Author: انور خان

  • آغا خان اسپتال میں "سرکاری کرونا” ویکسین لگانے کے عوض پیسے لینے کا انکشاف

    آغا خان اسپتال میں "سرکاری کرونا” ویکسین لگانے کے عوض پیسے لینے کا انکشاف

    کراچی: ملک بھر میں معمر افراد کو عالمی وبا سے بچانے کے لئے حکومت کی جانب سے مفت ویکسی نیشن کا عمل جاری ہے، ایسے میں کراچی کے معروف نجی اسپتال آغا خان میں کرونا ویکسین لگانے کے عوض پیسے لینے کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے مہیا کردہ سرکاری کرونا ویکسین پر آغا خان کی اجارہ داری سامنے آئی ہے، جہاں کرونا ویکسین لگانے کے عوض پیسے لئے جارہے ہیں۔

    میڈیا پر خبر نشر ہونے کے بعد آغا خان اسپتال کی جانب سے اعلامیہ جاری کیا گیا، جس میں اسپتال انتظامیہ نے موقف اپنایا کہ اسپتال آنے والے معمر شخص کو کرونا ویکسین مفت فراہم کی جارہی ہے جبکہ گھر جاکر کرونا ویکسین لگانے کے چارجز تین ہزار روپے رکھے گئے ہیں۔

    آغا خان اسپتال کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ گھر میں ایک سے زائد مریض ہونے پر دو ہزار روپے فی کس لیےجائیں گے۔

    واضح رہے کہ آغاخان اسپتال نے آج سےویکسی نیشن مرکز پربغیر اپوائنٹمنٹ آنے سے روک دیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق دیگر پرائیویٹ اسپتالوں نے آغا خان کے اس روئیے پر حکومت سے ایکشن لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ دیگر سرکاری اسپتالوں کو بھی ویکسین دی جائے اور اس طرح بزنس کی سہولت بھی مہیا کی جائے۔

    دوسری جانب وفاقی حکومت اعلیٰ حکام کا کہنا ہے کہ این سی او سی نے کسی کسی اسپتال کو پیسے لینے کی اجازت نہیں دی اور آغا خان نے بغیر اجازت ہوم سروس فیس لی ہے۔

    ذرائع کے مطابق وفاق کے اعلیٰ حکام نے سندھ کی صوبائی حکومت اور محکمہ صحت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر آغا خان اسپتال کو پیسے لینے سے روکے۔

    دوسری جانب سندھ حکومت نےڈاؤ اوجھاکیمپس میں چوبیس گھنٹے ویکسینیشن کی سہولت کا آغاز کردیا ہے، یہ سہولت سینئر سٹیزن اورساٹھ سال کی عمر سے زائد افراد کے لئے ہے۔

    ترجمان ڈاؤ اوجھا کیمپس کے مطابق شہری 1166 پر رجسٹریشن لازمی کرائیں۔

    واضح رہے کہ ملک بھر میں 70 سال سے زائد عمر کے شہریوں کے لیے واک ان ویکسینیشن سہولت گزشتہ روز سے شروع کی گئی تھی۔

  • جامعہ کراچی: 22 مارچ سے ہونے والے امتحانات ملتوی

    جامعہ کراچی: 22 مارچ سے ہونے والے امتحانات ملتوی

    کراچی: جامعہ کراچی نے 22 مارچ سے ہونے والے امتحانات ملتوی کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کی تیسری لہر کے پیش نظر کراچی یونی ورسٹی نے 22 مارچ 2021 سے شروع ہونے والے بی کام ریگولر و پرائیوٹ کے امتحانات ملتوی کر دیے ہیں۔

    ترجمان جامعہ کراچی نے کہا ہے کہ امتحانات کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

    رجسٹرار جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر عبدالوحید کے مطابق حکومت سندھ کی جانب سے 15 مارچ 2021 کو جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کی روشنی میں بی کام ریگولر و پرائیوٹ کے 22 مارچ 2021 سے شروع ہونے والے امتحانات تاحکم ثانی ملتوی کردیے گئے ہیں۔

