Author: انجم وہاب

  • قطر سے پاکستان کو 50 کروڑ ڈالر کی پہلی قسط مل گئی

    قطر سے پاکستان کو 50 کروڑ ڈالر کی پہلی قسط مل گئی

    اسلام آباد: پاکستان کو قطر سے امداد کی پہلی قسط مل گئی، ذرایع کا کہنا ہے کہ قطر سے پاکستان کو 50 کروڑ ڈالرز کی پہلی قسط ملی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قطر نے پاکستان کو 3 ارب ڈالرز دینے کی منظوری دی تھی، امداد کی رقم کے سلسلے میں پہلی قسط پچاس کروڑ ڈالر پر مبنی ہے، ذرایع نے بتایا ہے کہ پہلی قسط پاکستان کو مل گئی ہے۔

    اسٹیٹ بینک ذرایع کا کہنا ہے کہ قطری امداد ملنے سے زر مبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا، قسط ملنے سے زر مبادلہ کے ذخائر 14 ارب 80 کروڑ ڈالر کی سطح پر پہنچ جائیں گے۔

    یاد رہے کہ چھ دن قبل قطری حکومت نے اعلان کیا تھا کہ قطر پاکستان میں 3 ارب ڈالر کی براہ راست سرمایہ کاری کرے گا، سرمایہ کاری کے بعد پاک قطر باہمی معاشی تعاون کا حجم 9 ارب ڈالر ہوگا۔

    یہ بھی پڑھیں:  قطر پاکستان میں 3 ارب ڈالر کی براہ راست سرمایہ کاری کرے گا، قطری حکومت کا اعلان

    وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبد الرحمان الثانی کا کہنا تھا کہ قطر پاکستان میں گیس اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری بھی کرے گا۔

    اس سے قبل سعودی عرب اور یو اے ای بھی پاکستان کو ایسے ہی پیکجز دے چکے ہیں، سعودی عرب نے پاکستان کو ڈائریکٹر ڈپازٹس کےعلاوہ مؤخر ادائیگیوں پر تیل کی سہولت بھی فراہم کی ہے۔

    پاکستان کا آئی ایم ایف سے بھی اصولی معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کے تحت پاکستان کو چھ ارب ڈالر ملیں گے، معاہدے کی حتمی منظوری آئی ایم ایف کا بورڈ اگلے ماہ دے گا۔

  • پاکستان سعودی عرب کا سب سے قریبی دوست ہے، کمانڈر سعودی نیول فورس

    پاکستان سعودی عرب کا سب سے قریبی دوست ہے، کمانڈر سعودی نیول فورس

    کراچی : کمانڈر سعودی نیول فورس وائس ایڈمرل فہد بن عبداللہ نے پاسنگ آﺅٹ پریڈ سے خطاب میں کہا پاکستان سعودی عرب کا سب سے قریبی دوست  ہے، سعودی عرب پاکستان کو خطے میں قوت اور استحکام کا ذریعہ سمجھتا ہے، سعودی عرب مشرق وسطیٰ میں تمام معاملات کا پرامن تصفیہ چاہتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان نیول اکیڈمی منوڑہ میں 111 ویں مڈشپ مین اور20 ویں شارٹ سروس کمیشن کورس کی پاسنگ آﺅٹ پریڈ کا انعقاد کیا گیا ، پریڈ کے مہمان خصوصی سعودی بحریہ کے سربراہ وائس ایڈمرل فہد بن عبداللہ الغوفیلی تھے ، پاکستان نیول اکیڈمی آمد پر چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل  ظفر محمود عباسی نے مہمان خصوصی کا استقبال کیا۔

    ترجمان پاک بحریہ کے مطابق اس موقع پر 77 مڈشپ مین اور 98 شارٹ سروس کمیشن کیڈٹس بشمول 25 خواتین کیڈٹس پاس آوٹ ہوئے، پاس آﺅٹ ہونے والوں میں بحرین کے 2 ، قطر کے 7 اور سعودی عرب کے 3 مڈ شپ مین بھی شامل ہیں جبکہ مڈ شپ مین طلحہ مسعود نے اعزازی شمشیر حاصل کی۔

    مہمان خصوصی کمانڈر سعودی نیول فورس وائس ایڈمرل فہد بن عبداللہ نے پاسنگ آﺅٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان سعودی عرب کا سب سے  قریبی دوست ہے، مشرق وسطیٰ اس وقت تاریخ کے مشکل دور سے گزر رہا ہے، سعودی عرب مشرق وسطیٰ میں تمام معاملات کا پرامن تصفیہ چاہتا ہے۔

