Author: انور خان

  • آئی بی اے کراچی کیمپس کے 2 طالبعلموں میں کورونا کی تصدیق ،  تدریسی عمل دو دن کیلئے معطل

    آئی بی اے کراچی کیمپس کے 2 طالبعلموں میں کورونا کی تصدیق ، تدریسی عمل دو دن کیلئے معطل

    کراچی :انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (آئی بی اے ) کے کراچی کیمپس کے 2 طالبعلم کورونا کا شکار ہوگئے، جس کے باعث تدریسی عمل دو دن کیلئے معطل کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آئی بی اے کراچی کیمپس کے دو طالبعلموں میں کوویڈ پازیٹو کی تصدیق ہوگئی ، کیمپس ذرائع کا کہنا ہے کہ طالبعلموں کا تعلق لاہور اور اسلام آباد سے ہے، طالبعلم آئی بی اے کراچی کے ہاسٹل میں رہائش پزیر ہیں۔

    آئی بی اے کراچی کیمپس اور سٹی کیمپس میں تدریسی عمل دو دن کیلئے معطل کردیا گیا ہے جبکہ دونوں طالبعلموں کو ہاسٹل کے آئسولیشن روم میں منتقل کردیا گیا ہے۔

    آئی بی اے میں 14ستمبر سے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کے تعاون سے کورونا ٹیسٹنگ کا عمل جاری ہے ،ایس او پی کو مزید موثر بنایا جائے گا، آئی بی اے کے دونوں کیمپس کے گرلز اور بوائز ہاسٹلز میں آئسولیشن روم کی سہولت موجود ہے۔

    ترجمان کے مطابق آئی بی اے کراچی کیمپس اور سٹی کیمپس انتظامی سرگرمی معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔

  • جامعہ کراچی: یونیورسٹی کھلنے کے پہلے دن ہی طلبا کا احتجاج

    جامعہ کراچی: یونیورسٹی کھلنے کے پہلے دن ہی طلبا کا احتجاج

    کراچی: جامعہ کراچی کے 5 ماہ بعد کھلتے ہی طلبا سراپا احتجاج بن گئے، طلبا کا مطالبہ ہے کہ آن لائن کلاسز کے دوران مشکلات کا سامنا رہا جبکہ سلیبس بھی مکمل نہیں ہوسکا لہٰذا امتحانات لیے بغیر پروموشن کی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق 5 ماہ بعد جامعہ کراچی کھلتے ہی ہزاروں طلبہ سراپا احتجاج بن گئے، سینکڑوں طلبہ و طالبات ایڈمن بلاک کے سامنے جمع ہوگئے۔

    احتجاج کرنے والے طلبہ امتحانات نہ لینے کا مطالبہ کر رہے ہیں، طلبہ کا مؤقف ہے کہ آن لائن کلاسز میں اساتذہ نے کچھ نہیں پڑھایا صرف اسائنمنٹ دیتے رہے، لہٰذا اب امتحانات بھی نہ لیے جائیں۔

    طلبہ کا کہنا ہے کہ ہمیں آن لائن کلاسز ہی کی بنیاد پر پروموشن دیا جائے۔ کئی طالبعلموں کا شکوہ ہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران آن لائن کلاسز لینے میں بھی مشکلات کا سامنا رہا۔

    ان کے مطابق صرف اسائنمنٹ کی تیاری کے تحت امتحانات میں شرکت نا ممکن ہے، سلیبس نامکمل نہیں ہوسکا تو امتحانات کا انعقاد کیسے ہوگا؟ امتحانات کا انعقاد روکا جائے اور آن لائن کلاسز کی بنیاد پر نتائج جاری کیے جائیں۔

    انتظامیہ کی جانب سے طلبا سے مذاکرات بھی کیے جارہے ہیں، امتحانات کے حوالے سے یونیورسٹی انتظامیہ کو بڑے چیلنج کا سامنا دکھائی دے رہا ہے۔

