Author: انجم وہاب

  • اسٹیٹ بینک نے بینکوں کو فارن کرنسی کی خریدو فروخت کی اجازت دے دی

    اسٹیٹ بینک نے بینکوں کو فارن کرنسی کی خریدو فروخت کی اجازت دے دی

    کراچی : اسٹیٹ بینک نے بینکوں کو فارن کرنسی کی خریدو فروخت کی اجازت دے دی، فارن ایکسچینج قوانین میں ترامیم کے زریعے بینکوں کو اجازت دی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان نےفارن ایکسچینج قوانین میں ترامیم کرتے ہوئے بینکوں کو فارن کرنسی کی خریدو فروخت کی اجازت دے دی ہے۔

    اسٹیٹ بینک سرکلر میں کہا گیا ترامیم کے بعد تمام کمرشل بینکس آزادانہ طور پر اپنی تمام شاخوں سے غیر ملکی کرنسی کی خرید و فروخت کرسکیں گے، کسٹم ڈکلیریشن کی صورت میں 10 ہزار ڈالر سے زائد مالیت کی غیرملکی کرنسی بھی بینکوں کو فروخت کی جاسکے گی، پاکستانی شہریوں کے علاوہ غیرملکی افراد بھی بینکوں کو غیرملکی کرنسی فروخت کرسکیں گے۔

    اسٹیٹ بینک کے مطابق بیرونِ ملک سفر کرنے والے پاکستانی بھی بینکوں سے مقررہ حد کے مطابق غیرملکی کرنسی خرید سکیں گے، بینک غیر ملکی کرنسی اکانٹس میں سے نکالی گئی رقوم بھی خرید سکیں گے۔

    مرکزی بینک کا کہنا ہے کہ فارن ایکسچینج مینوئل کے بعض قوانین پر نظر ثانی کردی گئی ہے اور متعلقہ فریقوں کی مشاورت سے فارن ایکسچینج مینوئل پر مرحلہ وار نظرِ ثانی کر رہا ہے۔

    اسٹیٹ بینک کے اقدامات پر ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن جنرل سیکٹری ظفر پراچہ کا ردعمل دیتے ہوئے کہا اسٹیٹ بینک کے اس فیصلے سے ایکسچینج کمپنیز بند ہونے کا خدشہ ہے ، اب بینکوں سے عام آدمی بھی فارن کرنسی کا لین دین کرسکیں گے۔

    ظفر پراچہ کا کہنا تھا پہلے صرف دو بینکوں کے پاس فارن کرنسی ایکسچینج کمپنیز کا لائسنس تھا ، حبیب ایکسچینج اور نیشنل بینک ایکسچیج کے پاس ہی لائنسنس تھا۔

    مرکزی بینک کے اقدام پر معاشی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اسٹیٹ بینک کے فارن ایکسچینج میںوئل میں ترمیم سے ڈالر کی بلیک مارکیٹنگ کا خاتمہ ہوگا۔

  • ٹرینوں کی آمد و رفت معمول پر نہ آسکی

    ٹرینوں کی آمد و رفت معمول پر نہ آسکی

    کراچی: محکمہ ریلوے کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹرینوں کی آمدورفت 2 ماہ بعد بھی معمول پر نہ آسکی اور کئی ٹرینیں اپنے مقررہ وقت کے کئی گھنٹوں بعد منزل پر پہنچ رہی ہیں۔

    ریلوے حکام کے مطابق کراچی ایکسپریس کی آمد میں 8 گھنٹے، تیز گام ساڑھے چار گھنٹے، ہزار ایکسپریس 2 گھنٹے، قراقرم ایکسپریس 7 گھنٹے، سرسید ایکسپریس 2، شاہ حسین 5 گھنٹے تاخیر کا شکار ہے۔

    ریلوے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ایکسپریس کی آمد میں بھی تین گھنٹے تاخیر ہوئی۔