    واضح رہے کہ بی کام کے امتحانات میں 30 ہزار کے قریب طلبہ کو شریک ہونا تھا۔

  • پاکستان کے لئے بڑا اعزاز، ڈاکٹر سیمی جمالی گلوبل ہیروز کی فہرست میں شامل

    پاکستان کے لئے بڑا اعزاز، ڈاکٹر سیمی جمالی گلوبل ہیروز کی فہرست میں شامل

    کراچی: پاکستان کو بڑا اعزاز حاصل ہوا ہے، جناح اسپتال کی ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی کو کرونا وبا کے دوران اپنی فرائض منصبی بہترین انداز میں سنبھالنے پر "گلوبل ہیروز قرار ” دے دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی آن لائن جریدے این پی آر نے کرونا وبا کے ایک سال مکمل ہونے پر عالمی وبا سے نبردآزما شخصیات کی فہرست جاری کی ہے، اس فہرست میں مجموعی طور پر نو شخصیات کو شامل کیا گیا ہے۔

    جریدے کی فہرست میں شامل ہونے والے ہیلتھ ورکرز کا تعلق پاکستان، میکسکو، سرینگر، جنوبی افریقہ سمیت دیگر ممالک سے تھا۔

    پاکستان کے لئے بڑا اعزاز یہ ہے کہ کراچی جناح اسپتال کی ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی کو بھی اس فہرست میں شامل کیا گیا ہے، جریدے نے ڈاکٹر سیمی جمالی کی خدمات کو عالمی سطح پر سراہا اور لکھا کہ جان لیوا مرض کا شکار ہونے کے باوجود ڈاکٹر سیمی جمالی اپنی کووڈ کے دوران اپنے فرائض منصبی سر انجام دیتی رہیں۔

    امریکی جریدے نے لکھا کہ پاکستانی ڈاکٹرز دہشت گردی کا بہادری کے ساتھ مقابلہ کیا جو بڑا ہمت کا کام ہے۔

    این پی آر نے لکھا کہ ایک وقت ایسا بھی آیا جب سیمی جمالی اور ان کے شوہر جوکہ خود بھی آرتھو پیڈک سرجن ہیں، اس وبا کا شکار ہوئے جس کے باعث وہ آئسولیشن میں بھی رہے تاہم اس عالمی وبا کو شکست دینے کے بعد سے ڈاکٹر سیمی جمالی اپنے فرائض سرانجام دے رہی ہیں حالانکہ وہ خود بھی آنتوں کے کینسر میں مبتلا ہیں۔

    یہ فہرست امریکا کے آن لائن طبی جریدے این پی آر کی جانب سے شائع کی گئی ہے، جو کہ سابقہ نیشنل پبلک ریڈیو تھا اب یہ ایک نجی اور عوامی چندے سے چلنے والا غیر منافع بخش تنظیم میں تبدیل ہوگئی ہے۔

  • جامعہ کراچی، بی اے لاء سال اول و دوئم کے سالانہ نتائج کا اعلان

    جامعہ کراچی، بی اے لاء سال اول و دوئم کے سالانہ نتائج کا اعلان

    کراچی: جامعہ کراچی بی اے لاء سال اول و دوئم سالانہ امتحانات برائے 2019 کے نتائج کا اعلان کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ناظم امتحانات جامعہ کراچی ڈاکٹر سید ظفر حسین کے مطابق بی اے لا سال اول و دوئم سالانہ امتحانات برائے 2019 کے نتائج کا اعلان کردیا گیا ہے۔

    نتائج کے مطابق بی اے لا سال اول کے امتحانات میں 127 طلبا شریک ہوئے۔

    نتائج میں 104 طلبا کو کامیاب قرار دیا گیا جبکہ 23 طلبہ ناکام قرار پائے، کامیابی کا تناسب 81.89 فیصد رہا۔

