Author: انجم وہاب

  • مشیر خزانہ سے تاجروں کی ملاقات، اندرونی کہانی سامنے آگئی

    مشیر خزانہ سے تاجروں کی ملاقات، اندرونی کہانی سامنے آگئی

    کراچی: مشیرخزانہ حفیظ شیخ سےتاجروں کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی، عبد الحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ اگر ایکسپورٹ پر حکومت مراعات فراہم کردے تو تاجر برآمدات کتنی بڑھا سکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق تاجروں کے وفد نے  عبدالحفیظ شیخ سے ملاقات کی اور مشیر خزانہ سے برآمدات پر مراعات دینے کا مطالبہ کیا۔ مشیر خزانہ نے تاجروں کے سوال پر کہا کہ ’’تاجر ایکسپورٹ بڑھانہیں سکتے صرف مراعات ہی مانگتے ہیں، گزشتہ 5سال سے ایکسپورٹ ایک ہی جگہ پر کھڑی ہے‘‘۔

    عبدالحفیظ شیخ نے تاجروں سے سوال کیا کہ مراعات لیکر کتنی ایکسپورٹ بڑھائیں گے، جس پر تاجروں نے چپ سادھ لی، بعد ازاں مؤقف دیا کہ ڈالرمہنگاہونےسےایکسپورٹ میں اضافےکاامکان نہیں ہے۔

    تاجروں کا کہنا تھا کہ ایکسپورٹ انڈسٹری کاانحصارامپورٹ پرہوتاہے اور روپے کی قدر میں مسلسل کمی بھی ہورہی ہے۔ مشیر خزانہ نے تاجروں کو جواب دیا کہ ڈالر کے ریٹ کنٹرول کرنےکی ذمہ داری حکومت کی نہیں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی ہے۔

    مزید پڑھیں: بجٹ میں ٹیکس کا بوجھ کم کرنےکی کوشش کریں گے، وزیرخزانہ

    قبل ازیں گورنر سندھ سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عبد الحفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف پروگرام میں جانامشکل فیصلےکی ایک کڑی ہے، غیرملکی ذخائر دس ملین ڈالرسےبھی کم ہوچکے، حکومت نے معاشی حالات کی بہتری کے لیے کئی اہم فیصلےکیے ہیں، اس ضمن میں کوشش ہے کہ غریب یا متوسط طبقہ اس کی زد میں نہ آئے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ ورلڈبینک اورایشین بینک سےبھی دو سے3ارب ڈالرقرض ملنے کا امکان ہے، کوشش کررہے ہیں بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کا عام آدمی پر کوئی اثر نہ پڑے، حکومت اخراجات کم کرکےخسارہ کم کرنےکی کوشش کررہی ہے۔

  • اوپن مارکیٹ میں ڈالر 146 روپے کی بلند ترین سطح پرپہنچ گیا

    اوپن مارکیٹ میں ڈالر 146 روپے کی بلند ترین سطح پرپہنچ گیا

    کراچی :اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی اور ڈالر دو روپے پچیس پیسے اضافے کے ساتھ ایک سو چھیالیس روپے پچیس پیسے ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق اوپن مارکیٹ میں روپے کی قدر میں مزید کمی ریکارڈ کی گئی ، اوپن مارکیٹ میں ڈالر 2.25 روپے مہنگاہوا، جس کے بعد ڈالر ملکی تاریخ کی بلند سطح 146 روپے25 پیسے پر پہنچ گیا۔

    ٹریڈنگ کے آغاز پر انٹربینک میں روپے کی قدر میں استحکام دیکھنے میں آیا ، انٹربینک میں ڈالر 141روپے 39 پیسے پر ہی ٹریڈ کرتے ریکارڈ کیا گیا۔

    ایکسچینج کرنسی ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ پاکستان کا آئی ایم ایف کے پاس جانا ڈالر کی قیمت میں اضافے کی وجہ ہے۔

