Author: انجم وہاب

  • ملک بھرمیں غیرقانونی درآمدی اشیا کے خلاف کارروائی کا آغاز

    ملک بھرمیں غیرقانونی درآمدی اشیا کے خلاف کارروائی کا آغاز

    کراچی: پاکستان میں اسمگلنگ کے سامان کی فروخت کی روک تھام کے لیے غیر ملکی اشیاء کی درآمدی دستاویزات کی تصدیق کرنے کا حتمی فیصلہ کرلیا گیا ہے، اس مشق سے غیر قانونی درآمدی اشیا کے خلاف کارروائی ممکن ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین فیڈرل ریوینیو بورڈ شبر زیدی نے ایف بی آرکی خصوصی ٹیمیں تشکیل دی ہیں جو کہ غیر ملکی اشیاء کی درآمدی دستاویزات کی جانچ کرنے کی مجاز ہوں گی۔

    ذرائع کے مطابق ایف بی آر کی یہ خصوصی مشترکہ ٹیمیں یکم ستمبر 2019سے تمام بڑے شہروں کی مارکیٹوں اور شاپنگ مالز کا دورہ کریں گی اور غیر ملکی اشیاء کے درآمدی دستاویزات چیک کریں گی ۔
    چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی کا کہنا ہے کہ کسٹمز ایکٹ 1969کے تحت ایف بی آر کو قانونی اختیار حاصل ہے کہ وہ صارفین کو بیچی جانے والی غیر ملکی اشیاء کی تصدیق کے لیے فروخت کنندہ سے درآمدی دستاویزات کو طلب کر سکتاہے ۔

    انہوں نے یہ بھی بتایا کہ بیرون ملک سے درآمد شدہ اشیا کی درآمدی دستاویزات کی عدم فراہمی پر دوکاندار کو مہلت دی جائے گی کہ وہ مقررہ وقت تک دستاویزات کی فراہمی کو یقینی بنائے ۔ اگردوکاندار مقررہ وقت تک اشیا کی درآمدی دستاویزات فراہم نہیں کرتا تو پھر اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

    ایف بی آر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اس ساری مشق کا مقصد صرف اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ ملک بھر کی مارکیٹوں میں موجود غیر ملکی اشیاء قانونی تقاضے پورا کرکے لائی گئیں ہیں۔

    ایف بی آر کی مشترکہ ٹیموں سے متعلق کسی بھی شکایت کے حوالے سے تاجروں کے لیے ایف بی آر نے ہیلپ لائن نمبر اور ای میل ایڈریس بھی جاری کیا گیا ہے، جہاں کسی بھی بے ضابطگی کی شکایت درج کی جاسکتی ہے۔

    ایف بی آر کی جانب سے جاری کردہ ای میل ایڈریس
    [email protected]
    ایف بی آر کی جانب سے جاری کردہ ہیلپ لائن نمبر
    772-772-111

  • دشمن کی آب دوز کا سراغ لگانے والے نیوی افسران کے لیے ملٹری اعزازات

    دشمن کی آب دوز کا سراغ لگانے والے نیوی افسران کے لیے ملٹری اعزازات

    اسلام آباد: صدرِ مملکت پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے دشمن کی آب دوز کا سراغ لگانے والے نیوی افسران کے لیے ملٹری اعزازات کی منظوری دی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک بحریہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان نیوی کے آفیسرز اور سیلرز کے لیے ملٹری اعزازات کی منظوری کا اعلان کیا گیا ہے۔

    صدرِ پاکستان نے دشمن کی آب دوز کا سراغ لگانے والے آفیسرز لیفٹیننٹ کمانڈر حمیر افتخار کو ستارۂ بسالت اور لیفٹیننٹ کمانڈر خرم داؤد کو تمغۂ بسالت تفویض کرنے کی منظوری دی۔

    ترجمان پاک بحریہ نے کہا ہے کہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران دھرتی کے ان بیٹوں نے پیشہ ورانہ مہارت سے دشمن کی جدید آب دوز کا سراغ لگایا تھا-

    یہ بھی پڑھیں:  یوم پاکستان پر نیوی کے آفیسرز اور سیلرز کے لیے ملٹری اعزازات کی منظوری

