Author: انور خان

  • کراچی میں 99.4 فیصد بچے سیکنڈ ہینڈ اسموکنگ کا شکار

    کراچی میں 99.4 فیصد بچے سیکنڈ ہینڈ اسموکنگ کا شکار

    کراچی میں 99.4 فیصد بچوں کے سیکنڈ ہینڈ اسموکنگ کا شکار ہونے کا ہولناک انکشاف سامنے آیا ہے جس میں شیر خوار بچے بھی شامل ہیں۔

    اے آر وائی نیوز نے نئی تحقیقی رپورٹ کے حوالے سے خبر دی ہے جس کے مطابق کراچی میں 99.4 فیصد بچے سیکنڈ ہینڈ اسموکنگ کا شکار ہیں۔ ماحول میں موجود سگریٹ کے دھوئیں کے اثرات بچوں میں بھی پائے گئے ہیں۔

    تحقیقاتی ٹیم نے ڈھاکا اور کراچی کے 74 پرائمری اسکولوں سے 2769 بچوں کے تھوک کے نمونے حاصل کیے تھے جبکہ بنگلہ دیش کی پروفیسر رومانہ حق اس تحقیق کی شریک مصنفہ میں شامل ہیں۔

    تحقیق میں شامل بچوں کی عمریں 9 سے 14 سال کے درمیان تھیں۔ سیکنڈ ہینڈ اسموکنگ سے نوزائیدہ اور شیر خوار بچوں میں سانس کی نالی میں مختلف انفکشنز اور پھیپھڑوں کی بیماری میں اضافہ ہوتا ہے۔

    تحقیق کے مطابق سگریٹ نوشی کے دھوئیں سے سڈن انفینٹ ڈیتھ سنڈروم (SIDS) کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

    تحقیق مکمل طور پرلیب ٹیسٹ کی بنیاد پر مکمل کی گئی ہے، پاکستان میں سیکنڈ ہینڈ اسموکنگ سے مختلف نوعیت کے امراض بھی سامنے آتے ہیں۔

     

    واضح رہے کہ سیکنڈ ہینڈ اسموکنگ میں وہ لوگ شامل ہوتے ہیں، جو خود تو سگریٹ نہیں پیتے، لیکن اردگرد سگریٹ پینے والے افراد کے فضا میں چھوڑے ہوئے دھوئیں کا وہ شکار ہوتے ہیں۔

  • کراچی میں شدید گرمی، عاشورہ جلوس کے متعدد شرکا کی حالت غیر

    کراچی میں شدید گرمی، عاشورہ جلوس کے متعدد شرکا کی حالت غیر

    کراچی: شہر قائد میں شدید گرمی کے باعث عاشورہ جلوس کے متعدد شرکا کی حالت غیر ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی شہر میں شدید گرمی اور حبس کی شدت برقرار ہے، ایسے میں عاشورہ جلوس کے متعدد شرکا کی حالت غیر ہو گئی، نمائش پر قائم جناح اسپتال کیمپ میں 200 کیسز رپورٹ ہوئے۔

    ایگزیکٹو ڈائریکٹر جناح اسپتال ڈاکٹر شاہد رسول کے مطابق دوپہر 1 بجے تک کیمپ میں دو سو کیسز رپورٹ ہوئے، متاثرہ تمام افراد کو ابتدائی طبی امداد فراہم کر دی گئی۔

    واضح رہے کہ چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق کراچی میں درجہ حرارت آج 40 ڈگری تک پہنچا، اور گرمی کی شدت 52 ڈگری محسوس کی گئی، شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 53 فی صد رہا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد میں سمندری ہوائیں معطل ہیں، مرطوب موسم کے باعث گرمی کی شدت زیادہ محسوس کی جا رہی ہے، اور شدید گرم اور مرطوب موسم کے باعث ہیٹ ویو جیسی صورت حال ہے۔ محکمہ موسمیات نے امکان ظاہر کیا ہے کہ آج شام یا رات شہر کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی ہو سکتی ہے۔

