Author: انجم وہاب

  • کسٹم ہاؤس کراچی میں پراسرارآتش زدگی

    کسٹم ہاؤس کراچی میں پراسرارآتش زدگی

    کراچی: شہرقائد میں واقع کسٹم ہاؤس میں آتش زدگی کے پراسرار واقعے میں اہم فائلیں اور ریکارڈ رنذرِ آتش ہوگیا‘ فائر بریگیڈ کا عملہ آگ بجھانے میں مصروف ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج بروز پیر کسٹم ہاوس کراچی کے سیکنڈ فلور پر ڈی سی اپریز منٹ ویسٹ کے دفتر میں پرسرار طور پر آگ بھڑک اٹھی جس سے اہم فائلیں اور ریکارڈ جل گیا۔ یاد رہے کہ چھٹی والے دن کسٹم ہاؤ س میں بیشتر دفاتر بند ہوتے ہیں۔

    فائر بریگیڈ کا عملہ اطلاع ملتے ہیں موقعہ پر پہنچ گیا تھا اور آگ بجھانے کی کوششیں جاری ہیں تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کے سبب اہم ریکارڈ اور فائلیں جل گئے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کسٹم اپریز منٹ ویسٹ نے گزشتہ دنوں ایک بڑی کارروائی میں کروڑوں روپے مالیت کے اسمگل شدہ موبائل فون اورٹیبلٹ بھی پکڑے تھے‘ جنہیں کاغذات میں ریفریجریٹر پارٹس اور کپڑے ظاہر کر کے اسمگل کیا گیا تھا۔

    اسمگل شدہ موبائل فونز کے خلاف بڑی کارروائی کے بعد سے کسٹم کے دو سینئر افسران کو مزید کارروائی سے روکنے کے لیے دباؤ بھی تھا جس کے سبب کارروائی کرنے والی کلکٹر کسٹم شہناز مقبول اور ڈی سی کسٹم عمران رسول کا تبادلہ غیر فعال شعبوں میں کر دیا گیا تھا۔

    ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ مذکورہ افسران نے اس کیس پر مزید کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہا رکیا تھا جس کے بعد خاتون افسر کا تبادلہ کراچی کے ہی ایک غیر فعال ڈیپارٹمنٹ میں کردیا گیا تھا جبکہ ڈی سی کسٹم کو حیدر آباد ٹرانسفر کیا گیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • پی ایس او کیخلاف آئل ٹینکرزمالکان کی ریلی، 7 مظاہرین گرفتار

    پی ایس او کیخلاف آئل ٹینکرزمالکان کی ریلی، 7 مظاہرین گرفتار

    آئل ٹینکرز مالکان کی پی ایس او کی پالیسیوں کے خلاف ہڑتال جاری ہے، آئل ٹینکرز مالکان نے شیریں جناح کالونی سے بلاول ہاؤس چورنگی تک احتجاجی ریلی نکالی۔ پولیس نے ریڈ زون کی خلاف ورزی کرنے پر سات مظاہرین کو حراست میں لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی ایس او کی جانب سے سرکاری کمپنی کو پیٹرولیم مصنوعات کی ترسیل کا ٹھیکا دینے اور آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کے رہنماؤں کو حراست میں لئے جانے کے خلاف بلاول ہاؤس پر احتجاج کیا گیا۔

    مظاہرین کا کہنا تھا کہ پی ایس او کی پالیسیوں کی وجہ سے آئل ٹینکرز کے کاروبار کو شدید نقصان پہنچے گا، ریڈزون پر احتجاج کے باعث پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرتے ہوئے سات افراد کو حراست میں لے لیا۔

    اس حوالے سے پی ایس او کے ترجمان کا کہنا ہے کہ آئل کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کی جانب سے ملکی اور عوامی مفاد کے منافی فیصلوں کے باوجود ملک میں ایندھن کی فراہمی جاری ہے۔