    ماہرین معاشیات کا کہنا ڈالر کی قیمت میں مسلسل اضافہ اور روپے کی قدر میں ہونے والی مسلسل کمی باعث تشویش ہے کیونکہ ڈالر کی قیمت میں اضافے سے ملک میں مہنگائی کا نیا طوفان آنے کا خدشہ ہے۔

    یاد رہے 3 روز قبل مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے تصدیق کی تھی کہ پاکستان کا عالمی مالیاتی فنڈ سے معاہدہ طے ہوگیا، آئی ایم ایف تین سال کے لیے پاکستان کو 6 ارب ڈالر دے گا جبکہ عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک سے بھی تین ارب ڈالرز کا قرض ملنے کا امکان ہے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ پچھلےسال ایکسپورٹ اورامپورٹ میں 20ارب ڈالر کا فرق تھا، پاکستان آئندہ 2سال میں ریزرو 50فیصد گرے، آئی ایم ایف عالمی ادارہ ہےجواپنےرکن ملکوں کی مشکل میں مدد کرتاہے، آئی ایم ایف کے پاس جانے میں فوائد نظرآرہےہیں، مزیداضافی 2سے 3ارب ڈالر کم شرح سود پر ملے تو سرکلرڈیٹ میں بہتری آئے گی۔

    مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ بجلی کی قیمت بڑھتی ہے تو 300یونٹ سے کم صارفین پر کوئی اثر نہیں پڑےگا، 75فیصدصارفین 300یونٹ سے کم بجلی استعمال کرتے ہیں، الیکٹرک پر سبسڈی کیلئے 50ارب روپےاضافی رکھے جارہےہیں جبکہ سوشل سیفٹی نیٹ میں 180ارب روپےاضافی رکھے جارہےہیں، سوشل سیفٹی نیٹ میں حکومت کا احساس پروگرام بھی شامل ہے۔

    گذشتہ روز وفاقی کابینہ نے ایسیٹ ڈیکلیریشن اسکیم کی منظوری دی تھی ، جس کے بعد صدرعارف علوی نے ایسیٹ ڈیکلیریشن اسکیم کے آرڈیئننس پردستخط کردیے ہیں۔

  • گوادر سانحے میں پاک بحریہ کے شہید کمانڈو کی سرکاری اعزاز کے ساتھ تدفین

    گوادر سانحے میں پاک بحریہ کے شہید کمانڈو کی سرکاری اعزاز کے ساتھ تدفین

    کراچی : پی سی ہوٹل گوادر میں انسداد ِدہشت گردی آپریشن میں شہید ہونے والے پاک بحریہ کے شہید کمانڈو محمد عباس خان کو پورے عسکری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا، پاک بحریہ کے دستے نے شہید کو اعزازی سلامی پیش کی۔

    تفصیلات کے مطابق پی سی ہوٹل گوادر میں انسداد ِدہشت گردی آپریشن کے دوران دہشت گردوں کا جواں مردی سے مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے پاک بحریہ کے ایس ایس جی کمانڈو محمد عباس خان کی نمازِ جنازہ کراچی میں ادا کی گئی جبکہ آخری رسومات اْن کے آبائی گاوں ہری پور میں ادا کی گئیں۔

    پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے شہداء کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے شہداء کے اہلِ خانہ کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ قومی دفاع کو مستحکم کرنے اور ملک میں دہشت گردی کو روکنے میں شہداء کی قربانیاں لائقِ تحسین ہیں۔

    کراچی میں نماز ِجنازہ میں گورنر سندھ عمران اسماعیل اور پاک بحریہ کے کمانڈر کوسٹ ، کمانڈر کراچی ، کمانڈر پاکستان فلیٹ اور کمانڈر لاجسٹکس شامل تھے ، نے شرکت کی۔

    اسپیشل سروس گروپ (نیوی )کے شہید عباس خان کی آخری رسومات ان کے آبائی گاوں میں ادا کی گئیں اور ان کو پورے عسکری اعزازکے ساتھ سپر د خاک کیا گیا۔