    کمانڈر سعودی نیول فورس کا کہنا تھا سعودی عرب پاکستان کو خطے میں قوت اور استحکام کا ذریعہ سمجھتا ہے، پاکستان اور سعودی عرب عالمی استحکام اور علاقائی امن و امان کے لئے کوشاں ہیں ۔

    وائس ایڈمرل فہد بن عبداللہ نے کہا پاکستان نے امن کے لئے اندرونی اور بیرونی محاز پر لاتعداد قربانیاں پیش کی ہیں۔

    ترجمان پاک بحریہ کا کہنا تھا سربراہ سعودی بحریہ نے بھی اپنی ابتدائی تربیت پاکستان نیول اکیڈمی میں حاصل کی، مہمان خصوصی نے پاس آﺅٹ ہونے والے کیڈٹس کو مبارک باد پیش کی ۔

  • انٹربینک میں ڈالرکی اونچی اڑان تھم گئی، روپیہ مستحکم ہونےلگا

    انٹربینک میں ڈالرکی اونچی اڑان تھم گئی، روپیہ مستحکم ہونےلگا

    کراچی: انٹر بینک میں ڈالر کی اونچی اڑان رک گئی اور روپیہ مستحکم ہونے لگا، انٹر بینک میں امریکی کرنسی کی قدر چار روپے کم ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق انٹربینک میں ڈالر 4 روپے پانچ پیسے سستا ہوا جس کے بعد قیمت 160 روپے تک پہنچ گئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر ڈیڑھ روپے سستا ہوکر 163 روپے کا ہوگیا۔

    واضح رہے کہ جمعرات کو انٹر بینک مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں مزید 20 پیسے اور اوپن مارکیٹ میں 50 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا جس کے بعد ڈالر کی قیمت ملکی تاریخ کی نئی بلندترین سطح پر پہنچ گئی۔

    مزید پڑھیں: ڈالر ملکی تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

    جمعرات کو ہونے والے اضافے کے بعد امریکی ڈالر کی قیمت خرید 163 روپے 50 پیسے سے بڑھ کر 163 روپے 70 پیسے اور قیمت فروخت میں 164 روپے سے بڑھ کر 164 روپے 20 پیسے تک پہنچ گئی تھی۔ روپے کی قدر میں مسلسل کمی کے باعث وزیراعظم عمران خان نے گورنر اسٹیٹ بینک کو بھی اسلام آباد طلب کر کے صورتحال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا تھا۔

    گزشتہ ماہ ڈالر کی قیمت کو اچانک پر لگ گئے تھے جس کے بعد لوگوں نے ڈالر خرید کر رکھنا شروع کردیا، ڈالر کی اس ذخیرہ اندوزی کے بعد ڈالر کی قیمت میں مزید اضافہ ہوا تھا۔ گزشتہ ماہ ڈالر 153 روپے کی سطح تک تھا۔

  • ایف بی آر کا غیر رجسٹرڈ ڈاکٹرز کو بھی ٹیکس نیٹ میں لانے کا فیصلہ

    ایف بی آر کا غیر رجسٹرڈ ڈاکٹرز کو بھی ٹیکس نیٹ میں لانے کا فیصلہ

    کراچی: فیڈرل بورڈ آف ریونیو ( ایف بی آر) نے غیر رجسٹرڈ ڈاکٹرز کو بھی ٹیکس نیٹ میں لانے کا فیصلہ کرلیا۔

    ایف بی آر کی جانب سے پاکستان میڈیکل ڈینٹل کونسل کو مراسلہ ارسال کیا گیا جس میں لکھا گیاہ ے کہ 10 روز کے اندر تمام ڈاکٹرز کی تفصیلات فراہم کی جائیں۔

    مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پی ایم ڈی سی کے رکن ڈاکٹرز ریٹرن ٹیکس فائل کرنے کے پابند ہیں جبکہ بیشتر ڈاکٹر ریٹرن فائل نہیں کررہے۔

    پی ایم ڈی سی کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ اپنے تمام ممبران کی تفصیلات 10 روز کے اندر فراہم کرے تاکہ ایف بی آر  غیر رجسٹرڈ ڈاکٹرزکو بھی ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے اقدامات شروع کرے۔

    مزید پڑھیں:  تمام صنعتی صارفین کوٹیکس نیٹ میں لائیں گے،چیئرمین ایف بی آر کا عزم

    یہ بھی پڑھیں: شیر شاہ کباڑ مارکیٹ کے دکانداروں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کا فیصلہ

