Author: اصغر عمر

  • ضمنی بلدیاتی الیکشن، سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کا حکم

    ضمنی بلدیاتی الیکشن، سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کا حکم

    الیکشن کمیشن نے سندھ کے ضمنی بلدیاتی الیکشن کے لیے چیف سیکریٹری سندھ کو سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کرنے کا حکم دے دیا۔

    سندھ کے 24 اضلاع میں ضمنی بلدیاتی الیکشن میں 59کونسلز کی 91 نشستوں پر7مئی کو پولنگ ہو گی۔ میونسپل کمیٹی کی1، چیئرمین وائس چیئرمین کی24 اور جنرل ممبر کی 38نشستوں پر ضمنی الیکشن ہو گا۔

    الیکشن کے لیے 449 پولنگ اسٹیشنز میں سے 292 انتہائی حساس اور 157 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ پولنگ ڈے میں 1586پولنگ بوتھ پر 4138 افراد الیکشن ڈیوٹی دیں گے۔

    دوسری جانب امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ7 مئی کو بلدیاتی ضمنی انتخابات میں کراچی کی 11 یوسیز اور 15وارڈز پر آرمی اور رینجرز کو تعینات کیا جائے۔

  • سندھ ہائیکورٹ نے بانی ایم کیو ایم کی تقریر پر پابندی ختم کرنے کی درخواست مسترد کردی

    سندھ ہائیکورٹ نے بانی ایم کیو ایم کی تقریر پر پابندی ختم کرنے کی درخواست مسترد کردی

    کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے بانی متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کی تقریر پر پابندی ختم کرنے کی درخواست مسترد کردی۔

    سندھ ہائیکورٹ نے بانی متحدہ قومی موومنٹ کی تقریر پر پابندی کے خلاف درخواست پر سماعت کرتے ہوئے بانی ایم کیو ایم کی تقریر پر پابندی ختم کرنے کی درخواست مسترد کردی۔

    درخواست گزار محمد آفتاب الدین بقائی درخواست کے قابل سماعت ہونے پر عدالت کو مطمئن نہیں کرسکے، درخواست میں وفاقی حکومت ،سیکریٹری قانون ، سیکریٹری انفارمیشن اور پیمرا کو فریق بنایا گیا تھا۔

    درخواست گزار کا کہنا ہے کہ بیرون ملک ملازمت کے بعد وطن واپس پہنچا تو پتہ چلا بانی ایم کیو ایم کی تقریر پر پابندی ہے، بانی ایم کیو ایم نے ہمشہ غریب اور متوسطہ طبقے کی بات کی ہے، وہ جمہوریت، حقیقت پسندی، برابری اور انصاف کے حامی ہیں۔

    درخواست گزار نے عدالت کو کہا کہ بانی ایم کیو ایم نے مہاجروں کے حق کی بات ہے، بانی ایم کیو ایم نے مہاجر قومی موومنٹ کو متحدہ قومی موومنٹ میں تبدیل کیا انہوں نے غریب اور متوسط طبقے کے لیے فلاحی کام بھی کیے ہیں۔

    درخواست گزار محمد آفتاب الدین بقائی نے کہا کہ بانی کیو ایم پر پاکستان اور بیرون ملک اشتعال انگیز تقاریر کا ایک بھی مقدمہ ثابت نہیں ہوا ہے، بانی ایم کیو ایم اپنی 22 اگست 2016 کی تقریر پر معافی مانگ چکے ہیں۔

    درخواست میں استدعا کی گئی کہ بانی ایم کیو ایم کی تقریر پر پابندی ختم کرنے کا حکم دیا جائے۔

  • سندھ بھر میں ضمنی بلدیاتی الیکشن کا شیڈول جاری

    سندھ بھر میں ضمنی بلدیاتی الیکشن کا شیڈول جاری

    الیکشن کمیشن نے سندھ بھر میں ضمنی بلدیاتی الیکشن کا شیڈول جاری کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ میں بلدیاتی الیکشن کے دوسرے مرحلے کے ضمنی بلدیاتی الیکشن کے لیے 18 اپریل کو پولنگ ہوگی۔ 22 مارچ تک بلدیاتی الیکشن کے لیے امیدوار کاغذات نامزدگی جمع کرا سکیں گے۔

