Author: بابر خان

  • لاہور میں اغوا کے بعد   بازیاب ہونے والی میٹرک کی طالبہ کا اہم  انکشاف

    لاہور میں اغوا کے بعد بازیاب ہونے والی میٹرک کی طالبہ کا اہم انکشاف

    لاہور : بازیاب ہونے والی میٹرک کی طالبہ نے انکشاف کیا ہے کہ اغوا کے بعد عابد نے پاکپتن لے جا کر زبردستی نکاح کی کوشش کی، میں نے نکاح سے انکار کیا تو مجھے تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور شادباغ سے اغوا کے بعد بازیاب ہونے والی میٹرک کی طالبہ کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ، عشاء ذوالفقار نے پولیس کو اپنا بیان ریکارڈ کروادیا۔

    طالبہ نے بازیابی کے بعد پولیس کو اپنے بیان میں بتایا کہ اغوا کے بعد عابد نے پاکپتن لے جا کر زبردستی نکاح کی کوشش کی، میں نے نکاح سے انکار کیا تو مجھے تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

    طالبہ کا کہنا تھا کہ میرے ساتھ عابد یا اس کے کسی ساتھی نے زیادتی نہیں کی، ملزم ہفتے کو اغوا کے بعد ہی مجھے قصورلے گئے تھے، جہاں ملزمان قصور پولیس کے آنے سے پہلے مجھے پاکپتن لے گئے۔

    عشاء ذوالفقار نے کہا کہ ملزمان نے مجھے رات عارف والا ایک بس اڈے پر چھوڑ دیا جہاں پولیس پہنچ گئی۔

    پولیس واقعے میں شامل ملزمان سے تفتیش کررہی ہے جبکہ مرکزی ملزم عابد کی باضابطہ گرفتاری ظاہر نہیں کی گئی، ملزم عابد ریکارڈ یافتہ ہے۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ بیس سالہ ملزم عابد ڈکیتی سمیت دیگرسنگین وارداتوں میں ملوث رہا ہے ، متعدد بار جیل جاچکاہے، اس کیخلاف تھانہ شادباغ میں مزید تین مقدمات درج ہیں جبکہ یہ ڈکیتی سمیت دیگر سنگین وارداتوں میں بھی ملوث رہا ہے۔

    یاد رہے لاہور شاد باغ سے اغوا ہونے والی دسویں جماعت کے طالبہ کو ساہیوال سے بازیاب کرایا گیا تھا ، منگنی توڑنے پر سابقہ منگیتر نے طالبہ کواغوا کیا تھا۔

    چیف جسٹس لاہورہائی کورٹ نے اغواکانوٹس لیتے ہوئے بچی کو بازیاب کرانے کا حکم دیا تھا۔

  • شہباز شریف  کیخلاف منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات کرنے والے ایف آئی اے افسر انتقال کرگئے

    شہباز شریف کیخلاف منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات کرنے والے ایف آئی اے افسر انتقال کرگئے

    اسلام آباد : شہبازشریف فیملی کیخلاف منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات کرنے والے ڈاکٹررضوان انتقال کرگئے، شہباز حکومت نے آتے ہی ڈاکٹر رضوان کوعہدے سے ہٹا دیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اےکے سابق ڈائریکٹر ڈاکٹر رضوان انتقال کر گئے ، ڈاکٹر رضوان عارضہ قلب میں مبتلا تھے، انھیں دل کا دورہ پڑا مگر جانبر نہ ہو سکے۔

    ڈاکٹررضوان نے بطور ڈائریکٹرایف آئی اے شہبازشریف اوران کی فیملی کے منی لانڈرنگ کیسزمیں تفتیش کی جبکہ شوگراسکینڈل سمیت کئی کیسوں کی بھی تحقیقات کی تھیں۔

    موجودہ حکومت کے آنے پر ڈاکٹر رضوان چھٹیوں پر چلے گئے تھے تاہم ن لیگ نے حکومت سنبھالتے ہی ڈاکٹر رضوان کا تبادلہ کردیا تھا ، وہ ڈائریکٹر ایف آئی اے پنجاب تعینات تھے۔

    سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ڈاکٹر رضوان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف کے خلاف کیس کرنےوالے ڈاکٹر رضوان خالق حقیقی سے جا ملے ہیں ، مرحوم بہت دلیر ، فرض شناس تھے ، اللہ انہیں جنت میں جگہ نصیب فرمائے۔

    پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر شہبازگل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ڈاکٹر رضوان کے انتقال پر اپنے بیان میں کہا کہ یہ کوئی نئی بات نہیں اسی طرح سے قتل کیا جاتا ہے ، لوگوں اس ملک میں میری خبر کار ایکسیڈنٹ کی آنی تھی جیسےانکی ہارٹ اٹیک کی آئی ، سب کچھ اتنا اچھا مینج کیا جاتا ہے جیسے کہ واقعی کوئی اتفاقی حادثہ ہو، ملک میں ایک ساتھ اتنےاتفاقی حادثےنہیں قتل ہورہے ہیں۔

  • جوہرٹاؤن دھماکا: سی ٹی ڈی کو بڑی کامیابی مل گئی

    جوہرٹاؤن دھماکا: سی ٹی ڈی کو بڑی کامیابی مل گئی

    لاہور کے پوش علاقے جوہر ٹاؤن میں ہونے والے بم دھماکے سے متعلق سیکیورٹی اداروں کو بڑی کامیابی مل ہے۔

    ڈی آئی جی سی ٹی ڈی افضال کوثر نے میڈیا کو بتایا کہ جوہرٹاؤن میں گھر کے باہر دھماکے کے ماسٹر مائند کو گرفتار کرلیا گیا ہے، جس کی شناخت سمیع الحق کے نام سے کی گئی ہے، ماسٹر مائنڈ کے ایک ساتھی کو بھی گرفتار کیا گیا ہے جس کی شناخت عزیز کے نام سے کی گئی ہے، عزیر نے دھماکے میں سہولت کاری کا کردار ادا کیا۔

    افضال کوثر نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش میں بیرونی مداخلت کے شواہد ملے ہیں اور دہشت گردوں کی گاڑی سے غیر ملکی کرنسی بھی ملی ہے،اس کے علاوہ انار کلی دھماکے میں بھی اہم پیش رفت ہوئی ہے جلد تفصیلات سے آگاہ کیا جائیگا۔ڈی آئی جی سی ٹی ڈی نے جامعہ کراچی حملے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ کراچی میں دھماکے کے تناظر میں لاہور میں سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے۔

    خیال رہے کہ لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں تئیس جون دوہزار اکیس کو دھماکا ہوا تھا، جس میں تین افراد جاں بحق اور 24 زخمی ہو گئے تھے، اسی علاقے میں جماعت الدعوۃ کے امیر حافظ محمد سعید کی رہائش گاہ بھی قائم ہے۔

  • پنجاب اسمبلی میں اجلاس کے دن لوٹے اندر کیسے گئے؟

    پنجاب اسمبلی میں اجلاس کے دن لوٹے اندر کیسے گئے؟

    لاہور: پنجاب اسمبلی میں اجلاس کے دن لوٹے اندر کیسے گئے؟ اے آر وائی نیوز نے لوٹے اندر لے جانے کی ویڈیوحاصل کر لی۔

    پنجاب اسمبلی کی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لوٹے تحریک انصاف کی خواتین رکن اسمبلی لے کر گئیں، اور اسمبلی کے عملے میں سے کسی نے لوٹے اندر لے جانے سے انھیں نہیں روکا۔

    واضح رہے کہ ہفتے کے روز جب وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے لیے اسمبلی کا اجلاس شروع ہونے والا تھا، حکومتی ارکان نے ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست مزاری کا گھیراؤ کر کے انھیں تشدد کا نشانہ بنانے کی کوشش کی اور ان پر لوٹے دے مارے۔

    حکومتی ارکان کا ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی پر حملہ ، لوٹے دے مارے

    پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں شدید ہنگامہ آرائی ہوتی رہی، منحرف اراکین کی اسمبلی آمد پر حکومتی ارکان نے لوٹے لوٹے کے نعرے لگائے، اور جب ڈپٹی اسپیکر دوست مزاری اجلاس کا آغاز کرنے ایوان میں داخل ہوئے تو حکومتی ارکان نے ان کی جانب لوٹے اچھال دیے۔

