Author: ارباب چانڈیو

  • ڈی  ایچ اے سٹی کراچی کے صارفین کے لئے خوشخبری

    ڈی ایچ اے سٹی کراچی کے صارفین کے لئے خوشخبری

    کراچی : سندھ کابینہ نے قیوم آباد سے ڈی ایچ اے سٹی کراچی لنک روڈ کے لئے تیرہ ارب دس کروڑ روپے کی منظوری دے دی، منصوبہ مکمل ہونے سے قیوم آباد سے ڈی ایچ اے سٹی کراچی کا فاصلہ صرف بیس منٹ میں طے ہوسکے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت کابینہ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں صوبائی وزرا، مشیر، معاون خاص، ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ، چیئرمین پی اینڈ ڈی اور دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے۔

    سندھ کابینہ نے قیوم آباد سے ڈی ایچ اے سٹی کراچی لنک روڈ کے لئے تیرہ ارب دس کروڑ روپے کی منظوری دی ، منصوبہ مکمل ہونے سےقیوم آباد سے ڈی ایچ اےسٹی کراچی کا فاصلہ صرف بیس منٹ میں طے ہوسکے گا، اے آر وائی لاگونا کا میگا پراجیکٹ بھی ڈی ایچ اے سٹی کراچی میں زیر تعمیر ہے۔

    سندھ کابینہ نے پی پی پی موڈ پر 9 مختلف منصوبوں کیلئے 58 بلین روپے کی منظوری دی ، جس میں ماڑی پور ایکسپریس وے کیلئے 4.3 بلین روپے، کورنگی لنک روڈ کیلئے 5 بلین روپے، کراچی حب واٹر کینال کیلئے 7.32 بلین روپے، چلڈرین اسپتال نارتھ کراچی کیلئے 440 ملین روپیملیر ایکسپریس وے کیلئے 13.1 بلین روپے، گھوٹکی کندھ کوٹ پل کیلئے 6.8 بلین روپے کی منظوری شامل ہیں ، یہ فنڈز وائبلٹی گیپ فنڈ کیلئے استعمال ہوں گے۔

    اجلاس ے دوران وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر پی اینڈ ڈی ڈپارٹمنٹ نے ترقیاتی اسکیموں کیلئے یونیفائیڈ آئیڈینٹی فکیشن نمبر (یو آئی ڈی) بارکوڈ قائم کرنے کی تجویز دی ، اسوقت ہر اے ڈی پی اسکیم کا نمبر ہوتا ہے، جو ہر سال تبدیل ہوجاتا ہے، نمبر تبدیل ہونے سے اسکیم کو ٹریس کرنا مشکل کوجاتا ہے۔ اب یو آئی ڈی کوڈ جب الاٹ ہوگا تو اسکیم کے مکمل ہونے تک اسکیم کا پورا اسٹیٹس بتائے گا۔

    کابینہ نے یو آئی ڈی بار کوڈ پر تبادلہ خیال کے بعد نئے سال سے یو آئی ڈی کوڈ کے ساتھ اے ڈی پی بنانے کی منظوری دے دی۔

  • کرونا کیسز میں تشویشناک اضافہ، کیا کراچی میں پی ایس ایل کا انعقاد ممکن ہوسکے گا؟

    کرونا کیسز میں تشویشناک اضافہ، کیا کراچی میں پی ایس ایل کا انعقاد ممکن ہوسکے گا؟

    کراچی: شہر قائد میں کرونا کے بڑھتے کیسز پر سندھ حکومت نے پی ایس ایل سیزن 7 میں تماشائیوں کی تعداد کم کرنے کی تجویز دے دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت سندھ کرونا ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا، جس میں کراچی میں کرونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر آئندہ 20 سے 30 روز کے لئے کسی بھی قسم کے اجتماعات کی اجازت نہ دینے کی تجویز سامنے آئی۔

    اجلاس میں تجویز دی گئی کہ کراچی میں شروع ہونے والے پی ایس ایل سیزن 7 کے لئے تماشائیوں کی تعداد کو بھی محدود کیا جائے، سندھ حکومت این سی او سی کے آئندہ اجلاس میں اپنی تجویز پیش کرے گی، این سی او سی سندھ حکومت کی تجویز پر فیصلہ کرے گی۔

    این سی او سی نے پی ایس ایل میں 100 فیصد تماشائیوں کا اعلان کررکھا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: کرونا کے بڑھتے وار، سندھ حکومت کا اسکولوں سے متعلق اہم اعلان