    سندھ بھر میں 93 بلدیاتی نشستوں پر ضمنی الیکشن ہو گا جب کہ کراچی میں یوسی چیئرمین وائس چیئرمین کی 11نشستوں پر ضمنی الیکشن ہو گا۔

    اس اعلان کے بعد جماعت اسلامی نے کراچی میں آج شیڈول دھرنے ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    الیکشن کمیشن کی جانب سے 2ماہ کا عرصہ گزرنے کے باوجود کراچی میں بلدیاتی انتخابی عمل مکمل نہ کر نے، ملتوی شدہ 11نشستوں پر انتخابی شیڈول کے تاحال اعلان نہ کرنے اور مکمل نتائج میں مسلسل تاخیر کے خلاف جمعہ 17مارچ کو شاہراہ فیصل سمیت شہر کی 10اہم شاہراؤں پر احتجاجی دھرنے دیے جانے تھے۔

  • پی ایس ایل 8 کے نشریاتی حقوق اے آروائی کے پاس ہیں، عدالت کا فیصلہ

    پی ایس ایل 8 کے نشریاتی حقوق اے آروائی کے پاس ہیں، عدالت کا فیصلہ

    کراچی : سندھ ہائی کورٹ نے پی ایس ایل 8 کے نشریاتی حقوق کیس میں اے آر وائی نیوز کی درخواست منظور کرلی اور کہا پی ایس ایل 8 کے نشریاتی حقوق اے آروائی کے پاس ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں پی ایس ایل 8 کے نشریاتی حقوق سے متعلق اے آر وائی کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

    سندھ ہائیکورٹ نے بڑا فیصلہ سناتے ہوئے کہا پی ایس ایل 8 کے نشریاتی حقوق اے آروائی کے پاس ہیں، جیوسوپر کو پی ایس ایل کے میچز دکھانے کا حق نہیں۔

    سندھ ہائیکورٹ نے اے آر وائی کی درخواست منظور کرتے ہوئے جیو سوپر کی درخواست نمٹادی۔

    سندھ ہائیکورٹ نے پی ٹی وی کی درخواست مسترد کردی اور کہا ٹین اسپورٹس کو ضرورت ہو تو پیمرا سے رجوع کرے۔

    بعد ازاں اے آر وائی کے وکیل عابد زبیری نے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ ہماری درخواست تھی کہ پی ٹی وی اور پی سی بی ہمارے ساتھ کیا گیا معاہدہ واپس نہیں لے سکتا ہے اور نہ پی سی بی اور پی ٹی سی جیو سپر کو پی ایس ایل 8 کے میچر دیکھانے کی اجازات دے سکتے ، عدالت نے ہماری درخواست منظور کرلی ہے۔

    بیرسٹرعابد زبیری کا کہنا تھا کہ عدالت نے پی ٹی وی کی درخواست مسترد کردی ہے اوور اے آر وائی کو کہا ہے جیو سپر کے خلاف کوئی بات نہیں کریں گے۔

    انھوں نے بتایا کہ عدالت نے ٹین اسپورٹس کو ضرورت پڑنے پر پیمرا سے رجوع کرنے کی ہدایت کی ہے۔

  • سندھ ہائیکورٹ نے کراچی کی 9 نشستوں پر ضمنی الیکشن روک دیے

    سندھ ہائیکورٹ نے کراچی کی 9 نشستوں پر ضمنی الیکشن روک دیے

    سندھ ہائیکورٹ نے کراچی میں 16 مارچ کو قومی اسمبلی کی 9 نشستوں پر ہونے والے ضمنی الیکشن روک دیے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سندھ ہائیکورٹ نے کراچی میں 16 مارچ کو کراچی میں قومی اسمبلی کی 9 نشستوں پر ہونے والے ضمنی الیکشن کو روکنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔ یہ نشستیں پاکستان تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی کے استعفے منظور کیے جانے کے بعد خالی ہوئی تھیں۔

    اے آر وائی نیوز کی براہ راست نشریات دیکھنے کے لیے کلک کریں:

