Author: انور خان

  • پانی کو ترسے ہوئے کراچی کے شہریوں کے لیے بڑی خوشخبری

    پانی کو ترسے ہوئے کراچی کے شہریوں کے لیے بڑی خوشخبری

    کراچی : واٹر بورڈ حکام نے پانی کو ترسے ہوئے کراچی کے شہریوں کو بڑی خوشخبری سنادی، پانی کی سیلائی کب بحال ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق جامعہ کراچی میں پانی لائن میں شگاف کا مرمتی کام مکمل کرلیا گیا ہے ، لائن کے متاثرہ حصے کوتبدیل کردیا گیا۔

    واٹر کارپوریشن کا کہنا تھا کہ پانی کی فراہمی کل بارہ بجے شروع ہوجائے گی ، جس سے یونیورسٹی روڈ، گلشن اقبال، صدرٹاؤن، جمشید ٹاؤن اور لیاری والوں کو ریلیف مل سکے گا۔

    اس سے قبل واٹر بورڈ حکام نے مرمت وقت پر نہ ہونے کا ملبہ پرانی لائنوں پرڈال دیا تھا اور کہا تھا کہ بوسیدہ لائنوں کی وجہ سےکام کی رفتارسست ہوگئی، کوشش ہے اتوار تک کام مکمل کرلیں۔

    گذشتہ روز محکمہ انجینئرنگ کا کہنا تھا کہ اتنے وسیع نقصان کے بعد مرمت کا عمل 96 گھنٹوں میں مکمل کرنا ممکن نہیں رہا۔

    ترجمان کے مطابق متاثرہ لائن پر نئے والو لگانے کی شکایات بھی موصول ہوئی تھیں جس پر ایم ڈی واٹر کارپوریشن کی ہدایت پر تحقیقات کے لیے خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ 29 اپریل کو جامعہ کراچی سے گزرنے والی پانی کی 84 انچ قطرکی لائن پھٹ گئی تھی، جس کے باعث یونیورسٹی کا نصف سے زیادہ رہائشی علاقہ زیر آب اور پانی گھروں میں داخل ہوگیا تھا۔

    جس کے بعد لائن کے مرمتی کام کے لئے شہر کے بڑے حصے کو پانی کی فراہمی معطل کردی گئی تھی ، مرمتی کام 24 گھنٹے جاری رہا اور کہا گیا تھا کہ 96 گھنٹے میں مکمل کرلیا جائے گا۔

  • پاکستان میں تھیلیسیمیا کے کیریئرز کی تعداد 1 کروڑ سے زائد ہے، ڈاکٹر ثاقب انصاری

    پاکستان میں تھیلیسیمیا کے کیریئرز کی تعداد 1 کروڑ سے زائد ہے، ڈاکٹر ثاقب انصاری

    کراچی: ماہرِ امراض خون اور صدر عمیر ثناء فاؤنڈیشن ڈاکٹر ثاقب انصاری نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان میں تھیلیسیمیا کے کیریئرز کی تعداد 1 کروڑ سے زائد ہے، حکومت اس کی روک تھام کے لیے اقدامات کرے۔

    تفصیالت کے مطابق کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ثاقب انصاری نے کہا پاکستان میں ہر سال 5000 بچے تھیلیسیمیا کے ساتھ پیدا ہوتے ہیں، اور ملک بھر میں تھیلیسیمیا میجر کے 90 ہزار مریض زندگی بھر کے لیے خون کے محتاج ہیں۔

    ڈاکٹر ثاقب انصاری تھیلیسیمیا

    انھوں نے کہا تھیلیسیمیا کی بنیادی وجہ خاندان میں شادی اور شادی سے قبل ٹیسٹ کا نہ ہونا ہے، جب کہ شادی سے پہلے خون کا ٹیسٹ تھیلیسیمیا سے بچاؤ کا واحد اور مؤثر حل ہے۔

    ڈاکٹر ثاقب نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ شادی سے پہلے ٹیسٹ کو لازمی اور مفت کیا جائے، اور نکاح رجسٹرار کو اسکریننگ رپورٹ کے بغیر نکاح رجسٹری سے روکا جائے، ہر نکاح سے قبل تھیلیسیمیا اسکریننگ رپورٹ لازم قرار دی جائے۔

