اسلام آباد: پاک فضائیہ کے ایئرمارشل وقاص سلہری نے بتایا ہے کہ 27 فروری کو ہونے والے واقعے میں تین بھارتی جہاز تباہ ہوئے، ابھی نندن کو جھوٹ بولنے پر ایوارڈ دیا گیا۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام پاور پلے میں میزبان ارشد شریف کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے پاک فضائیہ کے ایئرمارشل وقاص سلہری نے کہا کہ وزیراعظم کی اجازت اور فیصلے پر مشن مکمل کرتے ہوئے بھارتی فضائیہ کو زیر کیا۔
انہوں نے بتایا کہ 27فروری کو 3ہوائی جہازگرے اور تینوں بھارتی طیارے تھے، ایم آئی17 ہیلی کاپٹر کی شوٹنگ کادعویٰ کرسکتے تھے مگر ذمہ دار قوم کا ثبوت دیتے ہوئے کوئی جھوٹا دعویٰ نہیں کیا کیونکہ دیانتداری بنیادی قدر ہے۔ پاک فضائیہ کے ایئرمارشل نے کہا کہ ابھی نندن اوربھارتی ایئرڈیفنس کی گفتگو رُک گئی تھی، پاکستانی فضائیہ نے وزیراعظم کے فیصلوں پرمشن پورا کیا۔
’ بھارتی پائلٹ کے طیارے میں چار میزائل نصب تھے، جن کو ناکارہ بنایا گیا جبکہ ہمارے تمام جیٹ طیارے باحفاظت اڈوں پر اترے، عالمی سطح پرقبول کیاگیا کہ پاکستان کا کوئی ایف16طیارہ نہیں گرا، معزز قومیں طیارہ گرنےجیسےواقعات کو نہیں چھپاتیں‘۔
وقاص سلہری نے کہا کہ بین الاقوامی میگزین نے امریکی حکومت کا حوالہ دے کر خبر شائع کی، جس میں پاکستان کے تمام طیاروں کی تعداد بتائی گئی تھی، علاوہ ازیں اصل جہاز کے مینوفیکچرر نے بھی نمبروں کی تصدیق کی اور کرسٹین فیئر نے بھی تصدیق کی پاکستان کا کوئی ایف16 نہیں گرا۔
وقاص سلہری کا کہنا تھا کہ ایف16سمیت کوئی پاکستانی طیارہ بھارت نےنہیں گرایا، بھارتی حکام نے پہلےہیلی کاپٹرگرنےکی تردیدکی اور پھر خود ہی اپنا ہیلی کاپٹر گرانےکی تصدیق کی تھی۔
اسلام آباد: وزیراعظم کے لاہورکےگھر سے ملتےجلتے ایڈریس پر 2آف شورکمپنیوں کا انکشاف سامنے آیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق آف شورکمپنیز کے ڈیٹابیس میں مزید2آفشورکمپنیوں کا انکشاف سامنے آیا، جن کے ایڈریس لاہور کے زمان پارک کے پتے پر درج ہیں۔
ہاک فیلڈ لمیٹڈ اور لاک گیٹ انویسٹمنٹ نامی کمپنیاں سی شیلز میں رجسٹرڈ ہیں، جن کا ایڈریس وزیراعظم عمران خان کی لاہور میں موجود رہائش گاہ زمان پارک کا ہے۔
اطلاعات کے مطابق یہ دونوں آف شورکمپنیاں فریدالدین اوراس کےدوست کےنام پردرج ہیں، جب اس حوالے سے مزید معلومات حاصل کی گئیں تو معلوم ہوا کہ کمپنیوں کا ایڈریس وزیراعظم کے گھر کے پتے سے ملتا جلتا ہے۔
لاک گیٹ انویسٹمنٹ نامی آف شور کمپنی فریدالدین جبکہ ہاک فیلڈ لمیٹڈ نامی کمپنی فریدالدین کےدوست کےنام پردرج ہے۔ آف شور کمپنی کا مالک فریدالدین زمان پارک کارہائشی ہے اور وزیراعظم عمران خان کے گھر سے ملتےجلتے ایڈریس پر رہائش پذیر ہے۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام پاور پلے کے اینکر پرسن اور انویسٹی گیٹو جرنسلٹ کا کہنا ہے کہ کمپنی اور عمران خان کے گھر کے پتے میں یکسانیت ضرور ہے لیکن وزیراعظم عمران خان کا کمپنیوں سےتعلق نہیں ہے۔
