Author: اظہر فاروق

  • وزیر اعظم کی صدر مملکت سے ملاقات، بھارت کو بھرپور جواب دینے پر اطمینان کا اظہار

    وزیر اعظم کی صدر مملکت سے ملاقات، بھارت کو بھرپور جواب دینے پر اطمینان کا اظہار

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے ایوان صدر میں صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی جس میں پاک بھارت کشیدہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ملاقات میں وزیر اعظم شہباز شریف نے بھارتی جارحیت اور پاکستان کے آپریشن بنیان مرصوص سے آگاہ کیا، صدر مملکت نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے پر پاک فوج کی بہادری کو سراہا۔

    پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تمام خبریں

    وزیر اعظم اور صدر مملکت نے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دینے پر اطمینان کا اظہار کیا، پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور کامیابی پر مبارکباد دی اور بھارتی میزائل اور ڈرون حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔

    آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان نے ذمہ دار قوم کی حیثیت سے بھارتی اشتعال انگیزیوں پر کافی تحمل کا مظاہرہ کیا، پاکستان کے پاس اپنی خود مختاری اور عوام کے دفاع کیلیے فیصلہ کن جواب دینے کے سوا کوئی چارہ نہیں بچا۔

    انہوں نے کہا کہ پوری قوم متحد اور مسلح افواج کی بھرپور حمایت کرتی ہے، پاکستان ملکی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کا ہر قیمت پر دفاع کرے گا۔

    ملاقات میں نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ بھی شریک تھے۔

  • بھارتی ڈرون حملوں میں شہید ہونے والوں کا بدلہ لیا جائے گا، پاکستان کا اعلان

    بھارتی ڈرون حملوں میں شہید ہونے والوں کا بدلہ لیا جائے گا، پاکستان کا اعلان

    اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت سیکیورٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈرون حملوں میں شہید ہونے والوں کا بدلہ لیا جائے گا، ایک ایک پاکستانی کے خون کا حساب لیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت سیکیورٹی سے متعلق اجلاس ہوا، اجلاس میں بھارتی جارحیت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ، سیکیورٹی حکام کی اجلاس کے شرکاء کو بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا بھارت کے 25 اسرائیلی ڈرون مار گرائے گئے۔

    اجلاس میں بھارت کے اوچھے ہتھکنڈوں کیخلاف بھرپور جوابی کارروائیاں جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔

    شرکا کو ڈرون حملوں اور پاکستانی ردعمل سے بھی آگاہ کیا گیا اور پاکستانی قیادت نے بھارتی حملوں کا منہ توڑ جواب دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

    پاک بھارت کشیدگی  سے متعلق تمام خبریں

    فورم نے عزم کا اظہار کیا ڈرون حملوں میں شہیدہونےوالوں کا بدلہ لیا جائے گا، ایک ایک پاکستانی کے خون کا حساب لیا جائے گا۔

    اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے، ہمیں اپنی پاک فوج پر فخر ہے ہم ہر حالات کے لیے تیار ہیں، پاکستان نے بھارت کے ڈرونز اور جہاز مار گرائے ہیں۔

    پاکستان اپنے وقار اور عزت سےامن کیلئےپر عزم ہے، پاک افواج دشمن کے تمام عزائم ناکام بنانےکی صلاحیت رکھتی ہے، دشمن کو خود ارادیت،علاقائی سالمیت پر حملے ،سلامتی کی خلاف ورزی کا جواب ملےگا۔

  • قومی سلامتی کمیٹی نے مسلح افواج کو بھارت کیخلاف جوابی کارروائی کا اختیار دے دیا

    قومی سلامتی کمیٹی نے مسلح افواج کو بھارت کیخلاف جوابی کارروائی کا اختیار دے دیا

    اسلام آباد : قومی سلامتی کمیٹی نے مسلح افواج کو بھارت کیخلاف جوابی کارروائی کا اختیار دے دیا اور کہا پاکستان جواب کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔

    اعلامیے میں کہا گیا کہ قومی سلامتی کمیٹی نے مسلح افواج کوجوابی کارروائی کااختیار دےدیا، پاکستان مناسب وقت اورمقام کاتعین کرکےجواب کاحق محفوظ رکھتا ہے۔

    اجلاس میں بھارت کے حملوں میں شہید ہونے والے معصوم شہریوں کی روحوں کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی، شہداء کے لواحقین سے دلی تعزیت کی گئی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی گئی۔

    این ایس سی نے بھارت کے بلا اشتعال، بزدلانہ اور غیر قانونی جنگی عمل سے پیدا ہونے والی سنگین پیش رفت پر غور کیا، 6/7 مئی 2025 کی رات، بھارتی مسلح افواج نے پاکستان کی خودمختار سرزمین کے اندر متعدد مقامات پر، بشمول سیالکوٹ، شکوٹ، مریدکے اور بہاولپور (پنجاب)، کوٹلی اور مظفرآباد (آزاد جموں و کشمیر)، مربوط میزائل، فضائی اور ڈرون حملے کیے۔

    اعلامیے میں کہا گیا کہ یہ بلا اشتعال اور غیر منصفانہ حملے جان بوجھ کر شہری علاقوں پر کیے گئے، جھوٹے بہانے کے تحت کہ وہاں نام نہاد دہشت گرد کیمپ موجود ہیں، جس کے نتیجے میں معصوم مرد، خواتین اور بچوں کی شہادت ہوئی اور شہری ڈھانچے، بشمول مساجد، کو نقصان پہنچا۔

    اعلامیے میں بتانا تھا کہ بھارت کی جارحیت سے برادر خلیجی ممالک کی کمرشل ایئرلائنز کو بھی شدید خطرہ لاحق ہوا، جس سے ہزاروں مسافروں کی جانیں خطرے میں پڑ گئیں۔ اس کے علاوہ، نیلم-جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کو بھی جان بوجھ کر نشانہ بنایا گیا، جو بین الاقوامی کنونشنز کی صریح خلاف ورزی ہے۔

    این ایس سی نے ان غیر قانونی اقدامات کی شدید مذمت کی اور انہیں پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا، جو بین الاقوامی قانون کے تحت واضح طور پر جنگی عمل ہیں۔ بھارتی فوج کی جانب سے معصوم شہریوں، بشمول خواتین اور بچوں، کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا ایک گھناؤنا اور شرمناک جرم ہے، جو انسانی رویوں کے تمام اصولوں اور بین الاقوامی قانون کی دفعات کیخلاف ہے۔

    قومی سلامتی کمیٹی کا کہنا تھا کہ پاکستان بھارت کے اس دعوے کو مسترد کرتا رہا ہے کہ اس کی سرزمین پر دہشت گرد کیمپ موجود ہیں، یہ بھی یاد رہے کہ 22 اپریل 2025 کے فوراً بعد، پاکستان نے ایک معتبر، شفاف اور غیر جانبدار تحقیقات کی پیشکش کی تھی، جسے بدقسمتی سے قبول نہیں کیا گیا، بین الاقوامی میڈیا کے نمائندوں نے 6 مئی 2025 کو ان "خیالی دہشت گرد کیمپوں” کا دورہ کیا تھا اور 7 مئی 2025 کو مزید دوروں کا منصوبہ تھا۔

    تاہم، اپنی جھوٹی کہانی کے بے نقاب ہونے کے خوف سے، اور بغیر کسی ثبوت کے، بھارتی قیادت، جو اخلاقیات سے عاری ہے، اب معصوم شہریوں پر حملے کر رہی ہے تاکہ اپنے واہموں اور کُلی سیاسی مقاصد کو پورا کر سکے۔ اپنے معصوم لوگوں پر حملہ پاکستان کے لیے نہ تو قابل قبول ہے اور نہ ہی قابل برداشت ہیں۔