     ترجمان نے آئل ٹینکرز مالکان کے مطالبات پر پی ایس او کا مؤقف دیتے ہوئے کہا کہ این ایل سی کے حوالے سے پی ایس او اپنے اصولی مؤقف پر قائم ہے۔

    آئل کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کا پی ایس او سے این ایل سی کا معاہدہ منسوخ کرنے کا مطالبہ غیر قانونی ہے، تمام کنٹریکٹرز کی طرح این ایل سی ، پی ایس او کا قانونی کاروباری حصے دار ہے اور پی ایس او آئل کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن سے بات چیت کے ذریعے مسائل کے حل پر یقین رکھتی ہے، تاہم آئل ٹینکر کارٹیج ایسوسی ایشن کا این ایل سی کے ساتھ معاہدے کے محض ایک دن بعد انحراف قابل افسوس ہے۔


    مزید پڑھیں: کرایوں میں اضافہ نہ کرنے پرآئل ٹینکرزمالکان کی دھرنے کی دھمکی


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر ضرور شیئر کریں۔ 

  • سعودی عرب: پاکستانی ثقافت کے رنگ بکھر گئے، میلے کا انعقاد

    سعودی عرب: پاکستانی ثقافت کے رنگ بکھر گئے، میلے کا انعقاد

    ریاض: سعودی عرب میں موجود پاکستانی سفارت خانے میں فیملی فن میلے کا انعقاد کیا گیا جس میں ملکی ثقافت کے رنگ بکھر گئے، میلے میں پاکستانیوں کے علاوہ غیر ملکی سفارتی عملے نے بھی بھرپور شرکت کی۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں واقع پاکستانی سفارت خانے میں خواتین کی تنظیم ’ہمنوا لیڈیز کلب‘ کی جانب سے فیملی فن کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف اشیاء کے اسٹالز لگائے گئے۔

    میلے میں خواتین کے لیے جیولری، میک اب، ہاتھ کی بنی ہوئی اشیاء اور پاکستانی کھانوں اور خواتین کے ملبوسات کے اسٹالز عوام کی توجہ کا مرکز بنے، چٹ پٹے کھانے دیکھ کر سعودی عرب میں مقیم پاکستانی شہری رُک نہ سکے اور انہوں نے خوب سیر ہوکر مزیدار کھانے کھائے۔

    فیملی فن میلے کا افتتاح پاکستانی سفیر ھشام بن صدیق نے کیا جس کے بعد انہوں نے تمام اسٹالز کا دورہ بھی کیا، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ ‘سفارت خانے کی جانب سے ہمیشہ اس طرح کی تقریبات منعقد کی جاتی ہیں جن کو نہ صرف سراہا جاتا ہے بلکہ ہر یہاں موجود عملہ ہر ممکن تعاون بھی کرتا ہے‘۔

    لیڈیز کلب کی عہدیدار شمائلہ شہباز اور بلقیس صفدر کا کہنا تھا کہ ’ہماری ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ ہم وطنوں کو دیارِ غیر میں بہتر تفریحی ماحول فراہم کریں، اس پروگرام سے حاصل ہونے والے آمدنی مستحق خاندانوں میں تقسیم کی جائے گی‘۔

    فیملیز کے لیے سجائے گئے میرے میں گلوکاروں نے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا، شرکاء موسیقی کی دھن سے نہ صرف محظوظ ہوئے بلکہ انہوں نے رقص بھی کیا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • مہمند ایجنسی میں نیشنل بینک اعتماد اسلامی بینکاری کی برانچ کا افتتاح

    مہمند ایجنسی میں نیشنل بینک اعتماد اسلامی بینکاری کی برانچ کا افتتاح

    مہمند ایجنسی : نیشنل بینک کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر سعید احمد نے مہمند ایجنسی کے علاقہ غالانائی میں نیشنل بینک آف پاکستان اعتماد اسلامی بینکاری برانچ کا افتتاح کردیا۔

    بینک کے اس اقدام کا مقصد شدت پسندی سے متاثرہ علاقہ میں اسلامی فنانسنگ کے طریقوں سے مالی سہولیات فراہم کرنا ہے۔