    نتائج کے مطابق بی اے لاء سال اول کے امتحانات میں 127 طلبہ شریک ہوئے،104 طلبہ کو کامیاب قراردیا گیا جبکہ 23 طلبہ ناکام قرارپائے۔کامیابی کا تناسب 81.89 فیصدرہا۔

    بی اے لا سال دوئم کے امتحانات میں 87 طلبا شریک ہوئے، 69 طلبہ کو کامیاب قرار دیا گیا جبکہ 18 طلبہ ناکام قرار پائے، کامیابی کا تناسب 79.31 فیصد رہا۔

  • وزیرصحت سندھ ڈاکٹرعذرا پیچوہو نے کورونا ویکسین لگوالی

    وزیرصحت سندھ ڈاکٹرعذرا پیچوہو نے کورونا ویکسین لگوالی

    کراچی : وزیرصحت سندھ ڈاکٹرعذراپیچوہو نے کوروناویکسین لگوالی ، ویکسین سے پہلے صوبائی وزیر ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے 1166 پر خود کو رجسٹرڈ بھی کروایا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ میں دوسرے مرحلے میں 60 سال سے زائد عمر کے افراد کی کورونا ویکسی نیشن جاری ہے ،صوبائی وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کرونا ویکسین لگوالی۔

    اس موقع پر سیکریٹری صحت ڈاکٹر کاظم جتوئی، جناح اسپتال کی ایگزیکیوٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی اور دیگر بھی موجود تھے۔

    صوبائی وزیر صحت نے جناح اسپتال میں قائم ویکسینیشن سینٹر میں ویکسین کے تمام مراحل میں حصہ لیا اور سائنوفارم ویکسین کی پہلے خوراک لگوائی ، ویکسین لگوانے کے بعد صوبائی وزیر صحت نے 30 منٹس نگہداشت میں گذارے۔

    ویکسین سے پہلے صوبائی وزیر ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے 1166 پر خود کو رجسٹرڈ بھی کروایا۔

    خیال رہے پاکستان میں ساٹھ سال سےزائدعمرکے افرادکی ویکسی نیشن جاری ہے، ویکسین لگوانے کے خواہش مند افراد آن لائن رجسٹریشن کراسکتے ہیں۔

    واضح رہے ملک میں کوروناکےمزید تریپن مریض انتقال کر گئے، جس کے بعد اموات کی تعفادف تیرہ ہزارتین سوستترہوگئی جبکہ چوبیس گھنٹوں میں 2 ہزار 258 کیس رپورٹ ہوئے۔

  • وبائی امراض کے کنٹرول، کم قیمت معیاری ادویات کی فراہمی کے لیے ڈاؤ یونی ورسٹی کا بڑا قدم

    وبائی امراض کے کنٹرول، کم قیمت معیاری ادویات کی فراہمی کے لیے ڈاؤ یونی ورسٹی کا بڑا قدم

    کراچی: ڈاؤ یونی ورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں وبائی امراض پر قابو پانے، کم قیمت میں معیاری ادویات کی فراہمی کے لیے پاکستان کا پہلا جدید بائیو اسٹڈی سینٹر اور صوبائی پبلک ہیلتھ لیبارٹری قائم کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ڈاؤ یونی ورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں بائیو ایکوی وِلینس اسٹڈی سینٹر قائم کیا گیا ہے، جو بین الاقوامی معیار کے آلات سے مزین پاکستان کا واحد سینٹر ہے، جس کے ساتھ مکمل سہولتوں سے آراستہ اسپتال بھی قائم کیا گیا ہے۔

    بائیو ایکویوِلینس سینٹر کے ماہرین کا کہنا ہے کہ بائیو اویلیبلٹی اسٹڈی سینٹر میں یہ تجزیہ کیا جاتا ہے کہ مریض کو دی گئی دوا کی کتنی مقدار خون میں شامل ہوئی ہے تاکہ کسی بھی دوا کی افادیت کا تعین کیا جا سکے، جب کہ بائیو ایکویوِلینس اسٹڈی میں یہ تعین کیا جاتا ہے کہ بنائی گئی دوا اصل مالیکیول کے کس قدر قریب ہے۔