    این ایس سی نے مزید کہا کہ بھارت نے تمام عقل و دانش کے برخلاف خطے میں ایک بار پھر آگ بھڑکا دی ہے، اور اس کے نتیجے میں ہونے والے نتائج کی ذمہ داری مکمل طور پر بھارت پر عائد ہوگی۔

    پاکستان کی مسلح افواج نے این ایس سی کے 22 اپریل 2025 کے بیان میں دیے گئے خود دفاعی اور جوابی فریم ورک کے مطابق، بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کی علاقائی سالمیت، بشمول آزاد جموں و کشمیر، کا بھرپور دفاع کیا، اور اس دوران پانچ بھارتی جنگی طیاروں اور بغیر پائلٹ فضائی گاڑیوں (UAVs) کو بھی مار گرایا۔

    اعلامیے کے مطابق اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے مطابق، پاکستان اپنے معصوم شہریوں کی ہلاکتوں اور اپنی خودمختاری کی صریح خلاف ورزی کا بدلہ لینے کے لیے خود دفاعی طور پر، اپنی مرضی کے وقت، جگہ اور طریقے سے جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

    کمیٹی نے بھارت کی کھلی جارحیت پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا پوری پاکستانی قوم اپنی مسلح افواج کی بہادری اور جرات کی قدر کرتی ہے اور وطن کے دفاع میں ان کے بروقت اقدام کی ستائش کرتی ہے۔ قوم کسی بھی مزید جارحیت کے مقابلے میں متحد اور پُرعزم ہے۔

    این ایس سی نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کے بلا اشتعال غیر قانونی اقدامات کی سنگینی کو تسلیم کرے اور اسے بین الاقوامی اصولوں اور قوانین کی صریح خلاف ورزیوں کا ذمہ دار ٹھہرائے، پاکستان عزت اور وقار کے ساتھ امن کے لیے پرعزم ہے اور دوبارہ واضح کرتا ہے کہ وہ اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کوئی خلاف ورزی یا اپنے فخر کرنے والے عوام کا کوئی نقصان برداشت نہیں کرے گی۔

  • بھارت کی ایل اوسی پر بلااشتعال فائرنگ : پاک فوج کا دشمن کو منہ توڑ جواب

    بھارت کی ایل اوسی پر بلااشتعال فائرنگ : پاک فوج کا دشمن کو منہ توڑ جواب

    راولپنڈی : بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستانی پوسٹوں پر بلااشتعال فائرنگ کی، پاک فوج نے منہ توڑ جواب دیتے ہوئے دشمن کی توپوں کو چُپ کرادیا۔

    اس حوالے سے سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت نے آج رات ایل او سی کے متعدد مقامات پر پوسٹوں پر فائرنگ کی، پاک فوج نے بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کا منہ توڑ جواب دیا۔

    سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے ایل او سی کے نکیال، کھوئی رٹہ، شاردا اور کیل سیکٹرز میں قائم پوسٹوں پر فائرنگ کی گئی۔

    بھارت نے نیلم اور حاجی پیر سیکٹرز میں بھی بلااشتعال فائرنگ کی، سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ پاک فوج دشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے ہروقت تیار ہے۔

  • صدر مملکت نے سی ڈی اے آرڈیننس 2025 جاری کر دیا

    صدر مملکت نے سی ڈی اے آرڈیننس 2025 جاری کر دیا

    اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے سی ڈی اے آرڈیننس 2025 جاری کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے سی ڈی اے آرڈیننس 2025 جاری کر دیا، سی ڈی اے آرڈیننس 1960 میں اہم ترامیم کا نفاذ فوری ہوگا۔

    آرڈیننس کے مطابق زمین اور تعمیر شدہ جائیداد پر الگ الگ ایوارڈ جاری ہوں گے، متاثرہ افراد کو زمین، نقدی یا دیگر صورت میں معاوضہ ملے گا، اور زیر التوا بحالی کے کیسز موجودہ پالیسی کے تحت نمٹائے جائیں گے۔


