Author: ارباب چانڈیو

  • سندھ اسمبلی میں گرما گرمی، سہیل انور سیال کی پی ٹی آئی رکن کو مارنے کی کوششش

    سندھ اسمبلی میں گرما گرمی، سہیل انور سیال کی پی ٹی آئی رکن کو مارنے کی کوششش

    کراچی: سندھ اسمبلی کا اجلاس شروع ہوتے ہی ہنگامی آرائی کی نذر ہوگیا، پیپلزپارٹی رہنما سہیل انور سیال نے پی ٹی آئی رکن کو مارنے کی کوشش کی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی نے سندھ کے حصے کا پانی دینے کی قرارداد کی مخالفت کی تو سہیل انور سیال غصے میں آگئے اور پی ٹی آئی رکن کو مارنے کی کوشش کی۔

    پی ٹی آئی رکن محمد علی جی جی نے قرارداد کی مخالفت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ارسا پانی حصے کا دے رہا ہے، پانی تو سندھ میں ہے، ایک لوٹا پہلے کہتا تھا کہ پیپلزپارٹی والے پانی لے گئے ہیں۔

    صوبائی وزیر آبپاشی سہیل انور سیال نے کہا کہ جو پانی پر صوبے کی مخالفت کرے گا ان کے گھروں میں گھسیں گے، تم لوگ پانی کی مخالفت کرتے ہوئے شرم آنی چاہیے، ایم این ایز قومی اسمبلی میں تسلیم اور یہاں مخالفت کررہے ہیں۔

    سہیل انور سیال پی ٹی آئی اراکین کی طرف حملے کے لیے لپکے تو ساتھیوں نے انہیں روک لیا۔

    دوسری جانب ایم کیو ایم پاکستان کی رکن منگلا شرما نے قرارداد کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کو پانی کیوں نہیں مل سکتا، پانی کی کمی کی وجہ سے ہماری فصلیں تباہ ہوں گی۔

    انہوں نے کہا کہ ارسا میں اتنی ہمت نہیں کہ وہ بہتر موقف پیش کرے، مکیش کمار چاؤلہ نے کہا کہ آج قومی اسمبلی میں اسٹینڈنگ کمیٹی نے مانا ہے، پی ٹی آئی والوں پر افسوس ہورہا ہے۔

  • کچے میں آپریشن ، سندھ حکومت کا بڑا فیصلہ

    کچے میں آپریشن ، سندھ حکومت کا بڑا فیصلہ

    کراچی: سندھ حکومت نے شکار پور آپریشن میں پولیس جوانوں کی شہادت کے بعد ڈاکوؤں کیخلاف فوجی آپریشن کی منظوری دے دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر شبیر بجارانی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سندھ حکومت نے شکارپور کےکچے میں ڈاکوؤں کیخلاف فوجی آپریشن کی منظوری دے دی ہے، آپریشن کے لئے رینجرز اور فوج کو پولیس کیساتھ شامل کیا جائےگا اور کچے میں چھپے ڈاکوؤں کے خلاف بڑا اور فیصلہ کن آپریشن کیا جائے گا۔

    شکارپور کے علاقے گڑھی تیغو میں واقع کچے کے علاقے میں پولیس کا ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن دوسرے روز بھی جاری ہے، ایس ایس پی امیر سعود مگسی کی سربراہی آپریشن کیا جارہا ہے۔

    پولیس اہلکاروں نے ڈاکوؤں کی جانب سے یرغمال بنائی گئی ای پی سی چین کو ڈاکوؤں کے قبضے چھڑاتے ہوئے ان کے ٹھکانوں کو گھیرے میں لے لیا ہے، پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران ڈاکوؤں کے متعدد ٹھکانوں کو مسمار کرکےآگ لگادی ہے۔

    ایس ایس پی امیر سعود مگسی کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران کچے کے راستوں کا محاصرہ کرلیا گیا ہے اور ڈاکوؤں کا گھیراؤ تنگ کردیا گیا ہے، پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے، علاقے میں ڈاکوؤں کے مکمل خاتمے اور تمام مغویوں کی بازیابی تک آپریشن جاری رہے گا۔

    گذشتہ روز سندھ پولیس نے شکار پور میں کچے کے علاقے میں آپریشن کرتے ہوئے 6 ڈاکوؤں کو ہلاک جبکہ ایک کو گرفتار کیا تھا، مقابلے میں دو پولیس اہلکار بھی شہید ہوئے تھے۔

