Author: بابر خان

  • مدرسہ طالبعلم زیادتی کیس: استاد اور اس کا بیٹا گرفتار

    مدرسہ طالبعلم زیادتی کیس: استاد اور اس کا بیٹا گرفتار

    لاہور: طالبعلم زیادتی کیس میں پولیس نے استاد اور اس کے بیٹے کو گرفتار کرلیا ہے۔

    پولیس ذرائع کے مطابق انویسٹی گیشن شمالی چھاؤنی پولیس نے مفتی عزیز الرحمن کو گرفتار کیا، ان کی گرفتاری میانوالی سے عمل میں لائی گئی ہے۔

    لاہور میں مفتی عزیز الرحمن کی نازیبا ویڈیو لیک ہونے پر پولیس نے بدفعلی کا شکار ہونے والے نوجوان صابر شاہ کی درخواست پر مقدمہ درج کیا تھا، طالبعلم صابر شاہ کی مدعیت میں درج کئے گئے مقدمات میں 337 اور 506 کی دفعات شامل کی گئیں۔

    مقدمے میں یہ الزام لگایا گیا تھا کہ مفتی عزیز الرحمن نے اسے امتحانات میں فیل کرکے بلیک میل کیا ، امتحانات میں پاس کروانے کا لالچ دیکر مبینہ طور پر کئی ماہ تک بد فعلی کی، شکایات کرنے پر اس کی کوئی شنوائی نہ ہوئی۔

    ویڈیو وائرل ہونے پر پولیس نے مفتی عزیزالرحمن ، انکے تین بیٹے اور تین نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا ، جس پر پولیس نے آج مفتی عزیز الرحمن اور انکے ایک بیٹے کو گرفتار کرلیا۔

  • لاہور:  نامعلوم افراد کی غیرملکی شہری کی گاڑی پر فائرنگ، 7 لاکھ روپے چھین کر فرار

    لاہور: نامعلوم افراد کی غیرملکی شہری کی گاڑی پر فائرنگ، 7 لاکھ روپے چھین کر فرار

    لاہور : پاچیاں روڈ کے قریب نامعلوم افراد نے غیرملکی شہری کی گاڑی پر فائرنگ کی اور 7 لاکھ روپےچھین کر فرار ہوگئے تاہم فائرنگ کے واقعے میں کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں پاچیاں روڈ کےقریب نامعلوم افراد کی جانب سے غیرملکی شہری کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی تاہم فائرنگ سےغیرملکی شہری اوراس کاڈرائیورمحفوظ رہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کامعاملہ ڈکیتی کی واردات لگتی ہے، 4 ڈاکوؤں نے7 لاکھ روپےچھین لیے، ڈرائیور کی مزاحمت پرفائرنگ ہوئی لیکن فائرنگ کے واقعے میں کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا۔

    سی سی پی اولاہور غلام محمودڈوگر نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی صدرسےواقعےکی رپورٹ طلب کر لی ہے اور سیف سٹی کیمروں کی مددسے ملزمان ٹریس کرنے کا حکم دیا۔

    سی سی پی او لاہور نے کہا قریبی عمارتوں پرلگےکیمروں سےبھی مددلی جائے ، ملزمان کوجلدٹریس کرلیاجائے گا۔

    دوسری جانب غیرملکی کے ساتھ ڈکیتی کرنیوالےڈاکوؤں کی موٹرسائیکل کو حادثہ پیش آیا ، حادثے میں موٹر سائیکل ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئی، جس کے باعث ایک ڈاکوہلاک اور 2زخمی ہوگئے۔

    پولیس نے لوٹی گئی رقم برآمد کرلی اور زخمیوں کواسپتال منتقل کردیاگیا ہے۔

  • جہانگیر ترین کی گرفتاری کیلئے  تیاری شروع

    جہانگیر ترین کی گرفتاری کیلئے تیاری شروع

    لاہور : ایف آئی اے نے جہانگیرترین کی گرفتاری کیلئے تیاری شروع کردی ، اس سلسلے میں جہانگیرترین،اہل خانہ کے خلاف مقدمات کی تحقیقات کی پیشرفت رپورٹ تیار کرلی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر کی ایف آئی اےآمد کے بعد سے جہانگیرترین کیخلاف انویسٹی گیشن میں تیزی آگئی۔

    ایف آئی اے نے جہانگیرترین کی گرفتاری کیلئےورکنگ پیپرز کی تیاری شروع کردی جبکہ تحقیقاتی ٹیم کی سربراہی پھر ڈائریکٹرایف آئی اے ڈاکٹر رضوان کے حوالے کردی گئی ہے۔

