Author: ارباب چانڈیو

  • منور وسان دعا بھٹو کا موبائل چھین کر بھاگ گئے

    منور وسان دعا بھٹو کا موبائل چھین کر بھاگ گئے

    کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں منور وسان اور کلثوم چانڈیو نے پاکستان تحریک انصاف دعا بھٹو کا موبائل فون چھین لیا۔

    سندھ اسمبلی میں بجٹ پیش کرنے کے دوران اپوزیشن کی جانب سے احتجاج کیا گیا جب کہ اسی دوران کلثوم چانڈیو اور دعا بھٹو میں لڑائی ہوئی۔ دونوں نے ایک دوسرے کو کھری کھری سنا دی۔

    لڑائی کے دوران کلثوم چانڈیو نے دعا بھٹو کا موبائل فون چھین کر منور وسان کو سونپ دیا اور وہ پی ٹی آئی رہنما کا موبائل لے کر ایوان سے بھاگ گئے۔

    دعا بھٹو نے اپنے بیان میں کہا کہ کلثوم چانڈیو کو احکامات ملے تھے کہ موبائل چھینا ہے، سندھ کو ویسے ہی کھا گئے ہو مانگ لیتے ویسے ہی دے دیتی، کلثوم چانڈیو نے موبائل چھین کر منور وسان کو دیا۔

    انہوں نے کہا کہ پُرامن احتجاج کر رہےتھے، وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے خود ہدایت دی  موبائل چھینو، کلثوم چانڈیو اسمبلی میں بیٹھ  کر دکھائے، جوتے نہ مارے تو اپنی ماں کی اولاد نہیں۔

    پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ چوڑیل نے مجھے مارنے کی کوشش کی، ڈپٹی اسپیکر کے پاس گئے تو انہوں نے کہا کہ وہ دیکھتی ہیں، ابھی ہم تھانے جا رہے ہیں اور ایف آئی آر کٹوائیں گے۔

  • پیپلزپارٹی کے لئے بُری خبر، اہم رہنما کا امریکا میں انتقال

    پیپلزپارٹی کے لئے بُری خبر، اہم رہنما کا امریکا میں انتقال

    کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے اہم رہنما اور سینیٹر ڈاکٹر سکندر میندھرو انتقال کرگئے۔

    خاندانی ذرائع نے پی پی رہنما کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ڈاکٹرسکندر میندھرو گردے میں کینسر کے باعث امریکا کے اسپتال میں زیر علاج تھے تاہم وہ آج اپنے خالق حقیقی سے جاملے۔

    خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ پی پی رہنما کی میت تین دن بعد پاکستان لائی جائے گی۔

    واضح رہے کہ مرحوم سینیٹر کا تعلق سندھ کے ضلع بدین سے تھا، وہ دو ہزار تیرہ سے اٹھارہ کے دوران رکن سندھ اسمبلی رہے اور ان کے پاس وزیر صحت کا قلمدان بھی رہا۔

    سال دوہزار اٹھارہ میں وہ ٹیکنو کریٹ کی سیٹ پر صوبہ سندھ سے ایوان بالا کے رکن بنے، ان کا شمار پاکستان پیپلز پارٹی کے اہم ترین رہنماؤں میں کیا جاتا ہے۔

    پی ٹی آئی سینیٹر شبلی فراز نے سینیٹر ڈاکٹر سکندر میندھرو کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹر ڈاکٹر سکندر اچھے انسان اور ماہر قانون ساز تھے، اللہ ان کی مغفرت فرمائیں۔

    پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے سینیٹر ڈاکٹر سکندر میندھرو کےانتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم پارٹی کا بہترین اثاثہ اور ثابت قدم کارکن تھے۔

  • سندھ حکومت نے ایم کیو ایم کا بڑا مطالبہ مان لیا

    سندھ حکومت نے ایم کیو ایم کا بڑا مطالبہ مان لیا

    سندھ حکومت نے اتحادی جماعت ایم کیو ایم کا بڑا مطالبہ مان لیا ہے ایم کیو ایم ارکان کی ترقیاتی اسکیمز بجٹ میں شامل کی جائیں گی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کے درمیان مذاکرات میں مثبت پیش رفت ہوئی ہے اور سندھ حکومت نے ایم کیو ایم کا بڑا مطالبہ مان لیا ہے جس کے مطابق آئندہ مالی سال کے لیے سندھ کے بجٹ میں ایم کیو ایم کے اراکین اسمبلی کی ترقیاتی اسکیموں کو بھی شامل کیا جائیگا۔

    اس حوالے سے ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا ہے کہ سندھ حکومت بجٹ میں ایم کیوایم کی تجویز پر اسکیمز شامل کرے گی اور ایم کیو ایم ارکان اسمبلی کو ڈیولپمنٹ کمیٹی میں شامل کیا جائے گا۔

