Author: انجم وہاب

  • سونے کی فی تولہ اور دس گرام قیمتوں میں کمی

    سونے کی فی تولہ اور دس گرام قیمتوں میں کمی

    کراچی / اسلام آباد: عالمی بلین مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت میں تین ڈالر کمی ہوئی جس کے باعث مقامی صرافہ بازاروں میں فی تولہ کے بھاؤ میں کمی ریکارڈ کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران سونے کی فی اونس قیمت 1291 ڈالر سے کم ہوکر 1288 ڈالر تک پہنچیں، تین ڈالر کمی کے مثبت اثرات مقامی صرافہ بازاروں میں بھی دیکھنے کو ملے۔

    آل پاکستان جیولرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد ارشد کے مطابق مقامی صرافہ بازاروں میں فی تولہ کی قیمت میں 300 اور دس گرام کے بھاؤ میں 256 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

    مزید پڑھیں: سونے کی قیمت تاریخ کی نئی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی، فی تولہ 70700 روپے کا ہو گیا

    اُن کا کہنا تھا کراچی، حیدر آباد، سکھر، ملتان، فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کے صرافہ بازاروں میں سونے کی لین دین 71 ہزار اور دس گرام 60 ہزار 871 روپے سے ہوئی۔

    یاد رہے کہ 6 اپریل کو سامنے آنے والی ہفتہ وار رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتیں کم ہونے کے باوجود مقامی صرافہ بازاروں میں ریٹ بڑھنے کے منفی اثرات نظر آئے اور کاروباری ایام میں سونا مجموعی طور پر فی تولہ 1050 روپے مہنگا ہوا۔

    پاکستان اسٹاک ایکسچینج

    آئی ایم ایف پروگرام میں مثبت پیش رفت کے باعث پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی دیکھی گئی اور 100 انڈیکس 550 پوائنٹس اضافے کے بعد 37ہزار 337 پوائنٹس پر بند ہوا۔

    یہ بھی پڑھیں: ہفتہ وار رپورٹ، سونے کی قیمت میں 1050 روپے اضافہ، اوپن مارکیٹ میں ڈالر 50 پیسے مہنگا

    ٹریڈنگ کے دوران 100 انڈیکس میں 1.47 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ماہرین کے مطابق آئی ایم ایف کی جانب سے گرین سگنل ملنے کے بعد سرمایہ کاروں نے مارکیٹ میں پیسہ لگایا۔

    انٹر بینک / ڈالر

    فاریکس ڈیلرز کے مطابق انٹر بینک میں ڈالر 1 پیسے اضافے سے 141.39 روپے پر بند ہوا۔

  • پاک بحریہ کا اعزاز، کثیرالقومی ٹاسک فورس کی کمانڈ 11 ویں بار سنبھال لی

    پاک بحریہ کا اعزاز، کثیرالقومی ٹاسک فورس کی کمانڈ 11 ویں بار سنبھال لی

    کراچی: پاک بحریہ نے سمندری راستے سے دہشت گردی کی روک تھام کے لیے بنائی جانے والی کثیرالقومی ٹاسک فورس 150 کی کمانڈ مسلسل گیارہویں بار سنبھالنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔

    پاک بحریہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے کثیرالقومی ٹاسک فورس کی کمانڈ 11ویں مرتبہ سنبھال لی جس کی سربراہی کمو ڈور علویر احمد نور کریں گے، کمانڈ کی تبدیلی کے حوالے سے تقریب کا انقعاد بحرین میں واقع ہیڈکوارٹرز یوایس نیوسینٹ میں ہوا۔ ترجمان پاک بحریہ کا کہنا تھا کہ  خطے میں امن و استحکام کے قیام میں پا ک بحریہ کے عزم کے باعث اتحادی بحری افواج سے تعلقات مسلسل مضبوط ہورہے ہیں۔

    مزید پڑھیں: پاک بحریہ کا اعزاز، کثیرالقومی ٹاسک فورس کی کمانڈ 10 ویں مرتبہ سنبھال لی

