Author: انجم وہاب

  • کینیا سے امپورٹ کی جانے والی چائے میں مضر صحت کیمیکل کے اجزا ہونے کا انکشاف

    کینیا سے امپورٹ کی جانے والی چائے میں مضر صحت کیمیکل کے اجزا ہونے کا انکشاف

    اسلام آباد : پاکستان میں کینیا سے امپورٹ کی جانے والی چائے میں انسانوں کے لیے مضر صحت کیمیکل کمپاونڈ اور دیگر کیمیکل کے اجزا ہونے کا انکشاف ہوا ہے جبکہ پاکستان ٹی ایسوی ایشن نے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ چائے انسانی صحت کے لئے خطرناک نہیں ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق رائس ایکسپورٹرز ایسوی ایشن نے وزیر تجارت پرویز ملک کو لکھے گئے خط میں پاکستان میں کینیا سے امپورٹ کی جانے والی چائے میں مضر صحت کیمیکل Aflotoxinکمپاونڈ اور دیگر کیمیکل کے اجزا ہونے کا انکشاف کیا۔

    رائس ایکسپورٹرز نے وزرات تجارت کو خط میں کہا ہے کہ کہ پاکستان میں کینیا سے آنے والی چائے انسانی صحت کے لئے مضر ہے۔

    رائس ایکسپورٹرز ایسوی ایشن کے چئیرمین سمیع اللہ نعیم نے کہا ہے کہ کینیا سے آنے والی چائے میں مضر صحت اجزا کی باقاعدہ لیبارٹری جانچ ہونی چاہیے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ گوداموں ذخیرہ کی گئی کینیا کی چائے کی بھی جانچ ضروری ہے۔

    دوسری جانب پاکستان ٹی ایسوی ایشن وائس چئیرمین محمد آصف رحمان نے اس الزام کو بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیا ہے۔

    پاکستان ٹی ایسوی ایشن وائس چئیرمین نے کہا کہ یہ معاملہ پہلے ہی عدالت میں ہے، ایک پاکستانی سالانہ ایک کلو گرام چائے پی جاتا ہے ، پاکستانی سالانہ پچا س ملین ڈالر سے زیادہ کی چائے امپورٹ کرتے ہیں اور نصف کے قریب اسمگل ہوتی ہے، جس سے ملک کو نقصان ہوتا ہے۔

    گزشتہ سال ملک میں اکیاون کروڑ ڈالر مالیت کی سترہ ملین کلو گرام چائے امپورٹ کی گئی جبکہ دس ملین کلو گرام چائے افغان ٹرانزٹ اور سے اسمگل کی گئی پاکستان میں سالانہ اسی کروڑ ڈالر کی چائے امپورٹ کی جاتی ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئرکریں۔

  • کراچی میں دودھ کی قلت کا خدشہ

    کراچی میں دودھ کی قلت کا خدشہ

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں دودھ کی قلت کا خدشہ پیدا ہوگیا۔ ڈیری فارمرز نے دودھ کی قیمت میں 15 سے 20 روپے فی لیٹر کا اضافہ کردیا جبکہ ریٹیلرز نے پرانی قیمت پر دودھ کی فروخت کو ناممکن قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کی جانب سے بھینسوں کو دودھ بڑھانے کے لیے لگائے جانے والے انجکشنز پر پابندی کے بعد ڈیری فارمرز من مانیوں پر اتر آئے۔

    بھینس کالونی میں ڈیری فارمرز نے دودھ کی قیمت میں 15 سے 20 روپے فی لیٹر اضافہ کردیا جس کے بعد مقامی ریٹیلرز کو پرانی قیمت پر دودھ فروخت کرنا مشکل ہوگیا۔

    صدر ملک ریٹیلرز کا کہنا ہے کہ معاملے کے فوری نوٹس کے لیے کمشنر کراچی کو خط لکھ دیا ہے۔ نوٹس نہ لیا تو شہر میں دودھ کی فروخت بند ہوجائے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ پابندی کے بعد دودھ کی لاگت میں 30 سے 40 فیصد کمی ہوگئی۔ ڈیری فارمرز نے پیداواری لاگت کو جواز بنا کر نرخ بڑھا دیے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ انتظامیہ ڈیری فارمرز سے دودھ کی قیمتوں میں کمی کروائے۔ قیمتیں کم نہ ہوئیں تو 2، 3 دن میں دکانیں بند ہوجائیں گی۔