    سندھ کا بجٹ 14 جون کو پیش کیا جائیگا اور ایم کیو ایم رہنماؤن نے بجٹ تجاویز دیے جانے کی تصدیق کی ہے۔

    واضح رہے کہ سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم کے اراکین کی تعداد 21 ہے اور متحدہ کے اراکین اسمبلی کراچی اور حیدرآباد کے لیے ترقیاتی اسکیمز جمع کرائیں گے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز ایم کیو ایم پاکستان نے پیپلز پارٹی سے نئے مطالبات کر دیے تھے اور کراچی وحیدرآباد کے میئر کے ساتھ کراچی کے تین اضلاع سینٹرل، ویسٹ اور ایسٹ کی ایڈمنسٹریٹر شپ بھی مانگ لی ہے۔

    مزید پڑھیں: ایم کیو ایم پاکستان نے پیپلزپارٹی سے نئے مطالبات کردیے

    اس حوالے سے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو سے وزیراعلیٰ سندھ مزاد علی شاہ اور وزرا نے ملاقات کی ہے، جس میں ایم کیو ایم کو بلدیاتی اداروں میں حصہ دینے سے متعلق گفتگو ہوئی۔

     

  • سندھ کے نئے آئی جی غلام نبی میمن ہوں گے، وزیراعلیٰ کی تصدیق

    سندھ کے نئے آئی جی غلام نبی میمن ہوں گے، وزیراعلیٰ کی تصدیق

    کراچی : وزیراعلیٰ سندھ نے غلام نبی میمن کے نئے آئی جی سندھ ہونے کی تصدیق کردی، غلام نبی میمن کا بطور آئی جی سندھ نوٹیفکیشن ایک دو روز میں آئے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے نئے آئی جی کے لیے غلام نبی میمن کی منظوری دے دی، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ کے نئے آئی جی غلام نبی میمن ہوں گے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ سندھ اور وفاقی حکومت کی مشاورت سےغلام نبی میمن کو نیا آئی جی بنایا گیا ہے، غلام نبی میمن کا بطور آئی جی سندھ نوٹیفکیشن ایک دو روز میں آئے گا،مستقل آئی جی کی تقرری تک کامران فضل فرائض انجام دیتےرہیں گے۔

    یاد رہے سندھ حکومت کی جانب سےغلام نبی میمن کونیا آئی جی بنانےکیلئےنام دیا گیا تھا۔

    واضح رہے سندھ ہائی کورٹ نے دعا زہرا کو پیش نہ کرنے پر آئی جی سندھ کامران افضل کو کام کرنے سے روکتے ہوئے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو آئی جی سندھ کا چارج کسی اہل افسرکودینے کا حکم دیا تھا۔

    بعد ازاں قائم مقام آئی جی سندھ کامران فضل کو عدالتی حکم کے بعد آئی جی سندھ کے عہدے سے ہٹایا گیا تھا۔

    اس سے قبل صوبہ سندھ میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے بعد آئی جی سندھ مشتاق مہر کو عہدے سے ہٹادیا گیا تھا۔

  • سندھ حکومت کا آئندہ بجٹ میں 7 محکموں کے لیے نئی اسکیمز شامل نہ کرنے پر غور

    سندھ حکومت کا آئندہ بجٹ میں 7 محکموں کے لیے نئی اسکیمز شامل نہ کرنے پر غور

    کراچی: سندھ حکومت نے آئندہ بجٹ میں 7 محکموں کے لیے نئی اسکیمز شامل نہ کرنے پر غور شروع کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مالی سال 23-2022 کے لیے سندھ کے میزانیے کی تیاری جاری ہے، یہ بجٹ 14 جون کو پیش کیا جائے گا۔

    سندھ حکومت 7 محکموں کے لیے بجٹ میں نئی اسکیمز شامل نہ کرنے پر غور کر رہی ہے، جب کہ سالانہ ترقیاتی بجٹ میں 30 ارب روپے اضافے کی تجویز دی گئی ہے۔

    آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ضلعی ترقیاتی پروگرام کے لیے 32 ارب مختص کرنے کی تجویز ہے، جب کہ نئی اسکیمز کا بجٹ 18 ارب روپے کم کرنے کی تجویز ہے۔

    غیر ملکی امداد سے چلنے والے منصوبوں کا تخمینہ 100 ارب روپے متوقع ہے، رواں مالی سال کے مقابلے میں آئندہ بجٹ میں صحت کے مجموعی بجٹ میں صرف 9 ملین روپے اضافے کی تجویز دی گئی ہے۔