نمائندہ اے آر وائی نیوز نے اس بات کا سراغ لگایا کہ زمان ٹاؤن میں ایک جیسے نمبر کے دو مکانات موجود ہیں، جن میں سے ایک میں آف شور کمپنی کا مالک فرید الدین رہائش پذیر ہے۔
آف شورکمپنیوں کے مالک فریدالدین نے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’لاک گیٹ نامی آف شورکمپنی 2008 میں بنائی تھی جبکہ ہاک فیلڈ لمیٹڈنامی کمپنی دوست کےنام پربنائی۔
انہوں نے بتایا کہ ’میرا اور عمران خان کا برکی برادری سے تعلق ہے اورملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں، عمران خان سے وزیراعظم بننےکے بعد ملاقات نہیں ہوئی، آف شورکمپنی میری ہے اور اس کا وزیراعظم عمران خان سے کوئی تعلق نہیں ہے‘۔
انہوں نے بتایا کہ زمان پارک میں3گھرایسےہیں جن کا ایڈریس ایک ہی ہے، لاک گیٹ انویسٹمنٹ نامی آف شورکمپنی میری تھی۔
یاد رہے کہ پاکستان کے پاس آف شورکمپنیاں رکھنے والےکئی پاکستانیوں کا ریکارڈ موجود ہے، جن پر قومی احتساب بیورو نیب تحقیقات کررہا ہے۔
واضح رہے کہ پانامہ لیکس کی طرز پر عالمی صحافتی ادارہ آئی سی آئی جے کی جانب سے ایک نئی رپورٹ جلد شائع ہونے جارہی ہے، جس میں دنیا بھر کی مختلف شخصیات کے نام ہیں، پاکستان میں عالمی ادارے کے ساتھ کام کرنے والے صحافیوں نے دعویٰ کیا کہ کئی پاکستانی شخصیات کے نام بھی ہیں۔
افغانستان کے سابق وزیراعظم گلبدین حکمت یار نے کہا ہے کہ عمران خان نے جرات مندانہ طور پر کہا افغان جنگ میں جاناغلطی تھی عمران خان کےبیسزنہ دینےاورجنگ کاحصہ نہ بننےکےاعلان پرمشکورہیں بھارت کو چاہیے وہ بھی اس سےسیکھے، افغانستان کیخلاف ایک اورسازش کی جارہی ہے پنجشیرمیں اب بھی بہت سے ممالک شرارت کر رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار حزب اسلامی کے سربراہ گلبدین حکمت یار نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام پاورپلے کے میزبان ارشد شریف کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں کیا۔
بڑا ہدف
انہوں نے کہا کہ افغان عوام خوش ہیں کیونکہ ایک بڑا ٹارگٹ حاصل کرلیاہے غیرملکی افواج کا افغانستان سےانخلا ہو چکا ہے افغانستان میں جنگ کاخاتمہ ہوگیاہے مستقبل سےمتعلق عوام کوفیصلہ کرنےکاحق مل گیاہے طالبان نےافغانستان میں عبوری حکومت کااعلان کیاہے گزشتہ حکومت کےبعدایک خلاپیداہوگئی تھی جو پُرکرنا تھی ہمارا بھی مشورہ تھا کہ فوری طور پر عبوری حکومت بنانی چاہیے۔
حکومت ایک پارٹی کے پاس ہو
سابق وزیراعظم نے کہا کہ تجویزتھی مشاورت کرکےآئندہ کےلائحہ عمل کا اعلان کیاجائے چاہتےہیں ایسی حکومت بنائیں جس کوعوام کی حمایت حاصل ہو مشاورت کے بغیربنائی گئی حکومتیں ناکام ہوتی ہیں ہم چاہتےہیں حکومت متحداورایک ہی پارٹی کےپاس ہو کیونکہ حکومت تقسیم ہوتی ہےتواس سےنقصان ہوتاہے حکومت میں سب کوشامل کرلیں توکسی کافائدہ نہیں ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ 2016 میں ایک معاہدہ کیا گیا تھا جو توڑا گیا تھا افغان حکومت چاہتی تھی ان سےمل کرطالبان کیخلاف لڑیں، غیرملکی افواج بھی چاہتی تھی کہ ہم طالبان کیخلاف لڑیں اور حزب اسلامی طالبان کیخلاف لڑ کر غلطی نہیں کرنا چاہتی تھی ہم نےغیرملکی افواج کیخلاف طویل جنگ لڑی ہے۔