    پی ٹی آئی کی خواتین اراکین میں سے کسی نے اسپیکر کی ڈائس پر بھی لوٹا رکھ دیا تھا۔

  • پولیس اہلکاروں پر تشدد کرنے والے ایم پی ایز کو گرفتار کرنے کا فیصلہ

    پولیس اہلکاروں پر تشدد کرنے والے ایم پی ایز کو گرفتار کرنے کا فیصلہ

    لاہور: پنجاب پولیس نے صوبائی اسمبلی میں افسران اور اہل کاروں پر تشدد کرنے والوں پر مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس اہلکاروں پر اسمبلی میں تشدد کے معاملے پر پنجاب پولیس نے اہم فیصلہ کر لیا ہے، اسمبلی کے اندر پولیس اہل کاروں پر تشدد کرنے والے ارکان اسمبلی کو گرفتار کیا جائے گا، سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے تشدد کرنے والے ارکان کی شناخت کر لی گئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ تشدد کرنے والے ارکان میں خواتین ایم پی ایز بھی شامل ہیں، اس سلسلے میں میڈیا اور سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز کا بھی جائزہ لیا گیا ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ تشدد کرنے والے ایم پی ایز میں فیاض چوہان، عمر تنویر، رانا شہباز، خیال کاسترو، حافظ عمار یاسر، مہندر سنگھ، واثق قیوم، نوابزادہ وسیم، تیمور سعود، مومنہ وحید، زینب عمر، شاہدہ احمد، آسیہ امجد شامل ہیں۔

  • نشے کے عادی شخص نے  فائرنگ کرکے گھر کے 6 افراد کو قتل کرڈالا

    نشے کے عادی شخص نے فائرنگ کرکے گھر کے 6 افراد کو قتل کرڈالا

    لاہور : نشے کے عادی شخص نے فائرنگ کرکے گھر کے چھ افراد کو قتل کردیا، قتل ہونے والوں میں ملزم کا والد ، والدہ ، بہن ، بھنجا اور خالہ ساس شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے دارلحکومت میں لاہور میں قتل کا اندوہناک واقعہ پیش آیا ، جہاں گرین ٹاؤن امیرچوک کے قریب ایک شخص نے فائرنگ کردی ، جس کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    ملزم نے پہلے ماں ، باپ ، بہن اور بھائی پر گولیاں برسائیں اور پھر سسرال جا کر بھی فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ساس اور قریبی عزیز جاں بحق ہوگئے۔

    پولیس نے بتایا کہ ملزم نے آئس نشہ کر رکھا تھا ، سینئر پولیس افسران فرانزک ٹیمون نے موقع سے شواہد اکٹھے کر لیے اور ملزمان کی گرفتاری کے لئے ٹیمیں تشکیل دے دی۔

    قائمقام سی سی پی او شہزادہ سلطان نے گرین ٹاؤن میں 5 افراد کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس آپریشنز سے رپورٹ طلب کرلی اور
    اندوہناک قتل میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کی ہدایت کی۔

    گھر میں فائرنگ کے واقعے کی تفتیش میں میں پولیس نے بتایا کہ ملزم عابد نے اپنے ہی گھر پرفائرنگ کرکے 4افرادکو قتل کیا، ملزم نے اپنی والدہ، والد، ہمشیرہ ، چھوٹے بھائی پر فائرنگ کی۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ گھر میں فائرنگ کے بعد ملزم عابد نے ہی باگڑیاں میں سسرال جاکر خالہ ساس اور سسرپرفائرنگ کی۔

    پولیس نے بتایا کہ ملزم عابد کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے ، ابتدائی تحقیقات میں ملزم نے بیان میں کہا ان لوگوں نے بیٹے پر تشدد کیا تھا۔

  • سوشل میڈیا پرمہم: 4 ہزار ٹرینڈ سیٹراور یوزر اکاؤنٹس بند کرنے کے لیے پی ٹی اے کو مراسلہ ارسال

    سوشل میڈیا پرمہم: 4 ہزار ٹرینڈ سیٹراور یوزر اکاؤنٹس بند کرنے کے لیے پی ٹی اے کو مراسلہ ارسال

