Author: انور خان

  • کراچی میں کرونا وائرس سے پہلا مریض جاں بحق، ملک میں اموات 3 ہو گئیں

    کراچی میں کرونا وائرس سے پہلا مریض جاں بحق، ملک میں اموات 3 ہو گئیں

    کراچی: شہر قائد میں کرونا وائرس سے پہلا مریض انتقال کر گیا ہے، وزیر صحت سندھ نے 77 سال کے مریض کی کرونا سے موت کی تصدیق کر دی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر صحت سندھ عذرا پیچوہو نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں کرونا وائرس سے پہلا مریض انتقال کر گیا، مریض پہلے ہی سے مختلف امراض کا شکار تھا، کرونا وائرس موت کی وجہ بنی۔

    صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ مریض کی حالت کینسر اور ذیابیطس کی وجہ سے پہلے سے خراب تھی، مریض کی کوئی سفری تفصیلات نہیں ہیں، کرونا وائرس میں مبتلا 77 سال کا مریض نجی اسپتال میں زیر علاج تھا۔

    عذرا پیچوہو نے بتایا کہ سندھ میں باہر سے آنے والے لوگوں تک پہنچ رہے ہیں، کراچی میں کرونا وائرس کے 93 کیس رپورٹ ہو چکے ہیں، کراچی سمیت سندھ بھر میں کرونا کے مریضوں کی تعداد 245 ہو چکی ہے، 241 مریض سندھ کے مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں، جن میں سے کراچی میں 90 اور سکھر میں 151 مریض زیر علاج ہیں۔

    تازہ ترین:  وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا سیلف قرنطینہ کا تیسرا دن

    انھوں نے بتایا کہ کراچی سے تعلق رکھنے والے 2 مریضوں کو صحت یابی کے بعد گھر بھیج دیا گیا ہے، حیدر آباد سے تعلق رکھنے والا ایک مریض گزشتہ روز صحت یاب ہو کر گھر گیا۔

    خیال رہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے گزشتہ روز کہا تھا کہ 7.21 ارب روپے محکمہ صحت اور کمشنر سکھر کو بھیجے گئے ہیں، یہ تمام فنڈز کرونا سے متعلق سامان کی خریداری پر خرچ ہوں گے۔ ادھر پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 455 ہو گئی ہے، مجموعی طور پر 3 افراد جاں بحق جب کہ 5 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

  • کراچی میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 61 ہوگئی

    کراچی میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 61 ہوگئی

    کراچی : شہر قائد میں کرونا وائرس کےمزید 2 نئے کیس سامنے آگئے، جس کے بعد کراچی میں 61 اور سندھ بھر میں مجموعی تعداد 213 ہوگئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جارہا ہے، کراچی میں کرونا وائرس کےمزید 2 نئے کیس سامنے آگئے، جس کے بعد کراچی میں 61 اور سندھ بھر میں مجموعی تعداد 213 ہوگئی ہے۔

    محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ حیدر آبادمیں کوروناوائرس کا ایک کیس ہے، اس سے قبل کرونا وائرس کے 3 کیسز رپورٹ ہوئے تھے، محکمہ صحت سندھ کا کہنا تھا کہ کراچی میں تینوں کیسز مقامی ہیں، ان کی کوئی ٹریول ہسٹری نہیں۔

    یاد رہے بلوچستان میں مزید انتیس کیسز کی تصدیق ہوگئی، پنجاب میں کرونا مریضوں کی تعداد اٹھہتر ، اسلام آباد میں چار اور پختونخوامیں 23 مریض زیرعلاج ہیں جبکہ پورے ملک میں اب تک چار مریض مکمل صحت یاب ہو چکے ہیں۔

    مزید پڑھیں : ایکسپو سینٹر کراچی میں پاک فوج کے تعاون سے فیلڈ اسپتال کے قیام کا بڑا فیصلہ

    خیال رہے سندھ حکومت نے کرونا وائرس کے ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے ایکسپو سینٹر کراچی میں پاک فوج کے تعاون سے فیلڈ اسپتال قائم کرنے کا فیصلہ کر کے تیاریاں شروع کر دی ہیں۔

