Author: انور خان

  • کراچی میں ایک ہی خاندان کے 11 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق

    کراچی میں ایک ہی خاندان کے 11 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق

    کراچی : شہر قائد میں ایک ہی خاندان کے 11 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو گئی، جس میں عباسی شہید اسپتال کی خاتون ڈاکٹر بھی شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے ضلع وسطی کے ایک ہی خاندان کے 11 افراد کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ، متاثرہ خاندان میں عباسی شہید اسپتال تعلق رکھنے والی ایک خاتون ڈاکٹر بھی شامل ہیں، متاثرہ افراد کو گھر میں ہی قرنطینہ کر دیا گیا۔

    سینئر میڈیکل ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز بلدیہ کراچی ڈاکٹر سلمی کوثر نے عباسی شہید اسپتال کی خاتون ڈاکٹر اور خاندان دیگرافراد میں کوورنا کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام افراد کا تعلق نارتھ ناظم آباد سے ہے

    ڈاکٹر سلمی کوثر کا کہنا تھا کہ خاتون ڈاکٹر کی ڈیوٹی فلٹر کلینک میں تھی ، عباسی شہید اسپتال کے ساتھ احاطے میں۔فلٹر کیلنک بنائی گئی ہے ، فلٹر کلینک کے عملے کی بھی اسکرینگ کرائی جائے گی۔

    سینئر میڈیکل ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز بلدیہ کراچی نے کہا کہ کیسز 14مارچ سے27مارچ کے دوران سامنے آِئے، عباسی شہید اسپتال کو تاحال ایمرجنسی فنڈ فراہم نہیں کیا گیا، تاہم تمام ڈاکٹروں کٹس فراہم کردی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ سماجی رابطے وایرس کی منتقلی کا سبب بنے، ان میں سے ایک نوجوان برطانیہ سے آیا تھا۔

    خیال رہے ملک بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعدا د3864 ہوگئی ہے، اس خطرناک وائرس سے 54 افراد جاں بحق جبکہ 258 صحتیاب ہو چکے ہیں۔

    سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 932، خیبرپختونخوا میں 405 , گلگت میں 211، پنجاب میں1918, بلوچستان میں 202 اور اسلام آباد میں 82 ہیں۔

  • کراچی میں کورونا وائرس سے لڑنے والے ڈاکٹر عبدالقادر انتقال کر گئے

    کراچی میں کورونا وائرس سے لڑنے والے ڈاکٹر عبدالقادر انتقال کر گئے

    کراچی میں کورونا وائرس کے خلاف جنگ لڑنے والے فرنٹ لائن کے پہلے سپاہی اپنے خالق حقیقی سے جاملے۔

    گلشن حدید کے معروف ماہر امراض جلد ڈاکٹر عبد القادر سومرو کورونا سےجاں بحق ہوگئے، وہ مریضوں کو سہولیات دینے میں مصروف تھے کہ اسی دوران 2 اپریل کو ان میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔

    انہیں انڈس اسپتال میں داخل کیا گیا اور آئیسولیشن میں رکھ کر علاج کیا جاتا رہا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے اور پیر کو اپنے خالق حقیقی سے جاملے۔

    انہوں نے الخدمت اسپتال میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے لئے خصوصی وارڈ بھی تیار کیا جس میں تین وینٹی لیٹرز نصب کیے گئے۔ ڈاکٹر عبدالقادر سومرو پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن سندھ کے سابق صدر، اسٹیل ملز اسپتال کے سابق میڈیکل سپرنٹنڈنٹ، الخدمت فریدہ یعقوب اسپتال کے سابق ایم ایس، اسلامی جمعیت طلبہ سندھ کے سابق ناظم، الخدمت اسپتال تھرپارکر کے موجودہ ایم ایس اور الخدمت فاؤنڈیشن سندھ کے نائب صدر تھے۔

    ان کی وفات پر پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن ، پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ، ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن اور صحت کے شعبہ سے تعلق رکھنے والی مختلف تنظیموں و افراد نے گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔

  • کراچی میں کرونا وائرس کا ایک اور مریض جاں بحق

    کراچی میں کرونا وائرس کا ایک اور مریض جاں بحق

    کراچی: شہر قائد میں کرونا وائرس کا ایک اور مریض جاں بحق ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق جناح اسپتال کراچی میں زیر علاج کرونا کا ایک مریض جاں بحق ہو گیا، جناح اسپتال انتظامیہ نے بھی مریض کی موت کی تصدیق کر دی۔

