Author: بابر خان

  • شوہر کے سامنے خاتون سے مبینہ اجتماعی زیادتی

    شوہر کے سامنے خاتون سے مبینہ اجتماعی زیادتی

    لاہور کے نواحی علاقے برکی روڈ پر شوہر کے سامنے خاتون کو مبینہ طور پر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق برکی روڈ پر مسلح افراد نے گھر میں داخل ہو کر شوہر کے ساتھ مبینہ طور پر خاتون سے اجتماعی زیادتی کی۔

    زیادتی کا مقدمہ متاثرہ خاتون کے شوہر کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق باؤوالا میں 2 افراد دیوار پھلانگ کر گھر میں داخل ہوئے اور اسلحےکے زور پر بیوی کو زیادتی کا نشانہ بنا یا۔

    ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ ملزمان خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد فرار ہو گئے۔

    ایس پی کینٹ نے نمائندہ اے آر وائی نیوز کو واقعے سے متعلق بتایا کہ متاثرہ خاتون نے میڈیکل کروانے سے انکار کر دیا ہے جب کہ مدعئی ندیم امانت بھی فرار ہو گیا ہے۔

  • مسلم لیگ ن کے 5 ایم پی ایز کے خلاف مقدمہ درج

    مسلم لیگ ن کے 5 ایم پی ایز کے خلاف مقدمہ درج

    لاہور : مسلم لیگ ن کے5 ایم پی ایز کے خلاف صوبائی اسمبلی کے اسپیکر کے انتخاب کے عمل کو سبوتاژ کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے پانچ ایم پی ایز کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا، مقدمہ ایم پی اے نوابزادہ وسیم خان کی مدعیت میں 5 دفعات کے تحت درج کیا۔

    کیس میں مسلم لیگ ن کے ایم پی اے رانا مشہود خان، مرزا جاوید، رخسانہ کوثر، سیف الملوک کھوکھر اور میاں عبدالرؤف کو نامزد کیا گیا ہے۔

    ایف آئی آر میں کہا گیا کہ لیگی ایم پی ایز نے اسپیکر کے الیکشن میں اسمبلی کی کارروائی متاثر کی، ایم پی ایز نے بیلٹ بک چھین کر پھینک دی۔

    ایف آئی آر میں کہنا تھا کہ بیلٹ بک خاتون ایم پی اے رخسانہ کوثر سے برآمد کی گئی، بیلٹ بک کے اہم صفحات کو پھاڑا گیا۔

    ایف آئی آر کے متن کے مطابق لیگی ایم پی ایز نے کارسرکار میں مداخلت کی، انہوں نے پولنگ اسٹاف پر حملہ کیا، الیکشن میٹریل کو نقصان پہنچایا۔

    خیال رہے یہ مقدمہ اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کیس میں پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ سمیت 13 دیگر رہنماؤں کی 14 روزہ حفاظتی ضمانت منظور کیے جانے کے چند منٹ بعد درج کیا گیا۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ نے پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کیس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کی 25 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض 14 دن کی حفاظتی ضمانت منظور کی تھی۔

  • حقیقی آزادی جلسہ، پی ٹی آئی آج ہاکی اسٹیڈیم میں میدان سجائے گی

    حقیقی آزادی جلسہ، پی ٹی آئی آج ہاکی اسٹیڈیم میں میدان سجائے گی

    پاکستان تحریک انصاف آج لاہورمیں سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرے گی، جس کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی آج جشن آزادی کی مناسبت سے لاہور کے ہاکی اسٹیڈیم میں پاور شو کرنے جارہی ہے، تقریب سے عمران خان خصوصی خطاب کرینگے۔

    پی ٹی آئی کے پاور شو کو ‘حقیقی آزادی جلسہ’ کا نام دیا گیا ہے، لاہور شہر میں جلسے کے حوالے سے نہایت جوش
    وخروش پایا جاتا ہے۔

    جلسے کے لئے ہاکی اسٹیڈیم میں بینرز آویزاں کئے گئے ہیں جس میں پارٹی قیادت کے لئے خیر مقدمی کلمات درج ہیں۔