    پاک بحریہ کے سربراہ کی طرف سے شہید کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی۔ شہید کی آخری رسومات میں نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد اور نارتھ کمانڈ کے اعلیٰ آفیسرز نے شرکت کی۔

  • چیئرمین ایف بی آر کا پہلا حکم جاری، بغیر اطلاع اکاؤنٹس منجمد کرنے پر پابندی عائد

    چیئرمین ایف بی آر کا پہلا حکم جاری، بغیر اطلاع اکاؤنٹس منجمد کرنے پر پابندی عائد

    اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے اعزازی چیئرمین تعینات ہونے والے شبر زیدی نے عہدہ سنبھالتے ہی پہلا حکم نامہ جاری کردیا جس کے تحت اب ایف بی آر کسی بھی شخص کے بینک اکاؤنٹ کو بغیر اطلاع کے منجمد نہیں کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق نئے اعزاری چئیرمین ایف بی آر شبر زیدی نے عہدہ سنبھالنے کے بعد  کا پہلا حکم نامہ جاری کردیا جس میں تمام چیف کمشنز،لارج ٹیکس یونٹ اور آر ٹی یو کو ہدایت جاری کی گئی۔

    ایف بی آر کی جانب سے جاری ہدایت نامے کے مطابق شبر زیدی نے ٹیکس وصولی کے لئے بینک اکاونٹس اطلاع کے بغیر منجمد کرنے سے روک دیا جبکہ یہ بھی ہدایت کی کہ کسی بھی اکاؤنٹ کو بند کرنے سے 24 گھنٹے قبل متعلقہ شخص کو ایف بی آر آگاہ کرے گا۔

    حکم نامے میں بتایا گیا ہے کہ اکاونٹس منجمد کرنے کے لئے چئیرمین ایف بی آر کی منظوری لازمی ہوگی اس کے بغیر کوئی بھی کھاتہ بند نہیں کیا جاسکے گا۔

    مزید پڑھیں: ٹیکس دہندگان کو ہراساں کرنے کاکلچر ختم ہوگا، چیئرمین ایف بی آر

    بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شبر زیدی کا کہنا تھا کہ ’کمیٹی یا کسی ادارے کا اکاؤنٹ بند کرنے سے قبل انہیں آگاہ نہیں کیا جائے گا، نئے حکم نامے کا اطلاق عام ٹیکس فائلر پر ہوگا‘۔ اُن کا کہنا تھا کہ ایف بی آر اور دیگر فریقین کے درمیان تنازع کی صورت میں ادارے کے پاس بینک اکاؤنٹ منجمد کرنے کا قانونی اختیار ہوتا ہے۔

  • سونے کی فی تولہ قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ

    سونے کی فی تولہ قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ

    کراچی / اسلام آباد: عالمی بلین مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں 2 ڈالر کا اضافہ ہوا جس کے منفی اثرات مقامی صرافہ بازاروں پر بھی نظر آئے۔

    تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران سونے کی فی اونس قیمت میں 2 ڈالر کا اضافہ ہوا جس کے بعد فی اونس قیمت 1286 ڈالر تک پہنچ گئیں۔ جیولرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد ارشد کے مطابق عالمی مارکیٹ میں قیمت زیادہ ہونے کے بعد مقامی صرافہ بازاروں میں سونے کی فی تولہ اور دس گرام قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ دیکھا گیا۔

    سونے کی فی تولہ قیمت میں 1650 روپے جبکہ دس گرام میں 986 روپے کا اضافہ ہوا جس کے بعد بالترتیب فی تولہ کی قیمت 69 ہزار 400 اور دس گرام کی قیمت 59 ہزار 70  روپے تک پہنچیں۔

