Author: بابر خان

  • پب جی کھیلنے سے منع کرنے پر نوجوان نے بھابھی، بہن اور دوست کو قتل کردیا

    پب جی کھیلنے سے منع کرنے پر نوجوان نے بھابھی، بہن اور دوست کو قتل کردیا

    لاہور: پنجاب کے شہر لاہور میں پب جی گیم کھیلنے سے روکنے پر نوجوان نے بھابھی، بہن اور دوست کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق لاہور کے علاقے نواں کوٹ میں پب جی گیم کھیلنے کے شوقین نشے کے عادی بلال نے فائرنگ کرکے بھابھی، بہن اور دوست کو قتل کردیا، گولیاں لگنے سے والدہ اور بھائی کی حالت تشویش ناک ہے۔

    پولیس کے مطابق سکندریہ کالونی کا رہائشی بلال اکثر موبائل پر پب جی گیم کھیلتا تھا جس پر اس کی اہلیہ ناراض ہوکر میکے چلی گئی، والدہ سے جھگڑا ہونے پر بلال نے اندھا دھند فائرنگ کرکے بھابھی، بہن اور گلی میں کھڑے دوست کو قتل کردیا۔

    پولیس نے ملزم بلال کو اسلحہ سمیت گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔

    ڈی ایس پی نواں کوٹ سرکل عمرفاروق بلوچ کے مطابق فائرنگ کرنے والے نوجوان کو آن لائن گیم پب جی کھیلنے کا جنون کی حد تک شوق تھا، ملزم کے گھر والے اسے گیم کھیلنے سے روکتے تھے۔

    ڈی ایس پی نے بتایا کہ والدہ نے گیم سے کھیلنے سے روکا تو ملزم آپے سے باہر ہوگیا اور گیم ہی کے انداز میں گھر والوں پر اندھا دھند فائرنگ کردی، فائرنگ کی زد میں آکر ملزم کا دوست بھی جاں بحق ہوا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ تینوں افراد کی لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردیا گیا ہے۔

  • چینی سٹے بازوں کے  مزید تہلکہ خیز انکشافات سامنے آگئے

    چینی سٹے بازوں کے مزید تہلکہ خیز انکشافات سامنے آگئے

    لاہور: چینی سٹے باز مولوی ظہیر اور محمود اختر بھلی نےانکشاف کیا کہ کسان، تاندلیانوالہ شوگر ملز  اور جےڈی ڈبلیوگروپ سٹہ کاروبار میں ملوث ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چینی انکوائری کے معاملے پر شوگر سٹے بازوں کے مزید انکشافات سامنے آگئے، سٹے باز مولوی ظہیر اور محمود اختر بھلی نے تمام شوگر ملز کے بروکرز کے ساتھ فارورڈ ٹریڈنگ کا کام کرنے کی تصدیق کردی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ محمود اختر بھلی نے بتایا کہ کسان، تاندلیانوالہ شوگر ملز ،جےڈی ڈبلیوگروپ سٹہ کاروبارمیں ملوث ہے ، بروکرز اور سٹے باز واٹس ایپ گروپس پر سٹے کا کام کرتے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق ڈیلرز اور بروکرز میں عامر وحید ، آصف ملتان ، حاجی ہیرا فیصل آباد، طفیل ، امجد حسین لاہور ،سلیم میلسی ، ماجدملک شامل ہیں جبکہ پاکستان شوگر گروپ ،شوگر مرچنٹس بھی واٹس ایپ پر سٹے کے کاروبارمیں ملوث ہیں۔

    محموداختربھلی نے انکشاف کیا کہ فارورڈ بکنگ اوت سٹےمیں جےڈی ڈبلیو گروپ سرفہرست ہے جبکہ تاندلیا نوالہ شوگر ملز ایک ماہ کی فارورڈ بکنگ سٹہ کرتی ہے ، تمام کچے کھاتے شوگر ملز کے کہنے پر بنائے جاتے ہیں، میں 18بے نامی بینک اکاؤنٹس رقوم منتقلی کیلئے استعمال کرتا رہا ہوں۔