    لاہور : ایف آئی اے نے حساس اداروں اورشخصیات کےخلاف سوشل میڈیا پر مہم چلانے پر 4 ہزار ٹرینڈ سیٹراور یوزر اکاؤنٹ بند کرنے کے لیے پی ٹی اے کو مراسلہ بھیج دیا۔

    تفصیلات کے مطابق حساس اداروں اورشخصیات کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم کے معاملے پر ایف آئی اے کی جانب سے 4 ہزار ٹرینڈ سیٹر اور یوزر اکاؤنٹس بند کرنے کے لیے پی ٹی اے کو مراسلہ ارسال کردیا گیا۔

    سائبر کرائم نے پی ٹی اے کو تفصیلات اور تصاویر بھی بھجوا دیں۔

    خیال رہے اداروں اور اہم شخصیات کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم چلانے والے گرفتار پندرہ ملزمان کوآج عدالت پیش کیا جائے گا۔

    ذرائع ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ 50 ایسے افراد کی فہرست دی گئی جو سیکڑوں جعلی اکاؤنٹ چلا رہے تھے، جعلی اکاؤنٹس سے ٹرولنگ کی گئی۔

    ایف آئی اے نے بتایا تھا کہ بعض اکاؤنٹس بیرون ممالک سےبیٹھ کر آپریٹ کیے جا رہے ہیں۔

  • لاہور: اوباش نوجوانوں نے کمسن بچوں کو اپنی ہوس کا نشانہ بناڈالا

    لاہور: اوباش نوجوانوں نے کمسن بچوں کو اپنی ہوس کا نشانہ بناڈالا

    صوبائی دارالحکومت لاہور میں درندگی کا افسوسناک واقعہ رونما ہوا ہے، جہاں اوباش نوجوانوں نے 3 بچوں کو زیادتی کا نشانہ بناڈالا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہورکے علاقے چوہنگ میں تین بچوں کے ساتھ اوباش نوجوانوں نے زیادتی کی، ملزمان نے قبیح فعل کے دوران بچوں کے کپڑے اتار کر ان کی برہنہ ویڈیو بھی بنائیں۔

    پولیس کے مطابق واقعہ کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، اطلاعات کے مطابق زیادتی کا شکار بچوں ک عمریں بارہ سے تیرہ سال کے درمیان ہیں، جنہیں ان کے محلے دار نے اپنی جنسی ہوس کا نشانہ بنایا۔

    پولیس کے مطابق فوری کارروائی کرتے ہوئے بچوں سے زیادتی کرنے والے دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ متاثرہ بچوں کا میڈیکل کرایا جارہا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: مظفر گڑھ میں 2 سالہ بچی مبینہ زیادتی کا شکار

    پنجاب سمیت ملک بھر میں بچوں اور بچیوں سے زیادتی کے واقعات میں دن بدن اضافہ ہوتا جارہا ہے، گذشتہ ماہ مظفرگڑھ کے علاقے تھانہ صدر کی حدود میں بدبخت شخص نے 2 سالہ بچی کو اپنی جنسی ہوس کا نشانہ بناڈالا تھا، درندہ صفت شخص قبیح حرکت کے بعد فرار ہوگیا تھا۔

    بیس فروری کو بھی شیخوپورہ میں سولہ سالہ لڑکی سے تین ملزمان نے اجتماعی زیادتی کی تھی، میڈیکل رپورٹ میں بچی کےساتھ زیادتی کی تصدیق ہوگئی تھی۔

    بارہ فروری کو صوبہ سندھ کے ضلع میرپور خاص کے علاقے نوکوٹ میں دو خواتین کے ساتھ مبینہ زیادتی کا واقعہ رپورٹ ہوا تھا، خبر نے سوشل میڈیا پر طوفان کھڑا کردیا تھا۔

  • بھائی، بھابی، بھتیجی کو قتل کرنے والا سفاک قاتل گرفتار

    بھائی، بھابی، بھتیجی کو قتل کرنے والا سفاک قاتل گرفتار

    لاہور میں میاں بیوی اور بیٹی کے قتل میں ملوث سفاک ملزم مقتول کا بھائی نکلا، پولیس نے واردات کے چند گھنٹے بعد گرفتار کرلیا۔

    لاہور کے علاقے چوہنگ میں میاں بیوی اور بیٹی کے قتل میں ملوث سفاک ملزم کو پولیس نے گرفتار کرلیا جس سے تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ وہ مقتول امانت علی کا بھائی ہے۔

