Author: انور خان

  • سندھ میں کرونا وائرس کے مزید 4 کیس رپورٹ

    سندھ میں کرونا وائرس کے مزید 4 کیس رپورٹ

    کراچی: محکمہ صحت نے کہا ہے کہ سندھ میں کرونا وائرس کے مزید 4 کیسز رپورٹ ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ میں کرونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہونے لگا ہے، محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ 4 کیسز مزید رپورٹ ہو گئے ہیں، جس کے بعد سندھ میں کیسز کی تعداد 21 ہو گئی۔

    موصولہ اطلاعات کے مطابق کرونا وائرس میں مبتلا 3 افراد سعودی عرب سے آئے تھے، جب کہ ایک مسافر کی سفری ہسٹری نہیں ملی۔ مذکورہ تین افراد چند دن قبل سعودی عرب سے لوٹے تھے، کرونا کے شبہے میں تینوں کا ٹیسٹ کیا گیا تھا، آج ان کے ٹیسٹ پوزیٹو آئے۔

    سعودی عرب میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں کی وطن واپسی کیلئے خوشخبری

    محکمہ صحت کے مطابق سندھ میں کرونا وائرس کیسز کی تعداد 21 ہو گئی ہے، جن میں سے 2 صحت یاب ہو کر گھر جا چکے ہیں جب کہ 19 افراد زیر علاج ہیں۔

    پاکستان میں مزید کیسز رپورٹ ہونے کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 36 ہو گئی ہے۔ پمز اسپتال میں زیر علاج کرونا کی ایک مریضہ کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے، خاتون میں گزشتہ روز وائرس کی تصدیق ہوئی تھی، وہ دو روز قبل برطانیہ سے پاکستان پہنچی تھیں، خاتون کو آئیسولیشن وارڈ میں وینٹی لیٹر پر رکھا گیا ہے۔

    مریضہ کے اہل خانہ اور نجی اسپتال کے عملے کے افراد کے سیمپلز بھی این آئی ایچ کو موصول ہو گئے ہیں، 13 افراد کے ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں، یہ دیکھنے کے لیے کہ انھیں بھی خاتون سے وائرس منتقل ہوا ہے یا نہیں۔

  • سر ویوین رچرڈز کو کراچی پریس کلب نے اعزازی ممبر شپ دے دی

    سر ویوین رچرڈز کو کراچی پریس کلب نے اعزازی ممبر شپ دے دی

    کراچی: کے پی سی نے دنیائے کرکٹ میں احترام کی نظروں سے دیکھے جانے والے سابق کرکٹر سر ویوین رچرڈز کو تا حیات اعزازی ممبر شپ دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی پریس کلب نے ویسٹ انڈیز کے سابق لیجنڈ کھلاڑی سر ویوین رچرڈز کو کلب کی تاحیات اعزازی ممبر شپ دی ہے، ویوین رچرڈز کو پاکستان میں کرکٹ بحالی میں اپنا کردار ادا کرنے کے اعتراف میں ممبر شپ دی گئی۔

    اس سلسلے میں پریس کلب کے سیکریٹری اور صدر نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ویوین رچرڈز سے ملاقات کی، اور انھیں ممبر شپ کے ساتھ کلب کا نشان پیش کیا گیا۔ ملاقات میں بات کرتے ہوئے سر ویوین رچرڈز نے کراچی پریس کلب کے عہدے داران کا شکریہ ادا کیا، اور ممبر شپ کو اپنے لیے اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ کراچی پریس کلب کا جلد دورہ کریں گے۔

    سابق لے جنڈ کرکٹر سر ویوین رچرڈز کو کے پی سی کی جانب سے اعزازی ممبرشپ اور کلب کا نشان پیش کیا گیا

    سابق ویسٹ انڈین کرکٹر کو سندھ کی ثقافتی علامت اجرک بھی پیش کی گئی۔ پریس کلب کے سیکریٹری ارمان صابر کا کہنا تھا کہ ویون رچرڈز کی جانب سے پریس کلب کا دورہ کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے، انھیں کرکٹ کے شعبے میں خدمات کے اعتراف میں مبمر شپ دی گئی ہے۔