    سندھ حکومت کی ٹیم کی سربراہی سعید غنی کریں گے، کمشنر کراچی معاونت کریں گے، جب کہ کور کمانڈر کراچی ٹیم کی سربراہی بریگیڈیئر سمیع کریں گے۔

    وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کمشنر کو فیلڈ اسپتال کے لیے بستر اور دیگر سامان خریدنے کی ہدایت بھی کر دی ہے۔

  • کرونا وائرس  ، جزوی لاک ڈاؤن سےمتاثرہ شہریوں کے لئے سندھ حکومت کا بڑا فیصلہ

    کرونا وائرس ، جزوی لاک ڈاؤن سےمتاثرہ شہریوں کے لئے سندھ حکومت کا بڑا فیصلہ

    کراچی : سندھ حکومت نے ضرورت مند افراد کے لئے صوبے بھر میں مفت راشن تقسیم کے لیے ہیلپ لائن بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے، ہیلپ لائن پر رجسٹریشن کے بعد شہریوں کے گھروں تک ایک ماہ کا راشن پہنچایا جائےگا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے کرونا سے نمٹنے اور جزوی لاک ڈاؤن سے متاثرہ شہریوں کے لیے اقدامات کرتے ہوئے صوبے بھر میں مفت راشن تقسیم کے لیے ہیلپ لائن بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    اس سلسلے میں تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں راشن ویئرہاؤس بنائےجائیں گے اور ان ویئرہاؤسز کے زریعے راشن بیگز اضلاع اورگھروں تک پہنچائے جائیں گے، راشن ہیلپ لائن پر ضرورت مند افراد راشن کے لیے رجسٹریشن کرائیں گے۔

    رجسٹریشن کے بعد شہریوں کے گھروں تک ایک ماہ کاراشن پہنچایا جائےگا ، راشن تقسیم کی نگراں کمیٹی راشن بیگ دینے کے بعدگھروں پر مخصوص نشان لگائے گی۔

    سندھ حکومت نے کرونا ٹیسٹنگ کی استعداد بڑھانے کا بھی فیصلہ کیا ہے ، مزید ٹیسٹنگ کٹس کےساتھ مشینری،تربیت یافتہ عملہ مقرر کیاجائےگا ، پہلےمرحلے میں 20 لاکھ خاندانوں کو ایک ماہ کا راشن دیاجائےگا ، مخیرحضرات،این جی اوز بھی راشن کی تقسیم میں سندھ حکومت کی معاونت کریں گے۔

    دوسری جانب پی ڈی ایم اے نے بڑے پیمانے پر رضاکاروں کی رجسٹریشن شروع کردی ، رجسٹرڈ رضاکار پی ڈی ایم اےکےتحت مختلف مقامات پر خدمات انجام دیں گے، رضاکاروں کوقرنطینہ،آئسولیشن ودیگرمقامات پرمعاونت کے لیے رکھا جائےگا۔

    کروناوائرس کیخلاف جنگ میں سندھ حکومت کے مثبت اقدامات کے باعث پی ڈی ایم اےسندھ کےساتھ سماجی خدمت کےلیے1200افرادنےرجسٹریشن کرالی ہے ، پی ڈی ایم اے نے اپیل کی ہے کہ حالات کے مقابلے کے لیے سندھ حکومت کا ساتھ دیں۔

  • ایس آئی یو ٹی میں کورونا وائرس کی تشخیص کی سہولت کا آغاز

    ایس آئی یو ٹی میں کورونا وائرس کی تشخیص کی سہولت کا آغاز

    سندھ انسٹیٹیوٹ آف یورلوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن (ایس آئی یو ٹی)میں کورونا وائرس کی تشخیص کی سہولت شروع کر دی گئیں جو کہ مخصوص علامتوں کے حامل افراد کو دی جا ئیں گی۔