    اُن کا کہنا تھا کہ کمبائنڈ ٹاسک فورس 150کی کمانڈ کا پاکستان کو گیارہویں بار سونپا جانا اتحادی فورسز کا پاکستان نیوی کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور مہارتوں پر اعتماد کا مظہر ہے۔ واضح رہے کہ کثیرالقومی ٹاسک فورس میری ٹائم سیکیورٹی کے زیر نگرانی اپنے فرائض انجام دیتی ہیں اور یہ بحری قذاقی سمیت سمندر میں دہشت گردی کی روک تھام کو یقینی بناتی ہیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ برس 18 اگست 2017 کو پاک بحریہ نے دسویں بار کثیرالقومی ٹاسک فورس کی کمانڈ سنبھالی تھی، ٹاسک فورس کی سربراہی کمانڈر ریئر ایڈمرل نوید احمد رضوی کو سونپی گئی تھی۔

  • پاکستان میں سمندر میں تیل و گیس کے ذخائر کی تلاش میں بڑی کامیابی

    پاکستان میں سمندر میں تیل و گیس کے ذخائر کی تلاش میں بڑی کامیابی

    اسلام آباد : پاکستان میں سمندر میں تیل و گیس کے ذخائر کی تلاش میں بڑی کامیابی مل گئی ، ڈرلنگ کا کام آخری مراحل میں داخل ہوگیا ہے ، ایگزون موبل حاصل نتائج کی رپورٹ وزیر اعظم کوپیش کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کی ساحلی پٹی پر جاری کیکڑاا ون پروجیکٹ میں اہم پیش رفت سامنے آئی ، اصل ذخایر کیلئے جاری ڈرلنگ کا کام آخری مراحل میں داخل ہوگیا ہے ، ڈرلنگ کا کام 5ہزار میٹر تک مکمل کرلیاگیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے وزیراعظم تک رپورٹ پہنچانے کی تیاریاں کرلی گئی ہے، ایگزون موبل حاصل کردہ نتائج کی رپورٹ وزیر اعظم کو پیش کرے گی۔

    کھدائی میں مدر رگ شپ ( سکس جنریشن الٹرا) اور سپلائی ویسلز نےکام سرانجام دیا گیا ، ایگزون موبل کے ساتھ پی پی ایل، اوجی ڈی سی ایل اورای این آئی ڈرلنگ کے عمل میں شریک ہیں۔

    گذشتہ روز توانائی سیکٹر کےعالمی تحقیقاتی ادارےریسٹاڈ انرجی نےرپورٹ جاری کی تھی ، جس میں کہا گیا تھا پاکستان کےسمندرسےممکنہ دریافت3بڑی متوقع تیل دریافتوں میں شامل ہیں جبکہ دیگر دو بڑی دریافتیں میکسیکو اور برازیل میں ہونے کا امکان ہے۔

    پاکستان کے آف شور تیل کے کنویں سےڈیڑھ ارب بیرل پیداوارمتوقع ہے، تینوں دریافتیں2014سےاب تک کی سب سےبڑی دریافت ہوں گی۔

    مزید پڑھیں : تیل و گیس کے ذخائر: چند دنوں میں قوم کو بڑی خوشخبری ملنے والی ہے، عمران خان

    یاد رہے وزیراعظم عمران خان نے بھی صحافیوں کے ساتھ ملاقات میں کہا تھا چند دنوں میں قوم کو بڑی خوشخبری ملے گی، ماہرین معدنیات کراچی میں زیر سمندر تیل اور گیس کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں، امید ہے تین ہفتوں کے بعد تیل اور گیس کا ذخیرہ دریافت ہو جائے گا اور ہم قوم کو خوشخبری دیں گے۔

    انہوں نے اپیل کی کہ قوم بھی اس کی کامیابی کئیے دعا کرے، یہ دریافت ملک کی تقدیر بدل دے۔

    گزشتہ سال پاکستان تقریبا 17ارب ڈالر تیل کی امپورٹ پر خرچ کرچکا ہے۔

  • کمانڈر ترک فضائیہ کی ائیر چیف مارشل مجاہد انور سے ملاقات

    کمانڈر ترک فضائیہ کی ائیر چیف مارشل مجاہد انور سے ملاقات

    اسلام آباد: کمانڈر ترک فضائیہ جنرل حسن کیچی کاکیاز نے ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا اور پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان سے ملاقات کی۔

    تفصیلات کے مطابق کمانڈر ترک فضائیہ جنرل حسن کیچی کاکیاز نے اپنے وفد کے ہمراہ ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا۔ ایئر ہیڈ کوارٹرز آمد پر پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔ پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔

    معزز مہمان نے پاک فضائیہ کے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے یادگارِ شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔

    بعد ازاں کمانڈر ترک فضائیہ نے پاک فضائیہ کے سربراہ سے ان کےدفتر میں ملاقات کی اور اس دوران علاقائی سلامتی اور باہمی تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ترک کمانڈر نے پاک فضائیہ کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہتے ہوئے حالیہ سالوں میں پاک فضائیہ کی خود انحصاری کے میدان میں غیر معمولی ترقی کی تعریف کی۔

    اس موقع پر پاک فضائیہ کے سربراہ نے کہا کہ دونوں برادر ممالک کے درمیان غیر متزلزل تعلقات اس بات کے غماز ہیں کہ ترکی نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستا ن کا ساتھ دیا ہے۔

    دونوں معزز شخصیات نے فضائی افواج کے درمیان بے مثال دوستانہ تعلقات کو نئی جہتوں سے روشناس کروانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

  • کراچی میں کچرے سے 50 میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کا منصوبہ

    کراچی میں کچرے سے 50 میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کا منصوبہ

    کراچی: وزیرِ توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ نے محکمے کے افسران کو کراچی میں کچرے سے 50 میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کے منصوبے کو جلد از جلد قابل عمل بنانے کی ہدایت کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر توانائی سندھ نے اپنے دفتر میں منعقدہ ایک اجلاس میں کہا کہ کراچی میں کچرے سے پچاس میگا واٹ بجلی کے منصوبے کی فیزیبلٹی کو جلد از جلد مکمل کر کے پروجیکٹ پر کام شروع کیا جائے۔

    وزیر توانائی نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے اس منصوبے کی کام یابی کے بعد نئے سرمایہ کار آگے آئیں گے اور کچرے سے بجلی بنانے کے منصوبوں میں سرمایہ لگائیں گے۔

    امتیاز شیخ کا کہنا تھا کہ منصوبے سے سے نہ صرف بجلی حاصل ہوگی بلکہ کراچی میں کچرے کو ٹھکانے لگا کر شہر کو صاف ستھرا کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

    دریں اثنا، اجلاس کو بتایا گیا کہ کراچی میں پیدا ہونے والے کچرے سے 300 سے 400 میگا واٹ بجلی بنائی جا سکتی ہے، فی الحال 50 میگا واٹ بجلی بنانے کے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے اس منصوبے کی ٹیکنو اکنامک فیزیبیلٹی تکمیل کے مراحل میں ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاکستان میں اب کچرے سے بھی بجلی بنے گی

    پروجیکٹ کی منظوری اور کام یابی کے بعد نجی شعبے کے سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی ہوگی اور کچرے سے 400 میگا واٹ بجلی بنانے کے منصوبے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ یا نجی شعبے کے تحت شروع ہو سکیں گے۔

    اجلاس میں لانڈھی بھینس کالونی میں گوبر سے بائیو گیس بنانے کے منصوبے پر کام کی ہدایات بھی دی گئیں تا کہ سمندر کو آلودہ کرنے کا باعث بننے والا گوبر ضایع نہ ہو اور اس سے بھی سستی گیس حاصل کی جا سکے۔

    وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ نے محکمہ توانائی کے افسران کو ہدایات دیں کہ بھینس کالونی میں گوبر سے گیس بنانے کے منصوبے کو بھی جلد تیار کیا جائے۔

  • رمضان میں متوقع مہنگائی، مہنگی اشیا فروخت کرنے والوں کے خلاف روزانہ کارروائی کا فیصلہ

    رمضان میں متوقع مہنگائی، مہنگی اشیا فروخت کرنے والوں کے خلاف روزانہ کارروائی کا فیصلہ

    کراچی: رمضان المبارک میں مہنگائی کنٹرول کرنے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں مہنگی اشیائے خور و نوش فروخت کرنے والوں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کارروائی کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق رمضان میں مہنگائی کنٹرول کرنے کے حوالے سے سندھ حکومت کا اجلاس ہوا۔ اجلاس کی صدارت وزیر برائے زراعت، سپلائی اور پرائسز محمد اسماعیل راہو نے کی۔