    جناح اسپتال انتظامیہ کا کہنا تھا کہ 70 سالہ متاثرہ مریض ذیابیطس کا بھی شکار تھا اور اس کا کرونا ٹیسٹ پازیٹو آیا تھا۔ ایک اور ہلاکت کے بعد سندھ میں کرونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 16 ہو گئی ہے۔

    ادھر محکمہ صحت سندھ کی جانب سے غیر سنجیدگی کا مظاہرہ دیکھنے میں آنے لگا ہے، آج محکمے کی جانب سے سندھ میں کرونا وائرس کے اعداد شمار چھپا لیے گئے ہیں، کل سے اب تک تاحال کوئی اعداد و شمار جاری نہیں کیے گئے۔

    سوات میں کرونا کا ایک اور مریض انتقال کر گیا

    آج سندھ کے علاوہ پورے ملک کے کرونا کے کیسز کے اعداد و شمار جاری ہوئے، خیال رہے کہ یومیہ بنیاد پر محکمہ صحت سندھ کی جانب سے اعداد و شمار جاری کیے جاتے ہیں، تاہم آج کے اعداد و شمار جاری نہیں کیے گئے۔

    دوسری طرف وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اب سے کچھ دیر قبل کرونا وائرس سے متعلق پیغام دیتے ہوئے بتایا کہ سندھ میں آج صبح 8 بجے تک 8931 ٹیسٹ کیے گئے، آج صبح تک سندھ بھر میں کرونا وائرس کے 881 ٹیسٹ مثبت ہیں، 123 افراد صحت مند ہو کر گھروں کو جا چکے ہیں، سندھ بھر میں وائر س سے 15 افراد جاں بحق ہوئے، 24 گھنٹوں کے دوران سندھ بھر میں 68 مریض صحت یاب ہوئے۔

  • سندھ میں کوروناوائرس کے 47 نئے کیسزرپورٹ، مجموعی تعداد 830ہوگئی

    سندھ میں کوروناوائرس کے 47 نئے کیسزرپورٹ، مجموعی تعداد 830ہوگئی

    کراچی : سندھ میں کوروناوائرس کے47نئےکیسزرپورٹ ہوئے، جس کے بعد کوروناکے مریضوں کی مجموعی تعداد 830 اور اموات کی کل تعداد 14 ہوگئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے سندھ میں 47 نئے کرونا کیسز کی تصدیق کردی اور کہا آج رپورٹ ہونے والے تمام کیسز رابطہ کیسز کے طور پر سامنے آئے ہیں۔

    ڈاکٹر عذرا پیچوہو کا کہنا تھا کہ صوبے بھر میں رابطہ کیسز کی تعداد 438 تک جا پہنچی ہے، نئے کیسز میں حیدرآباد اور بدین سے ایک ایک ، ٹنڈو محمد خان میں 5 اور جامشورو میں 2 کیسز سامنے آئے ہیں۔

    محکمہ صحت سندھ کے مطابق اس کے علاوہ ٹنڈو محمد خان، گھوٹکی، دادو، بدین، شھید بینظیر آباد اور جیکب آباد سے بھی کرونا کیسز سامنے آئے ہیں۔

    ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے مزید بتایا کہ سندھ میں کرونا متاثرین کی مجموعی تعداد 830 ہو گئی جبکہ 751 مریض زیر علاج ہیں، جن میں کراچی میں 329، حیدرآباد میں 149 اور سکھر قرنطینہ میں 248 کرونا کے مریض ہیں جبکہ 65 ڈسچارج ہوچکےہیں۔،

    وزیر صحت سندھ کا کہنا تھا کہ سندھ میں 7 ہزار 992 افراد کے کرونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں جبکہ آج ہونے والی 3 اموات کے ساتھ سندھ میں کرونا سے متاثرہ اموات کی کل تعداد 14 ہوگئی ہے۔

    خیال رہے پاکستان میں کورونا کیسز کی تعداد 2700 تک جا پہنچی جبکہ کورونا وائرس سے اموات کی تعداد 40ہوگئی ہے۔

  • سندھ میں کرونا سے مزید 2 افراد جاں بحق، تعداد 13 ہو گئی

    سندھ میں کرونا سے مزید 2 افراد جاں بحق، تعداد 13 ہو گئی

    کراچی: محکمہ صحت سندھ نے کرونا وائرس کے 2 مزید مریضوں کی موت کی تصدیق کر دی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق محکمہ صحت سندھ نے کہا ہے کہ صوبے میں کرونا وائرس سے مزید دو افراد جاں بحق ہو گئے، جس کے بعد سندھ میں مرنے والوں کی تعداد 13 ہو گئی ہے۔