    ایف آئی اے کی جانب سے جہانگیرترین اور ان کے اہل خانہ کے خلاف مقدمات کی تحقیقات کی پیشرفت رپورٹ تیار کرلی گئی ہے، جہانگیر ترین اور ان کی کمپنی کے اکاؤنٹس کا فرانزک آڈٹ بھی رپورٹ کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے۔

    یاد رہے زیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر کے وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے) کا دورہ کرکے جہانگیر ترین کے خلاف کیسز میں تحقیقاتی ٹیم کو وزیر اعظم کا پیغام دیا۔

    اس موقع پر جہانگیر ترین کے خلاف کیسز کی تحقیقات پر ڈائریکٹر ایف آئی اے ڈاکٹر رضوان نے شہزاد اکبر کو بریفنگ دی، معاون خصوصی نے کہا جہانگیر ترین کے خلاف کیسز کی تحقیقاتی بغیر کسی دباو کے مکمل کی جائیں۔

  • پنجاب پولیس نے "لادی گینگ ” کے خلاف فیصلہ کن آپریشن شروع کردیا

    پنجاب پولیس نے "لادی گینگ ” کے خلاف فیصلہ کن آپریشن شروع کردیا

    لاہور: سندھ میں کچے میں ہونے والے آپریشن کے بعد پنجاب پولیس نے بھی ڈاکوؤں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب پولیس نے ڈیرہ غازی خان میں لادی گینگ کے خلاف آپریشن شروع کردیا ہے، وزیر اعظم کےحکم کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر یہ آپریشن شروع کیا گیا ہے، آئی جی پنجاب انعام غنی آپریشن کی مکمل نگرانی کررہے ہیں۔

    چندروز قبل لادی گینگ کےکمانڈرخدا بخش نےایک دلخراش ویڈیو وائرل کی تھی جس میں ایک شہری کے دونوں ہاتھ، کان اور ناک بےدردی سے کاٹےگئے تھے، جس پر وزیراعظم نےلادی گینگ کےخلاف آئی جی اور رینجرر کوسخت کارروائی کاحکم دیاتھا۔

    اطلاعات کے مطابق رینجرز اور پولیس نے مشترکہ آپریشن میں لادی گینگ کےسفاک کمانڈرکو ہلاک کردیا ہے، آپریشن میں پاک فوج ،پنجاب رینجرز اور سی ٹی ڈی بھی حصہ لے رہی ہے، آپریشن کے دوران ہیلی کاپٹر سے ڈاکوؤں کے ٹھکانوں کی فضائی نگرانی بھی کی جارہی ہے۔

    پولیٹیکل انتظامیہ کےمطابق دو روز قبل ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقہ تمن کھوسہ میں لادی گینگ نےتین افراد کو اغوا کیا تھا جس کے بعد خیر محمد نامی مغوی کو فائرنگ کرکے اور محمد رمضان کو تیز دھار آلے سے قتل کردیا تھا ۔

    ڈاکو تیسرے مغوی خادم حسین کو اپنے ساتھ لے گئے تھے اور رات گئے اُسے چھوڑ دیا جس کے بعد وہ اپنے گھر پہنچ گیا تھا۔

  • مائرہ قتل کیس میں‌ ایک اور بڑی پیشرفت

    مائرہ قتل کیس میں‌ ایک اور بڑی پیشرفت

    لاہور: برطانیہ  سے آنے والی خاتون مائرہ کے قتل کیس میں ایک اور پیشرفت سامنے آئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق برطانیہ سے پاکستان آکر اپنی دوست کے گھر لاہور میں رہائش اختیار کرنے والی مائرہ کو3 مئی کے روز نوجوانوں نے قتل کردیا تھا۔

    واضح رہے کہ مقتولہ ماہرہ نے سعد نامی شخص کے خوف سے قتل سے 15 روز پہلے پولیس کو  تحفظ فراہم کرنے کی درخواست دی تھی۔

    مقتولہ کے والدین بیرون ملک مقیم ہیں مقتولہ ماہرہ کے چچا کے بیان پر4 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔

    مزید پڑھیں: مائرہ قتل کیس کا مرکزی ملزم سعد امیر بٹ گرفتار

    یہ بھی پڑھیں: مائرہ قتل کیس کے مرکزی ملزم نے اہم بیان دے دیا

    متوفیہ کے چچا محمد نذیر نے دائر درخواست میں بتایا کہ ماہرہ نے چند روز قبل بتایا تھا کہ اس کے دوست اسے ”سنگین نتائج” کی دھمکیاں دے رہے ہیں ،ماہرہ نے یہ بھی کہا کہ میری جان کو دونوں سے خطرہ ہے۔

