Author: انجم وہاب

  • جائیداد ٹیکس کی وصولی کے لیے عدالتیں قائم کرنے کا فیصلہ

    جائیداد ٹیکس کی وصولی کے لیے عدالتیں قائم کرنے کا فیصلہ

    کراچی: سندھ کی صوبائی حکومت نے جائیداد کے ٹیکس وصولی کی مد میں انقلابی اقدامات کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، صوبائی وزیر مکیش چاؤلہ نے ٹیکس کور ٹ قائم کرنے اعلان کردیا۔

    صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات اور پارلیمانی امور مکیش کمار چاؤلہ نے کہا ہے کہ جائیداد ٹیکس کی وصولی کے لئے مینول چالان جاری نہیں کیے جائیں گے اور محکمہ ایکسائز کے دفاتر میں افسران و عملے کی کمی کو پورا کیا جائے گا اور متعلقہ ڈائریکٹرز عملے کی کمی سے متعلق ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کو باقاعدہ طور پر آگاہ کریں ۔

    یہ بات آج انہوں نے اپنے دفتر میں ہونے والے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، انہوں نے یہ بھی کہا کہ ٹیکس کورٹ قائم کیے جائیں۔ اجلاس میں سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن وانسداد منشیات عبدالرحیم شیخ ڈائریکٹر جنرل ایکسائزاینڈٹیکسیشن شبیر احمد شیخ ڈائریکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسز اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی ۔

    صوبائی وزیر مکیش کمار چاؤلہ نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ جائیداد یونٹس کی نشاندہی کریں اور گیسٹ ہاؤسز بشمول تجارتی اور نجی اسکولز کی جائیدادوں کو ٹیکس کے دائرے میں لائیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ کے افسران و عملہ جائیداد ٹیکس کے بقایاجات کی وصولی کے لئے اپنی کوششیں تیز کریں اور آئندہ اجلاس میں وہ نتائج دیکھنا چاہتے ہیں۔

    اس موقع پر صوبائی وزیر نے افسران کے دفاتر میں عدم دستیابی کی خبروں کا نوٹس لیتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل کو ہدایت دی کہ وہ ایسے افسران کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کریں اور دفاتر میں حاضری کو یقینی بنائیں۔ اجلاس میں صوبائی وزیر مکیش کمار چاؤلہ نے افسران پر زور دیا کہ وہ اپنے متعلقہ علاقوں میں ان جائیدادوں کی نشاندہی کریں جنہیں ابھی تک ٹیکس کے دائرے میں نہیں لایا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے اور افسران خزانے میں ریوینیو جمع کرانے کے لئے اپنی کوششیں تیز کریں ۔اجلاس میں جائیداد ٹیکس کی بہتر وصولی کے لئے ٹیکس کورٹ میں قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ایکسائز ٹیکسیشن شببر احمد شیخ نے صوبائی وزیر کو جائیداد ٹیکس کی وصولی اور افسران کی حاضری یقینی بنانے کے لئے کئے گئے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا ۔

  • یو اے ای کا پاکستان کو 3 ارب ڈالر بیل آؤٹ پیکج دینے کا اعلان

    یو اے ای کا پاکستان کو 3 ارب ڈالر بیل آؤٹ پیکج دینے کا اعلان

    اسلام آباد : متحدہ عرب امارات نے پاکستان کو معاشی مشکلات سے نکلنے کے لیے بیل آؤٹ پیکج دینے کا اعلان کردیا، رقم اسٹیٹ بنک آف پاکستان میں رکھوائی جائے گی۔

     تفصیلات کے مطابق یواے ای کی سرکاری نیوزایجنسی  نے اعلان کیا ہے کہ اماراتی حکومت پاکستان کومشکل معاشی حالات سے نکلنے کے لیے 3 ارب ڈالر کی مالی مدد فراہم کرے گی۔