    اجلاس میں سیکریٹری زراعت، سندھ کے تمام ڈی سیز، چیئرمین مارکیٹس کمیٹیز اور پرائسز کنٹرول کے افسران شریک ہوئے۔ اجلاس میں اشیائے خور و نوش کی قیمتوں کے تعین کے حوالے سے لائحہ عمل تیار کرلیا گیا۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بیورو سپلائی اور پرائسز روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں کی لسٹ جاری کریں گی، محکمہ پرائسز رمضان میں چینی، گوشت، آٹا، مچھلی، دودھ اور دیگر اشیائے خور و نوش کی قیمتیں مقرر کرے گا۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سبزیاں مہنگی فروخت کرنے والوں کے خلاف مارکیٹ کمیٹی کے چیئرمینز اور ڈی سی مل کر کارروائی کریں گے۔

    اسماعیل راہو کا کہنا تھا کہ اشیائے خور و نوش کی قیمتیں محکمہ پرائسز، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز مقرر کرتے ہیں۔ رمضان میں روزانہ ہنگامی بنیادوں پر کارروائی کی جائے گی۔ کراچی میں سبزی اور فروٹس کی قیمتوں کی لسٹ روزانہ نکلتی ہے۔

    اسماعیل راہو نے ہدایت کی کہ جہاں جہاں عوام شکایت کرے فوراً متعلقہ ادارے وہاں کارروائی کریں۔ انہوں نے پرائز لسٹ تمام دکانداروں اور ڈیلروں کو فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔

    اجلاس میں کراچی سمیت سندھ بھر میں سستے بچت بازار لگانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ افسران نے شکایت کی کہ کورنگی میں ڈپٹی کمشنر بچت بازار ختم کر رہے ہیں جس پر اسماعیل راہو نے کہا کہ کراچی میں کوئی بچت بازار بند نہیں ہوگا۔

    اجلاس میں مہنگائی پر کنٹرول کے لیے سندھ کے تمام ڈسٹرکٹس میں شکایتی مراکز قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا، شکایتی مراکز میں ڈی سیز، پرائسز اور مارکیٹ کمیٹی کے ارکان بیٹھیں گے۔ متعلقہ افسران کو مہنگی اشیائے خور و نوش فروخت کرنے والوں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کارروائی کرنے کا حکم بھی دے دیا۔

  • حکومت کی معاشی اصلاحات کے ثمرات دو برس بعد سامنے آئیں گے، ورلڈ بینک کی رپورٹ

    حکومت کی معاشی اصلاحات کے ثمرات دو برس بعد سامنے آئیں گے، ورلڈ بینک کی رپورٹ

    اسلام آباد: ورلڈبینک نے جنوبی ایشیا کی معاشی صورتحال کے حوالے سے رپورٹ جاری کردی جس میں بتایا گیا کہ ہے کہ حکومت پاکستان کے اقدامات کی وجہ سے تجارتی خسارے میں اگلے مالی سال سے کمی جبکہ معاشی اصلاحات کے ثمرات دو برس بعد آنا شروع ہوں گے۔

    ورلڈ بینک کی جانب سے جاری ہونے والی رپورٹ میں جنوبی ایشیا کے تمام ممالک کی گزشتہ چند برسوں کی معاشی صورتحال کا ذکر کیا گیا جس کی بنیاد پر ماہرین نے مستقبل کا تجزیہ کیا۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ حکومتی اخراجات میں کمی،شرح سودبڑھنےسےمقامی طلب میں کمی ہوئی اور رواں مالی کے دوران سال پاکستان کی شرح نمو3.4فیصد رہی جبکہ آئندہ سال 2.7فیصدرہےگی۔

    مزید پڑھیں: وزیر اعظم عمران خان کی ورلڈ بینک کو مختلف شعبوں میں شراکت داری کی پیش کش

    ورلڈ بینک کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کی آئندہ مالی سال میں خدمات کےشعبےمیں ترقی کی رفتار4.4فیصدرہےگی جبکہ گزشتہ برس یہ 6.4فیصدتھی، اسی طرح زراعت اورصنعت کے شعبوں میں بھی ترقی کی رفتار سست رہنے کا اندیشہ ہے۔

    ماہرین کے مطابق حکومتی اقدامات کی وجہ سےتجارتی خسارےمیں اگلےمالی سال سےکمی شرح نمو 4 فیصد ہوگی جبکہ معاشی اصلاحات کے ثمرات 2021 میں  نظر آئیں گے، آئندہ برس ترسیلات زرمیں اضافےکےباعث کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کم ہوگا۔