    انھوں نے کہا کہ ہر ضلع میں جینیاتی مشاورت مراکز قائم کیے جائیں، اسکول و کالج نصاب میں تھیلیسیمیا آگاہی شامل کی جائے، متاثرہ بچوں کے لیے سرکاری فنڈنگ اور مفت علاج کی سہولت دی جائے، قومی سطح پر مانیٹرنگ کے لیے پارلیمانی کمیٹی قائم کی جائے، اور شناختی کارڈ میں تھیلیسیمیا کیریئر اسٹیٹس شامل کیا جائے۔

    انھوں نے بتایا کہ عمیر ثناء فاؤنڈیشن تھیلیسیمیا آگاہی اور علاج پر 20 سال سے سرگرمِ عمل ہے، یکم تا 8 مئی تھیلیسیمیا آگاہی مہم شروع کی گئی ہے، جس کے تحت 5 مئی کو ہمدرد یونیورسٹی میں واک اور 7 مئی کو پریس کلب میں چراغ روشن کیے جائیں گے، اور 8 مئی کو تھیلیسیمیا ڈے پر خصوصی سیمینار کا انعقاد کیا جائے گا۔

  • واٹس ایپ کے زریعے نقل : چیئرمین بورڈ نے امتحانات سے قبل ہی انٹر کے طلبا کو خبردار کردیا

    واٹس ایپ کے زریعے نقل : چیئرمین بورڈ نے امتحانات سے قبل ہی انٹر کے طلبا کو خبردار کردیا

    کراچی : انٹر کے سالانہ امتحانات 5 مئی سے شروع ہوں گے، چیئرمین بورڈ نے نقل کرانے والے واٹس ایپ گروپس کیخلاف ایف آئی اے کو خط لکھ دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے اعلان کیا ہے کہ انٹرمیڈیٹ گیارہویں اور بارہویں جماعت کے سائنس پری انجینئرنگ، پری میڈیکل، سائنس جنرل اور ہوم اکنامکس گروپس بشمول امپروومنٹ آف گریڈ/ڈویڑن، ایڈیشنل سبجیکٹس، بینیفٹ کیسز، شارٹ سبجیکٹس، ٹی پی (بارہ پرچے) اور اسپیشل چانس کے سالانہ امتحانات برائے 2025 ء کے پہلے مرحلہ کا آغاز پیر 5مئی سے ہورہا ہے۔

    جمعرات 29 مئی 2025ء تک جاری رہنے والے ان امتحانات میں صبح اور شام کی شفٹوں میں 1 لاکھ 26 ہزار 500 سے زائد طلبہ و طالبات شرکت کریں گے۔

    صبح کی شفٹ میں صبح 9بجے سے 12بجے تک سائنس پری میڈیکل، پری انجینئرنگ اور ہوم اکنامکس گروپس کے امتحانات ہوں گے جس میں 92 ہزار سے زائد طلبہ و طالبات شریک ہوں گے جبکہ شام کی شفٹ میں دوپہر 2 بجے سے شام 5 بجے تک سائنس جنرل کے امتحانات لیے جائیں گے جس میں 34ہزار 500 سے زائد امیدوار شرکت کریں گے۔

    انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات برائے 2025ء کیلئے صبح اور شام کی شفٹوں میں مجموعی طور پر 182 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں جس میں 122 امتحانی مراکز صبح کی شفٹ میں جبکہ 60 شام کی شفٹ میں بنائے گئے ہیں۔

    صبح اور شام کی شفٹوں میں مجموعی طور پر 36 امتحانی مراکز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔

    چیئرمین اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی غلام حسین سوہو نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شفاف امتحانات کیلئے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، امتحانات کے پرامن و بلاتعطل انعقاد اور طلباء کی سہولت کیلئے انسپکٹر جنرل آف پولیس سندھ، کمشنر کراچی، ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ٹریفک کراچی ریجن، کے الیکٹرک، ایجوکیشن اینڈ لٹریسی ڈپارٹمنٹ حکومت سندھ، محکمہ صحت سندھ، ری ہیبلیٹیشن ڈپارٹمنٹ حکومت سندھ اور ڈائریکٹر سائبر کرائم ایف آئی اے کو خطوط لکھ دیئے گئے ہیں تاکہ امتحانات کے دوران امن و امان، امتحانی مراکز کی سیکیورٹی اوربجلی کی بلاتعطل فراہمی کو ممکن بنایا جاسکے۔

