Author: انور خان

  • نویں، دسویں جماعت کے پریکٹیکل امتحانات

    نویں، دسویں جماعت کے پریکٹیکل امتحانات

    کرا چی: نویں اور دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات کا اختتام ہو گیا، اب دوسرے مرحلے پر سالانہ پریکٹیکل امتحانات کی تیاری کو آخری شکل دی جا رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین میٹرک بورڈ سید شرف علی شاہ نے کہا ہے کہ ثانوی تعلیمی بورڈ کے تحت ہونے والے نویں اور دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات ہفتے کے روز پُر امن ماحول میں ختم ہو گئے، کوڈیفیکشن کا کام فوری شروع کر دیا گیا ہے، بروقت نتائج کا اجرا یقینی بنایا جائے گا۔

    چیئرمین میٹرک بورڈ نے کہا اب دوسرا مرحلہ سالانہ پریکٹیکل امتحانات کا ہے، جو 27 جولائی سے شروع ہوں گے، انھوں نے کہا کہ بورڈ سے الحاق تمام شدہ اسکول دیے گئے شیڈول کے اختتام سے پہلے ہی عملی امتحانات کے انعقاد کو یقینی بنائیں۔

    یہ بات چیئرمین میٹرک بورڈ سید شرف علی شاہ نے ہفتے کے روز اپنے دفتر میں بلائی گئی ایک میٹنگ کے دوران کہی، انھوں نے امتحانات کے پُر امن انعقاد پر ناظم امتحانات سید محمد علی شائق، بورڈ کے ویجیلنس افسران، بورڈ کے عملے، میڈیا، اساتذہ، سینٹر سپرنٹنڈنٹس، والدین اور طلبہ کی جانب سے تعاون پر سب کو خراج تحسین پیش کیا۔

    انھوں نے کہا کہ فوری طور پر کوڈیفیکشن کا کام شروع کر دیا گیا ہے، جس کے بعد مرکزی سینٹرز پر طلبہ کی کاپیوں کی جانچ شروع کر دی جائے گی، تاکہ حکومت سندھ کی جانب سے دی گئی مقررہ تاریخ سے پہلے امتحانی نتائج کا اجرا یقینی بنایا جا سکے۔

    لاہور میں چھینے گئے حل شدہ امتحانی پرچوں کو آگ لگانے کی ویڈیو سامنے آ گئی

    اس موقع پر بورڈ کے افسران کے ساتھ امتحانات کے پورے دورانیے کا جائزہ لیتے ہوئے، کچھ سینٹرز پر پہلا پرچہ دیر سے پہنچنے کی شکایت پر اُن افسران کے خلاف فوری کارروائی بھی عمل میں لائی گئی۔

    چیئرمین نے یہ بھی کہا کہ اس سال بھی امتحانات کے دوران کے الیکٹرک نے لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں کسی بھی قسم کی سہولت فراہم نہیں کی۔

    ان کا کہنا تھا کہ 443 امتحانی مراکز پر جہاں سے بھی شکایات موصول ہوئی ہیں اس کی رپورٹ بنا کر جلد ہی دی جائے، تاکہ ان سینٹرز کو بلیک لسٹ کیا جائے، جب کہ شفاف انداز میں چلنے والے مراکز کو بورڈ کی جانب سے ہر قسم کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

    انھوں نے کہا کہ نقل کے رجحان کو ختم کرنے کے لیے اس سال بھی ہماری یہی کوشش تھی کہ نقل مافیا کو امتحانی مراکز سے دور رکھا جائے، امتحانات کے دوران بورڈ میں رپورٹ کیے گئے کیسز میں اصل امیدواروں کی جگہ امتحان دینے والے 2 افراد جب کہ نقل کرتے ہوئے تقریباً 47 امیدواروں کو پکڑ کر سزا دینے والی کمیٹی کے سپرد کیا گیا ہے۔

  • کراچی ایکسپو سینٹر میں تنخواہ نہ ملنے پر ملازمین سراپا احتجاج ، عوام  کی ویکسینیشن  کا عمل معطل