    ٹرینوں کی آمدورفت میں تاخیر کی وجہ سے مسافر پریشانی کا شکار ہیں اور کراچی سمیت دیگر شہروں کے اسٹیشنز پر مسافروں کا رش لگا ہوا ہے جو اپنی گاڑی کے منتظر ہیں۔

    محکمہ ریلوے کی بدانتظامی اور حادثات سے ٹرینوں کی آمدورفت شدید متاثر ہے، ریلوے حکام ٹرین آپریشن کو معمول پر لانے میں ناکام ہیں جس کا خمیازہ مسافروں کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔

    مسافروں کا کہنا ہے کہ ریلوے کا عملہ بھی انہیں درست معلومات فراہم کرنے سے قاصر ہے جبکہ انکوائری کا نمبربھی نہیں ملتا۔ ریلوے ذرائع کے مطابق اندرون ملک سے ٹرینیں تاخیر سے کراچی پہنچ رہی ہیں۔

    اس کے علاوہ واشنگ لائن میں لگنے کے بعد دو سے تین گھنٹوں کی تاخیر سے مسافروں کو لے کرروانہ ہوتی ہیں۔ ریلوے حکام کی غفلت نے مسافروں کے سفر کو مایوس کن بنادیا ہے۔

  • سونا پھر مہنگا، قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

    سونا پھر مہنگا، قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

    کراچی / اسلام آباد: عالمی بلین مارکیٹ میں سونے کی فی ڈالر قیمت میں ایک بار پھر اضافہ ہوا جس کے بعد مقامی صرافہ بازاروں میں سونا بلند پرواز کرنے لگا۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی بلین مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران سونے کی قیمت 10 ڈالر اضافے کے بعد 1440 فی اونس تک پہنچ گئی جس کے منفی اثرات مقامی صرافہ بازاروں پر بھی نظر آئے۔

    مقامی صرافہ بازاروں میں سونے کی فی تولہ قیمت 650 اضافے کے بعد 84 ہزار تک پہنچ گئی جبکہ دس گرام سونا 557 روپے مہنگا ہوکر 72 ہزار 16 روپے تک پہنچا جبکہ چاندی کی فی تولہ قیمت 10 روپے اضافے کے بعد 940 روپے تک پہنچ گئیں۔

    مزید پڑھیں:  سونے کی قیمت میں اضافہ، ڈالر تگڑا

    چیئرمین جیولرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد ارشد کے مطابق کراچی، حیدر آباد، سکھر، ملتان، فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کے صرافہ بازاروں میں سونے کی لین دین نئے ریٹ کے ساتھ ہوئی۔

    یاد رہے کہ 25 جون کو سونے کی قیمتیں ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح 80 ہزار 500 روپے تک پہنچیں تھیں اُس کے بعد قیمت میں تین ہزار روپے سے زائد کی کمی ہوئی تھی تاہم ایک بار پھر سونا اوپر کی طرف جانے لگا۔

  • سندھ حکومت کی لاڑکانہ میں انٹر سٹی بسیں چلانے کی تیاری

    سندھ حکومت کی لاڑکانہ میں انٹر سٹی بسیں چلانے کی تیاری

    کراچی: سندھ حکومت نے لاڑکانہ کے عوام کے لیے خوش خبری سنا دی ہے، لاڑکانہ میں انٹر سٹی بسیں چلانے کے لیے سندھ حکومت نے نجی کمپنی سے معاہدہ کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے لاڑکانہ میں انٹر سٹی بسیں چلانے کی تیاری کر لی، نجی کمپنی سے لاڑکانہ میں بسیں چلانے کا معاہدہ بھی کر لیا ہے۔

    وزیر ٹرانسپورٹ سندھ اویس شاہ کا کہنا ہے کہ نجی شعبے کی سرمایہ کاری سے لاڑکانہ، نوڈیرو اور رتو ڈیرو کے درمیان بسیں چلائی جائیں گی۔

