Author: انجم وہاب

  • کراچی پورٹ: غیر ملکی جہاز کا ایندھن و کھانا ختم، فلاحی ادارہ کھانا دینے لگا

    کراچی پورٹ: غیر ملکی جہاز کا ایندھن و کھانا ختم، فلاحی ادارہ کھانا دینے لگا

    کراچی: کراچی  پورٹ پر لنگر انداز غیر ملکی جہاز کے عملے اور مالک کے درمیان تنازع ہوگیا، جہاز کے مالک نے عملے کو تنخواہ دینے سے انکار کردیا، جہاز کا ایندھن اور خوراک ختم ہوگئی، عملے کو فلاحی ادارے کھانا فراہم کرنے لگے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی پورٹ پر لنگر انداز پاناما سے رجسٹرڈ جہاز ایم وی مسکی کارگو جہاز کے عملے نے تنخواہ کی عدم ادائیگی پر کام بند کردیا جس کے باعث کارگو ہینڈلنگ بند ہوگئی۔

    ذرائع کے مطابق پاناما سے رجسٹرڈ ایم وی مسکی کارگو بحری جہاز جبل علی سے 8 روز قبل کراچی پورٹ پر لنگر انداز ہو اتھا، بحری جہاز کا ایندھن اور عملے کے پاس خوراک ختم ہوگئی ہے اور تاحال فلاحی ادارے جہاز کے عملے کو کھانا فراہم کر رہے ہیں۔

    پریشان حال عملے میں بھارتی اور سوڈانی شامل

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے انجم وہاب کے مطابق جہاز کے مالک نے مسکی نامی بحری جہازکو بے یار و مدد چھوڑ دیا ہے اور کوئی رابطہ نہیں ہے، بحری جہاز کو کراچی پورٹ سے کویت روانہ ہونا تھا، مسکی نامی بحری جہاز کے عملے میں بھارتی اور سوڈانی باشندے شامل ہیں۔

  • کراچی: پاکستانی اور برطانوی فضائیہ کے طیاروں کا شاندار مہارت کا مظاہرہ

    کراچی: پاکستانی اور برطانوی فضائیہ کے طیاروں کا شاندار مہارت کا مظاہرہ

    کراچی : پاکستان اور برطانیہ کے سفارتی تعلقات کی 70ویں سالگرہ کے موقع پر پاک فضائیہ نے سی ویوو کراچی پر ایک مسحور کن فضائی مظاہرے کے انعقاد کیا جہاں پاکستانی تاریخ میں پہلی مرتبہ فخر پاکستان JF-17 تھنڈر کے ساتھ رائل فضائیہ کی بین الاقوامی شہرت یافتہ ایروبیٹکس ٹیم ریڈ ایرونے ایک دلچسپ فضائی مظاہرہ پیش کیا۔

    اس موقع پر سی ویو پر گورنر سندھ، وزیر اعلیٰ سندھ، برٹش ہائی کمشنر،کورکمانڈر کراچی کے علاوہ سیاسی رہنما، پارلیمنٹیرینز، اعلیٰ سول اور عسکری حکام موجود تھے جنہوں نے یہ شاندار فضائی مظاہرہ دیکھا جب کہ  ائیر وائس مارشل حسیب پراچہ، ائیر آفیسر کمانڈنگ سدرن ائیر کمانڈ نے مہمانوں کا استقبال کیا۔

    شو کا آغاز پاکستان میں تیار کردہ جے ایف 17  تھنڈر کے قابل دید فضائی مظاہرے سے ہوا جسے ونگ کمانڈر یاسر مدثر اڑا رہے تھے۔

    جے ایف 17 تھنڈر کے منظر سے اوجھل ہوتے ہی رائل فضائیہ کی مشہور زمانہ ایروبیٹکس ٹیم ریڈ ایرو افق پر نمودار ہوئی،  سرخ رنگ کے ہاکس طیاروں میں سوار 9 ارکان پر مشتمل ٹیم کی قیادت اسکواڈرن لیڈر ڈیوڈ مونٹی نیگرو کر رہے تھے انہوں نے وہاں موجود حاضرین کو اپنے فضائی کرتبوں سے مبہوت کر دیا۔

    قبل ازیں ریڈ ایرو ٹیم کے ارکان نے پاک فضائیہ کے پائلٹس اور اسکول اور کالجز کے طلبہ و طالبات سے ملاقات کی۔