    پولیس کا موقف ہے کہ ڈاکوؤں نے بارہ کے قریب افراد کو اغوا کرتے ہوئے ان علاقوں میں رکھا ہوا ہے، ان میں سے چھ افراد کو بازیاب کرایا جاچکا ہے، ڈاکو ان افراد کو اغوا کے بعد بھاری تاوان وصول کرنے کے بعد چھوڑ دیتے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: سندھ پولیس مکمل طور پر ناکام ہے تو آئین میں گنجائش ہے، اسد عمر

    واضح رہے کہ آج خیرپور کے دورے کے موقع پر وفاقی وزیر اسد عمر نے سندھ میں امن و امان کی صورت حال کو انتہائی مخدوش قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ سندھ پولیس مکمل طور پر ناکام ہےتو آئین میں گنجائش موجود ہے۔

    اسد عمر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ قبائلی جھگڑوں کے باعث قتل عام ہو رہا ہے، اب وفاق کو سنجیدگی سے رینجرز آپریشن پر غور کرنا چاہیے۔

  • کراچی کے شہریوں پر رات 8 بجے کے بعد غیرضروری گھومنے پر پابندی، نیا حکم نامہ جاری

    کراچی کے شہریوں پر رات 8 بجے کے بعد غیرضروری گھومنے پر پابندی، نیا حکم نامہ جاری

    کراچی : سندھ حکومت نے شہر قائد میں لاک ڈاؤن مزید سخت کرنے کا فیصلہ کرلیا ، شہریوں کو رات 8 بجے کے بعد غیرضروری گھومنے کی اجازت نہیں، نیا حکم نامہ جاری کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ کی زیرصدارت کوروناٹاسک فورس کا اجلاس ہوا، ترجمان وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کاروبار کےاوقات صبح 5 بجے سے شام 6 بجے ہوں گے ، بیکری اور ملک شاپ رات 12 بجے تک ، ڈیپارٹمنٹل اور سپر اسٹور شام 6 بجے تک کھلے رہیں گے جبکہ جمعہ اور اتوار کے دن کاروبار مکمل بند رہیں گے۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے کہا خودسرپرائز وزٹ بھی کروں گا، اوقات کار کی خلاف ورزی ہوئی توکارروائی کروں گا، ہم نے2ہفتےکیلئےپابندیوں پرمکمل عمل کیا تو آگے آسانی ہوگی۔

    اجلاس میں سندھ حکومت نے شہر قائد میں لاک ڈاؤن مزیدسخت کرنےکافیصلہ کرلیا ، اس حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ نے نیا حکم نامہ جاری کردیا ہے ، جس کا اطلاق کل سے کیا جائے گا۔

    حکم نامے میں کہا گیا کہ شہریوں کو رات 8 بجےکے بعد غیرضروری گھومنے کی اجازت نہیں ، آئی جی سندھ گاڑیوں میں غیرضروری گھومنے والے شہریوں کو روکیں، صرف اسپتال یاضروری کام سے نکلنے والے شہریوں کواجازت دی جائے۔

    کراچی میں مغرب کے بعد تمام پارکس کی لائٹس بھی بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، مراد علی شاہ نے کہا عوام نے تعاون کیا تو دو ہفتے بعد کیسزمیں کمی آنا شروع ہو جائیں گی ، کیسزکم ہوئے تو لاک ڈاؤن کھولنے کی طرف جائیں گے۔

  • سندھ: کرونا کیسز میں اضافہ، پابندیاں مزید سخت، دکانیں شام کو ہی بند کرنے کا حکم

    سندھ: کرونا کیسز میں اضافہ، پابندیاں مزید سخت، دکانیں شام کو ہی بند کرنے کا حکم

    کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کرونا کیسز میں اضافے کے بعد صوبے بھر میں سخت لاک ڈاؤن نافذ کرتے ہوئے کاروبار  کے اوقات رات آٹھ کے بجائے شام 6 بجےتک کرنے کا اعلان کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کرونا ٹاسک فورس کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ میں اگلے 2 ہفتے مزید سخت پروٹوکول کررہے ہیں، لوگوں سے تعاون چاہتا ہوں۔