    دوسری جانب سندھ حکومت نے ویکسی نیشن مہم کو صوبے میں تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کرونا کیسز میں اضا فہ احتیاطی تدابیر نہ اپنانے کا نتیجہ ہے، عوام تعاون کریں گے تو جاری کرونا لہر پر بھی کنٹرول ہوجائے گا۔

  • شاہ رخ جتوئی کا نجی اسپتال میں طویل قیام، سندھ حکومت نے تحقیقات کا حکم دے دیا

    شاہ رخ جتوئی کا نجی اسپتال میں طویل قیام، سندھ حکومت نے تحقیقات کا حکم دے دیا

    کراچی : سندھ حکومت نے شاہ زیب قتل کیس کے مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی کو طویل عرصے تک نجی اسپتال میں رکھنے کے معاملے کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ نے شاہ زیب قتل کیس کے مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی کو طویل عرصے تک نجی اسپتال رکھنے کے معاملے کی انکوائری کے احکامات جاری کر دیے۔

    احکامات میں کہا گیا ہے کہ شاہ رخ جتوئی کے طویل قیام کی تحقیقات ایڈیشنل سیکریٹری جیل خانہ جات کریں گے، تحقیقات میں قیدیوں کو اسپتال منتقل کرنے کی وجہ ، اس کی قانونی حیثیت اور قیدیوں کے اسپتال منتقل کرنے کے جواز کے بارے میں سوالات کا جواب دیا جائے گا۔

    محکمہ داخلہ سندھ نے ایڈیشنل سیکریٹری کو 3دن میں اپنی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کردی ہے۔

    یاد رہے شاہ زیب قتل کیس کے مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی جیل کے نجی اسپتال میں رہائش پذیر ہونے کا انکشاف ہوا تھا ، ذرائع کا کہنا تھا کہ اسپتال کی بنیاد شاہ رخ جتوئی کے والد نے رکھی تھی اور نجی اسپتال شاہ رخ جتوئی کی رہائش کے لیے ایک بنگلے میں بنایا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق شاہ رخ جتوئی اسپتال کی پہلی منزل پر تمام سہولتوں کے ساتھ رہائش پذیر ہے، جہاں ان کے دوست بھی ملنے آتے ہیں جبکہ شاہ رخ جتوئی کی سیکورٹی کے لئیے الگ سے اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

    بعد ازاں اے آر وائی نیوز پر خبر چلتے ہی شاہ زیب قتل کیس کے مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی کو اسپتال سے فرار کرا دیا گیا ،شاہ رخ جتوئی آٹھ ماہ سے اسپتال میں مقیم تھا۔

  • کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش، موسم مزید سرد ہوگیا

    کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش، موسم مزید سرد ہوگیا

    کراچی: ایک روز کے وقفے کے بعد شہر قائد میں بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق شیر شاہ ، ماڑی پور، آئی آئی چندریگر روڈ، صدر، ماڑی پور، ناظم آباد اور سائٹ ایریا سمیت کئی علاقوں میں بارش نے موسم کو مزید دل کش کردیا ہے۔

    گلشن اقبال ،یونیورسٹی روڈ ،لیاقت آباد میں بوندا باندی کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا ہے

    سہانے موسم کا لطف اٹھانے کے لئے شہریوں کی بڑی تعداد نے پارکوں کو رخ کرلیا ہے جبکہ موسم کے پیش نظر سموے، پکوڑوں کی دکانوں پر رش دیکھا جارہا ہے۔

    محکمہ موسمیات نے آج شام کراچی میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کی پیش گوئی کررکھی ہے، چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق مغربی ہواؤں کے باعث کراچی ، حیدرآباد،سکھر، لاڑکانہ میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہونے کا امکان ہے تاہم یہ سلسلہ جمعے کو پاکستان سے نکل جائےگا۔

    یہ بھی پڑھیں: کراچی میں آج پھر گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کی پیش گوئی

    ادھر مشیر وزیراعلیٰ سندھ نے پی ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم سمیت دیگرادارے الرٹ رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سےنمٹنےکےلیےوسائل بروئے کارلائیں۔