    ایئر شو کی مزید معلومات: رائل ایئرفورس ایروبیٹکس ٹیم ریڈایروز آج کراچی سی ویو پر فضائی کرتب دکھائےگی


    خیال رہے کہ پاک فضائیہ 1947 میں تقسیم برصغیر سے رائل فضائیہ کے ساتھ دوستانہ تعلقات رکھتی ہے، دونوں فضائی افواج کے درمیان باہمی دوستانہ تعلقات کو اور مضبوط بنانے کے لیے دونوں طرف سے اعلیٰ سطح وفود اکثر و بیشتر دورے کرتے رہتے ہیں۔

    اس سال کے آغاز میں رائل فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سر اسٹیفن جان ہیلیئر پی ایف اکیڈمی اصغر خان میں منعقدہ گریجویشن پریڈ میں بحیثیت مہمان خصوصی پاکستان کے دورے پر آئے اس دورے کے دوران انہوں نے پاک فضائیہ کے شہرہ آفاق نمبر 9 اسکواڈرن کا دورہ کیا جہاں انہوں نے F-16 طیارے میں بیٹھ کر ایک فضائی تربیتی مشن میں حصہ لیا۔

    یاد رہے کہ پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان بھی رائل فضائیہ کی خصوصی دعوت پر برطانیہ کا دورہ کر چکے ہیں۔

  • نیول چیف کی سربراہ فضائیہ اور وزیر دفاع سے الوداعی ملاقاتیں

    نیول چیف کی سربراہ فضائیہ اور وزیر دفاع سے الوداعی ملاقاتیں

    اسلام آباد: پاک بحریہ کے سربراہ نے وزیر دفاع، سربراہ پاک فضائیہ اور وزیر دفاعی پیداوار سے الوداعی ملاقاتیں کی اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔

    تفصیلات کے مطابق چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل محمد ذکاءاللہ نے وفاقی وزیر برائے دفا ع خرم دستگیر خان سے وزارت دفا ع میں الوادعی ملا قات کی۔

    ترجمان پاک بحریہ کے مطابق ملاقات میں قومی سلامتی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    وزیر دفاع نے چیف آف دی نیول اسٹاف کی خدمات کو سراہا اور پاک بحریہ کو ایک مضبوط فورس بنانے میں ایڈمرل محمد ذکاء اللہ کی کوششوں کی تعریف کی۔

    اسی طرح چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل سہیل امان سے الوداعی ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

    دریں اثنا چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین سے بھی الوداعی ملاقات کی۔

  • منرل واٹر کمپنی اور ہوٹل پر چھاپے، گیس کی چوری پکڑی گئی

    منرل واٹر کمپنی اور ہوٹل پر چھاپے، گیس کی چوری پکڑی گئی

    کراچی: سوئی سدرن گیس کمپنی(ایس ایس جی سی) کا گیس چوروں کے خلاف کریک ڈاون جاری ہے، سوئی سدرن پولیس نے منرل واٹر کمپنی کے آر او پلانٹ اور ہوٹل پر چھاپے مار کر گیس کی چوری پکڑلی اور 2 ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق سوئی سدرن پولیس نے گیس چوری کے خلاف دو مختلف کارروائیوں میں کراچی کے علاقے ایف بی ایریا اور کیماڑی میں چھاپے مار کر گیس چوری کرنے کے الزام میں دو افراد کو گرفتار کر لیا۔

    ترجمان ایس ایس جی سی کے مطابق ایف بی ایریا میں واقع منرل واٹر کمپنی کا مالک مزمل ربڑ کے پائپ کے ذریعے براہ راست 18 کے وی پاور جنریٹر اور دیگر استعمال کے لیے گیس چوری کر رہا تھا۔

    گیس چوری کے الزام میں ملزم مزمل کو موقع پر ہی گرفتار کرلیا گیا۔

    دوسری جانب کیماڑی کے علاقے میں مشہور ہوٹل پر چھاپہ مارا گیا جہاں سے چوری کے الزام میں ملزم علی کو گرفتار کرلیا گیا۔

    ملزم علی ربڑ کے ٹیوب سے 650 کیوبک فٹ فی گھنٹہ گیس چوری کر رہا تھا، ۔گیس چوری کے الزام میں ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔

  • کراچی ایئرپورٹ: 1 کروڑ روپے کی ہیروئن و زیورات ضبط، مرد اور عورت گرفتار

    کراچی ایئرپورٹ: 1 کروڑ روپے کی ہیروئن و زیورات ضبط، مرد اور عورت گرفتار

    کراچی: کسٹم نے ایئرپورٹ پر دو مختلف کارروائیوں میں ہیروئن اور سونے کے زیورات برآمد کرکے ایک مرد اور ایک عورت کو گرفتار کرلیا، ضبط شدہ سامان کی مجموعی مالیت ایک کروڑ روپے سے زائد ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کسٹمز پریونٹو نے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر اسمگلرز کے خلاف دو کارروائیاں کی ہیں جن میں ہیروئن اور سونے کے زیورات پکڑے گئے ہیں۔

    نائیجرین مسافر گرفتار،ہیروئن برآمد

    ڈپٹی کلکٹر کسٹمز واصف ملک کا کہنا ہے کہ ائر پورٹ کے ڈپارچر سے ہیروئین اسمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے نائجیریئن مسافر سے 600 گرام اعلیٰ کوالٹی کی ہیروئین برآمد کرلی گئی ہے ضبط شدہ ہیروئین کی مالیت انٹرنیشنل مارکیٹ میں 50 لاکھ روپے سے زائد ہے۔

    واصف ملک کے مطابق غیر ملکی مسافر کو خفیہ اطلاع پر حراست میں لیا گیا، مسافر کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغار کردیا گیا ہے، مسافر غیر ملکی ائرلائن کی پرواز ٹی کے 709 سے نائجیریا جارہا تھا۔

    دبئی سے آنے والی خاتون گرفتار، زیورات ضبط

    انہوں نے مزید بتایا کہ ایک اور کارروائی میں دبئی سے آنے والی خاتون مسافر سے زیورات برآمد کر لیے گے، مسافر خاتون سمیہ آدم جی سے 50 لاکھ روپے مالیت کے ایک کلو 300 گرام سونے کے زیورات برآمد ہوئے ہیں خاتون مسافر فلائی دبئی کی پرواز 331 سے کراچی پہنچی تھی۔

    اس جرم پر خاتون مسافر کو حراست میں لے کر خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

  • کراچی: کچی آبادیوں میں قائم غیر قانونی تعمیرات گرانے کے نوٹسز جاری

    کراچی: کچی آبادیوں میں قائم غیر قانونی تعمیرات گرانے کے نوٹسز جاری

    کراچی: سندھ کچی آبادی اتھارٹی نے کراچی کی کچی آبادیوں میں غیر قانونی تعمیرات کو گرانے کے نوٹسز جاری کردیے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے کچی آبادیوں میں غیر قانونی تعمیرات اور عمارات کو مسمار کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور کچی آبادی کا خصوصی سیل قائم کردیا گیا جس کے بعد کچی آبادیوں کو گرانے کے نوٹسز جاری کردیے گئے ہیں۔

    سندھ کچی آبادی اتھارٹی نے پہلے مرحلے میں راجپوت کالونی، عیسیٰ نگری، ویلفیئر کالونی میں غیر قانونی بنائی گئی عمارات کو نوٹس جاری کیے ہیں۔

    karachi slum areas

    ڈائریکٹر کچی آبادی عبدالغنی جوکھیو نے بتایا کہاپر گزری، لوئر گزری، سلطان آباد، شاہ رسول کالونی، ہزارہ کالونی میں بنی غیر قانونی عمارتیں دوسرے مرحلے میں گرائی جائیں گی۔


    اسی سے متعلق:  کچی آبادیوں‌ میں قائم غیرقانونی تعمیرات مسمار کرنے کا فیصلہ


    کراچی کی 100 سے زائد کچی آبادیوں میں غیر قانونی عمارتیں ہیں، ڈائریکٹر کچی آبادی

    ڈائریکٹر کچی آبادی کے مطابق کراچی کی 100 سے زائد کچی آبادیوں میں غیر قانونی عمارتیں بنائی گئی ہیں جبکہ کچی آبادیوں میں قانون کے تحت ایک سے دو منزلہ عمارت بنانے کی اجازت ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ قبضہ مافیا بلڈرز نے کچی آبادیوں میں قبضے کرکے غیر قانونی عمارات بنائی ہیں، کراچی کی کچی آبادیوں میں جتنی بھی غیر قانونی عمارات بنائی گئی ہیں، انہیں مسمار کرنے کے لیے خصوصی سیل قائم کردیا گیا ہے، کچی آبادیوں میں بلند ترین عمارات بنانا غیر قانونی ہیں۔