    اُن کا کہنا تھا کہ کیسز میں اضافے کے بعد ٹاسک فورس نے سخت اقدامات کرنے کی تجویز دی ہے،  ماہرین نے اس وقت سخت احتیاط کرنے کا مشورہ دیا ہے، موجودہ جوصورت حال میں کسی قسم کی کوئی نرمی کی گنجائش نہیں ہے۔

    وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ سندھ میں کرونا کیسز میں اضافہ ہورہا ہے، اسپتالوں میں مریضوں کی گنجائش ختم ہوگئی، اگر عوام نے ایس او پیز پر عمل نہ کیا تو صورت حال بہت خراب ہوسکتی ہے کیونکہ عید کے بعد کیسز میں شرح میں بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ’ویکسی نیشن کے حوالے سے مختلف قیاس آرائیاں شروع ہوگئیں ہیں، عوام افواہوں پر دھیان نہ دیں اور بے فکر ہوکر ویکسین لگوائیں، حکومت سندھ نے ٹرائلز کے بعد ہی ویکسی نیشن لگانے کا فیصلہ کیا، ایکسپو سینٹر کو بند کردیا تھا مگر اب مریضوں میں اضافے اور ویکسی نیشن کی وجہ سے اسے دوبارہ کھولا گیا ہے‘۔

    مراد علی شاہ نے کہا کہ ’ایکسپوسینٹرمیں بھی مریضوں سے 50فیصد جگہ بھرچکی ہے، عوام ایس او پیز پر عمل کریں گے تو ہم بہتری کی طرف جاسکتے ہیں، سندھ حکومت عوام کی صحت اور جان و مال کے لیے سنجیدہ اقدامات کررہی ہے، پہلےوالی بندشیں ایک دوہفتےتک برقراررہیں گی، اب دکانیں 8 کے بجائے 6 بجے بند کی جائیں گی‘۔

    وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ادویات کی دکانوں میں اگر کسی نے انڈے اور ڈبل روٹی فروخت کیے تو میڈیکل اسٹور کو بند کردیا جائے گا، پیٹرول پمپس اور ریسٹورنٹس کو ٹیک اوے اور ہوم ڈلیوری کی اجازت ہے جبکہ اسکولز کو مزید دو ہفتوں کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

    کراچی میں ہونے والے بجلی کے طویل بریک ڈاؤن پر مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ’کل پورےسندھ میں شدیدگرمی کے باعث بجلی نہیں تھی، کے الیکٹرک بالکل ناکام ہوچکی ہے، انہیں لوگوں کے دکھ اور تکلیف کا احساس نہیں ہے‘۔

  • سندھ حکومت کا ‘ڈرائیو تھرو’ کورونا ویکسینیشن شروع کرنے کا فیصلہ

    سندھ حکومت کا ‘ڈرائیو تھرو’ کورونا ویکسینیشن شروع کرنے کا فیصلہ

    کراچی: سندھ حکومت نے کورونا ویکسینیشن کی یومیہ تعداد بڑھانے کے لیے نئی حکمت عملی تیار کرلی جس کے تحت ‘ڈرائیو تھرو’ کوروناویکسینیشن شروع کرنے کا فیصلہ ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی حکومت کی ڈرائیو تھرو حکمت عملی کے تحت موبائل وین کے ذریعے مختلف عوامی مقامات پر کوروناویکسین لگائی جائے گی، صنعتی ورکرز کو کوروناویکسین لگانے کے لیے الگ انتظامات کی تیاری ہورہی ہے۔

    مختلف صنعتی علاقوں میں خصوصی ویکسین سینٹرز قائم کیے جائیں گے۔

    صنعتی ایسوسی ایشنز کے دفاتر میں بھی ویکسین سینٹرز قائم کیے جائیں گے۔ ویکسین وین سی ویو، شاپنگ پلازہ اور جامعات میں ویکسینیشن کرے گی۔ ڈوز کی مطلوبہ تعداد کا اسٹاک ملتے ہی ماس ویکسینیشن مہم کا آغاز کیا جائے گا۔

    پاکستان نے روسی ساختہ کرونا ویکسین کی بڑی ڈیل فائنل کرلی

    ادھر پاک فوج نے روسی ساختہ کرونا ویکسین اسپٹنک وی کی 20 لاکھ ڈوزز کا آرڈر دے دیا، 2 لاکھ ڈوزز پر مشتمل پہلی کھیپ جلد پاکستان پہنچے گی۔ پاکستان نے روسی ساختہ کرونا ویکسین اسپٹنک وی کی بڑی ڈیل فائنل کرلی، پاک فوج نے 20 لاکھ ڈوزز کا آرڈر دے دیا۔

