Author: انجم وہاب

  • کسٹم نے ساڑھے پانچ کروڑ روپے کا چھالیہ اورگٹکا پکڑلیا

    کسٹم نے ساڑھے پانچ کروڑ روپے کا چھالیہ اورگٹکا پکڑلیا

    کراچی: شہرقائد میں کسٹمز نے مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے ساڑھے پانچ کروڑ روپے مالیت کی چھالیہ سگریٹ اورگٹکا چھالیہ اورممنوعہ اشیاء کی اسمگلنگ ناکام بنادی ۔

    تفصیلات کے مطابق کسٹم ہاوس کراچی میں پریس کانفرنس میں کلیکٹر کسٹم پریوینٹوڈاکٹرافتخار احمد نے ایڈیشنل کلیکٹرکسٹم عامر تہیم اور ڈی سی اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن محمد فیصل کے ہمراہ پریس کانفرنس میں بتایاکہ کسٹم پریونٹو اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن نے ایک ہفتے میں پانچ بڑی کارروائیوں میں چھالیہ اور ممنوعہ اشیاء کی اسمگلنگ کوناکام بنایاہے۔

    انہوں نے بتایاکہ 17 ستمبر کو ریلوے کے ذریعے اسمگلنگ کی اطلاع پر کارروائی کے دوران اسمگل شدہ سامان کی بوگی پکڑی جبکہ ایک ہفتے کے دوران پانچ بوگیاں پکڑی گئیں۔انہوں نے بتایاکہ سٹی اسٹیشن اور متصل جگہ پر پانچ بوگیاں ملتان اور اپرپنجاب کے علاقے سے کراچی مال گاڑی میں آئیں۔ کارروائی کے دوران کچھ گرفتاریاں بھی ہوئی ہیں۔

    انہوں نے بتایاکہ مشترکہ کاروائیوں میں مجموعی طور پر5 کروڑ64لاکھ روپے کی چھالیہ سگریٹ اورگٹکا برآمدکیاجس میں 4 کروڑ سے زائد کا گٹگا، 1 کروڑ سے زائد کی چھالیہ اور 27 لاکھ روپے سے زائد کی سگریٹ پکڑی گئی۔

    افتخاراحمد نے بتایاکہ جہاں سے بوگیاں پکڑی گئیں وہاں بھی کسٹم و دیگر کو اطلاع دی گئی ہے گٹکا کس طرح سے اسمگل کیا گیا تحقیقات کررہے ہیں ،کارروائیوں میں ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایاکہ اسمگلنگ ایک مرتبہ کا جرم نہیں بلکہ مسلسل جرم ہے۔

    ان کاکہناتھاکہ اسمگلرز نئے نئے طریقے ایجاد کرتے رہتے ہیں ، ایک طریقے پر گرفت کی جاتی ہے تو دوسرا طریقہ سامنے آجاتا ہے۔ایڈشنل کلیکٹر کسٹم پریونٹو عامر تہیم نے بتایاکہ اسمگلرز خود سامنے رہ کر کام نہیں کرتے بلکہ ان کے فرنٹ مین کام کرتے ہیں تاکہ ان کے پکڑے جانے کی صورت میں اصل ملزمان واضح نہ ہوسکیں۔

  • سعودی عرب کا قومی دن: پاکستانی نے پاک سعودیہ دوستی کی انوکھی مثال قائم کردی

    سعودی عرب کا قومی دن: پاکستانی نے پاک سعودیہ دوستی کی انوکھی مثال قائم کردی

    ریاض : سعودی عرب کا قومی دن سعودیوں کے ساتھ پاکستانیوں نے بھی ملی جوش وجذبے سے منایا، پاکستانی شہری نے فضاء میں جاکر پاک سعودیہ پرچموں کے ساتھ کیک بھی کاٹا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے88ویں قومی دن کے موقع پر سعودی عرب کے شہریوں کے ساتھ وہاں مقیم پاکستانیوں نے بھی قومی دن انتہائی جوش و خروش اور جذبے سے منایا، ایک پاکستانی شہری نے پیرا شوٹ کے ذریعے فضا میں جاکر پاک سعودیہ پرچموں کے ساتھ کیک بھی کاٹا۔

