Author: ارباب چانڈیو

  • بلاول ہاؤس کے میڈیا سیل میں آگ لگ گئی

    بلاول ہاؤس کے میڈیا سیل میں آگ لگ گئی

    کراچی: کراچی کے پوش علاقے میں واقع پاکستان پیپلز پارٹی کے میڈیا سیل میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ہے۔

    ابتدائی اطلاعات کے مطابق بلاول ہاؤس میں واقع پاکستان پیپلز پارٹی کےمیڈیا سیل میں آگ لگ گئی ہے، واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی چار گاڑیاں متاثر جگہ پہنچی اور امدادی کارروائیوں کا آغاز کردیا ہے۔

    آگ لگنے کے باعث پیپلزپارٹی میڈیا سیل میں دھواں بھر گیا، دھواں بھرنے کے باعث میڈیا سیل میں موجود ملازمین کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا ہے۔

    ابتدائی اطلاعات کے مطابق آتشزدگی سے مانیٹرنگ روم ، سرور روم ، آرکائیو ، اسٹور روم ، میٹنگ روم ، کانفرنس روم کو نقصان پہنچا ہے تاہم نقصان کا حتمی تخمینہ آگ پر قابو پانے کے بعد کیا جائے گا۔

  • بلوچستان کے 2 اہم سیاسی رہنماؤں کا پی پی میں شمولیت کا فیصلہ

    بلوچستان کے 2 اہم سیاسی رہنماؤں کا پی پی میں شمولیت کا فیصلہ

    بلوچستان کے 2 اہم سیاسی رہنما پیپلزپارٹی میں شامل ہونے کیلئے رضامند ہوگئے۔

    ذرائع کے مطابق سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ثنااللہ زہری اور سابق وفاقی وزیر عبدالقادر بلوچ نے پی ‏پی میں شمولیت اختیار کرنے کے لیے رضامندی کا اظہار کیا ہے۔

    عبدالقادربلوچ کی سابق صدرآصف زرداری اور بلاول بھٹو سے ملاقات ہوئی جس میں انہوں نے ‏پیپلزپارٹی میں شامل ہونےکا فیصلہ کیا۔

    ثنااللہ زہری اور عبدالقادر بلوچ سمیت ن لیگ بلوچستان کےکئی اہم رہنما بھی پیپلزپارٹی میں شامل ‏ہوں گے۔

    اس حوالے سے چنددنوں میں پریس کانفرنس منعقد کی جائے گی جس میں سیاسی رہنما پی پی ‏میں شمولیت کا اعلان کریں گے۔

    واضح رہے کہ ثناءاللہ زہری اور عبدالقادر بلوچ ن لیگ کی پالیسیوں کے خلاف احتجاجاً پارٹی سے ‏علاحدہ ہو گئے تھے۔

  • سندھ کابینہ کا اجلاس طلب، بجٹ تجاویز کی منظوری لی جائے گی

    سندھ کابینہ کا اجلاس طلب، بجٹ تجاویز کی منظوری لی جائے گی

    کراچی: سندھ کابینہ کا اجلاس 15 جون کو طلب کرلیا گیا جس میں بجٹ تجاویز کی منظوری لی جائے گی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سندھ کابینہ اجلاس میں تنخواہوں و پنشن میں اضافے سے متعلق سفارشات کی منظوری دے گی، سندھ کے ٹیکس ٹارگٹ، شرح کی تفصیلات سندھ کابینہ میں پیش کی جائیں گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی آف میرپورخاص کا چارٹر بھی سندھ کابینہ میں پیش کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ سندھ حکومت آئندہ مالی سال کا بجٹ 15 جون کو پیش کرے گی، سندھ کا بجٹ وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ بطور وزیر خزانہ سندھ اسمبلی میں پیش کریں گے، بجٹ کا حجم 12 کھرب روپے سے زائد ہوگا۔