    ڈی یو ایچ ایس کے مطابق پاکستان سے دواؤں کی برآمد محض 200 ملین ڈالرز ہے، بائیو ایکویولینس سینٹر کے قیام سے ادویہ کی برآمدات بھی بڑھ سکتی ہے، کیوں کہ اس سے پہلے بین الاقوامی معیار کی اسٹڈی کے لیے ہماری مقامی دوا کی صنعت سے وابستہ افراد کو بیرون ملک جانا پڑتا تھا، جس کے نتیجے میں اخراجات بڑھنے سے مارکیٹ میں مقابلہ نہیں کر پاتے تھے، یہی وجہ ہے کہ اس سینٹر کی ایف ڈی اے (امریکی ادارہ) سمیت دیگر بین الاقوامی اداروں سے منظوری کے عمل کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

    ماہرین نے بتایا کہ ایکویوِلینس سینٹر کے قیام سے کم قیمت پر معیاری دوائیں ملنے کا امکان ہے، جب کہ یقینی طور پر جعلی دواؤں کی روک تھام بھی ہو سکے گی۔

    دریں اثنا، صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے وبائی امراض پر قابو پانے کے لیے صوبائی پبلک ہیلتھ لیبارٹری کا بھی افتتاح کیا، یہ صوبہ سندھ کی پہلی پراوینشل پبلک ہیلتھ لیبارٹری ہے۔ صوبائی وزیر صحت کو بتایا گیا کہ صوبے کے کسی بھی علاقے میں وبائی امراض پھوٹنے کی صورت میں امراض پر قابو پانے میں یہ لیبارٹری مکمل معاونت کرے گی۔

    ماہرین نے بتایا کہ بین الاقومی معیار کے لحاظ سے سندھ میں ایسی کوئی لیبارٹری قائم نہیں تھی، گزشتہ برسوں کے دوران صوبے کے مختلف اضلاع میں ایکس ڈی آر ٹائیفائیڈ، چکن گونیا، ڈینگی وغیرہ پھیلتے رہے ہیں، اب خدانخواستہ ایسی صورت حال پیدا ہوئی تو یہ لیبارٹری فعال کردار ادا کرے گی اور صوبے بھر کے عوام کو یہ سہولت مفت فراہم کی جائے گی۔

    افتتاح کے موقع پر صوبائی سیکریٹری صحت ڈاکٹر کاظم جتوئی، وائس چانسلر پروفیسر سعید قریشی و دیگر بھی موجود تھے۔

  • جناح اسپتال جڑواں بچوں کے معاملے کی تحقیقاتی رپورٹ محکمہ صحت کو پیش

    جناح اسپتال جڑواں بچوں کے معاملے کی تحقیقاتی رپورٹ محکمہ صحت کو پیش

    کراچی: جناح اسپتال میں جڑواں بچوں کے معاملے کی تحقیقاتی رپورٹ محکمہ صحت کو پیش کر دی گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق جناح اسپتال کراچی سے جڑواں بچوں میں سے ایک کے اغوا کے معاملے پر ڈاکٹر طارق کی سربراہی میں اسپتال کی تحقیقاتی کمیٹی نے رپورٹ محکمہ صحت کو پیش کر دی۔

    رپورٹ میں والدین کا دعویٰ مسترد کر دیا گیا ہے، کمیٹی نے تمام متعلقہ افراد کے بیانات ریکارڈ کیے۔

    رپورٹ کے مطابق جڑواں بچوں سے متعلق والدین کا مؤقف درست نہیں، والدین کی جمع کرائی گئی 14 ہفتے کی الٹرا ساؤنڈ رپورٹ درست ہے، جس میں صرف ایک بچے کی نشان دہی ہوئی تھی۔