    کراچی ایکسپو سینٹر میں تنخواہ نہ ملنے پر ملازمین سراپا احتجاج ، عوام کی ویکسینیشن کا عمل معطل

     ‌کراچی : پاکستان کے سب سے بڑے ویکسینیشن سینٹر میں تین ماہ سے تنخواہ نہ ملنے پر ورکرز سراپا احتجاج ہوگئے  ، جس کے باعث عوام کی کورونا ویکسینیشن کا عمل معطل ہوگیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں پاکستان کے سب سے بڑے ویکسینیشن سینٹر میں کنٹریکٹ ملازمین نے عوام کی رجسٹریشن کا عمل روک دیا ، جس کے باعث کورونا ویکسینیشن کا کام معطل ہوگیا ہے۔

    کراچی ایکسپو سینٹر میں تین ماہ سے تنخواہ نہ ملنے پر ورکرز سراپا احتجاج ہیں ، مظاہرین نے پلے کارڈز اٹھا کر ایکسپو سینٹر کے باہر احتجاج کرتے ہوئے ہمیں ہمارا حق دیا جائے، جو وعدہ کیا وہ نبھایاجائے، کے نعرے لگائے۔

    احتجاجی مظاہرین کے مطابق تنخواہ نہیں تو کام بھی نہیں، سینٹر میں تین سو کے قریب ورکرز رجسٹریشن کے کام پر معمور ہیں۔

    ورکرز کے احتجاج کے باعث ویکسین لگوانے والے شہری کئی گھنٹوں کے انتظار کے بعد واپس جانے لگے۔

  • کراچی میں نگلیریا وائرس سے 8 سالہ بچے کی موت

    کراچی میں نگلیریا وائرس سے 8 سالہ بچے کی موت

    کراچی: شہر قائد میں نگلیریا وائرس سے 8 سالہ بچے کی موت ہوئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں نگلیریا وائرس سے ایک اور موت کی تصدیق ہوئی، شہر قائد کے علاقے شادمان ٹاؤن سے تعلق رکھنے والے 8 سالہ ذوہیب کا 3 روز قبل انتقال ہوا۔

    ڈاکٹرز کے مطابق متوفی کو شدید بخارکی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ ایک روز زیر علاج رہا اور پھر جمعے کو انتقال کرگیا۔

    میڈیکل رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی کہ زوہیب نگلیریا سے متاثر ہوا اور اس کی موت بھی اسی وجہ سے ہوئی۔

    حالیہ موت کے بعد کراچی میں نگلیریا سے مرنے والے افراد کی تعداد چار تک پہنچ گئی۔

    نگلیریا وائرس کیا ہے؟

    نگلیریا ایک ایسا امیبا ہے، جو اگر ناک کے ذریعے جسم میں داخل ہوجائے تو دماغ کو پوری طرح چاٹ جاتا ہے، جس سے انسان کی موت واقع ہوجاتی ہے، یہ عموماً گرم پانی میں تیزی سے پرورش پاتا ہے۔

    یہ وائرس عموماً سوئمنگ پولز، تالاب سمیت ٹینکوں میں موجود ایسے پانی میں پیدا ہوتا ہے، جس میں کلورین کی مقدار کم ہوتی ہے، شدید گرمی بھی نگلیریا کی افزائش کا سبب بنتی ہے۔

    طبی ماہرین ’نگلیریا‘ کو خاموش قاتل قرار دیتے ہیں کیونکہ اس نے اب تک دنیا میں ہزاروں افراد کو ابدی نیند سلادیا ہے، اس موذی بیماری کا ماہرین ابھی تک کوئی علاج دریافت نہیں کرسکے۔

    علامات

    یہ ایک خطرناک وائرس ہے، جو ناک کے ذریعے دماغ میں داخل ہوجاتا ہے اور دماغ متاثر کرنا شروع کردیتا ہے، اس کی علاماتیں سات دن میں ظاہر ہوتی ہے، جو گردن توڑ بخار سے ملتی جلتی ہیں، سرمیں تیز درد ہونا، الٹیاں یا متلی آنا ، گردن اکڑ جانا اور جسم میں جھٹکے لگنا اس کی واضح علامات ہیں۔