    اسٹیڈیم میں چالیس ہزار سے زائد افراد کے بیٹھنے کی جگہ بنائی گئی ہے۔

    گزشتہ روز عمران خان نے خود جلسہ گاہ کا دورہ کیا تھا۔

    ڈی آئی جی آپریشنز افضال احمد کوثر کا کہنا ہے کہ جلسے کے شرکاء کی سیکیورٹی پر پندرہ سو سے زائد اہلکار ڈیوٹی پر مامور ہوں گے۔

    ڈی آئی جی کے مطابق موٹر سائیکل و گاڑیوں کو مناسب فاصلہ پر پارک کروایا جائے گا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ڈولفن اسکواڈ کی ٹیمیں بھی ہاکی اسٹیڈیم کے اطراف موثر گشت یقینی بنائیں گی۔

  • پولیس نے ن لیگی رہنما کو گرفتار کرلیا

    پولیس نے ن لیگی رہنما کو گرفتار کرلیا

    لاہور: پنجاب پولیس نے حال ہی میں ن لیگ میں شامل ہونے والے نذیر چوہان کو گرفتار کرلیا ہے۔

    اے آر نیوز کی رپورٹ کے مطابق لیگی رہنما نذیر چوہان کو کو لاہور پولیس نے پی ٹی آئی رہنما خالد گجر کے کیمپ پر حملہ کرنے کے کیس میں حراست میں لیا گیا ہے۔

    سی سی پی او لاہور نے ن لیگی رہنما کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ نذیر چوہان کو انتخابی ریلی میں فائرنگ کرنے پر گرفتار کیا گیا ہے۔

    سی سی پی او غلام محمود ڈوگر نے بتایا کہ نذیر چوہان کو سی آئی اے پولیس نے تھانہ جوہر ٹاؤن میں درج مقدمے میں گرفتار کیا ہے۔

    خیال رہے کہ حال ہی میں ہونے والے ضمنی الیکشن کیلئے جاری انتخابی مہم کے دوران نذیر چوہان کی جانب سے پی ٹی آئی کے امیدوار شبیر گجر کے کیمپ پر فائرنگ کی گئی تھی، جس سے پی ٹی آئی رہنما شبیر گجر کا بھتیجا اور خالد گجر کا بیٹا زخمی ہوگیا تھا۔

  • شوگرمل کیس : سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی کی گرفتاری کا امکان

    شوگرمل کیس : سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی کی گرفتاری کا امکان

    لاہور : شوگرمل کیس میں سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی کی گرفتاری کا امکان ہے ، ایف آئی اے نے محمد خان بھٹی کے خلاف ناقابل تردید شواہد اکٹھے کرلیے۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے کی جانب سے یکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی کی گرفتاری کاامکان ہے ، ذرایع کا کہنا ہے کہ محمد خان بھٹی کے خلاف ناقابل تردید شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں، ان شواہد کی روشنی میں نیامقدمہ درج کیا جائے گا۔

    ذرائع نے بتایا ہے کہ محمد خان کے قریبی عزیز نوازبھٹی کے بیانات کی روشنی میں محمد خان بھٹی کی گرفتاری عمل میں لائی جانے کا امکان ہے۔

    ذرائع کے مطابق وازرت داخلہ کی جانب سے محمد خان بھٹی کو آج گرفتار کرنے کے لیے ایف آئی اے ٹیموں کو ۂدایت دے دی گئی ہے۔

    خیال رہے سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی شوگر مل کیس میں ضمانت پر ہیں۔، رحیم یار خان شوگر ملز کیس میں چوہدری پرویز اور چوہدری مونس الہی کے خلاف بھی تحقیقات کی جارہی ہیں۔

  • کاروباری شخصیت کی بیٹی کا قتل: ملزم کے ساتھ دیگر ملازمین کے کردار سامنے آگئے

    کاروباری شخصیت کی بیٹی کا قتل: ملزم کے ساتھ دیگر ملازمین کے کردار سامنے آگئے

    لاہور : مسلم ٹاؤن میں کاروباری شخصیت کی بیٹی کے قتل کیس کے ملزم فہد کے ساتھ گرفتار دیگر ملازمین کے کردار سامنے آگئے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے مسلم ٹاؤن میں کاروباری شخصیت کی بیٹی کے قتل کیس کی تفتیش میں اہم پیش رفت ہوئی، ملزم فہد کے ساتھ گرفتار دیگر ملازمین کے کردار سامنے آ گئے۔