  • اسحاق ڈارسب سے بڑا معاشی دہشت گرد ہے، سراج قاسم تیلی

    اسحاق ڈارسب سے بڑا معاشی دہشت گرد ہے، سراج قاسم تیلی

    کراچی : کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر سراج قاسم تیلی نے کہا ہے کہ اسحاق ڈار سب سے بڑا معاشی دہشت گرد ہے، تاجربرادری فوری استعفے کا مطالبہ کرے، پوری دنیا ہم پر ہنس رہی ہے کہ فرد جرم عائد ہونے کے بعد بھی اسحاق ڈاروزیرخزانہ ہیں۔

    وائس چیئرمین بی ایم جی ہارون فاروقی کی جانب سے وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے خلاف مضبوط قرارداد منظور کرنے کی تجویز پر اتفاق کرتے ہوئے سراج قاسم تیلی نے کہا کہ کے سی سی آئی کو مکمل اتفاق رائے سے وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے فوری استعفے کا مطالبہ کرنا چاہئیے۔

    انہوں نے کہا کہ وزیرخزانہ اسحاق ڈار پرکرپشن کے کیس میں فرد جرم عائد کی جاچکی ہے اور وہ ملک میں اقتصادی بحران پیدا کرنے کے پوری طرح ذمہ دار ہیں۔


    مزید پڑھیں : وزیرخزانہ اسحاق ڈار پرفرد جرم عائد


    سراج قاسم تیلی نے کہا کہ ساری دنیا ہم پر ہنس رہی ہے کہ ان کے موجودہ وزیرخزانہ پر کرپشن کیس میں فرد جرم عائد کیا جا چکا ہے لہٰذا اسحاق ڈار کو فوری طور پر اس وقت تک کے لیے مستعفی ہو جانا چاہئے جب تک کیس کا فیصلہ نہیں ہوجاتا۔


    مزید پڑھیں: وزیرخزانہ اسحاق ڈار دیانت داراوردین دارشخص ہیں، سعدرفیق 


    انہوں نے سی پیک منصوبے پر رائے دیتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے سے دونوں جانب جیت کی صورتحال پیدا ہونے کہ امکانات نظر نہیں آرہے جو صرف چائنا کے لئے تجارتی لحاظ سے قابل قبول ہے جبکہ پاکستان کو صرف انفرااسٹرکچر کی ترقی کے لحاظ سے فائدہ ہوگا، اس منصوبے سے پاکستان کے ٹیکسٹائل سیکٹر کو بہت زیادہ نقصان متوقع ہے۔

  • گوادر میں‌ ملک کی سب سے بڑی رن وے بنانے کا اعلان

    گوادر میں‌ ملک کی سب سے بڑی رن وے بنانے کا اعلان

    کراچی: وزیر مملکت برائے بندر گاہ و جہاز رانی چوہدری جعفر اقبال نے کہا ہے کہ چائنہ کمیونی کیشن کنسٹرکشن کمپنی(سی سی سی سی) کی جانب سے گوادرتا کوسٹل ہائی وے چھ رویہ سڑک اور دو ٹرینیں چلانے کے لیے 15 ارب روپے کا بلا سودی قرضہ فراہم کیا جارہا ہے، 18 اکتوبر کو گوادر پورٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا جہاز لنگر انداز ہوگا، اگلے سال تک پاکستان کی سب سے بڑی رن وے گوادر پورٹ پر بنائے جائے گی جس کے لیے چین 18 تا20 ارب روپے گرانٹ دے گا۔

    یہ بات انہوں نے پی این ایس سی بلڈنگ میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہی۔ ان کے ساتھ چیئرمین پی این ایس سی عارف الٰہی، ڈی جی پورٹ اینڈ شپنگ اسد چاندنہ بھی موجود تھے۔ قبل ازیں وزیر مملکت نے چیئرمین پی این ایس سے ملاقات کی جس میں چیئرمین نے انہیں ادارے کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔

    دو ٹرینوں اور 6رویہ طویل سڑک کے لیے چین 15 ارب بلا سود دے گا

    بعدازاں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ چین کے نائب وزیر ٹرانسپورٹ پاکستان آئے ہوئے ہیں جن کے ذریعے چینی کنسٹرکشن کمپنی سے 15 ارب روپے کا بلاسود قرضہ لینے کا معاہدہ طے پاگیا ہے، اس رقم کے ذریعے سی پی کے تحت گوادر پورٹ کو کوسٹل ہائی وے سے ملایا جائے گا جس کے لیے چھ رویہ سٹرک تعمیر کی جائے گی اور دو ٹرینیں چلائی جائیں گی۔