    بچاؤ کیسے ممکن

    ماہرین طب کا کہنا ہے کہ گھروں میں موجود ٹینکوں اور پانی کی ٹنکیوں کو سال میں کم سے کم دو بار صاف کیا جائے، کلورین کی گولیوں کا استعمال کیا جائے، پینے اور وضو کیلئے پانی کو 100 ڈگری سینٹی گریڈ پر ابالنا نگلیریا کے خاتمے کا باعث بنتا ہے۔

    ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ اس سے بچاو کا واحد حل یہ ہے کہ طے شدہ بین الاقوامی معیار کے مطابق پانی میں کلورین کا استعمال کیا جائے تو نگلیریا وائرس کو پیدا ہو نے سے روکا جاسکتا ہے۔

  • کراچی میں میٹرک کی طرح نویں جماعت کا پہلا پرچہ بھی امتحان سے قبل ہی سوشل میڈیا پر آگیا

    کراچی میں میٹرک کی طرح نویں جماعت کا پہلا پرچہ بھی امتحان سے قبل ہی سوشل میڈیا پر آگیا

    کراچی : نویں جماعت کے امتحانات کا آغاز میٹرک کی طرح نویں جماعت کا پہلا پرچہ بھی سوشل میڈیا پر آگیا اور دفعہ 144 کے باوجود طلبا نقل کرنے میں مصروف ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میٹرک بورڈ کے تحت آج سے نویں جماعت کے پرچوں کا آغاز ہوگیا تاہم سندھ میں امتحانات کے نام پر مذاق جاری ہے اور میٹرک انتظامیہ نقل مافیا کو لگام دینے میں ناکام ہے۔

    سندھ میں میٹرک کے بعد آج نویں جماعت سائنس گروپ کے ریاضی کا پرچے لیا جارہا ہے، امتحانات کے دوران کراچی میں دفعہ ایک سوچوالیس بھی کام نہ آئی اور میٹرک کی طرح نویں جماعت کا پرچہ بھی امتحان شروع ہونے سے آدھاگھنٹہ قبل ہی سوشل میڈیا پر آگیا۔

    دوسری جانب اندرون سندھ میں نویں جماعت کا بائیولوجی کا پرچہ شروع ہونے سے پہلے ہی آؤٹ ہوگیا، جس کے بعد نقل مافیاواٹس ایپ سے ہی جواب بھیجتے رہے اور سوشل میڈیا سے جواب طلبا چھاپتے رہے۔

    نوشہروفیروزمیں بھی دفعہ ایک سوچوالیس کے باوجود طلبا نے خوب نقل کی جبکہ میرپور خاص تعلیمی بورڈکےزیر اہتمام نویں جماعت کےفزکس کے پرچے میں نقل مافیا نےآدھےگھنٹے میں حل شدہ پرچہ امتحانی مراکزمیں پہنچا دیے اور دفعہ 144نافظ ہونےکےباوجود فوٹواسٹیٹ کی دکانیں کھلی ہوئی ہیں۔

    یاد رہے محکمہ داخلہ سندھ نےامتحانی مراکز اوربورڈکےدفاترمیں دفعہ144 نافذ کردی ہے اور امتحانی مراکزمیں غیرمتعلقہ افرادکاداخلہ ممنوع قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ امتحانی مراکزمیں موبائل فون لےجانےپربھی پابندی ہوگی جبکہ امتحانی مراکزکےقریب فوٹواسٹیٹ کی دکانیں کھولنےپربھی پابندی ہے۔

    خیال رہے رواں برس صرف اختیاری مضامین کے پرچے لئے جارہے ہیں ، نہم سائنس اور جنرل گروپ کے طلبہ 4 پیپر دیں گے جبکہ نویں جماعت کے طلبا نیو اسکیم آف اسٹڈیز کے مطابق پرچے دیں گے۔