    پاک بھارت کشیدگی کے دوران اپنی آب دوزوں کی دشمن کے پانیوں میں کام یابی سے طویل مدتی آپریشنل ڈپلائمنٹ پر کیپٹن ایلیا حسن کو ستارۂ بسالت تفویض کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔

    ترجمان پاک بحریہ کے مطابق یہ کارنامے پاکستان نیوی کی اعلیٰ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔

    ترجمان نے کہا کہ پاک بحریہ کے تین رئیر ایڈمرل کو ہلالِ امتیاز (ملٹری)، 14 آفیسرز کو ستارۂ امتیاز (ملٹری) اور 13 آفیسرز کو تمغۂ امتیاز (ملٹری) تفویض کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔

    پاکستان نیوی کے 2 آفیسرز کو ستارۂ بسالت، 2 آفیسرز اور 6 جوانوں کو تمغۂ بسالت تفویض کرنے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔

  • ایشیائی ترقیاتی بینک سے 50 کروڑ ڈالر موصول ، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ

    ایشیائی ترقیاتی بینک سے 50 کروڑ ڈالر موصول ، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ

    اسلام آباد : پاکستان کو ایشیائی ترقیاتی بینک سے 50 کروڑ ڈالر موصول ہوگئے ، جس کے بعد ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 15 ارب 57 کروڑ ڈالر سے تجاوز کرگئے۔

    تفصیلات کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے پاکستان کو 50 کروڑ ڈالر کے فنڈز موصول ہوگئے ، اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ ایک ہفتے کے دوران زرمبادلہ کے ذخائر میں ترپن کروڑپچاس لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا، جس کے بعد مرکزی بینک کے ذخائر بڑھ کر آٹھ ارب چھبیس کروڑ ڈالر سے تجاوز کرگئے۔

    کمرشل بینکوں کے پاس 7 ارب 31 کروڑ ڈالر کے زخائر موجود ہیں جبکہ مجموعی ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 15 ارب 57 کروڑ ڈالر سے زائد جا پہنچے۔

    یاد رہے ایشیائی ترقیاتی بینک نے تجارت کے فروغ ،خسارے میں کمی اور معاشی اصلاحات کیلئے پچاس کروڑ ڈالر جبکہ ٹیکنیکل سپورٹ کے طور پر سات لاکھ پچاس ہزارڈالرز کے پیکج کی منظوری دی تھی۔

    مزید پڑھیں : آئی ایم ایف کے بعد ایشیائی ترقیاتی بینک بھی پاکستان کو قرضہ دے گا

    آئی ایم ایف،اے ڈی بی اوردیگرمالیاتی اداروں سےملنےوالی رقوم سے ملک کو درپیش مالی مسائل کےحل کرنےمیں مدد ملےگی۔

    معاشی ماہرین کاکہنا ہے پاکستان کو آئندہ تین برسوں میں مختلف بیرونی ادائیگیوں کیلئے پچپن سے ساٹھ ارب ڈالر درکار ہوں گے۔

  • بین الاقوامی اور مقامی مارکیٹ میں سونے کی اونچی اڑان

    بین الاقوامی اور مقامی مارکیٹ میں سونے کی اونچی اڑان

    کراچی / اسلام آباد / لاہور: بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں اضافے کے بعد مقامی صرافہ بازاروں میں سونے کی قیمتوں نے تمام حدیں عبور کرتے ہوئے مہنگائی کا نیا ریکارڈ بنا ڈالا۔

    تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران سونے کی قیمت اضافے کے بعد 1515 ڈالر فی اونس تک پہنچی، یاد رہے کہ بلین مارکیٹ میں بھی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے۔

    آل پاکستان جیولرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد ارشد کے مطابق مقامی صرافہ بازاروں میں ریٹ بڑھنے کا رجحان رہا البتہ سونے کے نرخ میں زیادہ نہیں بلکہ معمولی اضافہ ہوا۔

    مقامی صرافہ بازاروں میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 150 روپے اضافہ ہوا جس کے بعد قیمت 88ہزار 400 روپے جبکہ دس گرا 128 روپے اضافے کے ساتھ 75ہزار 788 روپے تک پہنچ گئی۔