  • کراچی میں خطرناک دماغ خور جرثومہ نے ایک اور جان لے لی

    کراچی میں خطرناک دماغ خور جرثومہ نے ایک اور جان لے لی

    کراچی میں خطرناک وائرس نیگلیریا نے لانڈھی بھینس کالونی کے رہائشی نوجوان کی جان لے لی جس کے بعد رواں ماہ ہلاکتیں کی تعداد 3 ہوگئی۔

    22 سالہ اورنگزیب 7 جولائی کو اپنے دوستوں کے ہمراہ پکنک پر قائد آباد کے ایک فارم ہاؤس پر گیا تھا جہاں وہ سوئمنگ پول میں نہائے تھے۔

    محکمہ صحت کے ترجمان نے بتایا کہ 8 جولائی کو اورنگزیب کو بخار، سر درد اور الٹیوں کی شکایات ہوئیں جس کے بعد 10 جولائی کو اسے جناح اسپتال کی ایمرجنسی میں لایا گیا تھا۔

    ترجمان نے بتایا کہ 11 جولائی کو مریض میں نیگلیریا وائرس کی تصدیق ہوئی، متوفی نوجوان لانڈھی بھینس کالونی کا رہائشی تھا، نوجوان کی ہلاکت نیگلیریا وائرس سے ہوئی ہے۔

    محکمہ صحت نے بتایا کہ رواں سال نیگلیریا وائرس کے 3 کیس رپورٹ ہوئے، ایک کیس کورنگی، دوسرا ملیر اور تیسرا حیدر آباد سے رپورٹ ہوا تھا، تینوں مریضوں کی ہلاکت جولائی میں ہوئی۔

    نگلیریا وائرس کیا ہے؟

    نگلیریا ایک ایسا امیبا ہے جو اگر ناک کے ذریعے جسم میں داخل ہو جائے تو دماغ کو پوری طرح چاٹ جاتا ہے جس سے انسان کی موت واقع ہو جاتی ہے۔ یہ عموماً گرم پانی میں تیزی سے پرورش پاتا ہے۔

    یہ وائرس عموماً سوئمنگ پولز اور تالاب سمیت ٹینکوں میں موجود ایسے پانی میں پیدا ہوتا ہے جس میں کلورین کی مقدار کم ہوتی ہے۔ شدید گرمی بھی نگلیریا کی افزائش کا سبب بنتی ہے۔

    طبی ماہرین نگلیریا کو خاموش قاتل قرار دیتے ہیں کیونکہ اس نے اب تک دنیا میں ہزاروں افراد کو ابدی نیند سلا دیا ہے۔

  • آئندہ سال ہونے والے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کے حوالے سے اہم خبر آگئی

    آئندہ سال ہونے والے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کے حوالے سے اہم خبر آگئی

    کراچی : آئندہ سال سندھ میں ہونے والے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کے حوالے سے اہم خبر آگئی، 2025 کے امتحان میں ہم ای مارکنگ کی جانب جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر برائے یونیورسٹیز اینڈ بورڈز محمد علی ملکانی نے انٹر بورڈ کراچی میں اسٹوڈینٹ فیسیلیٹیشن سینٹر کے افتتاح کے موقع پر گفتگو میں کہا کہ ہم نے سندھ کے وزیر تعلیم کو ان بورڈ لے لیا ہے، آئندہ برس سے پورے سندھ میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات مارچ سے بتدریج شروع ہو جائیں گے، ہم پورے ملک کے ساتھ بیک وقت امتحانات لیں گے۔

    وزیر یونیورسٹیز اینڈ بورڈ سے جب پوچھا گیا کہ سندھ میں بدترین گرمی میں امتحانات کیوں کروائے جاتے ہیں جس پر ان کا کہنا تھا کہ وہ اس معاملے پر وزیر تعلیم سے بات کر کے ہیں آئندہ ایسا نہیں ہوگا۔

