Author: انجم وہاب

  • کوسٹ گارڈ کی کارروائی : بس کے خفیہ خانوں سے105کلو چرس برآمد، تین ملزمان گرفتار

    کوسٹ گارڈ کی کارروائی : بس کے خفیہ خانوں سے105کلو چرس برآمد، تین ملزمان گرفتار

    کراچی : پاکستان کوسٹ گارڈ نے کوئٹہ سے کراچی آنے والی مسافر کوچ سے105کلو چرس برآمد کرلی، مسافر کے قبضے سے بھی تین کلو چرس برآمد ہوئی۔ پی سی جی اہلکاروں نے تین ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کوسٹ گارڈ نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے بلوچستان کے علاقے وندر کے قریب واقع ناکہ کھاری چیک پوسٹ پر مسافر کوچ سے 105کلو اعلیٰ کوالٹی کی چرس برآمد کرلی۔

    مذکورہ چرس مسافر کوچ کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی تھی، کوسٹ گارڈ اہلکاروں نے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا، علاوہ ازیں پاکستان کوسٹ گارڈ نے ایک اور کارروائی میں مسافر کوچ میں بیٹھے ایک مسافر کے قبضے سے تین کلو چرس برآمد کرکے گرفتار کرلیا۔

    ملزمان کو قانونی کارروائی کے بعد پولیس کے حوالے کردیا گیا، برآمد ہونے والی چرس کی مالیت عالمی منڈی میں دو کروڑ روپے بتائی جارہی ہے۔

  • کراچی میں جائیدادوں کی منتقلی پر ایف بی آر کو اضافی ٹیکس دینا ہوگا

    کراچی میں جائیدادوں کی منتقلی پر ایف بی آر کو اضافی ٹیکس دینا ہوگا

    کراچی : شہر قائد میں جائیداد مزید مہنگی ہوگئی، ایف بی آر نے جائیداد کی نئی قیمتیں مقرر کردیں، خالی پلاٹس اور بلڈنگ کی ویلیو ایشن میں بیس فیصد تک اضافہ کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف بی آر نے کراچی میں جائیدادوں کی نئی قیمتیں مقرر کردی ہیں، جس کے مطابق خالی پلاٹوں اور عمارتوں کی ویلیو ایشن میں بیس فیصد تک اضافہ کیا گیا ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ اب کراچی کے رہائشیوں کو جائیداد کی منتقلی پر ایف بی آر کو اضافی ٹیکس دینا ہوگا، کراچی کے مختلف علاقوں کی کیٹگریز نو سے بڑھا کر گیارہ کر دی گئی ہیں۔

    باتھ آئی لینڈ، ڈی ایچ اے، محمد علی سوسائٹی اور پی ای سی ایچ ایس کو رہائشی کیٹگری، بوہری بازار، آئی آئی چندریگر روڈ، جوڑیا بازار کو کمرشل کیٹگری میں اے ون پر رکھا گیا ہے۔

  • ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں 6 روپے اضافہ

    ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں 6 روپے اضافہ

    اسلام آباد: اوگرا نے ایل پی جی فی کلو قیمت میں 6 روپے کا اضافہ کردیا، جس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اوگرا کی جانب سے ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں 6 روپے کا اضافہ کردیا گیا ہے، جس کے بعد گھریلو سلنڈر 66 روپے اور کمرشل سلنڈر میں 250 روپے کا اضافہ ہوگیا ہے۔

    اوگرا کے مطابق ایل پی جی کی نئی قیمت 121 روپے فی کلو مقرر ہوگئی ہے، ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 1427 روپے کا ہوگیا ہے۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی کی پیداواری قیمت میں 4776 روپے فی میٹرک ٹن اضافہ کردیا گیا ہے، گزشتہ ماہ ایل پی جی کی پیداواری قیمت 58 ہزار 962 روپے تھی جو اب نئی قیمت کے ساتھ 63 ہزار 728 روپے ہوگئی ہے۔

    دوسری جانب چیئرمین ڈسٹری بیوٹرز عرفان کھوکھر نے ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے کو واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

    یہ پڑھیں: حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا

    واضح رہے کہ گزشتہ روز اوگرا کی سمری پر حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا گیا تھا۔

    پیٹرول کی قیمت میں 59 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، نئی قیمت 90 روپے 38 پیسے مقرر کردی گئی ہے۔

    لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 25 پیسے کمی کی گئی ہے اس کی نئی قیمت 75.03 روپے ہوگئی ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 106.68 روپے فی لیٹر کی قیمت پر برقرار رکھا گیا تھا۔

    مٹی کے تیل کی قیمت میں 73 پیسے فی لیٹر کمی گئی ہے، اس کی نئی قیمت 82.25 روپے مقرر کردی گئی ہے۔

  • کراچی میں ہر سال بریانی فیسٹیول منعقد کرنے کا اعلان

    کراچی میں ہر سال بریانی فیسٹیول منعقد کرنے کا اعلان

    کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ہر سال گورنر ہاؤس میں بریانی فیسٹیول منعقد کرنے کا اعلان کردیا، انہوں نے کہا کہ فیسٹیول کا افتتاح صدر مملکت کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے ظہرانے میں شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ چاول کی برآمدات کو 4 ارب ڈالر تک پہنچانے کے لیے قائم کردہ ٹاسک کو حکومتی سطح پر ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔

    گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ چاول کی برآمدات کا حجم 2 ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے جسے ریپ کے رکن برآمد کنندگان نے از خود 4 ارب ڈالر تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔

    مزید پڑھیں: بریانی ۔ کیسے ہمارے دستر خوان کی زینت بنی؟

    انہوں نے چاول کے برآمد کنندگان کو یقین دلایا کہ تحریک انصاف کی حکومت ہر اس اقدام کی حمایت کرے گی جو ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے۔

    گورنر سندھ نے کہا کہ لوگ درست کہتے ہیں کہ یقیناً ہمیں کرپشن کا کوئی تجربہ نہیں ہے لیکن ہم پاکستان کو ہر سطح کے خسارے سے نکال باہر کرنا چاہتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہم انڈسٹری، کاشتکاروں اور ایکسپورٹرز کو پروان چڑھانا چاہتے ہیں۔ رائس ایکسپورٹرز پاکستان کا کماؤ پوت ہیں جنہیں حکومت اہمیت دیتی ہے اور جلد موجودہ حکومت کی حکمت عملی سے ہونے والی معاشی ترقی نظر آئے گی۔

    گورنر سندھ نے ہر سال گورنر ہاؤس میں بریانی فیسٹیول منعقد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس فیسٹیول کو بین الاقوامی فیسٹیول کا درجہ دیا جائے گا، فیسٹول کا افتتاح صدر مملکت کریں گے۔

  • پاک تھائی فضائیہ سربراہان کی ملاقات، باہمی تعلقات بڑھانے پر اتفاق

    پاک تھائی فضائیہ سربراہان کی ملاقات، باہمی تعلقات بڑھانے پر اتفاق

    اسلام آباد: رائل تھائی لینڈ فضائیہ کے کمانڈر ان چیف ایئرچیف مارشل چیا پُرک دِدیا سارن نے انسداد دہشت گردی آپریشن میں پاک فضائیہ کی کامیابیوں کو سراہا۔

    پاک فضائیہ کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق رائل تھائی لینڈ فضائیہ کے سربراہ ایئرہیڈ کوارٹرز پہنچے جہاں اُن کا استقبال ایئرچیف مارشل اور فضائیہ کے سربراہ مجاہد انور خان نے کیا۔

    پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے تھائی لینڈ کے ایئرچیف کو سلامی پیش کی، بعد ازاں دونوں فضائیہ سربراہان کی ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی اور پیشہ وارانہ امور سمیت علاقائی امن و استحکام کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    اس موقع پر ایئرچیف مارشل مجاہد انور خان نے مہمان کو پاک فضائیہ کے مختلف منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا، دونوں ممالک کے سربراہان نے باہمی تعاون، دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر زور دیا۔

    اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک کے  سربراہان نے دوستانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے پر بھی اتفاق کیا۔

    اس موقع پر رائل تھائی لینڈ فضائیہ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ’پاک فضائیہ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم کامیابیاں حاصل کیں جو قابل تعریف ہیں، پاکستان ایئرفورس پیشہ وارانہ مہارت میں عبور رکھتی ہے‘۔

    یاد رہے کہ رائل تھائی لینڈ فضائیہ کے کمانڈر ان چیف پاک فضائیہ کی دعوت پر پاکستان کے سرکاری دورے پر پہنچے ہیں۔

  • پاکستان کوسٹ گارڈز کی کارروائی، کروڑوں روپے مالیت کی منشیات برآمد

    پاکستان کوسٹ گارڈز کی کارروائی، کروڑوں روپے مالیت کی منشیات برآمد

    کراچی:  پاکستان کوسٹ گارڈز نے مختلف کارروائیوں میں کروڑوں روپے مالیت کی منشیات برآمد کر لی.

