Author: ارباب چانڈیو

  • دختر مشرق اور سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کی 13 ویں برسی آج منائی جارہی ہے

    دختر مشرق اور سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کی 13 ویں برسی آج منائی جارہی ہے

    دختر مشرق سابق وزیراعظم پاکستان اور پاکستان پیپلز پارٹی کی شہید چیئرپرسن محترمہ بے نظیر بھٹو کی 13 ویں برسی آج منائی جارہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر سے پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی گڑھی خدا بخش آمدجاری ہے، کارکنان کی کثیر تعداد شہید بےنظیر بھٹو اور دیگر شہدا کے مزارات پر حاضری دے رہے ہیں۔

    سابق وزیراعظم کی برسی کے موقع پر گڑھی خدا بخش میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، ایس ایس پی لاڑکانہ کے مطابق گڑھی خدا بخش اورنوڈیرو میں پولیس کےسات ہزار اہلکار تعینات کئے گئے ہیں، ملک بھر سے قافلوں کی آمد کے سلسلے میں مزار کے اطراف دو وسیع پارکنگ ایریاز قائم کئے گئے ہیں۔بینظیر بھٹو

    اکیس جون انیس سو ترپن کو سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو اور نصرت بھٹو کے گھر ننھی پری نے آنکھ کھولی، جس کا نام والد نے اپنی بہن کی نسبت سے بے نظیر رکھا۔ ذوالفقار علی بھٹو اپنی لاڈلی کو پنکی کہہ کر پکارتے تھے۔ ضیاء کے مارشل لاء اور والد کی حکومت کا تختہ الٹنے کے بعد بے نظیر بھٹو نے سیاست میں قدم رکھا تو انکی جدوجہد اور قربانیاں رنگ لائیں۔ انیس سو اٹھاسی میں انتخابات ہوئے تو وہ وزیراعظم بنیں۔

    ایک سازش کے تحت انیس سو نوے کو انکی حکومت گرادی گئی اور نواز شریف وزیراعظم بنے۔ حکومت نے ان پر اور انکے شوہر آصف علی زرداری پر مقدمات قائم کیے، آصف زرداری جیل میں اور محترمہ چھوٹے سے بلاول کو گود میں اٹھائے عدالتوں کی پیشیاں بھگتتیں اور جیل کے چکر کاٹتی رہیں۔Benazir Bhutto

    بے نظیر بھٹو انیس سو ترانوے کو دوبارہ وزیراعظم منتخب ہوگئیں لیکن اس وقت کے صدر فاروق لغاری نے اسمبلی توڑ کر انکی حکومت ختم کردی، بے نظیر اور انکے ساتھیوں پر مزید مقدمات بنائے گئے، احتساب کے نام پر مشرف دور میں بھی مقدمات چلتے رہے۔

    مشرف کے ساتھ این آر او ہوا تو 18 اکتوبر2007 کو بے نظیر بھٹو طویل جلاوطنی ختم کرکے وطن لوٹیں تو کراچی میں ان کا شاندار استقبال کیاگیا اور ابھی ان کا جلوس منزل پر پہنچا ہی نہیں تھا کہ کارساز پر ان کے جلوس پر دو خودکش حملے کیے گئے جس میں 140 پارٹی کارکنان شہید ہوئے لیکن محترمہ بے نظیر بھٹو محفوظ رہیں۔ محترمہ بے نظیر بھٹو نے اس حملے کے بعد بھی عوامی جلسوں سے خطاب کیا۔

    بے نظیر بھٹو پر دوسرا حملہ ستائیس دسمبر دوہزار سات کو کیا گیا جس میں انہوں نے جام شہادت نوش کیا۔

    سیاسی رہنماؤں کا بے نظیر کو خراج عقیدت

    آصف زرداری نے شہیدمحترمہ بے نظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی بینظیر بھٹو شہید کےنقش قدم پرثابت قدم ہے، بینظیربھٹو کےوژن کےمطابق ملک میں جمہوریت قائم کریں گےاور عوام کو غربت ،بیروزگاری اور ناانصافیوں سے نجات دلائیں گے۔

    ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے اپنے بیان میں کہا کہ بے نظیر بھٹو نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کی عظیم اور مثالی لیڈر تھی، شہید بینظیربھٹو نے بہادری سےجمہو ریت کے لیےمثالی جدوجہد کی، شہید بی بی نے لوگوں کو سیاسی, سماجی اور تعلیمی شعور دیا۔

    ایم پی اے نے فریال تالپور کی جانب سے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے یومِ شہادت پر پیغام میں کہا گیا ہے کہ بینظیر بھٹو تاریخ ساز شخصیت اور اپنی ذات میں ایک تحریک تھیں، ان کی شہادت سے ملکی سیاست میں پیدا خلا تاحال پورا نہیں ہو
    سکاہے، 27 دسمبر تاریخ میں ہمیشہ ایک المناک دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔

  • پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی کرونا کے باعث انتقال کرگئے

    پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی کرونا کے باعث انتقال کرگئے

    کراچی: کرونا نے ایک اور سیاستدان کی زندگی کا خاتمہ کردیا، پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی کووڈ کے باعث انتقال کرگئے۔

    تفصیلات کے مطابق یپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی پیر نور محمد جیلانی کرونا کے باعث انتقال کرگئے، پیر نور محمد جیلانی کووڈ کے باعث کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے۔

    نور محمدجیلانی تھر پارکر کے حلقہ چھاچھرو سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے، دو ہزار اٹھارہ کے عام انتخابات میں انہوں نے موجودہ وزیر خارجہ شاہ محمو قریشی کو تھرپارکر کے حلقے این اے 221 پر شکست سے دوچار کیا تھا۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے ایم این اے پیر نور محمد جیلانی کے وفات پر افسوس کا اظہار کیا ہے، اپنے تعزیتی بیان میں مراد علی شاہ نے کہا کہ پیپلزپارٹی مرحوم کی خدمات کی ہمیشہ معترف رہےگی۔

    اس سے قبل اکیس دسمبر کو مسلم لیگ نواز کی سینیٹر محترمہ کلثوم پروین بھی کرونا وائرس کے باعث انتقال کرگئیں تھیں، سینیٹر کلثوم پروین گزشتہ گئی ہفتے سے کرونا وائرس کا شکار تھیں۔

    سترہ دسمبر کو سینئرصحافی طارق محمود بھی کرونا کے باعث انتقال کرگئے تھے۔

    دس دسمبر کو وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے مشیر اعجاز شاہ شیرازی بھی کرونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے تھے۔

    یہ بھی پڑھیں:  قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی خالی نشستوں کا انتخابی شیڈول جاری

    اس سے قبل چودہ نومبر کو نجی ٹی وی سے وابستہ سینئر صحافی ارشد وحید چوہدری بھی کرونا کے باعث انتقال کرگئے تھے، ارشد وحید چوہدری نیشنل پریس کلب کےسینئر نائب صدر بھی تھے۔

    بارہ نومبر کو چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس وقار احمد سیٹھ علالت کے باعث انتقال کرگئے تھے، اسی روز سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف بھی کرونا وائرس میں مبتلا ہوئے تھے، راجہ پرویز اشرف کے کوویڈ 19 میں مبتلا ہونے کی تصدیق ان کے صاحبزادے نے ٹوئٹ کے ذریعے کی جو بعد ازاں کرونا وبا کو شکست دینے میں کامیاب ہوگئے تھے۔