    وزیر خزانہ سندھ 15 جون کو سہ پہر 3 بجے اسمبلی ایوان میں بجٹ پیش کریں گے، 16 جون کو پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس سندھ اسمبلی آڈیٹوریم میں ہوگی۔

    ذرائع کے مطابق بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں، پنشن میں 10 سے 15 فیصد اضافے کا امکان ہے۔

    علاوہ ازیں بجٹ میں گریڈ ایک سے 4 تک کے ملازمین کی گروپ انشورنس 3 لاکھ سے بڑھا کر 3 لاکھ ‏‏75000 کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    گریڈ 5 تا 10کےملازمین کی گروپ انشورنس 3 لاکھ 50 ہزار سے بڑھا کر 4 لاکھ37 ہزار500 کیا جا رہا ‏ہے۔

    گریڈ19 کے ملازمین کی گروپ انشورنس 21لاکھ سےبڑھاکر26 لاکھ25ہزار اور گریڈ20کےملازمین کی ‏گروپ انشورنس 25 لاکھ سے بڑھا کر31لاکھ25ہزار کرنے کافیصلہ کیا گیا ہے۔

  • سندھ حکومت کا کرونا پابندیوں میں نرمی کا اعلان

    سندھ حکومت کا کرونا پابندیوں میں نرمی کا اعلان

    کراچی: سندھ حکومت نے کرونا لاک ڈاؤن میں نرمی کرتے ہوئے اہم فیصلے کئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت سندھ ٹاسک فورس کا اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں کراچی سمیت سندھ بھر میں کرونا کی صورت حال پر تفصیلی غور کیا گیا۔

    ٹاسک فورس کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پیر سے کراچی سمیت سندھ بھر میں تمام مارکیٹس اور دکانیں رات 8 بجے تک کھولنے کی اجازت ہوگی، مراد علی شاہ نے کہا کہ تمام دکانوں کے اسٹاف کو ویکسین لازمی کرانا ہوگی، پندرہ روز بعد دکانوں کےاسٹاف کے ویکسی نیشن سرٹیفکیٹس چیک ہونگے۔

    مراد علی شاہ نے اعلان کیا کہ آؤٹ ڈور ڈائننگ کی رات بارہ بجے تک کھولنے کی اجازت ہوگی، آؤٹ ڈور ڈائننگ پر لوگوں کے درمیان فاصلہ رکھنا لازمی ہوگا۔

    اس کے علاوہ سندھ حکومت نے دو ہفتے میں شادی ہالز کھولنے کا اعلان کیا ،وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ دو ہفتےکے بعد شادی ہالز، آؤٹ ڈور شادیوں کی اجازت ہوگی۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے اعلان کیا کہ سندھ حکومت نے ساحل سمندر، بیچ اور سی ویو کو کھولنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ سیلونز بھی ایس او پیز کےتحت کھولے جاسکتے ہیں۔

    دوسری جانب وزیرتعلیم سندھ سعید غنی نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کل سے تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کیا ہے، سعید غنی کی جانب سے ٹوئٹ کیا گیا کہ سندھ کرونا ٹاسک فورس نے کل 7 جون سے سندھ کے تعلیمی اداروں کو نویں اور اوپر کی جماعتوں کیلئے سخت ایس او پیز اور پچاس فیصد حاضری کے ساتھ کھولنے کا فیصلہ کیا ہے، تمام عملے کو کورونا ویکسین لگوانی ہوگی۔

     

  • سندھ حکومت نے پی ایچ ڈی الاؤنس دینے سے معذرت کرلی

    سندھ حکومت نے پی ایچ ڈی الاؤنس دینے سے معذرت کرلی

    کراچی: محکمہ خزانہ سندھ نے پی ایچ ڈی ملازمین کو الاؤنس دینے سے معذرت کرلی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ کا کہنا ہے کہ پی ایچ ڈی ڈگری کے حامل ملازمین کو 25 ہزار الاؤنس نہیں دے سکتے، واضح رہے کہ گزشتہ ماہ سندھ ہائیکورٹ نے تمام پی ایچ ڈی ہولڈر سرکاری ملازمین کو ماہانہ 25 ہزار روپے الاؤنس دینے کا حکم دیا تھا۔