    سر ویوین رچرڈز کو سندھی ثقافت کی علامت اجرک بھی پیش کی گئی

    خیال رہے کہ سر ویوین رچرڈز پاکستان سپر لیگ کی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے ہیڈ کوچ ہیں، اور ان دنوں پی ایس ایل 5 سیزن کے سلسلے میں پاکستان آئے ہوئے ہیں۔

  • ڈبلیو ایچ او کا جناح اسپتال میں کرونا کے سلسلے میں انتظامات پر اظہار اطمینان

    ڈبلیو ایچ او کا جناح اسپتال میں کرونا کے سلسلے میں انتظامات پر اظہار اطمینان

    کراچی: عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی ٹیم کرونا وائرس کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لینے کراچی پہنچ گئی، ٹیم نے جناح اسپتال میں کرونا کے سلسلے میں انتظامات پر اظہار اطمینان کیا۔

    تفصیلات کے مطابق آج ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی ٹیم نے کراچی میں جناح اسپتال سمیت کراچی ایئر پورٹ کا دورہ کیا، ٹیم نے سندھ حکومت سے سرکاری اسپتالوں میں کرونا وائرس کی تشخیصی سہولیات مہیا کرنے کی سفارش بھی کی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق عالمی ادارہ صحت کی ٹیم نے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے تدارک کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے کراچی میں جناح اسپتال کا دورہ کیا، اسپتال کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمیں جمالی نے ڈاکٹر پالیتھا ماہی پالا کو انتظامات سے متعلق بریفنگ دی، عالمی ادارے کی ٹیم نے اسپتال میں کرونا وائرس کے مریضوں کے لیے کیے گئے انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔

    ڈبلیو ایچ او کی پاکستان میں ہوائی اڈوں اورزمینی راستوں پراسکریننگ کے نظام کی تعریف

    ڈبلیو ایچ او ٹیم نے مریضوں کے لیے قائم آئسولیشن وارڈ کا دورہ کیا، ٹیم نے اسپتال کی جانب سے کیے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کراچی ایئرپورٹ پر ایپرن ایریا کے قریب خصوصی آئسولیشن وارڈ

    دوسری طرف عالمی ادارہ صحت کی ہدایت پر کراچی ایئرپورٹ پر قرنطینہ کا خصوصی وارڈ قائم کر لیا گیا ہے، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایپرن ایریا کے قریب خصوصی آئسولیشن وارڈ تشکیل دے دیا، عالمی ادارے کی ٹیم نے ایئرپورٹ پر بھی کرونا سے متعلق اسکریننگ کے عمل پر اطمینان کا اظہار کیا، اس دوران ایئرپورٹ حکام نے انتظامات کے حوالے سے ٹیم کو آگاہ کیا۔

    عالمی ٹیم کو بتایا گیا کہ ایئرپورٹ پر مسافروں کی اسکریننگ کے عمل کو مزید مؤثر بنانے کے لیے سختی سے عمل درآمد کیا جا رہا ہے، کسی بھی ہنگامی صورت حال کی صورت میں آئسولیشن وارڈ کی سہولت میسر ہوگی۔

  • کراچی میں کرونا وائرس کا ایک اور مریض سامنے آگیا

    کراچی میں کرونا وائرس کا ایک اور مریض سامنے آگیا

    کراچی : پاکستان میں کرونا وائرس کا ایک اور کیس سامنے آگیا، جس کا تعلق کراچی سے ہے، ملک بھرمیں متاثرہ مریضوں کی تعداد 22 اور سندھ میں 15 ہوگئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں کروناوائرس کےقدم بڑھنےلگے ، کراچی میں ایک اور مریض سامنےآگیا، محکمہ صحت سندھ نے 52 سالہ شخص میں کرونا وائرس کی تصدیق کردی ہے۔