    ٹیکس چوری روکنے کے لیے نیا آرڈیننس جاری


    معاوضے کی ادائیگی میں تاخیر پر 8 فی صد سالانہ اضافی رقم دی جائے گی، آرڈیننس کے تحت متبادل زمین کی قدر، سہولت اور رسائی میں مساوی ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

    نابالغ یا معذور افراد کی طرف سے معاوضہ وصولی کا نیا طریقہ کار بھی متعارف کرایا گیا ہے، ترمیم شدہ آرڈیننس میں عارضی استعمال شدہ زرعی زمین پر بھی منصفانہ معاوضے کی شق شامل کی گئی ہے۔

    سی ڈی اے ترامیم کے تحت متاثرہ افراد کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا گیا ہے۔

  • پاکستان کا  واہگہ بارڈر اور  فضائی حدود فوری بند کرنے کا فیصلہ ، بھارت کے ساتھ تمام تجارتی روابط معطل

    پاکستان کا واہگہ بارڈر اور فضائی حدود فوری بند کرنے کا فیصلہ ، بھارت کے ساتھ تمام تجارتی روابط معطل

    اسلام آباد : پاکستان نے واہگہ بارڈر اور فضائی حدود فوری بند کرنے اور بھارت کے ساتھ تمام تجارتی روابط معطل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا، جس میں پہلگام حملے کے تناظر میں سیاحوں کی جانوں کے ضیاع پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔

    قومی سلامتی کمیٹی نے 23 اپریل 2025 کو اعلان کردہ بھارتی اقدامات کا جائزہ لیا اور بھارتی اقدامات کو یکطرفہ، غیر ذمہ دارانہ قرار دے دیا۔

    کمیٹی نے پہلگام حملے پر بھارتی الزامات مسترد کردیئے اور بھارتی آبی جارحیت پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کی بھارتی کوشش ناقابل قبول قرار دیا اور کہا بھارت کی کسی بھی آبی یا سرحدی مہم جوئی کامنہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

    اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان نے بھارت کیساتھ شملہ معاہدے سمیت دوطرفہ تمام معاہدے معطل کرنے پر غور کیا اور واہگہ بارڈر فوری طور پر بند کرنے اور تمام بھارتی ٹرانزٹ معطل کرنے کافیصلہ کرلیا۔

    اعلامیے کے مطابق سارک ویزہ اسکیم کے تحت جاری بھارتی ویزےمنسوخ کردیئے ، سکھ یاتریوں کے علاوہ تمام بھارتی ویزے منسوخ کئے گئے۔

    بھارتی دفاعی، فضائی اور بحری مشیروں کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دےکرپاکستان چھوڑنے کا حکم دیا جبکہ بھارتی ہائی کمیشن کا عملہ 30 افراد تک محدود کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

    اعلامیے میں کہنا تھا کہ پاکستانی فضائی حدود بھارتی ایئرلائنز کیلئے فوری بند کردی اور بھارت کے ساتھ تمام تجارتی روابط معطل کردیے۔

    قومی سلامتی کمیٹی نے کہا کہ بھارت کی اشتعال انگیزیاں دو قومی نظریے کی سچائی کی دلیل ہیں، پاکستان کی خودمختاری، سلامتی اور وقار پر سمجھوتہ نہیں ہوگا، بھارت کا کشمیر پر قبضہ، اقوام متحدہ کی قراردادوں کی مسلسل خلاف ورزی ہے۔

    این ایس سی کا کہنا تھا کہ پہلگام واقعے کو سیاسی مقاصد کیلئےاستعمال کرنا بھارت کی گھٹیا سوچ ہے، کلبھوشن یادیو بھارت کی ریاستی دہشتگردی کا زندہ ثبوت ہے، پاکستان سے تعلق رکھنے والے پانی کا بہاؤ روکناجنگ سمجھی جائےگئی ۔

    پانی کا بہاؤ روکنے یا موڑنے کی کوشش کی توجنگ سمجھی جائےگی، پانی پاکستان کا اہم قومی مفاد ہے، پاکستان کیلئےپانی کی دستیابی کو ہر قیمت پر محفوظ بنایا جائے گا۔

