Author: انور خان

  • میٹرک بورڈ کراچی کا میڈیا کے ہمراہ مختلف امتحانی مراکز کا ہنگامی دورہ

    میٹرک بورڈ کراچی کا میڈیا کے ہمراہ مختلف امتحانی مراکز کا ہنگامی دورہ

    کراچی: میٹرک امتحانات کا سلسلہ جاری ہے، آج دسویں جماعت کا انگریزی کا پرچہ اختتام پذیر ہو گیا، اس دوران میٹرک بورڈ کراچی کی ٹیم نے میڈیا کے ہمراہ مختلف امتحانی مراکز کا ہنگامی دورہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق آج میٹرک بورڈ کراچی کی ٹیم نے ڈسٹرکٹ سینٹرل کے امتحانی مراکز گورنمنٹ گرلز پائلٹ ہائر سیکنڈری اسکول ناظم آباد نمبر 3 اور حسینی گورنمنٹ بوائز ہائیر سیکنڈری اسکول کا دورہ کیا۔ اسسٹنٹ کنٹرولر حبیب اللہ سہاگ اور میڈیا سیل انچارج میٹرک بورڈ جعفری دورہ کرنے والوں میں شامل تھے۔

    میٹرک بورڈ کراچی کی ٹیم نے امتحانی عمل کا جائزہ لیا، ٹیم نے طلبہ کے ایڈمٹ کارڈز سے امتحان دینے والوں کی شناخت کی، حبیب اللہ سہاگ نے کہا چیئرمین میٹرک بورڈ کی ہدایت پر امتحانی مراکز کا دورہ کر رہے ہیں، امتحانات کا نظام شفاف بنانا ہے۔

    اسسٹنٹ کمشنر سب ڈویژن کا دورہ


    دوسری طرف اسسٹنٹ کمشنر سب ڈویژن ناظم آباد مس شائستہ نے بھی حسینی گورنمنٹ بوائز ہائیر سیکنڈری اسکول کا اچانک دورہ کیا اور امتحانی عمل کا جائزہ لیا۔

    امتحانی کمرے میں پنکھا خراب ہونے پر اسسٹنٹ کمشنر ناظم آباد نے پرنسپل پر برہمی کا اظہار کیا اور اگلے دورے سے قبل کلاس روم کے پنکھے کی مرمت کرانے کا حکم دیا، مس شائستہ نے کہا کراچی کی گرمی ہے سر، بندہ پگھل جاتا ہے، خدارا خیال کریں اور پنکھا مرمت کروائیں۔


    برتھ، ڈیتھ سرٹیفکیٹس اور نکاح نامے کے حوالے سے نادرا نے اہم وضاحت جاری کر دی


    اسکول کے باتھ روم میں گندگی پر بھی اسٹنٹ کمشنر نے تشویش کا اظہار کیا، اور امتحانی کلاس روم میں ڈیوٹی پر مامور انویجیلیٹر کو بھی چھاڑ پلا دی، انھوں نے امتحانی کلاس میں ڈیسکوں کے درمیان فاصلہ رکھنے کا حکم دیا، اور کہا یہ کام میرے آنے سے پہلے ہونا چاہیے تھا۔

    اسسٹنٹ کمشنر سب ڈویژن نے تاکید کی کہ ڈیوٹی پر تعینات اساتذہ بورڈ کے احکامات پر سختی سے عمل درآمد کریں۔

  • دل اور گردوں کی پیدائشی بیماریوں والے بچوں کے لیے اچھی خبر

    دل اور گردوں کی پیدائشی بیماریوں والے بچوں کے لیے اچھی خبر

    کراچی: سندھ انسٹیٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن (ایس آئی یو ٹی)، جس کا شمار اس خطے میں ممتاز طبی ادارے کے طور پر ہوتا ہے، میں اب بچوں کے دل اور گردوں کے علاج کی جانب ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