    پی ٹی آئی اراکین نے اسپیکر اور الیکشن کمیشن کے اس فیصلے کے خلاف عدالت سے رجوع کیا تھا جس پر لاہور ہائیکورٹ نے قومی اسمبلی کے اسپیکر کی جانب سے پی ٹی آئی کے ممبران کے استعفے منظور اور الیکشن کمیشن کی جانب سے ڈی نوٹیفائی کرنے کے فیصلے کو معطل کر دیا تھا۔

    اسی حوالے سے پی ٹی آئی نے 16 مارچ کو کراچی کے 9 حلقوں میں شیڈول ضمنی الیکشن رکوانے کے لیے سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی جس پر عدالت عالیہ نے 21 مارچ کے نوٹسز جاری کیے تھے۔

    ان نوٹسز کے اجرا کے بعد پی ٹی آئی نے دوبارہ عدالت سے رجوع کیا تھا اور موقف اختیار کیا تھا کہ الیکشن 16 مارچ کو شیڈول ہیں اور نوٹس 21 مارچ کو۔ قومی پیسے کا ضیاع ہوگا جس پر آج اس چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے درخواست کی سماعت کی۔

    آج سماعت پر پی ٹی آئی کے وکلا  اور عدالت کو قومی اسمبلی کے اسپیکر کی جانب سے پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی کے استعفوں کی منظوری اور الیکشن کمیشن کے ڈی نوٹیفائی کرنے کے نوٹیفیکشن کو معطل کرنے کے فیصلوں سے آگاہ کیا۔

    عدالت نے پی ٹی آئی وکلا کے دلائل سننے کے بعد 16 مارچ کو ہونے والے ضمنی الیکشن روکنے کا فیصلہ دیا اور سماعت کو 25 مارچ تک ملتوی کردیا۔

  • عدالت نے کراچی میں 16 مارچ کا ضمنی الیکشن روکنے کی درخواست مسترد کر دی

    عدالت نے کراچی میں 16 مارچ کا ضمنی الیکشن روکنے کی درخواست مسترد کر دی

    کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے کراچی میں 16 مارچ کو ہونے والے ضمنی الیکشن روکنے کی درخواست مسترد کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق آج منگل کو پاکستان تحریک انصاف کراچی کے مستعفی ایم این ایز کے استعفوں کی منظوری کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں درخواست کی سماعت ہوئی۔

    چیف جسٹس نے وکیل پی ٹی آئی سے استعفوں کی منظوری کے حوالے سے سپریم کورٹ کی سماعت سے متعلق استفسار کیا، تو وکیل نے کہا کہ سپریم کورٹ میں تو یہ معاملہ پیش ہوا ہے لیکن لاہور ہائی کورٹ کا آرڈر موجود ہے۔

    وکیل نے کہا کہ اگر استعفیٰ منظور کرنے سے پہلے کہہ دیا جائے تو اسپیکر کے پاس اختیار نہیں ہے کہ استعفیٰ منظور کرے، انھیں غلط طور پر ڈی نوٹیفائی کیا گیا ہے، قانونی طریقہ کار اختیار نہیں کیا گیا۔

    شہاب امام ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے استعفوں کی منظوری کا پروسیس قانون کے مطابق پورا نہیں کیا، استعفیٰ دینے والے ارکان سے ان کے استعفوں کی تصدیق نہیں کی گئی۔

    وکیل نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے بھی اس فیصلے کی روشنی میں ایم این ایز کو ڈی نوٹیفائی کر دیا، اس لیے عدالت سے استدعا کی جاتی ہے کہ استعفوں کی منظوری کے الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کو غیر قانونی اور کالعدم قرار دیا جائے۔

    واضح رہے کہ درخواستیں دائر کرنے والوں میں ایم این اے علی زیدی، آفتاب جہانگیر، فہیم خان، عطاء اللہ ایڈووکیٹ، سید الرحمان محسود، آفتاب صدیقی، اسلم خان، نجیب ہارون اور عالمگیر خان شامل تھے۔

    عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ہے، اور سولہ مارچ کو ضمنی الیکشن روکنے کی پی ٹی آئی اراکین کی درخواست مسترد کر دی۔