    پولیس کے مطابق ملزم امین دو نامعلوم افراد کیساتھ صبح 8 بجے مقتول امانت کے گھرمٹھائی دینے کے بہانے آیا تھا۔

    ملزم نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر اپنے بھائی، بھابی اور بھتیجی کے ہاتھ باندھے اور انہیں بیدردی سے قتل کرکے فرار ساتھیوں سمیت فرار ہوگیا۔

    پولیس کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق لاہور: مقتول امانت کا بھائی امین سے جائیداد کاتنازع تھا۔

    مزید پڑھیں: لاہور: دو خواتین سمیت 3 افراد کا لرزہ خیز قتل

    ایس پی صدر نے بتایا کہ ملزم امین نے 2014 میں والد کو بھی قتل کیا تھا اورچند روز قبل ہی والد کے قتل کے الزام میں جیل سے قید کاٹ کرآیا تھا۔

  • لاہور: دو خواتین سمیت 3 افراد کا لرزہ خیز قتل

    لاہور: دو خواتین سمیت 3 افراد کا لرزہ خیز قتل

    لاہور: صوبائی دارالحکومت میں میاں بیوی اور ان کی بیٹی کا سفاکانہ قتل ہوا ہے۔

    اےآر وائی نیوز کے مطابق لاہور کے علاقے نواب ٹاؤن میں تہرے قتل کی لرزہ خیز واردات ہوئی ہے، جہاں نامعلوم ملزمان نے دو خواتین سمیت تین افراد کو قتل کردیا ہے۔

    پولیس کے مطابق تینوں افراد کو ہاتھ پاؤں باندھ کر قتل کیا گیا، قتل ہونے والوں میں میاں بیوی اور ان کی بیٹی شامل ہے، مقتولین کی شناخت امانت علی، شبانہ اور ازل کےنام سےہوئی۔

    دلخراش واقعے کی اطلاع ملنے پرپولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی تو گھر میں دل دہلا دینے والے مناظر تھے، کمرے میں ہر طرف خون ہی خون پھیلا ہوا تھا اور مقتولین کی لاشوں کو کپڑے میں لپیٹ دیا گیا تھا، امدادی ٹیموں نے لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لئے اسپتال منتقل کیا۔

    آئی جی پنجاب کا نوٹس

    آئی جی پنجاب راؤ سردار نے چوہنگ میں خاندان کے تین افراد کے بہیمانہ قتل کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے، آئی جی پنجاب نے ڈی آئی جی آپریشنز کو شواہد کی مدد سے تفتیش کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ملزمان کی شناخت کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں اور متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی ترجیحی بنیادپر یقینی بنائی جائے۔

    دوسری جانب چوہنگ میں پیش آئے اندوہناک واقعے کے بعد ایس پی صدر اورپولیس کی بھاری نفری موقع پر موجود ہے جبکہ فرانزک ماہرین بھی موقع سےشواہد اکھٹے کرنے میں مصروف عمل ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول امانت علی کا والد بھی کچھ عرصہ دشمنی کی وجہ سےقتل ہوا تھا تاہم پولیس نےمختلف پہلوؤں سےتحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب کا جلد ملزمان کی گرفتاری کا حکم

    وزیراعلیٰ پنجاب نے بھی ایک ہی خاندان کے 3 افراد کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرلی ہے، عثمان بزدار کی جانب سے ملزمان کی جلد گرفتاری کا حکم دیا گیا ہے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہملزمان کو قانون کی گرفت میں لا کر مزید کارروائی کی جائے اور مقتولین کے لواحقین کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

    مقتول شخص کے بھائی نے کیا بتایا؟

    نواب ٹاؤن میں قتل ہونے والے امانت علی کے بھائی نے بتایا کہ بھائی، بھابھی اور بھتیجی کو دشمنی پر قتل کیا گیا، 2014 میں بھی میرے والد کو بھی قتل کر دیا گیا تھا۔

    مقتول امانت علی کے بھائی سلیم نے وزیراعظم ، وزیراعلیٰ اور آئی جی پنجاب سے انصاف کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ سفاک ملزمان کو جلد سے جلد گرفتار کیا جائے۔