    یہ اسکریننگ ٹیسٹ کی سہولت سندھ گورنمنٹ کے بروقت تعاون سے فراہم کی جارہی ہے، ایس آئی یو ٹی میں تین ہزار سے زائدمریض مستقل بنیادوں پر ڈائلیسس کی سہولت حاصل کرتے ہیں جن میں تقریباًایک ہزار مریض چوبیس گھنٹے میں ڈائلیسس کے سیشنز سے علاج کی سہولت حاصل کرتے ہیں۔

    یہ علاج بالکل مفت فراہم کیا جاتا ہے اس کے علاوہ پانچ ہزار ٹرانسپلانٹ اور تین ہزار کینسر کے مریض بھی فالو اپ کے لئے آتے ہیں ۔

    سندھ حکومت کے اس تعاون کو بڑی قدر کی نگال سے دیکھا جا رہا ہے کیونکہ اس سے وہ تمام مریض جن کو کورونا کے جراثیم سے متاثر ہونے کا اندیشہ ہے انہیں بہت سہولت حاصل ہوگی۔

    ایس آئی یو ٹی انتظامیہ کے مطابق لوگوں کو چوبیس گھنٹے اور ہفتے کے سات دن کوروناکی تشخیص کیلئے یہ سہولت میسر ہو گی۔

    یاد رہے کہ ہسپتال میں ایک ہیلپ لائن قائم کی گئی ہےجس کا نمبر 021-99215469ہے۔ جہاں لوگ فون کال کے ذریعے ایس آئی یو ٹی کے ڈاکٹر وں سے معلومات حاصل کر رہے ہیں۔

  • سربراہ بیت المال سندھ نے نجی اسپتال میں آئسولیشن وارڈ قائم کر دیا

    سربراہ بیت المال سندھ نے نجی اسپتال میں آئسولیشن وارڈ قائم کر دیا

    کراچی: جان لیوا کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے سماجی رہنما اور سربراہ بیت المال سندھ بھی میدان میں آ گئے، کراچی کے نجی اسپتال میں کرونا مریضوں کے لیے آئسولیشن وارڈ قائم کر دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کرونا وائرس کی روک تھام اور متاثرہ افراد کے مفت علاج کے لیے نجی اسپتال حسین لاکھانی میں آئسولیشن وارڈ قائم کر دیا گیا، سربراہ بیت المال سندھ کا کہنا تھا کہ 50 بیڈز پر مشتمل آئسولیشن وارڈ قائم کیا گیا ہے، جہاں مفت علاج کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

    اسپتال کے چیئرمین نوید کا کہنا تھا کہ سب کو مل کر اس وائرس کے خلاف لڑنا ہوگا، آیندہ چند روز میں آئسولیشن وارڈ کی گنجایش بڑھا کر 100 بستر کر دی جائے گی، بلدیہ کراچی کے ساتھ مل کر بھی لانڈھی میں قائم امراض قلب کے کارڈِک سینٹر میں 250 بستروں پر مشتمل آئسولیشن سینٹر بنایا جائے گا۔

    ڈائریکٹر ہیلتھ کے ایم سی سلمیٰ کوثر کا کہنا تھا کہ کرونا اتنا خطرناک نہیں جتنا اس کو بنا دیا گیا ہے، میئر کراچی بھی اس کی روک تھام کے لیے متحرک ہیں۔ دریں اثنا ڈائریکٹر ہیلتھ کے ایم سی، سربراہ بیت المال، اقرا یونیورسٹی کے وائس چانسلر و دیگر نے نجی اسپتال کے آئسولیشن وارڈ کا دورہ بھی کیا۔

    وزیر اعظم کی ہدایت پر طویل القامت پاکستانی کی امداد، صحت کارڈ بھی دیا جائے گا

    خیال رہے کہ سندھ بھر میں 181 لوگ کرونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں، تفتان سے آئے لوگوں میں اب تک 290 ٹیسٹس کا نتیجہ آ چکا ہے، 147 افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص نہیں ہوئی، جب کہ 143 افراد کا ٹیسٹ مثبت آیا، 290 افراد تفتان سے سکھر کے قرنطینہ سینٹر لائے گئے تھے۔