    طبیعت بگڑنے پر دونوں مریضوں کو یکم اپریل کو اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جن کی عمریں 60 اور 80 سال ہیں، دونوں مریضوں میں سے ایک عارضہ قلب اور دوسرے مریض کو گردوں کے مسائل کا سامنا تھا۔ محکمہ صحت کے مطابق جاں بحق ہونے والا ایک مریض حال ہی میں سعودی عرب سے آیا تھا، مریض کو دمہ اور سانس لینے میں تکلیف کا مسئلہ بھی لاحق تھا۔

    خیال رہے کہ آج سندھ میں کرونا وائرس کے مزید 22 کیسز سامنے آئے ہیں، جس کے بعد صوبے میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 783 ہو گئی ہے۔ محکمہ صحت سندھ کا کہنا تھا کہ گھوٹکی میں کرونا وائرس کے 2، کراچی میں 6، حیدر آباد سے 14 کیسز سامنے آئے۔

    سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 22 کیسز رپورٹ ، مجموعی تعداد 783 ہوگئی

    سندھ میں کرونا وائرس کے 707 مریض زیر علاج ہیں جب کہ وائرس سے 65 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔ دوسری طرف نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر نے ملک بھر میں 37 اموات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وائرس سے متاثرہ 10 افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔ ملک بھر میں کرونا کے مریضوں کی تعداد 2,458 تک پہنچ چکی ہے۔

  • سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 22 کیسز رپورٹ ، مجموعی تعداد 783 ہوگئی

    سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 22 کیسز رپورٹ ، مجموعی تعداد 783 ہوگئی

    کراچی : سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 22 کیسز سامنے آ گئے ، جس کے بعد صوبےمیں متاثرہ افراد کی تعداد 783 ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 22 کیسز سامنے آ گئے ، جس کے بعد سندھ میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 783ہوگئی ہے۔

    محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ گھوٹکی میں کورونا وائرس کے2 ، کراچی میں کوروناوائرس کے6،حیدرآباد سے 14کیسز سامنے آئے۔

    سندھ میں کورونا وائرس کے 707مریض زیرعلاج ہیں جبکہ وائرس سے 11افرادجاں بحق ہوئے اور 65 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

    محکمہ صحت سندھ کے مطابق کوروناکےاب تک7504مجموعی طورپرٹیسٹ کئےجاچکے ہیں اور سندھ میں اب تک 438 مقامی شہریوں میں کورونا منتقلی کی تصدیق ہوئی۔

    گذشتہ روز وزیرصحت سندھ نے کراچی میں کوروناسےمتاثرہ مریض کےانتقال کی تصدیق کی تھی ، 86سال کےبزرگ بذریعہ سماجی رابطے سے متاثر ہوئے، مریض یکم اپریل کواسپتال داخل ہواجس کاٹیسٹ مثبت آیا جبکہ ان کو بلڈپریشر جیسے مسائل کا سامنا بھی تھا۔

    خیال رہے نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹرنےملک بھرمیں 35 اموات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وائرس سے متاثرہ 10افراد کی حالت تشویشناک ہے۔

    پاکستان میں کورونا کیسز کی تعداد 2400 سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ ملک میں کورونا وائرس کے126مریض صحتیاب ہوچکےہیں۔

  • پاکستان میں کورونا سے صحتیاب پہلے نوجوان یحییٰ جعفری نے پلازمہ عطیہ کردیا

    پاکستان میں کورونا سے صحتیاب پہلے نوجوان یحییٰ جعفری نے پلازمہ عطیہ کردیا

    کراچی : ماہر امراض خون ڈاکٹر ثاقب انصاری کا کہنا ہے پاکستان میں کورونا وائرس سے صتحیاب ہونے والے یحییٰ جعفری نے اپناپلازمہ عطیہ کردیا ، یحییٰ جعفری پاکستان میں کورونا وائرس کے پہلے مریض تھے۔

    تفصیلات کے مطابق ماہر امراض خون ڈاکٹر ثاقب انصاری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ یحییٰ جعفری نے اپنا پلازمہ عطیہ کیا ہے ، یحییٰ جعفری ایک ماہ پہلےکوروناوائرس کاشکار ہوا تھا، ایف ڈی پلازمہ استعمال کرکے اینٹی باڈیز بنائے گئے۔

    ڈاکٹرثاقب انصاری کا کہنا تھا کہ یحییٰ جعفری والدین کے ساتھ اپنا عطیہ دینےآئےہیں ، ہم یحیی جعفری اور ان کے والدین کی ہمت کو داد دیتے ہیں۔

    پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ ہونے کے بعد مکمل صحت یاب ہونے والے یحییٰ جعفری نے کہا کہ میری خوش نصیبی ہےکہ میراپلازمہ کسی کےکام آئےگا، پلازمہ دینےپر بہت خوش ہوں جبکہ یحییٰ جعفری کی والدہ کا کہنا تھا کہ مشکل وقت میں سب نے ساتھ دیا۔

    خیال رہے این آئی بی ڈی میں بلڈ ڈزیز کے اسپیشلٹ ڈاکٹرطاہرشمسی کا کہنا تھا  کہ سندھ حکومت نے پلازمہ ٹیکنیک سے کورونا کے مریضوں کا علاج کرنے کی اجازت دے دی ہے۔

    انھوں نے کہا تھا کہ علاج کیلئےکوروناوائرس سےصحت یاب افراد کا پلازمہ لیا جائے گا،  کورونا صحتیاب مریض ہر2 ہفتے بعد پلازمہ عطیہ کرسکیں گے، مریض25 کلو سے کم وزن ہے تو ایک پلازمہ 2لوگوں کو لگایا جاسکے گا۔

    یاد رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری کو کراچی میں سامنے آیا تھا، جہاں 22 سالہ نوجوان یحییٰ جعفری میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی ۔

    واضح  رہے ملک بھر میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 2200 سے تجاوز کرگئی جبکہ اموات کی تعداد 31 ہوگئی ہے، کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق 24 گھنٹےکےدوران پاکستان میں76نئےکیس رپورٹ ہوئے، پنجاب میں کورونا وائرس کےسب سے زیادہ845کیسز ہیں جبکہ سندھ میں کوروناوائرس کے کیسز کی تعداد743ہوگئی ہے۔

  • سندھ میں کرونا کے 34 نئے کیسز رپورٹ، مجموعی تعداد 743 ہوگئی

    سندھ میں کرونا کے 34 نئے کیسز رپورٹ، مجموعی تعداد 743 ہوگئی

    کراچی : محکمہ صحت سندھ نے کہا ہے کہ 34 نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد سندھ بھر میں کرونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد 700 سے تجاوز کرگئی۔

    تفصیلات کے مطابق چین سے پھیلنے والے جان لیوا کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں سندھ بھر میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، محکمہ صحت سندھ نے بتایا ہے کہ صوبے میں مزید 34 افراد میں خطرناک وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

    محکمہ صحت نے بتایا کہ شہر قائد میں مزید 17 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، حیدر آباد میں 9، شہید بے نظیر آباد میں 6 اور جامشورو میں 2 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر سندھ بھر میں 743 لوگ کرونا وائرس کا شکار ہیں۔

    سندھ میں کرونا کی مقامی منتقلی کے کیسز کی تعداد 410 ہوگئی، خوش آیند بات یہ ہے کہ ملک بھر میں جان لیوا وائرس میں مبتلا 94 افراد صحت یاب بھی ہوچکے ہیں جن میں 54 کا تعلق صوبہ سندھ سے ہے، خیال رہے کہ گزشتہ روز سندھ میں کرونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 676 تھی۔

    واضح رہے کہ ملک بھر میں ہلاکت خیز وائرس کے 120 نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد مجموعی تعداد 2238 ہوگئی ہے جبکہ چار مزید افراد کی موت کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 31 تک پہنچ گئی ہے جن میں سے 9 کا تعلق سندھ سے ہے۔

  • کراچی میں کورونا سے مزید ایک اور ہلاکت کی تصدیق، تعداد 9 ہوگئی

    کراچی میں کورونا سے مزید ایک اور ہلاکت کی تصدیق، تعداد 9 ہوگئی

    کراچی : شہر قائد میں کرونا وائرس کا ایک اور مریض زندگی کی بازی ہار گیا، وزیر صحت نے تصدیق کردی جس کے بعد سندھ میں کرونا وائرس سے اموات کی تعداد 9ہوگئی۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ میں کراچی میں کرونا وائرس کا ایک اور مریض جاں بحق ہوگیا، وزیر صحت سندھ عذرا پیچوہو کا کہنا ہے کہ مریض کو دمہ اورسانس لینے میں تکلیف تھی،حال ہی میں سعودی عرب سے آیا تھا

    وزیر صحت سندھ کے مطابق سندھ میں کرونا وائرس سے اموات کی تعداد 9 ہوگئی ہے، شوگر اور سانس کے مرض میں مبتلا شخص کو گزشتہ روز اسپتال لایا گیا تھا۔