  • میٹرک کے امتحانات میں پیپر آؤٹ ہونا اور نقل معمول بن گیا

    میٹرک کے امتحانات میں پیپر آؤٹ ہونا اور نقل معمول بن گیا

    کراچی : میٹرک کے امتحانات میں پیپر آؤٹ ہونا اور نقل معمول بن گیا، آج بھی دسویں جماعت کا ریاضی اور نویں جماعت کا کیمسٹری کا پرچہ مقررہ وقت سے قبل ہی آوُٹ ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق میٹرک کے پرچے انتظامیہ کے کنٹرول سے باہر ہوگئے، کراچی میں آج ہونے والا ریاضی کا پرچہ مقررہ وقت سے قبل ہی آوُٹ ہوگیا
    اور مختلف سوشل میڈیا گروپس میں گردش کرتا رہا جبکہ حل پرچے کی کاپیاں فروخت ہونے لگیں۔

    امتحانی مراکز کے باہر ضلعی انتظامیہ اقدامات نہ کر سکی ، ناظم امتحانات کا کہنا ہے کہ پرچے بورڈ سے نکلنے کے بعدبورڈ کی ذمہ داری ختم ہوجاتی ہے ، امتحانی مرکز کی ذمہ داری ہے پرچہ باہر نہ نکلے ، تمام مراکز پر پرچہ بروقت پہنچایا گیا۔

    سکھر ، نوابشاہ اور ںوشہرو فیروز میں بھی پرچے آؤٹ کرنے والوں کو لگام نہ ڈالی جاسکی، نویں جماعت کا کیمسٹری کا پیپر وقت سے پہلےامتحانی مراکز سے باہرآگیا۔

    لاڑکانہ میں نقل مافیا نے واٹس ایپ گروپ بنالیا، طلبہ واٹس ایپ گروپ پراساتذہ کی زیر نگرانی نقل کرتے رہے، امتحانی مراکز کے باہر نقل کرانے والوں کا رش
    رہا اور حل شدہ پیپر با آسانی مراکز کے اندر پہنچایا جارہا ہے۔

    دوسری جانب چیئرمین میٹرک بورڈ نےاپنے بیان میں کہا کہ آج تمام سینٹرزپرپرچہ وقت پرشروع ہوا ہے ، کراچی میں443 سینٹرزقائم کیےگئےہیں ۔ 80سینٹرز پر پیپر دیر سے پہنچا تھا۔

    چیئرمین میٹرک بورڈ کا کہنا تھا کہ کیمٹی بنائی ہے جوانکوائری کررہی ہے، کمیٹی کو2دن میں رپورٹ دینے کا کہا ہے جبکہ نثار کھوڑونےبورڈکوسختی کرنے کا کہا ہے۔

  • پرچے دوبارہ ہوں گے ، چیئرمین میٹرک بورڈ  کا طلباء کیلئے اہم اعلان

    پرچے دوبارہ ہوں گے ، چیئرمین میٹرک بورڈ کا طلباء کیلئے اہم اعلان

    کراچی : چیئرمین میٹرک بورڈ سید شرف علی شاہ نے اعلان کیا ہے کہ جن سینٹرزمیں کل پرچے نہیں لئے جاسکے وہ پرچے دوبارہ ہوں گے ،تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین میٹرک بورڈ سید شرف علی شاہ نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں گزشتہ روز ہونیوالا پرچہ منسوخ نہیں کیا جارہا، جن سینٹرز میں کل پرچے نہیں لئے جاسکے وہ پرچے دوبارہ ہوں گے۔

    چیئرمین میٹرک بورڈ کا کہنا تھا کہ نویں اور دسویں کے امتحانات ختم ہونے کے بعد پرچے کی تاریخ کااعلان کیا جائے گا، پرچہ بروقت نہیں پہنچ پایا تو طلبا کا نقصان نہیں ہونے دیں گے۔

    سید شرف علی شاہ نے کہا کہ جن سینٹرز سے متعلق اطلاعات ہیں ان کی تحقیقات کریں گے ، انتظامی بے ضابطگیوں کی وجہ سے پرچہ لیک ہوا،سی سی اوز کے آرڈر کینسل کرکے اب سپرنٹنڈنٹ کی ڈیوٹی لگائی ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ پرچہ امتحانی سینٹر پر تاخیر سے پہنچنے کی تحقیقات کے لئےکمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