    دوسری جانب چینی سٹے باز مولوی ظہیر نے کہا گزشتہ 05 سال سے چینی کی بروکری سے وابستہ ہوں، قبل ازیں 12 سال سے 30 ہزار ماہوار پر بابر سنٹر میں بطور اکاؤنٹنٹ کام کرتا رہا۔

    ذرائع کے مطابق مولوی ظہیر نے بتایا کہ 2019 میں لاہور کے اہم علاقے میں ایک کنال کا گھر خریدا، شوگر ملز بروکرز کیساتھ فارورڈ ٹریڈنگ کرتا تھا۔

    مولوی ظہیر نے حمزہ شوگر (طیب گروپ)، ہنزہ (سویرا) شوگر ملز، المعیز شوگر ملز ، کسان / مدینہ شوگر ملز کے سٹہ اور فارورڈ ٹریڈنگ کے مکروہ کاروبار میں ملوث ہونے کا بھی انکشاف کیا۔

    فارورڈ ٹریڈنگ اور سٹے بازوں میں مولوی ظہیر کے ساتھ راشد ملتان ، سلیم میلسی ، خواجہ عمران ، خواجہ احمد ، ندیم آفتاب ، مستنصر حسین گوگی شامل ہیں، سٹہ میں ملوث شوگر ملز 150 سے 200 روپے ماہانہ فی بوری کے حساب سے قیمت بڑھاتے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق مولوی ظہیر کا کہنا تھا کہ مصنوعی طور پر بڑھائی گئی چینی کی قیمت میں اور دیگر سٹہ باز اپنے کچے کھاتوں میں درج کرتے ہیں اور تمام سٹہ باز واٹس ایپ گروپس اور بروکرز کے ذریعے سٹہ کا کام کرتے ہیں-

    مولوی ظہیر نے تمام شوگر سٹہ واٹس ایپ گروپ میں متحرک ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا تمام سٹے باز شوگر گروپ ، پاکستان شوگر گروپ ، شوگر مرچنٹس ، شوگر ٹریڈر گروپ واٹس ایپ گروپس کے ذریعے سٹہ کے کاروبار میں ملوث ہیں۔

    چینی سٹے باز نے بتایا کہ مورخہ 21.03.2021 کو جون کے مہینے کی بکنگ 9750 روپے فی بوری کی ڈیمانڈ ماجد ملک شوگر سٹہ باز کے کہنے پر انہی سٹہ واٹس ایپ گروپس میں ڈالی۔

  • جہانگیر ترین کی کمپنی کے افسران کی آج ایف آئی اے میں طلبی

    جہانگیر ترین کی کمپنی کے افسران کی آج ایف آئی اے میں طلبی

    لاہور : جہانگیر ترین کی کمپنی کے افسران آج ایف آئی اے لاہور میں پیش ہوں گے،  دونوں افسران کو تمام تفصیلات ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شوگر مافیا کا گھیراؤ مزید تنگ ہوتا جارہا ہے ، جہانگیر ترین کی کمپنی کے افسران کو ایف آئی اے میں طلب کرلیا گیا۔

    جے ڈی ڈبلیو کے سی او او رانا نسیم اور سی ایف او محمد رفیق آج ایف آئی اے لاہور میں پیش ہوں گے، دونوں افسران کو تمام تفصیلات ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    ایف آئی اے کے ملازمین نے رانا نسیم کی رہائش گاہ پر نوٹس وصول کرایا ، نوٹس میں جےڈی ڈبلیو شوگر مل کےساتھ معاہدے کی تفصیلات ساتھ لانے کا حکم دیا گیا جبکہ رانا نسیم سے اہلخانہ کو بیرون ملک بھیجی گئی رقوم کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہے۔