    محکمہ صحت سندھ کے اعلامیہ کے مطابق مذکورہ شخص 2روز قبل اسلام آباد سے آیا تھا، جس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، اس طرح سندھ میں کرونا کیسز کی مجموعی تعداد15 جبکہ ملک بھر میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 22 ہوگئی ہے۔

    محکمہ صحت سندھ کے مطابق اب تک مجموعی طور پر251ٹیسٹ کئے جاچکے ہیں، جس میں سے15پوزیٹیو اور236نیگیٹیو ہیں جبکہ 54سالہ ایک مریض سمیت مجموعی طور دو مریضوں کو ڈسچارج کیا جاچکا ہے اور 13مریض زیر علاج ہیں۔

    مزید پڑھیں : کرونا وائرس:‌ سندھ کے تعلیمی ادارے یکم جون سے کھولنے کا اعلان

    دوسری جانب اس وقت گلگت بلتستان میں تین،اسلام آباد میں دو،کوئٹہ میں ایک مریض کوقرنطینہ میں رکھاگیاہے جبکہ پنجاب میں کرونا وائرس کےچارمشتبہ مریض آئسولیشن وارڈز میں زیرنگرانی ہے، اب تک صوبہ بھرمیں پچاسی مشتبہ مریض رپورٹ ہوئے، جس میں سے اکیاسی مریضوں کوکلئیرقراردیاگیا ہے۔

    یاد رہے کرونا وائرس کے پھیلنے کے خطرے کے پیش نظر سندھ میں تیس مئی تک تعلیمی ادارے بند اور میٹرک کےامتحانات بھی ملتوی کردیئے گئے ہیں، چھٹیوں کا اطلاق اسکولوں ، کالجوں اور یونیورسٹیوں پر ہوگا۔

    وزیرتعلیم سندھ سعید غنی کا کہنا تھا کہ ڈبلیو ایچ او نے کرونا کو وبا قراردیا ہے، بچاؤ کے لئے ہرممکن اقدامات کررہے ہیں۔

  • خطرناک قرار دی جانے والی عمارت میں سرکاری اسکول

    خطرناک قرار دی جانے والی عمارت میں سرکاری اسکول

    کراچی: سانحہ گلبہار سے بھی متعلقہ اداروں کو ہوش نہ آیا، مخدوش اور خطرناک قرار دی گئی عمارت میں تعلیمی سرگرمیاں جاری ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق مخدوش عمارتوں سے شہریوں کے تحفظ کے اقدامات نظر انداز کر دیے گئے، خطرناک قرار دی گئی عمارت میں تعلیمی سرگرمیاں بدستور جاری ہیں، عمارت کو خطرناک قرار دینے کے 4 سال بعد بھی مسمار نہیں کیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ناظم آباد ایک نمبر میں واقع قدیم رہایشی عمارت میں سرکاری اسکول قائم ہے، گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول کے طلبہ، اساتذہ اور دیگر اسٹاف کی زندگیوں کو خطرہ لاحق ہے، ایس بی سی اے اور محکمہ تعلیم سندھ نے حفاظتی اقدامات نظر انداز کر دیے۔

    اسکول کی چھت اور دیواریں بری طرح ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں

    کراچی میں گرنے والی عمارت کا بلڈر پنجاب سے گرفتار

    یاد رہے کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے عمارت خالی کر کے فوری مسمار کرنے کا حتمی نوٹس جاری کیا تھا، یہ خدشہ بھی ظاہر کیا گیا تھا کہ عمارت کسی بھی وقت گر سکتی ہے، تاہم عمارت خطرناک قرار دینے کے باوجود اداروں کی غفلت کی وجہ سے اسکول کی شفٹنگ نظر انداز کی گئی ہے۔

    سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی جانب سے 2016 میں جاری نوٹس کا عکس