    سندھ کی جامعات میں وائس چانسلر کی تقرری میں تاخیر پر کیے گئے سوال پر وزیر یونیورسٹیز اینڈ بورڈ نے بتایا کہ کراچی کی لاء یونیورسٹی میں وائس چانسلر کی تقرری کا طریقہ کار اب تبدیل کررہے ہیں اور سفارش کی گئی ہے کہ وائس چانسلر کے لیے عمر کی حد 62 سے بڑھاکر 65 برس کردی جائے کیونکہ 62 برس کی حد کے تحت جنھوں نے انٹرویو دیے ان میں سے کوئی انٹرویو پاس نہیں کرسکا جس کے بعد یہ اصولی فیصلہ ہوا ہے۔

    علاؤہ ازیں وزیر یونیورسٹیز اینڈ بورڈ محمد علی ملکانی کا کہنا تھا کہ ہم پورے سندھ میں ٹیکنالوجی بیس اسسمنٹ پر جائیں گے اور اسسمنٹ میں انسانی ہاتھ کا دخل کم سے کم کررہے ہیں۔

    وزیر یونیورسٹیز اینڈ بورڈ کا مزید کہنا تھا کہ 2025 کے امتحان میں ہم ای مارکنگ کی جانب جائیں گے۔

    اس موقع پر چیئرمین انٹرمیڈیٹ بورڈ زوالفقار شاہ اور ایک مارکنگ کے پروجیکٹ ڈائریکٹر رضوان سومرو نے ای مارکنگ پروجیکٹ کے حوالے سے وزیر یونیورسٹیز اینڈ بورڈ کو تفصیلی بریفننگ دی اور بتایا کہ 2025 کے امتحانات میں اس پروجیکٹ کے تحت امتحانی کاپیوں کی اسسمنٹ کس طرح ہوگی۔

    بورڈز میں چیئرمین ، سیکریٹری اور ناظم امتحانات کی اسامیوں پر مستقل تقرریاں نہ ہونے پر کیے گیے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ لاء افسر سے کہا ہے ہائی کورٹ سے اس معاملے پر حکم امتناع ختم کرانے کی کوشش کریں تاکہ مستقل افسران کی تعیناتی ہوسکے ۔

  • نجی تعلیمی ادارے 10 فی صد طلبہ کو مفت پڑھانے کے پابند، محکمہ تعلیم نے عملی قدم اٹھا لیا

    نجی تعلیمی ادارے 10 فی صد طلبہ کو مفت پڑھانے کے پابند، محکمہ تعلیم نے عملی قدم اٹھا لیا

    کراچی: محکمہ تعلیم سندھ نے نجی اسکولوں کی جانب سے 10 فی صد فری شپ کے لیے 4 خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دیں، یہ ٹیمیں نجی اسکولوں کا معائنہ اور ڈیٹا جمع کریں گی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے نئے فری شپ قانون کے تحت نجی تعلیمی ادارے 10 فی صد طلبہ کو مفت پڑھانے کے پابند ہیں۔

    نئے تعلیمی سال کے آغاز پر دس فی صد فری شپ قانون پر سختی سے عمل درآمد کا فیصلہ کیا گیا ہے، محکمہ تعلیم نے اس سلسلے میں چار ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں، جو نجی اسکولوں کا معائنہ اور ڈیٹا جمع کریں گی۔

    فری شپ قانون پر عمل نہ کرنے پر نجی اسکولوں کی رجسٹریشن معطل یا منسوخ کر دی جائے گی۔

    واضح رہے کہ ڈائریکٹوریٹ پرائیویٹ انسٹیٹیوشنز نے سندھ بھر کے نجی اسکولوں کے سربراہوں کو ہدایت نامہ جاری کر دیا ہے، جس میں کہا ہے کہ یکم اگست سے نئے تعلیمی سال پر دس فی صد فری شپ کے فارمولے پر عمل کیا جائے۔ کراچی، حیدرآباد، میرپور خاص، سکھر، لاڑکانہ اور شہید بینظیر آباد کے ریجنل ڈائریکٹر کو بھی خط ارسال کیا گیا ہے۔