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کوسٹ گارڈز نے آج بلوچستان کے علاقے وندر کھاری چیک پوسٹ کے قریب کارروائی کی، جس میں‌ کوئٹہ سے کراچی آنے والی مسافر  وین سے37 کلوگرام حشیش برآمد کر لی.

    ترجمان پوسٹ گارڈز کے مطابق حشیش برآمد کر کے  پانچ ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے، جن سے تفتیش جاری ہے.

    دوسری کارروائی حب کے قریب پھورپوسٹ  کے علاقے میں کی گئی، جس میں شہزور پک اپ سے غیر ملکی شراب کی 160 بوتلیں برآمد کی گئی، جب کہ ملزم گرفتار کر لیا گیا.

    ترجمان کوسٹ گارڈز کے مطابق پکڑی جانے والی مجموعی منشیات کی عالمی مارکیٹ میں مالیت چھ کروڑ  ساٹھ لاکھ روپے سے زاید ہے، برآمد منشیات، دو گاڑیاں اور چھ اسمگلرز کو حراست میں لے کر تفتیش کی جارہی ہے.

    یاد رہے کہ 24 جنوری 2019 کو کراچی پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے منشیات فروش سمیت اسٹریٹ کرائم میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کیا تھا۔

  • جاپانی بحریہ کے دو طیاروں کی پاکستان آمد

    جاپانی بحریہ کے دو طیاروں کی پاکستان آمد

    کراچی: پاک بحریہ کی امن مشقوں کے انعقاد کی پیشگی تیاریوں کے سلسلے میں  جاپانی بحریہ کے دو پی سی تھری فضائی طیاروں نے پاکستان کا دورہ کیا۔

    پاک بحریہ فروری2019 میں چھٹی کثیر الملکی بحری مشق امن2019 کا انعقاد کر رہی ہے،اس تناظر میں جاپانی بحریہ کی میری ٹائم فورس برائے اینٹی پائریسی کے دو  پی سی تھری  جہازوں نے قبل از امن تیاری اور مشترکہ مشقوں کے لئے پی این ایس مہران کا دورہ کیا۔دونوں جہازوں اور ان کے عملے نے پاک بحریہ کے فضائی شعبے کے ساتھ سرچ اینڈ ریسکیو اور کاؤنٹر پائریسی کے علاوہ مختلف مشترکہ مشقوں میں حصہ لیا۔

    جاپانی دستے نے پاکستان میری ٹائم میوزیم اور پی اے ایف میوزیم کا بھی دورہ کیا اور پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کی تاریخی فتوحات اور کامیابیوں کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔کمانڈر نیول ایوی ایشن کی جانب سے جاپانی  پی سی تھری  جہازوں کے عملے کے اعزاز میں ایک الوادعی عشائیے کا بھی اہتمام کیا گیا ،جس میں جاپان کے سینئر افسران اور معززین نے شرکت کی۔

    جاپانی پی سی تھری جہازوں کا دورہ دونوں ممالک کے مابین مشترکہ آپریشنز کی صلاحیتوں کو بڑھانے اور باہمی تعاون کے فروغ کی خواہش کا آئینہ دار ہے۔دورے کا مقصد نہ صرف باہمی تعلقات کو مضبوط بنانا ہے بلکہ جنوبی بحیرہ عرب میں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لئے مشترکہ کاوشوں کو بڑھانا بھی ہے۔علاوہ ازیں جاپانی جہازوں کی بحری مشقوں میں شرکت سے دونوں ممالک کے افسران اور عملے کو سرچ اینڈ ریسکیو اور کاؤنٹر پائریسی میں مشترکہ آپریشنز کی صلاحیتوں اور استعداد کو بڑھانے کا موقع بھی حاصل ہوا۔