    محکمہ داخلہ سندھ کا کہنا ہے کہ محکموں کے پی ایچ ڈی افسران کا الاؤنس 250 فیصد سے زائد ہے، عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل کی درخواست کردی ہے۔

    محکمہ خزانہ سندھ کی جانب سے محکمہ قانون کو خط لکھا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ عدالت کے فیصلے سے خزانے پر بڑا بوجھ ہوگا، وفاق، دیگر صوبوں میں بھی پی ایچ ڈی الاؤنس کا طریقہ کار نہیں بدلا ہے۔

    ترجمان محکمہ خزانہ سندھ کا کہنا ہے کہ سرکاری خزانے پر بوجھ روکنے کے لیے فیصلے پر نظرثانی اپیل کی جائے گی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ عدالت نے حکم دیا تھا کہ پی ایچ ڈی ہولڈرز افسران کو ماہانہ 25 ہزار روپے الاؤنس دیا جائے۔

    عدالت میں سندھ حکومت نے موقف اختیار کیا تھا کہ صرف یونیورسٹیز میں پی ایچ ڈی ہولڈرز کو 25 ہزار روپے الاؤنس دیا جارہا ہے، دیگر سرکاری پی ایچ ڈی ہولڈرز کو 10 ہزار روپے ماہانہ دیے جاتے ہیں۔

    اس پر سندھ ہائی کورٹ کا کہنا تھا کہ ایسا امتیازی سلوک کیوں کیا جا رہا ہے؟ سندھ ہائی کورٹ نے حکم پر عمل درآمد کروا کر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی تھی۔

  • تنخواہیں بند  : کورونا ویکسین نہ لگوانے والے سرکاری ملازمین کیلئے اہم اعلان

    تنخواہیں بند : کورونا ویکسین نہ لگوانے والے سرکاری ملازمین کیلئے اہم اعلان

    کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کورونا ویکسین نہ لگوانے والے سرکاری ملازمین کی جولائی سے تنخواہیں بند کرنے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی صدارت میں کوروناصوبائی ٹاسک فورس کااجلاس ہوا، اجلاس میں صوبائی وزراڈاکٹرعذرا فضل پیچوہو، سعید غنی، ناصر شاہ، جام اکرام ، ڈاکٹر عبدالباری، ڈاکٹرسارا خان، ڈاکٹر قیصرسجاد شریک ہوئے۔

    مراد علی شاہ نے کہا جو سرکاری ملازم ویکسین نہیں لگوائے گا اس کی جولائی سے تنخواہ بند کی جائے ، سیکریٹری صحت ڈاکٹر کاظم جتوئی نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا باہرسےآنے والے26812مسافروں کاٹیسٹ کیےگئے ، جس میں سے 55مثبت آئے۔

    بریفنگ میں بتایا گیا کہ 29مئی کو4مسافروں میں انڈین ویرینٹ کی تشخیص ہوئی ، چاروں مسافروں کو آئیسولیشن میں رکھاگیا ہے ، 4 انڈین ویرینٹ مریض 14 لوگوں سےرابطے میں آئے ، ان کے ٹیسٹ کیے جارہے ہیں۔

    سیکریٹری صحت کا کہنا تھا کہ یکم جون کو12.45 فیصد اور 2 جون کو کراچی میں 11.77 فیصد مثبت کیسز تھے، 27 مئی سے2 جون تک کراچی شرقی میں 21 فیصد نئے کیسز رپورٹ ہوئے، وسطی میں 12 فیصدکیسز اور 15 اموات ہوئیں جبکہ اس وقت 77 مریض وینٹی لیٹرزپرہیں ، جس میں سے 74 کراچی میں ہیں۔