    خیال رہے کہ کراچی کے علاقے رضویہ سوسائٹی میں واقع گلبہار نمبر 2 پھول والی گلی میں جمعرات کے روز رہائشی عمارت اچانک منہدم ہو گئی تھی جس کے نیچے دب کر 27 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔ پولیس نے ایس بی سی اے کے تین افسران کو گرفتار کر لیا ہے، عمارت کے مفرور بلڈر جاوید کو بھی گزشتہ روز پنجاب سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    اسکول کے ہیڈماسٹرز کی تعیناتی کا بورڈ
  • سندھ میں کرونا وائرس کے مزید 2نئے کیس رپورٹ، مریضوں کی تعداد18ہوگئی

    سندھ میں کرونا وائرس کے مزید 2نئے کیس رپورٹ، مریضوں کی تعداد18ہوگئی

    کراچی : سندھ میں کروناوائرس کے مزید 2 نئے کیس سامنے آگئے ، جس کے بعد سندھ بھر میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد15 جبکہ پاکستان میں وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد18  تک جا پہنچی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں کرونا کے کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوتا جارہا ہے ، محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ سندھ میں کروناوائرس کے مزید 2 نئے کیس رپورٹ ہوئے ، ایک کیس حیدرآباد میں رپورٹ ہوا جبکہ دوسرے نئے کیس کا تعلق کراچی سے ہے۔

    محکمہ صحت سندھ نے بتایا حیدرآباد میں متاثرہ شخص شام اور دوحہ کاسفرکر چکا ہے، کراچی میں متاثرہ مریض نےدبئی کا سفر کیا تھا، دونوں مریضوں کے رابطےمیں آنیوالوں کی معلومات لے رہے ہیں۔

    محکمہ صحت سندھ کے مطابق دو نئے کیس رپورٹ ہونے کے بعد سندھ بھر میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد15ہو گئی جبکہ پاکستان میں کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد اٹھارہ تک جا پہنچی ہے۔

    معاون خصوصی صحت ڈاکٹرظفرمرزا نے ٹوئٹ میں بتایا ہے کہ متاثرہ افراد کرونا میں مبتلا مریضوں سے رابطے میں تھے، مزید لوگوں کے ٹیسٹ کیے جارہے ہیں۔

    خیال رہے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے بہنوئی بھی شکار ہوگئے ہیں ، وہ دو روز پہلے ایران سے آئےتھے۔

    مزید پڑھیں : وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے بہنوئی میں کروناوائرس کی تصدیق

    یاد رہے گزشتہ روز بھی کراچی میں کرونا کے 8 نئے کیسز سامنے آئے تھے ، جن میں 5 مریضوں نے شام براستہ دوحہ سفر کیا اور 3 مریضوں نے لندن براستہ دبئی سفر کیا تھا۔

    وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ کرونا سے متعلق روزانہ کی بنیاد پر اجلاس ہوتا ہے، بیرون ملک سے آنے والوں کا ڈیٹا اکٹھا کیا ہے، آج رپورٹ ہونے والے افراد ایران سے نہیں آئے، متاثرہ افراد لندن اور دبئی سے آئے ہیں۔

    دوسری جانب کرونا پر محکمہ ریلیف و آباد کاری خیبرپختونخوا نے بھی گائیڈ لائنز جاری کردی ہے اور ملک میں اندرون اوربیرونی آمدورفت کےلئے چیک پوائنٹس کاطریقہ وضع کردیا۔

    پنجاب میں بھی کوروناسے بچاؤ کے لئے اقدامات کئے گئے اور وزیراعلیٰ پنجاب کےمطابق ضروری سامان اور آلات کےلیےلئے دو ارب تین کروڑ اسی لاکھ روپے مختص کردیے ہیں۔