  • پاکستان میں ہر سال 10 لاکھ افراد خودکشی کی کوشش کرتے ہیں: ماہرین

    پاکستان میں ہر سال 10 لاکھ افراد خودکشی کی کوشش کرتے ہیں: ماہرین

    کراچی: طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ہر سال 10 لاکھ افراد خودکشی کی کوشش کرتے ہیں، سائیکو تھراپی سے خودکشی کی سوچ کو روکا جاسکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے جناح اسپتال میں ڈپارٹمنٹ آف سائیکیٹری اور پاکستان سائیکیٹری سوسائٹی کے تحت خودکشی سے بچاؤ کا عالمی دن منایا گیا، اس موقع پر منعقدہ سیمینار میں خودکشی اور ذہنی صحت سے متعلق آگاہی فراہم کی گئی۔

    سیمینار میں ماہرین نے شرکا کو بتایا کہ محتاط اندازے کے مطابق پاکستان میں ہر سال 10 لاکھ افراد خودکشی کی کوشش کرتے ہیں، پاکستان میں خودکشی سے مرنے والوں کا باقاعدہ ڈیٹا موجود نہیں ہے۔

    ماہرین کا کہنا تھا کہ 20 سے 29 سال کے افراد میں خودکشی کا رجحان زیادہ ہوتا ہے، سائیکو تھراپی سے خودکشی کی سوچ کو روکا جاسکتا ہے۔ کرونا وائرس سے لوگوں کے مرنے پر شور مچایا گیا تاہم خودکشی بھی ایک اہم مسئلہ ہے۔

    ماہرین نے کہا کہ خودکشی مخالف شعور کو فروغ دینا چاہیئے۔

    سیمینار میں ماہرین نے ذہنی صحت پر مختلف سرگرمیوں کے اثرات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پب جی گیم براہ راست کسی شخص کے رویے کو متاثر کرتا ہے، علاوہ ازیں 2 گھنٹے سے زائد اسکرین ٹائم بھی ذہنی صحت پر منفی اثرات مرتب کرتا ہے۔

  • والدین کیلئے اہم خبر ، مرحلہ وارتعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق تاریخوں کا اعلان

    والدین کیلئے اہم خبر ، مرحلہ وارتعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق تاریخوں کا اعلان

    کراچی : وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے مرحلہ وارتعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق تاریخوں کا اعلان کردیا اور کہا ہر تاریخ سے ایک روز قبل دوبارہ ریویو بھی کیا جائےگا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود کی زیرصدارت بین الصوبائی وزرائےتعلیم کے اجلاس کے بعد وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ تعلیمی ادارے15، 22 اور30 ستمبرکومرحلہ وارکھولےجائیں گے، ہر تاریخ سے ایک روز قبل دوبارہ ریویو بھی کیا جائےگا۔

    وزیر تعلیم سندھ کا کہنا تھا کہ صوبہ ایس اوپیزکی تیاری نہ ہونےپراسکولزکوکچھ دن بندش کی مہلت دےسکتاہے، سرجیکل ماسک لازمی نہیں کپڑے کا ماسک بھی قابل استعمال ہوگا۔

    سعیدغنی نے کہا تعلیمی ادارےکسی بچےکوبخاریاکھانسی ہےتووہ اسےاسکول نہ آنےدیں، صوبےمحکمہ صحت کےساتھ مل کر مانیٹرنگ کمیٹیاں تشکیل دیں ، مانیٹرنگ کمیٹیاں روزانہ کی بنیاد پر اسکولوں کا معائنہ کریں۔

    مزید پڑھیں : 15 ستمبر سے تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق اصولی فیصلہ ہوگیا

    یاد رہے وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود کی زیرصدارت بین الصوبائی وزرائےتعلیم کے اجلاس میں 15ستمبر سے نویں، دسویں جماعت ، یونیورسٹی اور کالجوں کو کھولنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ بڑی جماعتوں کی کلاسیں کھولنے کے بعد کورونا کیسز کومانیٹر کیا جائے گا، کوروناصورتحال کےپیش نظر ایک ہفتہ بعد چھٹی سے آٹھویں تک کی سرگرمیوں کا آغازہوگا۔