    جناح اسپتال میں 2 بچوں کی پیدائش کا دعویٰ، انکوائری مکمل

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ لانڈھی کورنگی کی لیب سے دوسری الٹرا ساؤنڈ رپورٹ میں بچوں کی تعداد، عمر، مریضہ کا نام، ایم آر نمبر اور ڈاکٹر کا نام تک نہیں ہے۔

    دوسری طرف بچی کے والد نے کمیٹی کی رپورٹ مسترد کر دی ہے، اور سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔

    کمیٹی کی رپورٹ کے مطابق 5 فروری 2021 کو حمیرا زوجہ خالد کو سندھ گورنمنٹ اسپتال کورنگی سے جناح اسپتال لایا گیا تھا، 6 فروری کو سی سیکشن آپریشن کے ذریعے ایک بچی کی ولادت ہوئی تھی، تاہم بچی کے والد نے 2 بچوں کا دعویٰ کر دیا تھا۔

    والدین کی درخواست پر سینئر ڈاکٹرز پر مشتمل میڈیکل کمیٹی تشکیل دی گئی تھی، ذرائع ابلاغ پر بغیر تصدیق کے خبریں چلتی رہیں جس کے پیش نظر کمیٹی تشکیل دی گئی، میڈیکل کمیٹی نے کہا کہ 18 اور 23 فروری کو شکایات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، اس کے بعد اپنی رپورٹ مرتب کر کے محکمہ صحت کو ارسال کر دی ہے۔

  • اسکولز میں بچوں کی حاضری، وزیرتعلیم سندھ کا اہم اعلان

    اسکولز میں بچوں کی حاضری، وزیرتعلیم سندھ کا اہم اعلان

    وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے کہا کہ صوبہ سندھ میں کوووڈ کے خاتمہ تک ایس او پیز ‏کے تحت تعلیمی ادارے 50 فیصد ہی بچوں کو بلانے پر پابند ہوں گے۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعیدغنی نے کہا کہ وفاقی وزیر تعلیم کی جانب سے ایک جانب 100 ‏فیصد بچوں کی اجازت کا اعلان کیا جاتا ہے تو دوسری جانب ایس او پیز پر عمل درآمد کا بھی کہا ‏جارہا ہے اور جو حالات اس وقت ہمارے تعلیمی اداروں بالخصوص نجی تعلیمی اداروں میں ہے اس ‏میں یہ کسی صورت ممکن نہیں کہ 100فیصد بچوں کو ایک ساتھ بلایا جاسکے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم صوبے بھر میں اساتذہ کی خالی اسامیوں کو یوسی کی سطح پرٹیسٹ اور ‏انٹرویو کے بعد میرٹ پر بھرتیاں کرنے جارہے ہیں جبکہ اساتذہ کی ٹراسفر کی پالیسی کو بھی ‏شفاف بنایا جارہا ہے اور اس حوالے سے تین کیٹگریز بنائی گئی ہیں اساتذہ اب خود پورٹل کے ‏ذریعے درخواست دیں گے اور انہیں کسی قسم کی کوئی درخواست براہ راست دینے کی ضرورت ‏نہیں ہوگی۔

    وزیرتعلیم نے کہا کہ صوبے بھر کے 7 ہزار ایسے اسکولز جو اساتذہ کی گذشتہ کئی سالوں سے ‏بھرتیوں پر پابندی کے باعث بندش کا شکار ہیں ان میں ٹرانسفر کا عمل شروع کیا گیا ہے البتہ باقی ‏مانندہ ٹراسفرز نئے تعلمی سال کے بعد اگست میں ہوں گے سندھ میں 6 ہزار اسکولز کو کلاسٹر ‏کرکے وہاں ایک ایک سیکنڈری اسکول کے حوالے سے بھی کام کا آغاز کردیا گیا ہے اور 2 ہزار ‏سیکنڈری اسکولز کے لئے رواں سال مختلف منصوبے بنائے گئے ہیں اس سال پی ایس ٹی اساتذہ کا ‏گریڈ 9 سے بڑھا کر 14 کردیا گیا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پرائمری ٹیچر بھرتی ہونے والے اساتذہ کا پرموشن ضرور ہوگا لیکن وہ پرائمری ٹیچر ‏ہی رہے گا ایم کیو ایم اگر سینیٹ کے الیکشن میں پیپلز پارٹی کا ساتھ دے گی تو اسے سیاسی ‏فائدہ ہوگا اور اسے سندھ میں ٹیکنوکریٹ اور خواتین کی نشست کے حصول میں آسانی ہوگی اور ‏پیپلز پارٹی کو فائدہ وفاق کی سیٹ کے لئے ہوگا۔