    مزید پڑھیں: بین الاقوامی مارکیٹ میں اضافے کے باوجود پاکستان میں سونے کی قیمتیں مستحکم

    یاد رہے کہ 7 اگست کو مقامی صرافہ بازاروں میں سونے کی فی تولہ قیمتوں میں اضافہ ہوا تھا جس کے بعد قیمتیں بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں تھیں ۔ مقامی صرافہ بازاروں میں 1700 روپے اضافے کے بعد سونے کی فی تولہ قیمت 86ہزار 100 روپے تک پہنچ گئی تھیں اسی طرح 10 گرام کی قیمت بھی 1400 روپے سے زائد اضافے کے ساتھ 73ہزار 816 روپے تک پہنچ گئی۔

  • پاکستانی بچوں کا سمندر کی تہہ میں جاکر کشمیریوں سے  اظہار یکجہتی

    پاکستانی بچوں کا سمندر کی تہہ میں جاکر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی

    جدہ : سعودی عرب میں مقیم پاکستانی بچے بھی کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کرنے میں کسی سے پیچھے نہیں ہیں، وریحہ اور یاسین نے سمندر کی تہہ میں جاکر اقوام عالم کی توجہ کشمیر کی جانب مبذول کروانے کی کوشش کی۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں مقیم پاکستانی بچے بھی وطن کی محبت سے سرشار ہیں، تیرہ سالہ وریحہ گیارہ سالہ یاسین اور آٹھ سالہ باصل عمر حیات پہلے پاکستانی بچے ہیں ، جھنوں نے بین الاقوامی سطح پر اوپن واٹر ڈائیونگ لائسنس حاصل کیا ہے۔

    دونوں بچوں نے سمندر کی 80 فٹ گہرائی میں جاکر نا صرف پاکستانی پرچم لہرایا بلکہ کشمیری بھائیوں سے بھی اظہار یکجہتی کا اظہار کیا اور اللہ سے کشمیر آزاد ہونے کی دعا کی جبکہ کشمیر میں ہونے والے ظلم کے خلاف دنیا بھر سے نوٹس لینے کا مطالبہ بھی کیا۔

    خیال رہے مقبوضہ کشمیرمیں بھارت کی ریاستی دہشت گردی جاری ہے، کرفیو کے نفاذ کو آج تیرہواں روز ہے، مقبوضہ وادی میں معمول کی زندگی بد ستور مفلوج اور کمیونیکیشن کا بلیک آؤٹ ہے جبکہ کھانے پینے کی اشیا اور دواؤں کی قلت ہوگئی ہے۔

    یاد رہے گذشتہ سال جدہ میں مقیم یحییٰ اشفاق اورعمرجان نامی پاکستانی نوجوانوں نے اپنے سعودی دوستوں جن میں ایک سعودی لڑکی بھی شامل تھی، ان كے ساتھ مل کر 150 فٹ کی گہرائیوں میں رنگ برنگی مچھلیوں کے درمیان پاکستان کا پرچم لہرایا تھا۔

    انہوں  نے گزشتہ برس عمران خان کی تصویر کو لہراتے ہوئے سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے انہیں وزیراعظم منتخب ہونے اور نئے پاکستان کی مبارکباد پیش کی تھی۔

  • اسٹیٹ بینک نے عیدالاضحیٰ 2019 کے موقع پر نئے کرنسی نوٹ جاری کردیئے

    اسٹیٹ بینک نے عیدالاضحیٰ 2019 کے موقع پر نئے کرنسی نوٹ جاری کردیئے

    کراچی : اسٹیٹ بینک نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر نئے کرنسی نوٹوں کے لئے عوام کی طلب کو پورا کرنے کی خاطر284ارب روپے کے نئے کرنسی نوٹ جاری کردیئے۔

    تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے عیدالاضحیٰ کے موقع پر تمام بینکوں کو مختلف مالیت کے مجموعی طور پر284ارب روپے کے نئے کرنسی نوٹ جاری کیے گئے ہیں۔

    اسٹیٹ بینک کی جانب سے کمرشل بینکوں کے ذریعے 274ارب روپے اور ایس بی پی بی ایس سی کیش کاؤنٹرز کے ذریعے جاری کیے گئے دس ارب روپے شامل ہیں۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ کمرشل بینکوں کو سو روپے تک مالیت کے12ارب روپے کے نئی کرنسی نوٹ جاری کیے گئے ہیں۔