  • کرونا وائرس کا خطرہ، سندھ کے تعلیمی ادارے طویل مدت  کیلئے بند کرنے کی تجویز

    کرونا وائرس کا خطرہ، سندھ کے تعلیمی ادارے طویل مدت کیلئے بند کرنے کی تجویز

    کراچی : وزیر صحت سندھ عذرا پیچوہو کی زیر صدارت اجلاس میں تعلیمی ادارے طویل مدت کیلئے بند کرنے کی تجویز دیتے ہوئے فیصلہ کیا گیا کہ سرکاری اور نجی اسپتالوں میں فوری طور پر کرونا انفارمیشن ڈیسک قائم کی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر صحت سندھ عذرا پیچوہو کی زیر صدارت کروناوائرس سے متعلق وزارت صحت سندھ کے دفتر میں ہنگامی اجلاس ہوا، گزشتہ روز 9 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد آج اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا گیا، جس میں وزارت صحت سندھ کے نمائندے ، ڈی ایچ اوز اور اسپتالوں کےڈائریکٹر شریک ہوئے۔

    اجلاس میں کروناوائرس کی صورتحال پر غور کیا گیا اور حکومتی اقدامات کا جائزہ لینے کےساتھ نئی حکمت عملی بھی زیر بحث آئی جبکہ بریفنگ میں بتایا گیا کہ گڈاپ کےاسپتال میں آئسولیشن،پازیٹوکیسزکے حوالے سےفعال ہے۔

    وزیر صحت سندھ عذرا پیچوہو کی زیر صدارت اجلاس میں تعلیمی ادارے طویل مدت کیلئے بند کرنے کی تجویز وزیراعلیٰ سندھ کو پیش کی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ پبلک مقامات پر جمع ہونے سے گریز کیلئے ایڈوائزری جاری کی جائے اور سرکاری،نجی اسپتالوں میں فوری طور پر کرونا انفارمیشن ڈیسک قائم کی جائے۔

    مزید پڑھیں : کراچی میں کرونا وائرس کے 8 نئے کیسز سامنے آگئے

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہوم کورنٹین کیلئے14روزہ ایڈوائزری آج جاری کی جائے گی اور نجی اسپتالوں کو کرونا پازیٹوکیسز سےمتعلق ایس او پیز سے آگاہ کیا جائے۔

    محکمہ صحت سندھ نے کراچی ایئرپورٹ پر اپنی ڈیسک قائم کرنےکافیصلہ کرتے ہوئے کہا ایئرپورٹ پرتمام مسافروں کی اسکریننگ محکمہ صحت کاعملہ کرےگا۔

    یاد رہے گذشتہ روز ملک میں کرونا وائرس کے مزید نو کیسز سامنے آئے تھے، جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد سولہ ہوگئی تھی، جن میں سے 13 کا تعلق کراچی سے ہے۔

    معاون خصوصی صحت ڈاکٹر ظفرمرزا نے ٹوئٹ میں کراچی میں مزید نوکیسز کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ متاثرہ افراد پہلے سے کروناوائرس میں مبتلا شخص سے رابطےمیں تھے،متاثرہ شخص سے رابطے میں رہنے والے مزید افراد تک پہنچ کر ٹیسٹ کیے جارہے ہیں۔

    ترجمان محکمہ صحت سندھ کےمطابق کرونا وائرس کے پانچ مریض دوحہ اور شام سے پاکستان پہنچے جبکہ تین لندن سے کراچی پہنچے ہیں جبکہ صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ بیرون ملک سے آنے والوں کا ڈیٹا اکٹھا کیاگیاہے۔

    خیال رہے کرونا وائرس کےپھیلاؤ کےخدشہ پرپاک افغان سرحد آج نویں روز بھی بندہے، جس کے باعث پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ اور نیٹو سپلائی معطل ہے۔

  • میٹرک کے امتحانات، تمام اسکولوں کو ایڈ مٹ کارڈ جاری

    میٹرک کے امتحانات، تمام اسکولوں کو ایڈ مٹ کارڈ جاری

    کراچی : ناظم امتحانات کا کہنا ہے کہ میٹرک کےسالانہ امتحانات کے لئے تمام اسکولوں کے نمائندوں کوایڈ مٹ کارڈ جاری کردیئے گئے ہیں ، امتحانی مٹیریل کی تقسیم کاکام کل سےشروع کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق ناظم امتحانات کا کہنا ہے کہ میٹرک کےسالانہ امتحانات کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں اور تمام اسکولوں کےنمائندوں کوایڈ مٹ کارڈجاری کردیئے ہیں ، ایڈمٹ کارڈ سے محروم طلبابورڈآفس سےرابطہ کرسکتےہیں۔