پنجشیر میں یہودیوں کی سازش
گلبدین حکمت یار نے کہا کہ ماضی میں بھی پنجشیرسےفائدہ اٹھایاگیاابھی بھی شرارت کی گئی، دشمن احمد مسعود اور پنجشیر کو شرارت کے طور پر استعمال کر رہے تھے ایک یہودی جاسوس احمد مسعود کو پنجشیر کیلئے اکسا رہا تھا یہ وہی یہودی ہےجس نے ترکی میں کردوں کواکسایا یہ وہی یہودی جاسوس ہےجس نے عراق میں فسادپیداکیا امریکا میں ایک گروپ ہے جو پنجشیرمزاحمت کی حمایت کررہاتھا پنجشیرمیں مزاحمت والے چاہتے تھےکہ امریکا دوبارہ آجائے طالبان نے پنجشیرمیں کامیابی حاصل کی جوبڑی بات ہے بڑی تعدادمیں اسلحہ و گولہ بارودملا، پنجشیر میں اتنے بڑے پیمانے پر اسلحہ کیسےپہنچاسوالیہ نشان ہے پنجشیرکےعوام ان سےنفرت کرتے ہیں جو غیرملکیوں کی راہ ہموار کر رہے تھے لیکن پنجشیرمیں افغانستان دشمنوں نےشرارت کی جوناکام رہی، احمد مسعود کے گروپ کو وزیردفاع بنایا گیا تھا جو اسلحہ پنجشیرپہنچاتارہا۔
مودی غلطیوں کا اعتراف کرے
ان کا کہنا تھا کہ نیٹوکی حمایت کے بدلے بھارت کوافغانستان میں کھلامیدان ملا بھارت نےافغانستان میں اپنے مفادات کیلئے بھرپور کام کیا مودی کوچاہیےوہ افغانستان میں اپنی غلطیوں کااعتراف کرے۔
عمران خان کا مشکور
حزب اسلامی کے سربراہ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کےمؤقف کی حمایت اوران کامشکوربھی ہوں عمران خان نےواضح مؤقف اپنایاکہ افغانستان میں جنگ نہیں ہونی چاہیے عمران خان نےواضح کہاافغانستان سےمتعلق جنگ کاحصہ نہیں پاکستان نےافغانستان میں امن کےلیےاہم کردارادا کیاہے عمران خان نےکہاہماری سرزمین کسی ملک کیخلاف استعمال نہیں ہوگی عمران خان کےمؤقف کی حمایت کرتےہیں اوران کےمشکورہیں۔
امریکی شرارت
گلبدین حکمت یار نے کہا کہ امریکا اور امریکا کے دوستوں نےشرارت کاراستہ اختیار کیا ہے افغانستان کےبیرونی اثاثہ جات منجمدکرنےکی باتیں کی جارہی ہیں افغانستان کوعالمی سطح پرتنہاکرنےکی کوشش کی جا رہی ہے افغان عبوری حکومت پر دباؤ ڈالنےکیلئے امریکا شرارت کر رہا ہے دباؤقبول کرنےکی صورت میں امریکا اپنی شرائط منوا سکے گا افغان عوام کویقین دلاتاہوں افغانستان کامستقبل روشن ہے افغانستان میں ایسے وسائل ہیں جس پر بہت ممالک کی نظریں ہیں چاہتےہیں ایسی حکومت بنےجس کی پالیسیاں آزاد اور خودمختار ہوں۔
ملک سے جانے والوں کو واپس لائیں
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ طالبان کوبھی مشورہ ہے کسی کی شرائط نہ مانیں اپنی شرائط رکھیں اپنی شرائط رکھیں گےتوکوئی افغانستان میں مداخلت نہیں کرسکےگا ایسےممالک افغان عوام کی بنائی گئی حکومت کو قبول کریں گے افغانستان میں جوتباہی کی گئی اس کامداوا ہونا چاہیے طالبان کو چاہیےجو عوام ملک سےگئےانہیں واپس لائیں اورمل کر رہیں پہلی ترجیح ہےقیام امن اورداخلی مشکلات کاحل نکالاجائے سازگارماحول بنایاجائےتاکہ مستقبل کیلئےبحث ومباحثہ ہو،جنگ کیلئےصرف اسلحہ نہیں،مورال اورارادہ بھی ہوناچاہیے جنگ کسی خاص مقصد کیلئے نہ ہوتووہ کبھی جیت نہیں ہوتی۔