    آئندہ بجٹ میں سندھ کا ہیلتھ سیکٹر کا مجموعی بجٹ 18 ہزار 509 ملین روپے کرنے کی تجویز ہے، جب کہ تعلیم کا بجٹ 27 ہزار 449 ملین روپے کرنے کی تجویز ہے، اس کے ساتھ آئی ٹی، ٹرانسپورٹ، زراعت، داخلہ کے بجٹ میں اضافہ نہ کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

    سندھ حکومت آئندہ مالی سال کے میزانیے کو 10 جون تک حتمی شکل دے گی، اس سلسلے میں تمام محکموں کو ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

  • سندھ میں 200 امیدواروں  کا جعلی ڈومیسائل پر اساتذہ کے امتحان میں کامیاب ہونے کا انکشاف

    سندھ میں 200 امیدواروں کا جعلی ڈومیسائل پر اساتذہ کے امتحان میں کامیاب ہونے کا انکشاف

    کراچی : سندھ میں 200 امیدوار کا جعلی ڈومیسائل پر اساتذہ کے امتحان میں کامیاب ہونے کا انکشاف سامنے آیا، امیدواروں کا تعلق سبی، مالاکنڈ، اسلام آباد، ایبٹ آباد اور چترال کے اضلاع سے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ میں اساتذہ ٹیسٹ میں 200 دیگر صوبوں کے امیدواروں کے پاس ہونے کا انکشاف سامنے آیا ، پاس ہونے والوں میں کراچی کے ایسٹ، ملیر، کورنگی،سینٹرل میں 122 سے زائد امیدوار شامل ہیں۔

    ذرائع نے بتایا کہ جمشید ٹاؤن میں 50، سینٹرل کراچی سے11امیدواروں ، ملیر میں 14، کورنگی میں22 امیدواروں کا ڈومیسائل جعلی ہے۔

    اس کے علاوہ تدریسی آسامیوں کے لیے 14 امیدواروں کے پاس ضلع بدین کا ڈومیسائل جعلی ہے جبکہ گھوٹکی میں 12، کشمور میں 2 اور حیدرآباد میں 6 امیدواروں ، لاڑکانہ سے 5 اور مٹیاری میں ایک پی ایس ٹی فی میل امیدوار کا ڈومیسائل جعلی نکلا۔

    ذرائع کے مطابق ان پی ایس ٹی اور جے ایس ٹی امیدواروں کے پاس دوسرے صوبوں کے قومی شناختی کارڈز جعلی ‘ڈی’ فارم ہیں۔

    ذرائع نے انکشاف کیا کہ جعلی ڈومیسائل سرٹیفکیٹ پر بھرتی ہونے والے ٹیچنگ امیدواروں کا تعلق سبی، مالاکنڈ، اسلام آباد، ایبٹ آباد اور چترال کے اضلاع سے ہیں۔

    خیال رہے سندھ ہائی کورٹ نے صوبے میں اکیس ہزار سے زائد سرکاری ملازمتوں میں مبینہ بے ضابطگیوں اور اس معاملے پر فل بینچ بنانے کیلئے ایم کیو ایم رہنماؤں کی درخواست مسترد کردی ہے۔

  • پی پی اور ایم کیوایم نیا بلدیاتی نظام لانے پر متفق

    پی پی اور ایم کیوایم نیا بلدیاتی نظام لانے پر متفق

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے وفد نے شریک چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی سے ملاقات کی ہے، جس میں دونوں جماعتوں نے مستقبل میں بھی ساتھ مل کر چلنے پر اتفاق کیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق سابق صدر آصف زرداری سے ایم کیوایم کے وفد نے بلاول ہاؤس میں ملاقات کی ہے، وفد میں خالد مقبول صدیقی، کنور نوید جمیل اور دیگر رہنما شامل تھے۔ ملاقات کے دوران سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں صدر مملکت کی جانب سے آئینی کردار نہ ادا کرنے پر تنقید کی گئی، ایم کیو ایم رہنماؤں نے کہا کہ وزیراعظم نے نسرین جلیل کو گورنر بنانے کی سمری ارسال کر رکھی ہے، لیکن صدر تاخیری حربے استعمال کررہے ہیں۔

    آصف زرداری نے ایم کیو ایم کو سندھ حکومت میں شمولیت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ ایم کیوایم جب چاہیے سندھ کابینہ کا حصہ بن سکتی ہے، ہمارے دروازے کھلے ہیں۔

    ملاقات میں ایم کیوایم کو کے ایم سی میں بھرپور نمائندگی دینے اور نیا بلدیاتی نظام مل کر لانے پر اتفاق کیا گیا ہے، جبکہ بلدیاتی نظام سے متعلق سلیکٹ کمیٹی کے فیصلوں کو آگے بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں 48 گھنٹے میں بلدیاتی نظام کی تاریخ آگے بڑھانے پر بھی گفتگو کی گئی، ایم کیوایم اور پیپلز پارٹی نے مستقبل میں بھی ساتھ مل کر چلنے پر اتفاق کیا ہے۔

