Author: انجم وہاب

  • کراچی، سندھ فوڈ اتھارٹی کا ایمپریس مارکیٹ میں چھاپہ، 2500 کلو مضر صحت گوشت تلف

    کراچی، سندھ فوڈ اتھارٹی کا ایمپریس مارکیٹ میں چھاپہ، 2500 کلو مضر صحت گوشت تلف

    کراچی: سندھ فوڈ اتھارٹی نے کراچی کی ایمپریس مارکیٹ میں چھاپہ مار کر 2500 کلو مضر صحت گوشت تلف کردیا، پنجاب فوڈ اتھارٹی نے بھی ناقص اشیائے خوردونوش تلف کردیں۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے ساتھ اب سندھ میں بھی فوڈ اتھارٹی متحرک ہوگئی ہے، کراچی کی ایمپریس مارکیٹ میں چھاپہ مار کر ڈھائی ہزار کلو مضر صحت گوشت قبضے میں لے کر تلف کردیا گیا۔

    ایمپریس مارکیٹ میں کئی روز پرانا گوشت بیچا جارہا تھا، ڈائریکٹر فوڈ اتھارٹی ڈاکٹر ابرار شیخ کے مطابق غیرمعیاری گوشت کئی دکانوں پر فروخت کے لیے رکھا گیا تھا، چھاپے کے دوران پتا چلا کئی دکانوں پر بکرے، گائے اور دنبے کا فریز کیا ہوا گوشت بھی فروخت ہورہا تھا۔

    فوڈ اتھارٹی حکام نے کہا کہ غیرمعیاری گوشت فراہم کرنے والے دکانداروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    دوسری جانب پنجاب فوڈ اتھارٹی نے بھی دودھ کے نام پر زہر پلانے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 5750 لیٹر ملاوٹ شدہ اور غیر معیاری دودھ ضائع کردیا ہے۔

    گوجرانوالہ میں پنجاب فوڈ اتھارٹی نے کولڈ اسٹوریج میں رکھے 2 لاکھ سے زیادہ گندے انڈے برآمد کرکے تلف کردئیے ہیں۔

    واضح رہے کہ تین ماہ قبل سندھ فوڈ اتھارٹی نے شہر قائد کے علاقے کورنگی میں زہر آلود مٹھائیاں بنانے والے غیر قانونی فیکٹریوں پر چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے مالکان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا تھا۔

    ڈاکٹر ابرار شیخ کا کا کہنا تھا کہ عوام کی صحت سے کھیلنے کی اجازت کسی کو نہیں دی جاسکتی، تاجر طبقے کو چھاپے مار کر خوفزدہ نہیں کرنا چاہتے، لیکن اپنی ذمہ داری بخوبی نبھائیں گے۔

  • آنے والے دنوں میں ملکی معاشی صورتحال کیا ہوگی؟ اسٹیٹ بینک کی رپورٹ جاری

    آنے والے دنوں میں ملکی معاشی صورتحال کیا ہوگی؟ اسٹیٹ بینک کی رپورٹ جاری

    اسلام آباد : اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے پیش گوئی کی ہے کہ معاشی شرح نمو کا مقررہ ہدف کا حصول ممکن نہیں ہے، مہنگائی آئندہ چند ماہ میں دگنی ہوجائے گی، رواں مالی سال جاری کھاتوں کا توازن مزید بگڑ سکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک نے شرح نمو میں کمی ،مالیاتی خسارے اور جاری کھاتوں میں اضافے کی پیش گوئی کردی، اسٹیٹ بینک کی ملکی معیشت پر جاری کی جانے والی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رواں مالی سال اقتصادی ترقی کی رفتار سست پڑ جائے گی اور مہنگائی بھی بے لگام ہوجائے گی۔

    بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے اور خام تیل مہنگا ہونے کے باعث مہنگائی میں نمایاں اضافہ ہوگا، مہنگائی میں اضافے کی شرح ساڑھے سات فیصد سے تجاوز کرجائے گی۔