    مشیر وزیراعلیٰ سندھ نے پی ڈی ایم اے سندھ کو ایمرجنسی سینٹر 24 گھنٹے فعال رکھنےکی ہدایت کی اور کہا بلوچستان سےآنےوالابارشوں کاسلسلہ مزیدچند دن جاری رہے گا۔

    دوسری جانب محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں آج بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور،فیصل آباد، گجرات، سیالکوٹ،منڈی بہاؤالدین میں بارش متوقع ہے۔

  • چیئرمین پی سی بی کا سندھ میں مزید ٹیلنٹ تلاش کرنے کا اعلان

    چیئرمین پی سی بی کا سندھ میں مزید ٹیلنٹ تلاش کرنے کا اعلان

    کراچی: چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ سندھ میں کرکٹ کے بہترین کھلاڑی ہیں، ہم صوبے کے دیہی علاقوں میں کرکٹ پروموٹ کرینگے۔

    تفصیلات کے مطابق انہوں نے یہ بات وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات کے دوران کہی، چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے سندھ میں کرکٹ کے بہترین ٹیلنٹ کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں کرکٹ کے بہترین کھلاڑی ہیں، حیدرآباد سے زاہدحسین جبکہ لاڑکانہ سےشاہنواز ڈاھانی ہیں، ہم سندھ میں مزیدٹیلنٹ تلاش کرینگے اور اس کے لئے دیہی علاقوں میں کرکٹ پروموٹ کرینگے۔

    ملاقات میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ میں حیدرآباد میں کرکٹ کو بحال کرنا چاہتا ہوں، حیدرآباد کا نیاز اسٹیڈیم توبہترین ہے صرف ہوٹل کامسئلہ ہے اس کے علاوہ مراد علی شاہ نے چیئرمین پی سی بی کو آگاہ کیا کہ سکھر میں ہم اسپورٹس کمپلیکس بنارہےہیں جہاں دو کرکٹ گراؤنڈز، فٹبال اور دیگر گراؤنڈٖ بھی ہونگےوزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ کا کہنا تھا کہ ہماری خواہش ہے کہ پی سی بی کی ٹیکنیکل ٹیم سکھر اسپورٹس کمپلیکس کا دورہ کرے، ہم پی سی بی کی رہنمائی میں سکھر گراؤنڈ مزید بہتر کرینگے، جب کرکٹ کو فروغ ملے گا تومزیدٹیلنٹ آگےآئےگا۔

    ملاقات میں وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ کا مزید کہنا تھا کہ اگر پی ایس ایل میں سندھ کی ٹیم کو شامل کیا گیا تو ہم سندھ کی ٹیم کواسپانسر کرنے کیلئے تیار ہیں۔

    ملاقات میں جاوید قریشی ممبر بورڈ آف گورنر بھی شریک تھے، بعد ازاں وزیراعلیٰ سندھ نے رمیز راجہ کو شیلڈ، اجرک اور سندھی ٹوپی بھی پیش کی۔

  • سندھ اسمبلی:‌ ارکان نے ایک دوسرے پر چپلیں پھینکیں

    سندھ اسمبلی:‌ ارکان نے ایک دوسرے پر چپلیں پھینکیں

    کراچی: سندھ اسمبلی میں نئے بلدیاتی نظام کے ترمیمی بل کی منظوری کے وقت شدید ہنگامہ آرائی ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی میں اپوزیشن اور حکومتی ارکان گتھم گتھا ہو گئے، اراکین نے گالم گلوچ کیا، اور ارکان نے ایک دوسرے پر چپلیں پھینکیں۔

    پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی اراکین کے درمیان شدید تلخ کلامی ہوئی، ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ امداد پتافی اور تیمور نے پی ٹی آئی اراکین سے بدتمیزی کی، اور پی پی اراکین لڑائی کے لیے اپوزیشن بنچز پر آئے تھے۔

    واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی اسمبلی فلور پر تقریر پر اپوزیشن نے وزیر اعلیٰ کے خلاف ایوان میں احتجاج کیا، اور ان کے خلاف نعرے بازی کی، اپوزیشن ارکان نے اسپیکر ڈائس کا گھیراؤ بھی کیا، اس دوران شدید تلخ کلامی ہوئی۔

    اپوزیشن ارکان نے کاپیاں پھاڑ کر وزیر اعلیٰ سندھ کی طرف پھینک دیں، بلال غفار نے کہا وزیر اعلیٰ سندھ اسمبلی فلور پر معتصبانہ بیان دے رہے ہیں، حلیم عادل نے کہا وزیر اعلیٰ سندھ اپنے بیان کی وضاحت کریں اور معافی مانگیں۔