    خیال رہے کہ چند روز قبل سپریم کورٹ نے بھینسوں کو زائد دودھ کے حصول کے لیے لگائے جانے والے آر وی ایس ٹی نامی ٹیکوں کی فروخت پر پابندی عائد کرتے ہوئے کمپنیوں کا تمام اسٹاک فوری قبضے میں لینے کا حکم دیا تھا۔

    عدالت نے قرار دیا تھا کہ بھینسوں کو لگنے والے ٹیکوں سے ملنے والا دودھ کینسر کا باعث ہے۔ یہ ہمارے بچوں کی زندگیوں کا معاملہ ہے۔ عدالت کوئی رعایت نہیں دے گی۔

    عدالت کے فیصلے کے بعد دودھ کی قیمتیں بڑھانے کے لیے ڈیری فارمرز نے عدالت سے رجوع کرلیا تھا۔

    ڈیری فارمرز کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ کراچی میں یومیہ دودھ کی مقداراور کھپت 45 لاکھ لیٹر ہے۔ دودھ کی مقدار بڑھانے سے متعلق انجکشن پر پابندی عائد ہونے کے بعد کراچی میں دودھ کی مقدار کم ہو کر 25 لاکھ لیٹر رہ گئی ہے۔

    درخواست پر سندھ ہائیکورٹ نے سندھ حکومت، کمشنر کراچی اور دیگر فریقین سے 6 فروری کو جواب طلب کرلیا تھا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • گاڑیوں کی پرانی رجسٹریشن بک کا دور ختم ہوگیا

    گاڑیوں کی پرانی رجسٹریشن بک کا دور ختم ہوگیا

    کراچی: محکہ ایکسائز نے سندھ میں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی فرسودہ رجسٹریشن بک ختم کرکے اس کی جگہ اسمارٹ کارڈ متعارف کرانے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی رجسٹریشن بک کی جگہ سمارٹ کارڈ متعارف کرانے کا اعلان کرتے ہوئے عملی اقدامات شروع کر دئیے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ مارچ کے پہلے ہفتے میں سکیورٹی فیچرز پر مبنی کارڈ کے اجراء کا امکان ہے۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل مسعود الحق نے بتایا کہ رجسٹریشن بک کی جگہ لینے والا سمارٹ کارڈ قومی شناختی کارڈ کے طرز پر ہوگا جسے بآسانی پرس میں رکھا جا سکے گا۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ اس عمل کا آغاز ہونے کے بعد عوام سے رجسٹریشن بک لے کر مرحلہ وار کارڈ جاری کئے جائیں گے‘ اس کی قیمت پانچ سو روپے تک رکھی جا سکتی ہے۔

     تاہم قیمت کے حتمی تعین کے لیے مشاورت جاری ہے۔محکمہ ایکسائز کے مطابق اس سلسلے میں تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور امید ہے کہ مارچ کے پہلے ہفتے میں سمارٹ کارڈ کااجراء کر دیا جائے گا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • ہاکس بے، کسٹم کی کارروائی، 45 کروڑ روپے کی مالیت کے موبائل فونز اور ٹیبلیٹس برآمد

    ہاکس بے، کسٹم کی کارروائی، 45 کروڑ روپے کی مالیت کے موبائل فونز اور ٹیبلیٹس برآمد

    کراچی : کسٹم اپریزمنٹ ویسٹ نے ہاکس بے پر کارروائی کرتے ہوئے پنتالیس کروڑ روپے کی مالیت کے غیر قانونی طور پر در آمد کیے گئے موبائل فون اور سم والے ٹیبلٹ برآمد کر لیے ہیں.

    تفصیلات کے مطابق کسٹم اپریزمنٹ ویسٹ نے خفیہ اطلاع پر کر کارروائی کرتے ہوئے ہاکس بے پر ایک کنٹینر پر چھاپا مار کر موبائل فونز اور ٹیبلیٹ کی اسمگلنگ کو ناکام بنادیا جب کہ کنٹینر ضبط کر کے سامان منگوانے والی کمپنی کے دو عہدیداروں کو حراست میں لے لیا گیا ہے.