  • کرونا لاک ڈاؤن: ایم کیو ایم کے اراکین کا سندھ اسمبلی میں‌ شدید احتجاج

    کرونا لاک ڈاؤن: ایم کیو ایم کے اراکین کا سندھ اسمبلی میں‌ شدید احتجاج

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے اراکین اسمبلی نے کرونا پابندیوں کے خلاف ایوان میں اسپیکر کی نشست کے سامنے کھڑے ہوکر شدید احتجاج کیا اور حکومت پر سنگین الزامات بھی عائد کیے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آغا سراج درانی کی زیر صدارت سندھ اسمبلی کا اجلاس ہوا، جس میں ایم کیو ایم کے اراکین نے کرونا ایس او پیز کے نام عائد ہونے والی تجارتی پابندیوں کی شدید مخالفت کی۔

    ایم کیو ایم اراکین کو ایوان میں بولنے کی اجازت نہ ملنے پر اراکین اپنی نشستوں سے احتجاجاً کھڑے ہوئے اور اسپیکر کی نشست کو گھیر کر احتجاج ریکارڈ کرایا۔ایم کیوایم اراکین بینرز تھامے اسپیکر ڈائس کےسامنے کھڑے رہے، جس پر انہیں آغا سراج درانی نے اپنی نشستوں پر بیٹھنے کا مشورہ بھی دیا۔

    آغا سراج درانی نے کہا کہ ’پہلے سوال جواب ہوں گے اُس کے بعد آپ کو بولنے کا موقع دیاجائےگا، میں کوئی ڈکٹیشن  نہیں لوں گا‘۔ انہوں نے احتجاج پر ریمارکس دیے کہ ’آپ (ایم کیو ایم والے) ہاؤس کی کارروائی کو چلانا نہیں چاہتے، آپ کی آواز کوئی نہیں دبائے گا اور میں ایسا کیوں کروں گا؟‘۔

    ایم کیو ایم اراکین نے کہا کہ ’کراچی میں لاک ڈاؤن کی آڑ میں تاجروں کے ساتھ بہت زیادہ ناانصافی ہورہی ہے‘۔

    مزید پڑھیں: ’72 گھنٹوں میں ہمارے مطالبات منظور نہ کئے گئے تو راست اقدام اٹھائیں گے‘

    ایم کیو ایم کے رکن اسمبلی کنور نوید جمیل نے کہا کہ ’اسپیکرپر واضح کردیا کہ تاجروں کے مسائل حل ہونے تک اپنا احتجاج جاری رکھیں گے، سندھ حکومت کو کراچی والوں کو بھی شہری سمجھنا ہوگا،  یہ باہرسےکرپٹ افسران لاکرمحنت کشوں کی جیبیں خالی کراتے رہیں گے‘۔

    کنور نوید جمیل نے سندھ حکومت سے متاثر تاجروں اور شہریوں کو ریلیف دینے کا مطالبہ بھی کیا۔

    پاکستان پیپلزپارٹی کے رکن اسمبلی مکیش کمار نے کہا کہ ’کروناکے ساتھ اگر ایم کیوایم والے پانی کی قلت کے خلاف آواز اٹھاتے تو ہم اُن کی مکمل حمایت کرتے کیونکہ کرونا کاتدارک اور پانی کی قلت کا مسئلہ دونوں بہت اہم اور ضروری ہیں‘۔

    یہ بھی پڑھیں: کراچی کے تاجروں‌ کا سندھ حکومت کو ایک ہفتے کا الٹی میٹم

    مکیش کمار نے ایم کیو ایم کے رکن اسمبلی محمد حسین کو مخاطب کرتے ہوئے ماسک پہنے کی تجویز دی اور کہا کہ ’آپ لوگ کرونا کی بات تو کررہے ہیں مگر ایس او پیز فالو نہیں کررہے، ایم کیوایم والے پہلے ماسک پہنیں پھراحتجاج کریں‘۔ اسپیکر سندھ اسمبلی نے ایم کیوایم اراکین کے احتجاج پر اجلاس جمعہ تک ملتوی کردیا۔