    جاپانی پی سی تھری جہازوں کی پاکستان آمد پاک بحریہ اور جاپانی میری ٹائم سیلف ڈیفنس فورس کے مابین میری ٹائم تعاون کا ایک اہم سنگ میل ہے۔جاپانی میری ٹائم سیلف ڈیفنس فورس کے جہازوں کے اس دورے سے دونوں ممالک کی بحری افواج کے مابین تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اور پاکستان اور جاپان کے سفارتی اور دفاعی تعلقات میں ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔

  • مستقبل کے نقطہ نظر سے ہم آہنگی پاک فضائیہ کا طرۂ امتیاز ہے، ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان

    مستقبل کے نقطہ نظر سے ہم آہنگی پاک فضائیہ کا طرۂ امتیاز ہے، ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان

    کراچی : پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے کہا ہے کہ مستقبل کے نقطہ نظر سے ہم آہنگی پاک فضائیہ کا طرۂ امتیاز ہے جو جدید خیالات اور رجحانات سے سیکھنے کے لئے ہمہ وقت تیاررہتی ہے۔

    یہ بات انہوں نے ائیر پاور سینٹر آف ایکسیلنس میں کمبیٹ کمانڈرز اسکول کے51ویں کمبیٹ کمانڈرز کورس کی گریجویشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

    پاک فضائیہ کے سربراہ اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے، گریجویٹ ہونے والے افسران سے خطاب کرتے ہوئے ائیر چیف نے کہا کہ اس تربیت کے بعد آپ کی صلاحیتوں میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے جس سے آپ پاک فضائیہ کی آپریشنل تیاریوں میں اضافے کے لئے مثبت کردار ادا کرسکیں گے۔

    انہوں نے گریجویٹ ہونے والے افسران پر زور دیا کہ وہ اس شاندار ادارے سے حاصل کردہ تجربے اور تربیت کو نوجوان افسران تک منتقل کریں جو پاک فضائیہ کی آپریشنل استعداد کار کے لئے کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ہم دورِ حاضر کے تقاضوں اور جدید تصورات سے بھر پور استفادہ حاصل کرنے کی صورت میں ہی پاک فضائیہ کی کمبیٹ ٹریننگ کو بلند معیار پر قائم رکھ سکتے ہیں۔

    انہوں نے اس موقع پر گریجویٹ ہونے والے افسران میں سرٹیفکیٹ اور اعلیٰ کارکردگی کا مظاہر ہ کرنے والوں میں ٹرافیاں تقسیم کیں۔ بہترین کمبیٹ کمانڈر کی چیف آف دی ائیر اسٹاف ٹرافی اسکواڈرن لیڈر احمد سمیع نے حاصل کی جبکہ بہترین کمبیٹ کنٹرولر کی ائیر آفیسر کمانڈنگ ائیر ڈیفنس کمانڈ ٹرافی اسکواڈرن لیڈر آصف گلزار کو عطا کی گئی۔

    قبل ازیں ائیر چیف کی آمد پر بیس کمانڈر پی اے ایف بیس مصحف ،ائیرکموڈور فواد حاتمی نے ان کا استقبال کیا۔ تقریب میں پرنسپل اسٹاف آفیسرز کے علاوہ پاک فضائیہ کے فیلڈ کمانڈرز نے بھی شرکت کی۔

     

  • بارش زحمت بن گئی، پھلوں اور سبزیوں کی ترسیل متاثر، قیمتوں میں اضافہ

    بارش زحمت بن گئی، پھلوں اور سبزیوں کی ترسیل متاثر، قیمتوں میں اضافہ

    کراچی: بارش زحمت بن گئی، سپر ہائی وے پر واقع سبزی اور فروٹ منڈی میں کچرے اور گندگی کے ڈھیر لگ گئے.

    تفصیلات کے مطابق اندرون ملک بارش اور دھند کی وجہ سے سبزی اور  پھلوں کی ترسیل شدید متاثر ہوئی ہے، جس کے باعث قیمتوں میں اضافہ ہوگیا.

    بارش کا پانی منڈی کی دکانوں اور شیڈز میں داخل ہونے سے آلو، پیاز اور دیگر سبزیاں اور پھل ضایع ہوگئے، جس کے باعث تاجروں کو لاکھوں کا نقصان برداشت کرنا پڑا، کیچڑ اور تعفن سے تجارتی سرگرمیاں معطل ہوگئیں۔

    تاجروں کے مطابق منڈی سے کروڑوں روپے کے محصولات اور کرایہ وصول کیا جاتا ہے، مگر سبزی منڈی کی سڑکوں کی نہ تو مرمت کی گئی، نہ ہی نکاسی آب کا نظام  درست کیا گیا.