    ڈپٹی کلکٹر عمران رسول اپریزمنٹ ویسٹ نے اے آروائی نیوز سے خصوصی بات کرتے ہوئے بتایا کہ ہاکس بے میں کی گئی کارروائی کے دوران کنٹینر سے اسمگل شدہ موبائل فونز اور ٹیبلٹ برآمد کر لیے ہیں جنہیں کپڑے اور ریفریجریٹر پارٹس ظاہر کرکے برآمد کیا گیا تھا اور مقامی مارکیٹ میں فروخت کیا جانا تھا.

    ڈپٹی کلکٹر عمران رسول نے مزید بتایا کہ تحویل میں لیے گئے سامان کی مالیت 45 کروڑ روپے بنتی ہے جب کہ تحویل میں لیے گئے کنٹینرکی ابھی بمعہ سامان ملک کی کسی ڈرائی پورٹ میں کسٹم چیکنگ کی جانی تھی کہ اس سے قبل ہی اسمگلنگ کا سامان بمعہ ملزمان دھر لیا گیا۔

    ملزمان کی گرفتاری اور تفتیش کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں اُن کا کہنا تھا کہ کنٹینر ضبط کرکے کمپنی کے دو اہم عہدیداروں کو گرفتار کرلیا گیا ہے جو غلط بیانی کر کے کپڑے اور ریفریجریٹر کے آلات کی جگہ موبائل فونز اور ٹیبلیٹس منگوایا کرتے تھے.

    ڈپٹی کلکٹر عمران رسول نے چھاپا مار کارروائی کو اہم کامیابی قرار دیتے ہوئے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے خلاف دھوکہ دہی اور اسمگلنگ کی دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے.


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • کراچی: ایٹ فوڈ فیسٹول کا باقاعدہ آغاز، شہری امڈ آئے

    کراچی: ایٹ فوڈ فیسٹول کا باقاعدہ آغاز، شہری امڈ آئے

    کراچی: شہر قائد کے علاقے کلفٹن میں واقع بے نظیر بھٹو فیملی پارک میں ایٹ فوڈ فیسٹیول 2018 کا باقاعدہ افتتاح کردیاگیا، شہریوں کی بڑی تعداد شرکت کے لیے امڈ آئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ہرسال کی طرح امسال بھی سالانہ فوڈ فیسٹول کا انعقاد کلفٹن میں واقع بے نظیر بھٹو فیملی پارک میں کیا گیا، جس کا باقاعدہ افتتاح کردیا گیا۔

    کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل شاہد بیگ نے ایٹ فوڈ فیسٹول 2018 کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ ’کراچی میں جاری رہنے والی تعمیری سرگرمیاں اس بات کی واضح عکاس ہیں کہ شہر کی رونقیں بحال ہوچکی ہیں‘۔

    جنرل شاہد بیگ نے مختلف کھانے پینے کے اسٹالز کا دورہ کیا اور منتظمین کی کاوشوں کو سراہا، ایٹ فوڈ فیسٹول کا افتتاح ہوتے ہی شہریوں کی بڑی تعداد مزیدار کھانوں اور موسیقی سے  لطف اندوز ہونے کے لیے پہنچ گئے۔

    فیسٹول میں شرکت کے لیے آنے والے مہمانوں کے لیے انتظامیہ کی جانب سے مناسب کار پارکنگ کا انتظام کیا گیا ہے جبکہ 5 سال سے کم عمر بچوں کا داخلہ مفت ہے جبکہ بقیہ کی فیس رکھی گئی ہے۔

    ملک کی نامور کمپنیوں اور  باورچیوں نے شرکاء کے لیے اسٹال نصب کیے ہیں جہاں رقم کی ادائیگی کے بعد اپنا من پسند کھانا کھایا جاسکتا ہے اس کے علاوہ مختلف مشروبات کے اسٹالز بھی نصب کیے گئے ہیں۔

