثر ہوئیں۔
    ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ بجلی کے ناجائز کنڈوں اور ارتھنگ وائرز کی چوری کی وجہ سے حفاظتی اقدامات غیر مؤثر ہوجاتے ہیں،
    حادثات کی بڑی وجہ اسٹریٹ لائٹ سوئچز کا غیرمحفوظ استعمال بھی ہے،

    مزید پڑھیں : کرنٹ لگنے سے اموات ، کے الیکٹرک کی غفلت پر نیپرا کا ایکشن

    یاد رہے کراچی میں مون سون بارشوں نے تباہی مچادی اور دو ہفتے میں تقریبا 33 کے قریب افراد کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوئے تھے ، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے، جس کے بعد اب تک کے الیکٹرک کیخلاف رجسٹرڈ ہونے والے کیسز کی تعداد 7 تک پہنچ گئی ہیں۔

  • پاکستان کے لئے خوشخبری ، تیل اور گیس کا بڑا ذخیرہ دریافت

    پاکستان کے لئے خوشخبری ، تیل اور گیس کا بڑا ذخیرہ دریافت

    کراچی : خیبرپختونخواکےضلع کوہاٹ میں تیل وگیس کےنئےذخائردریافت ہوئے ، جانچ میں کنویں سے یومیہ 1 کروڑ 27 لاکھ معکب فٹ گیس کے زخائر ملے ہیں ، نئی دریافت سے پاکستان کو قیمتی زرمبادلہ کی بچت ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے لئے خوشخبری ، تیل و گیس کے شعبے میں رواں ماہ ایک اور بڑی کامیاب دریافت ہوئی ، خیبرپختونخوا میں تیل اور اور گیس کا بڑا ذخیرہ دریافت ہو گیا۔

    او جی ڈی سی ایل اعلامیہ میں کہا گیا ضلع کوہاٹ میں تیل و گیس کے نئے ذخائر دریافت ہوئے ، جانچ کے دوران کنویں سے 240بیرل یومیہ خام تیل کےذخائر اور یومیہ 1کروڑ 27 لاکھ معکب فٹ گیس کے ذخائر ملے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ ٹوف کنویں ون میں اوجی ڈی سی ایل کی50فیصد اور ماری پیٹرولیم کی33.33فیصدحصہ داری ہے ، آئل اینڈگیس ڈیویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ نے اسٹاک ایکسچینج کو آگاہ کردیا ہے۔

    اعلامیہ میں کہا گیا تیل وگیس کی نئی دریافت سےپاکستان کوقیمتی زرمبادلہ کی بچت ہوگی۔

    یاد رہے چند روز قبل خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں ٹل بلاک سے تیل و گیس کے ذخائر دریافت ہوئے تھے ، پاکستان آئل فیلڈ لمیٹڈ نے باضابطہ اعلامیے میں کہا تھا کہ جانچ میں مکوڑے ڈیپ 2 کنوے سے 18.25 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کے ذخائر ملے ہیں۔

    مزید پڑھیں : ماڑی پٹرولیم نے تیل کے بڑے ذخائر ملنے کی خوشخبری سنادی

    حکام کا کہنا تھا کہ جانچ میں یومیہ 1844 بیرل خام تیل نکالا جا سکے گا، جس کے متعلق پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو آگاہ کردیا گیا ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ تیل اور گیس کے ذخائر کی دریافت سے پاکستان کے قیمتی زرمبادلہ کی بچت ہوگی اور آئل سیکٹر پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے

    یاد رہے کہ رواں برس مئی میں آئل اینڈ گیس ڈیویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے صوبہ سندھ کے ضلع ٹنڈومحمد خان کے علاقہ منگریو میں تیل و گیس کے نئے ذخائر کی دریافت کا اعلان کیا تھا۔

    اپریل میں ماڑی پٹرولیم نے بھی پنجاب میں تیل کے بڑے ذخائر ملنے کی خوشخبری سنا ئی تھی، ترجمان پٹرولیم ڈویژن کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ غوری بلاک کےڈھاریاں 1معدنی کنویں سےتیل دریافت ہوا ہے، ڈھاریاں ون سے 372بیرل یومیہ خام تیل ملنے کی توقع ہے۔