    اب پولیس نے قتل کیس میں نامزد ایک اور ملزم کو گرفتار کرلیا، جس کی شناخت ظاہر جدون کے نام سے ہوئی۔ پولیس حکام کے مطابق ظاہر جدون اپنے بھائی اور کزن کے ہمراہ صفائی پیش کرنے کے لیے تھانے آیا تھا، جسے حراست میں لیا گیا۔

    اس سے قبل پولیس مقدمے میں نامزد مرکزی ملزم کو گرفتار کرچکی ہے، جس سے تفتیش جاری ہے۔

  • لاہور  سے مبینہ بھارتی جاسوس گرفتار

    لاہور سے مبینہ بھارتی جاسوس گرفتار

    لاہور: پولیس نے لاہور سے مبینہ بھارتی جاسوس گرفتار کرلیا ، مشکوک شخص سے 3 بھارتی اخبار،ماچس اور کپڑے برآمد ہوئے، جس کے بعد تفتیش کے لیے سی ٹی ڈی کے حوالے کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے نشتر کالونی سےمبینہ بھارتی جاسوس گرفتار کرلیا گیا ، پولیس کا کہنا ہے کہ مشکوک شخص سےتفتیش کی تواس نے اپنا نام ندیم ولدجن مند بتایا، مشکوک شخص نےبتایااحمدپورشرقیہ سےآیا،بھارت کارہائشی ہے اور گھریلوجھگڑےکی وجہ بارڈرکراس کر کےپاکستان آیا۔

    پولیس نے کہا مشکوک شخص سے3بھارتی اخبار،ماچس،کپڑے برآمدہوئے، بعد ازاں ندیم کوتفتیش کےلیےسی ٹی ڈی کےحوالےکردیاگیا ہے۔

    یاد رہے گذشتہ سال سیکیورٹی فورسز نے گلگت بلتستان سے 2 بھارتی جاسوسوں کو گرفتار کیا تھا ، جن کی شناخت نور محمد وانی اور فیروز احمد لون کے ناموں سے ہوئی اور گرفتار بھارتی جاسوسوں کا تعلق مقبوضہ کشمیر سے تھا۔

    جاسوسوں نے اعتراف کیا تھا کہ وہ پاکستان میں جاسوسی کے لیے داخل ہوئے تھے اور انہیں بھارت نے ڈرا دھمکا کر پاکستان میں جاسوسی کے لیے بھیجا تھا۔

  • مائرہ قتل کیس کا مرکزی ملزم سعد امیر بٹ گرفتار

    مائرہ قتل کیس کا مرکزی ملزم سعد امیر بٹ گرفتار

    لاہور : پولیس نے مائرہ ذوالفقار قتل کیس کے مرکزی ملزم سعد امیر بٹ کو گرفتار کرلیا ، سعد نے اپنی عبوری ضمانت واپس لے لی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی نژاد برطانوی شہری مائرہ قتل کیس میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ، پولیس نے قتل کیس کے مرکزی ملزم سعدامیربٹ کو گرفتار کرلیا ، سعد امیر بٹ کو سی آئی اے کینٹ پولیس نے گرفتار کیا۔

    پولیس کے مطابق سعد امیر بٹ نے اپنی عبوری ضمانت واپس لے لی تھی، جس کے بعد اس کو شامل تفتیش کرتے ہوئے گرفتار کرلیا گیا جبکہ ظاہر جدون کی گرفتاری کیلئے کوششیں جاری ہے۔

    ذرائع کے مطابق پولیس نے ابھی تک ریکارڈ میں سعد اور اقرا کی گرفتاری نہیں ڈالی۔

    اس سے قبل ماہرہ ذوالفقار کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ مائرہ کو منہ اور گردن پر گولی مار کر قتل کیا گیا تاہم زیادتی کے شواہد نہیں ملے۔

    ویمن میڈیکل آفیسرڈاکٹرسعدیہ انجم کا کہنا تھا کہ مائرہ کی گردن پرپھندے کا نشان پایا گیا جبکہ گردن، بازوں اور دونوں ہاتھوں پر خراشیں بھی پائی گئیں، بال کھینچنے سے سر پر بھی سوجن تھی جبکہ منہ پر گولی لگنے سے دانت بھی ٹوٹےہوئے تھے۔