    خط میں مزید کہا گیا کہ سندھ میں بچوں کے حقوق میں فری اور لازمی تعلیمی ایکٹ 2013 پر عمل کیا جائے، تمام نجی اسکول کے بچوں کی تعداد کے حوالے سے بھی مکمل ڈیٹا فراہم کیا جائے۔

  • اعلیٰ ثانوی بورڈ کراچی کا طلبہ کی آسانی کیلیے بڑا اقدام

    اعلیٰ ثانوی بورڈ کراچی کا طلبہ کی آسانی کیلیے بڑا اقدام

    اعلیٰ ثانوی بورڈ کراچی نے طلبہ کی آسانی کیلیے برا اقدام اٹھاتے ہوئے نظام کو جدید تقاضوں سے استوار کر کے انٹر بورڈ آفس میں سہولت مرکز قائم کر لیا۔

    سہولت مرکز کا باقاعدہ افتتاح صوبائی وزیر یونیورسٹیز اینڈ بورڈز محمد علی ملکانی نے کیا جس کے بعد مختلف فارم یا کاغذات سے طلبہ کو نجات مل گئی۔

    چیئرمین انٹر بورڈ سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ امیدوار اب صرف ایک فارم پُر کریں گے اور تمام مطلوبہ دستاویزات حاصل کر سکیں گے، کراچی انٹر میڈیٹ بورڈ کو مکمل پیپر لیس کرنے کیلیے بورڈ آفس میں فیسلیٹیشن سینٹر قائم کیا گیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ انٹر بورڈ آفس میں لمبی لائنوں سے طلبہ کی جان چھوٹ گئی، صوبائی وزیر یونیورسٹیز اینڈ بورڈز محمد علی ملکانی کی ہدایت پر نقل کی روک تھام کیلیے کوسچن ائٹم ڈیویلپمنٹ پروجیکٹ پر بھی کام شروع ہوگیا۔

    سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ نئے سیشن کے آغاز سے اساتذہ اور طلبہ کو ای مارکنگ اور او ایم ار کے حوالے سے پریکٹس کروائیں گے، اگلے سالانہ امتحان میں ہم ای مارکنگ اور او ایم آر کو عمل درآمد کروا سکیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ کام کی رفتار تیز کرنے کیلیے رواں سال کے سالانہ امتحانات برائے 2024 کے نتائج کیلیے چھ اسسمنٹ سینٹرز قائم کیے،رواں سال 2024 کے انٹر بورڈ کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان اگست کا مہینہ گزرنے سے قبل ہو جائے گا۔

  • نیا تعلیمی سال ، نجی اسکول کے طلبا کے لئے اچھی خبر

    نیا تعلیمی سال ، نجی اسکول کے طلبا کے لئے اچھی خبر

    کراچی : یکم اگست سے شروع ہونے والے نئے تعلیمی سال کے حوالے سے نجی اسکول کے طلبا کے لئے اچھی خبر آگئی۔

    تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹریٹ پرائیویٹ انسٹیٹیوشنز نے سندھ بھر کے نجی اسکولوں کے سربراہوں کو ہدایت نامہ جاری کردیا۔

    جس میں کہا ہے کہ یکم اگست سے نئے تعلیمی سال پر 10 فیصد فری شپ کے فارمولے پر عمل کیا جائے۔

    کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص،سکھر،لاڑکانہ اور شہید بینظیر آباد کے ریجنل ڈائریکٹر کو بھی خط ارسال کیا گیا ہے ، جس میں کہا ہے کہ سندھ بھر کے تمام نجی اسکول کی مجموعی تعداد میں سے 10 فیصد بچوں کو فری شپ فراہم کرے۔

    خط میں مزید کہا ہے کہ سندھ میں بچوں کے حقوق میں فری اور لازمی تعلیمی ایکٹ2013پر عمل کیا جائے، تمام نجی اسکول کے بچوں کی تعداد کے حوالے سے مکمل ڈیٹا فراہم کریں۔

