Author: انجم وہاب

  • وطن کے لیے جینا اور وطن پر نثار ہونا اولین فرض ہے، ایئر چیف مارشل

    وطن کے لیے جینا اور وطن پر نثار ہونا اولین فرض ہے، ایئر چیف مارشل

    سرگودھا: پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے کہا ہے کہ وطن کے لیے جینے اور وطن پر نثار ہونے کے عہد کی پاسداری ہمارا اولین فرض ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایئر پاور سینٹر آف ایکسیلنس سرگودھا میں کمبیٹ کمانڈرز اسکول کے 50ویں فضائیہ کمانڈر کورس کی گریجویشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، پاک فضایہ کے سربراہ اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

    ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے کہا کہ برسوں کے تجربات سے ثابت ہوچکا ہے کہ بہترین تربیت یافتہ اور عزم و ہمت کی مالک فوج افرادی قوت اور ہتھیاروں کی کمی جیسے عوامل پر بھی قابو پالیتی ہے۔

    انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ کمبیٹ کمانڈرز اسکول پاک فضائیہ کی عسکری قیادت کی بے مثال عملی تربیت میں کلیدی کردار ادا کررہا ہے، حب الوطنی کے جذبے پر زور دیتے ہوئے انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک فضائیہ پاکستانی کی فضائی سرحدوں کی حفاظت میں بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔

    اس موقع پر گریجویٹنگ آفیسرز میں سرٹیفکیٹ اور اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں ٹرافیاں تقسیم کی گئیں، بہترین کمبیٹ کمانڈر کی چیف آف دی ایئر اسٹاف ٹرافی ونگ کمانڈر فہد ساجد پیرزادہ نے حاصل کی جبکہ بہترین کمبیٹ کنٹرولر کی ایئر آفیسر کمانڈنگ ایئر ڈیفنس کمانڈ ٹرافی اسکواڈرن لیڈر طیب سعید قریشی نے حاصل کی۔

    تقریب میں پرنسپل اسٹاف آفیسرز کے علاوہ پاک فضائیہ کے فیلڈ کمانڈرز نے بھی شرکت کی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • پاکستانی انجینئرز کے لیے خوش خبری

    پاکستانی انجینئرز کے لیے خوش خبری

    کراچی: پاکستان انجینئرنگ کونسل نے نیا اعزاز حاصل کرلیا جس کے بعد اب پاکستانی انجینئرز کی عالمی مارکیٹ میں مانگ مزید بڑھ جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں جنیوا معاہدے کے تحت پاکستان انجینئرنگ کونسل کے چیئرمین جاوید سلیم کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں پی ای سی  نیا اعزاز دینے سے متعلق گفتگو کی گئی۔

    ذرائع کے مطابق اجلاس میں پاکستان انجینئرنگ کونسل کو انٹرنیشنل پروفیشنل انجئینرنگ لائسنس جاری کرنے کا اختیار دیا گیا جس کے بعد اب وہ لائسنس جاری کرسکتی ہے۔

    انٹرنیشنل پروفیشنل انجئینرنگ لائسنس جاری کرنے کا اختیارملنا پاکستان کے لیے بہت بڑا اعزاز ہے کیونکہ اس سے پاکستان کے انجینیئرز کی عالمی مارکیٹ میں مانگ بڑھ جائے گی۔

    اختیار ملنے کے بعد پاکستان کو عالمی مارکیٹس میں نمایاں مقام حاصل ہوجائے گا۔

    پاکستان انجینئرنگ کونسل کے چئیرمین جاوید سلیم قریشی نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ اب پاکستان کے انجینئرز دنیا بھر کے باقی انجینئرز کی طرح مارکیٹ میں کام کریں گے اور ملازمتوں کے لیے دنیا بھر میں کہیں بھی اپلائی کرنے کے ساتھ ذاتی کمپنیاں بھی کھول سکتے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ابھی دنیا کے انیس ممالک کو انٹرنیشنل پروفیشنل انجئینرنگ لائسنس جاری کرنے کا اختیا ر دیا گیا ہے۔جاوید سلیم قریشی کا کہنا تھا کہ سی پیک اور دیگر میگا پروجیکٹ کے لیے اب ستر فیصد پاکستان انجینئرز بھرتی کئے جائیں گے۔