    اسٹیٹ بینک کا ،مزید کہنا ہے کہ روپے کی قدر میں کمی سے ملک پر قرضوں کے بوجھ میں گیارہ سو ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے، قرضے جی ڈی پی کا باہتر اعشاریہ پانچ فیصد ہو گئے ہیں جو کہ آئین کی خلاف ورزی ہے۔

    اسٹیٹ بینک نے پیش گوئی کی ہے کہ درآمدات کا حجم ساٹھ ارب ڈالر جبکہ برآمدات اٹھائیس ارب ڈالر تک بڑھ سکتی ہیں۔
    غیر ملکی سرمایہ کاری سے متعلق اسٹیٹ بینک کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ رواں مالی سال کے پہلے 3 ماہ میں غیر ملکی سرمایہ کاری 60 فیصد گھٹ گئی۔

    جولائی2018 تا ستمبر2018 میں غیر ملکی سرمایہ کاری25 کروڑ43 لاکھ ڈالر رہی جبکہ گذشتہ مالی سال اسی مدت میں ملکی سرمایہ کاری68کروڑ70 لاکھ ڈالر تھی اسٹیٹ بینک کے مطابق رواں مالی سال 3 ماہ براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں 43 فیصد کمی ہوئی ہے۔

    جولائی تا ستمبر2018 میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری 44 کروڑ ڈالر رہی، رواں مالی سال 3 ماہ میں اسٹاک مارکیٹ سے18کروڑ پچاس لاکھ ڈالر کا انخلا ہوا، گذشتہ مالی سال اسی مدت میں7کروڑ 80 لاکھ ڈالر کا انخلا ہوا تھا۔

  • میری ٹائم ایجنسی نے سمندری حدود کی خلاف ورزی کرنے والے بھارتی ماہی گیر گرفتارکرلیے

    میری ٹائم ایجنسی نے سمندری حدود کی خلاف ورزی کرنے والے بھارتی ماہی گیر گرفتارکرلیے

    کراچی: پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے پاکستانی حدود میں غیر قانونی فشنگ کرتے ہوئے 12 ماہی گیروں کو حراست میں لے لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کی میری ٹائم ایجنسی نے آج پاکستان کی حدود میں کھلے سمندروں میں کارروائی کی اور سمندری حدود کی خلاف ورزی کرنے والی ایک بھارتی کشتی کو قبضے میں لے لیا ہے۔

    ترجمان میری ٹائم ایجنسی کے مطابق بھارتی ماہی گیر غیر قانونی طور پر پاکستانی سمندری حدود میں موجود تھے ، کارروائی میں میری ٹائم ایجنسی کے جہازوں اور تیز رفتار کشتیوں نے حصہ لیا ہے۔

    ایجنسی ذرائع کا کہنا ہے کہ میری ٹائم ایجنسی نے گرفتار ماہی گیروں کو ابتدائی تفتیشی عمل کے بعد مزید قانونی کاروائی کے لیے ڈاکس پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے جہاں ان کے ساتھ آئین پاکستان کے مطابق مزید کارروائی کی جائے گی۔

    یاد رہے کہ رواں سال اپریل میں بھارتی ماہی گیر کشتی ایس ٹی مارس انجن میں خرابی کی وجہ سے کھلے سمندر میں نامساعد حالات اور مشکلات کا شکار تھی، کشتی پر عملے کے 12 افراد سوار تھے جنہیں اشیاء خوردونوش، طبی امداد اور کشتی کو مرمت کی اشد ضرورت تھی۔پاک بحریہ کے مطابق اطلاع ملتے ہی پی این ایس عالمگیر کی میڈیکل ٹیم نے بھارتی کشتی پر پہنچ کر مریضوں کو طبی امداد اور اشیاء خوردونوش فراہم کیں۔

    پی این ایس عالمگیر کی ٹیکنیکل ٹیم نے بھارتی کشتی کے انجن کی فنی خرابی کو دور کیا اور کشتی کو سمندر میں دوبارہ چلنے کے قابل بنایا، بھارتی ماہی گیروں نے بروقت امداد کی فراہمی پر باک بحریہ کا شکریہ ادا کیا اور اظہار تشکر میں پاک بحریہ کے ساتھ مل کر پاکستان زندہ باد کے نعرے لگادئیے تھے۔