امریکا کابل ایئرپورٹ تباہ کر گیا
کابل ایئرپورٹ سے متعلق انہوں نے کہا کہ بڑی طاقتیں افغانستان آئیں لیکن عوام پرحکمرانی نہیں کرسکی افغان عوام آزادی چاہتےہیں اور آزاد رہنا چاہتے ہیں گوریلاوارمیں کوئی اسلحہ یاوسائل کام نہیں آتے سوویت یونین اور امریکا دونوں نےافغانستان پرحملےکی غلطی کی، سوویت یونین کابھاگنےکاطریقہ امریکاسےبہترتھا جنگ سےبھاگناکسی بھی صورت اچھی نہیں بلکہ شرمندگی ہے سوویت یونین کےجنرل نےکہاتھاافغانستان پرحملہ روس کی غلطی تھی، امریکا ایسے حالات میں بھاگا کہ پورےایئرپورٹ کوتباہ کردیا، امریکانےبھاگنےکےدوران بھی 300 افغان شہریوں کو زخمی کیا، کابل ایئرپورٹ پر شیشے،کرسیاں تک توڑدیں، امریکی صدرنےکہاافغانستان میں 3لاکھ فوج موجودہے۔
کابل : پاکستان کا ایک اور سی ون 30 طیارہ امدادی سامان لے کر افغانستان کے شہر خوست پہنچ گیا ، امدادی سامان میں آٹا،کوکنگ آئل،ادویات شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی حکومت اورعوام کی طرف سےافغان عوام کیلئے تحفہ بھجوادیا گیا، افغانستان میں پاکستانی سفیر منصوراحمدخان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کے سی 130طیارے کے ذریعےامدادی سامان کی تیسری کھیپ خوست پہنچ گئی ،سامان میں آٹا،کوکنگ آئل،ادویات شامل ہیں ، امدادی سامان خوست کی انتظامیہ کے حوالےکردیا گیا ہے۔
گذشتہ روز پاکستان کا سی ون تھرٹی طیارہ امدادلےکر افغان شہر قندھار پہنچا تاھ ، ڈائریکٹر چیمبر آف کامرس افغانستان نصر اللہ ظہیر نے امدادی سامان وصول کیا،پاکستان کے سفیر منصوراحمدخان کا کہنا تھا کہ پاکستان مشکل وقت میں افغان عوام کیساتھ کھڑ اہے۔
اس سے قبل ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایات پر افغان عوام کےلیے امدادی سامان بھیجا گیا ہے جو افغانستان میں تعینات پاکستانی سفیر منصور احمد خان نے کابل ایئرپورٹ پر وصول کیا اس موقع پر افغانستان کی وزارت پبلک ہیلتھ کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔
قندھار: آئی جی پولیس قندھار کا کہنا ہے کہ قندھار میں ہمارے آنے کے بعد جرائم میں 95 فیصد کمی آئی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے اینکر ارشد شریف سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے آئی جی پولیس قندھار نے کہا کہ ہمارے پاس 3 ہزار سے زائد پولیس اہلکار موجود ہیں، اہلکاروں کو بینک کے ذریعے تنخواہیں دے رہے ہیں۔
آئی جی قندھار نے کہا کہ ہمارے انٹیلی جنس ادارے کام کررہے ہیں، میڈیا کے ذریعے نمبرز کی تشہیر کی ہے عوام کی شکایت پر رابطہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ صوبے سے تمام بڑے جرائم کا خاتمہ ہوچکا ہے، معمولی واقعات کی شکایت ہے۔
آئی جی قندھار کا کہنا ہے کہ پولیس میں کام کرنے والے تمام اہلکاروں کو عہدوں پر واپس آنے کا کہا ہے، اسلامی شرعی اور شوریٰ نظام کے ذریعے پولیس کام کررہی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کو افغانستان میں معاشی بہتری کیلئے کردار ادا کرنا چاہیے کیونکہ افغانستان میں معاشی بحران کسی کے حق میں نہیں۔