  • تحریک انصاف  کے 12 رہنماؤں کو  ایک ماہ کیلئے نظر بند  کردیا گیا

    تحریک انصاف کے 12 رہنماؤں کو ایک ماہ کیلئے نظر بند کردیا گیا

    کراچی : سندھ میں تحریک انصاف کے 12رہنماؤں کو  ایک ماہ کیلئے نظر بند کردیا گیا ، نظر بند ہونے والوں میں عنایت علی رند اور عمرکوٹ سے دوست محمد میمن شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے تحریک انصاف کے 12رہنماؤں کو ایک ماہ کیلئے نظر بند کردیا ، پی ٹی آئی کے سابق ایم پی ایز سمیت دیگر رہنماؤں کو نظر بند کیا گیا۔

    نظر بند ہونے والوں میں عنایت علی رند اور عمرکوٹ سے دوست محمد میمن ، آفتاب احمد قریشی،حاجی حسین مگریو ، علی نواز شہانی،لجپت سورانی،دلاور ملکانی،کرشن شرمر شامل ہیں۔

    گرفتار افراد کو ایک ماہ کیلئے ایم پی او کے تحت نظر بند کیا گیا ہے اور سندھ حکومت کے احکامات کی روشنی میں محکمہ داخلہ نے احکامات جاری کردیے ہیں۔

  • سندھ میں دفعہ 144 نافذ

    سندھ میں دفعہ 144 نافذ

    کراچی: محکمہ داخلہ سندھ نے صوبے میں دفعہ 144 نافذ کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ نے صوبے بھر میں دفعہ ایک سو چوالیس نافذ کر دی ہے، محکمے کا کہنا ہے کہ صوبے میں جلسے جلوسوں اور عوامی اجتماعات پر مکمل پابندی ہوگی۔

    دفعہ 144 کا نفاذ 30 دن تک جاری رہے گا، محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ ممکنہ دہشت گردی کے پیش نظر دفعہ 144 کا نفاذ کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ عمران خان کے حقیقی آزادی مارچ سے پہلے پولیس نے کراچی سمیت ملک بھر میں رہنماؤں اور سرگرم کارکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے، لاہور میں حماد اظہر کے گھر پر چھاپا مارا گیا، پولیس اہل کار سیڑھی لگا کر گھر میں داخل ہوئے، گارڈز کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

    کریک ڈاؤن: پی ٹی آئی کراچی کے جنرل سیکریٹری سیف الرحمان محسود گھر سے گرفتار

    پی ٹی آئی رہنما اسد عمر اور ڈاکٹر بابر اعوان کے گھروں پر بھی چھاپے مارے گئے، کراچی میں پی ٹی آئی کراچی کے جنرل سیکریٹری سیف الرحمان محسود کو گھر سے اور عطاللہ ایڈووکیٹ کو گھر کا دروازہ توڑ کر گرفتار کیا گیا۔

    کینسر سے نبرد آزما ڈاکٹر یاسمین راشد حماد اظہر کے گھر پر چھاپے کے وقت پہنچیں تو انھیں بھی مرد اہل کاروں نے پکڑنے کی کوشش کی۔

  • فضل الرحمان کا اے آر وائی نیوز کے سوال پر دلچسپ جواب

    فضل الرحمان کا اے آر وائی نیوز کے سوال پر دلچسپ جواب

    پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے نمائندہ اے آر وائی نیوز کے سوال پر دلچسپ جواب دے دیا۔

    جمعیت علما اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے نمائندہ اے آر وائی نیوز نے سوال کیا کہ مولانا صاحب میں اس چینل سے وابستہ ہوں جو آپ سے بے پناہ محبت کرتا ہے۔

    صحافی نے کہا کہ آپ سے سوال بھی محبت والا ہے کہ ’آپ عمران خان سے محبت کرتے ہیں یا نفرت؟‘

    اس پر مولانا فضل الرحمان مسکرا دیے اور صحافی کے سوال کے جواب میں کہا کہ ’آپ مجھے یہ بتائیں کہ اے آر وائی کی لائٹنگ صحیح ہے ناں۔

    فضل الرحمان کے دلچسپ جواب پر نیوز کانفرنس کے دوران قہقہے گونج اٹھے۔

    مذکورہ ویڈیو کلپ گزشتہ روز سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تھا جس پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی دلچسپ تبصرے کیے گئے تھے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کراچی پریس کلب میں‌ میڈیا سے گفتگو کی تھی.