    واضح رہے کہ پاکستان انجیئرنگ کونسل کا قام 24 جنوری 2011 کو 176 ایکٹ کے تحت قائم کیا گیا تھا جس کا مقصد پاکستان میں فنی تعلیم حاصل کرنے والے شہریوں کو اچھا پلیٹ فارم کرنا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • سعودی عرب کے تاریخی شہر طائف میں انوکھے میلے کا آغاز

    سعودی عرب کے تاریخی شہر طائف میں انوکھے میلے کا آغاز

    ریاض: سعودی عرب کے تاریخی شہر طائف میں عکاظ میلے کا آغاز ہوگیا ہے، 13 جولائی تک جاری رہنے والے میلے میں لاکھوں افراد شرکت کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی نئی نسل اور دنیا بھر کو عرب کی قدیم تہذیب سے روشناس کروانے کے لیے گزشتہ بارہ سالوں سے تاریخی شہر طائف میں عکاظ میلے کا انعقاد کیا جاتا ہے جس میں عرب کے مختلف قبائل کے رہن سہن اور ان کی ثقافت کو متعارف کروایا جاتا ہے۔

    سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے گورنر مکہ شہزادہ خالد الفیصل اور محکمہ سیاحت و قومی ورثا کے سربراہ شہزادہ سلطان بن سلمان کو عکاظ میلے کے انعقاد پر مبارکباد دی اور میلے کی کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔

    عکاظ میلے میں لوگوں کی بڑی تعداد قدیم لباس پہنے میلے میں شرکت کرتی ہے، میلے میں نیزہ بازی کے مقابلے بھی ہوتے ہیں اور سعودی روایتی رقص بھی پیش کیا جاتا ہے۔

    میلے میں خرید و فروخت تو ہوتی ہی ہے ساتھ ساتھ اسٹیج شو، ڈسکشن فورمز، منبر شعر و سخن، آرٹسٹ اسٹوڈیو یہاں آنے والوں کی توجہ اور بھی بڑھا دیتے ہیں، میلے میں شرکت کرنے والے لوگ خود کو پرانے دور میں محسوس کرتے ہیں، پرانے زمانے کے جنگی آلات توجہ کا خاص مرکز رہتے ہیں۔

     عکاظ کا تذکرہ قدیم عرب لٹریچر اور تاریخ میں بھی ملتا ہے، ظہور اسلام سے قبل بھی یہ بازار اپنے فن، تجارت شعر و سخن اور لوگوں کے میل ملاپ کا ایک بڑا مرکز تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • آئیڈیاز 2018: سندھ حکومت اورملٹری قیادت کا اعلیٰ سطحی اجلاس

    آئیڈیاز 2018: سندھ حکومت اورملٹری قیادت کا اعلیٰ سطحی اجلاس

    کراچی : وزیراعلیٰ ہاؤس میں نگران وزیراعلیٰ سندھ فضل الرحمن کی زیرِ صدارت دفاعی سازوسامان کی نمائش آئیڈیا 2018 کی اسٹیئرنگ کمیٹی کی اجلاس منعقد کیا گیا، اجلاس میں نمائش کے انعقاد سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کی اہم ترین دفاعی نمائش آئیڈیاز 2018 جس کا انعقاد رواں سال نومبر کے مہینے میں ہوریا ہے، اس کی تیاریوں کے لیے سول اور عسکری حکام کی اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد ہوئی جس حکومت اور تینوں مسلح افواج کے سینئر افسران شریک ہوئے ۔

    وزیراعلیٰ سندھ کے زیرِ صدارت ہونے والے اس اجلاس میں ڈی جی ڈیپو میجر جنرل محمود حیات، ڈی جی رینجرز، آئی جی سندھ، میئر کراچی، کمشنر کراچی، پرنسپل سیکریٹری، سندھ پولیس کے سینئر افسران، صوبائی سیکریٹریز، پاکستان آرمی، نیوی و ایئرفورس کے سینئر افسران شریک ہوئے۔

    آئیڈیاز 2018 ، ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائیزیشن (ڈیپو) کے زیرِ اہتمام 27 نومبر سے 30 نومبر تک کراچی ایکسپو سنٹر میں منعقد ہوگی۔،

    اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ آئیڈیاز 2000 میں پہلی بار منعقد ہونے کے بعد سے اب تک یہ نمائش مینوفیکچرز، مالیاتی ماہرین اوراعلیٰ سطحی پالیسی سازوں کے لیے اہم ہوگئی ہے ، اس نمائش سے پاکستان کے اسٹریٹجک تعلقات کو مزید استحکام ملے گا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ہر دو سال بعد منعقد ہونے والی اس نمائش کے انعقاد سے پاک فوج کے تینوں شعبہ جات کو اپنی عسکری قوت نمایاں کرنے کا موقع ملتا ہے ۔ اس سلسلے میں حکومتی اداروں، افواج پاکستان، امن و امان قائم کرنے والے اداروں، دفاعی مصنوعات کی صنعت، تجارتی انجمنوں اور کراچی کے عوام کی کوششیں لائق تحسین ہیں۔

    وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ یہ ہمارا ایونٹ ہے، سندھ حکومت میزبان ہے اور ہمیں اس کو ایک زبردست ایونٹ بنانا ہے۔سندھ حکومت کے ایم سی کی مدد سے آئیڈیاز 2018 کے انعقاد کے موقع پر شہر کو خوبصورت بنائے گی

    دوسری جانب اجلاس کے بعد ڈ ائریکٹر جنرل ڈیپو ،میجر جنرل محمود حیات نے نمائش کے حوالے سے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ نمائش میں جدید ٹیکنالوجی کی مصنوعات پیش کی جائیں گی۔

    ان کے ترجمان کے مطابق ڈی جی ڈیپو نے یہ بھی کہا کہ انٹرنیشنل ڈیفنس ایگزی بیشن کے ساتھ ساتھ سیمینار بھی منعقد کیے جائیں گے ۔ اس موقع پر ثقافتی پروگرامز بھی منعقد کیے جائیں گے اور حکومت اور نجی اداروں کے درمیان تجارتی معاہدے بھی تشکیل دیئے جائیں گے۔

    ان کے ترجمان کے مطابق نگران وزیر اعلیٰ سندھ نے اپنی حکومت کے تمام اداروں کو اس کانفرنس کے انعقاد میں ہر ممکن تعاون کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • سعودی عرب: خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت ملنے کے بعد پہلا حادثہ

    سعودی عرب: خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت ملنے کے بعد پہلا حادثہ

    دمام: سعودی عرب میں خواتین کو گاڑی چلانے کی اجازت ملتے ہی خاتون ڈرائیور سے پہلا حادثہ ہوگیا جس میں خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    سعودی حکومت کی جانب سے اعلان کے  بعد مقامی خواتین کو 28 سال بعد آج یعنی 24 جون سے گاڑی خود چلانے کی اجازت ملی تو پولیس کی بھاری نفری سڑکوں پر گشت کرتی رہی۔

    اطلاعات کے مطابق سعودی عرب میں واقع عبد العزیز روڈ پر پہلا حادثہ ہوا جس میں خوش قسمتی سے خاتون ڈرائیور محفوظ رہیں، فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گاڑی کا اگلا حصہ زمین کی طرف جبکہ پچھلا حصہ ہوا میں اٹھا ہوا ہے۔

    گزشتہ رات بارہ بجتے ہی سعودی خاتون مجدولین العتیق اپنی گاڑی ریاض کی سڑکوں پر لائیں اور انہوں نے خود گاڑی چلا کر سعودی عرب کی پہلی خاتون ڈرائیور کا اعزاز اپنے نام کیا۔ شہزادہ الولید بن طلال بھی اپنی صاحبزادی کے ساتھ سڑک پر نکلے اس موقع پر وہ خود نہیں بلکہ بیٹی گاڑی چلارہی تھیں۔

    مقامی اخبار کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں دوسرے ممالک کے ڈرائیورز کی تعداد تیرہ لاکھ سے زائد ہے جنہیں سعودی خاندانوں نے ڈرائیور کے طور پر ملازمت دی، اس ضمن میں سالانہ 33 ارب ریال صرف تنخواہ کی مد میں دئیے جاتے ہیں۔

    دوسری جانب سعودی حکومت نے خبر دار کیا ہے کہ دوران ڈرائیونگ خواتین کی تصویر بنانے پر دو سے پانچ برس قید اور پانچ لاکھ ریال جرمانہ ہوگا، سعودی خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت ملنے سے ملک کو سالانہ بیس ارب ریال کی بچت بھی ہوگی۔ علاوہ ازیں حکومت نے غیر ملکی خواتین کی مخصوص تعداد کو گاڑی چلانے کی اجازت دی۔

    ماہرین کے مطابق سعودی حکومت آئندہ دس برسوں میں 50 فیصد غیر ملکی خواتین کو گاڑیاں چلانے کی اجازت دے سکتی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ہائیڈرو گرافک سرگرمیاں معیشت میں پائیدار اضافے کا مؤثر ذریعہ ہیں: نیول چیف