    تمام صوبائی وزرائےتعلیم نے تعلیمی سرگرمیاں مرحلہ وار شروع کرنے پر متفق ہوتے ہوئے کہا گیا کہ کورونا وائرس کے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد ہوگا جبکہ طلباکو ماسک کےساتھ تعلیمی اداروں میں داخلہ یقینی بنانےکی ہدایت کی جائے گی۔

  • حکومتی پالیسیوں کے باعث معاشی اشاریے بہتر ہوئے، عبدالحفیظ شیخ

    حکومتی پالیسیوں کے باعث معاشی اشاریے بہتر ہوئے، عبدالحفیظ شیخ

    کراچی : وزیراعظم کےمشیرخزانہ عبدالحفیظ شیخ کا کہنا ہے کہ حکومتی پالیسیوں کے باعث معاشی اشاریے بہتر ہوئے ، عمران خان کی سیاست کی بنیاد ہی یہی ہے کہ غریبوں کی مدد کی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کےمشیرخزانہ عبدالحفیظ شیخ نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا دورہ کیا اور گھنٹی بجاکرکاروبارکاآغاز کیا۔

    اسٹاک ایکس چینج میں 200 ارب روپے کے پاکستان انرجی سکوک 2 کی لسٹنگ کی تقریب ہوئی ، منعقدتقریب میں معاون خصوصی عبد الحفیظ شیخ نے شرکت کی جبکہ بینکوں کےسربراہان سمیت اسٹاک ایکس چینج کے ڈائیریکٹر اور دیگر شریک ہوئے۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشیرخزانہ عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ کارکردگی کےلحاظ سے پاکستان اسٹاک ایکس چینج دنیاکی چوتھی اور ایشیاکی پہلی بڑی مارکیٹ ہے۔

    مشیرخزانہ کا کہنا تھا کہ حکومتی پالیسیوں کےباعث معاشی اشاریےبہترہوئے، پر کیپیٹا انکم میں اضافہ ہوا ، معیشت کےاستحکام کےلیےمل کر کام کرناہوگا، بیرونی سرمایہ کاروں کے لیے سازگارماحول کی فراہمی پہلی ترجیح ہے۔

    عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ یہاں کام کرنےوالےاپنےمفادات پیچھے رکھیں ملکی مفادات کی بات کریں، وہ ممالک جنھوں نے اپنے لوگوں پر توجہ دی، انھوں نے ترقی کی ۔

    ان کا کہنا تھا کہ اسٹاک ایکسچینج معیشت کا اہم حصہ ہے، سب ٹیم ورک میں کام کریں،کرپشن کا خاتمہ کرنا ہے، تاجرآگے آئیں اور اس شعبے میں کام کریں۔

    مشیرخزانہ نے کہا کہ گیس کے90 فیصدصارفین کو زر اعانت دیا جارہا ہے، مارکیٹ ڈیولپمنٹ کے لیے ہم نے فیصلے کیے ہیں، اسٹیٹ بینک اور حکومت اسٹاک ایکسچینج کو خود مختار کرنا چاہتے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے بعد کورونا وائرس کے بعد ایکسپورٹس بڑھنا شروع ہوئی اور ایف بی آر کے ٹیکس محاصل بہتر ہوئے ہیں، معیشت کے مسائل سب جانتے ہیں، لیکن ہمیں بہترین ٹیم کو اکٹھا کرنا ہے، پاکستانی معیشت کو بہتر کرنے اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے نئے آلات لا رہے ہیں۔

    عبدالحفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ کورونا وبا میں اخراجات حکومت نے پہلے کم کیے، 1.1 کھرب کے نان ٹیکس کے ٹارگٹ 5 کھرب تک جمع کیے گئے، سیلز ٹیکس میں 17فیصد کی شرح سے ٹیکس کے ہدف حاصل کیےگئے، فرٹیلائزر اور ٹیوب ویل میں سبسڈی دی گئی، فاٹامیں 152 ارب کا فنڈ دیاگیا،آزادجموں کشمیرمیں بھی سبسڈی دی۔