    غلام حسین سوہو کا کہنا تھا کہ 36 انتہائی حساس امتحانی مراکز پر خصوصی سیکیورٹی کی تعیناتی کیلئے بھی ڈپٹی انسپکٹر جنرل آپریشنز سندھ پولیس کو خط لکھ دیا گیا ہے۔

    انھوں نے واضح کیا کہ نقل مافیاکے خلاف سخت کارروائی ہوگی، نقل کرانےوالےواٹس ایپ گروپس کیخلاف ایف آئی اے کو خط لکھ دیا، گروپ ایڈمن اورممبران کیخلاف بھی کارروائی ہوگی۔

    انہوں نے بتایا کہ امتحانات میں کسی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے اور نقل کی روک تھام کیلئے کمشنر آفس کراچی اور اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی میں دو مرکزی مانیٹرنگ سیل بنائے گئے ہیں ۔

    چیئرمین انٹربورڈ نے بتایا کہ امتحانات میں شفافیت کیلئے ہر امتحانی مرکز کے پرچے میں اس امتحانی مرکز کا کوڈ ڈالا گیا ہے، اگر کوئی پرچہ لیک ہوتا ہے تو اس کوڈ کی وجہ سے فوری طور پر پتا چل جائے گا کہ کس امتحانی مرکز سے پرچہ لیک ہوا ہے۔

    چیئرمین بورڈ کا کہنا تھا کہ امتحانات میں نقل روکنے کیلئے بورڈ کی جانب سے 16 سپر ویجی لینس ٹیمیں بھی بنائی گئی ہیں جو پورے شہر میں امتحانی مراکز کے اچانک دورے کر کے وہاں موجود سہولیات اور امتحانی عمل کا جائزہ لیں گے۔

  • کراچی کو پانی کی سپلائی کب بحال ہوگی ؟ بڑی خبر آگئی

    کراچی کو پانی کی سپلائی کب بحال ہوگی ؟ بڑی خبر آگئی

    کراچی : شہر قائد کو پانی کی سپلائی کی بحالی کے حوالے سے ترجمان واٹر کارپوریشن کا اہم بیان آگیا، شہریوں کو مزید انتظار کرنا ہوگا؟

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں چوراسی انچ قطر کی پائپ لائن پھٹنے سے تاحال شہرکے بیشترعلاقوں میں پانی کی فراہمی متاثر ہے۔

    جامعہ کراچی سے گزرنے والی پانی کی مرکزی لائن کا مرمتی کام چار دن بعد بھی مکمل نہ کیا جاسکا۔

    محکمہ انجینئرنگ کا کہنا ہے کہ اتنے وسیع نقصان کے بعد مرمت کا عمل چھیانوے گھنٹوں میں مکمل کرنا ممکن نہیں رہا۔ مرمت کے دوران کیے گئے اندرونی معائنے میں لائن کاچالیس فٹ سے زائد کا حصہ متاثر پایا گیا ہے۔

    ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق نہ صرف بڑے شگاف بلکہ متعدد چھوٹے شگاف بھی سامنے آئے ہیں جن کی مرمت بھی ضروری ہے۔ اگر متاثرہ حصے کی مکمل مرمت نہ کی گئی تو لائن دوبارہ پھٹنے کا خطرہ برقرار رہے گا۔

    حکام کا کہنا ہے لائن کی مرمت ہفتے کی شام تک مکمل ہوگی جبکہ اتوار کی شام سے پانی کی فراہمی بحال کی جائے گی۔

    مزید برآں لائن پھٹنے کی وجوہات جاننے کے لیے بھی ایک علیحدہ تحقیقاتی ٹیم کام کر رہی ہے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔

    واضح رہے کہ کراچی میں چوراسی انچ قطر کی پائپ لائن پھٹنے سے جامعہ کراچی کا بڑا علاقہ زیر آب گیا تھا، جس سے 400 سے زائد گھر زیر آب آگئے تھے، جس کی وجہ سے شہر کے بیشتر علاقوں میں پانی کی فراہمی اب تک متاثر ہے۔ جبکہ واٹر کارپوریشن نے96 گھنٹے میں مرمتی کام مکمل کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

  • کراچی : پانی کی لائن پھٹنے سے جامعہ کراچی اسٹاف کالونی کے 400 سے زائد گھر زیرآب

    کراچی : پانی کی لائن پھٹنے سے جامعہ کراچی اسٹاف کالونی کے 400 سے زائد گھر زیرآب

    کراچی : جامعہ کراچی میں پانی کی پائپ لائن پھٹنےسے 400 سے زائد مکان اور رہائشی علاقے کی تمام سڑکیں زیر آب آگئیں، گھروں میں پانی داخل ہونے سے بھاری مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔

    تفصیلات کے مطابق جامعہ کراچی میں واٹر کارپوریشن کی چوراسی انچ قطر کی پائپ لائن ٹوٹنے کے باعث دوسرے روز بھی پانی کی نکاسی نہ ہوسکی، جس کی وجہ سے کئی ڈپارٹمنٹ میں تدریسی عمل معطل رہا جبکہ شعبہ ٹرانسپورٹ ڈوبے ہونے کی وجہ سے طلبہ کی پوائنٹ کی بسیں بھی روانہ نہیں کی جاسکیں۔

    جامعہ کراچی میں پانی کی پائپ لائن پھٹنے سے چارسو سے زائد مکان اور رہائشی علاقے کی تمام سڑکیں زیر آب آگئیں جبکہ گھروں میں پانی داخل ہونے سے بھاری مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا اور متعدد گھروں کا فرنیچر خراب ہوگیا، جس کے باعث اسٹاف کالونی میں رہائش پذیر افراد اپنے قریبی عزیزوں کے گھر منتقل ہوگئے۔

    واٹر بورڈ کی لائن پھٹنے سےکراچی یونیورسٹی میں سیلابی صورت حال ہے، سائنس فیکلٹی ، ماس کمیونی کیشن ، کیمسٹری، فزکس ، فارمیسی ، کمپیوٹر سائنس سمیت مختلف ڈپارٹمنٹ ڈوبے ہوئے ہیں ، جس کے بعد متاثرہ ڈپارٹمنٹس میں کلاسزمعطل کردی گئیں۔

    کراچی واٹر کارپوریشن کا کہنا ہے کہ مرمتی کام میں 72گھنٹے مزید لگ سکتے ہیں، نکاسی آب کے نظام کو کنٹرول کرنے کے لئے گلشن اقبال کی یونین کونسل عملہ بھی فعال ہے۔

    گذشتہ روز جامعہ کراچی کے قریب واٹر کارپوریشن کی 84 انچ قطر کی لائن لیک ہوگئی تھی ۔ اس لائن سے شہر کے مختلف علاقوں کو پانی سپلائی کیا جاتا ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ مرمتی کام کے دوران شہر کو یومیہ 250 ایم جی ڈی پانی کی کمی کا سامنا ہوگا، مرمتی کام کے باوجود شہر کو 400 ایم جی ڈی پانی کی فراہمی معمول کے مطابق جاری رہے گی، شہری پانی کا ذخیرہ کریں اور اسے احتیاط سے استعمال کریں۔

  • کراچی میں  پانی کی سپلائی بند کرنے کا اعلان ، کون کون سے علاقے متاثر ہوں گے؟

    کراچی میں پانی کی سپلائی بند کرنے کا اعلان ، کون کون سے علاقے متاثر ہوں گے؟

    کراچی : جامعہ کراچی کے قریب 84 انچ قطر لائن لیک ہونے کے باعث شہر کو پانی کی فراہمی معطل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، کون کون سے علاقے متاثر ہوں گے؟

    تفصیلات کے مطابق جامعہ کراچی کی اسٹاف کالونی میں پانی کی 84 انچ کی لائن پھٹ گئی، جس کے باعث پانی اسٹاف کالونی میں موجود اساتذہ کے گھروں میں داخل ہوگیا اور گھر میں زیر استعمال اشیاء خراب ہوگئی، پانی کی وجہ سے متعدد اساتذہ دوسری جگہ منتقل ہونا شروع ہوگئے ہیں۔