    ایس آئی یو ٹی کی مرکزی عمارت سے چند قدم کے فاصلے پر واقع نیا اسپتال جسے ’’مریم بشیر داؤد چلڈرن اسپتال‘‘ کہا جاتا ہے، جس کی تعمیر میں بشیر داؤد کے مخیر خاندان نے اس اسپتال پر 7 ارب روپے سے زائد کی مالی معاونت فراہم کی، جب کہ صوبائی حکومت کی جانب سے مزید فنڈز بھی متوقع ہیں، یہ اسپتال اب ملک کا پہلا سرکاری سطح پر بچوں کے علاج کا جدید ترین مرکز بن گیا ہے۔

    ایس آئی یو ٹی کے ذرائع کے مطابق پاکستان میں ہر سال تقریباً 80 ہزار سے 100,000 بچے ایسی پیدائشی بیماریوں کے ساتھ پیدا ہوتے ہیں جن میں دل کے نقائص اور گردوں کی خرابیاں شامل ہوتی ہیں۔ ماہرین کے مطابق اگر ان بیماریوں کا بروقت علاج نہ کیا جائے تو یہ نہ صرف جان لیوا ثابت ہو سکتی ہیں، بلکہ معذوری کا سبب بھی بن سکتی ہیں۔


    ٹرانسپلانٹ کے بعد انفیکشنز سے موت کے خطرات کس طرح کم کیے جا رہے ہیں؟


    ایس آئی یو ٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ملک میں ایسی اعلیٰ معیار کی مخصوص طبی سہولیات کا حصول عام عوام کے لیے محدود ہے، جب کہ نجی اسپتالوں میں ان بیماریوں کے علاج پر 5 لاکھ سے زائد اخراجات آتے ہیں، جو کسی بھی متوسط خاندان کے لیے ناقابل برداشت بوجھ بن جاتے ہیں۔

    14 منزلوں پر مشتمل یہ عظیم الشان عمارت ایک جدید ترین سرجیکل مرکز کے طور پر ڈیزائن کی گئی ہے، جہاں بچوں کی دل کی پیدائشی بیماریوں (بشمول بڑوں کے دل کے امراض) اور گردوں کی ناکامی میں مبتلا بچوں کو ڈائیلاسز سمیت پیچیدہ یورولوجی مسائل کا اعلیٰ درجے کا معیاری علاج فراہم کیا جائے گا۔

    اس اسپتال میں جدید آپریٹنگ رومز، ماڈیولر آپریٹنگ تھیٹرز، اور ہائبرڈ کارڈیک کیتھ لیب جیسی سہولیات دستیاب ہیں، جو اس بات کو یقینی بنائیں گی کہ پاکستان کے بچے بھی دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی طرح اعلیٰ معیار کی طبی نگہداشت حاصل کر سکیں۔ ایس آئی یو ٹی کے فلسفہ حیات کے مطابق تمام طبی سہولیات مفت فراہم کی جائیں گی، یہ پالیسی ادارے کے بانی پروفیسر ادیب رضوی کی سوچ کا مظہر ہے، جو صحت کو کسی خاص طبقے کی سہولت نہیں بلکہ ہر انسان کا بنیادی حق سمجھتے ہیں۔

  • ٹرانسپلانٹ کے بعد انفیکشنز سے موت کے خطرات کس طرح کم کیے جا رہے ہیں؟

    ٹرانسپلانٹ کے بعد انفیکشنز سے موت کے خطرات کس طرح کم کیے جا رہے ہیں؟

    کراچی: پروفیسر جان فنگ کا کہنا ہے کہ ٹرانسپلانٹ کے بعد مریض کو مختلف انفیکشنز سے موت کا خطرہ لاحق ہوتا ہے، تاہم اب جدید ٹیکنالوجی سے اس خطرے کو کم کیا جا رہا ہے۔

    پاکستان میں پیوندکاری کے لیے اعضا عطیہ کرنے کی حوصلہ افزائی کے لیے ڈاؤ یونیورسٹی کے زیر اہتمام پہلی بین الاقوامی ٹرانسپلانٹیشن کانفرنس کا آج آغاز ہو گیا ہے۔

    کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے پروفیسر جان فنگ نے کہا بعد از ٹرانسپلانٹ مختلف انفیکشنز سے مریض کو موت کا خطرہ ہوتا ہے، تاہم اب جدید ٹیکنالوجی اور دواؤں کے ذریعے انفیکشنز کے خطرات کو کم کیا جا رہا ہے۔


    کراچی کے اسپتال میں ماہرین کا جگر کی پیوندکاری کا حیران کن لائیو آپریشن، ویڈیو دیکھیں


    انھوں نے بتایا پوسٹ ٹرانسپلانٹ پیچیدگیوں پر قابو پا کر انسانوں کی زندگیاں محفوظ بنائی جا رہی ہیں، پروفیسر فنگ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں پیوندکاری کے لیے اعضا عطیہ کرنے کی حوصلہ افزائی میں ڈاؤ یونیورسٹی کی کانفرنس کا اہم کردار ہے۔

    کانفرنس سے خطاب میں پروفیسر پال گراسی نے کہا کہ پوسٹ ٹرانسپلانٹ انفیکشنز سے مریضوں کو بچانا ایک بہت بڑا چیلنج ہے، پیوندکاری کے بعد کی پیچیدگیوں کا سب سے بڑا سبب وائرل انفیکشنز ہیں۔

    شفا انٹرنیشنل اسلام آباد کے ڈاکٹر محمد ایاز کا کہنا تھا کہ ٹرانسپلانٹیشن کانفرنس سے پاکستان میں ہونے والے ٹرانسپلانٹس میں مزید بہتری آ جائے گی۔

  • امتحانات کا تیسرا روز، کس شفٹ میں‌ کس جماعت کا پرچہ ہے؟

    امتحانات کا تیسرا روز، کس شفٹ میں‌ کس جماعت کا پرچہ ہے؟

    کراچی: میٹرک بورڈ کے سالانہ امتحانات کا آج تیسرا روز ہے، آج صبح کی شفٹ میں نویں جماعت سائنس گروپ کا حیاتیات (بائیولوجی) کا پرچہ لیا جائے گا۔

    میٹرک بورڈ کے مطابق امتحانات کا وقت صبح کی شفٹ میں ساڑھے 9 سے سہ پہر ساڑھے 12 بجے تک مقرر کیا گیا ہے، دوپہر کی شفٹ میں جنرل گروپ کا دسویں جماعت کا انگریزی کا پرچہ لیا جائے گا، اور پرچے کا وقت 2.30 بجے سے 5.30 بجے تک وقت مقرر کیا گیا ہے۔

    نہم و دہم جماعت کے سالانہ امتحانات کے لیے 499 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں، امتحانی مراکز پر دفعہ 144 نافذ کیا گیا ہے، 3 لاکھ 75 ہزار طلبہ و طالبات سائنس و جنرل گروپ ریگولر اور پرائیویٹ کے امتحانات میں شریک ہیں۔


    کراچی: میٹرک امتحانات میں لوڈشیڈنگ: طلبہ شدید گرمی میں پرچے حل کرنے پر مجبور


    امتحانی مراکز میں کسی بھی قسم کی ڈیوائس یا موبائل فون ملنے کی صورت میں اسے ضبط کر لیا جائے گا، امتحانی مراکز کے اطراف میں فوٹو اسٹیٹ کی مشینیں دوران امتحان بند رہیں گی، کے الیکٹرک سے امتحانات کے دوران لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کی تحریری درخواست کی گئی ہے۔

    ادھر ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ کراچی میٹرک بورڈ میں غیر قانونی طور پر امتحانی مراکز تبدیل کیے گئے ہیں، جس پر امتحانی مراکز تبدیل کرنے والے 3 کلرکوں کو معطل کر دیا گیا ہے، کنٹرولر میٹرک بورڈ کے احکامات کے بعد آٸی ٹی ڈیپارٹمنٹ کو تالے لگ گٸے، آٸی ٹی ڈیپارٹمنٹ کو تاحال اگلے احکامات پر بند رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ مشتعل افراد نے آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ پر پتھراؤ بھی کیا جس سے شیشے ٹوٹے، اور ناظم امتحانات ظہیر الدین بھٹو زخمی ہوئے۔