    انھوں نے کہا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر 5بنیادی اشیاپر سبسڈی دی گئی اشیاسستی ہیں، زرعی برآمدات کو سہولتیں دی جارہی ہیں،ریفنڈ کے 250 ارب روپے دیے گئے، ریفنڈ فارم جمع کرنے کے 72 گھنٹوں میں پیسے مل رہے ہیں۔

    مشیرخزانہ کا کہنا تھا کہ 2013 سے آج تک 5کروڑ کے ریفنڈ فوری واپس کیے جائیں، 50 فیصد کوٹیکس ریفنڈ ادا کردیے گئے، ایکسپورٹرز کوٹیکس چھوٹ دی گئی ہے، چھوٹے کمرشل اداروں کے 3ماہ کے بل معاف کیے گئے، 1240ارب کا کورونا ریلیف پیکیج دیا گیا جبکہ 280 ارب کی گندم کی خریداری کی گئی۔

    عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ نجی شعبےکی حوصلہ افزائی سےمعیشت میں بہتری لارہے ہیں، صنعتی شعبےکوبجلی اورگیس پرسبسڈی دی جارہی ہے، حکومت کے آنے کے وقت ایک بحران کی کیفیت تھی۔

    ان کا کہنا تھا کہ ملک میں اقتصادی بحران تھا اس لیے حکومت آئی ایم ایف کے پاس گئی، ہم نے کوشش کی کہ معیشت کی سمت درست کریں، غربت کے خاتمے کے لیے پروگرام لائے تاکہ غریبوں تک پیسے پہنچیں۔

    مشیرخزانہ نے مزید کہا کہ حکومت برآمدات میں اضافے کے لیے نجی شعبے کے کردار کی معترف ہے، دیگر سہولتوں سمیت کاروبارکے لئے آسان شرائط پر قرض دیے جارہے ہیں، حکومت نے معیشت کی بہتری اور استحکام کے ٹھوس اقدامات کیے۔

    عبدالحفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ غربت کےخاتمےاورپسماندہ طبقےکی بحالی پرخصوصی توجہ دی گئی، تعمیراتی شعبے کے فروغ سے دیگر صنعتیں بھی ترقی کریں گی، تعمیراتی شعبے کی ترقی کے لیے حکومت کی طرف سے مراعات کا اعلان کیا گیا ، تعمیری شعبے سےمتعلق وزیراعظم مستقل اجلاس کرتے ہیں۔

    پاک سعودی تعلقات کے حوالے سے انھوں نے کہا سعودی عرب سے تعلقات مثالی ہیں ، پاکستان اورسعودی عرب کےتعلقات مزیدمضبوط ہوں گے۔

    مشیرخزانہ کا کہنا تھا کہ وفاقی اورصوبائی حکومت مل کرکراچی میں کام کریں گی، مالی وسائل وفاقی اور صوبائی حکومت دونوں فراہم کریں گے، کراچی پاکستان کی معیشیت کیلئے اہم ترین شہر ہے، یہاں معاشی سرگرمیاں بڑھانے سے ہی معاملات بہترہوں گے ، اچھی بات ہے وفاق اور صوبائی حکومت مل کرکام کررہے ہیں، بہتری کے لیے 1100ارب کےفنڈفراہم کیے جائیں گے۔

    عبدالحفیظ شیخ نے مزید کہا کہ ہم پرقرضوں کا بوجھ کافی عرصے ہے، فوج کابجٹ مستحکم رکھا گیا دیگر سیکٹر کے بجٹ میں کمی کی گئی، آج سکوک لانچ کیا گیا اس میں قرض کی آسان شرائط رکھی گئی ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ گیس بجلی میں حکومت سبسڈی دے رہی ہے، عمران خان کی سیاست کی بنیاد ہی یہی ہے کہ غریبوں کی مدد کی جائے، ان کے اپنے کاروبار نہیں نہ ہی کسی جاننے والے کو فائدہ پہنچانا ہے۔