    اویس شاہ نے کہا کہ لاڑکانہ سٹی میں پیپلز بس سروس کے نام سے 20 سے 30 بسیں مختلف روٹس پر چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کا افتتاح چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو سے کرایا جائے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیر ٹرانسپورٹ سندھ کا طلبہ کے لیے کرائے 50 فی صد کم کرنے کا اعلان

    ذرایع کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت پہلی بار لاڑکانہ کے عوام کو ٹرانسپورٹ کا تحفہ دینے جارہی ہے، سب نے لاڑکانہ کو نظر انداز کیا مگر وزیر ٹرانسپورٹ اویس شاہ اور سیکریٹری ٹرانسپورٹ کو لاڑکانہ کا خیال آ ہی گیا۔

    بتایا گیا ہے کہ بسوں کے منصوبے کی لاگت نجی کمپنی لگائے گی، جب کہ تکنیکی مدد اور ڈپو زمین سندھ حکومت دے گی، یہ بسیں آیندہ ماہ چلنے کا امکان ہے۔

    یاد رہے کہ 29 جون کو وزیر ٹرانسپورٹ نے سندھ بھر میں طلبہ کے لیے ٹرانسپورٹ کرایوں میں پچاس فی صد کمی کا اعلان کیا تھا، انھوں نے ہدایت کی تھی کہ اس حکم کی خلاف ورزی پر روٹ پرمٹ منسوخ ہو سکتا ہے۔

  • سونے کی قیمتوں میں ایک بار پھر بے تحاشہ اضافہ

    سونے کی قیمتوں میں ایک بار پھر بے تحاشہ اضافہ

    کراچی / اسلام آباد: بلین مارکیٹ میں سونے کی فی ڈالر قیمت میں 5 ڈالرز کا اضافہ ہوگیا جس کے منفی اثرات مقامی صرافہ بازاروں پر بھی واضح طور پر دکھائی دیے۔

    تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران سونے کی قیمت 5 ڈالر اضافے کے بعد 1395 فی اونس تک پہنچیں، اس کے بعد مقامی بازاروں میں سونے کی قیمتوں نے لمبی چھلانگ لگائی اور 80 ہزار کا ہندسہ بھی عبور کرلیا۔

    جیولرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد ارشد کے مطابق مقامی صرافہ بازاروں میں سونے کی فی تولہ اور دس گرام قیمتوں میں بالترتیب 1600 اور 1414 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ حالیہ اضافے کے بعد فی تولہ قیمت 80ہزار 100 اور 10 گرام 68 ہزار 672 تک پہنچ گیا۔

    مزید پڑھیں: سونے کی فی تولہ قیمت میں حیرت انگیز کمی

    کراچی، حیدر آباد، سکھر، ملتان، فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کے صرافہ بازاروں میں سونے کی لین دین نئے ریٹ جبکہ چاندی کی خرید و فروخت 920 روپے فی تولہ کے ساتھ ہوئی۔

    یاد رہے کہ 25 جون کو سونے کی قیمتیں ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح 80 ہزار 500 روپے تک پہنچیں تھیں اُس کے بعد قیمت میں تین ہزار روپے سے زائد کی کمی ہوئی تھی تاہم ایک بار پھر سونا اوپر کی طرف جانے لگا۔

    ایک روز قبل بلین مارکیٹ میں 15 ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی تھی جس کے بعد صرافہ بازاروں میں سونے کی فی تولہ اور دس گرام کی قیمتوں میں بالترتیب 50 اور 42 روپے کی کمی ہوئی تھی۔ گزشتہ روز فی تولہ 78500 اور دس گرام 67258 روپے کے ساتھ لین دین ہوئی تھی۔

  • بیرون ملک سفر کرتے ہوئے کتنی رقم لے جائی جاسکتی ہے؟ ایف بی آر نے ہدایات جاری کردیں

    بیرون ملک سفر کرتے ہوئے کتنی رقم لے جائی جاسکتی ہے؟ ایف بی آر نے ہدایات جاری کردیں