    ناظم امتحانات کا کہنا تھا کہ ساڑھے8 ہزار طلبانےآن لائن فارم جمع کرائےتھے، امتحانی مٹیریل کی تقسیم کاکام کل سےشروع کیا جائے گا جبکہ 375 سے زائد امتحانی مراکز اور ویجیلنس ٹیمیں بھی تشکیل دے دی گئیں ہیں۔

    یاد رہے دو روز قبل وزیرتعلیم سندھ کا کہنا تھا کہ نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات16مارچ سے منعقد ہوں گے اور تمام سرکاری اورنجی تعلیمی ادارے 9مارچ سے کھل جائیں گے البتہ تدرییسی عمل اور بچوں کی تعطیل 13مارچ تک ہی ہوں گی۔

    مزید پڑھیں : سندھ بھر میں میٹرک کے امتحانات ، بڑا مطالبہ سامنے آگیا

    سعید غنی نے ہدایت کی تھی کہ تمام اسکول بورڈ آفس سےایڈمٹ کارڈ وصول کرکے فوری طور پر تقسیم کاآغاز کریں۔

    اس سے قبل سیکریٹری یونیورسٹیزاینڈبورڈز نےمیٹرک کےسالانہ امتحانات کی تاریخ میں توسیع سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ پرچے پہلے سے دیئے گئے شیڈول کے مطابق ہی ہوں گے اور میٹرک بورڈ کو ہدایت کی ہےکہ ایڈمٹ کارڈز جاری کردیں۔

    خیال رہے شیڈول کے مطابق میٹرک کے امتحانات 16 مارچ سے شروع ہونے ہیں اور سندھ حکومت نے تعلیمی اداروں کو 13 مارچ تک چھٹی دی ہے۔

  • سندھ میں‌ ایک اور کرونا کیس کی تصدیق، تعداد چار ہوگئی

    سندھ میں‌ ایک اور کرونا کیس کی تصدیق، تعداد چار ہوگئی

    کراچی: سندھ میں کرونا وائرس کا ایک اور کیس سامنے آگیا جس کی صوبائی حکومت نے بھی تصدیق کردی۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ کی زیرصدارت کرونا وائرس ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا جس میں ایک اور کیس سامنے آنے کی تصدیق کی گئی۔

    وزیراعلیٰ کے ترجمان کے مطابق آج کرونا وائرس کے 4 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے تین کے منفی جبکہ ایک کا مثبت نتیجہ آیا، مریض کا تعلق کراچی سے ہے۔

    اجلاس میں حکام نے بریفنگ دی کہ محکمہ صحت نے 107 افراد کے نمونے حاصل کر کے اُن کے ٹیسٹ کیے، جن میں سے 4 کی رپورٹس مثبت آئیں جبکہ ایک مریض صحت یاب ہوکر گزشتہ روز گھر منتقل ہوگیا ہے۔

    مزید پڑھیں: پاکستان کی بڑی کامیابی ،کرونا وائرس کا پہلا مریض اسپتال سے ڈسچارج

    وزیر اعلیٰ سندھ نے کرونا وائرس کی تصدیق ہونے والے شخص کے قریبی اور رابطے میں رہنے والوں کی اسکرینگ کرنے کی ہدایت کی۔

    یاد رہے کہ پاکستان میں اب تک کرونا کے 7 کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے چار کا تعلق سندھ سے ہے۔  ایک روز قبل کراچی کے اسپتال میں زیر علاج مریض کو صحت یاب ہونے کے بعد گھر جانے کی اجازت دی گئی۔

    محکمہ صحت سندھ نے بھی  کرونا وائرس کے پہلے مریض یحییٰ جعفری کے صحت یاب ہونے کی تصدیق کی تھی۔