    ابوظہبی فنڈ فارڈیویلپمنٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یو اے ای کی جانب سے یہ اقدام پاکستان کی معیشت کو بہتر بنانے کے لیے کیا جا رہا ہے۔

    دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پراپنے پیغام میں کہا کہ مشکل وقت میں فراخدلی سے پاکستان کی مدد پر یواے ای کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

    وزیراعظم پاکستان نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ یہ معاشی مدد سالوں پرمحیط ہماری دوستی اورکمٹمنٹ کی عکاس ہے۔

    وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پراپنے پیغام میں کہا کہ فراخدلانہ مالی سپورٹ پریواے ای ولی عہد محمد بن زید کا شکریہ، پیکج پاکستان اوریواے ای کے دیرینہ تعلقات کا مظہرہے۔

    سعودی عرب سے 2 ارب ڈالر مل چکے‘ وزیر خزانہ اسد عمر

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ یواےای کے دورے کے بعد شاہ محمود قریشی نے بتایا تھا کہ  متحدہ عرب امارات سے سعودی عرب جیسے پیکج  کے ساتھ ساتھ گوادراورکراچی میں پانی کا بحران حل کرنے  کے منصوبوں پربات ہوئی ہے، یواے ای کے وفد سے ویزا معاملات بھی آسان بنانے پر مشاورت کی گئی ہے۔

    اس سے قبل اکتوبر کے آخر میں وزیراعظم عمران خان سے یو اے ای کے وفد نے ملاقات کی تھی ، وفد کی قیادت وزیر مملکت سلطان احمد الجبیر نے کی، اس موقع پر وزیر خارجہ، وزیر خزانہ اور اوور سیز کے وزیر بھی موجود تھے۔

  • غیرملکیوں کو پاکستانی شناخت چارلاکھ میں کس نے فروخت کی؟

    غیرملکیوں کو پاکستانی شناخت چارلاکھ میں کس نے فروخت کی؟

    کراچی: قومی دستاویزات پرغیرملکیوں کو پاکستانی بنا کر بیرون ملک بجھوانے کا انکشاف ہوا، پاکستان کی جعلی دستاویزات کے حامل 15 غیر ملکی شہری بحرین میں گرفتار کرلیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کی جعلی دستاویزات کے حامل 15 افراد بحرین میں گرفتار کیے گئے تھے ، حقائق جاننے کے لیے ڈی جی نادراسندھ میر عجم خان کی سربراہی میں فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دی گئی۔

    ڈی جی نادرا کی جانب سے وزارت داخلہ میں جمع کروائی گئی حتمی رپورٹ کے مطابق زیر حراست افراد ایرانی ثابت ہوئے ، انہوں نے جعلی دستاویزات کے ذریعے پنجگور،تربت ،گوادر ،بلیدہ اور لیاری سے تعلق ظاہر کرکے شناختی کارڈ وصول کیے ۔

    مذکورہ افرادکوشناختی کارڈ کراچی میں واقع لیاری ،عوامی مرکز ،شاہراہ فیصل ، ڈی ایچ اے میگا سینٹر اور میمن گوٹھ کے نادرا دفاتر سے جاری کیے گئے ۔ غیر ملکیوں کو شناختی کارڈ سن 2009سے 2018کے درمیان جاری کیے گئے ہیں ۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پکڑے جانے والے ایرانی باشندوں کو پاکستانی ضلعی حکومتوں کے دستاویز پر شہریت ملی ،جعلی شناختی کارڈ اور بیرون ملک روانگی میں نادرا،ایف آئی اے اور پروٹیکٹر کا عملہ ملوث ہے۔

    یہ بھی بتایا گیا ہے کہ 15افراد کو ڈی پورٹ کرکے واپس پاکستان بجھوادیا گیا ہے ، اور وہ سب ایف آئی اے کی تحویل میں ہیں ۔