    کراچی: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی نئی جاری کردہ ہدایات کے مطابق بیرون ملک سفر کرنے والے مسافروں پر 3 ہزار سے زائد پاکستانی کرنسی اور 10 ہزار سے زائد ڈالر لے جانے پر پابندی ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے بیرون ملک سفر کرنے والے مسافروں کے لیے خصوصی ہدایات جاری کردیں۔ ایف بی آر کے مطابق 3 ہزار سے زائد پاکستانی کرنسی بیرون ملک لے جانے پر پابندی ہوگی۔

    ایف بی آر کا کہنا ہے کہ 5 سال تک کا بچہ ایک وقت میں ایک ہزار ڈالر یا مساوی کرنسی لے جا سکتا ہے، بچہ سال میں 6 ہزار ڈالر یا اس کے مساوی غیر ملکی کرنسی لے جا سکتا ہے۔

    5 سال سے زائد اور 18 سال تک کے مسافر کو ایک وقت میں 5 ہزار ڈالر یا مساوی کرنسی کی اجازت دی گئی ہے جبکہ اس عمر کے افراد سال میں 30 ہزار ڈالر یا اس کے مساوی غیر ملکی کرنسی لے کر سفر کر سکتے ہیں۔

    ایف بی آر کا کہنا ہے کہ 18 سال سے زائد عمر کے مسافر 10 ہزار ڈالر یا مساوی کرنسی ساتھ لے جا سکتے ہیں جبکہ سال میں 60 ہزار ڈالر یا اس کے مساوی غیر ملکی کرنسی کے ساتھ سفر کر سکتے ہیں۔

    ایف بی آر نے ایکسپورٹ پالیسی اور پروسیجر آرڈر کے تحت 11 اشیا کو ممنوع بھی قرار دیا ہے۔ سونا، چاندی،جواہرات اور سونے کے زیورات لے جانے پر پابندی ہوگی۔ اسی طرح 3 ہزار سے زائد پاکستانی کرنسی، نوادرات، آثار قدیمہ، ملکی مفاد کے خلاف لٹریچر اور قابل اعتراض مواد لے جانے پر بھی پابندی ہوگی۔

    10 ہزار سے زائد ڈالر، نقلی، جعلی اشیا، ٹاکسک کیمیکل یا اجزا، اسلحہ، بارودی مواد (وزارت دفاع کے این او سی کے علاوہ)، ایٹمی، کیمیائی یا تابکاری سے متعلق اشیا بھی ساتھ لے جانا ممنوع قرار دیا گیا ہے۔

    پالتو کتے بلیوں کو ساتھ لے جانے کے لیے سرٹیفیکیٹ درکار ہوگا۔ وزیر اعظم کی ہدایت پر جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اس حوالے سے خصوصی شکایتی سیل بھی قائم کردیا گیا ہے۔

  • سونے کی فی تولہ قیمت میں حیرت انگیز کمی

    سونے کی فی تولہ قیمت میں حیرت انگیز کمی

    کراچی / اسلام آباد: مقامی صرافہ بازاروں میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 50 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی بلین مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران سونے کی قیمت میں 15 ڈالر کی کمی ہوئی جس کے بعد فی اونس 1390 ڈالر تک پہنچ گیا۔

    آل پاکستان جیولرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد ارشد کے مطابق بلین مارکیٹ کے نئے بھاؤ سامنے آنے کے بعد مقامی صرافہ بازاروں میں سونے کی فی تولہ اور دس گرام کی قیمتوں میں بالترتیب 50 اور 42 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

    مزید پڑھیں: سونے کی فی تولہ قیمت میں ایک ہزار روپے کی کمی

    کراچی، حیدر آباد، سکھر، ملتان، فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کے صرافہ بازاروں میں سونے کی لین دین فی تولہ 78500 اور دس گرام 67258 روپے نئے ریٹ کے ساتھ ہوئی۔