    انہوں نے بتایا کہ گوادر پر عنقریب دو بڑے جہاز لنگر انداز ہونے والے ہیں، 18اکتوبر کو آنے والا جہاز اس پورٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا جہاز ہوگا جو کہ پہلی بار یہاں پہنچے گا۔

    گوادر میں بزنس سینٹر بنانے کا اعلان

    وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ گوادر پورٹ اتھارٹی (جی ڈی اے) کی جانب سے فری زون میں بزنس سینٹر بنایا جارہا ہے جو کہ دوبرس میں مکمل ہوجائے گا جس میں کمیونٹی سینٹر بھی ہوگا، اس میں کسٹم، پی این ایس سی، ایف بی آر، امیگریشن اور جی ڈے اے کے دفاتر بھی ہوں گے۔

    ڈیفنس تا پورٹ قاسم فیری سروس چند ماہ میں شروع ہوجائے گی

    فیری سروس کے معاملے پر انہوں نے بتایا کہ کراچی تا گوادر فیری سروس کا کام بتدریج آگے بڑھ رہا ہے، کراچی کی سڑکوں کا رش کم کرنے کے لیے ڈیفنس تا پورٹ قاسم براستہ سمندر فیری سروس چلانے چلانے کا منصوبہ چند ماہ میں شروع کریں گے۔

    کنٹینر لانے کے لیے پپری سے ٹرین چلائیں گے

    وزیر مملکت نے بتایا کہ کراچی کے نزدیک پپری میں ریلوے کی بڑی زمین خالی ہے، منصوبہ ہے کہ اسے کراچی پورٹ کے زیر استعمال لاکر یہاں سے ٹرین چلائی جائے تاکہ کنٹینر اترنے کے بعد ٹرک کے بجائے ٹرین کے ذریعے منتقل کیا جائے جس سے ٹرانسپورٹیشن کی لاگت انتہائی کم ہوجائے گی۔

    کراچی پورٹ پر 4 ہزار خالی کنٹینر پڑیں گے، جلد نیلام ہوں گے

    چوہدری جعفر اقبال نے بتایا کہ کراچی پورٹ پر 4 ہزار کے قریب کنٹینر خالی پڑے ہیں جنہیں شپنگ کمپنیاں چھوڑ گئیں، کسٹم کے ذریعے انہیں نیلام کرایا جائے گا تاکہ پورٹ پر جگہ خالی ہو، ان میں سے 3ہزار کے قریب کے پی ٹی اور بقیہ پورٹ ہینڈلنگ کرنے والی دیگر کمپنیوں کے پاس پڑے ہیں ۔

    گوادر میں سب سے بڑی رن وے تعمیر ہوگی، چین 20 ارب دے گا

    انہوں نے مزید کہا کہ گوادر میں چین کے تعاون سے ملک کی سب سے بڑی رن وے تعمیر کی جائے گی جو کہ اگلے سال تک مکمل ہوجائے گی اس کے لیے چینی حکومت 18 تا20 ارب روپے گرانٹ فراہم کرے گی۔

    آئل اسٹوریج میں 1 لاکھ 20 ہزار میٹرک ٹن کا اضافہ کریں گے، چیئرمین پی این ایس سی

    چیئرمین پی این ایس سی نے بتایا کہ آئل اسٹور کرنے کی گنجائش بڑھانے کے لیے 1 لاکھ 20 ہزار میٹرک ٹن گنجائش کے حامل ٹینک بنانے کے لیے 3.75اب روپے کی لاگت آئے گی، 50فیصد سرمایہ وفاقی حکومت فراہم کرے گی بقیہ رقم پی این ایس سی خرچ کرے گی، ہماری طرف سے پوری تیاری ہے تاہم متعلقہ اداروں کی جانب سے پرمیشنز پر کام جاری ہے۔

  • گوادر پورٹ پر سیکیورٹی کی اہمیت کئی گنا بڑھ گئی، سربراہ بحریہ

    گوادر پورٹ پر سیکیورٹی کی اہمیت کئی گنا بڑھ گئی، سربراہ بحریہ

    کراچی: پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ذکا اللہ نے گوادر میں تیسری فورس پروٹیکشن بٹالین کے ہیڈ کوارٹرز اور دیگر انفرا اسٹرکچر کے تعمیراتی کام کا افتتاح کردیا، انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے باعث گوادر پورٹ کی سیکیورٹی کی اہمیت کئی گنا بڑھ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک بحریہ کے سربراہ ایڈ مرل محمد ذکاء اللہ نے گوادر میں تیسری فورس پروٹیکشن بٹالین کی نئی عمارت کے تعمیراتی کام کا افتتاح کردیا۔

    اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایڈمرل ذکا اللہ کا کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری سے منسلک منصوبوں کا استحکام اور ان سے حاصل ہونے والے فوائد اس عظیم منصوبے کے بحری جزو کی سیکیورٹی سے ہی وا بستہ ہیں لہذا میری ٹائم سیکیورٹی کو یقینی بنانا پاک بحریہ کی اہم ذمہ داری ہے۔

     انہوں نے کہا کہ پاکستان نیوی اس چیلنج سے عہدہ برآ ہونے کے لیے پوری طرح تیار ہے، پاک بحریہ مغربی ساحل پر قائم بحری اثاثوں اور تنصیبات کے ساتھ ساتھ سی پیک کے بحری جزو کو بھی بھر پور سیکیورٹی فراہم کرتی رہے گی۔

    پاک بحریہ کے سربراہ نے بتایا کہ تیسری فورس پروٹیکشن بٹالین پاک میرینز کے قیام کا مقصد گوادر پورٹ کے ساتھ ساتھ گوادر شہر اور ساحلی علاقوں میں قائم حساس تنصیبات سمیت خشکی پر قائم بحری تنصیبات کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔

    نیول چیف نے اورماڑہ  اور گوادر میں قائم پاک بحریہ کے یونٹس اور تنصیبات کا دورہ بھی کیا اور وہاں تعینات پاک بحریہ کے افسروں اور جوانوں سے ملاقات کی اور پاکستان کی بحری سرحدوں کے دفاع کے حوالے سے ان کے بلند حوصلے اور لگن کو سراہا۔

  • وزیر اعظم نے ایکسپورٹرز کے ریفنڈز واپس کرنے کا حکم دے دیا، گورنر سندھ

    وزیر اعظم نے ایکسپورٹرز کے ریفنڈز واپس کرنے کا حکم دے دیا، گورنر سندھ

    کراچی گورنر سنده محمد زبیر عمر نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے برآمد کنندگان کے ریفنڈ فوری جاری کرنے کے احکامات دیے ہیں، ملک میں سرمایہ کاری اس وقت بڑهے گی جب تاجروں کا ریفنڈ کا معاملہ حل ہوگا۔

    یہ بات انہوں نے کراچی گورنر ہاؤس میں اقتصادی رپورٹنگ کرنے والے (کامرس رپورٹرز) صحافیوں کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

    حکومتی ریونیو 3500 ارب ہوگیا، ریفنڈ روکنے کی کوئی وجہ نہیں

    محمد زبیر کا کہنا تها کہ حکومت کا ریونیو 4 سال میں 1900 سے بڑھ کر 3500 ارب ہوگیا ایسے میں تاجروں کے ریفنڈ روکنے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔

    گورنر سندھ نے کہا کہ  پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ مسلم لیگ نون کا کارنامہ ہے جس سے ملک میں توانائی اور انفرا اسٹرکچر کے منصوبے زیر تکمیل ہیں اور ملک معاشی طور پر مستحکم ہو رہا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ملک میں سرمایہ کاری کا ماحول بہتر بنانے کے لیے امن وامان اور بجلی کا بحران کا حل نون لیگ حکومت کی ترجیحات تهیں اور اس پر خاطر خواہ کامیابی ملی ہے، ملک میں صنعتی لوڈ شیڈنگ ختم ہو گئی ہے۔

    ملک میں ٹیکنو کریٹ حکومت کی گنجائش نہیں، ایسی بات کرنا غداری ہے

    مختلف سوالات پر انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان کے تحت ملک میں ٹیکنو کریٹ حکومت کی گنجائش نہیں ہے، ایسی باتیں کرنا ملک سے غداری ہے، سسٹم ڈی ریل نہیں ہونا چاہیے اسے چلتے رہنا چاہیے۔

    گورنر سندھ نے اقتصادی رپورٹنگ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سی پیک اور دیگر سرمایہ کاری کی اندرون اور بیرون ملک کانفرنسوں میں کراچی کے اقتصادی رپورٹنگ کرنے والے رپورٹرز کو بهی شامل کیا جائے گا۔