Author: انور خان

  • کراچی: گلشن اقبال میں پرنسپل پیسے لے کر نقل کرواتے پکڑی گئی

    کراچی: گلشن اقبال میں پرنسپل پیسے لے کر نقل کرواتے پکڑی گئی

    کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں پرنسپل پیسے لے کر نقل کرواتے ہوئے پکڑی گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن اقبال کے تعمیر ملت گورنمنٹ اسکول میں ڈائریکٹر اسکولز نے اچانک دورہ کیا اس دوران ہیڈ مسٹریس، سینٹر کی سپرنٹنڈنٹ طاہرہ نقل کروارہی تھیں۔

    ڈائریکٹر اسکولز کا کہنا ہے کہ امتحانی مرکز میں پرائیویٹ عملہ تعینات تھا۔

    انہوں نے بتایا کہ نقل کے پیسے وصول کیے جارہے تھے، فوری طور پر عملے کو تبدیل کردیا گیا ہے، ہیڈ مسٹریس کے خلاف کارروائی کے لیے سیکریٹری کو خط لکھ دیا گیا ہے۔

    ادھر لیاری گورنمنٹ گرلز اسکول کے امتحانی سینٹر سے پنکھے چوری کرلیے گئے۔

    لیاری کے امتحانی مرکز میں پنکھے غائب ہونے سے طلبا گرمی میں بے حال ہیں جبکہ اساتذہ کا کہنا ہے کہ اسکول میں چوری کے واقعات پہلے بھی کئی بار ہوچکے ہیں۔

    اساتذہ کا کہنا ہے کہ چوری کی روک تھام کے لیے رینجرز کی چوکی قائم کی جائے۔

    کراچی کے دیگر امتحانی مراکز میں بھی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ تاحال برقرار ہے اور طلبا گرمی میں پرچے دینے پر مجبور ہیں۔

  • اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ نے اینڈرائڈ ایپ لانچ کر دی

    اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ نے اینڈرائڈ ایپ لانچ کر دی

    کراچی: اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے آفیشل اینڈرائڈ ایپ لانچ کر دی۔

    تعلیمی بورڈ کی جانب سے لانچ ہونے والی اینڈرائڈ ایپ کو گوگل پلے اسٹور پر BIEK کے نام سے سرچ کر کے موبائل میں انسٹال کیا جا سکتا ہے۔

    اس لنک پر کلک کر کے آپ گوگل پلے اسٹور سے اینڈرائڈ ایپ انسٹال کر سکتے ہیں۔

    طلبہ اینڈرائڈ ایپ سے انٹرمیڈیٹ کے نتائج، ڈیٹ شیٹس اور اپنے امتحانی مراکز کے بارے میں معلومات حاصل کر سکتے ہیں، اینڈرائڈ ایپ پر اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے جاری کردہ سرکلرز، نوٹیفکیشن اور پریس ریلیز بھی موجود ہوں گے۔

  • سندھ بھر کے تعلیمی بورڈز میں نقل کے کیسز کی تفصیلات سامنے آگئیں

    سندھ بھر کے تعلیمی بورڈز میں نقل کے کیسز کی تفصیلات سامنے آگئیں

    کراچی : سندھ بھرکےتعلیمی بورڈز میں نقل کے کیسز کی تفصیلات سامنے آگئیں، 5تعلیمی بورڈ میں نقل کے 235 کیسز رپورٹ ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ بھر کے تعلیمی بورڈز کے تحت امتحانات کے معاملے پریونیورسٹی اینڈبورڈڈیپارٹمنٹ میں نقل،کاپی تبدیلی کی تفصیلات جاری کردیں۔

    ثانوی تعلیمی بورڈکراچی نےمحکمہ یونیورسٹی اینڈبورڈکو تاحال رپورٹ جمع نہیں کرائی ، اعلیٰ ثانوی وثانوی بورڈ حیدرآبادمیں نقل کے ابتک63کیسزرپورٹ ہوئے ہیں جبکہ اصل کی جگہ دوسرےامیدوارکی شرکت کاایک کیس رپورٹ ہوا، اس طرح حیدرآباد میں مجموعی کیسز 64رپورٹ ہوئے۔

    اعلیٰ ثانوی و ثانوی بورڈلاڑکانہ میں نقل کے 107کیسز ، اصل امیدوارکی جگہ141دوسرے امیدوارکے بیٹھنے کے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ لاڑکانہ بورڈ میں مجموعی طور پر248کیسز سامنے آئے۔