    یاد رہے کہ پانچ روز قبل بلین مارکیٹ میں کمی کے بعد 10 ڈالر کمی ہوئی تھی جس کے بعد مقامی صرافہ بازاروں میں فی تولہ کی قیمت میں ایک ہزار روپے جبکہ دس گرام کی قیمت میں 856 روپے کمی ہوئی تھی۔

  • پاک فضائیہ کے 14 افسران کے اگلے عہدوں میں ترقی

    پاک فضائیہ کے 14 افسران کے اگلے عہدوں میں ترقی

    اسلام آباد :پاک فضائیہ کے ایک ائیر آفیسر کو ائیر مارشل اور تیرہ افسران کو ائیر وائس مارشل کے عہدوں پر ترقی دے دی، جن میں ئیر مارشل محمد زاہد محمود، ائیر وائس مارشل امتیاز ستار،ائیر وائس مارشل محمد قیصر جنجوعہ سمیت دیگر شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت پاکستان نے پاک فضائیہ کے ایک ائیر آفیسر کو ائیر مارشل اور تیرہ افسران کو ائیر وائس مارشل کے عہدوں پر ترقی دے دی۔

    ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ترقی پانے والوں میں ائیر مارشل محمد زاہد محمود، ائیر وائس مارشل امتیاز ستار،ائیر وائس مارشل محمد قیصر جنجوعہ،ائیر وائس مارشل سید عمران ماجد علی،ائیر وائس مارشل عبدالمعید خان،ائیر وائس مارشل طارق ضیاء، ائیر وائس مارشل ندیم اختر خان شامل ہیں۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ ائیر وائس مارشل غلام عباس گھمن، ائیر وائس مارشل راجہ فہیم شہزاد کیانی، ائیر وائس مارشل عامر حبیب اللہ میکن، ائیر وائس مارشل محمد انیس لطیف، ائیر وائس مارشل محمد شمس الحق ججا، ائیر وائس مارشل سلمان محبوب اور ائیر وائس مارشل سید صباحت حسن شاہ بھی ترقی پانے والوں میں شامل ہیں۔

    ائیر مارشل محمد زاہد محمود


    ائیر مارشل محمد زاہد محمود نے پاکستان ائیر فورس کی جی ڈی پی برانچ میں اپریل1987 ء میں کمیشن حاصل کیا، اپنے کیرئیر کے دوران انہوں نے کمبیٹ کمانڈرز اسکول اور ایک آپریشنل ائیر بیس کی قیادت کی۔

    محمد زاہد محمود اسسٹنٹ چیف آف ایئر اسٹاف(پرسنیل) اور ڈائریکٹر جنرل سی فور آئی اور ڈپٹی چیف آف ایئر اسٹاف(پرسنیل) کے طور پر بھی خدمات سر انجا م دے چکے ہیں، انھیں پاک فضائیہ میں شاندار خدمات پر ستارہ امتیاز (ملٹری)سے نوازا گیا۔

    ائیروائس مارشل امتیاز ستار


    ائیروائس مارشل امتیاز ستار نے پاکستان ائیر فورس کی جی ڈی پی برانچ میں دسمبر1988 ء میں کمیشن حاصل کیا، اپنے کیرئیر کے دوران انہوں نے ایک فائٹر اسکواڈرن ، ایک فلائنگ ونگ اور دو ائیر بیس کی قیادت کی اور ڈپٹی ڈائر یکٹر جنرل ائیر انٹیلیجنس کے طور پر بھی خدمات سر انجا م دے چکے ہیں، انھیں پاک فضائیہ میں شاندار خدمات پر ستارۂ امتیاز (ملٹری)سے نوازا گیا۔

    ائیروائس مارشل محمد قیصر جنجوعہ


    ائیروائس مارشل محمد قیصر جنجوعہ نے پاکستان ائیر فورس کی جی ڈی پی برانچ میں دسمبر1988 ء میں کمیشن حاصل کیا۔ اپنے کیرئیر کے دوران انہوں نے ایک فائٹر اسکواڈرن، ایک فلائنگ ونگ اور ایک آپریشنل ائیر بیس کی قیادت کی۔