  • پاکستان کا  سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی پر عالمی فورمز سے رجوع کرنے کا فیصلہ

    پاکستان کا سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی پر عالمی فورمز سے رجوع کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد : قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں سندھ طاس معاہدےکی خلاف ورزی پرعالمی فورمز سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے بھارتی سفارتی،آبی جارحیت کامنہ توڑ جواب دینےکیلئےوزارت خارجہ کی سفارشات منظور کرلیں۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کی جانب سے اٹھائے گئے یکطرفہ جارحانہ اقدامات کا بھرپور جواب دینے کیلئے قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس ختم ہوگیا۔

    وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت اجلاس میں اعلیٰ سول وعسکری قیادت، وفاقی وزراء اوردیگرسینئر افسران شریک ہوئے۔

    اجلاس میں پہلگام فالس فلیگ کےبعد کی داخلی وخارجی صورتحال پر غور کیا گیا۔

    سندھ طاس معاہدہ کیا ہے؟

    ذرائع کا کہنا ہے وزارتِ خارجہ نے بھارت کی غیرذمےدارانہ اقدامات کیخلاف تجاویزپیش کیں اور بھارت کے غیرذمےدارانہ اقدامات پرمؤثراورقانونی ردعمل تیار کیا گیا۔

    اجلاس میں سندھ طاس معاہدہ منسوخی یا معطلی کے مختلف آپشنز پر غور ہوا اور بین الاقوامی عدالتِ انصاف میں جانے یا ورلڈ بینک سے ثالثی پر بھی غور کیا گیا ساتھ ہی بھارت سے شملہ معاہدہ سمیت دیگر تمام معاہدوں کا از سرنو جائزہ جائزہ لیا گیا۔

    کمیٹی نے بھارت کی کسی بھی قسم کی مہم جوئی کا مؤثر جواب دینے کی حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا۔

    قومی سلامتی کمیٹی نے پہلگام واقعہ کے بعد پاکستان پر لگائے گئے تمام بھارتی الزامات مستردکدردیئے اور بھارتی سفارتی اور آبی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے وزارت خارجہ کی سفارشات منظور کرلی گئیں۔

    اجلاس میں سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی پر عالمی فورمز سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا گیا.

  • پاکستان  ٹرمپ انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہشمند

    پاکستان ٹرمپ انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہشمند

    اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے ٹرمپ انتظامیہ کے ساتھ ملکر کام کرنےکی خواہش کا اظہار کردیا اور دونوں ممالک میں تجارت،سرمایہ کاری میں تعاون کے فروغ پر زور دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی پاکستان منرلزانویسمنٹ فورم میں شرکت کیلئے پاکستان کے دورے پر آئے امریکی وفد سے ملاقات ہوئی ، وفدمیں ایرک میئر، سینئر بیورو آفیشل اورقائم مقام اسسٹنٹ سیکرٹری شامل تھے جبکہ بیورو آف ساؤتھ اینڈ سینٹرل ایشین افیئرز بھی وفد کا حصہ تھا۔

    وزیراعظم شہبازشریف نے فورم میں امریکی شرکت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کےمعدنیات کےشعبےمیں وسیع مواقع موجودہیں، امریکی کمپنیوں کوسرمایہ کاری کےمواقع سے مستفید ہونا چاہیے۔

    وزیراعظم نے ٹرمپ اور انتظامیہ سے ملکر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک میں تجارت،سرمایہ کاری میں تعاون کے فروغ سمیت انسداد دہشت گردی اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔

    قائم مقام اسسٹنٹ سیکرٹری نے فورم کے کامیاب انعقاد پر پاکستان کو مبارکباد دیتے ہوئے معدنیات کےشعبےمیں وسیع مواقع کا اعتراف کیا۔