    کراچی، حیدر آباد، سکھر، ملتان، فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کے صرافہ بازاروں میں سونے کی لین دین نئے ریٹ کے ساتھ ہوئی۔ دوسری جانب مقامی صرافہ بازاروں میں چاندی کی فی تولہ خرید و فروخت 870 روپے کے ساتھ ہوئی۔ رواں سال شروع ہونے کے بعد سے اب تک سب سے زیادہ قیمتیں آج کے دن بڑھیں۔

    یاد رہے کہ 2 مئی کو عالمی بلین مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت میں 15 ڈالر کمی ریکارڈ کی گئی جس کے مثبت نتائج مقامی صرافہ بازاروں پر بھی نظر آئے تھے۔ مقامی صرافہ بازاروں کی فی تولہ اور دس گرام کی قیمتوں میں بالترتیب 900 اور 770 روپے کمی ہوئی تھی۔

  • بیرون ملک سے پاکستانیوں کی ترسیلات زرمیں اضافہ

    بیرون ملک سے پاکستانیوں کی ترسیلات زرمیں اضافہ

    کراچی: مالی سال 19ءکے دسویں مہینے میں بیرون ملک مقیم پاکستانی شہریوں نے 17.9 ارب ڈالر کی ترسیلات بھیجیں، گزشتہ سال کی نسبت اس شرح میں 84.5 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔

    تفصیلات کے مطابق بیرون ملک مقیم پاکستانی شہریوں نے مالی سال 19ء کے دسویں مہینے (جولائی تا اپریل ) میں 17,875.23ملین امریکی ڈالر وطن بھجوائے جو گذشتہ برس کی اسی مدت میں موصول ہونے والے 16,481.82ملین ڈالر کے مقابلے میں 8.45 فیصد نمو کو ظاہر کرتا ہے۔

    اپریل 2019ء میں کارکنوں کی ترسیلات زر کی مالیت 1,778.90 ملین ڈالر رہی جومارچ 2019ء کے مقابلے میں 2 فیصد زائد جبکہ اپریل 2018ء کے مقابلے میں6 فیصد زیادہ ہے۔

    اپریل 2019ء کی تفصیلات سے پتہ چلتا ہے کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، امریکہ، برطانیہ، خلیج تعاون کونسل کے ملکوں(بشمول بحرین، کویت، قطر اور عمان) اور یورپی یونین کے ملکوں سے بالترتیب 427.82 ملین ڈالر،372.43 ملین ڈالر،269.56 ملین ڈالر،280.02 ملین ڈالر، 175.44 ملین ڈالر اور 48.19 ملین ڈالر پاکستان بھجوائے گئے۔

    اپریل 2018ء میں ان ملکوں سے آنے والی رقوم بالترتیب 399.56ملین ڈالر،362.4 ملین ڈالر، 250.91 ملین ڈالر،245.85ملین ڈالر، 167.68ملین ڈالر اور 54.75 ملین ڈالر تھیں۔

    اپریل 2019ء میں ملائشیا، ناروے، سوئٹزر لینڈ، آسٹریلیا، کینیڈا، جاپان اور دیگر ملکوں سے آنے والی ترسیلات زر مجموعی طور پر 205.43 ملین ڈالر رہیں جبکہ اپریل 2018ء میں ان ملکوں سے192.72ملین ڈالر موصول ہوئے تھے۔

  • وزارتِ مذہبی امور نے رواں سال کے لیے زکوٰۃ کا نصاب مقرر کردیا

    وزارتِ مذہبی امور نے رواں سال کے لیے زکوٰۃ کا نصاب مقرر کردیا

    کراچی: وزارتِ مذہبی امور نے رواں اسلامی سال 1440 ہجری کے لیے زکوٰۃ کا نصاب 44ہزار 415 روپے مقرر کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت مذہبی امور نے رواں اسلامی سال کے لیے زکوٰة کا نصاب 44ہزار 415 روپے مقرر کیا جبکہ گزشتہ برس نصاب 35 ہزار 5 سو 57 روپے مقرر کیا گیا تھا۔