    یاد رہے لاہور کے علاقے ڈیفنس میں قتل ہونے والی مائرہ ذوالفقار کے مقدمہ کی تفتیش سی آئی اے پولیس کررہی ہے ، مائرہ ذوالفقارکے قتل کے مقدمہ میں نامزد ملزم سعد امیر بٹ پولیس کے سامنے پیش ہوا تھا۔

    ملزم نے اپنے ابتدائی بیان میں کہا تھا کہ میں نے مائرہ ذوالفقار کو قتل نہیں کیا، مائرہ سے دوستی ضرور تھی لیکن کافی عرصہ سے ملاقات نہیں کی۔

    اس حوالے سے ایس ایس پی سی آئی اے شعیب خرم جانباز کا کہنا تھا کہ جلد مائرہ ذوالفقار کے قاتل کو گرفتار کرلیں گے، مرکزی ملزم سعد سے مزید تفتیش جاری ہے۔

  • منی لانڈرنگ اور بینکنگ فراڈ کیس ، تفتیشی ٹیموں کی جہانگیر ترین سے ڈیڑھ گھنٹہ تک تفتیش

    منی لانڈرنگ اور بینکنگ فراڈ کیس ، تفتیشی ٹیموں کی جہانگیر ترین سے ڈیڑھ گھنٹہ تک تفتیش

    لاہور: منی لانڈرنگ اور بینکنگ فراڈ کیس میں جہانگیر ترین ایف آئی اے دفتر میں پیش ہوئے ، جہاں تفتیشی ٹیموں نے جہانگیر ترین سے ڈیڑھ گھنٹہ تفتیش کی۔

    تفصیلات کے مطابق چینی اسکینڈل میں جہانگیر ترین ایف آئی اے کے دفتر پہنچ گئے، ایف آئی اے نے جہانگیر ترین کو 7ارب سے زائد مبینہ مالیاتی فراڈ کی تفتیش کیلئے طلب کررکھا تھا۔

    جہانگیر ترین ایف آئی اے کے سامنے پیش ہوئے ، جہانگیر ترین کے ہمراہ ان کے کمپنی سیکرٹری مقصود ملہی بھی موجود تھے ، ایف آئی کی تفتیشی ٹیموں نے جہانگیر ترین سے ڈیڑھ گھنٹہ تفتیش کی ، جس کے بعد وہ روانہ ہوگئے۔

    خیال رہے جہانگیرترین کے خلاف ایف آئی اے میں 2 ایف آئی آر درج ہیں ، ایف آئی اے کی جانب سے جہانگیر ترین اور ان کے بیٹے علی ترین سے 5 سوالات پوچھے گئے تھے تاہم جہانگیر ترین نے10 اپریل تک ضمانت قبل از گرفتاری کرارکھی ہے۔

    اس سے قبل جہانگیر ترین کے صاحبزادےعلی ترین بھی آج ایف آئی اے میں پیش ہوئے تھے ، جہاں ان سے ڈیڑھ گھنٹے پوچھ گچھ کی گئی اور علی ترین نے 5 سوالات کے دستاویزی جوابات جمع کرائے۔

    خیال رہے اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے جہانگیرترین اور ان کے خاندان کے 36 بینک اکاونٹس منجمد کردیے ہیں، جن میں  علی ترین کے 21 ، جہانگیر ترین کے 14 اور انکی اہلیہ کا ایک اکاونٹ  شامل ہیں ، اکاونٹس ایف آئی اے لاہور کی درخواست پر منجمد کئے گئے اور ان اکاونٹس میں کروڑوں روپے رقم موجود ہیں۔

  • بڑی پیش رفت ، جہانگیر ترین خاندان کے 36 بینک اکاونٹس منجمد

    بڑی پیش رفت ، جہانگیر ترین خاندان کے 36 بینک اکاونٹس منجمد

    لاہور : جہانگیر ترین خاندان کے 36 بینک اکاونٹس منجمد کردیئے گئے ، جن میں علی ترین کے 21 ، جہانگیر ترین کے 14 اور انکی اہلیہ کا ایک اکاونٹ شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق چینی سٹہ مافیا اور جے ڈبلیو ڈی کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے جہانگیرترین اور ان کے خاندان کے 36 بینک اکاونٹس منجمد کردیے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق علی ترین کے 21 ، جہانگیر ترین کے 14 اور انکی اہلیہ کا ایک اکاونٹ منجمد کیا گیا ہے، اکاونٹس ایف آئی اے لاہور کی درخواست پر منجمد کئے گئے اور ان اکاونٹس میں کروڑوں روپے رقم موجود ہیں۔