    مذکورہ نئے نوٹ بینکوں کو عوام اور اپنے کھاتے داروں میں تقسیم کرنے کے لیے فراہم کیے گئے ہیں۔ اس حوالے سے ترجمان اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ اسٹیٹ بینک کی جانب سے عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کے دوران تمام بینکوں کو اے ٹی ایم آپریشنز کو بھی بلا رکاوٹ چلانے کی ہدایت دی گئی ہے۔

    حکم نامے کے مطابق عیدالاضحیٰ کے دوران اسٹیٹ بینک حکام ملک بھر میں اے ٹی ایم مشینوں کے فعال رہنے کا معائنہ اور نگرانی کریں گے تاکہ عید کی چھٹیوں میں عوام کو نقد رقوم کی بلاتعطل دستیابی کو یقینی بنایا جاسکے۔

  • بین الاقوامی مارکیٹ میں اضافے کے باوجود پاکستان میں سونے کی قیمتیں مستحکم

    بین الاقوامی مارکیٹ میں اضافے کے باوجود پاکستان میں سونے کی قیمتیں مستحکم

    اسلام آباد / لاہور / کراچی / کوئٹہ / پشاور: بلین مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں اضافے کے باوجود مقامی صرافہ بازاروں میں قیمتیں مستحکم رہیں۔

    تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران سونا 11 ڈالراضافہ کے بعد  1501 ڈالر فی اونس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا البتہ مقامی صرافہ بازاروں پر اس کے کوئی اثرات مرتب نہ ہوئے۔

    آل پاکستان تاجر ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد ارشد کے مطابق مقامی صرافہ بازاروں میں سونے کی فی تولہ اور دس گرام کی لین دین گزشتہ روز والے ریٹ پر ہوئی۔

    آج یعنی 9 اگست کو کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت 87 ہزار اور دس گرام 74 ہزار 588 روپے کے ساتھ ہوئی۔

    مزید پڑھیں: سونے کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ، تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

    یاد رہے کہ 7 اگست کو مقامی صرافہ بازاروں میں سونے کی فی تولہ قیمتوں میں اضافہ ہوا تھا جس کے بعد قیمتیں بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں تھیں ۔ مقامی صرافہ بازاروں میں 1700 روپے اضافے کے بعد سونے کی فی تولہ قیمت 86ہزار 100 روپے تک پہنچ گئی تھیں اسی طرح 10 گرام کی قیمت بھی 1400 روپے سے زائد اضافے کے ساتھ 73ہزار 816 روپے تک پہنچ گئی۔

    ڈالر  : انٹربینک / اوپن مارکیٹ

    کاروباری ہفتے کے اختتام پر انٹربینک میں ڈالر 19 پیسے مہنگا ہوکر 158 روپے 44 پیسے پر بند ہوا، اسی طرح اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 80 پیسے اضافے کے بعد 159 روپے 50 پیسے تک پہنچی۔

  • کراچی: گارمنٹس کی دکانیں بھی ایف بی آر کے ریڈار پر آ گئیں

    کراچی: گارمنٹس کی دکانیں بھی ایف بی آر کے ریڈار پر آ گئیں

    کراچی: شہر قائد میں ڈاکٹرز اور سرجنز کے گرد گھیرا تنگ کرنے کے بعد ایف بی آر کے ریڈار پر گارمنٹس کی دکانیں بھی آ گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے کراچی میں ٹیکس ادا نہ کرنے والی بوتیکس اور گارمنٹس کی دکانوں کی تفصیلات حاصل کر لی ہیں۔

    ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ ٹیکس ادا نہ کرنے والی شاپس اور بوتیکس مالکان کو نوٹس جاری کر دیے گئے ہیں۔

    کراچی میں بڑے بوتیکس اور گارمنٹس شاپس کو ٹیکس کے دائرے میں لانے کے لیے نوٹس دینے کا آغاز نارتھ ناظم آباد سے کیا گیا۔