  • سندھ کے سینیٹ امیدواروں کی حتمی فہرست جاری

    سندھ کے سینیٹ امیدواروں کی حتمی فہرست جاری

    کراچی:الیکشن کمشین نے سندھ سے سینیٹ الیکشن 2021 کے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری ‏کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کی 7جنرل نشستوں پر10امیدوار انتخاب لڑیں گے۔ جنرل نشست پر ‏فیصل سبزواری، فیصل واوڈا، صدرالدین شاہ اور پی پی سے شیری رحمان،سلیم مانڈوی والا،جام ‏مہتاب،شہادت اعوان، تاج حیدر،صادق میمن، دوست علی جیسر جنرل الیکشن لڑیں گے۔

    ٹیکنوکریٹ کی2 نشستوں پر 4امیدوارحصہ لیں گے۔ پی پی کے فارق ایچ نائیک،کریم خواجہ، پی ٹی ‏آئی کے سیف اللہ ابڑو امیدوار ہیں۔ تحریک لبیک پاکستان پہلی مرتبہ سینیٹ الیکشن میں حصہ ‏لےرہی ہے، یشااللہ خان ٹیکنو کریٹ کی سیٹ پر امیدوار ہیں۔

    خواتین کی 2 نشستوں پر امیدواروں کےدرمیان مقابلہ ہوگا۔ پیپلزپارٹی کی پلوشہ، رخسانہ شاہ اور ایم ‏کیوایم کی خالدہ اطیب امیدوار ہیں۔

    الیکشن کمیشن نے سندھ سے سینیٹ کی نشتوں کے لیے امیدواروں کا فارم 54جاری کر دیا ہے تاہم ‏سینیٹ امیدواروں کی حتمی فہرست 26فروری کو جاری ہوگی۔

  • یکم مارچ سے اسکولز کا نیا شیڈول ، وزیر تعلیم کا بڑا اعلان

    یکم مارچ سے اسکولز کا نیا شیڈول ، وزیر تعلیم کا بڑا اعلان

    اسلام آباد: وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے اسکولوں میں بچوں کی تعداد سے متعلق پابندی ختم کرتے ہوئے یکم مارچ سے تمام اسکولز ہفتے میں 5 دن معمول کے مطابق کھولنے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ کورونا صورتحال میں بہتری کے باعث یکم مارچ سے تمام اسکولز معمول کے مطابق کھلیں گے، یکم مارچ سے بچوں کو ہفتے میں5 دن معمول کے مطابق اسکول آنا ہوگا اور بڑے شہروں میں50 فیصد بچوں کو بلانے کی پابندی بھی 28 فروری کو ختم ہو جائے گی ۔

    گزشتہ روز نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے ملک بھر میں کورونا وائرس کی صورتحال پر غور کے بعد 15 مارچ سے سینما ہالز اور ان ڈور شادیوں کی اجازت دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل کرنا ہوگا۔

    این سی او سی نے تجارتی مراکز اور پارکس میں اوقات کار کی پابندی اور 50 فیصد سٹاف کے گھر سے کام کی شرط بھی ختم کر دی تھی تاہم ماسک پہننے اور سماجی فاصلوں کے حوالے سے ایس او پیز پر عمل درآمد جاری رہے گا۔