  • سندھ بھر کے اسپتالوں میں او پی ڈی معطل، قرنطینہ سروس شروع

    سندھ بھر کے اسپتالوں میں او پی ڈی معطل، قرنطینہ سروس شروع

    کراچی: آج سے سندھ بھر کے اسپتالوں میں او پی ڈی سروس میں کام نہیں ہوگا، سندھ کے تمام سرکاری اسپتالوں میں کورنٹین یونٹس اور ایمرجنسی میں ڈیوٹی دی جائے گی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ کے احکامات پر عمل درآمد شروع ہو گیا، آج سے سندھ کے تمام سرکاری اسپتالوں میں معمول کی او پی ڈی کو پندرہ دن کے لیے معطل کر دیا گیا ہے، شہر کراچی میں قائم سندھ حکومت کے 6 اسپتالوں میں او پی ڈی بند کر دی گئی ہے، شہر کے بیش تر نجی اسپتالوں میں بھی او پی ڈی سروس معطل ہے، تمام سرکاری اسپتالوں میں ایمر جنسی سروس جاری ہے۔

    جناح، سول، قومی ادارہ صحت اطفال اور قومی ادارہ امراض قلب میں بھی سروس بند ہے، یہ اقدام کرونا وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کو روکنے کے پیش نظر اٹھایا گیا ہے۔ گزشتہ روز ینگ ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ او پی ڈی آنے والے ہزاروں مریض ہائی رسک پر ہیں۔

    اس سلسلے میں ینگ ڈاکٹرز کے رہنماؤں نے تمام سرکاری اسپتالوں کی انتظامیہ اور سندھ بھر میں اپنے تنظیمی یونٹس کو صورت حال سے آگاہ کر کے کہا کہ کرونا صورت حال کے پیش سندھ حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے گا، یہ ایک عالمی چیلنج ہے اور اس کا سامنا سب مل کر کریں گے، شہریوں سے اپیل ہے کہ پر سکون رہیں، معمولی نزلہ زکام اور کھانسی میں مبتلا افراد گھروں میں رہنے کو ترجیج دیں، تازہ پھل اور سوپ کا استعمال زیادہ کریں۔

    آج سے شاپنگ مالز، ریسٹورنٹس، الیکٹرانکس، کپڑے، فرنیچر کی مارکیٹیں بند

    چیئرمین ینگ ڈاکٹرز ایسو سی ایشن ڈاکٹر عمر سطان کا کہنا تھا کہ شہری طبعیت زیادہ خراب ہونے کی صورت میں کسی بھی سرکاری اسپتال کے کورنٹین سینٹر میں فوری رپورٹ کریں۔

    خیال رہے کہ شہر قائد میں آج (بدھ) سے ریسٹور نٹ، شاپنگ مالز، سینٹرز، مار کیٹیں، الیکٹرانکس مارکیٹس، آٹو پارٹس، کپڑے کی دکانیں، اور فرنیچر مارکیٹس 15 دن کے لیے بند ہوں گی، اس سلسلے میں کمشنر کراچی کی جانب سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

  • کراچی یونیورسٹی کے شعبہ تحقیق نے وزیراعلیٰ کے احکامات ہوا میں‌ اڑا دئیے

    کراچی یونیورسٹی کے شعبہ تحقیق نے وزیراعلیٰ کے احکامات ہوا میں‌ اڑا دئیے

    کراچی : جامعہ کراچی کے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے احکامات نظر انداز کر دیں، ایچ ای جے اور کے آئی بی جی میں معمول کے سرگرمیاں جاری ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کے پیش نظر سندھ حکومت اور وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کی سختی سے ہدایات کی گئی تھی تاکہ کرونا وائرس کی وبا کو پھیلنے سے روکا جاسکے لیکن جامعہ کراچی نے صوبائی حکومت کے احکامات ہوا میں اڑا دئیے۔

    ایچ ای جے اور کے آئی جی میں معمول کی سرگرمیاں تاحال جاری ہیں دونوں اداروں کا عملہ مختلف امور کی انجام دہی کےلیے بھی بلایا گیا ہے۔