  • کراچی کے اہم سرکاری اسپتال کا آئی سی یو 20 ماہ سے غیر فعال

    کراچی کے اہم سرکاری اسپتال کا آئی سی یو 20 ماہ سے غیر فعال

    کراچی: سندھ گونمنٹ لیاقت آباد اسپتال کا آئی سی یو عملے کی کمی کے سبب گزشتہ 20 ماہ سے غیر فعال ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ گونمنٹ لیاقت آباد اسپتال کے انتہائی نگہداشت یونٹ کی افادیت نہ ہونے کی وجہ سے مریضوں کو آئی سی یو کے لیے دوسرے اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے، اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ ہنگامی صورت حال میں آئی سی یو کے مریضوں کو سول یا جناح اسپتال سمیت دیگر اسپتال منتقل کیا جاتا ہے۔

    اسپتال حکام نے محکمہ صحت سندھ سے عملے کی بھریتوں کی درخواست کر دی ہے، 27 دسمبر 2020 کو کرونا وبا کے دوران سندھ گورنمنٹ لیاقت آباد اسپتال میں این ڈی ایم اے کے تحت آئی سی یونٹ قائم کیا گیا تھا، یہ آئی سی یو 22 بستروں، 16 وینٹیلیٹرز، 5 مانیٹرز اور 16 بائی پیپ اور سی پی اے پی مشینوں پر مشتمل ہے۔

    اس آئی سی یو کے لیے اسپتال میں 3 ہزار لیٹر کا لیکویڈ آکسیجن پلانٹ اور آکسیجن جنریٹنگ پلانٹ لگایا گیا تھا، اور 89 ڈیز کے کنٹریکٹ پر عملہ بھی بھرتی کیا گیا تھا، جو رینیو ہوتا رہا۔ کرونا وبا ختم ہونے کے بعد محکمہ صحت سندھ نے کنٹریکٹ پر بھرتی کیے گئے عملے کو نوکری سے فارغ کر دیا تھا، اور اکتوبر 2022 سے سندھ گورنمنٹ لیاقت آباد اسپتال کا آئی سی یو غیر فعال ہے۔

    ماضی میں آئی سی یو کے دوران ضلع وسطی کے گنجان آباد علاقوں کو معیاری طبی سہولیات فراہم کی گئیں، یہ اسپتال ضلع وسطی میں طبی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے مزید مستحکم ہو گیا تھا۔

    ایم ایس لیاقت آباد اسپتال ڈاکٹر عتیق قریشی نے بتایا کہ اسپتال کا آئی سی یو طبی ساز و سامان سے لیس ہے، تاہم افرادی قوت کی کمی کی وجہ سے افتتاح کے تقریبا 22 ماہ بعد ہی غیر فعال ہو گیا ہے، یعنی تقریبا 20 ماہ سے غیر فعال ہے۔

    ڈاکٹر عتیق قریشی کے مطابق محکمہ صحت سندھ سے 18 گریڈ کے 20 ڈاکٹرز، 15 آئی سی یو ٹیکنیشنز، 12 آیائیں، 6 چوکیدار اور 6 سینیٹری ورکرز کی بھرتیوں کی درخواست کی گئی ہے۔

  • کراچی : انٹر کے طلبہ کا مستقبل داؤ پر لگ گیا

    کراچی : انٹر کے طلبہ کا مستقبل داؤ پر لگ گیا

    کراچی : انٹر کے طلبہ کا تاحال ایڈمٹ کارڈ نہ ملنے سے مستقبل داؤ پر لگ گیا، طلبہ کا کہنا ہے کہ کئی دن سے بورڈ آفس کے چکر لگا رہے ہیں کوئی سنوائی نہیں ہورہی ہے۔

    تفصیلات جے مطابق کراچی میں کالج اور انٹربورڈ کی غفلت کے باعث طلبہ کا مستقبل داؤ پر لگ گیا ، 2 بجے پرچہ تھا لیکن ایڈمیٹ کارڈ تاحال نہ مل سکے۔

    انٹر کے طلبہ کا کہنا ہے کہ کئی دن سے بورڈ آفس کے چکر لگا رہے ہیں کوئی سنوائی نہیں ہورہی ہے۔