    مزید پڑھیں: کراچی میں بارش کے بعد سردی میں اضافہ، بالائی علاقوں میں برفباری کا امکان

    نظام کی خرابی کی وجہ سے سڑکوں بارش کا پانی منڈی میں کھڑا ہوگیا، کاروبار کو شدید نقصان پہنچا، گلے سڑے پھلوں کے ڈھیر لگنے سے تعفن پھیل رہا ہے۔

    تاجروں‌ کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت مارکیٹ کمیٹی اور انتظامیہ کی غفلت کا نوٹس لیتے ہوئے سخت کارروائی کرے اور کروڑوں روپے ٹیکس وصولی کی حساب لیا جائے۔

  • سونے کی فی تولہ اور دس گرام قیمتوں میں کمی

    سونے کی فی تولہ اور دس گرام قیمتوں میں کمی

    کراچی: بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران سونے کی قیمتوں میں فی اونس 2 ڈالر اضافہ ریکارڈ کیا گیا البتہ مقامی صرافہ بازاروں میں فی تولہ اور دس گرام کی قیمتیں کم ہوئیں۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران 2 ڈالر اضافہ ہوا جس کے بعد فی اونس قیمت 1286 ڈالر تک پہنچ گئی۔

    بلین مارکیٹ میں ریٹ بڑھنے کے باوجود مقامی صرافہ بازاروں میں سونے کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد فی تولہ کی قیمت میں 80 اور دس گرام کے بھاؤ میں 50 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

    مزید پڑھیں: سونے کی قیمتوں میں مزید کمی

    چیئرمین آل پاکستان جیولرز ایسوسی ایشن محمد ارشد کے مطابق کاروباری ہفتے کے تیسرے بدھ کے روز کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، فیصل آباد، لاہور، پشاور، اسلام آباد، راولپنڈی اور کوئٹہ کے صرافہ بازاروں میں فی تولہ اور 10 گرام سونے کی خرید و فروخت بالترتیب 67 ہزار 150 روپے اور 57 ہزار 590 روپے کے ساتھ ہوئی۔

    دوسری جانب چاندی کی خرید و فروخت 880 روپے فی تولہ میں ہوئی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی مقامی صرافہ بازاروں میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 130 اور دس گرام میں 100 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا، کاروباری ہفتے کے دوسرے روز سونے کی لین دین بالترتیب 67 ہزار 230 اور 57 ہزار 640 روپے کے ساتھ ہوئی تھی۔

    ایک روز قبل بلین مارکیٹ میں فی اونس ڈالر کی قمت میں 06 ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا جس کے بعد قیمت 1284 ڈالر تک پہنچی تھی۔

    یاد رہے کہ پانچ جنوری کو بھی سونے کی فی تولہ قیمت میں 600 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی تھی جس کے بعد بھاؤ 67 ہزار 100 تک پہنچ گئے تھے۔

    یہ بھی پڑھیں: سونے کی فی تولہ قیمت میں 600 روپے کی کمی

    قبل ازیں چار جنوری کو بین الاقوامی مارکیٹ  4 ڈالر اضافے کے بعد سونے کی فی اونس قیمت 1291 ڈالر تک پہنچ گئیں تھیں جس کے باعث جمعے کو فی تولہ اور فی دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 200 اور 172 روپے کا اضافہ دیکھا گیا تھا۔ جس کے بعد فی تولہ 67 ہزار 700 اور 10 گرام 58 ہزار 42 روپے تک پہنچ گیا تھا۔

    سال 2018 سونے کی قیمتوں میں اضافہ

    گزشتہ برس ڈالر کی اونچی اڑان کی وجہ سے سونے کی قیمتیں ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچیں۔ عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونا مجموعی طور پر 19 ڈالر سستا ہوا جس کے بعد قیمت 1284 ڈالر تک پہنچیں۔

    سونے کے تاجروں کے مطابق 2018 میں فی تولہ سونا 11 ہزار 800 روپے مہنگا ہوا جبکہ 10 گرام کی قیمتوں میں 9ہزار 957 روپے کا اضافہ دیکھا گیا۔