    کراچی یونیورسٹی میں تدریسی اور غیر تدریسی سرگرمیاں تو معطل ہیں تاہم جامعہ کراچی کے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ نے حفاظتی احکامات کو پیروں تلے روند دیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی میں بھی وزیراعلیٰ کے فیصلے پر عمل درآمد نہیں ہوسکا۔

    مزید پڑھیں : کرونا وائرس:‌ سندھ کے تعلیمی ادارے یکم جون سے کھولنے کا اعلان، میٹرک کے امتحانات ملتوی

    یاد رہے کہ سندھ حکومت نے کرونا وائرس کے پیش نظر تعلیمی اداروں کی تعطیلات کو 30 مئی تک بڑھانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ سندھ حکومت نے کرونا کی وجہ سے گرمیوں کی تعطیلات قبل از وقت دے دیں جبکہ نویں اور دسویں جماعت کے 16 مارچ سے شروع ہونے والے امتحانات ملتوی کردیئے گئے ہیں۔

  • کرونا وائرس: سندھ میں فوڈ سینٹرز کے لیے کڑی ہدایات جاری

    کرونا وائرس: سندھ میں فوڈ سینٹرز کے لیے کڑی ہدایات جاری

    کراچی: سندھ فوڈ اتھارٹی نے کھانے پینے کے کاروبار سے منسلک افراد کے لیے کڑی ہدایات جاری کردیں، تمام افراد کا یومیہ چیک اپ کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ فوڈ اتھارٹی نے کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے کھانے پینے کے کاروبار سے منسلک احتیاطی تدابیر کا ہدایت نامہ جاری کر دیا، ہدایت نامہ سندھ فوڈ اتھارٹی کے سائنٹفک پینل نے جاری کیا ہے۔

    سندھ فوڈ اتھارٹی نے کرونا کے حوالے سے ہوٹل مالکان، ریستوران، فوڈ آپریٹرز، ملازمین اور مالکان کے لیے ہدایت نامہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ تمام فوڈ پوائنٹس، ہوٹل، اور دکانداروں کے ملازمین کے لیے ماسک،جراثیم کش صابن، سینی ٹائزر اور ڈرائر فراہم کیا جائے۔

    ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ باورچی اور فوڈ ہینڈلرز دوران کام تمام احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کریں۔ داخلے کے دروازے، فوڈ سے منسلک کاؤنٹرز اور کھانے کے استعمال ہونے والے بورڈز کو ہر استعمال پر جراثیم سے پاک کیا جائے۔

    فوڈ اتھارٹی کے مطابق تمام ملازمین نزلہ، زکام، کھانسی، ٹائی فائیڈ یا ہیپاٹائٹس وغیرہ سے متعلق اپنے فوڈ سپروائزر کو اطلاع دیں۔ تمام فوڈ آپریٹرز انفرا تھرمامیٹر کا استعمال کریں اور ملازمین کا جسمانی درجہ حرارت یومیہ چیک کیا جائے۔

    ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ ملازمین میں بخار اور کھانسی یا دیگر ابتدائی علامات کی صورت میں فوری حکومت سندھ سے رجوع کیا جائے۔

  • سندھ میں کرونا کے نئے 5 کیسز رپورٹ، مجموعی تعداد 188 تک جا پہنچی

    سندھ میں کرونا کے نئے 5 کیسز رپورٹ، مجموعی تعداد 188 تک جا پہنچی

    کراچی : کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد تیزی سے بڑھنے لگی، سندھ میں مزید پانچ کیس سامنے آگئے، جس کے بعد سندھ بھر میں وائرس سے متاثرین کی تعداد155 جبکہ مجموعی مریضوں کی تعداد 188 تک جاپہنچی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ میں کروناوائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے ، ترجمان سندھ حکومت بیرسٹرمرتضیٰ وہاب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کرونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 155 ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا سکھر میں موجود 234زائرین کے ٹیسٹ مکمل کرلئے گئے، جس میں سے 119زائرین کے کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آئے جبکہ 115زائرین کے ٹیسٹ منفی ہیں۔