    یاد رہے گذشتہ روز ایف آئی اے کی جہانگیر ترین کیخلاف منی لانڈرنگ کے مقدمے میں کمپنی اکاؤنٹس سے غیر قانونی ٹرانزکشنز کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ جعلی اکاؤنٹ سے جہانگیر ترین کے مختلف کمپنیز کے اکاؤنٹس میں ٹرانزکشنز کی گئیں، انکوائری میں پتہ چلا کمپنی چیف رانا نسیم نے مرکزی معاون کا کردار ادا کیا، رانانسیم نے جےڈی ڈبلیوکے اکاؤنٹ سے 60کروڑ سےزائد کی ٹرانزکشنز کیں۔

    ایف آئی آر کے مطابق رانانسیم کادعویٰ ہے ٹرانزکشنز تنخواہوں اور بونس کی مد میں کیں جبکہ دوسری جانب پچھلے 5سال سے کمپنی مسلسل خسارے میں تھی ، جہانگیر ترین نے جےڈی ڈبلیو کے فنڈزمیں خوربورد کی جبکہ جہانگیر ترین ،عامر وارث ،رانا نسیم منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں۔

  • سٹہ مافیا کی پشت پناہی کون کرتا ہے؟ چینی سٹے باز کے تہلکہ خیز انکشافات

    سٹہ مافیا کی پشت پناہی کون کرتا ہے؟ چینی سٹے باز کے تہلکہ خیز انکشافات

    لاہور : چینی سٹے باز خرم عرف دوائی نے اربوں روپے کے سٹے میں ملوث رہنے کا انکشاف کرتے ہوئے کہا شوگرملوں میں سٹہ مافیا کی پشت پناہی چنار شوگر مل کرتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے کی تحقیقاتی ٹیم کے سامنے شوگر سٹہ باز خرم عرف دوائی نے ہوشربا انکشافات کرتے ہوئے بتایا کہ نے چند سالوں میں اربوں کے سٹے میں ملوث رہا ہوں اور تمام سٹے بازوں کے نیٹ ورک کو بخوبی جانتا ہوں۔

    خرم عرف دوائی نے انکشاف کیا کہ سٹہ بازایک کلو چینی بھی اصل ڈیلرتک نہیں پہنچنے دیتے، سٹے کی کمائی چھپانے کےلیےشوگرملز نے بھی خفیہ اکاؤنٹس کھولے۔

    خرم نے بتایا کہ سٹہ مافیا کی پشت پناہی چنارشوگرمل کرتی ہے، چنارشوگرمل کے مالک جاوید کیانی ہیں، جواسحاق ڈار کےدست راست ہیں حدیبیہ منی لانڈرنگ کیس کے مرکزی ملزم بھی رہےہیں۔

    چنارشوگر مل اور مریم نوازکی چوہدری شوگر مل کے قریبی روابط ہیں، دونوں شوگر ملز اے سیون نیو مسلم ٹاؤن سے آپریٹ کرتی رہی ہیں جبکہ جہانگیر ترین کی ملز کے بھی سٹہ بازوں سے قریبی روابط ہیں۔

    اس سے قبل  وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے ) نے چالیس بڑے چینی ڈیلرز کے اکاؤنٹس سمیت 424 اکاؤنٹس منجمد کردیئے ، منجمد کئے گئے بینک اکاؤنٹس میں جعلی اور بے نامی اکاؤنٹس شامل ہیں۔

  • ایف آئی اے کا گھیرا مزید تنگ، 40 بڑے چینی ڈیلرز کے اکاؤنٹس سمیت 424 اکاؤنٹس منجمد

    ایف آئی اے کا گھیرا مزید تنگ، 40 بڑے چینی ڈیلرز کے اکاؤنٹس سمیت 424 اکاؤنٹس منجمد

