Author: انور خان

  • کورونا کیسز میں اضافہ، کراچی میں  متعدد سرکاری اسکول بند

    کورونا کیسز میں اضافہ، کراچی میں متعدد سرکاری اسکول بند

    کراچی : کورونا کیسز میں اضافہ کے پیش نظر ضلع ملیر کے متعدد سرکاری اسکول بند کردیئے گئے ہیں،ضلع ملیر کے 8 سرکاری اسکولوں میں کوویڈ کیسز زیادہ رپورٹ ہوئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کورونا کیسز میں اضافے کے پیش نظر ملیر کے متعدد سرکاری اسکول بند کردیئے گئے ، ڈی ڈی ای اوضلع ملیرنے اسکول پرنسپل کو احکامات جاری کردیئے ہیں۔

    محکمہ تعلیم کے مطابق ضلع ملیر کے مختلف اسکولوں میں کرائے گئے کوویڈ ٹیسٹ بڑی تعداد میں پوزیٹیو آئے ہیں جس کے پیش نظر فوری طور پر آج سے 8سرکاری اسکولوں کو بند کردیا گیا ہے۔

    محکمہ تعلیم نے کہا ہے کہ تمام متاثرہ افراد 5دن کیلئے گھروں پر قرنطینہ میں چلے جائیں، ضلع ملیر کے8سرکاری اسکولوں میں کوویڈکیسززیادہ رپورٹ ہوئے ہیں۔

    کوویڈ کے حوالے سے این سی او سی کی گائڈ لائن پر عمل کریں گےاور تمام کلاس رومزکو ڈس انفیکٹ کیا جائے جبکہ وہ تمام طلبا اور اساتذہ کو رابطے میں تھے وہ بھی احتیاط کریں اور گھروں پر قرنطینہ میں چلے جائیں۔

    محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ اسکول ابتدائی طور پر 5دن کیلئے بند کئے گئے ہیں ایس او پی فالو کرتے ہوئے کلاس روم کوریڈور کو ڈس انفیکٹ کیا جائے گا، جس کے بعد یکم نومبر سے تدریسی عمل بحال کریں گے۔

  • ملک بھر میں ہیپاٹائٹس ویکسین کی شدید قلت

    ملک بھر میں ہیپاٹائٹس ویکسین کی شدید قلت

    اسلام آباد: ملک بھر میں ہیپاٹائٹس اور انفلوئنزا سمیت مختلف بیماریوں کی ویکسینز کی شدید قلت پیدا ہوگئی، مختلف اقسام کی ویکسینز بلیک میں 3 سے 5 ہزار میں فروخت کی جارہی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں مختلف بیماریوں کی ویکسین اور دواؤں کی شدید قلت کا سامنا ہے، ہیپاٹائٹس اور انفلوئنزا سمیت مختلف ویکسینز مارکیٹ سے غائب ہیں۔

    میڈیکل اسٹورز کیمسٹس کا مؤقف ہے کہ ویکسین کی تیاری کا مواد مہنگا ہونے کی وجہ سے ویکسین کی قلت پیدا ہوئی، رواں برس حج اور عمرے کی ادائیگی نہ ہونے کی وجہ سے ویکسینز کی فراہمی پر توجہ نہیں دی گئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ مختلف اقسام کی ویکسینز بلیک میں 3 سے 5 ہزار میں فروخت کی جارہی ہیں۔

    خیال رہے کہ عالمی ادارہ صحت کے مطابق پاکستان ہیپاٹائٹس کے مریضوں کا شکار دوسرا بڑا ملک ہے، پاکستان میں ہر سال ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد ہیپاٹائٹس کی وجہ سے جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔

    پاکستان میں اس مرض کی صرف 2 اقسام بی اور سی کے ہی ڈیڑھ کروڑ مریض موجود ہیں۔

    رواں برس کے آغاز میں محکمہ صحت نے پاکستان میں ہیپاٹائٹس کے مریضوں کی تعداد بڑھنے کا انکشاف کیا تھا، اس حوالے سے محکمہ صحت نے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) سے مدد طلب کی تھی۔

    محکمہ صحت کی جانب سے مراسلے میں کہا گیا تھا کہ ہر سال 2 لاکھ 40 ہزار نئے مریض ہیپاٹائٹس بی اور سی کا شکار ہو رہے ہیں، پنجاب میں 60 سے 70 فیصد افراد اس مرض میں مبتلا ہو رہے ہیں۔