    ہائیڈرو گرافک سرگرمیاں معیشت میں پائیدار اضافے کا مؤثر ذریعہ ہیں: نیول چیف

    کراچی: ہائیڈرو گرافی کے عالمی دن کے موقع پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہائیڈرو گرافک سرگرمیاں قومی معیشت میں پائیدار اضافے کا مؤثر ذریعہ ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ہائیڈرو گرافی کے عالمی دن کے موقع پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے اپنے پیغام میں کہا کہ میرین اور میری ٹائم سیکٹر کا ملکی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ہے۔ ہائیڈرو گرافک سرگرمیاں قومی معیشت میں پائیدار اضافے کا مؤثر ذریعہ ہیں۔

    سربراہ پاک بحریہ کا کہنا تھا کہ حجم کے لحاظ سے 90 فیصد اور مقدار کے لحاظ سے پاکستان کی 70 فیصد تجارت سمندر کے راستے ہوتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ محفوظ جہاز رانی کو یقینی بنانے اور میری ٹائم سیکٹر میں معاشی سرگرمیوں کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔ بحری وسائل کی تلاش کے ضمن میں ہائیڈرو گرافک سرگرمیوں کی افادیت ایک مسلمہ حقیقت ہے۔

    نیول چیف نے مزید کہا کہ پاکستان نیوی ہائیڈرو گرافک ڈپارٹمنٹ مطلوبہ سمندری معلومات اور ڈیجیٹل چارٹس فراہم کرتا ہے تاکہ پاکستانی بحری خطے کو جہاز رانی کے لیے یقینی طور پر محفوظ بنایا جائے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • سعودی عرب میں غیر قانونی طور پر مقیم پاکستانیوں کے لیے سفارت خانے کا اہم اقدام

    سعودی عرب میں غیر قانونی طور پر مقیم پاکستانیوں کے لیے سفارت خانے کا اہم اقدام

    ریاض: پاکستانی سفارت خانے نے سعودی عرب میں غیر قانونی طور پر مقیم یا جیلوں میں بند پاکستانیوں کے لیے بڑا قدم اٹھا لیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی سفارتخانے نے ہم وطنوں کے لیے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے اعلان کیا کہ ہے کہ ویزہ ختم ہونے کے بعد سعودی عرب میں مقیم یا جیلوں میں بند پاکستانی اپنی معلومات سفارت خانے کو ارسال کریں۔

    اعلامیے کے مطابق وطن واپسی کے خواہش مند افراد خروج نہائی فارم سفارت خانے میں جمع کرائیں تاکہ اُن کی پاکستان واپسی کے لیے قانون کے مطابق ہر ممکن کوشش کی جاسکے اور یہ معاملہ سعودی حکام کے سامنے بھی اٹھایا جائے۔

    سفارت خانے کی جانب سے جاری اعلامیے میں خصوصا پاکستانی مزدوروں کو متوجہ کیا گیا اور ساتھ میں یہ بھی وضاحت کی گئی کہ معلومات جمع کروانا خروج نہائی کے حصول کی ضمانت نہیں اس کے لیے قانونی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے حتی الامکان پاکستانیوں کی واپسی کو یقینی بنایا جائے گا۔

    ریاض میں موجود پاکستانی ایمبیسی کی جانب سے ایک لنک بھی دیا گیا ہے جس میں فارم موجود ہے، متعلقہ افراد اس کو آن لائن بھر کر بھی جمع کرواسکتے ہیں علاوہ ازیں فارم کی کاپی بھی سفارت خانے سے حاصل کی جاسکتی ہے۔

    آن لائن درخواست کا لنک : غیر قانونی طور پر مقیم پاکستانی یہ فارم بھرکر جمع کروائیں

    واضح رہے کہ سعودی عرب کے مختلف شہروں میں پاکستانیوں کی بڑی تعداد مزدوری کی غرض سے موجود ہے جبکہ ان میں سے سینکڑوں ایسے تارکین وطن بھی ہیں جو ویزے کی معیاد ختم ہونے کے باعث چھپ کر یا پھر جیلوں میں قید کی زندگی بسر کررہے ہیں۔

    واضح رہے کہ وفاقی وزیر خارجہ خواجہ آصف نے دو ماہ قبل فروری کے مہینے میں مختلف ممالک کی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی تفصیلات سینیٹ میں پیش کی تھیں جس کے مطابق بیرون ملک میں گرفتار یا نظر بند پاکستانیوں کی تعداد 10 ہزار 715 ہے۔