    ورلڈ بینک نے تجویز دی ہے کہ پاکستان کو معاشی شرح نمو بڑھانے کے لیے سرمایہ کاری، پیدوار کی ضرورت ہے جس کے لیے حکومت کو ریگولیٹری ماحول کو بہتر بنانا ، کاروباری لاگت میں کمی اور ٹیکس اصلاحات کرنا ہوں گی۔

  • ہفتہ وار رپورٹ، سونے کی قیمت میں 1050 روپے اضافہ، اوپن مارکیٹ میں ڈالر 50 پیسے مہنگا

    ہفتہ وار رپورٹ، سونے کی قیمت میں 1050 روپے اضافہ، اوپن مارکیٹ میں ڈالر 50 پیسے مہنگا

    کراچی: انٹرنیشنل بلین مارکیٹ میں رواں ہفتے کے اختتام تک سونے کی قیمتوں میں کمی کے باوجود مقامی صرافہ بازاروں میں بھاؤ اوپر کی طرف گئے اور پاکستانی تاریخ میں قیمت بلند ترین سطح تک پہنچی۔

    تفصیلات کے مطابق سونے کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق عالمی بازار میں کاروباری ہفتے کے پانچ روز میں سونے کی قیمت میں 4 ڈالرز کی قیمت ہوئی جس کے بعد ریٹ 1288 ڈالر فی اونس تک پہنچا۔

    عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتیں گرنے کے باوجود مقامی صرافہ بازاروں میں منفی اثرات نظر آئے اور رواں ہفتے کے دوران سونا مجموعی طور پر فی تولہ 1050 روپے مہنگا ہوا۔

    ایک ہفتے کے دوران فی تولہ سونے کی قیمت بلند ترین سطح 72 ہزار 200 روپے تک پہنچی جبکہ کاروباری ہفتے کے اختتام پر قیمت 71 ہزار 600 روپے پر بند ہوئی۔

    مزید پڑھیں: سونے کی قیمت تاریخ کی نئی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی، فی تولہ 70700 روپے کا ہو گیا

    ایک ہفتے کے دوران 10 گرام سونے کی قیمت 900 روپے زیادہ ہوئی جس کے بعد بھاؤ 60 ہزار 485 روپے سے بڑھ کر 61 ہزار 385 پر بند ہوئے۔ ہفتہ وار مارکیٹ بند ہونے تک فی تولہ سونے کی قیمت 71 ہزار 600 اور 10 گرام 61 ہزار 385 تک پہنچی۔

    ڈالر /ہفتہ وار رپورٹ

    کاروباری ہفتے کے دوران انٹر بینک میں ڈالر 41 پیسے مہنگا ہوکر 141 روپے 30 پیسے تک پہنچا، اسی طرح اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں 50 پیسے اضافہ ہوا جس کے بعد قیمت 143 روپے تک پہنچی۔

  • ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کرنے والی کمپنیوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا آغاز

    ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کرنے والی کمپنیوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا آغاز

    اسلام آباد : حکومت نے ادویات کی قیمتوں میں ازخود اضافہ کرنے والی کمپنیوں کیخلاف آج سے کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیا، اس سلسلے میں ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے صوبائی دفاترکو مراسلہ ارسال کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے بعض دوا ساز کمپنیوں کی جانب سے ادویات کی قیمتوں میں از خود بلا جواز اضافے پر ایکشن لے لیا، ادویات کی قیمتوں میں غیر قانونی اضافہ کرنے والی کمپنیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا گیا۔ قانون شکن دوا ساز کمپنیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز آج سے ہوگا۔

    ذرائع کے مطابق ادویات کی قیمتوں میں ازخود اضافے کے معاملے پر حکومت کی جانب سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، حکومت نے پہلے مرحلے میں بڑی دوا ساز کمپنیوں پر ہاتھ ڈالنے کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے صوبائی دفاتر کو مراسلہ ارسال کردیا ہے۔

    مراسلے میں کہا گیا ہے کہ قانون شکنوں کے خلاف ہنگامی بنیادوں پر کریک ڈاؤن کیا جائے، ڈریپ نے صوبائی دفاتر کو مہنگی ادویات کی فہرست ارسال کردی ہے، مہنگے ہونے والے سو انجکشنز، گولیوں اور سیرپ کے نام فہرست میں شامل ہیں، ذرائع کے مطابق قانون شکن بیشتر دوا ساز کمپنیوں کا تعلق کراچی اور لاہور سے ہے۔