    وزارت مذہبی امور کی جانب سے زکوۃ کا نصاب مقرر کرنے کے بعد اسٹیٹ بینک نے اعلان کیا ہے کہ سیونگ اکاؤنٹس رکھنے والے صارفین کے کھاتوں سے ڈھائی فیصد رقم زکوۃ کی مد میں کٹوتی کی جائے گی۔

    اسٹیٹ بینک آف پاکستان نےماہِ رمضان میں تمام بینکوں کے اوقات کارتبدیل کردیے،ماہ رمضان میں بینک پیرتاجمعرات صبح 10 بجے سے لے کر دوپہر 2 بجے تک ہوں گے جس میں دورانِ نماز وقفہ دیا جائے گا اسی طرح جمعےکے روز بینک صبح 9 بجے سے دوپہر 1 بجے تک بغیر کسی وقفے کے تمام بینکس کھلے رہیں گے۔

    بینک دولت پاکستان کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق یکم رمضان المبارک کو عام تعطیل ہوگی اور تمام بینکس عوام کے لیے بالکل بند رہیں گے۔

  • سونے کی قیمتوں میں نمایاں کمی

    سونے کی قیمتوں میں نمایاں کمی

    کراچی / اسلام آباد: عالمی بلین مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت میں 15 ڈالر کمی ریکارڈ کی گئی جس کے مثبت نتائج مقامی صرافہ بازاروں پر بھی نظر آئے۔

    تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران سونے کی فی اونس قیمت میں 15 ڈالر کی کمی ہوئی جس کے بعد فی اونس قیمت 1270 ڈالر تک پہنچیں۔ جیولرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد ارشد کے مطابق عالمی مارکیٹ میں قیمت کم ہونے کے بعد مقامی صرافہ بازاروں میں سونے کی فی تولہ اور دس گرام قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھی گئی۔

    سونے کی فی تولہ قیمت میں 900 روپے جبکہ دس گرام میں 770 روپے کی کمی ہوئی جس کے بعد بالترتیب فی تولہ کی قیمت 68 ہزار اور دس گرام کی قیمت 58 ہزار تین سو روپے تک پہنچیں۔ کراچی، حیدر آباد، سکھر، ملتان، فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کے صرافہ بازاروں میں سونے کی لین دین نئے ریٹ کے ساتھ ہوئی۔ دوسری جانب مقامی صرافہ بازاروں میں چاندی کی فی تولہ خرید و فروخت 870 روپے کے ساتھ ہوئی۔

    مزید پڑھیں: سونے کی قیمتیں فی تولہ 68ہزار 900 پر مستحکم

    یاد رہے کہ 30 اپریل کو مقامی صرافہ بازاروں میں سونے کی فی تولہ قیمتیں 68 ہزار 900 اور دس گرام 59 ہزار 70 روپے تک پہنچیں تھیں۔  انٹرنیشنل مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران سونے کی قیمت 1285 ڈالر فی اونس پر مستحکم رہیں تھیں جس کے باعث مقامی مارکیٹوں میں بھی قیمتیوں میں کوئی ردوبدل نہیں ہوا تھا۔

    آج 02 مئی 2019 کے نرخ

    فی تولہ قیمت 68،000

    دس گرام قیمت 58،300

    یاد رہے کہ تین روز قبل عالمی بلین مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمتوں میں 5 ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا جس کے بعد مقامی صرافہ بازاروں میں سونے کی فی تولہ قیمت 500 روپے زیاد ہوگئی تھی۔