    روسی ویکسین کی پہلی کھیپ جس میں 2 لاکھ ڈوزز ہوں گی، جلد پاکستان پہنچیں گی۔ 2 لاکھ ڈوزز کی پہلی کھیپ ابو ظہبی ایئرپورٹ پر موجود ہے۔ پاک فضائیہ کا طیارہ پہلی کھیپ ابوظہبی ایئرپورٹ سے لے کر پاکستان پہنچے گا۔

  • سندھ حکومت نے عید کے موقع پر ریسٹورنٹس  کو ٹیک اوے کی اجازت دے دی

    سندھ حکومت نے عید کے موقع پر ریسٹورنٹس کو ٹیک اوے کی اجازت دے دی

    کراچی : وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ریسٹورنٹس کو ٹیک اوے کی اجازت دیتے ہوئے کہا ریسٹورنٹس کو کرسی لگانے کی اجازت نہیں ہوگی، ٹیک اوے کے لیے کوئی اپنی گاڑی سے نہیں اترے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی صدارت میں کورونا ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا، جس میں وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ ایکسپو ویکسی نیشن سینٹر عید کے دوران کھلا رکھیں اور عید کے بعد دیگرشہروں میں ویکسی نیشن سینٹرزقائم کئےجائیں۔

    مرادعلی شاہ کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال عید پر ملنا جلنا بڑھنےسے30فیصدکیسز بڑھ گئےتھے، اس سال عوام سے پرزور اپیل ہے رشتےداروں کو گھر آنے سے روکیں، لوگ احتیاط نہیں کریں گے تو صورتحال پھر عید کے بعد خراب ہوجائے گی۔

    وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ریسٹورنٹ کو ٹیک اوےکی اجازت دے دی اور کہا ریسٹورنٹس کو کرسی لگانے کی اجازت نہیں ہوگی، ٹیک اوے کے لیے کوئی اپنی گاڑی سے نہیں اترے گا۔

    اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ اس رمضان کے پہلے ہفتے میں 4.71 فیصد کیسز اور 23 اموات ، دوسرے ہفتے میں 6.31 فیصد کیسزاور43 اموات ۔، تیسرے ہفتے میں6.96 فیصد کیسز اور 62 اموات اور چوتھے ہفتے میں 7.08 فیصد کیسز اور 64 اموات ہوئیں۔

  • حلقہ این اے 249 میں‌ دوبارہ گنتی کا عمل مکمل، کون کامیاب ہوا؟

    حلقہ این اے 249 میں‌ دوبارہ گنتی کا عمل مکمل، کون کامیاب ہوا؟

    کراچی: شہر قائد کے حلقہ برائے قومی اسمبلی این اے 249 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا عمل مکمل ہوگیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق مسلم لیگ ن کے امیدوار مفتاح اسماعیل کی جانب سے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں دائر درخواست پر ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا عمل مکمل ہوگیا ہے۔

    دوبارہ گنتی کے دوران تقریباً تمام ہی جماعتوں کے امیدواران کے ووٹ کم ہوئے۔

    غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق دوبارہ گنتی میں قادر مندو خیل 906 کی برتری سے کامیاب ہوئے جبکہ اس سے قبل وہ 683 ووٹوں سے کامیاب ہوئے تھے۔

    این اے 249 کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق  دوبارہ گنتی میں پیپلزپارٹی کے امیدوار قادر مندو خیل کو پہلے سے زیادہ برتری حاصل ہوئی۔

    مزید پڑھیں: این اے 249: پی ٹی آئی نے ضمنی انتخاب کالعدم قرار دینے کی درخواست دائر کر دی

    الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار مجموعی طور پر 15 ہزار 656 ووٹ حاصل کر کے پہلے اور مسلم لیگ ن کے امیدوار مفتاح اسماعیل 14 ہزار 747 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

    واضح رہے کہ  قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 249 میں 29 اپریل کو ضمنی انتخاب کا انعقاد کیا گیا تھا، جس میں پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار کامیاب قرار پائے تھے۔