اسلام آباد میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اسپین کے ہم منصب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسپین کے وزیرخارجہ سے افغانستان کی صورتحال پرتبادلہ خیال ہوا۔
افغانستان کی صورتحال پر وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ افغانستان میں پائیدار امن خطے کے مفاد میں ہے، عالمی برادری کو افغانستان میں معاشی بہتری کیلئے کردارادا کرنا چاہیے کیونکہ افغانستان میں معاشی بحران کسی کے حق میں نہیں۔
کابل : پاکستان سے دوسرا سی ون تھرٹی طیارہ امداد لیکر قندھار پہنچ گیا، پاکستانی سفیر منصوراحمدخان نے کہا ہے کہ پاکستان مشکل وقت میں افغان عوام کیساتھ کھڑ اہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی سفیر منصوراحمدخان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان سے آج دوسرا سی ون تھرٹی طیارہ امدادلےکر افغان شہر ، قندھار پہنچ گیا ، ڈائریکٹر چیمبر آف کامرس افغانستان نصر اللہ ظہیر نے امدادی سامان وصول کیا، پاکستان مشکل وقت میں افغان عوام کیساتھ کھڑ اہے۔
گذشتہ روز پاکستان کی جانب سے انسانی ہمدردی کے تحت امدادی سامان لے جانے والا سی ون تھرٹی طیارہ افغانستان پہنچا تھا ، سامان میں 10 ٹن آٹا، ڈیڑھ ٹن گھی اور ادویات کی بڑی مقدار شامل تھی۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایات پر افغان عوام کےلیے امدادی سامان بھیجا گیا ہے جو افغانستان میں تعینات پاکستانی سفیر منصور احمد خان نے کابل ایئرپورٹ پر وصول کیا اس موقع پر افغانستان کی وزارت پبلک ہیلتھ کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔
دفتر خارجہ نے بتایا کہ کل امدادی سامان سے بھرا سی ون تھرٹی جہاز قندھار پہنچے گا جب کہ تیسرا جہاز پرسوں امدادی سامان لے کر خوست پہنچے گا۔
گوادر: پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے چیئرمین عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ گوادر کے لیے پروازیں شروع کرنے سے متعلق پی آئی اے کے سی ای او سے بات چیت ہوئی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے خصوصی پروگرام پاور پلے میں میزبان ارشد شریف کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے عاصم سلیم باجوہ کا کہنا تھا کہ سی پیک فلیگ شپ منصوبہ ہے، سرمایہ کاروں کی خواہش ہے گوادر کیلئے براہ راست پروازیں شروع کی جائیں، اس سے متعلق سی ای او پی آئی اے سے بات ہوئی ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’گوادر میں ایئرپورٹ تعمیر ہورہا ہے، جس کارن وے بہت بڑا ہے۔ عاصم سلیم باجوہ کا کہنا تھا کہ ’سی پیک سے پاکستان کی تقدیربدل جائےگی، منصوبے سے مقامی لوگوں کو روزگار ملے گا’۔