    فوڈ فیسٹول میں شریک چین کی خاتون

    فوڈ فیسٹول میں لوگوں کے لیے مختلف انواع اقسام کے کھانے رکھے گئے ہیں جبکہ تین روز تک روزانہ میوزیکل شو بھی منعقد کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ ایٹ فوڈ فیسٹول کا آغاز 12 جنوری جبکہ اختتام 14 جنوری اتوار کو ہوگا۔

    ٹوٹیر صارفین نے ایٹ فوڈ فیسٹول کو اس قدر سراہا کہ ہیش ٹیگ ٹاپ ٹرینڈ بن گیا، کچھ صارفین نے فیسٹول میں کھائے جانے والے کھانوں کی تصاویر شیئر کی تو کچھ نے آئندہ دو روز میں جانے کی خواہش کا اظہار کیا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • پاکستان کوسٹ گارڈ کی کارروائی، اربوں روپے مالیت کی منشیات برآمد

    پاکستان کوسٹ گارڈ کی کارروائی، اربوں روپے مالیت کی منشیات برآمد

    کراچی: پاکستان کوسٹ گارڈز نے بلوچستان کے علاقے پسنی میں کارروائی کرتے ہوئے منشیات کی اسمگلنگ ناکام بنادی اور لانچوں کی چیکنگ کے دوران اسمگلنگ 400 کلو گرام اعلیٰ کوالٹی کی منشیات برآمد کرلی۔

    پاکستان کوسٹ گارڈ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ خفیہ اطلاع ملنے کے بعد بھاری نفری بلوچستان کے علاقے پسنی پہنچی جہاں سمندروں میں موجود لانچوں کی چیکنگ شروع کی گئی۔

    اس دوران ایک لانچ میں بنائے گئے خفیہ خانوں سے 400 کلو گرام اعلیٰ کوالٹی کی کرسٹل منشیات برآمد کی گئی جس کی مالیت عالمی مارکیٹ کے حساب سے تین کروڑ  روپے سے زائد ہے، کارروائی کے نتیجے میں 5 اسمگلروں کو بھی گرفتار کیا ۔

    ترجمان کوسٹ گارڈ کے مطابق برآمد کی گئی منشیات بیرونِ ملک اسمگل ہونی تھی  تاہم بروقت کارروائی کرتے ہوئے اس کی ترسیل کو ناکام بنایا گیا۔

    دوسری جانب کوسٹ گارڈ نے گوادر میں کارروائی کرتے ہوئے مشکوک کار کی تلاشی کے دوران کرسٹل منشیات کے 5 پیکٹ برآمد کرتے ہوئے چار افراد کو گرفتار کرکے تفتیش کے لیے تھانے منتقل کردیا۔

    ڈائریکٹر جنرل کوسٹ گارڈز بریگیڈیئر سجاد سکندر رانجھا نے بروقت کارروائی کرنے پر جوانوں کی کارکردگی کو سراہا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • سرمایہ کاروں کا پاکستان پر اعتماد مثبت ماحول کی بدولت ہے، شاہد خاقان

    سرمایہ کاروں کا پاکستان پر اعتماد مثبت ماحول کی بدولت ہے، شاہد خاقان

    کراچی: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ آئی سی سی آئی سروے کے نتائج ثابت کرتے ہیں کہ ملک میں کاروبار کرنے کے لیے مثبت ماحول موجود ہے اس لیے سرمایہ کار پاکستان پر اعتماد کا اظہار کررہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق چین اور پاکستان کی مشترکہ کاوش سے تیار کیے جانے والے منصوبے سی پیک کا آغاز ہونے کے بعد ملک کی معاشی صورتحال نہ صرف بہتر ہوئی بلکہ غیر ملکی سرمایہ کار بھی دلچسپی ظاہر کررہے ہیں۔

    چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے 2017 میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے ا مکانات کے حوالے سروے کے نتائج وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی کو پیش کیے۔

    وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے پیش کیے جانے والے سروے میں مثبت تاثر ات کو خوش آئند قرار دیا اور اسے سرمایہ کاروں کے اعتماد کا عکاس قرار دیا۔