    وزیرخارجہ کی جانب سے جمع کرائے گئے جواب میں کہا گیا تھا پاکستانیوں کی سب سے زیادہ تعداد 3 ہزار 87 سعودی عرب کی جیلوں میں موجود ہے جبکہ یو اے ای میں 2 ہزار 710 پاکستانی شہری نظر بند ہیں۔

    سابق وفاقی وزیر خارجہ کی جانب سے جمع کرائے گئے جواب میں یہ بھی بتایا گیا تھاکہ بنگلا دیش میں 40، ملائشیا میں 226 پاکستانی نظر بند ہیں علاوہ ازیں یورپ، برطانیہ اور امریکا میں بھی پاکستانی شہری جیلوں میں موجود ہیں۔

    واضح رہے کہ اچھی آمدن حاصل کرنے کے لیے پاکستانیوں کی بڑی تعداد خلیجی ممالک سمیت مختلف ملکوں کا رخ کرتی ہے، گزشتہ برس بنکاک میں حراست میں لیے گئے شہری کی والدہ نے عدالت میں درخواست دائر کی تھی کہ حکومتی سطح پر بیٹے کو ئی مدد فراہم نہیں کی جارہی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • مٹھائی کے نام پر موت بانٹنے والے عناصر کے خلاف کراچی میں سندھ فوڈ اتھارٹی کا میگا آپریشن

    مٹھائی کے نام پر موت بانٹنے والے عناصر کے خلاف کراچی میں سندھ فوڈ اتھارٹی کا میگا آپریشن

    کراچی: سندھ فوڈ اتھارٹی نے شہر قائد میں زہر آلود مٹھائیاں بنانے والی غیر قانونی فیکٹریوں پر چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے مالکان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق مٹھائی کے نام پر موت بانٹنے والے عناصر کے خلاف سندھ فوڈ اتھارٹی سرگرم ہوگئی، کراچی کے علاقے کورنگی کی کچی آبادیوں میں سوئیٹس اینڈ بیکرز کی تین غیر قانونی فیکٹریوں پر چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے مالکان کو گرفتار کر لیا۔

    ڈائریکٹر سندھ فوڈ اتھارٹی ڈاکٹر ابرار شیخ کا کہنا ہے کہ سندھ فوڈ اتھارٹی (ایس ایف اے) نے خفیہ اطلاع اور ریکی کے بعد کورنگی ڈیڑھ اور کورنگی ڈھائی نمبر میں غیر قانونی فیکٹریوں پر چھاپے مارے، فیکٹریاں طویل عرصہ سے زہر آلود مٹھائیاں اور بیکری آئٹمز تیار اور فروخت کر رہی تھیں۔


    پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائی‘ 2 غیرملکی ریسٹورینٹ سیل


    انہوں نے کہا کہ چھاپے کے نتیجے میں رنگ کا مضر صحت فوڈ کلر، اور زنگ آلود اشیاء برآمد کی گئیں جبکہ چھاپے کے دوران کراچی سائیٹس اینڈ بیکرز ایسوسی ایشن کے نمائندے بھی موجود تھے۔

    ڈائریکٹر سندھ فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ اس چھاپے کے دروان فیکٹری مالکان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا ہے، گرفتار ملزمان کو تھانہ کورنگی کے حوالے کیا گیا ہے۔


    لاہور: جعلی کولڈ ڈرنک فیکٹری پرچھاپہ، ہزاروں بوتلیں ضبط


    ڈاکٹر ابرار شیخ کا مزید کہنا تھا کہ عوام کی صحت سے کھیلنے کی اجازت کسی کو نہیں دی جاسکتی، تاجر طبقے کو چھاپے مار کر خوفزدہ نہیں کرنا چاہتے، لیکن اپنی ذمہ داری بخوبی نبھائیں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • عمرہ ویزا ختم ہونے پر سعودی عرب میں قیام پر 6 ماہ قید اور بھاری جرمانہ کی سزا

    عمرہ ویزا ختم ہونے پر سعودی عرب میں قیام پر 6 ماہ قید اور بھاری جرمانہ کی سزا

    ریاض: سعودی عرب نے ویزا کی مدت ختم ہونے کے باوجود قیام کرنے والے زائرین پر6 ماہ قید اور بھاری جرمانہ عائد کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں حکام نے خبردار کیا ہے کہ عمرے کے ویزے کی معیاد ختم ہونے کے بعد قیام کرنے والی زائرین کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