    پولیس نے بتایا کہ ملزم کے ساتھ گھریلو ملازمہ عطیہ نے خود آلود بیڈ شیٹ تبدیل کیں جبکہ عابد اور شاہد نے قتل میں استعمال ہونے والے اسلحہ کو چھپایا۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ ایک ملازم روح الامین ملزم فہد کے ساتھ مقتولہ کواسپتال لے گئے، تمام ملازمین نے شواہد کو مٹایا ، جس پر انہیں گرفتار کیا گیا جبکہ تمام ملازمین نے کمرے سےفائرکی آواز نہ آنے کےباوجود لاش کو وہاں سے اٹھایا۔

    ،ملازمہ عطیہ نے بیان میں کہا کہ فہد کوٹ لکھپت میں ایک لڑکی سے شادی کرنا چاہتے تھے، دونوں کی دوستی فیس بک پرہوئی لیکن مالکن شادی سے منع کرتی تھیں۔

    پولیس کے مطابق رنجش پر ملزم نے قتل کے بعد اسے خودکشی کا رنگ دیا، قتل کا واقعہ جمعےاور ہفتے کی درمیانی شب پیش آیا۔

  • کاروباری شخصیت کی بیٹی کا قتل، وزیراعلیٰ پنجاب کا نوٹس

    کاروباری شخصیت کی بیٹی کا قتل، وزیراعلیٰ پنجاب کا نوٹس

    صوبائی دارالحکومت لاہور میں دلخراش واقعہ رونما ہوا ہے، جہاں معروف کاروباری شخصیت کی بیٹی کو گھر میں قتل کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقے مسلم ٹاؤن میں کاروباری شخصیت کی بیٹی کو قتل کردیا گیا ہے، واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچی اور لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لئے اسپتال منتقل کیا۔

    پولیس کے مطابق ابتدائی پوچھ گچھ کے دوران مقتولہ کے لے پالک بیٹے فہد کو حراست میں لے لیا گیا ہے جبکہ گھریلو ملازمہ چالیس سالہ رضیہ کو بھی شامل تفتیش کیا گیا ہے۔

    پولیس حکام نے بتایا کہ مقتولہ کے 2 بیٹے اور ایک بیٹی تینوں لے پالک ہیں جبکہ مقتولہ کا خاوند امریکا میں مقیم ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: لاہور میں ملزمان نے بھائی پر تشدد کرکے بہن کو اغوا کرلیا

    وزیراعلیٰ پنجاب نے لاہور میں کاروباری شخصیت کی بیٹی کےقتل کے واقعےکا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹرجنرل پولیس سے رپورٹ طلب کرلی ہے اور ملزمان کی گرفتاری جلدیقینی بنانےکی ہدایت کی ہے۔

    حمزہ شہباز نے اپنے بیان میں کہا کہ واقعےکی ہر پہلو سے تحقیقات کی جائے،ملزمان کو قانون کی گرفت میں لاکرمزید کارروائی کی جائے،مقتولہ کے لواحقین کو ہر صورت انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

  • سابق وفاقی وزیر مونس الہٰی کیخلاف ایف آئی اے میں مقدمہ درج

    سابق وفاقی وزیر مونس الہٰی کیخلاف ایف آئی اے میں مقدمہ درج

    لاہور : ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ کے الزام میں سابق وفاقی وزیر مونس الہٰی کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر مونس الہٰی کیخلاف ایف آئی اے میں مقدمہ درج کرلیا گیا ، ایف آئی اے لاہور نے منی لانڈرنگ کے الزام پر مونس الہٰی کیخلاف مقدمہ درج کیا۔

    مقدمے میں منی لانڈرنگ ایکٹ کی دفعات درج کی گئی ہیں ، اس کے علاوہ نواز بھٹی اور مظہراقبال کے خلاف بھی منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کیا گیا۔