    انٹربورڈ آفس میں والدین سمیت طلبہ کی انتظامیہ سے تکرار ہوئی، والدین نے کہا کہ آج بھی صبح سےبورڈ آفس میں ہیں لیکن کوئی بات سنے کو تیار نہیں۔

    والدین نے انٹربورڈ آفس میں ہنگامہ آرائی کی اور اندر جانے کی کوشش کی تو سیکیورٹی گارڈ کی جانب سے انٹربورڈ آفس کےدروازے بند کردئیے گئے۔

    دوسری جانب چیئرمین انٹربورڈ انوکھی منطق لے آئے اور ریگولر طلبہ کو بھی پرائیویٹ پیپر دینے کا مشورہ دے دیا۔

  • سندھ حکومت کا نیویارک کے تعلیمی اداروں کیساتھ آن لائن پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ

    سندھ حکومت کا نیویارک کے تعلیمی اداروں کیساتھ آن لائن پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ

    کراچی: محکمہ تعلیم سندھ نے نیویارک کے تعلیمی اداروں کے ساتھ آن لائن کوآرڈینیشن پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

    صوبائی وزیر تعلیم سردار علی شاہ سے نیو یارک اسٹیٹ کے اسپیکر اسمبلی فل راموس (Mr Phil Ramos) نے وفد کے ہمراہ ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا کہ اسکولز کو ایک دوسرے کے ساتھ رابطے میں لا کر ایک دوسرے سے سیکھنے کے مواقع کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔

    ملاقات میں سیکریٹری اسکول ایجوکیشن سندھ زاہد علی عباسی، سیکریٹری کالج ایجوکیشن صدف انیس شیخ، چیف پروگرام مینجر آر ایس یو ڈاکٹر جنید سموں و دیگر افسران نے بھی شرکت کی جبکہ 32 رکنی وفد میں اسمبلی رکن ایلیک بروک، امریکن پاکستانی کمیٹی کے ڈاکٹر اعجاز، امتیاز راہی، امتیاز پیرزادہ، عامر میمن اور دیگر بھی موجود تھے۔

    وزیر تعلیم سید سردار شاہ نے نیو یارک اسٹیٹ کے اسپیکر اسمبلی فل راموس اور وفد کو سندھ میں تعلیمی چیلینجز کے سلسلے میں آگاہی دی۔

    صوبائی وزیر نے کہا کہ ایک دوسرے سے سیکھنے کیلیے ورچوئل نظام کے تحت تعاون کو بڑھایا جا سکتا ہے، ہم اسکولز کو ایک دوسرے کے ساتھ رابطے میں لا کر مؤثر کوآرڈینیشن کر سکتے ہیں۔

    وفد نے اس بات پر اتفاق کیا کہ سندھ کے اسکولز اور نیویارک کے اسکولز کے مابین آن لائن کوآرڈینیشن قائم کیا جائے۔

    ملاقات میں اتفاق ہوا کہ پہلے مرحلے میں ایک سرکاری اور ایک نجی اسکول کا نیویارک کے اسکولز کے ساتھ ورچوئل رابطہ شروع کیا جائے گا۔ سندھ اور نیویارک کے اسکولز کی کانفرسنگ کنیکٹوٹی سے اساتذہ اور طلبا ایک دوسرے سے معلومات کا تبادلہ کر سکیں گے۔

    اس موقع پر فل راموس نے کہا کہ وہ نیویارک کمیونٹی کے طرف سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتے ہیں، آن لائن کانفرنسنگ کے ذریعے امریکی طلبہ پاکستان کے بارے میں پاکستانی اساتذہ اور پاکستانی اساتذہ امریکیوں سے سیکھ سکتے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ امریکی اور پاکستانی تعلیمی اداروں کے آن لائن کوآرڈینیشن سے تکنینکی تعلیم اور شارٹ کورسز کو بھی متعارف کروایا جا سکتا ہے۔

    ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق ہوا کہ دونوں ملکوں کو عوام سے عوام تک رابطہ کاری کے سلسلے بڑھانے کے اقدامات کو فروغ دیا جائے۔