    واضح رہے کہ 23 اپریل کو انٹرنیشنل مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران سونے کی قیمت میں 6 ڈالر کی کمی ریکارڈ ہوئی جس کے بعد سونے کی قیمت 1278 سے کم ہو کر1272 فی اونس تک پہنچ گئیں تھیں۔ بلین مارکیٹ میں کمی کے بعد مقامی صرافہ بازاروں میں سونے کی لین دین 900 روپے فی تولہ کمی کے ساتھ ہوئی تھی۔ چار روز قبل مارکیٹ میں سونا فی تولہ 68 ہزار 800 جبکہ دس گرام 772 روپے کم ہوکر 58 ہزار 984 روپے تک پہنچا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں: سونے کی قیمتیں فی تولہ 68ہزار 900 پر مستحکم

    یہ بھی یاد رہے کہ 13 روز قبل بلین مارکیٹ میں 03 ڈالر اضافے کے بعد قیمت فی اونس 1291 تک پہنچ گئیں تھیں، 23 اپریل سے قبل گزشتہ دس روز میں ٹریڈنگ کے دوران قیمتیں کم ہوئیں اور مجموعی طور پر 19 ڈالر کم ہوئے۔

    پاکستان کے صرافہ بازاروں میں 13 اپریل کو سونے کی فی تولہ قیمت 50 روپے اضافے کے بعد 71ہزار 50 جبکہ 10 گرام 43 روپے بڑھ کر 60 ہزار 913 تک پہنچی تھیں۔ جیولیرز ایسوسی ایشن کے مطابق دس روز کے دوران سونے کی فی تولہ قیمتوں میں 2250 روپے کمی ہوئی۔

  • پاک بحریہ کا جہاز پی این ایس شمشیر خصوصی دورے پرعمان پہنچ گیا

    پاک بحریہ کا جہاز پی این ایس شمشیر خصوصی دورے پرعمان پہنچ گیا

    اسلام آباد:پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس شمشیر نے مسقط کی بندرگاہ سلطان قابوس کا دورہ کیا، پاکستان کے دفاعی اتاشی نے پی این ایس شمشیر کا استقبال کیا ۔

    پاک بحریہ کے ترجمان کے مطابق پی این ایس شمشیر ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرول کے سلسلے میں خلیج عرب اور شمالی بحر عرب میں سکیورٹی آپریشنز پر مامور ہے۔جمعرات کو مسقط کی بندرگاہ سلطان قابوس کے دورے پر پہنچا ہے ۔

    ترجمان پاک بحریہ کے مطابق میری ٹائم سکیورٹی آپریشنز کا مقصد بحری تجارتی راہداریوں کو قومی اور عالمی تجارت کیلئے محفوظ اور پر امن بنانا ہے۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ مطابق سلطان قابوس آمد پر پاکستان کے دفاعی اتاشی نے پی این ایس شمشیر کا استقبال کیا۔

    ترجمان پاک بحریہ کے مطابق جہاز کے کمانڈنگ آفیسر نے سید بن سلطان بیس کے کمانڈنگ آفیسر سے ملاقات کی۔ جہاں دونوں اعلیٰ افسران نے ملاقات کے دوران پیشہ ورانہ باہمی دلچسپی کے امور اور خطے میں سیکیورٹی کی صورتحال پر پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    اس موقع پر سلطان آرمڈ فورسز کے آفیسرز جوانوں نے پاک بحریہ کے جہاز کا دورہ کیا۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پی این ایس شمشیر اور رائل نیوی آف عمان کے جہاز النصیر نے مشترکہ بحری مشق میں بھی حصہ لیا۔

    اس حوالے سے پاک بحریہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ میری ٹائم سکیورٹی آپریشنز کا مقصد بحری تجارتی راہداریوں کو قومی اور عالمی تجارت کیلئے محفوظ اور پر امن بنانا ہے۔

  • 27فروری کو دشمن کیخلاف آپریشن سوفٹ ریٹارٹ ہمیشہ یادرکھا جائے گا، ایئر چیف

    27فروری کو دشمن کیخلاف آپریشن سوفٹ ریٹارٹ ہمیشہ یادرکھا جائے گا، ایئر چیف

    اسلام آباد : ایئرچیف مارشل مجاہدانورخان نے کہا 27فروری کو دشمن کیخلاف آپریشن سوفٹ ریٹارٹ ہمیشہ یادرکھا جائے گا، دشمن کو آئندہ کسی بھی جارحیت کا جواب پہلے سے زیادہ سخت دیاجائےگا۔