    واٹرکارپوریشن کے ترجمان کی جانب سے کہا گیا کہ جامعہ کراچی میں پانی کی لائن متاثر ہونے کے بعد وال آپریشن روک دیا ہے ، ٹیمیں جائےوقوعہ پہنچ گئیں اور متاثرہ لائن کوچیک کیا۔

    ،ترجمان کا کہنا تھا کہ مرمتی کام شروع کرنے کیلئے پانی کاپریشر کم کردیاگیا ہے ، پانی کی مقدارمیں کمی کے فوراً بعد مرمتی کام شروع کیاجائے گا۔

    کراچی کی خبریں

    ترجمان نے بتایا کہ پانی کی لائن کامرمتی کام 96 گھنٹوں میں مکمل کرلیاجائےگا، مرمتی کام کےدوران مختلف علاقوں میں پانی کی فراہمی جزوی معطل رہے گی۔

    واٹر کارپوریشن نے کہا کہ مرمتی کام کے باعث جمشید ٹاؤن، لیاقت آباد، ناظم آباد، کورنگی ،لانڈھی و دیگر علاقے متاثر ہوں گے۔

  • انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کی  نئی تاریخ کا اعلان ہوگیا

    انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کی نئی تاریخ کا اعلان ہوگیا

    کراچی : انٹرمیڈیٹ امتحانات 2025 کے آغاز کی نئی تاریخ کا اعلان کردیا گیا اور امتحانات کی تاریخ میں تبدیلی کی وجوہات بھی بتادیں۔

    کراچی میں اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ نے اٹھائیس اپریل سے شروع ہونے والے انٹرمیڈیٹ کے امتحانات مؤخر کرنے کے بعد نئی تاریخ کا اعلان کردیا گیا۔

    اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ انٹر کے امتحانات اب پانچ مئی سے شروع ہوں گے۔

    اعلامیے میں کہنا تھا کہ امتحانات کی تاریخ میں تبدیلی دو وجوہات کی بناء پرکی گئی جس کی ایک وجہ خصوصی کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں انٹرمیڈیٹ حصہ اول کے امتحانات دوہزار چوبیس کے سائنس، پری میڈیکل، پری انجینئرنگ اور سائنس جنرل گروپس کے تمام طلبہ کو ریاض، کیمسٹری اور فزکس کے پرچوں میں گریس مارکس دینے کا عمل جاری ہے۔

    تعلیمی بورڈ کی جانب سے دوسری وجہ میٹرک اور انٹر کے کچھ مراکز میں میٹرک کے جاری امتحانات بتائی گئی ہے۔

    اعلامیے میں مزید کہا گیا ہےکہ طلبہ اور والدین سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ نئے شیڈول کے مطابق اپنی تیاری جاری رکھیں۔

    دوسری جانب بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کوئٹہ نے اعلان کیا ہے کہ صوبے بھر میں انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات اب 2 مئی 2025 سے شروع ہوں گے۔

    27 اپریل 2025 کو جاری ہونے والی ایک سرکاری پریس ریلیز میں بتایا گیا ابتدائی طور پر امتحانات 22 اپریل 2025 کو شروع ہونے والے تھے، لیکن ناگزیر حالات کی وجہ سے تین ہفتوں کے لیے ملتوی کر دیے گئے تھے۔

    طلباء، والدین اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کی تکلیف کو کم کرنے کے لیے بورڈ نے امتحانات کو توقع سے پہلے دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

  • انٹر کے امتحانات، طلباء کے لئے بڑی خبر آگئی

    انٹر کے امتحانات، طلباء کے لئے بڑی خبر آگئی

    کراچی: اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے 28 اپریل سے شروع ہونے والے سالانہ امتحانات مؤخر کردیے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے 28 اپریل سے شروع ہونے والے سالانہ امتحانات مؤخر کردیے ہیں۔ سالانہ امتحانات 5 مئی سے شروع ہوں گے۔