    اعلیٰ ثانوی و ثانوی تعلیمی بورڈمیرپورخاص میں نقل کے 11کیس سامنے آئے، امیدواروں سے116موبائل فونز ضبط کئے گئے اور مجوعی کیسز کی تعداد127رپورٹ ہوئے۔

    شہید بینظیر آباد بورڈ میں نقل کے20کیسز ، اصل امیدوار کی جگہ دوسرے امیدواروں کے بیٹھنے کے 5 کیسز سامنے آئے اورامیدواروں سے 134موبائل فونز ضبط کئے گئے، اس طرح مجموعی کیسز کی تعداد159رپورٹ ہوئے۔

    سکھر بورڈ میں نقل کے 34 کیسز ، اصل امیدوار کی جگہ دوسرےامیدوارکےبیٹھنےکے 10کیسز رپورٹ ہوئے اور مجموعی طور پر44کیسز سامنے آئے۔

    مجموعی طور پرصوبے کے 5تعلیمی بورڈ میں نقل کے235کیسز، اصل امیدوارکی جگہ دوسرےامیدواروں کےبیٹھنےکےمجموعی کیسز 157رپورٹ ہوئے۔

    اب تک مجموعی طور پر 5تعلیمی بورڈ زکے250موبائل فونز ضبط کئے گئے جبکہ اب تک تمام تعلیمی بورڈ سے مجموعی طور پر642کیسز رپورٹ ہوئے۔

  • میٹرک کے امتحانات میں بدنظمی عروج پر پہنچ گئی

    میٹرک کے امتحانات میں بدنظمی عروج پر پہنچ گئی

    کراچی میں میٹرک کے امتحانات میں بدنظمی عروج پر پہنچ گئی ہے، بیش تر امتحانی مراکز میں لوڈ شیڈنگ تو کہیں پرچے تاخیر سے پہنچے، جب کہ مختلف مراکز میں حسب معمول کھلے عام نقل ہوتی رہی۔

    کراچی میں ثانوی تعلیمی بورڈ کے تحت پہلی شفٹ میں نہم جماعت کا پرچہ محمود آباد کے ابراہیم علی بھائی گورنمنٹ اسکول کے امتحانی مرکز میں ڈیڑھ گھنٹہ تاخیر سے شروع ہوا۔

    سی سی او کے مطابق زیادہ طلبہ ہونے کی وجہ سے طلبہ کے بیٹھنے کا خاطر خواہ انتظام نہیں تھا جس کی وجہ سے مشکل کا شکار ہوئے، جب کہ امتحانی پرچے بھی تاخیر سے پہنچے تھے۔

    امتحانی سینٹر میں غیر متعلقہ افراد کا آنا جانا جب کہ پورے ٹائم جم غفیر بھی موجود رہا، جس نے دفعہ 144 کی دھجیاں اڑا دیں، جگہ کم اور طلبہ زیادہ ہونے کی وجہ سے سینٹر شدید بدنظمی کا شکار رہا، طلبہ کو پرچہ مکمل کرنے کے لیے آدھا گھنٹہ اضافی دیا گیا۔

    میٹرک امتحانات میں نقل مافیا سرگرم : آج کلاس نہم کا پرچہ بھی سوشل میڈیا پر لیک

    دوسری جانب بیش تر امتحانی مراکز میں لوڈ شیڈنگ اور پینے کے پانی کی قلت رہی، شدید گرمی کی وجہ سے طالبات نے کاپیاں خراب ہونے پر نمبر متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا۔

    گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول جیکب لائن ون میں قائم امتحانی مرکز میں طالبات بغیر پنکھوں کے امتحان دینے پر مجبور رہیں، شدید گرمی میں طلبہ و طالبات ڈی ہائیڈریشن کا شکار بھی ہوتے رہے، امتحانی مراکز میں کہیں بھی اسٹینڈ بائے جنریٹرز کا انتظام نہیں کیا گیا تھا۔

  • اطالوی سفیر چوکنڈی قبرستان پہنچ گئیں

    اطالوی سفیر چوکنڈی قبرستان پہنچ گئیں

    ریتیلے پتھروں پر شان دار نقش و نگار کے لیے مشہور تاریخی چوکنڈی قبرستان میں گھومتے ہوئے یہ احساس ہوتا ہے کہ 15 ویں سے 18 ویں صدی کے مغلیہ دورِ حکومت میں سندھ کے اس علاقے میں بھی انسانوں کی آخری آرام گاہوں کو سجانے کے لیے کتنا اہتمام کیا جاتا تھا۔

