Author: انور خان

  • سیاحت کے شوقین افراد کے لیے خوشخبری

    سیاحت کے شوقین افراد کے لیے خوشخبری

    کراچی: ایکسپو سینٹر میں پاکستان ٹورزم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) اور صوبائی سیاحتی اداروں کی حمایت سے ’’پاکستان ٹریول مارٹ 2025‘‘ کا انعقاد ہونے جا رہا ہے۔

    پاکستان ٹریول مارٹ (پی ٹی ایم) 2025 سیاحت کے فروغ کے لیے پاکستان کا سب سے بڑا اور واحد پلیٹ فارم ہے، یہ ایونٹ پاکستان میں مقامی طور پر اندرونی و بیرونی اور بین الاقوامی سطح پر سیاحت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

    پاکستان ٹریول مارٹ کا چوتھا ایڈیشن 31 جنوری سے 2 فروری 2025 تک کراچی ایکسپو سینٹر میں منعقد ہوگا، جس کے بعد 4 اور 5 فروری کو اسلام آباد میں ایک روڈ شو کا انعقاد کیا جائے گا۔

    سعودی عرب کی شرکت

    پاکستان ٹریول مارٹ 2025 کا تھیم ’’سیاحت کے ذریعے ثقافتوں کو جوڑنا اور مقامی کمیونٹیز کو مضبوط بنانا‘‘ ہے، جو اس کی جدت، تعاون اور پائیدار ترقی کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ اس ایونٹ میں سعودی ٹورزم اتھارٹی اپنی سیاحتی ترقی کے منفرد تجربات پیش کرے گی۔ سعودی عرب کی شرکت نہ صرف پاکستان کے ساتھ مضبوط تعلقات کا اظہار ہے بلکہ عالمی سیاحت میں ایک نئے دور کا آغاز بھی ہے۔

    اس شراکت کے تحت، سعودی عرب پاکستان ٹریول مارٹ 2025 میں اپنا خصوصی پویلین پیش کرے گا، جہاں شرکا کو سعودی عرب کی سیاحتی صلاحیتوں کا ایک دل چسپ تجربہ فراہم کیا جائے گا۔ سعودی عرب کو پاکستان ٹریول مارٹ 2025 کا ٹائٹل پارٹنر کے طور پر اعلان کیا گیا ہے۔ یہ شراکت سعودی عرب کے عالمی سیاحتی اثر و رسوخ کو اجاگر کرتی ہے اور سرحدوں کے پار معیاری تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کرتی ہے۔

    سعودی عرب نے سیاحت کے میدان میں نمایاں ترقی کی ہے اور سفری سہولیات کے مستقبل کی تشکیل میں ایک رہنما کی حیثیت حاصل کر لی ہے۔ وژن 2030 کے تحت، سعودی عرب نے ہمیشہ پائیداری، ثقافتی ورثے کے تحفظ، اور بڑے پیمانے پر بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کو ترجیح دی ہے، جس سے عالمی سطح پر سیاحت کی ترقی کے لیے ایک منفرد نمونہ پیش کیا گیا ہے۔

    ٹیکنالوجی ہال

    پاکستان ٹریول مارٹ 2025 میں پہلی بار ایک خصوصی ٹیکنالوجی ہال پیش کیا جائے گا، جہاں ٹیکنالوجی اور سیاحت کے باہم اشتراک سے سیاحوں کے لیے مزید آسان اور جدید تجربات متعارف کروائے جائیں گے۔ ان اقدامات میں پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ (پی ایس ای بی) اور پاکستان سافٹ ویئر ہاؤسز ایسوسی ایشن (پاشا) کی معاونت شامل ہے۔

    ٹیک ڈسٹرکٹ کے ذریعے سیاحت اور سفر کے شعبے میں کام کرنے والی ٹیکنالوجی کمپنیاں، نئے پلیٹ فارمز، اور اسٹارٹ اپس کو نمایاں کیا جائے گا۔ یہ اقدام سیاحت سے وابستہ نہ صرف جدید حل پیش کرے گا بلکہ سیاحت کے شعبے میں مستقبل کی ترقی کے لیے تعاون اور شفافیت کو بھی فروغ دے گا۔