  • برنس روڈ کی بندش کے ضلعی انتظامیہ کے دونوں نوٹیفکیشن کالعدم قرار

    برنس روڈ کی بندش کے ضلعی انتظامیہ کے دونوں نوٹیفکیشن کالعدم قرار

    کراچی: عدالت نے کراچی کی اہم فوڈ اسٹریٹ برنس روڈ کی بندش کے ضلعی انتظامیہ کے دونوں نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے دیے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ نے برنس روڈ پر فوڈ اسٹریٹ سے متعلق تحریری حکم نامہ جاری کر دیا، برنس روڈ کی بندش کے ضلعی انتظامیہ کے دونوں نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے دیے گئے۔

    عدالت نے 3 روز میں برنس روڈ کی سڑکیں بحال کرنے کا حکم دے دیا ہے، حکم نامے میں کہا گیا کہ برنس روڈ اور اطراف کی سڑکوں کو اصل شکل میں بحال کریں۔

    تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ برنس روڈ سے تمام تر کرسیاں، میزیں اور تجاوزات ہٹائی جائیں، اور روڈ کو عام ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بحال کیا جائے۔

    ضلعی انتظامیہ کو 7 روز میں عمل درآمد رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی کر دی گئی ہے۔

    عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ڈپٹی کمشنر جنوبی سڑک کو بند کرنے کی کوئی وضاحت نہ دے سکے، متعلقہ اتھارٹی کے بغیر نوٹیفکیشن کا اجرا غیر قانونی ہے۔

  • عدالت نے سابق صدر نیشنل بینک اقبال اشرف کی عبوری ضمانت منظور کر لی

    عدالت نے سابق صدر نیشنل بینک اقبال اشرف کی عبوری ضمانت منظور کر لی

    کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے سابق صدر نیشنل بینک اقبال اشرف کی عبوری ضمانت منظور کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق نجی پٹرولیم کمپنی میں 54 ارب روپے سے زائد کے فراڈ اور منی لانڈرنگ کیس میں عدالت نے سابق صدر نیشنل بینک اقبال اشرف کی عبوری ضمانت منظور کر لی۔

    عدالت نے اقبال اشرف کو 5 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا ہے۔

    ملزم کے وکیل محسن شہوانی نے کہا کہ ملزم اقبال اشرف نے کوئی غیر قانونی کام نہیں کیا تھا، وہ جب نیشنل بینک کا صدر تھا تو حیسکول سے نیشنل بینک کو ادائیگی ہو رہی تھی۔

    واضح رہے کہ اسپیشل بینکنگ کورٹ نے چند روز قبل کیس میں 17 ملزمان کی ضمانت مسترد کر دی تھی۔

    ایف آئی اے نے حیسکول اور نیشنل بینک کے 26 افسران کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے، ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ نجی پٹرولیم کمپنی پر 54 ارب سے زائد بینک ڈیفالٹ، مالیاتی فراڈ، منی لانڈرنگ کا الزام ہے۔

    ایف آئی اے کے مطابق نیشنل بینک اور نجی پٹرولیم کمپنی کے سابق اور موجودہ افسران سمیت 30 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے، ان ملزمان نے ملی بھگت سے قومی مالیاتی ادارے سے اربوں روپے کا قرضہ حاصل کیا، اور اس رقم کو مالیاتی فراڈ کے ذریعے منی لانڈرنگ کے لیے استعمال کیا گیا۔

  • ڈی آئی جی ساؤتھ  نے کراچی پولیس آفس میں سیکیورٹی غفلت کے امکانات کو رد کردیا

    ڈی آئی جی ساؤتھ نے کراچی پولیس آفس میں سیکیورٹی غفلت کے امکانات کو رد کردیا

    کراچی : ڈی آئی جی ساؤتھ عرفان بلوچ نے کراچی پولیس آفس میں سیکیورٹی غفلت کے امکانات کو رد کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس آفس پر حملے کی تحقیقات کے حوالے سے ڈی آئی جی ساؤتھ عرفان بلوچ نے بتایا کہ پولیس اور دیگر اداروں کا بہترین ورکنگ کو آرڈی نیشن موجود ہے، پولیس دہشت گردوں کے سہولت کاروں کی تلاش میں چھاپے مار رہی ہے۔