    محمد قیصر جنجوعہ ڈپٹی ڈائر یکٹر جنرل ائیر انٹیلیجنس کے طور پر بھی خدمات سر انجا م دے چکے ہیں، انھیں پاک فضائیہ میں شاندار خدمات پر ستارہ امتیاز (ملٹری) سے نوازا گیا۔

    ائیر وائس مارشل سید عمران ماجد علی


    ائیر وائس مارشل سید عمران ماجد علی نے پاکستان ائیر فورس کی جی ڈی پی برانچ میں جون1989 ء میں کمیشن حاصل کیا۔ اپنے کیرئیر کے دوران انہوں نے ایک فائٹر اسکواڈرن، ایک فلائنگ ونگ اور دو ائیر بیس کی قیادت کی۔ انھیں پاک فضائیہ میں شاندار خدمات پر ستارہ امتیاز (ملٹری)سے نوازا گیا۔

    ائیر وائس مارشل عبدالمعید خان


    ائیر وائس مارشل عبدالمعید خان نے پاکستان ائیر فورس کی جی ڈی پی برانچ میں دسمبر1989 ء میں کمیشن حاصل کیا۔ اپنے کیرئیر کے دوران انہوں نے ملٹری ٹریننگ ونگ پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان اورکمبیٹ کمانڈرز اسکول کی قیادت کی، کمانڈنٹ کالج آف فلائنگ ٹریننگ ونگ اور اسسٹنٹ چیف آف ایئر اسٹاف(پلانز) بھی تعینات رہے، انھیں پاک فضائیہ میں شاندار خدمات پر ستارہ امتیاز (ملٹری) سے نوازا گیا۔

    ائیر وائس مارشل طارق ضیاء


    ائیر وائس مارشل طارق ضیاء نے پاکستان ائیر فورس کی جی ڈی پی برانچ میں جون1990 ء میں کمیشن حاصل کیا۔ اپنے کیرئیر کے دوران انہوں نے ایک فائٹراسکواڈرن، ایک فلائنگ ونگ اور ایک ائیر بیس کی قیادت کی۔ انھیں پاک فضائیہ میں شاندار خدمات پر ستارہ امتیاز (ملٹری) سے نوازا گیا۔

    ائیر وائس مارشل ندیم اختر خان نے پاکستان ائیر فورس کی جی ڈی پی برانچ میں جون1990 ء میں کمیشن حاصل کیا،اپنے کیرئیر کے دوران انہوں نے ایک فائٹر اسکو اڈرن،کمبیٹ کمانڈرز اسکول اور ایک ائیر بیس کی قیادت کی، انھیں پاک فضائیہ میں شاندار خدمات پر ستارہ امتیاز (ملٹری)سے نوازا گیا۔

    ائیر وائس مارشل غلام عباس گھمن


    ائیر وائس مارشل غلام عباس گھمن نے پاکستان ائیر فورس کی جی ڈی پی برانچ میں جون1990 ء میں کمیشن حاصل کیا۔ اپنے کیرئیر کے دوران انہوں نے ایک فائٹرا سکواڈرن،ایک فلائنگ ونگ اور ایک ائیر بیس کی قیادت کی۔ انھیں پاک فضائیہ میں شاندار خدمات پر ستارہ امتیاز (ملٹری) اور تمغہ بصالت سے نوازا گیا۔

    ائیر وائس مارشل راجہ فہیم شہزاد کیانی


    ائیر وائس مارشل راجہ فہیم شہزاد کیانی نے پاکستان ائیر فورس کی انجینرنگ برانچ میں دسمبر1988 ء میں کمیشن حاصل کیا۔ اپنے کیرئیر کے دوران انہوں نے دو انجینرنگ ونگ کی قیادت کی، جبکہ اسسٹنٹ چیف آف ایئر اسٹاف(ٹریننگ) بھی تعینات رہے۔ انھیں پاک فضائیہ میں شاندار خدمات پر ستارہ امتیاز (ملٹری)سے نوازا گیا۔