    پاکستانی بحریہ اور میری ٹائم ایجنسی کا ریکارڈ رہا ہے کہ وہ خطے میں اور کھلے سمندروں میں امن قائم رکھنے کی بھرپور کوشش کرتی ہیں اور جب تک کوئی بھارتی کشتی ممنوعہ حد کے اندر نہیں آجاتی اسے نہیں چھیڑا جاتا ہے۔

  • بچوں میں جگر کے کینسر کے خاتمے کیلئے پاک امریکہ ماہرین کا تعاون کا اعلان

    بچوں میں جگر کے کینسر کے خاتمے کیلئے پاک امریکہ ماہرین کا تعاون کا اعلان

    اسلام آباد : پاکستان اور امریکہ سے تعلق رکھنے والے ماہرین نے بچوں میں جگر کے کینسر اور اْن کی نشوونما میں رکاوٹ کا سبب بننے والے ایک زہریلے فنگس کے خاتمہ کے لئے دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے کا اعلان کیا ہے۔

    اس مشترکہ منصوبہ کے مقاصد میں بیماریوں سے پاک خوراک فراہم کر کے پاکستانی شہریوں کی غذا اور صحت کی دیکھ بھال کرنا بھی شامل ہے، امریکی محکمہ زراعت کے تعاون سے کھیتوں سے "ایفلا ٹاکسن” کو ختم کرنے کیلئے امریکی محکمہ زراعت کی فراہم کردہ جدید ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی ۔

    جہاں یہ پوری فصل کی باون فی صد حصے کو متاثر کرتا ہے۔ اس مشترکہ منصوبہ کی وجہ سے پاکستان کو نہ صرف محفوظ سبزیاں مکئی اور خشک میوہ پستہ ،بادام اور اخروٹ کاشت کرنے والے ممالک کی فہرست میں صف اول کا مقام حاصل ہوجائے گا، بلکہ مویشیوں کے لئے بھی محفوظ چارہ کاشت کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

    امریکہ کے نائب سفیر جان ہوور نے منصوبہ کی افتتاحی سے تقریب سے خطاب میں کہا کہ یہ منصوبہ ہزاروں پاکستانیوں کی تندرستی اور روزگار میں بہتری لائے گا اور اس سے پاکستانی اشیاء کی برآمدی قدر میں اضافہ سے معاشی ترقی بھی ہوگی۔

  • نیوی کمانڈر کا سعودی بحریہ افسران، ڈپلومیٹس اور دیگر کے اعزاز میں استقبالیہ کا اہتمام

    نیوی کمانڈر کا سعودی بحریہ افسران، ڈپلومیٹس اور دیگر کے اعزاز میں استقبالیہ کا اہتمام

    کراچی : بحری جہاز پی این ایس سیف کے کمانڈنگ آفیسر کیپٹن شاہد واصف نے سعودی بحریہ افسران، ڈپلومومیٹس اور پاکستانی ذرائع ابلاغ اور کمیونٹی کے نمائندوں کے اعزاز میں بحری جہاز میں ایک استقبالیہ کا اہتمام کیا۔

    پاکستان کے قونصل جنرل شائق بھٹو اور قونصلیٹ کے افسران بھی اس موقع پر موجود تھے. کیپٹن طارق السیری نے سعودی رائل نیوی فورس کی نمائندگی کی۔

    استقبالیہ کا آغاز سعودی عرب اور پاکستان کے قومی ترانوں سے کیا گیا،کمانڈنگ آفیسر نے مہمانوں کو بحری جہاز میں آمد شکریہ ادا کیا، انہوں نے سعودی حکومت کی بہترین مہمان نوازی کا بھی شکریہ ادا کیا۔