    خیال رہے ایف آئی اے کی تحقیقاتی ٹیم نے مالیاتی اسکینڈل پر درج کیے جانے والے مقدمات کی تفتیش کے لیےعلی ترین اور جہانگیر ترین کو آج طلب کیا تھا۔

    علی ترین ڈیڑھ گھنٹہ ایف آئی اے دفتر میں موجود رہے، تحقیقاتی ٹیم نے علی ترین سے منی لانڈرنگ اور فراڈ ٹرانزیکشن کے حوالے سے سوالات کیے اور ان کے جوابات ریکارڈ کا حصہ بنا دیے گئے۔

  • شوگر سٹہ باز شیخ منظور نے اہم راز افشا کردئیے

    شوگر سٹہ باز شیخ منظور نے اہم راز افشا کردئیے

    لاہور: شوگر سٹہ باز شیخ منظور عرف حاجی ہیرا سمندری والے نے اپنا بیان ایف آئی اے کو ریکارڈ کراتے ہوئے تہلکہ خیز انکشافات کئے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کو ریکارڈ کرائے گئے بیان میں شیخ منظور نے بتایا کہ دو ہزار سات سےدو ہزار پندرہ تک چینی کی دکان تھی، سال دوہزار پندرہ میں تاندلیانوالہ شوگر ملز سے چینی کی بروکری شروع کی۔

    ذرائع کے مطابق شیخ منظور نے ایف آئی اے کو دئیے گئے بیان میں شوگر سٹہ بازی کااعتراف کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ پانچ سال میں13.5ارب روپےکی چینی کی خریدوفروخت کی، جےڈی ڈبلیو،حمزہ شوگر طیب گروپ کیلئےسٹےکا کاروبار کیا، سویرا گروپ ، المیعز شوگر ملز کیلئے سٹےکا کاروبار کیا، اس کے علاوہ شوگر بروکرز محمود بھلی ، مشتاق پراچہ سے چینی خرید تا تھا۔

    شیخ منظور نے ایف آئی اے کو دئیے بیان میں بتایا کہ شوگر ملز تقریباً کم سے کم ایک ماہ چینی کی بکنگ کرتی ہیں، اس دوران چینی کی قیمتوں میں فی بوری 200سے 250روپے اضافہ ہوتا ہے، چینی کو مہنگے داموں فروخت کرنے کے لئے دانستہ طور پر مارکیٹ میں چینی کی کمی پیدا کی جاتی تھی، جس کے باعث شوگر ڈیلر سٹہ مافیا کو منہ مانگی رقم دینے پر مجبور ہوتے ہیں۔

    شوگرسٹہ بازشیخ منظور نے شوگر سٹہ کے سولہ واٹس گروپس میں سے چار گروپس کا ممبر ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ان واٹس گروپس کے ذریعے چینی سٹہ جیسے مکروہ کاروبار کرنے پر ندامت ہے۔

    واضح رہے کہ چند روز قبل چینی شوگر مافیا کے حوالے سے معاون خصوصی برائے احتساب نے اہم انکشاف کیا تھا کہ ان لوگوں نےپہلے سےطے کر رکھا تھا کہ اپریل میں چینی کا ریٹ کیا ہوگا؟، شوگر سٹہ بازوں کی واٹس ایپ گروپ تک رسائی کے دوران پتہ چلا کہ رمضان المبارک میں چینی کی قیمت میں 20سے25فیصد تک اضافہ کیا جارہا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں:  شوگر سٹے باز رمضان میں کیا کرنے جارہے تھے؟ شہزاد اکبر کا بڑا انکشاف

    شہزاد اکبر نے بتایا کہ شوگر مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران چالیس سے زائد سٹہ بازوں کے سولہ کے قریب واٹس ایپ گروپ کا سراغ لگایا گیا، ان سٹے بازوں کے اکاؤئنٹ میں موجود 32 کروڑ کی رقم منجمد کردی ہے، اس کے علاوہ سٹے بازوں نے 392 بےنامی اکاؤنٹس ملازمین کےنام پر کھولے، عارضی استعمال کےبعد بےنامی اکاؤنٹ بند کردیئےگئے۔

    نیوز کانفرنس میں شہزاد اکبر نے بتایا کہ شوگر سٹے بازوں کی جانب سے واٹس ایپ پر رقم وصولی کی رسید بھی دی جاتی تھی، اب ایسا طریقہ کار لارہے ہیں کہ ریکارڈ سےباہر چینی بیچنا مشکل ہوجائےگا۔