    پاکستان بھر سے سیاح جب صوبہ سندھ آتے ہیں تو مشہور مکلی قبرستان کے علاوہ چوکنڈی میں بنے مقبروں کی سیر بھی ضرور کرتے ہیں، لیکن صرف پاکستانی ہی نہیں بیرون ملک سے آنے والے سیاح بھی اس خطے کی تاریخ سے رغبت دکھاتے ہوئے ان مقبروں کا دورہ کرتے ہیں۔

    گزشتہ دنوں اٹلی کی سفیر ماریلینا آرمیلن نے اطالوی قونصل جنرل ڈینیلو کے ہمراہ چوکنڈی قبرستان کا دورہ کیا، ان میزبانی صوبائی وزیر تعلیم سندھ سردار علی شاہ اور وزیر ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ کر رہے تھے۔

    اطالوی وفد نے قبرستان کی تاریخ کے حوالے سے اپنی دل چسپی کا اظہار کیا اور معلومات حاصل کیں، صوبائی وزا کی جانب سے ان کو چوکنڈی قبرستان سے متعلق معلومات دی گئیں۔

    وزیر تعلیم نے وفد کو بتایا کہ چوکنڈی قبرستان میں موجود قبروں پر جڑے نقوش اپنی ایک خاص پہچان رکھتے ہیں، مردوں کی قبروں پر گھوڑے اور عورتوں کی قبروں پر زیورات کے نقوش کندہ کیے گئے ہیں، اس طرح کی قبریں سندھ اور بلوچستان کے دیگر علاقوں میں بھی موجود ہیں۔ جب کہ وزیر ثقافت و سیاحت کا کہنا تھا کہ سندھ کے سیاحتی و ثقافتی ورثے کو محفوظ بنا کر سیاحوں کو سازگار ماحول فراہم کیا جا رہا ہے۔

    اطالوی وفد نے کہا کہ سندھ تاریخی لحاظ سے اپنی ایک منفرد حیثیت رکھتا ہے، وزرا نے مہمانوں کو سندھ کی روایتی اجرک اور موہن جو دڑو کے نوادرات کی نقول بطور تحفہ پیش کیے۔ اس موقع پر سیکریٹری کلچر خالد چاچڑ، ڈی جی سید فیاض شاہ، ڈی جی عبدالفتاح شیخ اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

  • جامعہ کراچی کی ناکارہ بسیں طلبہ کیلئے عذاب بن گئیں

    جامعہ کراچی کی ناکارہ بسیں طلبہ کیلئے عذاب بن گئیں

    کراچی : شہر قائد کی سب سے بڑی درسگاہ جامعہ کراچی میں طلبہ و طالبات کیلئے مختص ناکارہ بسیں (پوانٹس) عدم توجہی کے باعث سڑکوں پر چلنے سے قاصر ہیں۔

    جامعہ کراچی کی پوانٹس کی تعداد کم ہونے کی وجہ سے طلبا و طالبات کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے، طلبہ و طالبات کا کہنا ہے کہ اس میں بیٹھنے کی جگہ تو درکنار کھڑے ہونے تک کی جگہ نہیں ہوتی۔

    اس کے علاوہ بسوں کی خستہ حالی کا اندازہ اس بات سے بخوبی لگایا جاسکتا ہے کہ یہ بسیں جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار اور زنگ آلود  ہیں اور خراب ہوکر سڑک پر کہیں بھی کھڑی ہوجاتی ہیں جس سے طلبہ کو یونی ورسٹی پہنچنے میں دیر ہوجاتی ہے اور تعلیم بھی متاثر ہوتی ہے۔

    اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے نمائندے انور خان کی رپورٹ کے مطابق جامعہ کراچی کے 46ہزار طلبہ کے لیے صرف 28 بسیں چلتی ہیں جبکہ ایک طالبہ کا کہنا ہے کہ پہلے تقریباً ایک سو بسیں ہوا کرتی تھیں جو اب صرف 16 یا 17 رہ گئی ہیں۔

    جامعہ کراچی شعبہ ٹرانسپورٹ کے انچارج دلدار خان کا کہنا ہے کہ46 ہزار طلبہ کیلیے مزید 20سے 25 نئی بسیں درکار ہیں جبکہ بلدیہ عظمیٰ کراچی اور مخیر حضرات کے تعاون سے حاصل ہونے والی سی این جی بسوں کو ڈیزل پر منتقل کیا جارہا ہے جس کیلئے فی بس 25 لاکھ روپے درکار ہیں۔

    اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس وقت مجموعی طور 29 بسیں چلائی جارہی ہیں جو بہت پریشانی کا باعث ہے ہماری وزیر اعلیٰ اور گورنر سندھ سے اپیل ہے کہ اگر وہ فوری طور پر فنڈز جاری کردیں یا بسیں مہیا کردیں تو اس مسئلے پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال جون2023 میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے جامعہ کراچی کے طلبہ و طالبات کیلئے 10 بسوں کا تحفہ دیا گیا تھا۔

  • کراچی میٹرک امتحانات: طلبہ وطالبات پر بڑی پابندی عائد

    کراچی میٹرک امتحانات: طلبہ وطالبات پر بڑی پابندی عائد

    کراچی میں میٹرک کے امتحانات 7 مئی سے شروع ہو رہے ہیں ساڑھے تین لاکھ سے زائد امیدوار امتحانات دیں گے جن پر بڑی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات کا آغاز پیر 7 مئی سے ہو رہا ہے۔ امتحانات میں شہر قائد کے ساتوں اضلاع میں ساڑھے تین لاکھ سے زائد طلبہ وطالبات شرکت کریں گے جن پر تعلیمی بورڈ میٹرک چیئرمین کی جانب سے موبائل فون امتحانی مراکز پر لانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

    چیئرمین میٹرک بورڈ شرف علی شاہ نے پریس کانفرنس میں واضح کیا ہے کہ اس کے باوجود اگر کوئی طالبعلم موبائل فون امتحانی مرکز میں لایا تو اس کو ضبط کر لیا جائے گا۔

    انہوں نے بتایا کہ 7 مئی سے شروع ہونے والے نویں اور دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ امتحانات میں 3 لاکھ 65 ہزار سے زائد طلبہ وطالبات شرکت کر رہے ہیں، جن کے لیے 505 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ بورڈ کے آفیسرز امتحانی پرچوں کی ترسیل پر مامور ہونگے۔ ثانوی تعلیمی بورڈ نے تمام طلبا و طالبات اور اساتذہ کی آسانی کیلیے آن لائن کمپیوٹرائزڈ ایڈمٹ کارڈز پر امتحانی مراکزبھی پرنٹ کر دیے ہیں۔

  • نجی اسکولوں کے حوالے سے اہم خبر آگئی

    نجی اسکولوں کے حوالے سے اہم خبر آگئی

    کراچی : شہر قائد میں نجی اسکولوں کے حوالے سے اہم خبر آگئی ، محکمہ تعلیم نے خبردار کیا فری شپ قانون پرعمل نہ کرنے پررجسٹریشن منسوخ کردیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں دس فیصد فری شپ قانون پر عمل درآمد نہ کرنے والے اسکولوں کیخلاف وزیر تعلیم سندھ کی ہدایت پر ڈائیریکٹوریٹ نے کارروائی کی۔

    ایڈیشنل ڈائریکٹر رفیعہ ملاح نے بتایا کہ 54 نجی اسکولوں کی رجسٹریشن کا عمل روک دیا گیا، سندھ بھرکے 1154 اسکولز کے دورے کیے جاچکے ہیں۔

    رفیعہ ملاح نے خبردار کیا دس فیصد فری شپ قانون پر من و عن عمل کریں بصورت دیگر رجسٹریشن منسوخ کر دی جائے گی

    اںھوں نے بتایا کہ نجی اسکولز کے خلاف قواعد کی خلاف ورزی پر ایکشن شروع ہوگیا، اسکولز کو قواعد پر عمل کرنا ہو گا۔

  • ملک میں ایک بار پھر جان بچانے والی دواؤں کی قلت

    ملک میں ایک بار پھر جان بچانے والی دواؤں کی قلت

    کراچی: ملک میں ایک بار پھر جان بچانے والی مارکیٹ میں دستیاب نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سمیت ملک بھر میں ایک بار پھر مختلف اقسام کی انسولین سمیت دیگر دوائیں مارکیٹ میں دستیاب نہیں ہے، دواؤں کی قلت کے باعث مختلف امراض میں مبتلا مریضوں کو  مشکلات کا سامنا ہے۔

    ڈرگ انسپکٹرز نے انکشاف کیا کہ کراچی میں انسولین سمیت 27 دوائیں اسٹورز پر دستیاب نہیں، جس کے بعد سندھ کے ڈرگ انسپکٹرز کو عدم دستیاب ادویات کا سروے کرنے کا حکم دے دیا گیا۔