    ایک پاکستانی نوجوان یحییٰ اشفاق جو کہ مختلف انداز میں انوکھے کارنامے سرانجام دینے کے حوالے سے کافی شہرت رکھتے ہیں نے اپنے سعودی دوست کے ساتھ مل کر یہ دن بھی ایک انتہائی مختلف اور انوکھے طریقے سے منایا۔

    انہوں نے قومی دن کی خوشی کے موقع پر سعودی عرب کے شہر بدر میں سعودی قومی پرچم کو پیراشوٹ میں سوارہو کر فضا میں لہراتے ہوئے ملک کو خراج تحسین پیش کیا۔

    اس کے علاوہ یحییٰ اشفاق اور ان کے دوست نے پاکستان اور سعودیہ کے پرچموں کے ہمراہ فضاء میں ہی کیک بھی کاٹا، عربی قہوے سے لطف اندوز ہوئے اور پاک سعودی دوستی کی ایک نئی اور انوکھی مثال قائم کی. اس موقع پر انتہائی پرجوش اورجذباتی مناظر دیکھنے میں آئے۔

    مزید پڑھیں: سعودی عرب کا قومی دن، برج خلیفہ سعودی پرچم کے رنگ میں رنگ گیا

    علاوہ ازیں سعودی عرب کے88 ویں قومی دن کے موقع پر اماراتی حکام نے سعودی پرچم کو برج خلفیہ کی زینت بنا دیا، اماراتی وزیر داخلہ انور قرقاش نے کہا ہے کہ ہماری کامیابی کے لیے سعودی ریاست کی کامرانی ضروری ہے۔

  • وزیر اعظم عمران خان سے سعودی وزير توانائی کی ملاقات

    وزیر اعظم عمران خان سے سعودی وزير توانائی کی ملاقات

    ریاض: وزیر اعظم عمران خان سے سعودی وزير تونائی خالد الفالح کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں دونوں ممالک میں تجارتی رابطے مزید بہتر کرنے پر غور کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں وزیر اعظم عمران خان سے سعودی وزير تونائی خالد الفالح، صدر سعودی انویسٹمنٹ فنڈ اور ایڈوائزر سعودی کابینہ نے ملاقات کی۔

    ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعلقات پر بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ملاقات میں دونوں ممالک میں تجارتی رابطے مزید بہتر کرنے پر غور کیا گیا جبکہ دو طرفہ تعلقات اور معاشی معاملات پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کی دعوت پر سعودی عرب کے دورہ پر ہیں۔

    وزیر اعظم عمران خان سعودی فرمانروا سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان سے الگ الگ ملاقاتیں کریں گے، جبکہ سعودی فرمانروا وزیر اعظم کے اعزاز میں شاہی محل میں ضیافت بھی دیں گے۔

    وزیر اعظم عمران خان کا یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہے۔

    سعودی عرب پہنچنے کے بعد مدینہ منورہ ایئرپورٹ پر گورنر شہزادہ فیصل بن لمنان نے وزیر اعظم کا استقبال کیا تھا۔ وفاقی وزرا شاہ محمود قریشی، اسد عمر، فواد چوہدری اور مشیر عبد الرزاق داؤد بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں۔

    مقدس سرزمین پر پہنچنے کے بعد عمران خان نے روضہ رسول پر بھی حاضری دی جبکہ بیت اللہ بھی گئے جہاں خانہ کعبہ کا دروازہ ان کے لیے خصوصی طور پر کھولا گیا۔