    مشیرخزانہ نے مزید کہا ارب چھوٹے گھروں کی تعمیرات کےلیےرکھے گئے ہیں، تعمیراتی شعبوں میں بہت سے ٹیکسوں میں چھوٹ دی گئی ہے، اب کوئی تعمیرات کرےگا تو اسے ٹیکسوں میں چھوٹ ملے گی، جے آئی ڈی سی کے معاملے کو سنجیدگی سے دیکھیں گے، ہم جان بوجھ کر کسی بھی شعبہ پر کوئی اضافی بوجھ نہیں ڈالیں گے۔

    عبدالحفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ مل کر کام کریں گے اور ملکی معیشت کی صلاحیت سے بھرپور فائدہ لیں گے، پاکستانی مصنوعات کے لیے نئی مارکیٹ ڈھونڈیں، ہم سب مل کر پاکستانی عوام کی توقعات پوری کریں گے۔

  • جامعہ کراچی نے اسناد کی فیسوں میں اضافہ کر دیا

    جامعہ کراچی نے اسناد کی فیسوں میں اضافہ کر دیا

    کراچی: جامعہ کراچی نے اسناد اور دیگر دستاویزات کی تصدیق کے لیے فیسوں میں اضافہ کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی یونی ورسٹی کی جانب سے اسناد کی فیسوں سے متعلق ایک نوٹیفکیشن جاری ہوا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ تصدیقی دستاویز کی فیس 1 ہزار سے بڑھا کر 2 ہزار روپے تک کر دی گئی ہے۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق کسی دستاویز کی تصدیق اور کورنگ لیٹر فیس 1500 سے بڑھا کر 2750 کر دی گئی ہے، اوورسیز طالب علموں کی دستاویز کی فیس 100 ڈالر سے بڑھا کر 150 ڈالر کر دی گئی ہے۔

    دوبارہ مارک شیٹ کی فیس ایک ہزار سے بڑھا کر 1500 روپے کر دی گئی، ایچ ای سی سے تصدیق کی فیس بھی 2750 کر دی گئی، مجموعی نمبرز کی دستاویزات کی فیس بھی 5 ہزار سے بڑھا کر 7500 کر دی گئی ہے۔

    نویں سے بارہویں جماعت کے طلبا کیلئے اہم خبر ، تعلیمی نصاب میں نیا مضمون شامل

    ادھر سندھ حکومت نے نویں سے بارہویں تک بنیادی حقوق سے متعلق اہم مضمون تعلیمی نصاب میں شامل کر دیا ہے، اے اے  جی سندھ نے کہا ہے کہ سندھ پہلا صوبہ ہے جہاں بنیادی حقوق نصاب تعلیم کا حصہ بنے ہیں۔ اے اے جی سندھ نے کہا کہ آئین عوام کو کون سے حقوق دیتا ہے، طلبہ یہ حصول تعلیم کے دوران ہی جان سکیں گے۔

  • کراچی والے پھر ہوجائیں تیار، مزید بارشوں کی پیشگوئی

    کراچی والے پھر ہوجائیں تیار، مزید بارشوں کی پیشگوئی

    کراچی والے ایک بار پھر ہوجائیں تیار، محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیش گوئی کردی، مون سون کا نیا اسپیل بھی بارشوں کا سبب بنے گا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مون سون کا ایک اور سسٹم ہفتہ کو سندھ میں داخل ہونے کا امکان ہے، بارش برسانے والا ہوا کا کم دبائو ہفتہ سندھ میں داخل ہونے کی توقع ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتے سےپیر کےدوران کراچی سمیت حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین، شہیدبینظیر آباد اور دادد میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