    یاد رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور ایک 22 سالہ نوجوان میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جسے فوری طور پر اسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں رکھ دیا گیا تھا۔

    بعد ازاں متاثرہ افراد کے اہل خانہ کی اسکیننگ کی گئی اور مختلف ٹیسٹ لیے گئے اور سب کو کلیئر قرار دیا گیا تھا۔

    خیال رہے کہ پاکستان میں اب تک کرونا وائرس کے رپورٹ ہونے والے مریض حال ہی میں  ایران کا سفر کر کے آئے ہیں۔ چند روز قبل ہی معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ کورونا وائرس کا شکار 3 افراد روبہ صحت ہیں۔

    واضح رہے کہ مہلک کرونا وائرس کے سبب دنیا بھر میں اب تک 4 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں، امریکا میں وائرس سے 12 افراد زندگی کی بازی ہار گئے ہیں اور وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔

    چین کے شہر ووہان سے پھیلنے والا کرونا وائرس دنیا کے 95 ممالک میں پھیل چکا ہے، روزانہ کی بنیاد پر نہ صرف کیسز رپورٹ ہورہے ہیں بلکہ اموات بھی سامنے آرہی ہیں۔ عالمی ادارہ صحت نے اس صورت حال کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے تمام ممالک سے اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

  • کرونا کے چھٹے مریض کی ٹریول ہسٹری سامنے آ گئی

    کرونا کے چھٹے مریض کی ٹریول ہسٹری سامنے آ گئی

    کراچی: شہر قائد میں مہلک وائرس COVID 19 کے چھٹے مریض کی سفری تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کو موصول تفصیلات کے مطابق کرونا کے مریض کا تعلق کراچی ایسٹ گلشن سے ہے، ذرایع کا کہنا ہے کہ مریض نے 12 سے 24 فروری تک ایران کا سفر کیا تھا، متاثرہ شخص کی عمر 69 سال ہے، اور وہ ایران سے سی فوڈ مصنوعات کی درآمد کرتا ہے۔

    ذرایع نے مزید بتایا ہے کہ کرونا کے مریض نے تہران، چابہار میں 13 روز قیام کیا، مریض 25 فروری کو تہران سے بذریعہ جہاز کراچی واپس پہنچا، مریض میں کرونا کی علامات 3 مارچ کو ظاہر ہوئیں، جب کہ 4 مارچ کو بخار، سر درد کی شکایات نمایاں ہوئیں، 5 مارچ کو مریض نے معائنہ کرایا جس پر آغا خان اسپتال نے انھیں داخل کرلیا، اسی دن مریض میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔

    کراچی میں کروناوائرس کا ایک اور کیس سامنے آگیا

    خیال رہے کراچی میں کرونا وائرس کا ایک اور کیس سامنے آنے کے بعد سندھ میں مہلک وائرس کے مریضوں کی تعداد 3 ہو گئی ہے، گزشتہ رات سندھ حکومت نے متاثرہ شخص سے رابطے میں رہنے والے تمام افراد کے ٹیسٹ کرانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے بھی ٹویٹ کے ذریعے چھٹے کیس کی تصدیق کی تھی، ان کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کے نئے مریض کی حالت قابو میں ہے۔

    پاکستان میں کرونا وائرس سے متاثرین کی تعداد 6 ہو چکی ہے۔ 3 کا تعلق کراچی، 2 کا اسلام آباد اور 1 کا گلگت اور ایک کا فیصل آباد سے ہے۔ سرکاری ذرایع کا کہنا ہے کہ اب تک 7 لاکھ 60 ہزار سے زائد مسافروں کی اسکریننگ ہو چکی ہے، پاک ایران سرحد پر زائرین کی سخت اسکریننگ جاری ہے، ایران سے سندھ پہنچنے والے 1277 افراد کلیئر قرار دے دیے گئے ہیں، جب کہ 823 کو قرنطینہ منتقل کیا گیا ہے۔