  • ہائی کورٹ اور سندھ سیکریٹریٹ کے اطراف گندے ہوٹل سیل

    ہائی کورٹ اور سندھ سیکریٹریٹ کے اطراف گندے ہوٹل سیل

    کراچی: ضلع ساؤتھ ریڈ زون کے ہوٹل اور چائے خانے سندھ فوڈ اتھارٹی کے نشانے پر آ گئے، ہائی کورٹ اور سندھ سیکریٹریٹ کے اطراف موجود ہوٹلوں پر سندھ فوڈ اتھارٹی نے چھاپے مارے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ فوڈ اتھارٹی نے ہائی کورٹ کے آس پاس بنے گندے ہوٹلوں اور چائے خانوں کے خلاف کارروائی کے دوران متعدد ہوٹلوں کو سیل کر دیا جب کہ متعدد پر جرمانے عاید کیے گئے۔

    ایس ایف اے حکام کے مطابق ہوٹلوں کے کچن میں کیمیکل کے ڈرم پائے گئے، آٹے اورکھانے پینے کی اشیا پر مکھیوں کی بھرمار دیکھی گئی، کچن گندے اور صفائی کا کوئی انتظام نہ تھا۔

    گندے پانی اور ناقص چائے کو ایک پیپر کے ذریعے چیک کیا جا رہا ہے

    ایس ایف اے حکام کے چھاپوں کے دوران معلوم ہوا کہ غذائی اجناس اور مختلف کھانوں کی تیاری میں استعمال ہونے والی اشیا کو کیمیکل کے ڈرم میں رکھا جا رہا تھا، پکوان کی تیاری میں غیر معیاری تیل اور مصالحے استعمال کیے جا رہے تھے۔

    مزید خبریں پڑھیں:  سندھ فوڈ اتھارٹی نے ڈبل روٹی بنا نے والی فیکٹری کو سیل کر دیا

    حکام کا کہنا ہے کہ متعدد ہوٹلوں میں سینٹری کا ناقص انتظام تھا، چائے کے ہوٹلوں میں ناقص چائے کی پتی استعمال کی جا رہی تھی، جب کہ چائے کے لیے پانی بھی گندا استعمال ہو رہا تھا۔

    ہوٹل کو سیل کیا جا رہا ہے

    حکام کے مطابق متعدد ہوٹلوں پر 30000 روپے تک کے جرمانے کیے گئے ہیں۔

    یاد رہے کہ اکیس اگست کو سندھ فوڈ اتھارٹی نے ڈسٹرکٹ سینٹرل ایف بی انڈسٹریل ایریا میں صفائی کی ناقص صورت حال پر کارروائی کرتے ہوئے ڈبل روٹی بنانے والی ایک فیکٹری کو سیل اور دو دیگر فیکٹریوں پر 3 لاکھ روپے جرمانہ کر دیا تھا۔

  • سونے کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ رک گیا

    سونے کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ رک گیا

    کراچی / اسلام آباد: مقامی صرافہ بازاروں میں سونے کی قیمتوں میں ایک بار پھر بڑھ گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق بلین مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے آخری روز سونے کی فی اونس قیمت میں اضافہ ہوا، مجموعی طور پر ہفتہ وار ٹریڈنگ میں 30 ڈالر اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

    عالمی مارکیٹ میں ہفتہ وار کلوزنگ پر سونا 1527 ڈالر فی اونس پر بند ہوا جس کے مقامی صرافہ بازاروں پر اچھے نتائج مرتب نہیں ہوئے اور قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ تھم گیا۔

    آل پاکستان جیولرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد ارشد کے مطابق مقامی صرافہ بازاروں میں سونے کی فی تولہ قیمت 1450 روپے اضافے کے بعد 88ہزار 500 روپے تک پہنچ گئی۔

    مزید پڑھیں: سونے کی قیمتوں میں پھر کمی

    اسی طرح دس گرام کی قیمت میں بھی 1243 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد ریٹ 75 ہزار 874 روپے تک پہنچ گئے۔ کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی لین دین نئے ریٹ پر ہوئی۔

    یاد رہے کہ کاروباری ہفتے کے دوران سونے کی قیمتوں میں 2650 روپے سے زائد کی کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔

  • سونے کی قیمتوں میں پھر کمی

    سونے کی قیمتوں میں پھر کمی

    کراچی: بلین مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں اضافہ ہونے کے باوجود مقامی صرافہ بازاروں میں ریٹ کم ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران سونے کی قیمت میں ایک ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد قیمت 1497 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی۔ چیئرمین آل پاکستان جیولرز ایسوسی ایشن کے محمد ارشد کے مطابق عالمی مارکیٹ میں اضافے کے باوجود سونے کی قیمتوں میں کمی کا تسلسل جاری رہا اور آج بھی نرخ کم ہوئے۔

    انہوں نے بتایا کہ 23 اگست کو سونے کی فی تولہ قیمت میں 750 اور دس گرام میں 624 روپے کی کمی ہوئی جس کے بعد قیمتیں بالترتیب 87ہزار 50 اور 74ہزار 631 روپے تک پہنچ گئیں۔ کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی لین دین نئے ریٹ پر ہوئی۔