    اپنے استقبالیہ خطاب میں کمانڈنگ آفیسر نے کہا کہ سعودی عرب کی پوزیشن اور اس علاقے میں کردار بہت اہم ہے، پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات دیرینہ اور باہمی معاونت پر مبنی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستانی اور سعودی عوام کے آپس کے تعلقات ان دیرینہ تعلقات کو بنیاد فراہم کرتے ہیں۔ کیپٹن شاہد نے کہا کہ پاکستان علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر امن کو فروغ دینے پر یقین رکھتا ہے، اور ہم ہمیشہ اس کاز سے جڑے رہیں گے۔

    انہوں نے مزیدکہا کہ پاکستان نیوی کا مشن سمندری آزادی ،تجارت اور دوستانہ تعلقات کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینا ہے،  پی این ایس سیف کی سعودی عرب کا دورہ پاکستان بحریہ کے اس عزم کا ثبوت ہے۔

    کمانڈنگ آفیسر نے بتایا کہ رائل بحریہ اور پاکستان بحریہ کے منفرد تعلقات کی وجہ رائل نیوی کے کئی افسران کی پاکستان نیوی اکیڈمی کراچی میں تربیت ہے اور یہ بنیاد ہماری بحریہ کے دو طرفہ تعلقات کو مضبوطی فراہم کرتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ امن کیلئے دونوں ممالک کی بحریہ نے” نسیم البحر”سمیت کئی مشترکہ بحری مشقیں بھی کی ہیں۔ کیپٹن شاہد نے کہا کہ پاکستان کی خواہش ہے کہ سعودی بحریہ کے ساتھ ہمارے تعلقات اور تعاون کو مزید وسیع کیا جائے۔

  • موٹروے پولیس ایک ایسا ادارہ ہے جس پر پورے ملک کو فخر ہے، مراد سعید

    موٹروے پولیس ایک ایسا ادارہ ہے جس پر پورے ملک کو فخر ہے، مراد سعید

    کراچی : وزیر مملکت برائے مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ موٹروے پولیس ایک ایسا ادارہ ہے جس پر پورے ملک کو فخر ہے، ترقی پانے والے افسران کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں موٹر وے پولیس کے افسران واہلکاروں کو رینک لگانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر آئی جی موٹر ویز پولیس اے ڈی خواجہ اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

    وزیر مملکت برائے مواصلات مراد سعید کا مزید کہنا تھا کہ موٹروے پولیس کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کو متعارف کروایا جائے گا، اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو ریوارڈ سے نوازا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ شاہراہیں ہمارا قومی اثاثہ ہیں اور ان کی حفاظت ہمارا قومی فریضہ ہے، گرین پاکستان اور کلین پاکستان مہم میں بھر پور حصہ لیں گے۔

    اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی موٹرویز پولیس اے ڈی خواجہ نے کہا کہ تمام ٹرانسپورٹرز بالخصوص کار کیرئرز یونین کی جانب سے قانون پر عمل درآمد کرانے کی یقین دہانی خوش آئند ہے۔

    بعد ازاں وزیر مملکت مراد سعید اور اے ڈی خواجہ نے افسران و اہلکاروں کو بیجز لگائے۔

  • دبئی میں پاکستانیوں کی جائیدادیں : ایف ائی اے نے جمعہ کو جائزہ اجلاس طلب کرلیا

    دبئی میں پاکستانیوں کی جائیدادیں : ایف ائی اے نے جمعہ کو جائزہ اجلاس طلب کرلیا

    کراچی : ایف آئی اے نے دبئی میں پاکستانیوں کی جائیدادوں سے متعلق معلومات اور تحقیقات کیلئے افسران کا اہم اجلاس طلب کرلیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی (ایف ائی اے) نے دبئی میں پاکستانیوں کی جائیداد سے متعلق تحقیقات کی پیش رفت کا جا ئزہ اجلاس 12 اکتوبر کو طلب کرلیا۔