  • بے نامی اکاؤنٹس : نیب نوٹس ملنے پر غریب ٹیچر دل کا دورہ پڑنے سے ہلاک

    بے نامی اکاؤنٹس : نیب نوٹس ملنے پر غریب ٹیچر دل کا دورہ پڑنے سے ہلاک

    ٹھٹھہ : بے نامی اکاؤنٹس کے سلسلے میں تفتیش کیلئے غریب اسکول ٹیچر نیب کی جانب سے نوٹس ملنے کے بعد دل کا دورہ پڑنے سے ہلاک ہوگیا، متوفی کے بھائی کا کہنا ہے ہمارا ان بینک اکاؤنٹس سے کوئی تعلق نہیں، بلاوجہ گھسیٹا جارہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بے نامی اکاؤنٹس کے الزام میں نیب کی تحقیقات کے بعد اسکول ٹیچر دل کادورہ پڑنے سے انتقال کرگیا۔ ٹھٹھہ کے رہائشی غریب اسکول ٹیچر فہیم احمد کو قومی احتساب بیورو کی جانب سے نوٹس موصول ہوا تھا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹھٹھہ کے خاندان کے دادو میں بینک اکاؤنٹس سے کروڑوں روپے کی ٹرانزیکشن کی گئی تھی، جس پر نیب حکام حرکت میں آگئے۔

    اس سلسلے میں متوفی فہیم احمد کے بھائی شیراز کھیڑو نے میڈیا کو بتایا کہ ہم غریب لوگ ہیں، میں پرائیویٹ سیکیورٹی گارڈ ہوں بھائی ٹیچر تھا، ہم بلاوجہ پیشیاں بھگت رہے ہیں، شیراز کھیڑو کا کہنا تھا کہ ہمیں نہیں پتہ کہ اکاؤنٹ کس نے اور کیوں کھولے، ہمیں دفاتر میں نہ گھسیٹا جائے۔

  • ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخارشلوانی سے متعلق سندھ حکومت کا بڑا فیصلہ

    ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخارشلوانی سے متعلق سندھ حکومت کا بڑا فیصلہ

    کراچی : سندھ حکومت نے کراچی کے کمشنراور ایڈمنسٹریٹر افتخارشلوانی کو عہدے سے ہٹا دیا، جاری کردہ نوٹیفکیشن میں لئیق احمد کو کراچی کا نیا ایڈمنسٹریٹر تعینات کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت سندھ نے کراچی کے کمشنر اور ایڈمنسٹریٹر افتخارشلوانی کو تبدیل کردیا، اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

    سندھ حکومت کے نوٹیفکیشن کے مطابق افتخارشلوانی کو کمشنر کراچی اور ایڈ منسٹریٹر کراچی کے عہدے سے ہٹا کر ان کی جگہ لئیق احمد کو کراچی کا نیا ایڈمنسٹریٹر تعینات کردیا گیا ہے۔

    اس کے علاوہ سندھ حکومت کے حکم نامہ میں نویداحمد شیخ کو کمشنر کراچی تعینات کیا گیا، واضح رہے کہ اس سے قبل افتخار شلوانی کمشنر کراچی تھے اور میئر کراچی وسیم اختر کی مدت ملازمت ختم ہونے پر انہیں ایڈمنسٹریٹر کراچی کی اضافی ذمہ داریاں تفویض کی گئی تھیں۔

  • کے پی ٹی فلائی اوور سے کورنگی کیلئے پروجیکٹ بنارہے ہیں، وزیراعلیٰ سندھ

    کے پی ٹی فلائی اوور سے کورنگی کیلئے پروجیکٹ بنارہے ہیں، وزیراعلیٰ سندھ

    کراچی : وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کے پی ٹی فلائی اوور سے کورنگی جانے کیلئے12ارب کا پروجیکٹ بنارہے ہیں، ملیر میں مہران ایکسپریس بھی بہت جلد مکمل کریں گے۔

    یہ بات وزیراعلیٰ سندھ نے مذکورہ منصوبے کی سائٹ جام صادق علی پل آمد کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ کو ملیر ایکسپریس وے منصوبے سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

    ملیرایکسپریس وے کے پراجیکٹ انجنیئر پرویز امبانی  نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ روڈ کی الائنمنٹ مکمل ہوچکی ہے، ملیر ایکسپریس وے منصوبے کا ہائیڈرولوجیکل سروے بھی مکمل ہوچکا ہے، ملیر ایکسپریس وےمنصوبے کو ہائی فلڈ لیول سے اوپر رکھا جائے گا۔

    بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملیر ایکسپریس وے منصوبے کی60 فیصد انوائرمینٹل اسٹڈی ہوچکی ہے، منصوبے کا60فیصد برج اسٹرکچر ڈیزائن مکمل ہوچکا ہے، ای بی ایم کے پاس انڈرپاس کی اسٹڈی مکمل ہوچکی ہے۔

    وزیراعلیٰ کو بریفنگ دیتے ہوئے پراجیکٹ انجنیئر پرویز امبانی کا کہنا تھا کہ ملیرایکسپریس وے کے7 انٹرچینج ہوں گے،
    لانڈھی برج تک ملیرایکسپریس وے مکمل ہے، لنک روڈ کے بعد منصوبہ کاٹھوڑ کے پاس ایم 9 سے منسلک ہوگا۔

    منصوبے کے لیے ڈیزائن، منظوری اور عملدرآمد حکمت عملی اہم ہیں، ابتدائی کام مکمل ہوچکے ہیں، حالیہ شدید بارشوں کے بعد منصوبے کو مزید بہتر کیا گیا ہے۔

    اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ کچھ مہینوں میں مزیدپراجیکٹ شروع ہوجائیں گے، ان میں سے کچھ پراجیکٹ ان1100ارب روپے میں شامل ہیں، آئی سی آئی برج کاپروجیکٹ900ملین کاپروجیکٹ ہے۔

    مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کے پی ٹی فلائی اوور سے کورنگی جانے کیلئے12ارب کا پروجیکٹ بنارہے ہیں، ڈیفنس کیلئے30ملین گیلن پانی کی لائن ڈال رہے ہیں، حب ڈیم سے یومیہ 100ملین گیلن پانی ہمیں ملتا ہے، حب ڈیم سے آنے والے پانی کیلئے ٹریٹمنٹ پروجیکٹ مکمل ہوں گے۔

    پی پی ون35ارب روپے کی لاگت سے بنے گا،70ارب روپے کےدو پراجیکٹس ہیں جو جلد شروع ہوں گے، گلبائی سے وائی جنکشن کیماڑی روڈ کی بہت بری حالت ہے، اپنے بجٹ سے اس پروجیکٹ کیلئے1ارب روپے نکالے ہیں، ہمارا ارادہ تھا اپریل تک گلبائی کیماڑی روڈ کو مکمل کریں۔

  • سندھ حکومت کا کراچی کے عوام کیلئے بڑا تحفہ

    سندھ حکومت کا کراچی کے عوام کیلئے بڑا تحفہ

    کراچی : چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری رواں ماہ 27 ارب روپے کی لاگت سے تیار ہونے والے 39 کلومیٹر پر محیط ملیر ایکسپریس کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے شہر قائد کی عوام کو بڑے تحفے سے نواز دیا گیا، وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ ملیر ایکسپریس وے 39.4 کلومیٹر طویل ہوگا جو ملیر ندی کی بائیں کنارے پر تعمیر کیا جائے گا۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے منصوبے کی تعمیرات کا جائزہ اور حکام سے بریفنگ لینے کے بعد کہا کہ بلاول بھٹو رواں ماہ ملیر ایکسپریس وے کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔

    انہوں نے بتایا کہ ملیر ایکسپریس وے ہائی اسپیڈ ٹول ایکسپریس وے ہوگا، جس پر چھ لین تعمیر کی جائیں گی اور یہ تین فٹ ڈوئل کیرج وے ہوگا۔

    مراد علی شاہ نے بتایا کہ ملیر ایکسپریس وے کی اسپیڈ ڈیزائن 100 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوگی، جبکہ انٹر چینج پر اسپیڈ 50 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوگی۔

    وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ ملیر ایکسپریس وے کا آغاز کورنگی روڈ ڈی ایچ اے کریک ایونیو سے ہوگا اور یہ جام صادق پل، شاہ فیصل کالونی روڈ اور فیوچر کالونی سے کاٹھور جائے گا۔

    مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ مذکورہ ایکسپریس وے کی تعمیر کے بعد ڈی ایچ اے فیز 8 سے فیز 9 تک کا سفر محض 20 منٹ میں طے ہوجائے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ 27 ارب روپے کی لاگت سے بننے والے ملیر ایکسپریس وے پر پیدل چلنے والوں کیلئے 9 کراسنگ مقامات ہوں گے۔

    وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت یہ منصوبہ پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ سے شروع کررہی ہے، ملیر ایکسپریس وے شہر کراچی کے ٹریفک مسائل کو حل کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

  • وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر اعجازشاہ بھی کرونا سے چل بسے

    وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر اعجازشاہ بھی کرونا سے چل بسے

    کراچی : وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے مشیر اعجاز شاہ سیرازی بھی کرونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے۔

    تفصیلات کے مطابق ٹھٹھہ کی معروف سیاسی شخصیت اعجاز شاہ شیرازی بھی کرونا کے باعث جہان فانی سے کوچ کرگئے، وہ کئی روز سے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے۔

    کرونا کی لپیٹ میں آکر موت کو گلے لگانے والے اعجاز شاہ کو 23 نومبر کو طبعیت بگڑنے پر انتہائی نگہداشت کے شعبے ( آئی سی یو) میں منتقل کیاگیا تھا۔

    پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اعجاز شاہ ٹھٹھہ میں شیرازی اتحاد کے سربراہ بھی تھے جبکہ ان کے بیٹے ریاض شاہ شیرازی رکن سندھ اسمبلی ہیں۔

    اعجاز شاہ شیرازی رکن صوبائی اسمبلی بھی منتخب ہوچکے ہیں جبکہ وہ پیپلز پارٹی سے قبل مسلم لیگ نواز کی نمائندگی کررہے تھے۔

    واضح رہے کہ کچھ روز قبل پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما و صوبائی وزیر کچی آبادی مرتضیٰ بلوچ بھی کرونا وائرس سے انتقال کرچکے ہیں۔

  • پی پی اور ن لیگ قومی اسمبلی کی حد تک استعفوں پر راضی، اپوزیشن کا حکومت کیخلاف پلان تیار

    پی پی اور ن لیگ قومی اسمبلی کی حد تک استعفوں پر راضی، اپوزیشن کا حکومت کیخلاف پلان تیار

    اسلام آباد: اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا آج وفاقی دارالحکومت میں ہونے والا اجلاس اہمیت اختیار کرگیا، ن لیگ اور پی پی نے حکومت کے خلاف اپنی حکمت عملی فائنل کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق ذرایع کا کہنا ہے کہ نواز شریف اور آصف زرداری کے رابطوں میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ نواز شریف نے پیپلز پارٹی کو قومی اسمبلی کی حد تک استعفوں پر راضی کرلیا، ن لیگ نے آج ہونے والے اجلاس کے لیے اپنی سفارشات کو حتمی شکل دے دی ہے۔

    ذرایع نے بتایا ہے کہ استعفوں کے حوالے سے دونوں جماعتوں میں اتفاق رائے ہے۔ دونوں جماعتوں نے مرحلہ وار استعفوں کے آپشنز اپناتے ہوئے مناسب وقت پر استعفے دینے پر اتفاق کرلیا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ لاہور جلسے میں لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا، ن لیگ کی تجویز میں لاہور جلسے میں حکومت کو الٹی میٹم دینے کا بھی فیصلہ شامل ہے۔

    مسلم لیگ ن ایک اور مشکل میں پھنس گئی

    ذرایع کے مطابق 13دسمبر جلسے میں وزیراعظم کے استعفے کی ڈیڈلائن دی جائے، لانگ مارچ کے بعد ہی اسمبلیوں سے مرحلہ وار استعفے دیے جائیں گے۔

    دوسری جانب لیگی ارکان نے استعفے ابھی سے ہی قیادت کو بھجوا دیے۔ ایم این اے افضل کھوکھر اور ایم پی اے سیف الملوک کھوکھر نے پارٹی کو استعفیٰ بھجوا دیا جبکہ سرگودھا سے لیگی ایم این اے چوہدری حامد حمید نے بھی استعفیٰ جمع کرا دیا ہے۔ اپوزیشن کی جانب سے مزید اہم فیصلے متوقع ہیں۔