    مراسلے میں کہا گیا تھا دسمبر 2019 کے آخر تک 10 لاکھ افراد کا چیک اپ کیا گیا تھا، چیک اپ کے دوران 30ہزار افراد ہیپاٹائٹس بی اور سی میں مبتلا پائے گئے تھے۔

  • میڈیکل کالجز کے انٹری ٹیسٹ سے متعلق اہم اعلان

    میڈیکل کالجز کے انٹری ٹیسٹ سے متعلق اہم اعلان

    میڈیکل کالجزمیں داخلوں کیلئے انٹری ٹیسٹ کےنصاب پر پی ایم سی نے خواہشمند طلبا کے تحفظات پر بڑا فیصلہ کر لیا۔

    پی ایم سی نے واضح کیا ہے کہ میڈیکل کالجز کے داخلہ ٹیسٹ طےشدہ نصاب کےمطابق ہوں گے، صوبائی امتحانی ادارے طے شدہ نصاب کےمطابق داخلہ ٹیسٹ لیں گے۔

    پی ایم سی کے مطابق نمز میڈیکل کالجز کےداخلہ امتحان کےانعقادکی ذمہ دار ہے، نمز امتحانات کےانعقاد اور سیکیورٹی و متعلقہ امور کی ذمہ دارہوگی۔

    پی ایم سی کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں یکساں نصاب کیلئےخصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، کمیٹی میں آزادکشمیر، گلگت بلتستان وصوبوں کویکساں نمائندگی ہوگی، صدرپی ایم سی اور مخصوص میڈیکل یونیورسٹیز کےسربراہان کمیٹی کاحصہ ہوں گے۔

    یہ خصوصی کمیٹی ایم ڈی کیٹ پرچہ کی تیاری سےمتعلق گائیڈلائنز تیار کرے گی، کمیٹی ملک بھرمیں ایم ڈی کیٹ امتحان کایکساں نصاب یقینی بنائےگی، کمیٹی داخلہ امتحان کےمتن کاطےشدہ نصاب سےانتخاب یقینی بنائےگی۔

  • جناح اسپتال کراچی میں ملک بھر کے مریضوں کے لیے بڑی سہولت بحال

    جناح اسپتال کراچی میں ملک بھر کے مریضوں کے لیے بڑی سہولت بحال

    کراچی: جناح اسپتال کراچی میں ایئر ایمبولینس کے لیے ہیلی پیڈ فعال کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق دو دہائیوں کے بعد سندھ حکومت کا ایک ہیلی کاپٹر جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر میں تعمیر شدہ ہیلی پیڈ پر اترا۔

    جناح اسپتال میں ہیلی پیڈ فعال ہونے کے بعد ملک کے دور دراز علاقوں سے شدید زخمی اور بیمار مریضوں کی آمد و رفت کی راہ ہموار ہوگئی، سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے لینڈنگ کے لیے جے پی ایم سی کو نان اعتراض سرٹیفکیٹ بھی دیا جا چکا ہے۔

    جناح اسپتال کی سربراہ ڈاکٹر سیمی جمالی نے اس موقع پر کہا کہ اب جناح میں سرکاری اور نجی ہوائی ایمبولینس کے ذریعے مریض لائے جا سکتے ہیں۔

    انھوں نے کہا ہیلی کاپٹر ایمبولینسیں 1990 کی دہائی میں مریضوں کو جے پی ایم سی میں لاتی تھیں، لیکن ہیلی پیڈ کی حالت خراب ہونے پر طویل عرصے تک ہیلی کاپٹر کی پروازیں بند تھیں، اب ملک کے کسی بھی علاقے سے چند گھنٹوں میں مریض کو جے پی ایم سی لایا جا سکتا ہے۔

    ڈاکٹر سیمی جمالی نے کہا ہیلی پیڈ کی بحالی پر سندھ حکومت اور محکمہ صحت کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

  • پاکستان میں ایک بار پھر‌ کرونا کے بڑھتے کیسز کی وجہ سامنے آگئی

    پاکستان میں ایک بار پھر‌ کرونا کے بڑھتے کیسز کی وجہ سامنے آگئی

    اسلام آباد: پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نے ملک میں کرونا کے بڑھتے کیسز کی وجہ ماسک نہ استعمال کرنے کو قرار دے دیا۔

    پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری اعلامیے میں ملک بھر میں کرونا کے کیسز میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔

    ایسوسی ایشن سے وابستہ ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ ’عام مشاہدہ ہے کہ کرونا کیسز میں اضافے کی وجہ ماسک کا استعمال نہ کرنا ہے‘۔

    اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں کرونا کی دوسری لہر شروع ہوگئی ہے، لہذا شہری وائرس سے محفوظ رہنے کے لیے ماسک کا لازمی استعمال کریں۔

    نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی جانب سے جاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں کرونا مریضوں کی تعداد اضافے کے بعد 3 لاکھ 12 ہزار 806 جبکہ مرنے والوں کی تعداد 6 ہزار 484 تک پہنچ گئی ہے۔

    مزید پڑھیں: کرونا کے بڑھتے کیسز، کراچی کے مزید علاقوں میں مائیکرو لاک ڈاؤن کا نفاذ

    کرونا سے صحت یا ب ہونے والے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 616 مریض وائرس کو شکست دینے میں کامیاب ہوئے جس کے بعد تعداد 2 لاکھ 97 ہزار 497 تک پہنچ گئی۔

    پاکستان بھر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 34 ہزار 239 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 543 کی رپورٹ مثبت آئی، اس وقت 490 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

    صوبائی سطح پر اعداد و شمار کی بات کی جائے تو سندھ میں 1 لاکھ 37 ہزار 106، خیبرپختونخواہ میں 37 ہزار 811، پنجاب میں 99ہزار 479، اسلام آباد میں 16 ہزار 611، بلوچستان میں 15 ہزار 281، آزاد کشمیر میں 2731 اور گلگت بلتستان میں 3ہزار 787 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔

  • معروف اداکار مرزا شاہی انتقال کرگئے

    معروف اداکار مرزا شاہی انتقال کرگئے

    کراچی: ٹی وی کے معروف اداکار مرزا شاہی 70 سال کی عمر میں کراچی میں انتقال کرگئے۔

    تفصیلات کے مطابق ٹی وی کے معروف اداکار مرزا شاہی دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے، وہ کئی روز سے سول اسپتال میں زیر علاج تھے۔

    مرحوم کے نواسے کبیر کشمیری نے ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مرزا شاہی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا اور وہ وینٹی لیٹر پر تھے۔

    واضح رہے کہ مرزا شاہی کا کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد اُن کی اہلیہ اور بیٹی کا بھی ٹیسٹ کیا گیا جس کی رپورٹ مثبت آئیں۔ رپورٹ آنے کے بعد دونوں ماں بیٹی قرنطینہ میں ہیں۔

    سفر زندگی

    مرزا شاہی نے 1965 میں اپنے فنی کیریئر کا آغاز کیا، انہوں نے کئی یادگار ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے جن میں نادانیاں، قدیسی صاحب کی بیوہ نمایاں ہیں۔

    ڈرامے ہائے جیدی، عید ٹرین میں بھی ان کے کرداروں کو خوب پسند کیا گیا، مرزا شاہی نے فلم چکوری، چھوٹے صاحب، سمیت متعدد سپر ہٹ فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔

    یاد رہے کہ چند روز قبل اداکار یاسر نواز اور عدنان صدیقی نے مرزا شاہی کی صحت یابی کے لیے مداحوں سے دعاؤں کی درخواست کی تھی۔

  • نجی سائبر کمپنی نے این ای ڈی یونیورسٹی کے تعاون سے سائبر سیکیورٹی سسٹم تیار کرلیا

    نجی سائبر کمپنی نے این ای ڈی یونیورسٹی کے تعاون سے سائبر سیکیورٹی سسٹم تیار کرلیا

    کراچی : نجی سائبر کمپنی نے این ای ڈی یونیورسٹی کے تعاون سے سائبر سیکیورٹی سسٹم تیار کرلیا، جو کسی بھی مشکوک یا غیر معمولی سرگرمی کی نشاندہی کی صلاحیت رکھتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق این ای ڈی یونیورسٹی میں نیشنل کلئیرنگ کمپنی کی جانب سے سائبر سیکیورٹی سسٹم پر سیمینار پر انعقاد کیا گیا، جس میں سائبر سیکیورٹی ماہرین سمیت ترکی کے قونصل جنرل نے بھی شرکت کی۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترک کونصل جنرل نے آئی ٹی سیکٹر میں پاکستان کی صلاحیتوں کو سراہا۔