    سیکرٹری صوبائی ڈرگ کوالٹی کنٹرول بورڈ سندھ سید عدنان رضوی نے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) کو خط لکھا ہے جس میں کراچی میں ہونے والی دواؤں کی قلت سے متعلق آگاہ کیا ہے۔

    حکام کا اس حوالے سے مزید کہنا ہے کہ اسلام آباد اور گرد و نواح میں بھی 30 اہم دوائیں مارکیٹ میں دستیاب نہیں ہے جس میں اینٹی بائیوٹکس، نفسیاتی و دماغی امراض، دمے کی دوائیں شامل ہیں، جبکہ ٹیٹنس کے انجکشن اور مختلف اقسام کے انہیلرز کی شدید قلت ہے۔

    دوسری جانب ڈریپ حکام نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ ملک میں دواؤں کی کوئی قلت نہیں ہے سپلائی چین کے ایشوز ہو سکتے ہیں، ہفتہ وار بنیاد پر دواؤں کی موجودگی کا سروے کراتے ہیں، انسولین وافر مقدار میں موجود ہے اور دستیاب ہے۔

  • پہلے پاکستانی نیورولوجسٹ جنھیں امریکی یونیورسٹی سے بڑا اعزاز مل گیا

    پہلے پاکستانی نیورولوجسٹ جنھیں امریکی یونیورسٹی سے بڑا اعزاز مل گیا

    کراچی: پاکستانی پروفیسر محمد واسع نے نیورولوجی میں ’ایڈووکیٹ آف دی ایئر‘ کا ایوارڈ حاصل کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق آغا خان یونیورسٹی کے شعبہ طب میں نیورولوجی کے پروفیسر محمد واسع کو امریکی اکیڈمی آف نیورولوجی فار گلوبل پیشنٹ اینڈ نیورولوجی ایڈووکیسی کی جانب سے کولوراڈو میں ’ایڈووکیٹ آف دی ایئر ایوارڈ‘ سے نوازا گیا۔

    وہ پہلے پاکستانی نیورولوجسٹ جنھیں امریکی یونیورسٹی سے یہ اعزاز ملا، پروفیسر محمد واسع کنسلٹنٹ نیورولوجسٹ ہیں، جو جنرل نیورولوجی اور فالج میں مہارت رکھتے ہیں، وہ بطور صدر پاکستان سوسائٹی آف نیورولوجی کے طور پر خدمات سر انجام دے چکے ہیں اور حال ہی میں ورلڈ فیڈریشن آف نیورولوجی کے ٹرسٹی اور ورلڈ اکیڈمی آف سائنس کے فیلو کے طور پر منتخب ہوئے ہیں۔

    نیورل سائنسز اور نیورل امیجنگ میں پروفیسر واسع نے پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر میں متعدد ٹاسک فورسز اور ایڈوائزری کمیٹیوں کی سربراہی کی ہے، انھوں نے اس کامیابی پر بات کرتے ہوئے کہا ”میں اپنے ساتھیوں اور طلبہ کے ساتھ مل کر تحقیق اور ایڈووکیسی کے کام کو آگے بڑھانے کے لیے آغا خان یونیورسٹی کی طرف سے فراہم کیے گئے وسیع مواقع اور تعاون کے لیے بے حد شکر گزار ہوں۔“

    ان کا تازہ ترین اعزاز اعصابی علوم کے شعبے میں مریضوں کی فلاح و بہبود کے حوالے سے مرحوم ڈاکٹر اور سماجی رہنما کینتھ ایم ویسٹے جونیئر کی پیروی کرنا ہے جن کے نام سے یہ ایوارڈ منسوب ہے۔ ڈین میڈیکل کالج، آغا خان یونیورسٹی ڈاکٹر عادل حیدر نے کہا ”ہمیں فخر ہے کہ پروفیسر محمد واسع ہماری نیورولوجی فیکلٹی کے ایک قابل احترام رکن ہیں۔‘‘

    اس ایوارڈ سے قبل پروفیسر واسع کو امریکی اکیڈمی آف نیورولوجی کا ٹیچرز ریکگنیشن ایوارڈ اور ایڈووکیسی لیڈر آف دی ایئر ایوارڈ، پاکستان سوسائٹی آف نیورولوجی کا ممتاز استاد ایوارڈ، نیز پاکستان اکیڈمی آف میڈیکل سائنسز کے جونیئر ایوارڈ اور گولڈ میڈل سے بھی نوازا گیا ہے۔