    تقریب کے موقع پر سعید احمد نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں، سیاسی رہنماؤں اور قبائلی عمائدین کی جانب سے کی جانے والی سخت کوششوں سے بالآخر مہمند ایجنسی میں امن قائم ہو گیا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ نیشنل بینک نے خطے کے اس حصے میں معاشی سرگرمیوں میں اضافہ کرنے کے لیے علاقے میں اعتماد اسلامی بینکاری کی شاخ کھولی ہے۔

    ہم تاجروں اور مقامی لوگوں کے لیے اسلامی طریقہ کار پرمبنی فنانسنگ کی سہولت کی منظوری دے رہے ہیں جو انہیں مالی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد فراہم کرے گی۔

    نیشنل بینک آف پاکستان کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر نے10چنگ چی رکشوں کا اعلان بھی کیا جو تعلیم کے فروغ کی غرض سے طالب علموں کو ٹرانسپورٹ کی مفت سہولت فراہم کریں گے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر ضرور شیئر کریں۔ 

  • جے ایف17تھنڈرطیارے سے میزائل فائرنگ کا کامیاب تجربہ

    جے ایف17تھنڈرطیارے سے میزائل فائرنگ کا کامیاب تجربہ

    کراچی : پاک فضائیہ نے جے ایف سیونٹین سے میزائل فائرنگ کا کامیاب تجربہ کرلیا، طیارے سے میزائل فائر کیا گیا جس نے ٹھیک نشانے پر جا کر ہدف کے پرخچے اڑا دئیے، ایئرچیف سہیل امان نے غیرمعمولی سنگ میل عبورکرنے پر قوم کو مبارکباد دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی شاہینوں نے ایک اور بڑا کارنامہ کردکھایا، سونمیانی فائرنگ رینج میں جے ایف سیونٹین سے میزائل فائرنگ کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔

    ملکی ساختہ جے ایف 17تھنڈر نے سومیانی فائرنگ رینج پرفضاء سے فضاء میں مار کرنے والے میزائل کو فائر کرکے کم رفتار سے پرواز کرنے والے مطلوبہ ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنا کر تباہ کر دیا۔

    پاک فضائیہ کے سربراہ ایئرچیف سہیل امان کا کہنا ہے کہ میزائل فائرنگ کا کامیاب مظاہرہ پاک فضائیہ کی تاریخ میں ایک سنہری باب کا اضافہ ہے۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان کا کہنا تھا کہ ہم اللہ تعالی کے شکر گزار ہیں جس نے ہمیں یہ غیر معمولی سنگ میل حاصل کرنے کی طاقت عطا فرمائی۔

    جے ایف17تھنڈر طیاروں سے ان جدید ہتھیاروں کاکامیاب مظاہرہ اس طیارے کی ہمہ جہت صلاحیتوں کا مظہر ہے، انہوں نے اس مظاہرے کو کامیاب بنانے پر پاک فضائیہ اور چین کے عملے کی کاوشوں کو سراہا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ سونمیانی میں ایک جدید ویپن ٹیسٹ رینج کو پاک فضائیہ کا حصہ بنایا گیا ہے جہاں مختلف قسم کے ملکی ساختہ اورغیر ملکی ہتھیاروں کے معیار کو جانچا جائے گا۔

    چین کی معاونت سے تیار کردہ اس جدید رینج میں ایسے آلات نصب کیے گئے ہیں جو جہاز اور جہاز سے فائر کئے گئے میزائل کی پرواز اور زاویے کو جانچنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔

    یہ مظاہرہ مختلف رفتار سے پرواز کرنے والے اہداف کو ڈھونڈ کر تباہ کرنے کی پاک فضائیہ کی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

  • سعودی عرب: انور مقصور کے چٹکلے، پاکستانی سفیر کو بھی نہ بخشا

    سعودی عرب: انور مقصور کے چٹکلے، پاکستانی سفیر کو بھی نہ بخشا

    ریاض: سعودی عرب میں موجود پاکستانی سفارت خانہ میں انور مقصود کے طنز و مزاح سے بھرپور ڈارمے ’لوز مشاعرے‘ کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستانیوں سمیت دیگر ایشیائی ممالک کے شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