    ادویات ازخود مہنگی کرنے والوں میں21بڑی کمپنیاں شامل ہیں، بعد ازاں دوسرے مرحلے میں چھوٹی دوا ساز کمپنیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے گا،145چھوٹی بڑی کمپنیاں ادویات ازخود مہنگی کرنے میں ملوث ہیں، مراسلہ میں مزید کہا گیا ہے کہ ڈرگ انسپکٹرز مینوفیکچررز اور ڈسٹری بیوٹرزسے قیمتوں کی تصدیق کریں۔

    قانون شکنوں کے خلاف ڈرگ ایکٹ کے تحت مقدمات درج کئے جائیں، ذرائع کے مطابق سیکڑوں ادویات کی قیمتوں میں ڈھائی سو گنا تک ازخود اضافہ کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ رواں سال دس جنوری کو تمام ادویات پر پندرہ فیصد اضافہ کیا گیا تھا، ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کو تین ماہ بعد ادویات کی قیمتوں میں غیرقانونی اضافے کی یاد آئی، ادویات ساز ادارے اور ادویہ فروش تین ماہ میں تمام طبقے کی عوام جن میں غریب بھی شامل ہیں کروڑوں روپے لوٹ کر کھا گئی،

     ہولسیلرز اور ریٹیل میڈیکل اسٹورز نے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کی جاری کردہ قیمتوں کے خلاف ادویات کی قیمتوں میں سو فیصدسے زائد اضافہ کر دیا گیا۔

    مزید پڑھیں : تمام مریضوں کو مفت ادویات فراہم نہیں کی جاسکتیں، یاسمین راشد

    ادویات کی قیمتوں میں پندرہ فیصد اضافے کے لیے31 دسمبر اور دس جنوری کو دو نوٹی فکیشن جاری کیے تھے، متعدد دوا فروشوں نے پرانی قیمت پر نئی قیمت کا لیبل لگا کر ادویات فروخت کر رہے ہیں۔فیڈرل انسپکٹرآف ڈرگ کو ادویہ ساز اداروں، ہولسیل اور ریٹیل کی سطح پر ادویات کی قیمتیں چیک کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

  • پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے پرکرایوں میں اضافہ نہیں کریں گے، کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد

    پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے پرکرایوں میں اضافہ نہیں کریں گے، کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد

    کراچی : کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ارشاد بخاری کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے پرکرایوں میں اضافہ نہیں کریں گے،حکومت غریب عوام پر رحم کرتے ہوئے اضافے کا فیصلہ واپس لے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ارشاد بخاری نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا پیٹرولیم کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی مزید بڑھے گی، ہماری90فیصدگاڑیاں سی این جی اور10 فیصدڈیزل پرہیں۔

    صدرکراچی ٹرانسپورٹ اتحاد نے مطالبہ کیا حکومت غریب عوام پر رحم کرتے ہوئے اضافے کا فیصلہ واپس لے۔

    یاد رہے حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کیا تھا ، جس کے مطابق پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں چھ چھ روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، نئے نرخوں کے بعد پیٹرول اٹھانوے روپےنواسی پیسےاور ڈیزل ایک سو سترہ روپے تینتالیس پیسے کا ہوگیا۔

    مزید پڑھیں : حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں پھر اضافہ کر دیا

    مٹی کےتیل کی قیمت تین روپے فی لیٹر بڑھ گئی، اب مٹی کا تیل نواسی روپےاکتیس پیسے اور لائٹ ڈیزل اسی روپے چون پیسے فی لیٹر ملےگا جبکہ لائٹ اسپیڈ ڈیزل کی قیمت بھی تین روپے بڑھادی گئی۔

    اوگرا نے پٹرول گیارہ روپے اکیانوے پیسے اورہائی اسپیڈ ڈیزل گیارہ روپے سترہ پیسے بڑھانے جبکہ مٹی کا تیل چھ روپے پینسٹھ پیسےاور لائٹ ڈیزل چھ روپے انچاس پیسے مہنگا کرنے کی تجویز دی تھی۔