    ایف آئی آر میں سیکریٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی ،بھانجے واجداحمد خان بھٹی ، رحیم یار شوگرملزکے ایگزیکٹو ڈائریکٹر عمر شہریار اوت طارق جاوید کا نام بھی شامل ہیں۔

    ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہی کے کردار کا تعین بعد میں کیا جائے گا، نائب قاصد نوازبھٹی اور مظہر عباس نے مختلف بینکس میں اکاؤنٹس کھلوا رکھےتھے۔

    ایف آئی آر کے مطابق 2 مبینہ فرنٹ مین کے اکاؤنٹس میں 24 ارب کی ٹرانزکشن ہوئیں جبکہ سیکریٹری اسمبلی محمد خان بھٹی کے بھانجے واجد احمد بھٹی بھی 9 فیصد کےشیئرہولڈرز ہیں۔

    یاد رہے چند روز قبل سابق وزیر اعظم عمران خان کے اتحادی چوہدری مونس الٰہی کے خلاف تحقیقات کا فیصلہ کیا گیا تھا ، ذرائع کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے کی جانب سے مونس الہٰی کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات کی جائیں گے۔

    مزید پڑھیں : ایف آئی اے کا مونس الہٰی کےخلاف تحقیقات کا فیصلہ

    ذرائع ایف آئی اے نے کہا تھا کہ مونس الٰہی نے بیرون ملک جائیدادیں بنائیں اور ہنڈی کے ذریعے رقم بیرون ملک منتقل کی۔

    بعد ازاں مونس الٰہی نے اپنے خلاف ایف آئی اے کی تحقیقات کے جواب میں اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا کہ بسم اللہ الرحمٰن الرحیم۔

    مسلم لیگ ق کے رہنما مونس الہیٰ نے اپنے خلاف ایف آئی اے کی جانب سے منی لانڈرنگ کی تحقیقات کی خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ خود پر لگے الزامات کی تفصیلات کا ابھی علم نہیں ہے لیکن اس طرح کےکیسز پہلی بار ہمارے خاندان پر نہیں بنے، ماضی میں بھی ہمارےخاندان کے خلاف انتقامی کارروائیاں ہوتی رہی ہیں۔

  • دعا زہرا اور اس کا شوہر کہاں  روپوش ہیں؟ بڑا انکشاف

    دعا زہرا اور اس کا شوہر کہاں روپوش ہیں؟ بڑا انکشاف

    لاہور : دعا زہرا اور اس کے شوہر ظہیر کے سیالکوٹ میں روپوش ہونے کا انکشاف سامنے آیا ، پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں کی لوکیٹر کے ذریعے موجودگی کاپتہ چلا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سے بھاگ کر لاہور کے ظہیر نامی نوجوان سے شادی کرنے والی دعا زہرا کی بازیابی کے لیے سندھ اور پنجاب پولیس کوشش میں مصروف ہے ، تاہم کوئی کامیابی نہ ہوسکی ہے۔

    پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ دعا زہرا اور اس کے شوہر ظہیر کی سیالکوٹ میں روپوش ہونے کا انکشاف ہوا ہے ، جس پر لاہوراور کراچی پولیس کی ٹیمیں سیالکوٹ میں موجود تھیں ، دونوں کی لوکیٹر کے ذریعے موجودگی کا پتہ چلا۔ لیکن پولیس ناکام واپس لوٹ آئی۔

    دعا زہرا کا نکاں خواں اور دیگر اہلخانہ پہلے ہی کراچی پولیس کی حراست میں ہیں جبکہ دعا کی بازیابی کے لئے سندھ ہائی کورٹ نے اسے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہوا ہے ۔

    یاد رہے آج سندھ ہائی کورٹ میں دعازہرا کی بازیابی سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی تھی ، جس میں آئی جی سندھ نے عدالت کو بتایا کہ 7ٹیمیں پنجاب اورکےپی کے میں لگائی ہیں، 3 ٹیکنیکل ٹیمیں معاونت کررہی ہیں ،16افرادکو حراست میں لیاتھا، 3 افراد کو چھوڑدیا ہے ایک نے حفاظتی ضمانت لی ہے، 12 افراد حراست میں ہیں، 2 افراد کو کراچی منتقل کر دیا گیا، ان کے رول سے متعلق بھی رپورٹ میں بتایا گیا ہے۔