  • کراچی: میٹرک بورڈ میں امتحانی مراکز تبدیل کرنے پر جھگڑا

    کراچی: میٹرک بورڈ میں امتحانی مراکز تبدیل کرنے پر جھگڑا

    کراچی: میٹرک بورڈ میں امتحانی مراکز تبدیل کرنے پر جھگڑا ہوگیا، شیشے ٹوٹنے سے ناظم امتحانات بھی زخمی ہوگئے۔

    کراچی میں میٹرک بورڈ کے تحت پیپرز جاری ہیں، تاہم امتحانی مراکز تبدیل کرانے پر لڑائی کا واقعہ پیش آیا ہے، مختلف اسکولوں کے عہدیدار امتحانی مراکز تبدیل کرانے میٹرک بورڈ پہنچے، بورڈ ملازمین اور امتحانی سینٹر تبدیل کرانے والوں میں جھگڑا ہوا۔

    کراچی میں میٹرک امتحانات کا کل سے آغاز ، چیئرمین بورڈ نے طلبا کو خبردار کردیا

    میٹرک بورڈ امتحانات میں پوزیشن ہولڈرز کے لیے لاکھوں روپے کے انعامات

    ذرائع نے بتایا کہ لڑائی کے دوران شیشے ٹوٹنے سے ناظم امتحانات ظہیر الدین بھٹو بھی زخمی ہوگئے، امتحانی مراکز تبدیل کرنے والے 3 کلرکس کو معطل کردیا گیا ہے۔

    کنٹرولر میٹرک بورڈ کے احکامات کے بعد آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کو تالے لگ گئے ہیں، آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کو اگلے احکامات تک بند رکھنے کی ہدایت جاری کی گئی ہیں۔

    https://urdu.arynews.tv/cm-sindh-takes-notice-of-irregularities-in-matric-results/

  • کراچی کے امتحانی مرکز میں بچے زیادہ آنے سے فرنیچر کم پڑ گیا

    کراچی کے امتحانی مرکز میں بچے زیادہ آنے سے فرنیچر کم پڑ گیا

    کراچی میں میٹرک امتحانات کے دوران انتظامیہ کی نااہلی سامنے آگئی۔

    کراچی کے علاقے لیاری کے امتحانی سینٹر میں اضافی بچے آنے سے فرنیچر کم پڑ گیا، غازی گورنمنٹ اسکول میں طلباء زمین پر بیٹھ کر پرچہ دینے پر مجبور ہوگئے۔

    دریاں بچھا کر طلباء کو پیپر دینے کے لیے بٹھایا گیا۔

    لیاری میں 450 طالبعلموں کا مرکز تھا لیکن اسکول میں 150 اضافی طالب علموں کو بھیجا گیا جس کی وجہ سے فرنیچر کم پڑ گیا۔

    انتظامیہ کی جانب سے ڈیکوریشن سے کرسیاں منگوائی گئیں لیکن کرسیاں نہ ملنے پر دریوں کا انتطام کیا گیا اور بچوں نے دریوں پر بیٹھ کر پرچہ حل کیا۔

    ادھر لیاقت آباد کے امتحانی مرکز میں مبینہ طور پر طالبات کے بیگ چوری ہوگئے، پیپر دے کر نکلنے والی طالبات کا اسکول انتظامیہ سے جھگڑا ہوا۔

    طالبہ کے بیگ مانگنے پر انتظامیہ نے بدتمیزی کی اور احتجاج کرنے پر طالبات کو دھکے دے کر اسکول سے باہر نکال دیا گیا۔

     

  • کراچی کے اسپتال میں ماہرین کا جگر کی پیوندکاری کا حیران کن لائیو آپریشن، ویڈیو دیکھیں

    کراچی کے اسپتال میں ماہرین کا جگر کی پیوندکاری کا حیران کن لائیو آپریشن، ویڈیو دیکھیں