    طبی سیاحت

    اس سال پاکستان ٹریول مارٹ میں طبی سیاحت کے شعبے میں ایک نیا اور اہم قدم اٹھایا جا رہا ہے، معروف اسپتالوں کے ساتھ شراکت کے ذریعے، پی ٹی ایم نے پاکستان کو طبی سیاحت کا مرکز بنانے کا ارادہ کیا ہے، اس منصوبے کے تحت صحت سے متعلق سہولتوں کو سیاحتی کمپنیوں کے ذریعے پیش کیا جائے گا۔ یہ نیا تصور پاکستان میں نہ صرف سیاحت کی صنعت کو ترقی دے گا بلکہ بین الاقوامی تعاون کے مواقع بھی پیدا کرے گا۔

    لرننگ اینکلیو

    پاکستان ٹریول مارٹ 2025 میں لرننگ اینکلیو کا بھی اہتمام کیا جائے گا، جو ایک ایسا پلیٹ فارم ہوگا جہاں مقامی اور بین الاقوامی ماہرین سیاحت، سفر، اور مہمان نوازی کے شعبے میں اپنی معلومات اور تجربات شیئر کریں گے۔ دل چسپ گفتگو، پینل مباحثے، کیس اسٹڈیز، اور عملی مظاہروں کے ذریعے، یہ لرننگ اینکلیو روایتی تعلیمی ماحول کو تبدیل کرکے ایک متحرک اور انٹرایکٹو جگہ بنائے گا، جس کا مقصد شرکا کی دل چسپی بڑھانا اور علم کے تبادلے کو فروغ دینا ہے۔

    پاکستان ٹریول مارٹ 2025 میں سسٹین ایبل ڈیسٹینیشنز فورم کا بھی آغاز کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد پائیداری، ثقافتی ورثے کا تحفظ، اور قدرتی وسائل کی حفاظت کو فروغ دینا ہے۔ پینل مباحثوں اور معلومات کے تبادلے کے سیشنز کے ذریعے، یہ فورم پائیدار سیاحت کے عالمی کامیاب طریقوں کو پیش کرے گا، جس سے پاکستان کو ان تجربات سے سیکھنے اور ان پر عمل درآمد کرنے کا قیمتی موقع ملے گا۔

  • 2024 میں سندھ میں تعلیم اور سرکاری اسکولوں کی حالت زار، ہوشربا رپورٹ

    2024 میں سندھ میں تعلیم اور سرکاری اسکولوں کی حالت زار، ہوشربا رپورٹ

    سندھ میں تعلیمی ایمرجنسی نافذ ہونے اور کُل بجٹ کا 25 فیصد مختص ہونے کے باوجود 2024 میں بھی سرکاری اسکولوں کی صورتحال بہتر نہ ہو سکی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سندھ میں تعلیمی ایمرجنسی نافذ ہونے اور کُل بجٹ کا 25 فیصد مختص ہونے کے باوجود سرکاری اسکولوں کی صورتحال بہتر نہ ہو سکی۔ صوبے میں اسکول چھوڑنے والے بچوں کی تعداد میں خوفناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے۔

    سندھ میں تعلیم کے لیے خطیر رقم مختص ہونے کے باوجود سرکاری اسکول سہولتوں کی عدم فراہمی کا شکار ہیں۔40 ہزار سے زائد سرکاری اسکولوں میں 52 لاکھ سے زائد طلبہ وطالبات زیر تعلیم ہیں، لیکن اسکولوں میں سہولتیں نہ ہونے کے برابر ہیں۔

    صوبے کے 37 فیصد اسکولوں میں پینے کے پانی کی سہولت نہیں۔ 68 فیصد اسکولوں میں بجلی موجود نہیں تو 25 فیصد اسکولز واش رومز سے محروم ہیں۔

    سندھ کے 90 فیصد اسکولوں میں ہاتھ دھونے کے لیے بھی کوئی بندوبست نہیں۔ 49 فیصد اسکولوں کی چار دیواری ہی موجود نہیں۔

    2024 میں نیا تعلیمی سال شروع ہونے کے کئی ماہ بعد تک طلبہ کو کتب کی فراہمی نہ ہو سکی اور یہ بھی ان کے تعلیمی نقصان کا سبب بنا۔

    یہ سہولتوں کی عدم فراہمی یا کوئی اور وجہ کہ سندھ میں اسکول سے باہر بچوں کی تعداد 55 لاکھ سے زائد ہو چکی ہے۔