    محکمہ صحت سندھ کے مطابق حیدرآباد میں کرونا کے 128 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، 128 میں سے 116 افراد کا تعلق تبلیغی جماعت سے ہے، متاثرہ افراد کو لیاقت میڈیکل ہیلتھ سائنسز میں قرنطینہ کردیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ آج کراچی میں کرونا وائرس سے جاں بحق ہونے والے مریضوں کی تعداد 3 ہوگئی ہے اس سے قبل بھی کرونا وائرس سے متاثر 70 سالہ شخص جاں بحق ہوگیا تھا۔

    یاد رہے کہ گذشتہ روز کراچی میں کورونا وائرس کے باعث 3 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔

    خیال رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق ملک بھر میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد بڑھ کر 2039 ہو گئی ہے، جب کہ وائرس سے اموات 27 تک پہنچ گئیں۔

  • پاکستان میں کورونا کی تشخیص، علاج اور ویکیسن کی تیاری میں اہم پیش رفت

    پاکستان میں کورونا کی تشخیص، علاج اور ویکیسن کی تیاری میں اہم پیش رفت

    کراچی: ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر پروفیسر محمد سعید قریشی کی سربراہی میں کام کرنے والی ریسرچ ٹیم نے نوول کورونا وائرس2019 میں مقامی طور پر ہونے والی تبدیلیوں کا پتہ لگالیا ہے۔

    ماہرین کا کہناہے وائرس میں مقامی حالات کے باعث جینیاتی تبدیلیاں ہوئی ہیں اور یہ عمل ابھی جاری ہے، جینیاتی تبدیلیوں کا سلسلہ ترتیب معلوم ہونے سے کورونا کی تشخیص ،علاج اور ویکیسن کی تیاری میں مدد ملے گی۔

    اس لحاظ سے مقامی طور پر پھیلنے والے وائرس کے جینوم سیکیوینس کا پتہ لگانا ایک اہم پیش رفت سمجھی جارہی ہے تاہم ریسرچ کا عمل ابھی جاری ہے اس کی تکمیل میں کچھ وقت درکار ہے۔

    ڈاؤ یونیورسٹی کے ماہرین کے مطابق کورونا وائرس کے جینوم سیکیوینس کا سلسلہ ترتیب معلوم کرنے کے لیے مقامی طور پر کورونا سے متاثر ہونے والے پندرہ سالہ لڑکے سے وائرس لےکر اس کا تجزیہ کیا گیا، ماہرین کا کہنا ہے کہ وائرس کا سلسلہ ترتیب معلوم کرنا انتہائی اہم پیش رفت ہے جس سے ویکسین بنانے اور علاج میں بڑی مدد ملے گی تاہم یہ ریسرچ کا ابتدائی مگر بہت اہم مرحلہ ہے ابھی تحقیق کے کئی مراحل باقی ہیں۔

    واضح رہے کہ ڈاؤ یونیورسٹی لیب ملک کی اولین لیب ہے جہاں کرونا وائرس کےلیے پی سی آر ٹیسٹ متعارف کرایا گیا، ڈاؤ یونیورسٹی کی جدید آلات سے آراستہ بی ایس ایل تھری وائرولوجی لیب کو استعمال کرتے ہوئے وائرس کے نمونے اس کا آر این اے علیحدہ کیا گیا اور پی سی آر کے ذریعے وائرس کی موجودگی کا پتہ چلایا گیا۔

    یہ وائرس مقامی طور پر پندرہ سالہ لڑکے میں منتقل ہوا لیکن تحقیق سے ثابت ہوتا ہے کہ یہ وائرس سعودی عرب کے راستے پاکستان منتقل ہوا اور پہلے ہی مرحلے پر ایک ہی خاندان کے پندرہ افراد کو متاثر کیا جس سے پتہ چلتا ہے یہ مقامی طور پر بہت تیزی سے پھیلتا ہے، سلسلہ ترتیب سے معلوم ہوتا ہے کہ اس وائرس کی جینیاتی ترتیب ووہان وائرس سے معمولی مختلف ہے اور اس میں کچھ جینیاتی تبدیلیاں عمل میں آئی ہیں۔

    اس وائرس نے چین میں جنم لیا اور سعودی عرب کے راستے پاکستان منتقل ہوا، مزید برآں یہ بھی واضح رہے کہ یہ ایک ابتدائی تحقیق کا کیس ہےجبکہ ڈاؤ یونیورسٹی کے ماہرین کی ٹیم ان تما م نمونوں کے تجزیے میں مصروف ہے جو دوسرے ممالک بہ شمول ایران ، عراق اور شام برطانیہ و امریکا سے پاکستان منتقل ہوئے اور یہ ریسرچ ابھی جاری ہے۔