    ائیر وائس مارشل عامر حبیب اللہ میکن


    ائیر وائس مارشل عامر حبیب اللہ میکن نے پاکستان ائیر فورس کی انجینرنگ برانچ میں دسمبر1989 ء میں کمیشن حاصل کیا۔ اپنے کیرئیر کے دوران وہ ایک انجینر نگ ونگ کے آفیسر کمانڈنگ کے علاوہ ڈپٹی مینیجنگ ڈائیریکٹر ائیر کرافٹ ریبلڈ فیکٹری اور اسسٹنٹ چیف آف ایئر اسٹاف(ائیرکرافٹ انجینرنگ) بھی تعینات رہے۔ انھیں پاک فضائیہ میں شاندار خدمات پر ستارہ امتیاز (ملٹری)سے نوازا گیا۔

    ائیر وائس مارشل محمد انیس لطیف


    ائیر وائس مارشل محمد انیس لطیف نے پاکستان ائیر فورس کی انجینرنگ برانچ میں دسمبر1989 ء میں کمیشن حاصل کیا۔ اپنے کیرئیر کے دوران وہ ایک انجینر نگ ونگ کے آفیسر کمانڈنگ کے علاوہ اسسٹنٹ چیف آف ایئرا سٹاف(ویپن انجینرنگ) بھی تعینات رہے۔ انھیں پاک فضائیہ میں شاندار خدمات پر ستارہ امتیاز (ملٹری) سے نوازا گیا۔

    ائیر وائس مارشل شمس الحق جج


    ائیر وائس مارشل شمس الحق ججا نے پاکستان ائیر فورس کی انجینرنگ برانچ میں دسمبر1989 ء میں کمیشن حاصل کیا۔ اپنے کیرئیر کے دوران وہ ایک انجینر نگ ونگ کے آفیسر کمانڈنگ کے علاوہ ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر میراج ریبلڈ فیکٹری بھی تعینات رہے، انھیں پاک فضائیہ میں شاندار خدمات پر ستارہ امتیاز (ملٹری)سے نوازا گیا۔

    ائیر وائس مارشل سلمان محبوب


    ائیر وائس مارشل سلمان محبوب نے پاکستان ائیر فورس کی ائیر ڈیفنس برانچ میں ستمبر1988 ء میں کمیشن حاصل کیا۔ اپنے کیرئیر کے دوران انہوں نے مختلف ائیر ڈیفنس اسکواڈرن اور ایک ائیر بیس کی قیادت کی،اسسٹنٹ چیف آف ایئرا سٹاف(ائیر ڈیفنس) کے طور پر بھی خدمات سر انجا م دے چکے ہیں۔ انھیں پاک فضائیہ میں شاندار خدمات پر ستارہ امتیاز (ملٹری)سے نوازا گیا۔

    ائیر وائس مارشل سید صباحت حسن شاہ


    ائیر وائس مارشل سید صباحت حسن شاہ نے پاکستان ائیر فورس کی ائیر ڈیفنس برانچ میں ستمبر1988 ء میں کمیشن حاصل کیا۔ اپنے کیرئیر کے دوران انہوں نے دو ائیر ڈیفنس اسکواڈرن اور ایک ائیر بیس کی قیادت کی۔ انھیں پاک فضائیہ میں شاندار خدمات پر ستارہ امتیاز (ملٹری) سے نوازا گیا

  • سونے کی فی تولہ قیمت میں ایک ہزار روپے کی کمی

    سونے کی فی تولہ قیمت میں ایک ہزار روپے کی کمی

    کراچی / اسلام آباد: بلین مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں 10 ڈالر کی کمی ہوئی جس کے مثبت اثرات مقامی صرافہ بازاروں پر بھی نظر آئے۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران سونا 10 ڈالر کمی کے بعد 1414 فی اونس کی سطح تک پہنچ گیا، جس کے بعد مقامی صرافہ بازاروں میں فی تولہ کی قیمت میں ایک ہزار روپے کی کمی ہوئی۔جیولیرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد ارشد کے مطابق بلین مارکیٹ میں کمی کے بعد دس گرام کی قیمت میں بھی 856 روپے کی کمی ہوئی۔