    لاہور : وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے ) نے چالیس بڑے چینی ڈیلرز کے اکاؤنٹس سمیت 424 اکاؤنٹس منجمد کردیئے ، منجمد کئے گئے بینک اکاؤنٹس میں جعلی اور بے نامی اکاؤنٹس شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے چینی سٹہ بازوں کے خلاف گھیرا مزید تنگ کرتے ہوئے چالیس بڑےچینی ڈیلرزکےاکاؤنٹس سمیت چارسوچوبیس اکاؤنٹس منجمد کردیئے، سٹہ بازمافیا کیساتھ ان کے رشتے داروں کے بھی اکاؤنٹس فریز کئے گئے، فریز کئےگئے بینک اکاؤنٹس میں جعلی اور بے نامی بھی شامل ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ فریز کئےگئے اکاؤنٹس میں سٹے کی رقم بھی منتقل ہونے کا انکشاف سامنے آیا، ایف آئی اے کو 424اکاؤنٹس میں مجموعی طور پر 70ارب کی ٹرانزکشنز کا ریکارڈ مل گیا۔

    ذرائع ایف آئی اے  کے مطابق  کہ ابھی تک سٹہ بازی میں استعمال 75فیصداکاؤنٹس فریز کئے گئے ہیں ، مزید بینک اکاؤنٹس کی نشاندہی ہورہی ہے ، شواہد ملنے پر مزید اکاؤنٹس بھی فریز کئےجائیں گے۔

    یاد رہے وفاقی حکومت نے شوگر مافیاز کیخلاف کارروائی مزید تیز کرتے ہوئے کرپشن میں ملوث شوگر ملز کو بلیک لسٹ کرنا شروع کردیا اور اس سلسلے میں ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان نے چھبیس ارب روپے کے غبن میں ملوث نو شوگر ملز کو بلیک لسٹ کرتے ہوئے ان کے خلاف مقدمات درج کرلئے ہیں۔

  • جہانگیرترین کے خلاف  منی لانڈرنگ، فراڈ اور جعلی ٹرانزیکشن کےالزامات میں دو مقدمات درج

    جہانگیرترین کے خلاف منی لانڈرنگ، فراڈ اور جعلی ٹرانزیکشن کےالزامات میں دو مقدمات درج

    لاہور : ایف آئی اے نے جہانگیر ترین کیخلاف گھیرا تنگ کرتے ہوئے منی لانڈرنگ ، فراڈ اور جعلی ٹرانزیکشن کے الزامات میں دومقدمات درج کرلئے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے( ایف آئی اے )لاہورنے چینی اسکینڈل میں جے ڈی ڈبلیو کےسی ای اوجہانگیر ترین ، ان کے بیٹے علی ترین کیخلاف ایف آئی آر درج کرلی جبکہ دامادولیداکبر فاروقی اورشاہداکبر فاروقی اور کمپنی سیکریٹری محمد رفیق کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔

    ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ بندفیکٹری میں پیسے لگاکر 3ارب سے زائد کی منی لانڈرنگ کی گئی، سی ای اوجےڈی ڈبلیو نے جعلسازی سے 3 ارب14 کروڑ بند کمپنی کو منتقل کئے۔

    ایف آئی آر میں چینی کی ذخیرہ اندوزی، خوردبورد اور دھوکہ دہی کا بھی الزام لگاتے ہوئے کہا گیا ہے کہ جہانگیر ترین نے اپنےاور اہلخانہ کے ذاتی مفاد کیلئے بند  کمپنی کو رقم منتقل کی، 12-2011 میں3ارب سےزائدرقم فاروقی پلپ ملک لمیٹڈ کمپنی کو منتقل کئےگئے۔

    ایف آئی آر کے مطابق 12-2011میں جہانگیر ترین اور اہلخانہ نے اوپن مارکیٹ سے ڈالر خریدے، انھوں نے خاص طریقہ کار پر ڈالر خریدے تاکہ گرفت میں نہ آسکیں۔

    درج ایف آئی آر میں کہا کہ جہانگیر ترین نے 35ہزار ڈالر سے کم خریدے تاکہ نظر میں آسکیں جبکہ نامزد افراد نے جائیدادوں کیلئے70 لاکھ سے زائد ڈالر بیرون ملک منتقل کئے۔

    دوسرے مقدمے میں کمپنی اکاؤنٹس سے غیر قانونی ٹرانزکشنز کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا جہانگیر ترین کے قابل اعتماد آدمی عامر وارث نے کمپنی اکاؤنٹس سے غیر قانونی ٹرانزکشنزکیں، عامر وارث نے غیرقانونی طریقےسےکمپنی اکاؤنٹس سے2ارب سےزائد رقم نکلوائی۔