    یاد رہے گذشتہ روز میٹرک کے امتحانات کے پہلے روز کئی امتحانی مراکز پر پیپر نہ پہچ سکا تھا ، جس کے باعث بچوں کیساتھ آئے والدین کو بھی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

    بعد ازاں بورڈ انتظامیہ نے 10ویں جماعت کا پیپر لیک ہونے کی بھی تحقیقات کا اعلان کیا جبکہ چیئرمین میٹرک بورڈشرف علی شاہ نے کہا تھا پرچہ تاخیرسے پہنچنے کے ذمہ دارسینٹر کے سپرنٹنڈنٹ ہیں۔

  • فزکس کا پرچہ پہنچنے میں تاخیر پر ذمہ داران کیخلاف کارروائی

    فزکس کا پرچہ پہنچنے میں تاخیر پر ذمہ داران کیخلاف کارروائی

    کراچی : میٹرک کے امتحانی مراکز پر پرچہ تاخیر سے پہنچنے کا نوٹس لے لیا گیا، ثانوی تعلیمی بورڈان غیر حاضر ہونے والے سینٹر کنٹرول آفیسر کے خلاف سخت سے سخت قانونی کارروائی کرے گا۔

    ثانوی تعلیمی بورڈ کے تحت پیر کے روز شروع ہونے والے میٹرک کے سالانہ امتحانات 2021 کے دوران سینٹر کنٹرول آفیسر (سی سی او) کی غیرحاضری اور غیر ذمہ داری کی وجہ سے443امتحانی مراکز میں سے کچھ امتحانی مراکز پر فزکس کا پرچہ تاخیر سے امتحانی مراکز پر پہنچا۔

    جس کی وجہ سے کچھ امتحانی مراکز پر پرچے تاخیر سے شروع ہوئے جس کی وجہ سے امتحانی مراکز پر مامور عملے اور طلباء وطالبات کو سخت پریشانی کا سامنا ہوا لیکن ناظم امتحانات سید محمد علی شائق نے اپنی پوری ذمہ داری کے ساتھ جن مراکز پر امتحانی پرچے تاخیر سے پہنچے تھے وہاں اضافی وقت دے کر طلباء و طالبات کو سہولت فراہم کی۔

    بورڈ کے تمام ذمہ دار افسران نے پورے کراچی میں قائم کئے گئے 11 مرکزی امتحانی حب پروقت سے پہلے ہی امتحانی پرچہ اور سندھ حکومت کی جانب سے مکمل ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے امتحان دینے والے امیدواروں کیلئے بورڈ آفس نے 25 لاکھ حفاظتی ماکس، 513 سینٹی ٹائزراور ایک ہزار تھرمومیٹر وقت پر پہنچا دیئے تھے لیکن کچھ سینٹر کنٹرول آفیسر بورڈ کی جانب سے بنائے گئے مرکزی امتحانی حب پر نہیں پہنچے۔

    ثانوی تعلیمی بورڈکے چیئرمین سید شرف علی شاہ نے بورڈ کی جانب سے بنائے گئے مرکزی امتحانی حب کی تعداد 11 سے بڑھا کر 18 کر دی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بورڈ کی جانب سے جاری کئے گئے تمام سینٹرز کنٹرول آفیسر کے لیٹر کینسل کر دیئے گئے ہیں لہٰذا تمام سینٹر سپرنٹنڈنٹ یا ان کے مجاز نمائندے کو اتھارٹی لیٹر کے ساتھ بورڈ کی جانب سے مرکزی امتحانی سینٹرپر بھیج کر با آسانی امتحانی پرچہ جات حاصل کر سکتے ہیں۔

    مزید پڑھیں : دسویں جماعت کے پہلے پرچے میں تاخیر : طلبہ اور والدین سراپا احتجاج

    انہوں نے کہا کہ ثانوی تعلیمی بورڈ غیر حاضر ہونے والے سینٹر کنٹرول آفیسر کے خلاف سخت سے سخت قانونی کارروائی کرے گی جس کیلئے بورڈ نے ہنگامی طور پر سینئر افسران مسز حور مظہر، خالد احسان اور سید منیر حسن پر مشتمل ایک3 رکنی کمیٹی قائم کر دی ہے جو دو روز کے مختصر وقت میں اپنی رپورٹ چیئرمین میٹرک بورڈ کو پیش کرے گی۔