    تفصیلات کے مطابق ایئرچیف مارشل مجاہدانورخان نے 264ویں ایئراسٹاف پریزنٹیشن کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا 27فروری کو دشمن کیخلاف کارروائی آپریشن سوفٹ ریٹارٹ یادرکھی جائے گی ، پاک فضائیہ نے 27 فروری کودشمن کیخلاف بھرپورجوابی کارروائی کی، ہم اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ شکر بجا لاتے ہیں کہ اللہ نے ہمیں قوم کی توقعات پر پورا اترنے کا موقع فراہم کیا۔

    ایئر چیف کا کہنا تھا ہم حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دورا ن دشمن کی جارحیت کا بروقت اور بھرپور جواب دینے میں کامیاب رہے، بروقت کارروائی عزم و حوصلے اور جواب دینے کی اہلیت کی مثال ہے۔

    مارشل مجاہدانورخان نے کہا پاک فضائیہ کےتمام افراد کو سلام پیش کرتا ہوں، جو ان مشکل حالات میں فارورڈ آپریٹنگ بیسز پر اپنی ذمہ داریاں مثالی عزم و حوصلے ، استقامت اور بہادری سے سرانجام دے رہے ہیں۔

    ایئر چیف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی دشمن کی جانب سے کسی قسم کی جارحیت کا جواب پہلے سے بھی زیادہ سخت انداز سے دیا جائے گا۔

    اس تقریب کے اختتام پر ائیر چیف نے مختلف شعبہ جات میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بیسز میں ٹرافیاں تقسیم کیں۔ ٹریننگ اور فلائٹ سیفٹی میں بہترین کارکردگی کی ٹرافیاں پی اے ایف بیس شہباز کو دی گئیں جب کہ پی اے ایف بیس مصحف اسٹرونگ مین ٹرافی کا حقدار ٹھہرا، گراؤنڈ سیفٹی ٹرافی پی اے ایف بیس پشاور کو عطا کی گئی۔

    پاک فضائیہ میں ہر تین ماہ بعد آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے ائیر سٹاف پریزینٹییشن منعقد کی جاتی ہے، جس میں پرنسپل اسٹاف افسران کے علاوہ فیلڈ کمانڈرز اور ائیر مین شرکت کرتے ہیں۔

    یاد رہے پاک فضائیہ کے سربراہ مجاہد انور خان نے پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں کہا تھا کہ دشمن کی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں اور دشمن کو تنبیہہ کی کہ اگر اس کی طرف سے کوئی جارحیت کی گئی تو یاد رکھے کہ پاک فضائیہ بھرپور جواب دے گی۔

    مزید پڑھیں : دشمن کی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں: ایئر چیف

    واضح رہے 27 فروری کو پاکستانی شاہینوں نے جوابی کارروائی میں دو بھارتی مگ 21 طیارے مار گرائے تھے اور بھارتی پائلٹ کو بھی گرفتار کرلیا تھا، بعد ازاں جذبہ خیر سگالی کے تحت گرفتار پائلٹ کو بھارت کے حوالے کر دیا تھا۔

    جس کے بعد مودی سرکار، بھارتی فوج اور بھارتی میڈیا ڈھٹائی سے لائن آف کنٹرول پر پاکستانی ایف سولہ طیارہ مار گرانے کا دعویٰ کرتے رہے تھے۔

    بھارت نےڈی جی آئی ایس پی آر میجرجنرل آصف غفور نے بھی ایف 16طیارہ گرانے کا بھارتی دعویٰ مسترد کرتے ہوئے کہا تھا بھارتی طیارے گرانے کی کارروائی میں جے ایف17 تھنڈراستعمال کیا گیا۔