    کراچی: ڈاؤ یونیورسٹی اسپتال میں صحت مند شخص سے جگر کا عطیہ لینے کا عمل آج صبح سے جاری ہے، یہ عطیہ شدہ جگر ہیپاٹائٹس کے ایک مریض کو لگایا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈاؤ یونیورسٹی اسپتال میں جگر کے ہونے والے آپریشن کو لائیو دکھایا جا رہا ہے، لیور ٹرانسپلانٹ کا یہ لائیو آپریشن فرسٹ انٹرنیشنل کانفرنس ٹرانسپلانٹیشن کا حصہ ہے، صبح سویرے جاری لیور ٹرانسپلانٹ آپریشن شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔

    صحت مند شخص کا جگر کا عطیہ کیا جانے والا حصہ علیحدہ کر لیا گیا ہے، اس ٹکڑے کا وزن 750 گرام ہے، اور یہ ٹکڑا ہیپاٹائٹس بی سے ناکارہ ہو جانے والے جگر کی جگہ لگایا جائے گا، شہداد کوٹ کے 42 سالہ مریض کا جگر ہیپاٹائٹس بی اور ڈی کے باعث سکڑ کر ناکارہ ہو گیا تھا۔ جگر کا عطیہ دینے والا 23 سالہ صحت مند نوجوان مریض کا بھتیجا ہے۔

    ڈاکٹر حسان کے مطابق ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے تحت لیور ٹرانسپلانٹ کا یہ 190 واں آپریشن ہے، قبل ازیں ڈاؤ یونیورسٹی میں 189 جگر کی پیوندکاریاں ہو چکی ہیں۔ فرسٹ انٹرنیشنل کانفرنس آن ٹرانسپلانٹیشن 12 اور 13 اپریل کو منعقد ہوگی، جس میں اعضا کی پیوندکاری بین الاقوامی ماہرین خطاب کریں گے۔

  • کراچی:  میٹرک امتحانات میں لوڈشیڈنگ:  طلبہ شدید گرمی میں  پرچے حل کرنے پر مجبور

    کراچی: میٹرک امتحانات میں لوڈشیڈنگ: طلبہ شدید گرمی میں پرچے حل کرنے پر مجبور

    کراچی: میٹرک امتحانات کے دوران امتحانی مراکز میں لوڈشیڈنگ کے باعث طلبہ گرمی میں پرچے حل کرنے پر مجبور ہیں، جس سے شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں میٹرک امتحانات کے دوران شدید لوڈشیڈنگ جاری ہے، مختلف امتحانی مراکز میں بجلی غائب ہونے کی وجہ سے طلبا و طالبات کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

    جہانگیر روڈ، جمشید روڈ، لیاری اور اورنگی کے مراکز بجلی سے محروم رہے ، جس کے باعث گرمی میں طلبہ پرچے حل کرنے پر مجبور ہوگئے۔

    امتحانی مراکز میں پنکھے بند، کلاسز اندھیرے میں ڈوبی رہی جبکہ امتحانی عملہ بھی بجلی کی بندش سے شدید متاثر ہیں۔

    والدین اور اساتذہ نے مطالبہ کیا ہے کہ امتحانی اوقات میں بجلی فراہم کی جائے، لیاری، اورنگی، بن قاسم ٹاؤن میں 6 سے 8 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔

    گذشتہ روز امتحانی مراکز کے حوالے سے ترجمان کے الیکٹرک نے بتایا تھا کہ کراچی میٹرک بورڈ کی جانب سے امتحانی مراکز کی تفصیلی لسٹ موصول ہوئی ہے، کےالیکٹرک محکمہ تعلیم کے ساتھ مکمل تعاون کریگا تاکہ امتحانات کے دوران طلبہ کو کسی قسم کی کوئی رکاوٹ پیش نہ آئے۔