  • کراچی: جماعت نہم و دہم کے امتحانی فارم سے متعلق اہم خبر

    کراچی: جماعت نہم و دہم کے امتحانی فارم سے متعلق اہم خبر

    کراچی: چیئرمین ثانوی تعلیمی بورڈ نے جماعت نہم و دہم کے امتحانی فارم جمع کروانے کی تاریخ میں توسیع کردی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق چیئرمین ثانوی تعلیمی بورڈ شرف علی شاہ کا کہنا ہے کہ سائنس، جنرل، ریگولر، پرائیویٹ فارم جمع کرانے کی تاریخ میں 2 جولائی تک توسیع کی گئی ہے۔

    چیئرمین ثانوی تعلیمی بورڈ کا کہنا ہے کہ امیدواروں کو سہولت کے لیے دو دن کی توسیع دی جارہی ہے۔

    واضح رہے کہ نہم و دہم جماعت کے امتحانات 5 جولائی سے شروع ہوں گے۔

    گزشتہ دنوں میٹرک بورڈ نے نویں اور دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات 2021 کے امتحانی پرچوں کا شیڈول جاری کیا تھا، جس کے مطابق سائنس گروپ کے امتحانات صبح کی شفٹ میں جبکہ جنرل گروپ کے امتحانات دوپہر اوقات میں لیے جائیں گے۔

    مزید پڑھیں: کراچی، نویں‌ اور دسویں‌ جماعت کے سالانہ امتحانات کا شیڈول جاری

    ترجمان ثانوی بورڈ کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ، محکمہ تعلیم کی ہدایت کے مطابق تخفیف شدہ نصاب سے ہی تمام امتحانی پرچے ترتیب دیئے جائیں گے جوصرف اختیاری مضامین پر مشتمل ہوں گے۔

    ترجمان میٹرک بورڈ کے مطابق یہ تمام پرچے 50 فیصد MCQ’s (کثیر الانتخابی سوالات)، 30فیصد مختصر سوالات کے جوابات، اور 20 فیصد بیانیہ جواب کے سوالات پر مشتمل ہوں گے۔

  • کراچی : دینی مدارس میں آج سے کورونا ویکسی نیشن مہم کا آغاز ہوگیا

    کراچی : دینی مدارس میں آج سے کورونا ویکسی نیشن مہم کا آغاز ہوگیا

    کراچی : دینی مدارس کے علماء کرام، اساتذہ اور طلباء کو کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے کراچی میں قائم جامعتہ الرشید احسن آباد میں ویکسی نیشن مہم کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں2ہزار طلبہ اور اساتذہ کو کورونا ویکسین لگائی جائے گی، کسی بھی دینی ادارے میں کورونا ویکیسن لگانے یہ پہلا اقدام ہے۔

    ذرائع کے مطابق جامعتہ الرشید میں ساینو ویک ویکیسن لگائی جارہی ہے۔ اس اقدام سے عوام الناس میں آگاہی پیدا ہوگی اور معاشرے کے دیگر طبقات بھی اس وباء سے محفوظ رہ سکیں گے۔

    منتظمین کا کہنا ہے کہ طلبہ اور اساتذہ کی رجسٹریشن جاری ہے، جامعتہ الرشید احسن آباد کا یہ اقدام کورونا ویکیسن سے متعلق پیدا ہونے والے شکوک وشہبات کو دور کرے گا۔

    جامعۃ الرشید کراچی کی ایک عظیم دینی درسگاہ ہے جس میں 36 شعبہ جات اور 6 ہزار سے زائد طلبہ اور طالبات زیر تعلیم ہیں، ایک ہزار سے زائد تدریسی و غیر تدریسی عملہ اور فنی ماہرین مصروف کار ہیں۔

    وزارت صحت کی جانب سے جامعۃ الرشید میں کورونا ویکسین لگانے کے لئے دوروزہ کیمپ لگایا گیا تھا۔ جہاں اساتذہ اور طلبہ کو کرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگائی گئی۔