    ڈی آئی جی ساؤتھ کا کہنا تھا کہ کچھ علاقوں سے چند افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔

    عرفان بلوچ نےکراچی پولیس آفس میں سیکیورٹی غفلت کےامکانات کوردکردیا اور کہا کہ کے پی او سیکیورٹی پر موجود پولیس اہلکاروں نےمزاحمت کی اورشہید ہوئے، اس کا مطلب کسی قسم کی سیکیورٹی غفلت نہیں تھی۔

    ان کا کہنا تھا کہ پولیس میں اندرونی انکوائری نہیں ہورہی، کے پی او حملے کیس میں گرفتاریوں کی تصدیق کردی ہے ، دہشتگردوں کے سہولت کاروں کی گرفتاریاں ہوئی ، جن سے تحقیقات جاری ہیں۔

  • عدالت نے کیماڑی ہلاکتوں کا مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا

    عدالت نے کیماڑی ہلاکتوں کا مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا

    کراچی: کیماڑی میں دسمبر 2020 اور جنوری 2023 میں زہریلی گیس سے ہلاکتوں کے کیس میں عدالت نے تمام ہلاکتوں کا مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج منگل کو سندھ ہائی کورٹ میں کراچی کے علاقے کیماڑی میں زہریلی گیس سے شہریوں کی ہلاکتوں کے کیس کی سماعت ہوئی، عدالت نے آئی جی سندھ کو کیس رجسٹرڈ کرنے کا حکم دے دیا۔

    اموات کی تعداد کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر کیماڑی کو چیف جسٹس سے سخت ڈانٹ بھی پڑی، کیوں کہ وہ 18 ہلاکتوں کو صرف 3 بتا رہے تھے۔

    وکیل نے عدالت کو بتایا کہ جو فیکٹری سیل کی گئی تھی وہ بھی ڈپٹی کمشنر نے دوبارہ کھلوا دی ہے، جسٹس یوسف علی سعید نے ریمارکس میں کہا کہ کیس کا مقدمہ درج ہوا ہے، تفتیش بھی ہوئی لیکن اس کے بعد فائل بند کر دی گئی، ایسا نہیں ہونا چاہیے۔

    چیف جسٹس نے کہا کہ کیس کی تفتیش ایس ایس پی رینک سے کم آفیسر کو دینا ہی نہیں نہیں چاہیے، جسٹس یوسف علی سعید نے مخاطب کرتے ہوئے کہا ’’آئی جی صاحب چند سالوں میں یہ دوسرا واقعہ ہے، جتنی ہلاکتیں ہوئی ہیں سب کا مقدمہ درج ہونا چاہیے۔‘‘

    ڈپٹی کمشنر کیماڑی نے اس موقع پر کہا ’’میرے ضلع کی حدود میں صرف 3 ہلاکتیں ہوئی ہیں، گیس سے موت واقع نہیں ہوئی، ہم لوگوں سے کہہ رہے ہیں کہ قبروں کی نشان دہی کریں لیکن کوئی نہیں بتا رہا۔‘‘

    چیف جسٹس اس پر برہم ہو گئے، اور کہا کہ آپ جا کر زمینوں کو سنبھالیں، یہ آپ کا کام نہیں ہے، کیوں بار بار بول رہے ہیں؟ آئی جی ذمہ دار افسر ہیں وہ 18 ہلاکتیں کہہ رہے ہیں۔

    چیف جسٹس نے آئی جی سندھ سے کہا کہ نا اہل کو فوری ہٹائیں اور ذمہ دار افسر سے تحقیقات کرائیں، بعد ازاں عدالت نے تمام ہلاکتوں کا مقدمہ بھی درج کرنے کا حکم دیا، اور ہدایت کی کہ جو لوگ ہلاک ہوئے ان کے اہل خانہ سے رابط کر کے مقدمات درج کیے جائیں۔

    عدالت نے ہدایت کی کہ معاملے کی تحقیقات سینئر آفیسر سے کرائی جائے، اگر کوئی حقائق چھپائے تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے۔ عدالت نے کیس کی سماعت 20 فروری تک ملتوی کر دی۔