  • سندھ حکومت نے‎ ‎وزیراعلیٰ پنجاب کی پیشکش مسترد کر دی

    سندھ حکومت نے‎ ‎وزیراعلیٰ پنجاب کی پیشکش مسترد کر دی

    سندھ حکومت نے‎ ‎وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار‎ ‎کی پیشکش مسترد‎ ‎کر‎ ‎دی۔

    صوبائی وزیر سندھ سہیل انور سیال کا کہنا ہے کہ سندھ کے ارکان اسمبلی پنجاب کے بیراجز کا ‏دورہ نہیں کریں گے ہمارااحتجاج اورشکوہ ارساسےہےپنجاب کےدورےکی ضرورت نہیں۔

    سہیل سیال نے کہا کہ وزیراعلیٰ چشمہ جہلم لنک کینال،ٹی پی لنک میں پانی چھوڑنےکاجواب دیں، ‏پنجاب میں غیرقانونی طورپرلنک کینال کھولےگئے۔

    واضح رہے کہ عثمان بزدار نےسندھ کےارکان اسمبلی کوپنجاب کےدورےکی دعوت دی تھی۔

    دوسری جانب محکمہ آبپاشی سندھ نے دعویٰ کیا ہے کہ سندھ کو3 ارب ڈالر کا نقصان دیا گیا، ‏سندھ کورواں سیزن میں 33 اعشاریہ ایم اےایف پانی ملناچاہیےتھا، سندھ کو30اعشاریہ89ایم اے ‏ایف پانی دیا گیا۔

    وزیر آبپاشی سندھ نے پنجاب کے ماہرین کو سندھ کا دورہ کرنےکی پیشکش کر دی ہے۔

  • وزیراعظم سے وزیرآبپاشی سندھ کی ملاقات؛ حصے کا پانی نہ ملنے کی شکایت

    وزیراعظم سے وزیرآبپاشی سندھ کی ملاقات؛ حصے کا پانی نہ ملنے کی شکایت

    وزیراعظم عمران خان سے وزیر آبپاشی سندھ سہیل انور سیال نے ملاقات کر کے صوبے کو حصے ‏کا پانے نہ ملنے کی شکایت کی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے وزیر آبپاشی سندھ سہیل انور سیال نے اسلام آباد ‏میں ملاقات کی جس میں صوبائی وزیر نےحصےکا پانی نہ ملنے پر شکایت کی۔

    وزیرآبپاشی سندھ سہیل انور سیال نے کہا کہ ٹی پی کینال سے پانی چوری کیا جا رہا ہے اور سندھ ‏کو اس کے حصے کا پانی نہیں مل رہا۔

    صوبائی وزیر کی ارسا کےخلاف شکایت پر وزیراعظم نے ارسا چیئرمین کو طلب کر لیا ہے۔ ذرائع ‏کے مطابق وزیراعظم نے پانی کے معاملے پر کل اجلاس بھی طلب کیا ہے جس میں سندھ اور ‏پنجاب کے ارسا نمائندے اور حکام شرکت کریں گے اجلاس میں پانی کی کمی اورصوبوں کی شکایت ‏کاجائزہ لیاجائے گا۔

    دوسری جانب پیپلزپارٹی کے سیدنویدقمر نے سندھ میں پانی کی کمی کا مسئلہ قومی اسمبلی میں ‏اٹھادیا، نوید قمر نے کہا کہ ارسا کو بار بار کہا گیا شارٹیج کے وقت لنک کینالز کو نہ کھولا جائے، ‏ارساکےمؤقف کو صرف ایک صوبہ نےتسلیم کیا، ممبرسندھ ارساکومیٹنگ میں زدوکوب کیا گیا، ‏حکومت انکوائری کرے۔