  • کراچی : مال گاڑی کی بوگی سے لاکھوں مالیت کی اسمگل شدہ چھالیہ اور گٹکا برآمد

    کراچی : مال گاڑی کی بوگی سے لاکھوں مالیت کی اسمگل شدہ چھالیہ اور گٹکا برآمد

    کراچی : کسٹمز کے عملے نے سٹی اسٹیشن پر لاہور سے آنے والی مال گاڑی پر چھاپہ مار کر لاکھوں مالیت کی اسمگل شدہ چھالیہ اور گٹکا برآمد کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کسٹم پریونٹو اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن (اے ایس او) کا اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، ڈپٹی کلکٹر کسٹمز ہیڈ کوارٹر محمد فیصل کو ملنے والی خفیہ اطلاع پر اے ایس او پریوینٹو کے مستعد افسران اور عملے نے ڈپٹی کلکٹر کسٹمز پریوینٹو ہیڈ کوارٹر محمد فیصل کی سربراہی میں سٹی اسٹیشن پر کامیاب کارروائی کی۔

    اس کارروائی  میں لاھور سے آنے والی مال گاڑی کی بوگی سے لاکھوں روپے مالیت کی15000کلو گرام (15 ٹن) اسمگل شدہ چھالیہ اور گٹکا برآمد کیا ہے، تاہم کسی ملزم کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

    رواں ہفتے میں اسمگل شدہ چھالیہ کے خلاف یہ تیسری کامیاب کارروائی ہے اور انشاءاللہ اسمگلنگ کے خلاف اے ایس او پریوینٹو کراچی کی کاروائیاں اس ہی طرح جاری رہیں گی،اس سلسلے میں مزید تفتیش جاری ہے۔

  • نیشنل بینک کو ڈیجیٹل بینکاری کی راہ پرگامزن کرنے کا اعلان

    نیشنل بینک کو ڈیجیٹل بینکاری کی راہ پرگامزن کرنے کا اعلان

    کراچی: نیشنل بینک کے صدر نے اعلان کیا ہے کہ آئی ٹی میں سرمایہ کاری کرکے نیشنل بینک کو ڈیجیٹل بینکاری کی راہ پر گامزن کیا جارہا ہے ، نیشنل بینک سستے گھروں کی تعمیر پر قرضے دینے کی صلاحیت رکھتا ہے

    تفصیلات کے مطابق نیشنل بنک کے صدر طارق جمالی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے نیشنل بینک کو جدید خطوط پر استوار کرنا اولین ترجیح ہے ، ڈوبے ہوئے قرضوں کی وصولی ترجیحی بنیادوں پر کی جائے گی۔

    طارق جمالی نے کہا کہ آئندہ 2سال میں خدمات اور آئی ٹی کے شعبے میں اخراجات میں بچت اور ڈوبے ہوئے قرضوں کی وصولی ترجیحات میں شامل ہیں، ان کا کہنا تھا کہ بینک مالیاتی خدمات کی پسماندہ طبقوں تک توسیع میں اپنا کردار ادا کرے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ بینک آئی ٹی میں سرمایہ کاری کرکے ڈیجیٹل بینکاری کی جانب گامزن ہے، ایشیائی ترقیاتی بینک نے نیشنل بینک کوسال2018 کابہترین تجارتی بینک قراردیا ہے، اے ڈی بی کا یہ ایوارڈ نیشنل بینک کی جانب سے جاری کردہ ایل سیز پر دیا گیا ہے۔

    نیشنل بینک کے صدر نے بتایا کہ نیشنل بینک ٹیکسٹائل شوگر پاور اور زراعت کے شعبوں میں بھاری قرضے جاری کررہا ہے۔ حکومت کی جانب سے 50 لاکھ سستے گھروں کی اسکیم متعارف کرانے کے ارادے پر تبصرہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نیشنل بینک ان گھروں کی تعمیر کے لیے قرض فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