    امتحانات کے اوقات میں امتحانی مراکز کو لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ رکھنے کا عمل پہلے ہی شروع کر دیا گیا ہے جبکہ امتحانی مراکز پر بجلی سپلائی کے حوالے سے محکمہ تعلیم سے کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ محکمہ تعلیم سے اس سلسلے میں مکمل رابطے میں ہیں اور کےالیکٹرک بطور ذمہ دار سماجی ادارہ، امتحانات کے انعقاد کے حوالے سے ہر ممکن تعاون فراہم کر رہا ہے۔

  • گورنر ہاؤس میں آئی ٹی کورسز کیلیے سرٹیفکیٹ، جامعہ کراچی کی اہم وضاحت

    گورنر ہاؤس میں آئی ٹی کورسز کیلیے سرٹیفکیٹ، جامعہ کراچی کی اہم وضاحت

    گورنر ہاوس میں آئی ٹی کورسز کرنے والا طلبا کے سرٹیفکٹ سے متعلق اہم وضاحت آگئی۔

    ترجمان جامعہ کراچی کے مطابق جامعہ کراچی اور گورنر ہاوس کے درمیان سرٹیفکٹ سے متعلق معاہدہ ہوا لیکن عمل نہیں ہوا، سرٹیفکٹ کے لیے صرف کورس کرنا لازم نہیں کچھ شرائط بھی طے کی ہیں۔

    ترجمان نے کہا کہ جامعہ کراچی کو معاہدے پر عمل سے قبل اکیڈمک کونسل کی منظوری درکار ہوگی اور امیدوار کی تعلیم کم از کم انٹر ہو اور جامعہ کراچی امیدوار کا ٹیسٹ لے گی، صرف ٹیسٹ پاس کرنے والے امیدوار سرٹیفکٹ کا اہل ہوگا۔

    ترجمان نے واضح کیا کہ انٹر سے کم تعلیم کےحامل امیدوار کو سرٹیفکٹ  جاری نہیں کیا جاسکتا۔

  • میٹرک  امتحانات میں واٹس ایپ گروپوں میں پرچے لیک ہونے کا معاملہ !  ناظم امتحانات کا بڑا اعلان

    میٹرک امتحانات میں واٹس ایپ گروپوں میں پرچے لیک ہونے کا معاملہ ! ناظم امتحانات کا بڑا اعلان

    کراچی‌: ناظم امتحانات ظہیر الدین بھٹو نے میٹرک کے امتحانات واٹس ایپ گروپوں میں امتحانی پرچے لیک ہونے کی روک تھام کے لئے بڑا اعلان کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں میٹرک کے امتحانات کا آغاز ہوگیا ہے ، اس دوران واٹس ایپ گروپوں میں امتحافی پرچے لیک ہونے کی روک تھام کیلئے اہم اقدام سامنے آیا۔

    ناظم امتحانات ظہیر الدین بھٹو کا آئندہ سال پرچوں میں بار کوڈ لگانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا طلبہ ہرگز امتحانات سےمتعلق کسی واٹس ایپ گروپ کاحصہ نہ بنیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ پرچہ آؤٹ کرنےوالوں کےخلاف ایف آئی اےایکشن لےگی، واٹس ایپ گروپ ایڈمن سمیت ممبران کیخلاف کارروائی ہوگی۔

    مزید پڑھیں : واٹس ایپ گروپس میں پرچہ وائرل کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

    گذشتہ روز ناظم امتحانات میٹرک ظہر الدین بھٹو نے امیدواروں کو انتباہ کیا تھا کہ امتحانات کے موقع پر واٹس ایپ گروپ جوائن کرنے سے گریز کریں۔

    ان کا کہنا تھا کہ امتحانات کے دوران سوشل میڈیا پر واٹس ایپ گروپس میں پرچہ وائرل کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے اس موقع پر ایف آئی اے سابر کرائم سے رجوع کیا جائے گا۔

    پرچہ وائرل کرنے والے تمام واٹس ایپ گروپ کے ایڈمن اور ممبران کے خلاف ایکشن ہوگا، امیدوار کسی صورت کسی واٹس ایپ گروپ کا حصہ نہ بنیں۔