    کراچی سمیت حیدرآباد،ٹھٹھہ،میرپورخاص اور بدین میں ایک بار پھر اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے جب کہ تھرپارکر، نگرپارکر، میرپورخاص،اسلام کوٹ،سانگھڑ،سکھر،لاڑکانہ میں بھی تیز ہوائوں کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں کل ہفتے کے روز بھی موسم ابر آلور رہےگا، اتوار کے روز بھی کالی گھٹائیں چھائی رہیں گی، گرج چمک کے ساتھ کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارشیں متوقع ہے۔

  • بارشوں کا ساتواں اسپیل ، کراچی والے ایک بار پھر تیار ہوجائیں

    بارشوں کا ساتواں اسپیل ، کراچی والے ایک بار پھر تیار ہوجائیں

    کراچی : محکمہ موسمیات نے 30 اگست سے کراچی سمیت سندھ بھر میں مون سون بارشوں کا ساتواں اسپیل شروع ہونے کی پیش گوئی کردی ہے اور کہا ہفتہ سے پیر کے دوران موسلادھار بارش متوقع ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت سندھ بھر میں ساتویں اسپیل کی پیشگوئی کردی اور کہا 30 اگست سے پاکستان میں مون سون بارشوں کا نیا اسپیل شروع ہوگا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مون سون کا ایک اور سسٹم ہفتہ کو سندھ میں داخل ہونے کا امکان ہے، جس کے باعث ہفتہ سے پیر کے دوران کراچی ،حیدرآباد،ٹھٹھہ،بدین،داددمیں موسلادھار بارش متوقع ہے۔

    محکمہ موسمیات نے کراچی،حیدرآباد،ٹھٹھہ،میرپورخاص اوربدین میں ایک بار پھراربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ تھر پارکر، نگرپارکر، میرپورخاص،اسلام کوٹ،سانگھڑ،سکھر،لاڑکانہ میں بھی بارش متوقع ہے۔

    چیف میٹرلوجسٹ کا کہنا ہے کہ کراچی میں بارش کا کمزور سسٹم موجود ہے، جس کے باعث کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش کا امکان ہے جبکہ آج ایک اور ہیوی اسپیل ٹھٹھہ میں تیز بارش کا سبب بنے گا۔

    کراچی میں آئندہ 2 روز مطلع ابرآلود رہے گا جبکہ وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے ، آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا۔

    خیال رہے گذشتہ روز کراچی میں ہونے والی طوفانی بارش کے باعث مختلف حادثات میں خواتین اور بچوں سمیت کم از کم 18 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق شام تک 200 ملی میٹر سے زیادہ بارش ہو چکی ہے جبکہ بارش کا یہ سلسلہ جمعے تک جاری رہ سکتا ہے، متاثرہ علاقوں میں پانی کی نکاسی کا کام اور امدادی سرگرمیاں جاری ہیں جن میں سول انتظامیہ کے ساتھ فوجی جوان بھی شریک ہیں۔

    سندھ حکومت نے بارش کے سیلابی صورتحال کے پیشِ نظر جمعے کو تعطیل کا اعلان کیاجبکہ کراچی سمیت سندھ بھر میں ’رین ایمرجنسی‘ بھی نافذ ہے۔

  • مون سون کے چھٹے اسپیل میں کہاں کتنی بارش ہوئی؟

    مون سون کے چھٹے اسپیل میں کہاں کتنی بارش ہوئی؟

    کراچی: مون سون کے چھٹے اسپیل کے دوسرے روز اب تک کہاں کتنی بارش ریکارڈ کی گئی، محکمہ موسمیات نے اعداد و شمار جاری کر دیے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی شہر میں آج سب سے زیادہ بارش لانڈھی میں 18 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، جب کہ گلشن حدید میں 17 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق سرجانی میں 16.5 ملی میٹر، صدر میں 12 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، کراچی کے علاقوں نارتھ کراچی میں 9.6 ملی میٹر، کیماڑی میں 8 ملی میٹر، جناح ٹرمینل پر 7 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