    حکام نے کہا ہے کہ شہر کے مختلف علاقوں میں بیش تر معروف گارمنٹس شاپس اور بوتیکس کا کام عروج پر ہے، بڑے بوتیکس کو نوٹس دینے کا آغاز کر دیا ہے، نارتھ ناظم آباد میں 228 دکانوں کو نوٹس جاری کیے گئے۔

    یہ بھی پڑھیں:  ایف بی آر نے کراچی کے ڈاکٹرز اور سرجنز کے گرد گھیرا تنگ کر دیا

    ایف بی آر کا یہ بھی کہنا ہے کہ تمام بزنسز کو اِنکم ٹیکس ادائیگی کے لیے نوٹسز جاری کیے جا رہے ہیں۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے کراچی کے ڈاکٹرز اور سرجنز کے گرد بھی گھیرا تنگ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ڈاکٹرز اور سرجنز کا بڑے پیمانے پر ٹیکس ادا نہ کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔

    ایف بی آر کی جانب سے ایک دستاویز جاری کی گئی جس میں کہا گیا کہ پی ایم ڈی سی میں رجسٹریشن کے باوجود ڈاکٹرز ٹیکس ادا نہیں کر رہے۔

    اس سلسلے میں ایف بی آر کی جانب سے شہر کے 30 بڑے معروف اسپتالوں کو نوٹس جاری کیا گیا، جس میں کہا گیا کہ ڈاکٹروں کی آمدن پر مبنی تفصیلات فوری فراہم کی جائیں۔

  • انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی تنزلی

    انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی تنزلی

    کراچی: انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں روپے کی قدر مستحکم ہوئی اور ڈالر کی تنزلی کا سفر جاری رہا۔

    تفصیلات کے مطابق انٹربینک میں ڈالر چالیس پیسے کم ہوکر 158.25 روپے پر بند ہوا۔ ماہر معاشیات کے مطابق 8 روز میں انٹربینک میں ڈالر 2 روپے 20 پیسے سستا ہوا۔

    مزمل اسلم کے مطابق عیدالاضحیٰ پر بیرونِ ملک پاکستانیوں کی جانب سے ڈالر بھیجنے کا سلسلہ جاری ہے، ترسیلات کی وجہ سے روپے کی قدر بہتر اور امریکا کی کرنسی کمزور ہورہی ہے۔

    دوسری جانب انٹربینک کے بعد اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر سستا ہوا، اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 20 پیسے کم ہوئی۔

    ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر 158 روپے 90 پیسے سے کم ہوکر 158 روپے 70 پیسے تک پہنچا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں روپے کی قدر مستحکم ہوئی تھی۔

  • پاکستان اسٹاک ایکسچینج، سرمایہ کار محتاط، 723 پوائنٹس کی کمی

    پاکستان اسٹاک ایکسچینج، سرمایہ کار محتاط، 723 پوائنٹس کی کمی

    کراچی: پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں مندی ریکارڈ کی گئی اور 100 انڈیکس 723 کمیٹی کے بعد بند ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے تیسرے روز ٹریڈنگ کا آغاز ہوا تو سرمایہ کاروں نے محتاط رہتے ہوئے مارکیٹ میں پیسہ خرچ کیا۔

    دوسرے سیشن میں مارکیٹ پوائنٹس نیچے کی طرف آنا شروع ہوئے اور 100 انڈیکس 723 پوائنٹس کی کمی کے بعد 3 سال چار ماہ کی کم سطح پر بند ہوا۔ 100 انڈیکس 30 ہزار 277 تک پہنچ گیا۔

    اسٹاک مارکیٹ پر نظر رکھنے والے ماہرین کے مطابق ايک دن ميں100انڈيکس ميں2.39فیصد کی نماياں کمی ریکارڈ کی گئی ۔ شیئرزکی قیمت کم ہونےسےسرمایہ کاروں کے125ارب روپےڈوب گئے۔

    ٹریڈنگ کے دوران 27 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے 6 کروڑ 52 لاکھ 94 ہزار 790 حصص کی لین دین ہوئی۔

    مجموعی طور پر 326کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا،جن میں سے19کمپنیوں کے حصص کے بھاؤمیں اضافہ،249کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ58 کے شیئرز کی قیمتوں میں استحکام رہا۔