    پاکستان کے نامور لکھاری، دانشور اور مزاحیہ اداکار انور مقصود نے اپنا تحریر کردہ ’لوز مشاعرہ‘ پیش کیا جبکہ دیگر اداکاروں نے بھی اپنی فنی کارکردگی کا مظاہرہ کیا جس سے شرکاء بہت محظوظ ہوئے۔

    اس موقع پر منتظم  ظفر اللہ خان کا کہنا تھا کہ ہماری ہمیشہ سے یہ کوشش رہی ہے کہ پاکستانیوں کو بہتر تفریح مواقع فراہم کیے جائیں جس کے لیے پاکستانی کمیونٹی اور سفارت خانے کا تعاون بھی درکار تھا۔

    مزید پڑھیں: سوشل میڈیا پر میرا کوئی اکاؤنٹ موجود نہیں، انور مقصود

    اُن کا کہنا تھا کہ ’سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں اور سفارت خانے کے تعاون کی وجہ سے شاندار تقریب کا انعقاد ممکن ہوا، اس طرح کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا‘۔

    شرکاء سے بات کرتے ہوئے شمشاد احمد صدیقی کا کہنا تھا کہ انور مقصود کا لوز مشاعرہ پوری دنیا میں مشہور ہے مگر سعودی عرب میں اب تک ایسا کوئی پروگرام منعقد نہیں کیا گیا تھا، نامور فنکاروں کی ہمارے درمیان موجودگی قابلِ فخر ہے۔

    سعودی عرب میں تعینات پاکستانی سفیر خان ہشام بن صدیق کا کہنا تھا کہ ہمارے فنکار ہمارا اثاثہ اور پاکستان سے باہر ملک کہ پہچان ہیں، یہ لوگ جس طرح اداکاری کے جوہر دکھاتے ہیں اس کی دنیا میں کہیں اور مثال نہیں ملتی۔

    یہ بھی پڑھیں: انور مقصود کی سوانح حیات ’الجھے سلجھے انور‘کی تقریب رونمائی

    اُن کا کہنا تھا کہ ’انور مقصود ہمارے ایسے دانشور ہیں جن کے الفاظ میں شرارت کا عنصر تو موجود ہے مگر اس میں ایک نصیحت بھی چھپی ہوتی ہے‘۔

    انور مقصود نے اسٹیج پر آتے ہی مسکراہٹوں کا طوفان برپا کیا اور سب سے پہلے پاکستانی سفیر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے جب پہلی بار خان ہشام بن صدیق کا نام معلوم ہوا تو ایک لمحے کے لیے مجھے گماں ہوا کہ شاید سعودی عرب نے اپنے ہی کسی آدمی کو پاکستانی سفیر مقرر کردیا‘۔

    تقریب میں سفیر خان ہشام بن صدیق نے انور مقصود سمیت تمام اداکاروں کو اعزازی سرٹیفکیٹ بھی دئیے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • پاکستان سے انڈونیشیا کینو کی درآمد پر کوٹہ کی پابندی ختم

    پاکستان سے انڈونیشیا کینو کی درآمد پر کوٹہ کی پابندی ختم

    جکارتہ : انڈونیشیا نے پاکستان سے کینوکی درآمد پر کوٹہ کی پابندی ختم کردی، سہولت کے فوری اطلاق سے کینو کی برآمد دگنی ہوسکتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق انڈونیشیا کے وزیر تجارت اینگارٹیسو لوٹیکا نے پاکستانی کینو کی امپورٹ کے لیے کوٹہ کی پابندی کو ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

    انڈونیشیا پاکستان بزنس فورم کے اجلاس سے خطاب مین انڈونیشین وزیر تجارت نے پاکستان سے آئندہ سال تک ایک ملین ٹن چاول کی خریداری کے معاہدے پر عمل درآمد کے لیے ایکسپورٹ ٹینڈرز میں آسانی فراہم کرنے کی بھی یقین دہانی کرادی ہے۔