    یاد رہے حکومت ٹیکس وصولی کے اہداف حاصل کرنے کے لیے مختلف شعبوں کو ٹیکس نیٹ میں لارہی ہے، اس ضمن میں گزشتہ دنوں چیئرمین ایف بی آر نے کراچی کی سب سے بڑی کباڑ مارکیٹ شیرشاہ کا دورہ کر کے تاجروں کی تفصیلات جمع کی تھیں، علاوہ ازیں بیوٹی پارلرز کو بھی ٹیکس نیٹ میں لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ٹیکس وصولیوں کا ہدف 550 ارب مختص کیا ہے۔

  • سونے کی قیمتیں آسمان پر پہنچ گئیں

    سونے کی قیمتیں آسمان پر پہنچ گئیں

    کراچی / اسلام آباد: عالمی مارکیٹ میں قیمتیں تھمنے کا نام نہیں لے رہیں جس کی وجہ سے سونے کی قیمتیں ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی بلین مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران سونے کی قیمت میں فی اونس 20 ڈالرز کا اضافہ ہوا جس کے مقامی صرافہ بازاروں پر بھی منفی اثرات نظر آئے۔ بلین مارکیٹ میں سونا 20 ڈالراضافے کے بعد 1328 فی اونس تک پہنچا۔

    عالمی مارکیٹ میں اضافے کے بعد سونے کی قیمت میں ریکارڈ اضافہ ہوا، فی تولہ قیمت میں 1150 جبکہ 10 گرام کے ریٹ 986 روپے بڑھ گئے۔

    بتاریخ : 25 جون 2019 کے ریٹ

    فی تولہ /80,500 روپے

    دس گرام /69,015 روپے

    جیولیرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد ارشد کے مطابق مقامی صرافہ بازاروں میں سونے کی فی تولہ اور 10 گرام قیمت بالترتیب 80 ہزار 500 اور 69 ہزار 15 روپے تک پہنچ گئیں۔

    مزید پڑھیں: سونے کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

    حالیہ اضافے کے بعد سونے کی قیمتیں ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔ کراچی، حیدر آباد، سکھر، ملتان، فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کے صرافہ بازاروں میں سونے کی لین دین نئے ریٹ کے ساتھ ہوئی۔

    یاد رہے کہ بلین مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے، 21 جنوری سے کو بھی 15 ڈالر فی اونس اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا جس کے باعث مقامی صرافہ بازاروں میں فی تولہ 750 اور دس گرام کی قیمت میں 643 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ چار روز کے دوران مقامی صرافہ بازاروں میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 2400 روپے کا اضافہ ہوا۔

  • قطر پاکستان میں 3 ارب ڈالر کی براہ راست سرمایہ کاری کرے گا، قطری حکومت کا اعلان

    قطر پاکستان میں 3 ارب ڈالر کی براہ راست سرمایہ کاری کرے گا، قطری حکومت کا اعلان

    اسلام آباد: پاکستان کیلئے ایک خوشی کی خبر سامنے آگئی، قطری حکومت نے اعلان کیا ہے قطر پاکستان میں3ارب ڈالرکی براہ راست سرمایہ کاری کرے گا، سرمایہ کاری کے بعد پاک قطر باہمی معاشی تعاون کا حجم 9 ارب ڈالرہوگا۔

    قطر کی سرکاری نیوزایجنسی کے مطابق امیرقطر شیخ تمیم بن حمدالثانی کی ہدایت پرنائب وزیر اعظم شیخ محمدبن عبدالرحمان نے اعلان کیا ہے کہ قطر پاکستان میں 3 ارب ڈالر کی براہ راست سرمایہ کاری کرے گا۔

    حکومتی اعلامیہ میں قطری نائب وزیراعظم نے کہا 3 ارب ڈالرکی سرمایہ کاری کےبعدپاک قطرباہمی معاشی تعاون کاحجم9ارب ڈالرہوگا، پاکستان سے دیگرشعبوں میں بھی تعاون بڑھانےکےخواہاں ہیں۔

    اس سے قبل قطری نیوز ایجنسی کے مطابق قطر کے وزیرخارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی کا کہناتھا پاکستان کو تین ارب ڈالرڈائریکٹ ڈپازٹس اوربراہ راست سرمایہ کاری کی مد میں دیئےجائیں گے جبکہ قطر پاکستان میں گیس اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری بھی کرے گا۔

    اس سے قبل سعودی عرب اور یو اے ای بھی پاکستان کو ایسے ہی پیکجز دے چکے ہیں، سعودی عرب نے پاکستان کو ڈائریکٹر ڈپازٹس کےعلاوہ مؤخر ادائیگیوں پر تیل کی سہولت بھی فراہم کی ہے۔