    ڈپٹی اسپیکر نے کل وفاقی وزیرآبی وسائل کو بریفنگ کیلئے ایوان میں طلب کر لیا۔

    ادھر واٹر بورڈ حکام نے کہا ہے کہ کراچی میں پانی کی سپلائی متاثر ہوئی ہے شہری احتیاط سے ‏پانی استعمال کریں، دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پرپائپ لائن پریشرکےباعث پھٹ گئی جس کی وجہ ‏سے پانی پمپنگ اسٹیشن کے اندر داخل ہو گیا ہے موٹروں کو محفوظ رکھنے کیلئےپمپنگ کوفوری ‏طور پر بند کر دیا گیا ہے۔

  • ارسا اجلاس: سندھ حکومت کا اپنے نمائندے پر تشدد کا دعویٰ

    ارسا اجلاس: سندھ حکومت کا اپنے نمائندے پر تشدد کا دعویٰ

    کراچی: سندھ حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ ارسا اجلاس میں سندھ حکومت کے نمائندے پر تشدد کیا گیا ہے، چیئرمین ارسا نے الزام کو بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ارسا اجلاس میں سندھ کےنمائندے زاہد حسن جونیجو پر تشدد کیا گیا ہے، اس بات کا انکشاف پیپلز پارٹی کی رہنما شہلا رضا نے کیا، شہلا رضا نے دعویٰ کیا کہ ارسا اجلاس میں سندھ کے نمائندے زاہد حسن جونیجو نے صوبے سندھ کو پانی نہ ملنےکا معاملہ اٹھایا تھا، دوران اجلاس سندھ کےنمائندے کو مائیک مارا گیا۔

    رہنما پیپلز پارٹی شہلا رضا کا دعویٰ ہے کہ ارسا اجلاس میں سندھ کے مؤقف پر بلوچستان نے بھی حمایت کی ہے۔معاملے سے متعلق ارسا میں سندھ کے رکن زاہد حسن جونیجو نے بتایا کہ چیئرمین ارسا کے ساتھ پانی کے معاملے پر گفت و شنید جاری تھی، میں نے انہیں کہا کہ آپ کو دکھاؤ کہ ٹی جی کینال کا پانی کہاں منظور ہوا ہے ؟، جس پر چیئرمین ارسا راؤ ارشاد طیش میں آگئے اور مجھے کہا کہ تم بیوقوف ہو، تم جاہل ہو ، میں تم سے بحث نہیں کرسکتا، اسی بحث ومباحثے کے دوران انہوں نے مجھے کہا کہ تم کچھ پتہ نہیں ہے چُپ رہو اور مجھے کتاب دے ماری۔

    دوسری جانب چیئرمین ارسا راؤ ارشاد نے اے آر وائی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ارسا اجلاس میں ایسا کوئی واقعہ نہیں ہوا ہے، جلتی پر تیل کا کام نہیں کرنا چاہتا، میرے حوالے سے تمام الزامات غلط ہیں۔راؤ ارشاد نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ نفرتیں نہ پھیلائی جائیں۔

    شہلا رضا کے انکشاف پر وزیراعلیٰ سندھ نے وزیرآبپاشی سہیل انور سیال نے معاملے کی تفصیل حاصل کی جبکہ سندھ حکومت نے اس معاملے پر احتجاج کا فیصلہ کیا ہے۔

    سندھ کابینہ نے بھی ارسا اجلاس میں سندھ کے نمائندے پر تشدد کی مذمت کی ہے ، صوبائی وزیر آب پاشی سہیل انور سیال کا کہنا تھا کہ ارسا اجلاس میں ہمارے نمائندے پر تشدد کا معاملہ تشویشناک ہے، سندھ کےنمائندےپ ر تشدد کیخلاف سندھ اسمبلی میں احتجاج کیا جائے گا۔