    آل پاکستان جیولرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد ارشد کے مطابق پانچ روز کے اندر فی تولہ قیمت میں 2650 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

  • ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں اضافہ

    ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں اضافہ

    کراچی: اوپن مارکیٹ اور انٹربینک میں ڈالر کمزور ہونے کا سلسلہ جاری ہے جبکہ اسٹاک مارکیٹ کاروباری ہفتے کے آخری روز منفی زون میں رہی۔

    تفصیلات کے مطابق مارکیٹ کے آغاز پر ڈالر کا ریٹ 158 روپے 90 پیسے کھلا البتہ بند ہونے تک پاکستانی کرنسی مضبوط ہوئی اور ایک روپے کی کمی کے بعد ڈالر بند ہوا۔

    فاریکس ڈیلرز کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر 157.90 پر بند ہوا۔ دوسری جانب انٹر بینک میں بھی پاکستانی کرنسی مضبوط ہوئی اور ڈالر کے ریٹ 75 پیسے کم ہوئے جس کے بعد انٹر بینک میں ڈالر 158.25 سے کم ہوکر 157.50 روپے پر بند ہوا۔

    علاوہ ازیں اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے آخری روز مندی کے بادل چھائے رہے، ٹریڈنگ کے آغاز سے ہی مارکیٹ منفی زون میں داخل ہوئی اور 500 سے زائد پوائنٹس کی کمی ہوئی۔

    دوسرے سیشن میں لین دین میں تیزی ہوئی تو مارکیٹ کی پوزیشن مستحکم ہوئی البتہ اختتام تک 100 انڈیکس منفی زون میں ہی رہا۔ ہنڈریٹ انڈیکس 240 کمی کے بعد 31350 پر بند ہوا۔

  • معیشت درست سمت پر آگئی، ڈالر سستا، اسٹاک ایکسچینج میں 911 پوائنٹس کا اضافہ

    معیشت درست سمت پر آگئی، ڈالر سستا، اسٹاک ایکسچینج میں 911 پوائنٹس کا اضافہ

    کراچی: حکومتی اقدامات کے بعد ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں نے مارکیٹ میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کردی جس کے بعد معیشت اب درست سمت کی جانب گامزن ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں گزشتہ کئی روز سے مثبت کاروبار جاری ہے اور آج بھی 100 انڈیکس 911 پوائنٹس اضافے کے ساتھ بند ہوا۔چار روز میں 100 انڈیکس میں 3ہزار سے زائد پوائنٹس کا نمایاں اضافہ ہوا، آج مارکیٹ کے اختتام پر 100 انڈیکس 31 ہزار 884 پر بند ہوا۔

    معاشی ماہرین کے مطابق جولائی کے مہینے میں کرنٹ اکاونٹ خسارہ 73 فیصد کم ہونے کے بعد سرمایہ کاروں کا معیشت پر اعتماد بحال ہوا اور انہیں مزید اچھے کی امید ہے۔

    علاوہ ازیں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے کے لیے ایس ای سی پی کے نئے چئیرمین نے تمام افراد سے ملاقاتیں کیں جس کے بعد اعتماد کی فضاء قائم ہوئی اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا۔

    دوسری جانب انٹر بینک میں روپے کی قدر مستحکم ہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے، آن انٹربینک میں امریکی کرنسی 27 پیسے مزید نیچے آئے جس کے بعد ڈالر 158.30 روپے کا ہوگیا۔

  • سونے کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ جاری

    سونے کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ جاری

    کراچی / اسلام آباد: پاکستان بھر میں سونے کی فی تولہ قیمتوں میں کمی کا سلسلہ آج بھی جاری رہا جس کے بعد ایک ہفتے کے دوران قیمت میں ڈیڑھ ہزار روپے سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق بلین مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں کمی کے مثبت اثرات مقامی صرافہ بازاروں میں بھی واضح طور پر نظر آنے لگے اور قیمتیں بلند ترین سطح سے نیچے آنے لگیں۔

    انٹرنیشنل مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران سونے کی قیمت چار ڈالر کمی کے بعد 1496 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی جس کے بعد مقامی صرافہ بازاروں میں بھی ریٹ نیچے آئے۔

    مزید پڑھیں: سونے کی قیمتوں میں نمایاں کمی

    آل پاکستان جیولرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد ارشد کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت میں 350 جبکہ دس گرام کی قیمت میں 299 روپے کی کمی ہوئی جس کے بعد قیمتیں بالترتیب 87ہزار 800 اور 75 ہزار 274 تک پہنچ گئیں۔