    پاکستانی فروٹ ایکسپورٹرز کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے درمیان دو سے تین سال میں پاکستان سے انڈونیشیا کو ایکسپورٹ ایک ارب ڈالر تک بڑھائی جاسکتی ہے۔

    پاکستان اور انڈونیشیا کے مابین ہونے والے ترجیحی تجارت کے معاہدے میں سوتی دھاگہ اور کپاس شامل نہیں اسی طرح گوشت اور گوشت کی مصنوعات کے لیے سخت ترین قرنطینہ شرائط عائد ہیں، پاکستانی آم کے لیے بھی انڈونیشیا میں  پی آر اے کی شرط کی وجہ سے آم ایکسپورٹ نہیں ہو سکتا ہے۔

    ایکسپورٹرز کا کہنا تھا کہ پاکستان کی دو کمپنیوں نے نیلامی میں حصہ لے کر 60ہزار ٹن چاول کی ایکسپورٹ کا ٹینڈر حاصل کیا جس سے پاکستان کو 30ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوتا لیکن اس ٹینڈر میں ڈیلیوری کی مدت مقرر نہیں کی گئی جس کی وجہ سے پاکستان کے لیے اس موقع سے فائدہ اٹھانا ممکن نہیں رہا ۔

  • بنکاک سے کراچی آنے والا ہیروں کا اسمگلرایئرپورٹ پرگرفتار

    بنکاک سے کراچی آنے والا ہیروں کا اسمگلرایئرپورٹ پرگرفتار

    کراچی : کسٹمز حکام نے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے6ملین روپے سے زائد مالیت کے ہیرے اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی، ملزم کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے جناح ایئر پورٹ پر کسٹمز حکام نے ہیروں کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ملزم کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا، جاوید محمد نامی مسافر تھائی ائر کی پرواز ٹی جی341 سے کراچی پہنچا تھا۔

    اس حوالے سے ڈی سی ائرپورٹ واصف ملک نے صحافیوں کو بتایا کہ مسافر بینکاک سے کراچی آیا تھا۔ کسٹمزحکام نے شک کی بنا پر مسافر محمد جاوید کے بیگ کی تلاشی لی تو خفیہ خانوں سے202کیرٹ کے60 لاکھ روپے مالیت سے زائد کے ہیرے برآمد ہوئے۔

    اطلاع پر فوری کارروائی کرتے ہوئے جاوید محمد نامی مسافر کو حراست میں لے لیا گیا، ہیروں کو بیگ کے خفیہ خانوں میں بڑی مہارت کے ساتھ چھپایا گیا تھا۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ مسافر کو خفیہ اطلاع پر گرفتار کیا گیا، ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ یہ کارروائی کراچی ائرپورٹ پر پہلی بار کامیاب ہوئی ہے کہ اتنی بھاری مالیت کے ہیروں کو برآمد کر کے ملزم کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر ضرور شیئر کریں۔

  • دودھ کی قیمت 120روپے فی لیٹرمقررکرنے کا مطالبہ

    دودھ کی قیمت 120روپے فی لیٹرمقررکرنے کا مطالبہ

    کراچی : شہری انتظامیہ اور دودھ فروشوں کے درمیان مذاکرات مثبت رہے، دودھ فروشوں نے ریٹیل قیمت ایک سو بیس روپے فی لیٹر مقرر کرنے کا مطالبہ کردیا، فیصلہ دو فروری کو ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق دودھ کی پیداوار کم ہوگئی، ڈیری فارمرز بھینسوں کا لگانے والا ٹیکا اب عوام کو لگائیں گے، کراچی میں دودھ کی قیمتوں حوالے سے کمشنر آفس میں اجلاس منعقد ہوا۔