    جسٹس اقبال کلہوڑو نے کہا تھا کہ چاہتے ہیں بچی مل جائے اپنے والدین سے مل لے، مقدمہ یہاں کے تھانے میں درج ہوا ہے ،جب تک بچی نہیں آئے گی معاملہ چلتا رہے گا ، ہم بار بار حکم دے چکے ہیں مگر کچھ نہیں ہورہا۔

    غلام نبی میمن کا کہنا تھا کہ ذمہ داری کےساتھ کہتاہوں محنت اورایمانداری میں کوئی کمی نہیں چھوڑیں گے، جس پر جسٹس اقبال کلہوڑو نے استفسار کیا ہمیں ٹائم فریم دیں کب بچی کو پیش کریں گے ؟ تو آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ ہم ایمانداری سے کوشش کررہے ہیں یہ یقین دلاتا ہوں۔

    عدالت نے دعا زہرا کے بیرون ملک منتقلی کے خدشے کے پیش نظر نادرا اور اسٹیٹ بینک کو نامزد ملزمان کے بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے اور قومی شناختی کارڈ بھی بلاک کرنے کا حکم دیا تھا۔

    عدالت نے سابق آئی جی کامران فضل کو جاری کردہ شوکاز نوٹس واپس لیتے ہوئے دعا زہرا کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔

    دعا نے تقریبا ڈیڑھ ماہ قبل لاہور کے رہائشی ظہیر سے محبت کی شادی کی تھی

  • شیخ رشید کی گرفتاری کے لئے پولیس کا ” لال حویلی” پر چھاپا

    شیخ رشید کی گرفتاری کے لئے پولیس کا ” لال حویلی” پر چھاپا

    راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف کے ” حقیقی آزادی مارچ” سے قبل پولیس نے رہنماؤں کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کردیا ہے، سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کی لال حویلی پر بھی چھاپہ مارا گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق رات گئے پولیس نے شیخ رشیداحمد اور شیخ راشد شفیق کی گرفتاری کے لئے لال حویلی پر چھاپا مارا، چھاپے کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی ہے۔

    فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پولیس کی بھاری نفری نے شیخ رشید کی لال حویلی کو گھیرے میں لیا ہوا ہے اور پولیس اہلکار لال حویلی کے اطراف پوزیشن لئے کھڑے ہیں تاہم عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیخ رشید کی جانب سے ایک ویڈیو بھی وائرل کی گئی ہے جس میں انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ پولیس کی بھاری نفری لال حویلی میں داخل ہوگئی ہے۔

    واضح رہے کہ گذشتہ روز پشاور میں پی ٹی آئی کی کور کمیٹی اجلاس کے بعد جاری ویڈیو پیغام میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ چار گاڑیوں میں سادہ لباس پولیس اہلکار میری گرفتاری کیلیے گھرکے باہرموجود ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: ‘گھر کے باہر پولیس کھڑی ہے گرفتاری سے گھبرانے والا نہیں

    انہوں نے امید ظاہر کی کہ میں گرفتار نہیں ہوں گا، اللہ بہتر کرے گا، میں 25 مئی دن دو بجے لال حویلی سے نکلوں گا، میں ڈرنے والا نہیں ہوں، اللہ کی مدد پر یقین رکھتا ہوں۔

    خیال رہے کہ پی ٹی آئی نے فوری مگر شفاف انتخابات کا مطالبہ کیا ہے اور اس مقصد کی تکمیل کے لیے 25 مئی کو اسلام آباد کی جانب مارچ کرے گی، مارچ کے پیش نظر حکومت نے بھی کمر کس لی اور ڈی چوک کے اطراف کے مقامات کو سیل کرنے کا سلسلہ شروع کردیا ہے جبکہ ملک بھر میں پی ٹی آئی رہنماؤں کے گھروں پر چھاپوں کا سلسلہ بھی شروع کردیا گیا ہے۔