    سندھ میں نیا بلدیاتی نظام کثرتِ رائے سے منظور

    اپوزیشن جماعتوں کے رہنما وزیر بلدیات ناصر حسین کے سامنے جا کر کھڑے ہو گئے تھے، انھوں نے وزیر بلدیات کے رویے پر بھی شدید احتجاج کیا۔

    واضح رہے کہ مراد علی شاہ نے اپوزیشن کو ان پڑھ کہہ دیا تھا، انھوں نے کہا ایک ان پڑھ اپوزیشن سے بڑھ کر خرابی کوئی نہیں، وفاق میں بھی ایک ان پڑھ اور نالائق حکومت آئی ہے۔ مراد علی شاہ نے لسانیت کا الزام بھی لگایا اور کہا یہ لسانیت پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، سندھ سے محبت کرو گے تو سندھ کے لوگ بھی محبت دیں گے۔

  • بلاول بھٹو کا 17 دسمبر کو کراچی کے مختلف اضلاع میں احتجاج کا اعلان

    بلاول بھٹو کا 17 دسمبر کو کراچی کے مختلف اضلاع میں احتجاج کا اعلان

    کراچی: پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے 17 دسمبر کو کراچی کے مختلف اضلاع میں احتجاج کا اعلان کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 17 دسمبر کو پیپلزپارٹی کراچی کے مختلف اضلاع میں گیس بحران اور مہنگائی کے خلاف احتجاج کرے گی، 27 دسمبر کو گڑھی خدا بخش میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ہر پاکستانی کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، آئی ایم ایف ڈیل اسی طرح چلتی رہے گی تو عوام تکلیف میں ہوں گے۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی سیاسی، حکومتی لیول پر کوششیں سب کے سامنے ہے، پی پی خلوص نیت سے محنت کررہی ہے، جانتے ہیں مشکلات بھی ہیں، ہماری کوشش ہے کہ عوام کے مسائل کم کریں۔

    چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ سیاسی سطح پر حکومت کا مقابلہ ہر سیاسی میدان میں کررہے ہیں، کراچی کو سنبھال سکتے ہیں، کراچی کو اس کا حق دلا سکتے ہیں، کوشش ہے پیپلزپارٹی کی حکومت وفاقی سطح پر قائم ہو۔

    انہوں نے کہا کہ یہ ہماری سیاسی نظام کی کامیابی ہے کہ بلدیاتی حکومت کی مدت مکمل ہوئی۔ نئی قانون سازی میں گزشتہ نظام سے زیادہ ذمہ داریاں دی جارہی ہیں، نئے قانون کے تحت پراپرٹی ٹیکس نظام بلدیاتی حکومت کو دے رہے ہیں، پراپرٹی ٹیکس سے مقامی لوگوں کے مسائل حل ہوسکیں گے۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ صحت، تعلیم، لوکل پولیسنگ بلدیاتی حکومت کو جوابدہ ہوگی، واٹر بورڈ، ویسٹ مینجمنٹ بلدیاتی حکومت کو جوابدہ ہوگی، امید کرتے ہیں اس نظام سے کراچی کو زیادہ فائدہ ہوگا۔

  • سندھ حکومت نے خلاف ضابطہ تعمیرات کے لیے آرڈیننس لانے کا فیصلہ کر لیا

    سندھ حکومت نے خلاف ضابطہ تعمیرات کے لیے آرڈیننس لانے کا فیصلہ کر لیا

    کراچی: سندھ حکومت نے خلاف ضابطہ تعمیرات کے لیے آرڈیننس لانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ تعمیرات اور رہائشی یونٹس کو ریگولرائز کرنے کے لیے آرڈیننس لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، سندھ حکومت کی جانب سے خلاف ضابطہ تعمیرات کے لیے آرڈیننس لایا جا رہا ہے۔

    اس آرڈیننس کے ذریعے مقررہ عرصے میں تمام غیر تجارتی تعمیرات کو تحفظ دیا جائے گا، آرڈیننس کے ذریعے ایک کمیشن بنایا جائے گا، جو سرکاری زمین پر رہائشی یونٹس اور قواعد کی خلاف ورزی کی نشان دہی کرے گا۔