    ایک فرد کو جعلی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ فراہم کرنے کی مد میں لگ بھگ 4لاکھ روپے وصول کیے گئے ہیں ۔4افراد کو برتھ سرٹیفکیٹ ،3کو میڈیکل برتھ سرٹیفکیٹ ،3کیسز میں تحریری حلف نامے جبکہ باقی کے لیے بلڈ ریلیشن کو استعمال کیا گیا ہے۔

    جعلی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کے حامل افراد کی شکلیں ظاہر کیے گئے اہل خانہ سے یکسر مختلف تھیں جبکہ پکڑے جانے والے افراد فارسی کے علاوہ کوئی بھی علاقائی زبان نہیں بول سکتے۔جعلی شناختی کارڈ کی اجراء میں ملوث نادرا اور دیگر اداروں کے افسران کی گرفتاری متوقع ہے ۔

  • کراچی میں گیس کا بحران مصنوعی نکلا

    کراچی میں گیس کا بحران مصنوعی نکلا

    کراچی: شہرقائد میں گزشتہ تین روز سے جاری گیس کا بحران مصنوعی نکلا، سندھ کی گیس پنجاب کو فراہم کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی پی ایل کے ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ گمبٹ گیس فیلڈ میں کوئی خرابی نہیں ہے بلکہ گیس بحران کی اصل وجہ آر ایل این جی ٹرمینل میں خرابی ہے۔

    ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ ٹرمینل ایف ایس آریومیں کام جاری ہےجس سےگیس فراہمی رکی اور ایس ایس جی سی گیس پنجاب کو فراہم کررہی ہے۔گیس دوسرےصوبےکوفراہم کرنےکی وجہ سےکراچی میں مصنوعی بحران پیدا ہوا ہے ۔ یہ بھی بتایا جارہا ہے کہ گمبٹ اورکنرپساکھی فیلڈسوفیصدپیداوارکررہی ہیں۔

    دوسری جانب وزیرٹرانسپورٹ سندھ اویس شاہ نے گیس فراہمی بندہونےپرردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ آرٹیکل158بی وفاق کوگیس بندش کی اجازت نہیں دیتا۔ انہون نے یہ بھی کہا کہ سندھ کونقصان پہنچانےوالوں کی جلدکشتی ڈوبنےوالی ہے۔

    اویس شاہ کا مزید کہنا تھا کہ گیس کی فراہمی بندکرنےسےملک کاہی نقصان ہوگالوڈشیڈنگ نہیں ہےتوپھرکس لیےگیس فراہمی بندکردی گئی ہے ؟۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سندھ میں گیس بندش کاسپریم کورٹ نوٹس لے۔

  • جامعہ بنوریہ عالمیہ کراچی میں امریکی نوجوان نے اسلام قبول کرلیا

    جامعہ بنوریہ عالمیہ کراچی میں امریکی نوجوان نے اسلام قبول کرلیا

    کراچی : جامعہ بنوریہ عالمیہ سائٹ ایریا میں گیبرئیل زبالوس نامی امریکی نوجوان نے عیسائیت سے تائب ہوکر رئیس و شیخ الحدیث مفتی محمد نعیم کے ہاتھ پر اسلام قبول کرلیا۔

    گزشتہ روز امریکی ریاست ہوسٹن ٹیکساس کے21سالہ نوجوان گیبرئیل زبالوس نے جامعہ بنوریہ سائٹ آکر قبول اسلام کی خواہش کا اظہار کیا جس پر ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی، جس میں نومسلم کو رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے کلمہ پڑھا کر   اسلامی نام جبرائیل تجویز کیا۔

    حاضرین مجلس نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے نعرہ تکبیر بلند کیا اور نومسلم پر گل پاشی کرتے ہوئے مبارکباد پیش کی اور استقامت کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔

    اس موقع پر نومسلم کو بنیادی ارکان اسلام کے بارے میں رہنمائی کرتے ہوئے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمدنعیم نے کہا کہ اسلام میں جس طرح اللہ کی وحدانیت اور فرشتوں کا اقرار لازم ہے اسی طرح قرآن پاک اورحضور صلی اللہ علیہ وسلم کو آخری نبی تسلیم کرنے کا اقرار بھی لازم ہے۔