    اجلاس صبح11بجے ایف آئی اے ہیڈ کوارٹر اسلام اباد میں منعقد ہوگا، ایف ائی اے نے تمام زونل ڈائریکٹر کو خط ارسال کردیئے، خط میں زونل ڈائریکٹرز کو انکوائری افسران کے ہمراہ پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق انکوائری افسران دیکھیں گے یہ جائیدادیں قانونی طور پر لی گئی ہیں یا نہیں؟ ذرائع کے مطابق اجلاس میں تمام جائیدادوں میں اب تک ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔

    مزید پڑھیں : غیرملکی خفیہ اکاؤنٹس کیس ، ایف آئی اے کا بیرون ملک پاکستانیوں کی 2700 جائیدادوں کا سراغ لگانے کا انکشاف

    اس کے علاوہ خاص طور پر ان افراد کو فوکس کیا جائے گا جنہوں نے ایفی ڈیویٹ جمع نہیں کرائے یا جائیدادوں کی ملکیت سے انکار کیا ہے، واضح رہے کہ دبئی میں 300 سے زائد پاکستانیوں کا انکشاف سامنے آیا ہے۔

  • ایف بی آرکومبینہ منی لانڈرنگ میں ملوث41افراد کے خلاف کارروائی کیلئے خط

    ایف بی آرکومبینہ منی لانڈرنگ میں ملوث41افراد کے خلاف کارروائی کیلئے خط

    کراچی: فنانشل مانٹیرنگ یونٹ نے مبینہ منی لانڈرنگ میں ملوث41افراد کے نام ایف بی آر کو بھجوا دئیے، ایف بی آر انٹیلی جنس، انویسٹی گیشن یونٹ کو مذکورہ فراد کیخلاف کارروائی کیلئے خط لکھ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق فنانشل مانٹیرنگ یونٹ نے مبینہ منی لانڈرنگ میں ملوث41افراد کے نام ایف بی آر کو بھجوا دئیے، ایف ایم یو نے ایف بی آر انٹیلی جنس، انویسٹی گیشن یونٹ کو41فراد کیخلاف کارروائی کیلئے خط بھی لکھ دیا ہے۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ منی لانڈرنگ فہرست میں41 افراد نان فائلر اور ٹیکس رجسٹرڈ بھی نہیں، ایف بی آر نے ریجنل ٹیکس یونٹ کو41افراد کی جائیداد اور دیگرتفصیلات دینے کا حکم دے دیا۔

    مذکورہ41افراد میں سے ایک شخص کا تعلق حیدرآباد اورایک کا کوئٹہ سے ہے، مبینہ منی لانڈرنگ فہرست میں شامل دونوں افراد کا کاروبار کراچی میں ہے، کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے شخص کے پاس این ٹی این بھی ہے۔

    ایف بی آر کو جن افراد کے نام بھیجے گئے ہیں ان میں تانیہ رضا صدیقی، فرزانہ محمد اشرف، عبداللہ ہالاری، جنید احمد، محمد رمضان، محمد خان ،کاشف حسین، شہلا کاشف، علی کاشان، سلیم خان شافی، امیرحمزہ، محمدعلی شعیب، احمد فراز ملک، راجہ فیصل داؤد جنجوعہ، ڈاکٹرمحمود مہدی کاظمی، سعدیہ ضیا کے نام شامل ہیں۔

    اس کے علاوہ میسرز ڈائیزاینڈ کیمیکل پراپرائٹر کے عزیراحمد، شجاع ٹریڈرز کے پروپرائیٹر روحِ زہرا، گوشی مسناتہ، معین الرحمان، فریدہ قاسم علی ،رخسانہ گووانی، علی نادراحسان مرشد، سارا علی، انعم علی ، جبران علی، محمد احسن، محمد عاطف پردیسی، محمد علی، نعیم اختر، شیراز رحمان، انعم رحمان، قمرالحسن نقوی، مختارضامنہ ، شعیب انصاف، عبدالناصر، ثروت بشیر، عبداللہ ،زور طلب خان، سادات مقصود اور نوید فضل کے نام شامل ہیں۔

  • پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مندی، ڈالرمہنگا

    پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مندی، ڈالرمہنگا

    کراچی: کاروباری ہفتے کے آغاز پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مندی کے بادل چھائے رہے،سرمایہ کار اپنا سرمایہ لگانے میں محتاط دکھائی دیے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج بروز پیر شدید مندی رہی اور کاروبار کے دوران 100 انڈیکس میں 1328 پوائنٹ کی شدید کمی دیکھی گئی۔

    اسٹاک ایکسچنج ذرائع کے مطابق کاروباری ہفتے کے پہلے روز بھی سرمایہ کاروں کی جانب سے شیئر ز کی فروخت کا رحجان غالب رہا اور انڈیکس رواں سال کی کی کم ترین سطح یعنی37 ہزار 898 پر بند ہوا۔ حصص بازار میں 6.28ارب روپے مالیت کے 18 کروڑ 58 لاکھ شئیرز کا کاروبار کیا گیا۔

    معاشی تجزیہ کار وں کا کہنا ہے کہ ملکی معیشت کو درپیش چیلنجیز پر سرمایہ کار محتاط ہیں اورسرمایہ کار آئی ایم ایف کی پاکستانی معیشت پر خدشات سے بھی مزید محتاط ہوگئے ہیں ،ماہرین کے مطابق آئی ایم ایف کی پاکستانی معیشت پر تجزیے سے سرمایہ کار محتاط ہوگئے ہیں۔

    گذشتہ ہفتے کے دوران بھی اسٹاک مارکیٹ میں مندی رہی تھی اور 6 سیشن میں مارکیٹ کیپیٹلائزیشن میں 450 ارب روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں ڈالر ڈیڑھ روپے مہنگا ہوکر 129 روپے کی سطح پر پہنچ گیا ہے ۔

  • کراچی چیمبر نے گیس کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کردیا، اضافہ واپس لینے کی درخواست

    کراچی چیمبر نے گیس کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کردیا، اضافہ واپس لینے کی درخواست

    کراچی: کراچی چیمبر نے گیس کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کاروباری لاگت میں اضافے کے علاوہ سی این جی سیکٹر اور عام صنعتوں کے لیے یہ اقدام نقصان دہ ثابت ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی چیمبر کے صدر جنید اسماعیل ماکڈا نے اوگرا کی جانب سے گیس کی قیمتوں میں اضافے کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے حکومت سے فوری طور پر قیمتوں میں کیے گئے بے انتہا اضافے کو واپس لینے کی درخواست کی ہے۔

    جنید ماکڈا کا کہنا تھا کہ گیس نرخوں میں اضافے کے نتیجے میں مہنگائی میں ہوشربا اضافہ ہوگا، جس سے غریب عوام کو سب سے زیادہم متاثر ہوں گے۔

    انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر خزانہ کو گیس نرخوں میں کسی بھی قسم کے اضافے کے ساتھ انہیں اس کے نتائج سے بھی آگاہ کیا گیا لیکن بدقسمتی سے کے سی سی آئی کی درخواست پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔

    آئی ایم ایف نے بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ درست قرار دے دیا

    ان کا کہنا تھا کہ درخواست کے باوجود گیس نرخوں میں بے انتہا اضافہ کردیا گیا جس سے ملک بھر کے سیکڑوں سی این جی اسٹیشنز بند ہو جائیں گے جس سے غریب عوام کی مشکلات بڑھیں گی اور ملک بھر میں بیروزگاری میں بھی اضافہ ہوگا۔

    صدر کراچی چیمبر کا کہنا تھا کہ گیس لوڈشیڈنگ اور گیس نرخوں میں 40 فیصد اضافہ ٹرانسپورٹ سیکٹر کو بند کرنے کے مترادف ہوگا، سی این جی انڈسٹری بند ہونے سے حکومت ٹیکسوں کی مد میں حاصل ہونے والے اربوں روپے سے محروم ہو جائے گی بلکہ پیٹرول کادرآمدی بل میں 1.2 ا رب ڈالر سے بڑھ جائے گا۔

    انہوں نے وزیرخزانہ اور اوگرا سے گیس نرخ بڑھانے کا نوٹی فیکیشن واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