Author: Babar Dogar

  • وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پنجاب میں 336 افراد کی غیرقانونی بھرتیاں

    وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پنجاب میں 336 افراد کی غیرقانونی بھرتیاں

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سیکرٹریٹ میں میرٹ کے برعکس من پسند افراد کی بھرتیاں جاری ہیں، تین سو چھتیس افراد کو معمول سے ہٹ کر بھرتی کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے وزیراعلیٰ میاں شہباز شریف نے پنجاب پبلک سروس کمیشن کو نظراندازکرکے اپنے خصوصی اختیارات کااستعمال کیا اورمن پسند افراد کونواز دیا۔

    وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ نے گزشتہ پانچ سال کے دوران مختلف مواقع پربھرتی کے قوانین میں نرمی کرکے 336 من پسند افراد بھرتی کرلیے۔

    ایک من پسند چہیتے کونوازنے کےلئے اسسٹنٹ کنٹرولر کی نئی سیٹ نکالی گئی، پھر اس سیٹ کو پبلک سروس کمیشن کے دائرہ اختیار سے بھی نکال لیا گیا اور بعد ازاں اس سیٹ کے لیے اردو کے دو اخباروں میں اشتہارات بھی دیےگئے ، دوسری جانب تعلیمی میرٹ بھی وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ نے خود ہی بنا لیا گیا، 40 امیدواربلائے 39 کو انٹرویو میں فیل کردیا۔

    من پسند چہیتے کو نوکری دینے کےلیے باقی امیدواروں کو غیر متعلقہ تجربہ کی مد میں فیل کیا گیا، جبکہ اپنے منظور نظرشخص کوانٹرویو میں پانچ میں سے چارنمبر دے کر نوکری کےلیے اہل قرار دے دیا۔

    وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کے معیار پر پورا اترنے والے اس امیدوار کا نام مجاہد علی ہے جس کی تعلیمی قابلیت محض بی کام ہے جبکہ اس پوسٹ کے لیے کئی اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد کو مسترد کردیا گیا اور مجاہد علی کو محض ایک بڑے ہوٹل میں تین ماہ کا ٹرینی ویٹر کا تجربہ ہونے کی بنا پر گریڈ 16 میں پانچ سال کے لئے براہ راست بھرتی کرلیا گیا۔

  • پنجاب حکومت کسانوں کواینڈرائیڈ فون فراہم کرے گی

    پنجاب حکومت کسانوں کواینڈرائیڈ فون فراہم کرے گی

    لاہور: پنجاب حکومت چھ لاکھ چھوٹے کاشت کاروں کو اینڈرائیڈ فون دینے پر غور کررہی ہے تاکہ وہ موسم کی صورتحال اورمحکمہ زراعت کی پالیسیوں سے باخبر رہیں، یہ موبائل فون کسان پیکج کے تحت دیے جائیں گے۔

    امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ پنجاب حکومت کسانوں کو چھ لاکھ موبائل فون مہیا کرنے کا اعلان آنے والے بجٹ میں کرے گی، اینڈرائڈ فون فراہم کرنے کا مقصد کسانوں کو یوٹیلیٹی اور آلاتِ زراعت کی قیمتوں سے آگاہ رکھنا ہے جس میں بیج اور کھاد کی قیمتیں میں شامل ہیں۔

    farmer 1

    کہا جارہا ہے کہ دیے جانے والے موبائل فونز میں ایک ایپ ہوگی جس کے ذریعے کسان جدید زرعی تکنیکیں اور کسانوں کے لیے پنجاب حکومت کی جانب سے روز مرہ کی بنیادوں پر جاری کردہ مراعات کے بارے میں معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔

    پنجاب حکومت کی اینڈرائیڈ فون فراہمی کے منصوبے میں اہلیت کے لیے کسان کے پاس ساڑھے بارہ ایکڑ زمین ہونا ضروری ہے۔ واضح رہے کہ حکومت نے کسان پیکج کے لیے 50 کروڑ روپے مختص کیے ہیں اور کسان چھوٹے کاشتکاروں کو موبائل فون کی فراہمی اسی پیکج کا ایک حصہ ہے۔

    farmer 2

    علاوہ ازیں، پنجاب حکومت چھوٹے کاشتکاروں کو بلا سود قرضوں کی فراہمی پربھی کام کررہی ہے۔ چیف سیکرٹری پنجاب کیپٹن (ر) زاہد سعید نے اے آروائی نیوز کو آگاہ کیا کہ وہ ایشیائی ترقیاتی بینک سے قرضوں کی فراہمی کے لیے بات چیت کررہے ہیں دریں اثنا بینک آف پنجاب اوردیگر بینکوں کو بلا سود قرضے دینے کے پروگرام میں شامل کیا جارہا ہے۔

    انہوں نے دعویٰ کیا کہ کسانوں کو فراہم کیے جانے والے قرضےکا سود پنجاب حکومت ادا کرے گی۔