    حالیہ کمی کے بعد مقامی صرافہ بازاروں میں سونے کی فی تولہ اور 10 گرام قیمت بالترتیب 77 ہزار 500 اور 66 ہزار 443 روپے تک پہنچ گئیں۔ کراچی، حیدر آباد، سکھر، ملتان، فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کے صرافہ بازاروں میں سونے کی لین دین نئے ریٹ کے ساتھ ہوئی۔

    مزید پڑھیں: سونے کی قیمتیں آسمان پر پہنچ گئیں

    یاد رہے کہ 25 جون کو بلین مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں فی اونس 20 ڈالرز کا اضافہ ہوا تھا جس کے بعد قیمت 1328 فی اونس تک پہنچ گئی تھی۔ دس روز قبل ہونے والے اضافے کے بعد سونا ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچا تھا۔

    پاکستان کے تمام شہروں میں موجود مقامی صرافہ بازاروں میں 25 جون کو سونے کی فی تولہ اور دس گرام کی خرید و فروخت بالترتیب 80 ہزار 500 اور 69 ہزار 15 روپے سے ہوئی تھی۔

  • بینک اکاؤنٹس کی بائیومیٹرک تصدیق کا آخری دن، بینک پانچ بجے تک کھلے ہیں

    بینک اکاؤنٹس کی بائیومیٹرک تصدیق کا آخری دن، بینک پانچ بجے تک کھلے ہیں

    کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے بینک اکاؤنٹس کی بائیو میٹرک تصدیق کے آخری دن تمام بینکس چھٹی کے روز بھی معمول کے مطابق امور سرانجام دے رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے بینک اکاؤنٹ رکھنے والے صارفین کو بائیو میٹرک تصدیق کرنے کے لیے ایک ماہ قبل پیغامات ارسال کیے گئے اور تمام بینکوں کو بھی ہدایت کی گئی کہ وہ صارفین کو بلا کر فنگر پرنٹس سے شناختی تصدیق کریں۔

    بینک اکاؤنٹس کی بائیو میٹرک کی تصدیق کا آج آخری دن ہے، صارفین کو سہولت فراہم کرنے کے لیے اسٹیٹ بینک کی ہدایت پر تمام بینکس اتوار کے روز بھی پانچ بجے تک کام میں مصروف ہیں۔

    مزید پڑھیں: گھر بیٹھے بینک اکاؤنٹ کی بائیو میٹرک تصدیق، بینکوں نے موبائل ایپلی کیشن متعارف کرادی

    اکاؤنٹ کی بائیو میٹرک تصدیق نہ کرانے والا صارف بینک سے کوئی ٹرانزیکشن نہیں کرسکے گا، صارفین کے پاس آج پانچ بجے تک کا وقت ہے۔ ذرائع کے مطابق بائیومیٹرک نظام پر منتقل ہونے کی شرح  70سے80فیصد ہے، نیشنل بینک میں 30 لاکھ سے زائد اکاؤنٹس بائیومیٹرک پر آگئے۔

    اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق بائیومیٹرک نظام پرمنتقلی کی حتمی تعداد 30 جون کے بعد پتہ چلے گی۔ یاد رہے کہ بائیو میٹرک تصدیق کا اہم مقصد غیر قانونی اور بے نامی ٹرانزیکشنز  کے ساتھ منی لانڈرنگ کی کی روک تھام ہے۔

    صارفین کے لیے گھر بیٹھے بائیومیٹرک

    بینک اکاوٴنٹس کی گھر بیٹھے بائیو میٹرک تصدیق کرانے کے لیے بیشتر بینکوں نے خصوصی موبائل ایپلی کیشن متعارف کرائی ہیں۔