  • متنازع اتھارٹی نے جزائر پر کام شروع کر دیا

    متنازع اتھارٹی نے جزائر پر کام شروع کر دیا

    کراچی: سندھ اور بلوچستان اسمبلیوں کی جزائر سے متعلق قراردادیں بے سود ہو گئیں، متنازعہ اتھارٹی نے جزائر پر کام شروع کر دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاق کی جانب سے سندھ کے جزائر سے متعلق انتظامی فیصلوں میں پیش رفت جاری ہے، اس سلسلے میں سندھ اور بلوچستان اسمبلی میں پاس ہونے والی قراردادیں بے کار چلی گئیں۔

    متنازع پاکستان آئی لینڈ اتھارٹی نے بڈو اور بنڈل جزائر پر کام شروع کر دیا، جزائر پر ماحولیاتی اثرات سے متعلق رپورٹ کی تیاری کے لیے ٹینڈر میں توسیع کر دی گئی ہے۔

    پاکستان آئی لینڈ اتھارٹی نے ماحولیاتی تجزیے کے لیے اظہار دل چسپی میں 10 نومبر تک توسیع کی ہے، خیال رہے کہ سندھ اسمبلی نے صدارتی آرڈیننس غیر قانونی قرار دے کر قرارداد منظور کی تھی۔

    پوری طاقت سے جزائر آرڈیننس منسوخ کرائیں گے، وزیراعلیٰ سندھ

    گزشتہ ہفتے سندھ اسمبلی میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے جزائر سے متعلق وفاقی حکومت کے اقدام کو سندھ کی سالمیت پر حملہ قرار دیا تھا، اسمبلی میں قرارداد بھی پاس کی گئی، انھوں نے کہا ہم جزائر پر آرڈیننس پوری طاقت سے منسوخ کروائیں گے۔

    وزیر اعلیٰ نے وفاق کے جزائر سے متعلق آرڈیننس کو غیر قانونی قرار دیا، یہ آرڈیننس 29 اگست کو صدر نے منظور کیا تھا، وزیر اعلیٰ نے کہا آئین کے مطابق جزیرے صوبے کی ملکیت ہیں، اس سلسلے میں وفاقی حکومت کو لکھ بھی دیا گیا ہے کہ یہ جزائر آپ کی ملکیت نہیں ہیں۔

  • بلاول کوئٹہ جلسے میں شرکت نہیں کرینگے، ترجمان پی پی پی

    بلاول کوئٹہ جلسے میں شرکت نہیں کرینگے، ترجمان پی پی پی

    گلگت: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کل کوئٹہ میں ہونے والے پی ڈی ایم کے جلسے میں شرکت نہیں کرینگے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق بلاول بھٹو انتخابی مہم کے سلسلے میں اس وقت گلگت بلتستان میں موجود ہیں، جس کی وجہ سے وہ کل پی ڈی ایم کے تحت ہونے والے جلسے میں شریک نہیں ہونگے۔

    ترجمان پیپلزپارٹی نے کوئٹہ جلسے میں بلاول کی عدم شرکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو گلگت بلتستان
    میں انتخابی مہم میں مصروف ہونے کے باعث کوئٹہ نہیں جاسکے ہیں۔

    بلاول بھٹو نے آج اسکردو میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی سبسڈی کی وجہ سے آج تک گندم پر فائدہ اٹھارہے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  بی بی کا وعدہ پورا کرنا ہے، بلاول بھٹو

    بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سب سے زیادہ تعلیمی ادارے اور اسپتال پیپلز پارٹی نے بنائے، عمران خان کو خیبر پختونخوا میں حکومت کرتے ہوئے 7 سال ہوگئے ایک نیا اسپتال نہیں بنا۔

    پی پی چیئرمین نے کہا کہ جنوبی پنجاب سے پوچھیں 2018ء میں صوبہ بنانے کا وعدہ کیا تھا، اب تک پورا نہیں ہوا، موجودہ حالات میں مزدور، کسان سب سراپا احتجاج ہیں۔