    کراچی میں بارش ، پاک فوج کی ٹیمیں انتظامیہ کے ساتھ ریسکیو کے کاموں میں مصروف

    پی اے ایف فیصل بیس میں 5 ملی میٹر، اولڈ ایئر پورٹ پر 3 ملی میٹر، سعدی ٹاؤن میں 2.4 ملی میٹر، مسرور بیس 2 ملی میٹر، یونی ورسٹی روڈ اور جوہر میں 1.4 ملی میٹر، جب کہ ناظم اباد میں 1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

    یاد رہے گزشتہ روز گرج چمک کے ساتھ ہونے والی بارش کے بعد شہر میں حکام کے دعوؤں کے برعکس ایک بار پھر سیلابی صورت حال پیدا ہو گئی تھی، مختلف علاقوں میں نالے ابل پڑے تھے اور گندا پانی گھروں میں داخل ہو گیا تھا، سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کر رہی تھیں، جس سے کراچی کے شہری ایک بار شدید تکلیف میں آ گئے۔

  • کیمبرج اسیسمنٹ انٹرنیشنل ایجوکیشن کا  طلبا کو فائنل گریڈ دینے سے متعلق  بڑا فیصلہ

    کیمبرج اسیسمنٹ انٹرنیشنل ایجوکیشن کا طلبا کو فائنل گریڈ دینے سے متعلق بڑا فیصلہ

    کراچی : کیمبرج اسیسمنٹ انٹرنیشنل ایجوکیشن نے فیصلہ کیا ہے کہ اساتذہ کے تیار کردہ گریڈز پر طلبا کو فائنل گریڈ دیا جائے گا، اسکولوں کوجلد ہی نئے گریڈز کا اجرا کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق کیمبرج اسیسمنٹ انٹرنیشنل ایجوکیشن نے طلبا کو فائنل گریڈ دینے سے متعلق بڑا فیصلہ کرلیا ، کیمبرج بورڈ کا کہنا ہے کہ اساتذہ کے تیار کردہ گریڈز پرطلبا کو فائنل گریڈ دیا جائےگا، اعلامیہ تمام اسکولوں کو بھی ارسال کردیا جائے گا، اسکولوں کوجلد ہی نئے گریڈز کا اجراکر دیا جائے گا۔

    گذشتہ روز کیمبرج یونی ورسٹی کے اے لیول، جی سی ایس ای کے نتائج پر طلبہ اور والدین نے تحفظات کا اظہار کیا تھا، کرونا وائرس کی وجہ سے طلبہ کو اندازے پر مبنی امتحانی نتائج دیے گئے تھے اور 40 فی صد نتائج میں طلبہ کو پہلے سے کم گریڈ ملے۔

    لندن کے پاکستانی نژاد میئر صادق خان نے نتائج تبدیلی کے فیصلے کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان میں بھی ہزاروں طلبہ کیمبرج نتائج سے مطمئن نہیں ہیں، پاکستان میں بھی طلبہ نے او لیول، اے لیول کے برطانوی نتائج کے خلاف احتجاج کیا تھا۔

    واضح رہے کہ سارا سال محنت کرنے والے دنیا بھر کے طلبہ کو کیمبرج یونی ورسٹی کی جانب سے 40 فی صد ڈاؤن گریڈنگ کے ذریعے A سے C اور D گریڈ دے دیا گیا ہے، طلبہ کو انفرادی طور پر اپیل کے حق سے بھی محروم کر دیا گیا ہے، اور صرف اسکولز کو مجموعی طور پر اپیل کرنے کی اجازت دی گئی۔

    آل سندھ پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن نے آج اس پر احتجاج کرتے ہوئے O اور A لیول کے نتائج مایوس کن اور ناقابل قبول قرار دیا، تنظیم کا کہنا تھا کہ اس طرح ڈاؤن گریڈنگ سے لاکھوں طلبہ کا مستقبل متاثر ہوگا، حکومت کیمبرج یونی ورسٹی کو نتائج پر نظرثانی کے لیے مجبور کرے۔