    جامعۃ الرشید کے مختلف شعبوں درس نظامی، معہد الرشیدالعربی، کلیۃ الشریعہ، تخصص فی الافتاء، فقہ الحلال، کلیۃ القرأت، فقہ المعاملات، انگلش لینگویج کورس، عربی لینگویج کورس، کلیۃ الفنون، کلیۃ الدعوۃ، تدریب المعلمین، کمز، البیرونی ماڈل سیکنڈری اسکول اینڈ کالج کے مسئولین، اساتذہ اور طلبہ کا ڈیٹا پہلے سے ہی اکھٹا کر لیا گیا تھا۔

    سب سے پہلے جامعۃ الرشید کے تمام شعبوں کے منتظمین اور مسئولین کو ویکسین لگائی گئی۔ اس کے بعد اساتذہ کرام کو اور پھر 18 سال سے زائد عمر والے طلبہ کو کرونا ویکسین لگائی گئی، کیمپ کے منتظمین کے مطابق سائنو ویک ویکسین کی دو خوراکیں لگنی ہیں۔

    کسی بھی دینی ادارے کی ادارتی سطح پر یہ پہلا قدم تھا کہ کسی دینی مدرسے میں کورونا ویکسین کے لئے کیمپ لگایا گیا۔ اس دوران جامعۃ الرشید کےمسئولین، اساتذہ اور طلبہ نے ویکسینیشن کروائی۔

    یاد رہے کہ جامعۃ الرشید کراچی کا شمار پاکستان کے بڑے مدارس میں ہوتا ہے، یہاں پر دینی و عصری دونوں تعلیمیں متوازی طور پر دی جاتی ہیں۔ جامعۃ الرشید میں یہ کیمپ لگانے کا مقصد یہ بھی تھا کہ معاشرے کے دیگر طبقات بھی تمام شکوک و شبہات سے نکل کر اس وبا سے بچاؤ کے لئے ویکسین لگوائیں۔

  • کراچی، نویں‌ اور دسویں‌ جماعت کے سالانہ امتحانات کا شیڈول جاری

    کراچی، نویں‌ اور دسویں‌ جماعت کے سالانہ امتحانات کا شیڈول جاری

    کراچی: ثانوی تعلیمی بورڈ نے نویں اور دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات برائے 2021 کے امتحانات کا شیڈول جاری کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق میٹرک بورڈ نے نویں اور دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات 2021کے امتحانی پرچوں کا شیڈول جاری کردیا، جس کے مطابق سائنس گروپ کے امتحانات صبح کی شفٹ میں جبکہ جنرل گروپ کے امتحانات دوپہر اوقات میں لیے جائیں گے۔

    چیئرمین میٹرک بورڈسید شرف علی شاہ نے بتایا کہ ہر پرچے کا دورانیہ دو گھنٹے پر مشتمل ہوگا،  سائنس گروپ کا امتحان صبح ساڑھے 9 سے ساڑھے گیارہ جبکہ جنرل گروپ کا دوپہر ڈھائی بجےس ے شام 4 بج کر تین منٹ تک ہوگا۔

    ثانوی بورڈ کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ نویں اور دسویں جمات کے سالانہ امتحانات پانچ جولائی 2021 سے شروع ہوں گے۔ حکومت سندھ، محکمہ تعلیم کی ہدایت کے مطابق تخفیف شدہ نصاب سے ہی تمام امتحانی پرچے ترتیب دیئے جائیں گے جوصرف اختیاری مضامین پر مشتمل ہوں گے۔

    ترجمان میٹرک بورڈ کے مطابق یہ تمام پرچے 50 فیصد MCQ’s (کثیر الانتخابی سوالات)، 30فیصد مختصر سوالات کے جوابات، اور 20 فیصد بیانیہ جواب کے سوالات پر مشتمل ہوں گے۔

    امتحانی شیڈول برائے جماعت نہم سائنس گروپ

    امتحانی شیڈول برائے جماعت نویں جنرل گروپ

    امتحانی شیڈول برائے جماعت دسویں سائنس گروپ

    امتحانی شیڈول برائے جماعت دسویں جنرل گروپ