    سندھ میں تعلیم کی ابتر صورتحال کے حوالے سے صوبائی وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ کا کہنا ہے کہ صرف آفر لیٹر حاصل کرنا ہی اساتذہ کا مقصد نہیں ہونا چاہیے بلکہ انہیں اپنی اصل ذمہ داری نونہالان وطن کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا چاہیے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہم تعلیم کی بہتری کے لیے سیئنر اورجونیئر ٹیچرز کا فرق بھی ختم کر دیں گے اور 2025 میں صرف کارکردگی والے اساتذہ ہی آگے آئیں گے۔

    دوسری جانب چیئرمین آل سندھ پرائیویٹ اسکول اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے چیئرمین حیدر علی کہتے ہیں سال 2024 میں تعلیمی شعبہ مجموعی طور پر متاثر رہا۔

    سندھ میں سرکاری اسکولوں میں تعلیم کی ابتر صورتحال کے باعث دن بہ دن نجی اسکولوں کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے جب کہ ہر سال نجی اسکولوں کی فیسوں کا اضافے کے سبب اس بڑھتی مہنگائی میں اسکول چھوڑنے والے بچوں کی تعداد میں کمی کے بجائے اضافے کا ہی خدشہ ہے۔

  • اسکولز کی فیسوں سے متعلق اہم خبر!

    اسکولز کی فیسوں سے متعلق اہم خبر!

    محکمہ تعلیم سندھ نے نجی اسکولز کے طلبہ سے ایڈوانس اضافی فیس نہ لینے کی ہدایت کر دی۔

    اس حوالے سے ڈائریکٹوریٹ آف انسپیکشن اینڈ پرائیویٹ انسٹیٹیوشن نے اسکولز کے نام ہدایت نامہ جاری کر دیا ہے۔

    اسٹیرنگ کمیٹی کے فیصلے کے مطابق تعلیمی سال 2025-2026 یکم اپریل سے شروع ہو گا اور میٹرک کےطلبہ سے ٹیوشن فیس صرف اپریل تک کی وصول کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    یہ بھی واضح کیا گیا کہ طلبہ کو ہر ماہ کے لیے علیحدہ فیس واؤچر جاری کیے جائیں۔ جون فیس واؤچرز 30 جون تک جبکہ جولائی فیس واؤچرز 31 جولائی تک ادا کیے جائیں گے۔

  • ڈاکٹر ذوالفقار بُھٹہ کو ’آرڈر آف کینیڈا‘ کا بڑا اعزاز مل گیا

    ڈاکٹر ذوالفقار بُھٹہ کو ’آرڈر آف کینیڈا‘ کا بڑا اعزاز مل گیا

    کراچی: شہر قائد سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر ذوالفقار بُھٹہ کو عالمی سطح پر اعزاز سے نوازا گیا ہے۔

    آغا خان یونیورسٹی کے ڈاکٹر ذوالفقار احمد بھٹہ، جو زچگی اور بچوں کی صحت کے حوالے سے ایک عالمی رہنما ہیں، کو کینیڈا کے سب سے بڑے شہری اعزازات میں سے ایک ’آرڈر آف کینیڈا‘ کے آفیسر کے طور پر مقرر کیا گیا ہے۔

    یہ اعزاز ڈاکٹر بھٹہ کی عالمی صحت میں غیر معمولی خدمات (خاص طور پر جنوبی ایشیا، افریقہ، اور دیگر پس ماندہ علاقوں میں) پر دیا گیا ہے۔ڈاکٹر بھُٹہ کی انقلابی تحقیق نے دنیا بھر میں صحت عامہ کی پالیسیوں کو تبدیل کیا اور بے شمار زندگیوں کو بہتر بنایا۔ کمیونٹی ہیلتھ سسٹمز پر ان کا کام (جس میں پاکستان کا لیڈی ہیلتھ ورکر پروگرام بھی شامل ہے) فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو مضبوط بنانے کے لیے عالمی ماڈل کے طور پر جانا جاتا ہے۔

    ڈاکٹر بھُٹہ نے اس اعزاز کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا ’’میں اس اعزاز کے لیے بے حد شکر گزار ہوں اور ان تمام شاگردوں اور ساتھیوں کا مشکور ہوں جنھوں نے سالوں تک پاکستان اور دیگر کم آمدنی والے ممالک میں خواتین اور بچوں کے چیلنجز پر میرے ساتھ کام کیا۔‘‘