    اعلامیہ کے مطابق امتحانات کی تاریخ میں تبدیلی 2 وجوہات کی بنا پر کی گئی ہے، خصوصی کمیٹی کی سفارشات پر پرچوں میں گریس مارکس دینے کا عمل جاری ہے۔

    کچھ ایسے امتحانی مراکز ہیں جن میں 8 اپریل سے میٹرک کے امتحانات جاری ہیں، امتحانی نظام کو یقینی بنانے کیلئے امتحانات کے آغاز کی تاریخ میں تبدیلی کی گئی۔

    اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے طلبہ اور والدین سے گزارش کی ہے کہ نئے شیڈول کے مطابق تیاری جاری رکھیں۔

    دوسری جانب لاڑکانہ تعلیمی بورڈ نے بھی انٹر کے سالانہ امتحانات ملتوی کردیے ہیں

    اے آر وائی نیوز کے مطابق تعلیمی بورڈ لاڑکانہ نے راستوں کی بندش کے باعث انٹر کے امتحانات کو ملتوی کیا ہے۔

    ترجمان بورڈ کا کہنا ہے کہ 29 اپریل سے شروع ہونے والے امتحانات اب 5 مئی سے ہوں گے۔

    واضح رہے سندھ بھر میں 28 اپریل سے گیارہویں و بارہویں جماعت کے امتحانات کا آغاز ہونا ہے تاہم اب تک طلبا کو تاحال نا امتحانی شیڈول ملا نا ایڈمٹ کارڈ فراہم کیے جاسکے ہیں جبکہ شہر بھر میں کتنے اور کونسے امتحانی مراکز قائم ہونگے فیصلہ نہیں ہوسکا۔

    میٹرک امتحانات کے دوران امتحانی مراکز میں لوڈشیڈنگ، کے-الیکٹرک کی تعاون کی یقین دہانی

    امتحانات میں تاخیر نتائج میں بھی تاخیر کا سبب بنے گی، جس سے جامعات کے داخلوں اور سیشن کے آغاز میں بھی تاخیر ہوگی۔

  • بحریہ یونیوسٹی آف ہیلتھ سائنسز کا گیارواں کانوکیشن؛ 285 گریجویٹس میں اسناد تقسیم

    بحریہ یونیوسٹی آف ہیلتھ سائنسز کا گیارواں کانوکیشن؛ 285 گریجویٹس میں اسناد تقسیم

    بحریہ یونیوسٹی آف ہیلتھ سائنسز کا گیارواں کانوکیشن بروز ہفتہ 26 اپریل 2025 کو ابنِ سینا اآڈیٹوریم میں منعقد ہوا۔

    اس کانوکیشن کے دو سیشنز ہوئے۔ ان سیشنز کے مہمان خصوصی بالترتیب پروفیسر ڈاکٹر محمد شعیب شفیع ، صدر کالج آف فزیشن اینڈ سرجنز آف پاکستان اور ڈاکٹر مختار احمد چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان تھے۔ فارغ التحصیل گریجویٹس کی تقریب حلف برداری کا فریضہ ڈین ہیلتھ سائنسز میجر جنرل (ریٹائرڈ) ڈاکٹر شہلا بقایٔ ہلال امتیاز (ملٹری) نے انجام دیا۔

    جس کے بعد مہمان خصوصی نے ایم فل، ایم بی بی ایس، بی ڈی ایس، ڈی پی ٹی ، نرسنگ اور میڈیکل لیب ٹیکنالوجی کے فارغ التحصیل طلبہ اور طالبات میں اسناد اور امتیازی پوزیشنز حاصل کرنے والوں میں تمغے تقسیم کیے ۔اس تقریب میں 285 فارغ التحصیل گریجویٹس میں اسناد تقسیم کی گئیں۔

    اس کانوکیشن کی تقریب میں پاکستان نیوی کے آفیسرز ، رجسٹرار بحریہ یونیورسٹی اور شعبہ صحت سے تعلق رکھنے والے ممتاز افراد نے شرکت کی بحریہ یونیورسٹی ہیلتھ سائنسز کیمپس کراچی کے ڈائریکٹر جنرل وائس ایڈمرل (ریٹائرڈ) اطہر مختار ہلال امتیاز (ملٹری) نے خطاب کرتے ہوئے طلباء اور طالبات کو محنت اور عزم کے ذریعے شاندار کارکردگی پرانہیں سراہا ۔انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان گریجویٹس اپنی پیشہ ورانہ خدمات کو اس انداز سے پیش کریں کہ وہ اپنے عظیم شعبے کی روایات برقرار رکھتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کے مطابق انسانیت کی خدمت اور ملک کا نام روشن کرسکیں۔