    اللہ تعالیٰ نے عبادات کو اپنے قرب کا ذریعہ بنایا ہے ان کی ادائیگی میں جبر کی اجازت نہیں دی بلکہ ارشاد دین کی تعلیم دی ہے جتنا انسان عابد و زاہد ہوگا اتناہی اللہ کے قریب تر ہوگا۔

    دنیا بھر کے مذاہب میں اسلام سے بڑھ کر انسانیت کی تعلیم کسی بھی مذہب نے نہیں دی ہے،یہ واحد مذہب ہے جس میں بگڑی اور بے چین روح کا علاج موجود ہے، یہی وجہ ہے کہ پروپیگنڈوں کے باوجود مغرب میں اسلام تیزی سے پھیل رہاہے۔

    اس موقع پر نو مسلم جبرائیل کا کہناتھا کہ میں بہت خوش ہوں اسلام کے مطالعے سے مجھے پتا چلا کہ دنیا میں جو اخلاقیات اور اعمال کا درس اسلام نے دیا ہے وہ کسی بھی مذہب میں موجود نہیں ہے۔

    اس لیے میں پاکستان آیا کہ میں اسلام قبول کروں یہاں کے لوگوں کی محبتوں اور شفقتوں نے میرا دل جیت لیا ہے، جب سے اسلام قبول کرنے کا اردہ کیا دل پرسکون ہوگیا ہے۔

  • سندھ: گیس کا بحران شدت اختیار کر گیا، سی این جی اسٹیشنزغیر معینہ مدت کے لیے بند

    سندھ: گیس کا بحران شدت اختیار کر گیا، سی این جی اسٹیشنزغیر معینہ مدت کے لیے بند

    کراچی: صوبہ سندھ میں گیس کی لوڈشیڈنگ شدت اختیار کر گئی، سی این جی اسٹیشن تیسرے روز بھی بند رہے ہیں، بحران مزید شدت اختیار کرسکتا ہے۔ 

    تفصیلات کے مطابق ایس ایس جی سی نے صنعتوں کو گیس کی فراہمی معطل کردی، تمام صنعتی کیپٹوپاورپلانٹس کی سپلائی کو غیرمعینہ مدت تک بند کر دیا، جس کے باعث سندھ میں سی این جی اسٹیشنزغیر معینہ مدت کےلیے بند کر دیے گئے۔

    [bs-quote quote=” شہرِ قائد کے کئی علاقوں‌ میں گیس کا پریشر انتہائی کم ہے، جس کی وجہ سے گھریلو صارفین شدید اذیت میں‌ مبتلا ہیں” style=”style-7″ align=”left”][/bs-quote]

    ایس ایس جی سی کے مطابق تمام انڈسٹریز بشمول زیروریٹیڈ، رائس ایکسپورٹرزکوگیس کی سپلائی بند رہے گی.

    سندھ میں آج دوسرے روز بھی سی این جی اسٹیشنز بند ہیں، جو بحران کی وجہ سے لگاتار تین روز بند رہے ہیں. یہ پہلا موقع ہے، جب سندھ میں مسلسل تین روز  سی این جی کی فراہمی معطل رہے گی.

    سردی آتے ہی گھروں کے چولہےبھی ٹھنڈے  پڑ گئے ہیں، محکمہ گیس کا کہنا ہے  کہ فنی خرابی کے باعث گھریلو اور کمرشل صارفین کوسپلائی میں دشواری کاسامنا ہے، پنجاب میں بھی ایک روزکےلیے گیس بند رہے گی۔

    یاد رہے کہ شہرِ قائد کے تین صنعتی زونز میں گذشتہ چار روز سے گیس کی فراہمی تعطل کا شکار ہے، گیس کا پریشر کم ہونے کی وجہ سے شہریوں‌ کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔

    کراچی میں کیپٹو پاور پلانٹ سے چلنے والے بڑے ایکسپورٹ کارخانے بند ہیں، ترجمان سوئی سدرن کے مطابق گیس فیلڈز  میں فنی خرابی پر صنعتوں کو فراہمی بند ہوئی۔

    احتجاج کی کال اور اپیل

    سی این جی کی مختلف ایسوی ایشنز نے  سی این جی بندش کے  خلاف احتجاج کی کال دے دی۔

    ایسوی ایشن کے رہنماؤں کی جانب سے کل صبح ساڑھے 9 بجے ایس ایس جی سی ہیڈ آفس کے سامنے احتجاج کا اعلان کیا ہے،  مظاہرین نے  شاہراہ فیصل بلاک کرنے کی بھی دھمکی دی ہے۔

    تاجر رہنماؤں نے بھی مسئلہ فوری حل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ تاجر رہنما سراج قاسم تیلی نے وزیراعظم سے گیس بندش کا نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔

  • بھارت کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچانے والی آب دوز کے اعزازمیں تقریب

    بھارت کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچانے والی آب دوز کے اعزازمیں تقریب

    کراچی: سنہ 1971 کی پاک بھارت جنگ میں بھارتی بحریہ کو ناکوں چنے چبوانے والی آب دوز کا یاد میں آج ’ ہنگور ڈے‘ منایا جارہاہے، آب دوز اور اس کے عملے کے اعزاز میں خصوصی تقریب کا بھی انعقاد کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں آج پاک بحریہ نے ’ ہنگورڈے کی خصوصی تقریب منعقد کی جس کے مہمان خصوصی وائس ایڈ مرل عبید اللہ خان تھے ، تقریب میری ٹائم میوزیم کراچی میں منعقد کی گئی۔

    ہنگور نامی اس آب دوز نے بھارت کے ککری نامی جنگی بحری جہاز کو سمندر برد کرد یا تھا جبکہ کرپان نامی جہاز کو بھی شدید نقصان پہنچایا تھا۔ جنگِ عظیم دوئم کے بعد یہ پہلا موقع تھا جب کسی آب دوز نے جنگی بحری جہاز کو غرقاب کیا تھا۔

    آب دوز کا بنیادی کام سمندوں میں دشمن کے جہازوں کی نقل و حمل کو روکنا اور دشمن کی جانب سے بچھائی گئی سمندری مائنز کا صفایا کرنا ہوتا ہے، تاہم کسی بھی جھڑپ میں دشمن سے نپٹنے کے لیے آب دوز تارپیڈو نامی میزائل سمیت دیگر ہتھیاروں سے بھی لیس ہوتی ہے اور اسی خوف سے دشمن کے بحری جہاز آب دوز کی موجودگی میں بہت احتیاط سے حرکت کرتے ہیں۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈمرل عبید اللہ خان نے بتایا کہ جنگ کے دوران ’ہنگور‘ نے دشمن پر تین حملے کیے تھے ۔ پہلا حملہ ناکام ہوگیا تھا جبکہ دوسرے اور تیسرے حملے میں دشمن کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچا تھا۔ ان کا ایک جہاز تباہ و برباد جبکہ دوسرا ناکارہ ہوکر رہ گیا تھا۔

    انہوں نے جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ میں اپنے نوجوان کو تلقین کروں گا کے کوئی وقت ایسا نہیں آنا چاہے، جب آپ یہ سمجھیں کہ آپ اچھے ہو گئے ہیں اور مزید بہتری کی گنجائش نہیں ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ہر وقت یہ خیال رکھنا چاہیئے کہ ابھی اور بہتر کرنے کی گنجائش ہے اور گنجائش ڈھونڈنے میں ہی کامیابی ہے۔ تقریب میں ہنگور نامی اس آب دوز اور اس کے شیر دل عملے کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا تھا۔