    شاہد خاقان عباسی نے سروے کے نتائج پر کہا کہ او آئی سی سی آئی کے سروے کے نتائج ثابت کرتے ہیں کہ ملک میں کاروبار کرنے کا نہایت مثبت ماحول موجود ہے۔

    شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس کے ممبران سالانہ 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرتے ہیں جو ملکی معیشت کے لیے  نہایت اہمیت کی حامل ہے۔

    اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس کے صدر خالد منصور نے وزیرِ اعظم کو بتایاکہ سروے کے 75 فیصد شرکاء پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کی منصوبہ بندی کررہے ہیں جبکہ چند ممبران نے ملک میں نئی غیر ملکی سرمایہ کاری سے متعلق خدشات کا بھی اظہار کیا۔

    انہوں نے کہا کہ ’مثبت حقائق کے برخلاف ملک کا منفی تصور، ورلڈ بینک کے ایز آف ڈوئنگ بزنس کی کم درجہ بندی، پالیسیوں پر عمل درآمد خاص طورپر ٹیکسیشن پالیسیاں، ہر سال 3سے 4 فیصد سپرٹیکس، ٹیکس ریفنڈ میں تاخیر  کے مسائل کچھ سرمایہ کاروں کے تحفظات کو بڑھا رہے ہیں‘۔

    اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس کے ممبران نے سی پیک پروجیکٹ کو ملک کیلئے نہایت مثبت اور گیم چینجر قراردیاہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • ایئریونیورسٹی کیمپس فضائیہ کی تاریخ میں سنہرے باب کا اضافہ ہے، وزیراعظم

    ایئریونیورسٹی کیمپس فضائیہ کی تاریخ میں سنہرے باب کا اضافہ ہے، وزیراعظم

    کامرہ: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ایئر یونیورسٹی ایئرو اسپیس اینڈ ایوایشن سینٹر پاک فضائیہ کی تاریخ میں سنہرے باب کا اضافہ ہے۔

    ان خیالات کا اظہار شاہد خاقان عباسی نے ائیر یونیورسٹی ائیرو اسپیس اینڈ ایوی ایشن کیمپس میں منعقدہ سنگِ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    اس موقع پر اُن کا شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ایوی ایشن سٹی کامرہ میں ائیر یونیورسٹی ائیرو سپیس اینڈ ایوی ایشن کیمپس کا سنگ بنیاد پاک فضائیہ کی تاریخ میں ایک سنہرے باب کا اضافہ ہے۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ میں ہوا بازی کی صنعت اور اعلیٰ تعلیم کے میدا ن میں پاک فضائیہ کی گراں قدر خدمات کے لیے ائیر چیف مارشل سہیل امان کی ذاتی کوششوں اور پر خلوص کاوشوں کو سراہتا ہوں جن کے ذریعے ہم جلد ہی خود انحصاری کی منزل تک پہنچ جائیں گے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ ملک کو درپیش چیلنجزسے خود انحصاری کے حصول سے ہی نبرد آزما ہوا جا سکتا ہے جس کے لئے ماہر افرادی قوت کی ضرورت ہوتی ہے، ترقی یافتہ ممالک تعلیم اور افرادی قوت پر زور دیتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان نے وژن 2025 میں نالج اکانومی کو ایک اہم مقام دیا اور بہترین افردی قوت کے حصول کے لئے تعلیم کے شعبے میں زیادہ سرمایہ کاری کی ۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ائیر چیف مارشل سہیل امان کا کہنا تھا کہ ائیر یونیورسٹی ائیرو سپیس اینڈ ایوی ایشن سینٹر کا قیام ایوی ایشن انڈسٹری اکیڈمی کی ہم آہنگی کے لیے پاک فضائیہ کے وژن کی تعبیر ہے اور یہ بات قابل ذکر ہے کہ اس کے قیام سے یہاں بہت بڑی تعدادمیں بین الاقوامی سکالرز اور طلباء آئیں گے جس سے ناصرف تعلیمی تبادلہ خیا ل ہو گا بلکہ پاکستان کی اقتصادی اور سفارتی سطح پر پذیرائی ہو گی۔