    اس سے قبل محکمہ صحت سندھ کے مطابق اب تک مجموعی طور پر675افراد کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں جن میں 572کیسز نیگیٹو آئے تھے ، 119مریضوں کا تعلق سکھر سے ہے، جو زائرین تفتان سے آئے تھے جبکہ ایک کیس کا تعلق حیدرآباد سے ہے، اب تک دومریض صحت یاب ہوچکے ہیں ان دونوں مریضوں کو پہلے ہی ڈسچارچ کیا جاچکا ہے۔

    گذشتہ روز ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے کہا تھا کہ سکھر میں 119، کراچی میں 30، ایک کیس حیدرآباد میں رپورٹ ہوا ہے۔

    اس سے قبل خیبر پختون خوا کے ہیلتھ منسٹر تیمور جھگڑا نے صوبے میں پہلے 15 کیسز کی تصدیق کی تھی، تیمور جھگڑا نے ٹویٹ کے ذریعے کہا تھا کہ تفتان سے کے پی پہنچنے والے 19 افراد میں سے 15 میں کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا، ان مریضوں کو ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک علیحدہ عمارت میں قرنطینہ کیا گیا ہے۔

    دوسری طرف معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مستند کرونا مریضوں کی تعداد 94 ہے، ہر کوئی اپنی تعداد بتائے گا تو غلط فہمیاں پیدا ہوں گی، ہم نہیں چاہتے پاکستان میں کرفیو جیسی صورت حال ہو۔

    واضح رہے دنیا بھر میں کرونا وائرس 162 ملکوں تک پھیل گیا ہے، ہلاکتوں کی تعداد 7171 تک جا پہنچی ہے جبکہ دنیا بھر میں وائرس سے 182598 افراد متاثر ہو چکے ہیں۔

  • حکومتی کٹس پر مفت ٹیسٹ کر رہے ہیں: آغا خان اسپتال

    حکومتی کٹس پر مفت ٹیسٹ کر رہے ہیں: آغا خان اسپتال

    کراچی: آغا خان اسپتال میں کرونا وائرس سے متعلق پریس کانفرنس میں ڈاکٹرز نے کہا ہے کہ اسپتال میں کرونا وائرس کے آنے سے پہلے ہی تیاری کر لی گئی تھی، عالمی وبا کو روکنے کے لیے حکومت کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ڈین آغا خان اسپتال عادل حیدر نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ہم نے اسکریننگ کا عمل شروع کر دیا ہے، اسپتال کا ایک حصہ کرونا وائرس سے متعلق مختص کر دیا ہے اور وزیٹرز پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ ہم نے وفاقی اور صوبائی سطح پر کام کیا ہے اور کر رہے ہیں، کرونا وائرس کو روکنے کے لیے ہمارے ڈاکٹرز بیرون ملک کے ڈاکٹرز کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں، ایک ایمرجنسی کمانڈ سینٹر بھی بنایا گیا ہے، کرونا کا پہلا مریض آغا خان اسپتال آیا تھا جو اب صحت یاب ہو کر گھر جا چکا ہے۔

    کرونا وائرس: کل صبح ساڑھے 10 بجے ایوان صدر میں دعا ہوگی

    پریس کانفرنس میں ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کے سلسلے میں کچھ ٹیلی کلینکس بھی شروع کر دی گئی ہیں، حکومت نے کرونا وائرس کے لیے اسپتال مختص کیے ہیں، سی ای او آغا خان اسپتال شگفتہ حسن نے کہا کہ ہمیں بھی حکومت نے ٹیسٹ کٹس دی ہیں لیکن وہ محدود تعداد میں ہیں، حکومت کے ریفرنس سے آنے والوں کے فری میں ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔

    خیال رہے کہ سندھ میں کرونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد 88 ہو گئی ہے، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو میں تصدیق کی کہ کراچی میں 27، سکھر میں اس وقت کرونا وائرس کے 61 کیسز ہیں۔