  • ڈالر کی بڑھتی قیمتوں کا شاخسانہ، ادویات کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ

    ڈالر کی بڑھتی قیمتوں کا شاخسانہ، ادویات کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ

    کراچی: پاکستان فارما سیوٹیکل مینوفیکچرنگ ایسو سی ایشن کے صدر زاہد سعید نے کہا ہے کہ صنعت میں سنگین بحران کے باعث ادویات کی قیمتوں میں اضافہ نا گزیر ہو گیا ہے۔

    شہرِ قائد میں ایک ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے زاہد سعید نے کہا کہ ڈالر، خام مال، بجلی اور گیس کی قیمتوں  میں اضافے سے صنعت بحران کا شکار ہے۔ حکومت نے ادویات کی قیمتوں پر نظرِ ثانی نہیں کی تو 40 فی صد تک ممکنہ اضافہ ناگزیر ہو جائے گا۔

    [bs-quote quote=”ماہرین کے مطابق دسمبر تک ڈالر 160 روپے کا ہو جائے گا جب کہ ادویات کا 90 فی صد مٹیریل درآمد کیا جاتا ہے جس سے لاگت میں براہ راست اضافہ ہوا ہے۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    انھوں نے کہا کہ ادویات کی قیمتوں میں ممکنہ اضافہ 40 فی صد تک ہو سکتا ہے، اب قیمتیں بڑھانے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں رہا۔

    زاہد سعید نے کہا کہ جنوری سے اب تک ڈالر کی قیمت 104 روپے سے 140 روپے ہو چکی ہے اور ماہرین کے مطابق دسمبر تک ڈالر 160 روپے کا ہو جائے گا جب کہ ادویات کا 90 فی صد مٹیریل درآمد کیا جاتا ہے جس سے لاگت میں براہ راست اضافہ ہوا ہے۔

    ان کا کہنا تھا ’بجلی کی قیمت میں 45 فی صد اور گیس کی قیمت میں 65 فی صد اور ڈیزل کی قیمت میں 75 فی صد اضافہ ہوا ہے جس سے لاگت پر بھاری اثر پڑا، ادویات کی صنعت اس بحران کا مقابلہ نہیں کر سکتی اس لیے قیمتوں پر نظرِ ثانی کی جائے ورنہ ملک میں ادویات کی شدید قلت پید ا ہو جائے گی جس کی ذمہ دار حکومت اور وزارتِ صحت اور ڈریپ ہوگی۔

    زاہد سعید نے بتایا کہ ادویات کی قیمتیں 2002 سے منجمد ہیں اور حکومت نے 2013 میں پی پی ایم اے سے مذاکرات کے بعد ادویات کی قیمتوں کی ایک جامع پالیسی کی تشکیل پر اتفاق کیا تھا، حکومت نے 2013 میں 15 فی صد کا عارضی اضافہ کرنے کی اجازت دی مگر بد قسمتی سے یہ ایس آر او دو روز بعد واپس لے لیا گیا۔


    یہ بھی پڑھیں:  ہیپا ٹائیٹس ادویات کی خریداری میں گھپلوں کی تحقیقات ہوں گی، وزیر صحت عذرا پیچوہو


    پی پی ایم اے کی جانب سے قانونی کاروائی کے بعد ایس آر او بحال ہوا اور 2015 میں جامع پالیسی کا اجرا ہو گیا تاہم جب 1500 سے زائد زیرِ التوا معاملات طے شدہ 9 ماہ میں پیش نہیں ہوئے تو سپریم کورٹ سے رجوع کیا گیا اور اگست 2018 کی موجودہ قیمتوں کو منجمد کر دیا گیا۔

    [bs-quote quote=”قیمتوں میں اضافہ ادویہ ساز صنعتوں کو حق ہے۔” style=”style-7″ align=”right” color=”#dd3333″ author_name=”زاہد سعید”][/bs-quote]