    اُن کا کہنا تھا کہ  کیمپس خطے کی نئی جیو پولیٹیکل صورتحال سے نمٹنے میں بھی کلیدی کردار ادا کر ے گا اور مجھے اعتماد ہے کہ حکومت کی سرپرستی میں پاک فضائیہ ایوی ایشن ٹیکنالوجی میں اپنے مقاصد حاصل کر لے گی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • ڈیزل کی قیمت: مال بردارگاڑیوں کے کرائے میں اضافہ کا اعلان

    ڈیزل کی قیمت: مال بردارگاڑیوں کے کرائے میں اضافہ کا اعلان

    کراچی: گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن نے ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کے بعد مال بردار گاڑیوں کے کرائے میں پانچ سے دس فیصد اضافہ کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کے ترجمان امداد نقوی نے کہا ہے کہ گزشتہ سال تین بار ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے اور حالیہ اضافہ کے بعد مال بردار گاڑیوں کے کرایوں میں پانچ فیصد اضافہ کردیا گیا ہے جو یکم جنوری سے نافذ العمل ہوچکا ہے۔

    ان کاکہنا تھا کہ ڈیزل سمیت ٹائر اور آٹو پارٹس کی قیمتوں میں بھی مسلسل اضافہ ہورہا ہے جس سے کاروبار کرنا ممکن نہیں رہا اس لیے کرایوں میں پانچ سے دس فیصد اضافہ کا فیصلہ کیاگیا۔

    دوسری جانب صنعتی ایسوسی ایشنز کا کہنا ہے کہ مال بردار گاڑیوں کے کرایے میں اضافہ کے باعث خام مال سمیت تیار شدہ مصنوعات کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوجائے گا۔

    سبزی منڈی ایسوسی ایشن کے صدر حاجی شائستہ خان کا کہنا ہے کہ مال بردار گاڑیوں کے کرائے میں اضافہ کے بعد سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوجائے گا جس کا براہ راست اثر عوام پر پڑے گا۔

    انہوں  ے مطالبہ کیا کہ حکومت مال بردار گاڑی مالکان کو کرائے میں اضافہ سے روکے اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ بھی واپس لیا جائے۔

    اس حوالے سے شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت فالتو اخراجات کم کرکے عوام کو ریلیف فراہم کرے۔

  • ’غیر ملکی قرضوں کی وجہ سے ملکی خود مختاری پر سمجھوتا کرنا پڑتا ہے‘

    ’غیر ملکی قرضوں کی وجہ سے ملکی خود مختاری پر سمجھوتا کرنا پڑتا ہے‘

    کراچی: چئیرمین سینیٹ رضا ربانی کا کہنا ہے کہ غیر ملکی قرضوں کی وجہ سے ملکی سلامتی اور خود مختاری پر سمجھوتہ کرنا پڑتا ہے، کوشش ہے کہ ملکی معیشت کو جلد مستحکم کریں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایف پی سی سی آئی کے اکتالیسویں ایکسپورٹ ایوارڈز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چئیرمین سینیٹ میاں رضا ربانی کا کہنا تھا کہ ’تاجر برادری کی غیر ملکی قرضوں پر تشویش جائز ہے، غیر ملکی قرضے خواہیش کے لیے نہیں بلکہ ایکسپورٹ اور مقامی صنعت کو بڑھانے کے لیے لیے جاتے ہیں۔

    اُن کا کہنا تھا کہ ’عالمی مالیاتی سامراج اپنی شرائط کے تحت قرضے دیتا ہے اور جب کوئی ملک غیر ملکی قرضہ لیتا ہے تو ساتھ اپنی خود مختاری بھی دیتا ہے‘۔

    انہوں نے کہا کہ قائد اعظم کے پاکستان کو حاصل کرنے کے لئے بہت قربانی دی، آج بھی کوئی غیر ملکی ہمیں ڈکٹیشن دے تو تکلیف ہوتی ہے۔

    علاوہ ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ایف پی سی سی آئی زبیر طفیل کا کہنا تھا کہ سی پیک کے پیش نظر اگلے چند برس ایکسپورٹرز کے لئے انتہائی اہم ہیں۔  اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’کاشغر کو گوادر سے ملانے کے بعد کاروبار کے نئے دروازے کھلیں گے جو ملکی مستقبل کے لیے خوش آئند ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