    پہلےسیشن کی تقریب کے مہمان خصوصی ڈاکٹر محمد شعیب شفیع ، صدر سی پی ایس پی نے تمام گریجویٹس بالخصوص گولڈ اورسلور میڈلز حاصل کرنے والوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی اور انہوں نے اساتذہ اور والدین کی کاوشوں کو سراہا اور گریجویٹس کو مشورہ دیا کہ وہ ایمانداری ،دیانتداری اور استقلال کو اپنائیں کیونکہ یہ عظیم پیشے سے وابستہ افراد کی بنیادی خصوصیات ہیں۔ دوسرے سیشن کے مہمان خصوصی ڈاکٹر مختار احمد چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان نے فارغ التحصیل گریجویٹس کو ان کی کامیابیوں پر مبارکباد پیش کی اور ان پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ کل کے باصلاحیت ہیلتھ پروفیشنل بننے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے مزید اپنے خطاب میں فارغ التحصیل گریجویٹس کی جدوجہد اور ان کی انتھک محنتوں کو سراہا اور ان کے روشن مستقبل ، کامیابی اور خوشحالی کے لیے نیک تمناؤں اور دعاؤں کا اظہار کیا۔

    سیشنز کے اختتام پر ڈائریکٹر جنرل وائس ایڈمرل (ریٹائرڈ) اطہر مختار ہلال امتیاز (ملٹری) نے مہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر محمد شعیب شفیع صدر سی پی ایس پی اور ڈاکٹر مختار احمد چیئرمین ایچ ای سی کو سوینیئر پیش کئے۔

  • انٹر کے امتحانات کب سے شروع ہوں گے؟ طلبا کے لئے اہم خبر آگئی

    انٹر کے امتحانات کب سے شروع ہوں گے؟ طلبا کے لئے اہم خبر آگئی

    کراچی : انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات تاخیر کا شکار ہے ، جس سے طلبا پریشانی میں مبتلا ہیں تاہم ذرائع انٹربورڈ کا کہنا ہے کہ مئی کے پہلے ہفتےمیں انٹر کے امتحانات کا شیڈول جاری ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق انٹر امتحانات ، امتحانی شیڈول اور مراکز کو تاحال حتمی شکل نہ دی جاسکی، مستقل چیئرمین کراچی انٹربورڈکی عدم تعیناتی سے امتحانی اورانتظامی امور شدید متاثر ہے۔

    چیئرمین میٹرک بورڈغلام حسین سوہونوین اور دسویں کےامتحانات میں مصروف ہیں ، غلام حسین سوہو کو انٹر بورڈ چیئرمین کی اضافی ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں۔

    ذرائع انٹربورڈ کا کہنا ہے کہ مئی کے پہلے ہفتےمیں انٹر کے امتحانات کا شیڈول جاری ہوگا۔

    ذرائع نے بتایا کہ توقع ہے کہ یہ امتحانات اب مئی کے دوسرے ہفتے میں منعقد ہوں گے تاہم حتمی تاریخ کا اعلان محکمہ تعلیم یا بورڈ انتظامیہ کی جانب سے تاحال سامنے نہیں آسکا ہے

    خیال رہے سندھ بھر میں 28 اپریل سے گیارہویں و بارہویں جماعت کے امتحانات کا آغاز ہونا ہے تاہم اب تک طلبا کو تاحال نا امتحانی شیڈول ملا نا ایڈمٹ کارڈ فراہم کیے جاسکے ہیں جبکہ شہر بھر میں کتنے اور کونسے امتحانی مراکز قائم ہونگے فیصلہ نہیں ہوسکا۔

    امتحانات میں تاخیر نتائج میں بھی تاخیر کا سبب بنے گی، جس سے جامعات کے داخلوں اور سیشن کے آغاز میں بھی تاخیر ہوگی۔