    نیشنل کلیئرنگ کمپنی نے این ای ڈی کےاشتراک سےنیشنل سائبرسیکیورٹی سسٹم تیار کیا ہے ، سائبر سیکیورٹی سسٹم پہلے مرحلے میں کیپیٹل مارکیٹ کو تحفظ فراہم کرے گا اور خطرات کی نشاندہی کیساتھ غیرمعمولی رویوں کی بھی نشاندہی کرےگا۔

    اس موقع پر سیکورٹی ماہرین کا کہنا تھا کہ بنایا گیا سائبر سیکیورٹی سسٹم سائبر حملوں اور نقب زنی کو ناکام بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے، اس سے نہ صرف مالیاتی شعبے کو فائدہ ہوگا بلکہ پاکستان میں ٹیکنالوجی سے خود انحصاری بڑھے گی۔

  • انٹرمیڈیٹ سائنس اور میڈیکل ٹیکنالوجی کے امتحانات کے نتائج کا اعلان

    انٹرمیڈیٹ سائنس اور میڈیکل ٹیکنالوجی کے امتحانات کے نتائج کا اعلان

    کراچی: اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹرمیڈیٹ سائنس پری میڈیکل اور میڈیکل ٹیکنالوجی گروپس کے سالانہ امتحانات برائے 2020 کے نتائج کا اعلان کر دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق انٹرمیڈیٹ سائنس پری میڈیکل اور میڈیکل ٹیکنالوجی گروپس کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان ہو گیا، پری میڈیکل گروپ کے امتحانات میں 25321 امیدوار رجسٹرڈ ہوئے جن میں سے 25297 امیدوار کامیاب قرار پائے جب کہ کام یابی کا تناسب 99.91 فی صد رہا۔

    میڈیکل ٹیکنالوجی کے امتحانات میں صرف ایک امیدوار رجسٹرڈ ہوا جس نے سی گریڈ میں کامیابی حاصل کی۔

    چیئرمین انٹر بورڈ پروفیسر انعام احمد نے بتایا کہ کو وِڈ 19 کی وجہ سے امسال امتحانات منعقد نہیں ہوئے بلکہ طلبہ کو پروموٹ کرنے کی حکومتی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے تمام طلبہ کو گیارہویں جماعت کے حاصل کردہ نمبروں کے مطابق بارہویں جماعت کے پرچوں میں نمبرز دیے گئے، بارہویں جماعت کے پرچوں میں 3 فی صد اضافی نمبرز دیے گئے۔

    ناظم امتحانات شجاعت ہاشمی نے نتائج کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ انٹرمیڈیٹ سائنس پری میڈیکل گروپ کے سالانہ امتحانات برائے 2020 کے امتحانات میں 1631 امیدواروں نے اے ون گریڈ جب کہ 3534 نے اے گریڈ حاصل کیا۔

    4309 میدواروں نے بی گریڈ، 4165 امیدواروں نے سی گریڈ، 7624 امیدواروں نے ڈی گریڈ، 3965 امیدواروں نے ای گریڈ حاصل کیا جب کہ 69 امیدوار صرف پاس قرار پائے۔

    یاد رہے کہ اس سال پروموشن پالیسی کے مطابق طلبہ کو پوزیشنز نہیں دی گئی ہیں، نتائج کے اعلان کے فوری بعد ہی بورڈ کی ویب سائٹ پر یہ نتائج اپ لوڈ کر دیے گئے ہیں۔ امیدوار اپنے مجموعی نمبرز اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کی آفیشل اینڈرائڈ ایپ پر بھی دیکھ سکتے ہیں۔ اس اینڈرائڈ ایپ کو گوگل پلے اسٹور پر BIEK کے نام سے سرچ کر کے موبائل میں انسٹال کیا جا سکتا ہے۔

  • پاگل کتے کے کاٹے کا ایک اور دل خراش وقعہ، بچوں سمیت 5 افراد شدید زخمی

    پاگل کتے کے کاٹے کا ایک اور دل خراش وقعہ، بچوں سمیت 5 افراد شدید زخمی

    کراچی: شہر قائد کے علاقے تین تلوار میں پاگل کتے کے کاٹے کا ایک دل خراش واقعہ رونما ہوا ہے، جس میں 5 افراد شدید زخمی ہو کر اسپتال پہنچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق آج کراچی کے علاقے تین تلوار سے دو بچوں اور دیگر تین بڑی عمر کے زخمیوں کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا، معلوم ہوا کہ پانچوں افراد پاگل کتے کے کاٹنے سے زخمی ہوئے ہیں۔