قبل ازیں پانچ جولائی کو ہونے والی تقریب کے موقع پر چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹینٹ جنرل (ریٹائرڈ) عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ گوادر پورٹ کے ساتھ گوادر شہر کی ترقی کا سفر شروع ہوگیا ہے، شہر میں سو بستروں پر مشتمل جدید اسپتال بنایا جارہا ہے اور ساتھ ہی انٹر نیشنل ایئرپورٹ بھی تعمیر کیا جارہا ہے، یہی نہیں گوادر میں ووکیشنل انسٹیٹیوٹ کی تعمیر کاکام بھی جاری ہے۔
اسلام آباد: افغان سفیرکی بیٹی کے مبینہ اغواکے ڈرامےکا تفتیش کے دوران ڈراپ سین ہوگیا۔
اے آر وائی نیوز کو ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق تفتیشی ٹیم نے افغان سفیر اور ان کی بیٹی سے ملاقات کی جس میں وقوعہ سے متعلق سوالات کیے گئے۔
تفتیشی ٹیم کے مطابق افغان سفیرکی بیٹی کسی بھی سوال کا تسلی بخش جواب نہیں دے سکی کیونکہ پہلے اُس نے بتایا کہ وہ اسلام آباد کے قریب التہذیب تک گئی تھی بعد ازاں وہ مکر گئی، افغان سفیرکی بیٹی کسی علاقےکی نشاندہی بھی نہ کرسکی۔
تفتیشی ٹیم کے مطابق افغان سفیرکی بیٹی کے بیان پرکیمرےچیک کر کے نقشہ بنایاگیا، متاثرہ خاتون یہ نہیں بتاسکی وہ اپنےگھر سے کہاں گئی تھی۔
تفتیشی افسر کے مطابق افغان سفیرکی بیٹی کو ڈراپ کرنے والی گاڑی کی شناخت کرلی گئی،ایف 9 سے لڑکی کو لے جانے والے ڈرائیور سے بھی سوال جواب کیےگئے، جس نے بتایا کہ اُس نے لڑکی کو5 بج کر 30 منٹ پردامن کوہ سے لیا تو لڑکی نے ایف 9 میں واقع پارک جانے کا کہا۔
ذرائع تفتیشی ٹیم کے مطابق افغان سفیرکی بیٹی نے بتایا تھا کہ اغواکاراس کا موبائل فون لےگئے ہیں جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں لڑکی کے پاس موبائل موجودگی کا پتہ چلا، جس پر اگلے روز اُس کا موبائل تحویل میں لیا گیا تو اُس نے ڈیٹا ڈیلیٹ کردیا۔
تفتیشی ٹیم کے مطابق افغان سفیرکی بیٹی کے موبائل فون کا فرانزک کرایا جارہا ہے،لڑکی اپنےگھرسے نکل کر ایک ٹیکسی میں بیٹھی تھی، ٹیکسی ڈرائیور سے بھی سوال جواب کیے گئے۔ ڈرائیور نے بتایا اس نے لڑکی کو جی7 کھڈا مارکیٹ پر اتارا۔
تفتیشی افسران کے مطابق افغان سفیرکی بیٹی کئی ٹیکسیوں میں سفر کر کے مختلف مقامات پر پہنچی، کھڈامارکیٹ سے لڑکی کس ٹیکسی میں گئی اس کا سراغ لگایاجا رہا ہے جبکہ صدر بازار راولپنڈی میں افغان سفیر کی بیٹی کی نقل وحرکت کی چھان بین جاری ہے۔
تفتیشی ٹیم کے مطابق افغان سفیرکی بیٹی جہاں جہاں گئی اس کی جیوفینسنگ مکمل کرلی گئی ہے جبکہ تحریری درخواست پر واقعےکا مقدمہ بھی درج کرلیاگیا ہے۔
کراچی: صوبائی وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ کی تحریک انصاف کے 4 اراکین اسمبلی کی خرید و فروخت کی مبینہ آڈیو سامنے آ گئی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سینیٹ الیکشن کے سلسلے میں اراکین اسمبلی کی خرید و فروخت عروج پر ہے، اب ایک آڈیو بھی سامنے آ گئی ہے جس میں علی حیدر گیلانی نے ٹیلی فون پر تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی سے وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ کی بات کروائی۔
تہلکہ خیز آڈیو سے یہ بھی معلوم ہو جاتا ہے کہ پیپلز پارٹی سینیٹ کے لیے ووٹ مانگ رہی ہے یا خرید رہی ہے.