    انہوں نے یہ بھی بتایا کہ تا حال حکومت کی جانب سے تاحال حکومت کی جانب سے نیشنل بینک کو کوئی پالیسی گائیڈ لائن نہیں دی گئی۔ طارق جمالی نے یہ بھی بتایا کہ سابقہ حکومت میں شروع کی گئی وزیراعظم یوتھ لون اسکیم جاری ہے مگر سست روی کا شکار ہے۔

  • بچے کے معذور ہونے کا معاملہ، نیپرا کا کے الیکٹرک کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا اعلان

    بچے کے معذور ہونے کا معاملہ، نیپرا کا کے الیکٹرک کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا اعلان

    کراچی: نیپرا نے کے الیکٹرک کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کے الیکٹرک کے خلاف سیفٹی اسٹینڈرڈ پر پورا نہ اترنے پر کارروائی ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک کی نااہلی سے بچے کے معذور ہونے کے معاملے پر نیپرا نے نوٹس لیتے ہوئے کے الیکٹرک کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا اعلان کیا ہے۔

    نیپرا کا کہنا ہے رابطے کے باوجود کے الیکٹرک نے اب تک رپورٹ پیش نہ کی، کے الیکٹرک کے خلاف سیفٹی اسٹینڈرڈ پر پورا نہ اترنے پر کارروائی ہوگی۔

    واضح رہے کہ چند روز قبل کراچی کے علاقے احسن آباد میں کے الیکٹرک کی لاپرواہی کے باعث 8 سالہ بچے عمر پر بجلی کے تار گرگئے تھے ، جس کے باعث بچے کے دونوں بازو ضائع ہوگئے تھے۔

    مزید پڑھیں: ننھا عمر دونوں بازؤں سےمحروم، غفلت پر کے الیکٹرک کیخلاف مقدمہ درج

    متاثرہ بچے کے والدین کی جانب سے کے الیکٹرک کی لاپرواہی پر ادارے کے خلاف بھرپور قانونی چارہ جوئی کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    بعد ازاں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے 8 سالہ بچے عمر کے بازو ضائع ہونے پر کے الیکٹرک کے حکام سے تار گرنے کی وضاحت طلب کرتے ہوئے متاثرہ بچے کو علاج معالجے کی تمام سہولتیں فرام کرنے کی ہدایات جاری کی تھی۔

    مزید پڑھیں: کے الیکٹرک کی نااہلی کا ایک اور واقعہ، نوجوان کرنٹ لگنے سے جاں بحق

    خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی شہر قائد کے علاقے لانڈھی میں کے الیکٹرک کی نااہلی کا ایک اور واقعہ سامنے آیا تھا جہاں 25 سالہ نوجوان لٹکتے تار سے کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگیا تھا۔

  • پاکستان ریلوے کا بکنگ نظام بیٹھ گیا

    پاکستان ریلوے کا بکنگ نظام بیٹھ گیا

    کراچی: پاکستان ریلویز کا ملک بھر میں بکنگ کا نظام بیٹھ گیا جس کے باعث تمام بڑے اسٹیشنز پر مسافروں کی قطاریں لگ گئیں۔

    ذرائع کے مطابق ملک بھرمیں ریلوےکابکنگ نظام بیٹھ گیا، بیک اپ نظام کی مدد سے چند اسٹیشنز پر کام جاری ہے کراچی سٹی اورحیدرآباد کے علاوہ کراچی ڈویژن میں تمام جگہ بکنگ بند کردی گئی۔

    سسٹم بیٹھ جانے کی وجہ سے ملک کے مختلف بڑے شہروں کے اسٹیشنز  پر سیٹوں کی بکنگ کے لیے آئے ہوئے مسافروں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

    مزید پڑھیں: ریلوے کے لیے جیب سے بھی پیسہ لگانا پڑا تو لگاؤں گا: شیخ رشید

    ڈی سی او ریلوے اسحاق بلوچ نے سسٹم میں پیدا ہونے والی خرابی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ لاہورسےلنک ڈاؤن ہوا جس کے باعث  بکنگ نہیں ہوپارہی۔