    ایڈیشنل کمشنر کراچی کا کہنا تھا کہ دودھ کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے تمام اسٹیک ہولڈرز تجاویز پیش کریں، اس پر تکنیکی بنیادوں جائزہ لیا جائے گا تاکہ عوام پر بوجھ نہ پڑے۔

    اجلاس میں ڈیری فارمرز نے دودھ کی قیمتوں میں بیس روپے فی لیٹر اضافے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ دودھ کی پیداواری قیمت95روپے سے سو روپے فی لیٹر مقرر کی جائے۔

    ہول سیلرز، مڈل مین اور رٹیلرز نے اپنا منافع شامل کرکے ریٹیل کی سطح پر دودھ کی قیمت120روپے فی لیٹر کرنے کا مطالبہ کیا۔

    واضح رہے کہ دودھ کی موجودہ قیمت85روپے فی لیٹر ہے، ڈیری فارمرز اور دودھ فروشوں نے مجموعی طور پر30روپے فی لیٹر اضافہ مانگا ہے۔

    اس حوالے سے دوددھ ریٹیلرز ایسوسی ایشن کے صدر حافظ نثار نے بتایا کہ دودھ کی قیمتوں میں اضافہ سے متعلق ایڈیشنل کمشنر کراچی نے تجاویز تحریری طور پر لے لی ہیں اور دودھ کی قیمتوں میں اضافہ کا فیصلہ دو فروری کے اجلاس میں کیا جائے گا۔

    ڈیری فارمرز کا کہنا تھا کہ بھینسوں کو ٹیکوں کی پابندی کی وجہ سے تیس فیصد دودھ کی پیداوار کم ہوئی ہےاور پیداواری لاگت میں بھی اضافہ ہوا ہے۔


    مزید پڑھیں: دودھ کی قیمت 100روپے لیٹر تک جا پہنچی


    حافظ نثارکا کہنا تھا کہ2015میں عدالتی حکم کے باوجود دودھ کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا، بھینسوں پر ٹیکوں پرپابندی اور پیداواری لاگت میں اضافہ سے85روپے فی لیٹر دودھ بیچنا ممکن نہیں۔

  • گوادر پورٹ کی تعمیر و ترقی اولین ترجیح ہے، ایڈمرل ظفرمحمود

    گوادر پورٹ کی تعمیر و ترقی اولین ترجیح ہے، ایڈمرل ظفرمحمود

    کراچی : چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل ظفرمحمود عباسی نے کہا ہے کہ شہر کراچی کا اس وقت جو حال ہے اگر ستر کی دہائی میں پورٹ قاسم کے بجائے گوادر پورٹ بنادیا جاتا تو آج پاکستان کی ترقی کا نقشہ بہت مختلف ہوتا۔ گوادر پورٹ کی تعمیر و ترقی اولین ترجیح ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی چیمبر آف کامرس میں تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈ مرل طفر محمود عباسی نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیر اعظم نے گوادر میں شپ یارڈ قائم کرنے کی منظوری دے دی ہے.

    نجی شعبہ کراچی میں شپ یارڈ قائم کر نا چاہتا ہے تو پاک بحریہ ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی، شپ یارڈ کی تعمیر سے کثیر زرمبادلہ حاصل ہو گا۔

    ایڈ مرل ظفر محمود کا مزید کہنا تھا کہ مجھے ملک کے سمندری وسائل استعمال نہ کرنے پر دکھ ہے، تاجروں کے ساتھ مل کر میری ٹائم کے شعبے کو ترقی دینگے۔

    انہوں نے کہا کہ میری ٹائم سیکٹر میں دستیاب مواقع میں تاجربرادری کی دلچسپی سے حوصلہ ملا، ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے بتایا کہ وزیر اعظم نے جہاز رانی و بندر گاہ کی وزار ت کا نام وزارت میری ٹائم کرنے کی منظوری دے دی ہے تاہم میری ٹائم سات سے آٹھ وزارتوں کے ماتحت ہے اس لئے سب سے پہلے اسے ایک وزارت کے ماتحت کرنا ہوگا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر ضرور شیئر کریں۔