آڈیو میں ناصر حسین شاہ تحریک انصاف کے سندھ کے ایک صوبائی پی ٹی آئی رکن سے بات کر رہے ہیں، ناصر شاہ کہہ رہے ہیں بھائیوں کے جتنے بھی کام ہیں سب میرے ذمے ہیں۔
آڈیو میں ایک رکن وزیر اطلاعات سندھ ناصر شاہ سے کہہ رہے ہیں کہ چاروں ارکان سولڈ ہیں، اور خاندانی لوگ ہیں، ناصر شاہ جواب دیتے ہیں کہ بھائیوں کے کام میرے ذمے ہیں۔
اس سے قبل اے آر وائی نیوز نے ایک ہفتے قبل کی ایک تہلکہ خیز ویڈیو بھی نشر کی، جس میں پی ڈی ایم کے مشترکہ سینیٹ امیدوار یوسف رضا گیلانی کے صاحب زادے علی حیدر گیلانی تحریک انصاف کے رکن اسمبلی سے ووٹ خریدنے کی بات کر رہے ہیں، اور انھیں ووٹ ضائع کرنے کا طریقہ بھی بتا رہے ہیں۔
ویڈیو کے بعد اے آر وائی نیوز نے سینیٹ الیکشن میں ووٹ کی خرید و فروخت کے حوالے سے ایک واٹس ایپ چیٹ بھی طشت از بام کر دی تھی، یہ چیٹ مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے امیدوار عباس آفریدی کے دست راست کی ہے، جس میں مبینہ مڈل مین عادل شاہ نے تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی عبد السلام آفریدی کو خریدنے کی کوشش کی۔
ملتان: سینیٹ الیکشن میں ووٹ کی خرید و فروخت کے حوالے سے ویڈیو کے بعد اب واٹس ایپ چیٹ بھی سامنے آگئی۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق سینیٹ الیکشن میں خرید و فروخت کے حوالے سے ویڈیو کے بعد واٹس ایپ چیٹ بھی سامنے آگئی، جو مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے امیدوار عباس آفریدی کے دست راست کی ہے۔
واٹس ایپ چیٹ میں عادل شاہ نامی شخص کو لیگی امیدوارعباس آفریدی کے مبینہ مڈل مین عادل شاہ تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی عبد السلام آفریدی کو ووٹ فروخت کرنے کی پیش کش کی۔
واٹس ایپ چیٹ میں عادل شاہ نے بتایا کہ ’میرا کمیشن پچاس فیصد ہوگا، کل ہماری ٹیم نے دو اراکین سے سودا فائنل کر کے رقم اُن کے حوالے کردی ہے‘۔
چیٹ میں عادل شاہ نے لکھا کہ ’مجھےاس میں صرف30لاکھ کاحصہ ملےگا، پارٹی آپ کو 10 دے یا 20، اس میں آپ دونوں کی رضامندی ہوگی،کل تک کا ریٹ6 تھا، آج ہم نے2 اراکین سے 8میں بات فائنل کرلی ہے‘۔
واٹس ایپ چیٹ میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مبینہ طور پر تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی عبدالسلام آفریدی نے عادل شاہ کو جواب دیا کہ ’حالات بہت سخت ہیں کوئی کسی پراعتمادنہیں کر رہا‘۔
اس بات پر لیگی امیدوار کے دستِ راست نے جواب دیا کہ ’آپ کی عزت اور وقار ہمارے لیے قابل قدر ہے‘۔ اس پیغام پر تحریک انصاف کے رکن اسمبلی نے کہا کہ ’ایسا نہ ہوہم دونوں خراب ہوجائیں‘۔ اس خدشے پر مڈل مین نے یقین دہانی کرائی کہ ’میں آپ کو 100 فیصد گارنٹی دیتا ہوں کہ اسیا نہیں ہوگا’۔