    اُن کا کہنا تھا کہ کراچی کا سسٹم ٹھیک تو ہے مگر لنک بند ہونے کی وجہ سے کینٹ،ڈرگ روڈ اور لانڈھی اسٹیشنز پربکنگ بند کردی گئی تاہم صرف سٹی اسٹیشن پر ٹکٹس کی بکنگ کی جارہی ہے۔

    واضح رہے کہ محکمہ ریلوے کی سروس میں بہتری آنے کے بعد اندرونِ شہر جانے والے مسافر بذریعہ ٹرین سفر کرتے ہوئے جو انہیں سستا اور آسان پڑتا ہے۔

  • پاک بحریہ کا جہازمصرکے دفاعی دورے پرالیگزینڈریہ پہنچ گیا

    پاک بحریہ کا جہازمصرکے دفاعی دورے پرالیگزینڈریہ پہنچ گیا

    کراچی: پاک بحریہ کا جہاز پی این ایس سیف ان دنوں مصر کی بندر گاہ الیگزینڈریا( اسکندریہ) کا دورہ کررہا ہے جہاں پاک بحریہ کے حکام کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق الیگزینڈریا کی بندر گاہ پہنچنے پر پاکستان کے دفاعی اتاشی اور مصر کی بحریہ کے آفیسرز نے پاکستانی جہازکاپرتپاک استقبال کیا ، دفاعی نوعیت کے اس اہم دورے میں میری ٹائم سیکیورٹی میں پاک بحریہ کے مستعد کردار کو اجاگر کیا گیا۔

    جہاز کے کمانڈنگ آفیسر نے مصر کی بحریہ کے سینئر آفیسرز سے ملاقاتیں کی اور ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے پیشہ ورانہ اُمور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر پی این ایس سیف کے کمانڈنگ آفیسرنے الیگزینڈریا میں یادگارِشہداء پر پھولوں کی چادر بھی چڑھائی۔

    پی این ایس سیف پر منعقدہ تقریب کے دوران پاک بحریہ کے کمانڈنگ آفیسر نے علاقائی میری ٹائم سکیورٹی میں پاک بحریہ کے مستعد کردار کو اُجاگر کیا گیا۔

    ترجمان پاک بحریہ کا کہنا تھا کہ پی این ایس سیف کا یہ دورہ دونوں ممالک کے مابین تعلقات میں مزید استحکام کا باعث ہو گا۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل روسی نیول ڈے پر پاک بحریہ کا ایک اور جہاز پی این ایس اصلت بھی روس کا دورہ کرچکا ہے، رشین فیڈریشن نیوی کے مختلف عہدیداران نے اس موقع پر جہاز کا دورہ بھی کیا تھا۔پی این ایس اصلت نے رشین فیڈریشن نیوی ڈے کی تقریبات میں بھی شرکت کی۔ رشین فیڈریشن نیوی ڈے کی تقریبات میں شریک ہونے والا یہ واحدغیر ملکی بحری جہاز تھا۔

  • سونے کی قیمتوں میں 200 روپے اضافہ

    سونے کی قیمتوں میں 200 روپے اضافہ

    کراچی / اسلام آباد: عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتیں برقرار رہنے کے باوجود پاکستان کے مقامی صرافہ بازاروں میں فی تولہ نرخ میں 200 روپے اضافہ دیکھا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران سونے کی فی اونس قیمت 1194 ڈالر  پر مستحکم رہنے کے باوجود مقامی صرافہ بازاروں میں فی تولہ اور دس گرام کی سونے کی قیمتوں‌ میں‌ اضافه ہوا۔

    آل سندھ صرافہ بازار ایسوسی ایشن کے ترجمان کے مطابق سونے کے فی تولہ نرخ 200 روپے زیادہ ہوئے جس کے بعد نئی قیمت 58ہزار 650 روپے تک پہنچی جبکہ 10 گرام کے نرخ 172 روپے اضافے کے بعد 50ہزار 2سو 83 روپے تک پہنچے۔