    ذرائع کے مطابق زمینوں کو بعض شرائط اور جرمانے کے ساتھ ریگولرائز کیا جائے گا، آرڈیننس میں خلاف ضابطہ تعمیرات اور قبضوں پر سزائیں بھی تجویز کی جائیں گی، تعمیراتی قوانین کی خلاف ورزی پر بھی سزا تجویز کی جائے گی۔

    سندھ کابینہ کی منظوری کے بعد آرڈیننس توثیق کے لیے گورنر کو بھیجا جائے گا، جن کی منظوری کے بعد آرڈیننس نافذالعمل ہوگا۔

    واضح رہے کہ سندھ حکومت کا مجوزہ آرڈیننس اسمبلی کی منظور کردہ قرارداد پر بنایا جا رہا ہے، آرڈیننس کی روشنی میں کمیشن کی سربراہی ایک ریٹائرڈ جج کریں گے، یہ کمیشن تعین کرے گا کہ کون سے رہائشی یونٹس ریگولرائز کرنے ہیں۔

  • سندھ اسمبلی میں بلدیات ترمیم بل 2021 منظور

    سندھ اسمبلی میں بلدیات ترمیم بل 2021 منظور

    سندھ اسمبلی میں بلدیات ترمیم بل 2021 کثرت رائےسے منظور کر لیا گیا۔

    صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ کی جانب سے ترمیمی بل منظوری کے لیے ایوان میں پیش کیا گیا تو ‏اپوزیشن نے مخالفت کرتے ہوئے شورشرابہ کیا اور ارکان نشستوں پر کھڑے ہو گئے۔

    بل کیخلاف احتجاج کیلئے اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ اور دیگر ارکان اسپیکرڈائس کے سامنےپہنچ گئے جنہوں ‏نے ہاتھوں میں پوسٹرز اٹھا رکھے تھے۔ اپوزیشن ارکان کی جانب سےکالاقانون نہ منظور کے نعرے لگائے گئے۔

    اپوزیشن کے احتجاج کے دوران ایوان نے کثرت رائے سے ترمیمی بل منظور کر لیا۔ وزیربلدیات ناصرحسین شاہ کا ‏کہنا ہے کہ بل کی منظوری پر سب کا شکرگزار ہوں یہ ہماری لیڈرشپ کاویژن ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات قوانین پر اپوزیشن کی تجاویز لی جائیں گی تمام جماعتوں کی مشترکہ تجاویز ‏پر ٹاؤن سسٹم لایا جا رہا ہے۔

  • بلاول بھٹو نے سندھ کے نئے بلدیاتی نظام کی منظوری دے دی، ٹاؤن سسٹم پھر بحال ہوجائے گا

    بلاول بھٹو نے سندھ کے نئے بلدیاتی نظام کی منظوری دے دی، ٹاؤن سسٹم پھر بحال ہوجائے گا

    کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی نے سندھ میں ایک بار پھر نیا بلدیاتی نظام لانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کی بلاول بھٹو زرداری نے بھی منظوری دے دی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق  پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سندھ میں نئےبلدیاتی نظام کی منظوری دے دی، جس کے بعد کل نئے بلدیاتی نظام کا بل اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔

    پاکستان پیپلزپارٹی بل کی منظوری کے حوالے سے پُرامید ہے اور بتایا جارہا ہے کہ منظوری کے بعد مجوزہ بلدیاتی نظام میں بڑی تبدیلیاں کی جائیں گی۔

    نئے بلدیاتی نظام کے تحت کراچی میں ضلع کونسل اور ڈی ایم سی کے نظام کو ختم کر کے صوبے کے ہر ڈویژن میں ٹاؤن سسٹم نافذ کیا جائے گا، کراچی میں ضلع کونسل اورڈی ایم سیزکی جگہ 25 ٹاؤنز تشکیل دیے جائیں گے، جو جنرل (ر) پرویز مشرف کے دور میں 18 تھے۔

    نئےبلدیاتی نظام میں میئرکراچی کو مزیداختیارات دیے جائیں گے جبکہ یونین کونسل کے چیئرمینز بھی بااختیار ہوں گے۔  نئےنظام میں میونسپل سہولیات کو ایک پلیٹ فارم میں یکجاکیاجائےگا۔

    پاکستان پیپلزپارٹی نے نئےبلدیاتی نظام میں ایم کیوایم اورجماعت اسلامی کی تجاویزکو بھی شامل کیا ہے۔