    ملاقات میں امریکی کمپنیوں کی جانب سے اس شعبےمیں سرمایہ کاری میں دلچسپی سے آگاہ کیا اور مشترکہ دلچسپی کے امور پر پاکستان سے ملکر کام کرنے کی امریکی خواہش کا بھی اظہار کیا گیا۔

    قائم مقام اسسٹنٹ سیکرٹری کا کہنا تھا کہ امریکا پاکستان سے دو طرفہ تعلقات کے مزید فروغ کا خواہاں ہے۔

    ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار ، وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ سمیت دیگر وزرا اور متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔

  • حافظ نعیم الرحمان نے شہباز شریف سے آئی پی پیز کے فرانزک آڈٹ کا مطالبہ کردیا

    حافظ نعیم الرحمان نے شہباز شریف سے آئی پی پیز کے فرانزک آڈٹ کا مطالبہ کردیا

    امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے وزیراعظم شہباز شریف سے آئی پی پیز کے فرانزک آڈٹ کا مطالبہ کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا ٹیلیفونک رابطہ ہوا، انہوں نے بجلی کی قیمتیں کم کرنے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔

    شہباز شریف نے کہا کہ مشکلات کے باوججود عوامی ریلیف کو اولین ترجیح دی، یہ مشن جاری رکھیں گے، پاکستان کی ترقی کا سفر جاری رہے گا۔

    حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ابتدائی طور پر بجلی کی قیمتوں میں کمی کا خیرمقدم کرتے ہیں، مزید کمی لاکر عوام کو پورا ریلیف دیا جائے۔

    علاوہ ازیں انہوں نے مطالبہ کیا کہ تنخواہ دار ٹیکس دے لیکن یہ آئی پی پیز ٹیکس نہیں دیتے، آئی پی پیز کا فرانزک آڈٹ کیا جائے۔

    دونوں رہنماؤں نے غزہ میں اسرائیلی جارحیت پر عالمی قوتوں کی خاموشی پر تشویش کا اظہار کیا۔

    وزیراعظم نے اسرائیلی مظالم کے خلاف عالمی فورم پر آواز اٹھانے اور پاکستانی حمایت جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا اور کہا کہ صیہونی ظلم کا شکار نہتے فلسطنیوں کی حمایت پر پاکستان کا موقف واضح ہے۔

    حافظ نعیم نے کہا کہ غزہ کی صورت حال پر پاکستان زیادہ موثر آواز اٹھائے اور فعال کردار ادا کرے۔

  • کوئٹہ دھماکا: شرپسندی پھیلانے والے عناصر بلوچستان کی ترقی کے دشمن ہیں، وزیراعظم

    کوئٹہ دھماکا: شرپسندی پھیلانے والے عناصر بلوچستان کی ترقی کے دشمن ہیں، وزیراعظم

    وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ شرپسندی پھیلانے والے عناصر بلوچستان کی ترقی کے دشمن ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی برکت مارکیٹ کوئٹہ میں دھماکے کی مذمت کی اور جاں بحق افراد کے لیے بلندی درجات، ان کے اہلخانہ کے لیے صبر کی دعا کی ہے۔

    وزیراعظم نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی اور دھماکے کی فوری تحقیقات کا حکم دیا۔

    انہوں نے کہا کہ ذمہ داران کا تعین کرکے انہیں قرار واقعی سزا دی جائے، شرپسندوں کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

    شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کی عفریت کے خاتمے تک جنگ جاری رکھیں گے۔

    کوئٹہ میں ڈبل روڈ پر پولیس موبائل کے قریب زور دار دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں 4 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔

    دھماکے کے باعث پولیس کی گاڑی کو شدید نقصان پہنچا ہے، ریسکیو ٹیمیں طلب کرلی گئیں ہیں۔

    ریسکیو ذرائع کا کہنا تھا کہ دھماکے سے پولیس موبائل کے قریب کھڑی موٹرسائیکل میں آگ لگ گئی، دھماکے میں قریب گزرنے والی گاڑی اور دکانوں کوبھی نقصان پہنچا ہے۔