    ڈاکٹر ذوالفقار بھٹہ آغا خان یونیورسٹی (اے کے یو) کے انسٹیٹیوٹ آف گلوبل ہیلتھ اینڈ ڈویلپمنٹ کے بانی ڈائریکٹر ہیں، اور 2012 سے 2024 کے درمیان اس کے سینٹر آف ایکسیلینس ان ویمن اینڈ چائلڈ ہیلتھ کے بانی رہے۔ وہ ٹورنٹو کے سِک کِڈز سینٹر فار گلوبل چائلڈ ہیلتھ کے شریک ڈائریکٹر بھی ہیں۔ عالمی جرائد میں ان کے 1400 سے زائد تحقیقی مقالے شائع ہوئے۔

    آغا خان یونیورسٹی کے صدر ڈاکٹر سلیمان شہاب الدین نے ڈاکٹر بھٹہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی کامیابیاں ہمیں جدت کی جستجو اور عالمی صحت میں حقیقی اثر ڈالنے کی تحریک دیتی ہیں۔

  • کراچی : این آئی سی ایچ، بچوں کے اسپتال میں آتشزدگی

    کراچی : این آئی سی ایچ، بچوں کے اسپتال میں آتشزدگی

    کراچی :کراچی کے سب سے بڑے سرکاری اسپتال این آئی سی ایچ میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ہے، امدادی ٹیموں نے کارروائی کا آغاز کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں بچوں کے اسپتال این آئی سی ایچ میں آگ لگ گئی، عمارت کی چوتھی منزل پر لگی ہے، آگ کا دھواں پانچویں منزل تک پہنچ گیا۔

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق زیرعلاج بچوں کو مذکورہ وارڈز سے نکال کر دیگر وارڈوں میں منتقل کیا جارہا ہے۔

    اس حوالے سے اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی ہے، آگ لگنے سے کچھ سامان جلا ہے تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، ریسکیو ٹیمیں آگ پر قابو پانے میں مصروف عمل ہیں۔

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق امدادی ٹیموں اور فائر بریگیڈ کے عملے کی کوششوں کے بعد این آئی سی ایچ میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔

  • سونیا ہتھنی کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں کس بیماری کا انکشاف ہوا؟

    سونیا ہتھنی کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں کس بیماری کا انکشاف ہوا؟

    کراچی: سونیا ہتھنی کی موت کے حوالے سے انکشاف ہوا ہے کہ اس کی موت بیکٹیریا کی وجہ سے ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے سفاری پارک میں مرنے والی ہتھنی سونیا کے حوالے سے جانوروں کے لیے کام کرنے والی بین الاقوامی تنظیم فور پاز نے اپنی ویب سائیٹ پر اہم انکشاف کیا ہے۔

    فور پاز کے مطابق سونیا ہتھنی کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں جسم میں بیکٹیریا کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے، پوسٹ مارٹم رپورٹ میں سونیا کے پاؤں میں موجود پرانا پھوڑا بیکٹیریا کی بنیادی وجہ بتائی گئی ہے۔

    فور پاز کا کہنا ہے کہ پھوڑے کے باعث شدید بیکٹیریل انفیکشن سونیا ہتھنی کے لیے جان لیوا ثابت ہوا، تنظیم نے یہ بھی کہا کہ ہتھنی سونیا اور نور جہاں کی موت غیر موزوں ماحول اور ناکافی نگہداشت کا نتیجہ ہیں۔

    سفاری پارک میں ’سونو‘ نامی ہتھنی مرگئی

    تنظیم فور پاز کا کہنا ہے کہ ہاتھیوں کی صحت کے لیے مناسب دیکھ بھال اور غذا نہایت ضروری ہے۔

    واضح رہے کہ 8 دسمبر کو سونیا عرف سونو کراچی کے سفاری پارک میں اچانک مر گئی تھی، پارک انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ہتھنی سونو صحت مند تھی، کھانا پینا بھی جاری تھا لیکن جب عملہ صبح سفاری پارک پہنچا تو ہتھنی کو مرا ہوا دیکھا۔

    اس سے قبل کراچی چڑیا گھر کی علیل ہتھنی ’نور جہاں‘ 17 سال کی عمر میں 3 سال قبل مر گئی تھی، نور جہاں عرصہ دراز سے علیل تھی، تاہم 13 اپریل کو چڑیا گھر کے تالاب میں گِرنے کے بعد سے وہ اپنے پیروں پر کھڑی نہیں ہو سکی تھی۔