    مزید پڑھیں: سونے کی فی تولہ قیمت میں اضافہ

    سونے کے تاجروں کا کہنا ہے کہ کراچی، حیدر آباد، سکھر، ملتان، فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کی مقامی مارکیٹوں میں سونے کی خرید و فروخت نئے داموں کے ساتھ ہوئی۔ علاوہ ازیں چاندی کی فی تولہ قیمت 800 روپے ریکارڈ کی گئی۔

    آج کے بھاؤ

    فی تولہ سونے کے بھاؤ 58,650 روپے

    دس گرام سونے کے ریٹ 50,283 روپے

    چاندی کے فی تولہ ریٹ 800 روپے

    واضح رہے کہ گزشتہ روز عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت میں 2 ڈالر کا اضافہ ہوا تھا جس کے بعد قیمت 1194 ڈالرز تک پہنچ گئیں تھیں، انٹرنیشنل مارکیٹ میں اضافے کے منفی اثرات مقامی بازاروں میں بھی دیکھے گئے تھے۔

    خیال رہے کہ 4 ستمبر کو عالمی مارکیٹ میں اضافے کے بعد مقامی صرافہ بازار میں سونا 100 روپے مہنگا ہوا تھا جس کے بعد قیمت 58 ہزار روپے فی تولہ تک پہنچی تھیں۔

    یہ بھی پڑھیں: سونے کی قیمت میں دوہزار روپے کا ہوشربا اضافہ، فی تولہ58300روپے ہوگیا

    اس سے قبل 28 اگست سونے کی فی تولہ قیمت میں اچانک 2 ہزار روپے کا اضافہ دیکھا گیا تھا جس کے بعد قیمت 58ہزار 300 روپے تک پہنچ گئیں تھیں۔

  • سونے کی فی تولہ قیمت میں اضافہ

    سونے کی فی تولہ قیمت میں اضافہ

    کراچی / اسلام آباد: عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت میں 2 ڈالر اضافہ ہوا جس کے بعد مقامی صرافہ بازاروں میں بھی سونے کے نرخ بڑھ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران سونے کی قیمت میں 2 ڈالر اضافہ ہوا اور قیمت 1194 ڈالر فی اونس تک پہنچی جس کے منفی اثرات مقامی صرافہ بازاروں پر بھی نظر آئے۔

    آل سندھ صرافہ بازار ایسوسی ایشن کے ترجمان کے مطابق انٹرنیشنل مارکیٹ میں اضافے کے بعد سونے کے فی تولہ نرخ 450 روپے زیادہ ہوئے جس کے بعد نئی قیمت 58ہزار 450 روپے تک پہنچی جبکہ 10 گرام کے نرخ 385 روپے اضافے کے بعد 50ہزار 1سو 11 روپے تک پہنچے۔

    مزید پڑھیں: سونے کی قیمت میں دوہزار روپے کا ہوشربا اضافہ، فی تولہ58300روپے ہوگیا

    سونے کے تاجروں کا کہنا ہے کہ کراچی، حیدر آباد، سکھر، ملتان، فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کی مقامی مارکیٹوں میں سونے کی خرید و فروخت نئے داموں کے ساتھ ہوئی۔

    قبل ازیں 4 ستمبر کو عالمی مارکیٹ میں اضافے کے بعد مقامی صرافہ بازار میں سونا 100 روپے مہنگا ہوگیا تھا جس کے بعد قیمت 58 ہزار روپے فی تولہ تک پہنچی تھیں۔

    اس سے قبل 28 اگست سونے کی فی تولہ قیمت میں اچانک 2 ہزار روپے کا اضافہ دیکھا گیا تھا جس کے بعد قیمت 58ہزار 300 روپے تک پہنچ گئیں تھیں۔