    پاکستان بھر کی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی لین دین نئے ریٹ کے ساتھ ہوئی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روزبلین مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران سونے کی فی ڈالر قیمت میں 8 ڈالر کی کمی ہوئی جس کے بعد قیمت 1500 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی تھی جس کے بعد مقامی صرافہ بازاروں میں بھی سونے کی فی تولہ قیمت میں 350 کمی ہوئی تھی۔

  • سندھ فوڈ اتھارٹی نے ڈبل روٹی بنا نے والی فیکٹری کو سیل کر دیا

    سندھ فوڈ اتھارٹی نے ڈبل روٹی بنا نے والی فیکٹری کو سیل کر دیا

    کراچی: سندھ فوڈ اتھارٹی نے ڈسٹرکٹ سینٹرل ایف بی انڈسٹریل ایریا میں کارروائی کرتے ہوئے ڈبل روٹی بنانے والی ایک فیکٹری کو سیل کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ فوڈ اتھارٹی نے ایف بی ایریا کراچی میں صفائی کی ناقص صورت حال پر ڈبل روٹی بنا نے والی فیکٹری کو سیل کر دیا، دو دیگر فیکٹریوں پر 3 لاکھ روپے جرمانہ کر دیا گیا۔

    سندھ فوڈ اتھارٹی نے ڈبل روٹی بنانے والی فیکٹریوں پر چھاپے مارے، انسپکشن کے دوران فیکٹریوں میں صفائی ستھرائی کی ناقص صورت حال سامنے آئی، فیکٹریوں میں نکاسیٔ آب کا بھی کوئی انتظام نہیں تھا۔

    ڈبل روٹی کی فیکٹریوں میں کام کرنے والے ملازمین کی حالت بھی خراب نکل آئی، ان کا میڈیکل ریکارڈ بھی موجود نہیں تھا۔

    ایس ایف اے کے چھاپے کے دوران فیکٹریوں میں ناقص خام مال کے استعمال کا بھی انکشاف ہوا، ہر طرف مکھیوں کی بھرمار تھی، فیکٹری میں بلی بھی آزادی سے گھوم پھر رہی تھی۔

    مشہور بریڈ بنانے والی ایک اور فیکٹری پر چھاپے کے دوران صفائی کی صورت حال تو بہتر نکلی لیکن ریکارڈ کی عدم موجودی اور لائسنس کے لیے درخواست نہ دینے پر سندھ فوڈ اتھارٹی نے 50 ہزار روپے جرمانہ کر دیا۔

    فیکٹری کو ریکوائرمنٹس پوری کرنے کے لیے ایس ایف اے نے ایک ہفتے کی مہلت بھی دی۔

    ڈبل روٹی کی فیکٹریوں کے خلاف کارروائی ڈپٹی ڈائریکٹر سندھ فوڈ سمیرا حسین کی سربراہی میں کی گئی۔

  • سونے کی قیمتوں میں نمایاں کمی

    سونے کی قیمتوں میں نمایاں کمی

    کراچی / اسلام آباد: اسٹاک مارکیٹ میں بہتری کے بعد سونے کی قیمتوں میں بھی کمی کا سلسلہ جاری ہے، تین روز کے اندر واضح کمی ریکارڈ کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق بلین مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران سونے کی فی ڈالر قیمت میں 8 ڈالر کی کمی ہوئی جس کے بعد قیمت 1500 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی۔

    انٹرنیشنل مارکیٹ میں کمی کے بعد مقامی صرافہ بازاروں میں بھی سونے کی فی تولہ اور دس گرام قیمتوں میں کمی دیکھی گئی۔ آل پاکستان جیولرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد ارشد کے مطابق تین روز کے اندر فی تولہ قیمت میں 1200 روپے سے زائد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

    مزید پڑھیں: بین الاقوامی اور مقامی مارکیٹ میں سونے کی اونچی اڑان

    بلین مارکیٹ میں ہونے والی کمی کے بعد سونے کی فی تولہ قیمت میں 350 اور دس گرام کی قیمت میں 299 روپے کی کمی دیکھی گئی۔ حالیہ کمی کے بعد فی تولہ قیمت 88 ہزار 150 اور دس گرام 74 ہزار 574 تک پہنچ گئی۔

    آج یعنی 21 اگست کو کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت 88 ہزار 150 اور دس گرام 74 ہزار 574 روپے کے ساتھ ہوئی۔ یاد رہے کہ عالمی اور مقامی صرافہ بازاروں میں سونے کی قیمتیں تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