    پاکستان کا آئی ایم ایف سے بھی اصولی معاہدہ طےپاگیا ہے، جس کے تحت پاکستان کوچھ ارب ڈالرملیں گے، معاہدے کی حتمی منظوری آئی ایم ایف کا بورڈ اگلے ماہ دےگا۔

    دوسری جانب مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا امیرقطرکا 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری پر شکریہ ادا کرتا ہوں، اس سے پاکستان اور قطر کے تعلقات مزید بہترہوں گے۔

    یاد رہے ہفتے کے روز امیر قطر شیخ تمیم بن حمدالثانی پاکستان پہنچے تھے، جہاں وزیراعظم عمران خان نے ان کا استقبال کیا ، دورے کے دوران امیر قطر کی وزیراعظم عمران خان سے ون آن ون ملاقات ہوئی جبکہ پاکستان اورقطرکےدرمیان وفودکی سطح پربھی مذاکرات ہوئے۔

    مذاکرات میں منی لانڈرنگ،انسداد دہشت گردی کی مالی معاونت،خفیہ معلومات کےتبادلے کی یادداشت پردستخط ہوئے، تجارت اورسرمایہ کاری میں تعاون کیلئےورکنگ گروپ، سیاحت اورتجارت کی ترقی کیلئےتعاون کی مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط ہوئے۔

    امیر قطر شیخ تمیم بن حمدالثانی کو صدر مملکت عارف علوی نے نشان پاکستان سے بھی نوازا۔

  • سونے کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

    سونے کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

    کراچی / اسلام آباد: عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی ڈالر قیمت میں 15 ڈالرز کا اضافہ ہوا جس کے بعد سونے کی قیمتیں ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق بلین مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران سونے کی فی اونس قیمت 15 ڈالر اضافے کے بعد 1395 تک پہنچ گئیں، جس کے منفی اثرات مقامی صرافہ بازاروں پر بھی نظر آئے۔

    جیولرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد ارشد کے مطابق مقامی صرافہ بازاروں میں سونےکی فی تولہ اور دس گرام قیمتوں میں بالترتیب 750 اور 643 روپے کا اضافہ ہوا جس کے بعد قیمت 78 ہزار 100 اور 66 ہزار 958 روپے تک پہنچی۔

    مزید پڑھیں: سونے کی قیمتوں میں کمی

    حالیہ اضافے کے بعد سونے کی قیمتیں ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔ کراچی، حیدر آباد، سکھر، ملتان، فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کے صرافہ بازاروں میں سونے کی لین دین نئے ریٹ کے ساتھ ہوئی۔

    اسٹاک ایکسچینج کی صورتحال

    کاروباری ہفتے کے آخری روز اسٹاک ایکسچینج میں ٹریڈنگ کے دوران تیزی دیکھی گئی اور 100 انڈیکس 129 پوائنٹس اضافے کے بعد 35 ہزار 125 کی سطح پر بند ہوا، ٹریڈنگ کے دوران مجموعی طور پر 4.21 ارب روپے مالیت کے 12.91 کروڑ کے حصص کی لین دین ہوئی۔

     

  • سونے کی قیمتوں میں کمی

    سونے کی قیمتوں میں کمی

    کراچی: عالمی بلین مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں 6 ڈالر فی اونس کمی ہوئی جس کے بعد مثبت اثرات مقامی صرافہ بازوروں پر بھی دیکھنے میں آئے۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی بلین مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران سونے کی قیمت میں 6 ڈالر فی اونس کمی ہوئی جس کے بعد قیمت 1342 ڈاکر کی سطح تک پہنچ گئی۔

    جیولرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد ارشد کے مطابق مقامی صرافہ بازاروں میں سونےکی قیمتوں میں بالترتیب 100 اور 86 روپے کمی ریکارڈ کی گئی۔

    حالیہ کمی کے بعد فی تولہ قیمت 100روپےکمی کے ساتھ 75 ہزار 350 روپے جبکہ 10 گرام سونا 86 روپےکمی کے ساتھ 64 ہزار 600 روپے تک پہنچ گیا۔ کراچی، حیدر آباد، سکھر، ملتان، فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کے صرافہ بازاروں میں سونے کی لین دین نئے ریٹ کے ساتھ ہوئی۔

    یاد رہے کہ ایک روز قبل بلین مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت میں 15 ڈالرز کا اضافہ ہوا تھا جس کے بعد فی اونس قیمت 1350 ڈالرز کی سطح تک پہنچ گئی تھی۔ مقامی صرافہ بازاروں میں گزشتہ روز سونے کی فی تولہ قیمت میں 500 اور 430 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔

  • کراچی کی نصف آبادی کی بجلی معطل ہونے کا خدشہ

    کراچی کی نصف آبادی کی بجلی معطل ہونے کا خدشہ

    کراچی: کے الیکٹرک کا بجلی کی تقسیم کار کمپنی سے 22 سالہ معاہدہ ختم ہونے کے بعد شہر قائد کی نصف آبادی کو بجلی کی فراہمی بند ہوجائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی والوں کے لیے بری خبر یہ ہے کہ کل سے شہر کی آدھی آبادی میں بجلی معطل ہونے کاخدشہ ہے کیونکہ کے الیکٹرک کا آج یعنی 19 جون 2019 کو تقسیم کارکمپنی سے22سالہ معاہدہ ختم ہوجائےگا۔

    معاہدہ ختم ہونے کے بعد شہر میں 123میگاواٹ بجلی کی پیداوار معطل ہوگی جس کے باعث شہر کی نصف آبادی کومشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق کےالیکٹرک بالکل مفت بجلی حاصل کر کے شہر قائد کے عوام سے ماہانہ کروڑوں روپے وصول کرتی ہے، نیشنل گرڈسےکےالیکٹرک کو 6سو میگاواٹ سے زائدبجلی فراہم کی جاتی ہے۔

    مزید پڑھیں: کراچی کے مختلف علاقوں میں طویل غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ، شہریوں کا احتجاج

    کے الیکٹرک نے تاحال فرنس آئل سے بجلی کی پیداوار شروع نہیں کی، مقامی کمپنی سے 22 سال قبل معاہدہ آج ختم ہونے جارہاہے، اس ضمن میں نیپرا نے پاور ڈویژن کو خط ارسال کر کے صورتحال سے آگاہ کردیا۔

    نیپرا کی جانب سے بھیجے جانے والے خط میں کہا گیا ہے کہ سنگین صورتحال کے باعث کے الیکٹرک کو نیشنل گرڈ سے فوری اضافی بجلی فراہم کی جائے، ذرائع کے مطابق فریقین معاہدے میں توسیع کے خواہش مند تھے البتہ اسٹیک ہولڈرز نے اس کی مخالفت کردیْ

  • طوفان کے اثرات، کراچی کے سمندر میں طغیانی، پانی کنارے سے سڑک پر آگیا

    طوفان کے اثرات، کراچی کے سمندر میں طغیانی، پانی کنارے سے سڑک پر آگیا

    کراچی: سمندری طوفان وایو کا اثر کراچی کی ساحلی پٹی پر پڑنا شروع ہوگیا اور ہاکس بے، سینڈز پٹ پر سمندر کا پانی سڑک پر آگیا۔

    تفصیلات کے مطابق سمندری طوفان وایو نے کراچی کی ساحلی پٹی پر اثر دکھانا شروع کردیا، ہاکس بے، سینڈزپٹ پر سمندر کا پانی سڑک پر آگیا، سمندری لہروں سے کئی ہٹس میں بھی پانی داخل ہوگیا۔

    رپورٹ کے مطابق پانی دور تک آنے کے باعث سڑک پر کھڑی متعدد گاڑیاں بھی دھنس گئی ہیں۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز انجم وہاب کے مطابق سمندر کا پانی سڑک پر آنے کے باعث تفریح پر جانے والے لوگوں کی گاڑیاں پانی میں پھنس گئیں اور کئی جگہوں پر گڑھے بھی پڑ گئے ہیں۔

    تیز ہواؤں کا سلسلہ سمندر کے اطراف ابھی جاری ہے اور پانی بھی سڑکوں پر موجود ہے۔

    واضح رہے کہ محمکہ موسمیات نے بھی پیش گوئی کی ہے کہ ابھی طوفان سمندر میں موجود ہے اس کے اثرات کراچی پر بھی رونما ہوتے رہیں گے تیز ہواؤں کا سلسلہ جاری رہے گا۔

    مزید پڑھیں: سمندری طوفان وایو کے دوبارہ گجرات سے ٹکرانے کی پیش گوئی

    یاد رہے کہ بھارتی محکمہ موسمیات نے سمندری طوفان وایو کے آئندہ 48 گھنٹوں میں ایک مرتبہ پھر گجرات سے ٹکرانے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

    بھارتی محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ سمندری طوفان وایو ایک بار پھر سے ریاست گجرات کی جانب رخ کررہا ہے۔ آئندہ 48 گھنٹوں میں گجرات کے سمندر سے ٹکرائے جانے کا امکان ہے۔ 17 اور 18 جون کو گجرات کے ضلع کَچھ کے ساحل سے ٹکرائے گا۔