    یہ واقعہ تین تلوار میں پیش آیا، ایک پاگل کتے نے بچوں پر حملہ کر دیا، وہاں موجود بڑی عمر کے تین افراد بھی کتے کا شکار ہوئے۔

    کتے کے کاٹے سے زخمی ہونے والوں میں 35 سالہ نواز خان، 60 سالہ چمن لال، 70 سالہ راجیش جے چند، 9 سالہ لڑکا کَرن اور 7سالہ ثمر شامل ہیں۔

    پاگل کتے نے ایک بچے کے گال پر کاٹا ہے، جب کہ ایک بچے کی ٹانگ اور ہاتھ زخمی ہوئے، بچے کی آنکھ بال بال بچی ہے، جب کہ بڑی عمر کے افراد کے ہاتھ اور پیر پر کتے نے کاٹا۔

    جناح اسپتال کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی نے بتایا کہ آج اسپتال کی ایمرجنسی میں پانچ زخمیوں کو لایا گیا، امکان یہی ہے کہ انھیں پاگل کتے نے کاٹا ہے۔ ان زخمیوں کو جناح اسپتال کے ڈوگ بائیٹ یونٹ میں ابتدائی طبی امداد دی گئی۔

    ڈاکٹر سیمی جمالی نے بتایا کہ تمام زخمیوں کو اینٹی ریبز ویکیسن فراہم کی جا چکی ہے۔

    واضح رہے کہ کراچی میں آئے روز کتے کے کاٹے کے واقعات رونما ہو رہے ہیں، اب تک متعدد بچے پاگل کتے کے کاٹے کا شکار ہو کر جانوں سے بھی ہاتھ دھو چکے ہیں، اینٹی ریبیز ویکسین کی عدم موجودگی بھی کراچی سمیت سندھ بھر کا ایک بڑا مسئلہ رہا ہے۔

  • سندھ میں اسکول کھولنے کے معاملے پر بے یقینی کی صورتحال برقرار

    کراچی: سندھ میں اسکول کھولنے کے معاملے پر بے یقینی کی صورتحال برقرار ہے اور والدین، طلبا پریشانی میں مبتلا ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزیر تعلیم سندھ سعید غنی 28 ستمبر سے تمام اسکول کھولنے کا اعلان کرچکے ہیں، وزیر صحت سندھ اسکول کھولنے کی مخالف ہیں، اس تمام صورت حال میں والدین، طالبعلم بے یقینی کا شکار ہیں۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ سندھ کے بیشتر نجی اسکول ایس او پیز پر عمل نہیں کرسکتے، ہزاروں اسکول سندھ بھر میں 80 سے 200 گز پر قائم ہیں۔

    ماہرین کے مطابق محکمہ تعلیم سندھ ہر اسکول میں معائنہ ٹیم نہیں بھج سکتی جبکہ بیشتر سرکاری اسکولوں کی صورت حال ابتر ہے۔

    مزید پڑھیں: وزیر صحت سندھ نے پرائمری اسکولوں کو کھولنے کی مخالفت کردی

    واضح رہے کہ جامعہ کراچی آئی بی اے میں طالب علموں میں کورونا کے مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، نجی اکیڈمی کے انتظامی افسر کورونا کے بعد گھر پر آئسولیشن میں ہیں۔

    یاد رہے 22 ستمبر کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے دوسرے مرحلے میں اسکولز کھولنے کی اجازت دیتے ہوئے کہا تھا کہ چھٹی سے آٹھویں جماعت تک کی کلاسزکا آغاز 23 ستمبر سے ہوگا۔

    خیال رہے حکومت سندھ نے 21 ستمبر سے چھٹی سے آٹھویں کی کلاسز شروع کرنے کا فیصلہ مؤخر کردیا تھا ، بعد ازاں سندھ حکومت نے 28ستمبر سے دوسرے مرحلے میں تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کیا ہے، وزیرتعلیم سعید غنی کا کہنا تھا کہ سندھ کے اسکولز 28 ستمبر کو کلاس 6 سے 8 کھولنے کے پابند ہوں گے۔