    سعودی ڈائریکٹریٹ جنرل آف پاسپورٹس کی جانب سے اعلامیہ جاری کیا گیا ہے کہ وہ عمرہ زائرین جو ویزا کی معیاد ختم ہونے کے باوجود سعودی عرب میں قیام کررہے ہیں، ان زائرین کو ملک بدر کرنے سے پہلے 50 ہزار ریال کا جرمانہ اور چھ ماہ قید کی سزا بھگتنا پڑے گی۔

    اعلامیہ میں تمام غیر ملکی عمرہ زائرین کو تلقین کی گئی ہے کہ وہ اپنے طے شدہ سفری شیڈول کے مطابق ویزے کی معیاد ختم ہونے سے قبل واپس چلے جائیں، انہیں یہاں قیام یا کام کرنے کی اجازت نہیں تاہم عمرے کے ویزے پر آنے والوں کو مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور جدہ جانے کی اجازت ہے البتہ کسی چوتھے شہر جانے کی اجازت نہیں۔

    حکام نے شہریوں اور رہائشیوں کو خبردار کیا کہ عمرے کے ویزے کی معیاد ختم ہونے کے بعد زائرین کو ملک میں رہنے میں مدد دینے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

    سعودی ادارہ برائے شماریات کے مطابق سال 2017ء کے دوران ایک کروڑ 90 لاکھ 79 ہزار 306 افراد نے عمرہ ادا کیا۔ ان افراد میں سے 65 لاکھ 32 ہزار 74 افراد بیرون ملک سے آئے تھے۔

    یاد رہے کہ لاکھوں کی تعداد میں مسلمان عمرہ کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب آتے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • پانی کی کمی کے باعث آم کی پیداوار میں کمی کا خدشہ

    پانی کی کمی کے باعث آم کی پیداوار میں کمی کا خدشہ

    کراچی: موسم گرما کا آغاز ہوتے ہی دنیا بھر میں پاکستان کے آموں کی مانگ میں اضافہ ہوجاتا ہے اور یہ کئی ممالک برآمد کیے جاتے ہیں تاہم امسال موسمیاتی تبدیلیوں اور پانی قلت کے باعث اس پھل کی پیداوار 35 فیصد کم رہنے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

    فروٹ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے سربراہ وحید احمد کا کہنا ہے کہ اقتصادی راہداری کے ذریعے چین کو پہلی بار زمین راستے کے ذریعے آم  برآمد کیا جائے گا جس کا آغاز 20 مئی سے ہوگا۔

    اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان سے دنیا بھر میں آم کی برآمدات کا آغاز دو دن بعد ہوگا، اس بار ایک لاکھ ٹن آموں کی برآمد کا ہدف مقرر کیا ہے جس کے ذریعے 100 ملین ڈالر کی آمدنی متوقع ہے۔

    فروٹ ایکسپورٹر کے سربراہ کا کہنا تھا کہ پانی کی قلت اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کی وجہ سے رواں سال آم کی پیداوار 35 فیصد کم ہونے کا اندیشہ ہے جبکہ صرف چین کو رواں برس 500 سے 2ہزار ٹن تک آم برآمد کیے جانے کی توقع بھی ہے۔

    مزید پڑھیں: مراکش میں پاکستانی آموں کا فیسٹیول

    اُن کا کہنا تھا کہ دیگر ممالک میں جاپان کو 100 سے 150 ٹن پھل بھیجا جائے گا جبکہ ایران کی کرنسی میں غیر معمولی کمی کے باعث کوئی بھی شخص آم وہاں بھیجنے کا خواہش مند نہیں ہے کیونکہ ایسی صورت میں اچھی قیمت نہیں ملے گی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ برس موسم گرما میں ماہرین نے متنبہ کیا تھا کہ رواں سال موسمیاتی تغیرات کی وجہ سے آموں کی پیداوار شدید متاثر ہونے کا خدشہ ہے کیونکہ کلائمٹ چینج کے اثرات تیزی سے پاکستان پر اثر انداز ہورہے ہیں۔

    پاکستان آم کا اہم برآمد کنندہ

    پاکستان دنیا بھر میں آموں کی پیداوار کے حوالے سے چوتھا بڑا ملک سمجھا جاتا ہے۔ اس کی کل پیداوار کا 7 فیصد حصہ برآمد کیا جاتا ہے۔ یہ برآمدات یورپ سمیت 47 ممالک کو کی جاتی ہے۔ گزشتہ سال ان برآمدات میں 16 فیصد اضافہ دیکھا گیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