    انھوں نے کہا ’عدالتِ عظمیٰ نے اس سال 14 نومبر کو وفاقی حکومت اور ڈریپ کو ادویات کی نئی قیمتوں کا 15 روز میں اعلان کرنے کی ہدایت کی اس کے باوجود کوئی اقدام نہیں اٹھایا گیا اور اب کوئی وجہ نہیں کہ قیمتوں پر نظرِ ثانی نہ کی جائے۔‘

    زاہد سعید نے کہا کہ قیمتوں میں اضافہ ادویہ ساز صنعتوں کو حق ہے، ایسوسی ایشن 14 نومبر 2018 کو جاری ہونے والے حکم کو نہ ماننے پر توہینِ عدالت کی کاروائی کا حق بھی محفوظ رکھتی ہے۔

    اس موقع پر سابق چیئرمین پی پی ایم اے ڈاکٹر قیصر وحید بھی موجود تھے، انھوں نے وفاقی حکومت سے اپیل کی کہ اس سلسلے میں ہنگامی طور پر ایکشن لے اور مریضوں کو ہونے والی تکلیف اور صنعت کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

  • سعودی سفیر سعید المالکی کی سربراہ پاک بحریہ سے ملاقات

    سعودی سفیر سعید المالکی کی سربراہ پاک بحریہ سے ملاقات

    اسلام آباد: سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی کی نیول ہیڈ کوارٹرز میں پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی سے ملاقات ہوئی۔

    ترجمان پاک بحریہ کے مطابق سعودی عرب کے سفیر نواف عبدالمالکی اور پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی کی ملاقات کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے مابین بحری دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ترجمان پاک بحریہ کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور بشمول میری ٹائم سیکیورٹی پر بھی بات چیت کی گئی۔

    مزید پڑھیں: اگر میڈیا کلاشنکوف دکھائے گا تو سرمایہ کار پاکستان نہیں آئیں گے، سعودی سفیر

    امیر البحر نے سعودی عرب کے سفیر کو پاک بحریہ کی بحیرہ عرب میں ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پیٹرولز کے متعلق بھی آگاہ کیا۔

    ترجمان پاک بحریہ کے مطابق سعودی سفیر نے پاک بحریہ کی خطے میں سیکیورٹی کے استحکام کی کاوشوں کو سراہا۔

  • ہفتے کو بھی کراچی سمیت سندھ بھر میں سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی فراہمی بند

    ہفتے کو بھی کراچی سمیت سندھ بھر میں سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی فراہمی بند

    کراچی : سی این جی اسٹیشن بند کرنے کے شیڈول میں اچانک تبدیلی کردی گئی، ہفتے کو بھی کراچی سمیت سندھ بھر میں سی این جی اسٹیشن چوبیس گھنٹے کے لیے بند رہیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان سوئی سدرن گیس نے کہا کہ کراچی اور اندرون سندھ سی این جی اسٹیشن چوبیس گھنٹے کے لیے بند رہیں گے، صوبے میں سی این جی کی فراہمی مزید اڑتالیس گھنٹے تک بند رہے گی۔

    جس کے باعث جمعہ اور ہفتے کو اڑتالیس گھنٹے کے لیے سی این جی اسٹیشن بند رکھے جائیں گے، جمعے کو شیڈول کے مطابق سی این جی اسٹیشن پہلے ہی چوبیس گھنٹے کے لیے بند ہیں۔

    سی این جی اسٹیشن کی مسلسل اڑتالیس گھنٹے بندش سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ ایس ایس جی سی کی گیس سسٹم میں اچانک پریشر میں کمی واقع ہوئی ہے۔

    مزید پڑھیں: سندھ میں سی این جی بندش میں ایک دن کا اضافہ

    اس کے ساتھ گھریلو صارفین کی گیس کی طلب میں اضافے کی وجہ سے کل08دسمبر بروز ہفتہ سندھ بھر میں تمام سی این جی اسٹیشنوں کو گیس سپلائی معطل رہے گی۔