  • ایک اور صوبے میں موسم سرما کی چھٹیوں کا اعلان

    ایک اور صوبے میں موسم سرما کی چھٹیوں کا اعلان

    خیبرپختونخوا، بلوچستان اور پنجاب کے بعد سندھ کے تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی چھٹیوں کا اعلان کر دیا گیا۔

    محکمہ تعلیم سندھ نے موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان کر دیا ہے جس کے مطابق صوبے بھر کے تعلیمی اداروں میں 21 دسمبر سے 31 تک تعطیلات ہوں گی۔

    فیصلے کا اطلاق تمام نجی و سرکاری اداروں پر ہوگا۔

    خیبرپختونخوا

    محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا کے مطابق کے پی کے میدانی علاقوں میں اسکول 22 دسمبر سے 31 دسمبر تک بند رہیں گے جبکہ صوبے کے پہاڑی علاقوں میں اسکول 22 دسمبر سے 28 فروری تک بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

    پنجاب

    پنجاب کے تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی چھٹیوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے، نوٹیفکیشن کے تحت صوبہ پنجاب کے تعلیمی اداروں میں سردیوں کی تعطیلات 20 دسمبر سے 10 جنوری تک ہوں گی۔

    جاری نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ 11 اور 12 جنوری کو ہفتہ وار تعطیل ہوگی جس کے بعد تعلیمی ادارے 13 جنوری کو کھلیں گے۔

    بلوچستان

    بلوچستان کے تعلیمی اداروں میں 16دسمبر سے موسم سرما کی تعطیلات کا آغاز ہو گیا ہے، محکمہ تعلیم بلوچستان کے مطابق کوئٹہ سمیت 20 اضلاع کے اسکول، کالج اور جامعات بند ہو گئی ہیں۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق کوئٹہ کے سرد علاقوں میں تعطیلات 28 فروری تک جاری رہیں گی جبکہ گرم علاقوں میں موسم سرما کی 10 روزہ تعطیلات کا اعلان کیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق بلوچستان کے گرم علاقوں میں تعطیلات یکم جنوری سے 10 جنوری تک ہوں گی۔

  • سردیوں کے دوران طلبہ کو بڑی سہولت دے دی گئی

    سردیوں کے دوران طلبہ کو بڑی سہولت دے دی گئی

    کراچی: وزیر تعلیم سندھ سردار علی شاہ نے سردیوں کے دوران اسکولوں کو یونیفارم کوڈ میں نرمی کی ہدایت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر تعلیم کی ہدایت پر ڈائریکٹوریٹ آف پرائیوٹ انسٹیٹیوشن نے نجی اسکولوں کو ایک مراسلہ جاری کیا ہے، جس میں یونیفارم کوڈ میں نرمی کی ہدایت کی گئی ہے۔

    محکمہ تعلیم سندھ نے مراسلے میں کہا کہ سردیوں کے دوران نجی اسکول طلبہ کے یونیفارم میں نرمی برتیں، اور بچوں کی صحت کی خاطر سردی سے بچاؤ کے اقدامات میں ان کے ساتھ تعاون کیا جائے۔

    مراسلے میں محکمہ تعلیم نے ہدایت کی ہے کہ سردی کے دنوں میں طلبہ جو گرم کپڑے پہن سکتے ہیں انھیں اس کی اجازت دی جائے، اور اسکول کے کلاسز میں بھی سردی سے بچاؤ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔

    بدھ اور جمعرات کو عام تعطیل کا اعلان

    واضح رہے کہ سندھ حکومت نے 2 دن کی چھٹی کا اعلان کیا ہے، صوبائی حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق 25 دسمبر بروز بدھ قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش کے موقع پر تمام سرکاری دفاتر میں عام تعطیل ہوگی، جب کہ مسیحی ملازمین کے لیے کرسمس کے سلسلے میں 26 دسمبر کو چھٹی ہوگی۔

  • لانڈھی میں دنیا کا سب سے بڑا امراض قلب کا اسپتال قائم ہوگا

    لانڈھی میں دنیا کا سب سے بڑا امراض قلب کا اسپتال قائم ہوگا

    کراچی: حکومت سندھ کی جانب سے کراچی کے علاقے لانڈھی میں دنیا کا سب سے بڑا امراض قلب کا اسپتال قائم کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ادارہ برائے امراض قلب میں تزئین و آرائش کے بعد مختلف شعبوں کا افتتاح کیا گیا، این آئی سی وی ڈی میں پرائیوٹ وارڈ، انتہائی نگہداشت یونٹ اور تیمار داروں کے سیٹنگ ایریا کی تزئین و آرائش کی گئی ہے۔

    اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر این آئی سی وی ڈی پروفیسر طاہر صغیر نے کہا کہ لانڈھی میں دنیا کا سب سے بڑا امراض قلب کا اسپتال قائم کریں گے، 1200 بستروں پر مشتمل اس اسپتال میں نرسنگ کالج بھی ہوگا۔

    وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے کہا کہ لانڈھی میں امراض قلب کے اسپتال کے لیے ڈیزائننگ کر لی گئی ہے، اس کے لیے کنسلٹنٹ بھی بھرتی کیے جا رہے ہیں۔

    دریں اثنا، این آئی سی وی ڈی میں تزئین و آرائش کے بعد تیمارداروں کے ویٹنگ ایریا کا نام ٹک ٹاک ایریا رکھا گیا ہے، ڈاکٹر عذرا نے کہا کہ یہ نام کافی دل چسپ ہے۔

    وزیر صحت کا کہنا تھا کہ جب نئی او پی ڈی نئی عمارت میں شفٹ ہو جائے گی تو ہم شعبہ حادثات کو وسعت دیں گے، تاکہ زیادہ عوام مستفید ہوس کیں، اس طرح سرکاری اسپتال و اداروں میں استحکام رہتا ہے، جناح اسپتال کو بھی پرائیویٹ سیکٹر کے تعاون سے بہتر کیا گیا۔ انھوں نے اطلاع دی کہ بلدیہ کارڈیک اسپتال بھی بنایا جا رہا ہے جو کے ایم سی کے تحت ہوگا، جس کا جلد افتتاح کریں گے۔

  • پولیو وائرس سے متاثرہ ابرار خان کو آج بھی ہر ماہ فزیوتھراپی کے 3 سیشن کروانے پڑتے ہیں

    پولیو وائرس سے متاثرہ ابرار خان کو آج بھی ہر ماہ فزیوتھراپی کے 3 سیشن کروانے پڑتے ہیں

    کراچی تین سال کی عمر میں پولیو وائرس سے متاثر ہونے والے ابرار خان کی اس وقت عمر35 سال ہے، اور وہ خدمت کی ایک روشن مثال بن گیا ہے۔

    ابرار خان نے پولیو وائرس سے قبل پولیو کی خوراک حاصل نہیں کی تھی، پولیو قطرے سے محروم رہ جانے والے ابرار خان کو زندگی بھر کی تکلیف کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، لیکن اس حالت میں بھی انھوں نے کبھی ہمت نہیں ہاری۔

    آج ابرار خان خدمت کی ایک روشن مثال بنا ہوا ہے، انھوں نے پولیو وائرس سے متاثر ہونے کا فزیکل تربیت کا مرحلہ مکمل کیا، لیکن ڈاکٹروں نے کہا کہ یہ عمر بھر کی معذوری ہے۔

    ابرار خان کا کہنا ہے کہ 1994 میں پہلی مرتبہ انھیں پولیو ویکسین فراہم کی گئی تھی، اور وہ اب 2012 سے پولیو رضا کار کی حثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔

    ابرار نے کہا ’’ہر ماہ آج بھی فزیوتھراپی کے میرے 3 سیشن ہوتے ہیں۔‘‘

    ملک کے 8 اضلاع میں پولیو وائرس کی تصدیق

    واضح رہے کہ صوبہ سندھ میں آج 16 دسمبر سے 22 دسمبر تک پولیو کے قطرے پلانے کی مہم شروع ہو رہی ہے، وزیر اعلیٰ سندھ کراچی کے مقامی اسکول میں مہم کا آغاز کریں گے، پانچ سال سے کم عمر کے ایک کروڑ چھ لاکھ بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے، 80 ہزار سے زائد پولیو ورکرز اس مہم میں حصہ لیں گے، جو گھر گھر جا کر اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ کوئی بچہ ویکسین سے محروم نہ رہے۔

    مہم کے دوران سندھ بھر میں 15 ہزار سیکیورٹی اہلکار بھی تعینات کیے گئے ہیں، رواں سال پاکستان میں 63 بچے پولیو سے متاثر ہوئے ہیں، جن میں سندھ سے 17 بچے شامل ہیں، پاکستان اور افغانستان دنیا کے آخری 2 ممالک ہیں جہاں پولیو وائرس اب بھی مقامی ہے۔