    مسلم لیگ ن کے امیدوار نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں درخواست دائر کی تھی، جس پر الیکشن کمیشن نے دوبارہ گنتی کا حکم دیا۔

    یہ بھی پڑھیں: این اے 249 ضمنی انتخاب، ووٹوں کی دوبارہ گنتی جاری، پی پی کے سوا تمام جماعتوں کا بائیکاٹ

    الیکشن کمیشن نے دوبارہ گنتی کے  عمل کے دوران تمام سیاسی جماعتوں اور آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے والے امیدواران کو آر او آفس طلب کیا تھا مگر پی پی پی کے علاوہ تمام جماعتوں نے دوبارہ گنتی کے عمل کا بائیکاٹ کردیا تھا۔

  • پاکستان کا سب سے بڑا ویکسینیشن سینٹر کراچی میں قائم

    پاکستان کا سب سے بڑا ویکسینیشن سینٹر کراچی میں قائم

    سندھ حکومت نے ملک کے سب سے زیادہ آبادی والے شہر کراچی میں پاکستان کا سب سے بڑا ‏ویکسینیشن سینٹر قائم کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نےایکسپو سینٹر میں کوروناویکسینیشن کیلئےمیگا سینٹرقائم کیا ‏جس میں روزانہ 30ہزار افراد کو مفت ویکسین لگائی جاسکےگی۔

    ایکسپو سینٹر میں بڑے پیمانے پر شہریوں کی ویکسی نیشن اتوار 9 مئی سے شروع ہو گی اور ‏ویکسین لگانے کا عمل بلاتعطل 24 گھنٹے جاری رہے گا۔

    ویکسی نیشن سینٹر وزیراعلیٰ سندھ کی نگرانی میں کام کرے گا۔

    سندھ حکومت نے کرونا کی موجودہ صورت حال کے پیشِ نظر سرکاری اسپتالوں میں تعینات عملے ‏کی عید کی تعطیلات منسوخ کر دی ہیں۔

    نوٹی فکیشن میں بتایا گیا ہے کہ سرکاری اسپتالوں میں تعینات عملے کو عید کی تعطیلات کے ‏دوران باقاعدگی اور معمول کے مطابق امور انجام دینا ہوں گے۔

    نوٹی فکیشن میں بتایا گیا ہے کہ عیدکے 3 دن کے علاوہ ویکسی نیشن سینٹر کھلے رہیں گے۔ ‏سندھ حکومت نے وضاحت کی ہے کہ کروناویکسی نیشن سینٹر 13 سے 15 مئی تک بند رہیں گے۔

  • جمعے اور ہفتے کو بازار کھولنے کی اجازت، 8 مئی کی رات 12 بجے سے سندھ میں مکمل لاک ڈاؤن

    جمعے اور ہفتے کو بازار کھولنے کی اجازت، 8 مئی کی رات 12 بجے سے سندھ میں مکمل لاک ڈاؤن

    کراچی: سندھ حکومت نے جمعے اور ہفتے کو کاروباری مراکز اور بازار کھولنے کی اجازت دیتے ہوئے  8 مئی کی رات 12 بجے سے صوبے بھر میں مکمل لاک ڈاؤن کے نفاذ کا اعلان کردیا۔

    سندھ حکومت کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق صوبے بھر میں ہفتےکو عیدشاپنگ کیلئےکاروباری مراکز کھلے رہیں گے، ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب سے مکمل ڈاؤن شروع ہوگا۔

    سندھ حکومت کے مطابق ہفتے اور اتوار کی رات سے لوگوں کو گھروں تک محدود رکھنے کے لیے جگہ جگہ ناکے لگائے جائیں گے۔ حکومت کے مطابق سندھ میں آنے والی ٹرینوں کو بھی15 مئی تک بند رکھاجائے گا، وزیراعلیٰ سندھ اس معاملے پر وفاقی وزیراسد عمربات کریں گے۔

    لاک ڈاؤن کے دوران اشیائے خوردونوش، میڈیکل اسٹورز ، فروٹ اور سبزی کی دکانیں مقررہ اوقات تک کھولنے کی اجازت ہوگی۔ سندھ حکومت کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کل سے اتوار تک ریسٹورنٹس کو مغرب تک ٹیک اوے کی اجازت ہوگی جبکہ مغرب کے بعد صرف ہوم ڈلیوری کی جائے گی۔

    اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ گروسری شاپ شام 6 بجے تک کھلی رہیں گی، عید کے دنوں میں ہاکس بے، سی ویو  کو مکمل بند رکھا جائے گا، میڈیکل اسٹورز کو  کو بندش سے استثنیٰ ہوگا جبکہ  ویکسینیشن سینٹر 24 گھنٹے کام کریں گے۔ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ اتوار سے عید کی چھٹیوں تک مزید سختیاں کی جائیں گی اور ایس او پیز پر ہر صورت عمل کرایا جائے گا۔

    صوبائی وزیراطلاعات کا بیان

    صوبائی وزیراطلاعات ناصر حسین شاہ نے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’کراچی سمیت سندھ بھر میں جمعہ اور ہفتے کو کاروبار کھلا رہےگا، دکاندار ایس او پیز کے ساتھ لین دین کرسکتے ہیں، اتوار سےکاروبار کی بندش اور مکمل لاک ڈاؤن کا نوٹی فیکشن بھی جاری کیا جائے گا‘۔

    واضح رہے کہ سندھ حکومت نے کرونا کی صورت حال کے پیش نظر کاروباری و تجارتی مراکز کو ہفتے میں دو یعنی جمعے اور اتوار کے روز بند رکھنے جبکہ صبح 6 سے شام 6 بجے تک بازار و کاروباری مراکز کھلونے کی اجازت دی ہے۔

    کرونا روک تھام کے لیے سندھ حکومت نے بین الصوبائی ٹرانسپورٹ اور سندھ کے ایک شہر سے دوسرے شہر جانے والی گاڑیوں کی آمد و رفت بھی مکمل بند کردی ہے۔

    عید الفطر کی آمد کے پیشِ نظر این سی او سی نے بھی ملک بھر کے تمام سیاحتی مقامات کو بند رکھنے کا اعلان کیا جبکہ تمام ہی صوبوں نے مکمل لاک ڈاؤن کے نفاذ کا اعلان کیا ہے۔

  • این اے249: دوبارہ گنتی کے دوران تصادم کاخطرہ، کمانڈوز طلب

    این اے249: دوبارہ گنتی کے دوران تصادم کاخطرہ، کمانڈوز طلب

    این اے249 سے متعلق دوبارہ گنتی کے موقع پر سیاسی کارکنوں میں تصادم کے خطرہ کے پیش ‏نظر الیکشن کمیشن نے کمانڈوز تعیناتی کی درخواست کر دی۔

    صوبائی الیکشن کمیشن نے آئی جی سندھ اور ڈی رینجرز کو خط لکھ کر اضافی سیکورٹی فراہم ‏کرنے کی درخواست کی ہے۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ این اے249 میں دوبارہ گنتی کے دوران تصادم کا خطرہ ہے اور امن و امان ‏کو برقرار رکھنے کے لیے کمانڈوز تعینات کیےجائیں۔

    خط کے مطابق کل9 بجے سےگنتی مکمل ہونےتک کمانڈوز تعینات کیےجائیں تاکہ کسی بھی ‏ناخوشگوار صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

    واضح رہے کہ تیس اپریل کو شہر قائد میں انتخابی حلقے این اے 249 کا ضمنی انتخاب کا میدان ‏‏پاکستان پیپلز پارٹی نے اپنے نام کیا تھا، غیر حتمی نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے قادر خان مندو ‏‏خیل 16 ہزار 156 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے تھے، مسلم لیگ (ن) کے مفتاح اسماعیل 15 ہزار ‏‏‏473 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے، جب کہ کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے مفتی نذیر 11 ہزار ‏‏‏125 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے تھے۔

    الیکشن کمیشن نے نون لیگی امیدوار مفتاح اسماعیل کی جانب سے حلقہ این اے 249 میں ووٹوں ‏‏کی دوبارہ گنتی سے متعلق درخواست پر فیصلہ سنایا ہے۔

    ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے الیکشن کمیشن کی جانب سے این اے 249 میں دوبارہ ‏‏گنتی سے متعلق فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ فیصلے پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں، ‏‏اپیل اور ہمیں سننےکے بعد الیکشن کمیشن نےدوبارہ گنتی کافیصلہ کیا، ہمیں امید ہے کہ دوبارہ ‏‏گنتی ہوگی توہم ہی کامیاب ہونگے۔