    ایف آئی آر میں کہا گیا عامر وارث نے رقم غیر قانونی طور پر جہانگیر ترین، فیملی ممبرز کے ذاتی اکاؤنٹس میں جمع کرائی، دوران انکوائری جعلی اکاؤنٹ پکڑاگیا جس میں تقریباً6ارب روپےکی غیرقانونی ٹرانزکشنزہوئیں۔

    ایف آئی اے نے مقدمے میں کہا جعلی اکاؤنٹ سے جہانگیر ترین کے مختلف کمپنیز کے اکاؤنٹس میں ٹرانزکشنز کی گئیں، انکوائری میں پتہ چلا کمپنی چیف رانا نسیم نے مرکزی معاون کا کردار ادا کیا، رانانسیم نے جےڈی ڈبلیوکے اکاؤنٹ سے 60کروڑ سےزائد کی ٹرانزکشنز کیں۔

    ایف آئی آر کے مطابق رانانسیم کادعویٰ ہے ٹرانزکشنز تنخواہوں اور بونس کی مد میں کیں جبکہ دوسری جانب پچھلے 5سال سے کمپنی مسلسل خسارے میں تھی ، جہانگیر ترین نے جےڈی ڈبلیو کے فنڈزمیں خوربورد کی جبکہ جہانگیر ترین ،عامر وارث ،رانا نسیم منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں۔

    یاد رہے ایف آئی اے نے شوگرمافیا کے گرد شکنجہ مزید سخت کرتے ہوئے 8 بڑے شوگرملز مالکان کو طلبی کے نوٹسز جاری کئے تھے اور تما م ریکارڈ ساتھ لانے کا بھی حکم دیا تھا۔

    ایف آئی اےذرائع کے مطابق چوہدری شوگر مل (مریم نواز) کو 31مارچ ، رمضان شوگرمل(حمزہ شہباز) کو 2اپریل ، جے ڈی ڈبلیو شوگر مل (جہانگیرترین) کو 2 اپریل کو طلب کیا گیا ہے۔

  • سروسز اسپتال لاہور کے اے ایم ایس کی پر اسرار ہلاکت

    سروسز اسپتال لاہور کے اے ایم ایس کی پر اسرار ہلاکت

    لاہور: سروسزاسپتال لاہور کے ہاسٹل سے اے ایم ایس ڈاکٹر حسن پر اسرار طور پر اپنےکمرے میں مردہ پائے گئے ہیں۔

    اسپتال انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سروسز اسپتال کےہاسٹل سے اے ایم ایس کی لاش ملی ہے، اے ایم ایس ڈاکٹر حسن پر اسرار طورپر اپنےکمرے میں مردہ پائے گئے۔

    اسپتال انتظامیہ نے بتایا کہ واقعے کی اطلاع ملنے پر ڈاکٹرحسن کو فوری طور پر سروسز اسپتال کی ایمرجنسی میں لےجایاگیا، جس وقت انہیں اسپتال منتقل کیا گیا تو ان کے منہ سے خون نکل رہا تھا۔

    ڈاکٹرحسن سروسز اسپتال میں بطور اے ایم ایس کام کررہےتھےان کی پر اسرار ہلاکت کی وجہ کا تاحال تعین نہ ہوسکا ہے۔

     

  • موٹر وے زیادتی کیس:‌ ہائی کورٹ‌ کے فیصلے تک ملزمان کو محفوظ حراست میں‌ رکھنے کا حکم

    موٹر وے زیادتی کیس:‌ ہائی کورٹ‌ کے فیصلے تک ملزمان کو محفوظ حراست میں‌ رکھنے کا حکم

    لاہور: انسداد دہشت گردی کی عدالت نے موٹروے زیادتی کیس کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔

    انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ کی جانب سے جاری ہونے والے فیصلے میں لکھا گیا ہے کہ عابد ملہی اور شفقت بگا کو اجتماعی زیادتی کے جرم میں موت کی سزا سنائی گئی۔

    عدالتی فیصلے میں بتایا گیا ہے کہ دونوں مجرمان کو اغوا برائے تاوان میں عمر قید جبکہ ڈکیتی کے جرم میں 14، 14 سال قید کی سزا سنائی گئی۔

    انسداد دہشت گردی کی عدالت سے جاری فیصلے کے مطابق خاتون کی زندگی خطرےمیں ڈالنے پر ملزمان کو 5،5سال اضافی قید کی سزا جبکہ خاتون کو زخمی کرنے پر 50، 50 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی۔

    عدالتی فیصلے میں لکھا گیا ہے کہ ’خاتون کو زخمی کرنےکی ایک اور دفعہ کےتحت مجرمان کو 50ہزار روپے کی سزا سنائی گئی۔

    عدالت نے فیصلے میں دونوں مجرمان کی تمام جائیدادیں ضبط کرنے کا حکم دیا اور لکھا کہ ہائی کورٹ کا فیصلہ آنے تک پھانسی کی سزا پر عمل نہ کیا جائے اور دونوں کو جیل میں محفوظ حراست میں رکھا جائے۔

    https://urdu.arynews.tv/link-road-case-verdict/

    واضح رہے کہ آج لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے لنک روڈ زیادتی کیس کا فیصلہ سنایا، جس میں دونوں ملزمان کو سزائے موت سنائی گئی تھی۔

  • موٹروے زیادتی کیس، عدالت نے ملزمان کو سزائے موت سنادی

    موٹروے زیادتی کیس، عدالت نے ملزمان کو سزائے موت سنادی

    لاہور  کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے لنک روڈ زیادتی کیس کے ملزمان کو موت کی سزا سنا دی۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کوٹ لکھپت  جیل میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج نے جمعرات کو محفوظ ہونے والا کیس کا فیصلہ پڑھ کر سنایا۔

    پولیس نے فیصلے سے قبل ملزمان عابد مہی اور شفقت بگا کو سخت سیکیورٹی میں خصوصی کمرہ عدالت میں پہنچایا جبکہ پراسیکیوشن ٹیم اور ملزمان کے وکلا بھی کمرۂ عدالت پہنچے۔

     انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ نے گواہان کے بیانات مکمل ہونے اور جراح کے بعد جمعرات کے روز کیس کا فیصلہ محفوظ کیا جسے آج جاری کیا گیا۔

    عدالتی فیصلے کے مطابق ملزمان کے اعتراف کے بعد انہیں زیادتی کے جرم میں سزائے موت جبکہ ڈکیتی کے جرم میں 14 ، 14 سال قید کی سزا سنائی گئی۔ ملزمان کو یہ حق بھی دیا گیا ہے کہ وہ اس سزا کے خلاف ہائی کورٹ میں درخواست دائر کرسکتے ہیں۔

    واضح رہے کہ ملزم عابد ملہی اور شفقت علی نے 8 اور 9 ستمبر کی رات  گجر پورہ کے قریب بچوں کے سامنے ماں کو تشدد کے بعد زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔

    خاتون اپنے دو بچوں کے ساتھ لاہور سے گوجروانولہ جارہی تھیں کہ گجرپورہ لنک روڈ کے قریب  گاڑی میں پیٹرول ختم ہوگیا تھا جس کی وجہ سے انہوں نے لنک روڈ ہائی وے پر گاڑی کھڑی کی تو اسی دوران ملزمان نے گاڑی پر دھاوا بولا تھا۔

    بعد ازاں پولیس نے ملزم شفقت علی کو14 ستمبر،عابدملہی کو 12 اکتوبرکو گرفتارکیا، جس کے بعد دونوں نے تفتیش کے دوران اپنے جرم کا اعتراف کیا اور متاثرہ خاتون نے بھی مجسٹریٹ کے سامنے دونوں ملزمان کی شناخت کی تھی۔

    پراسیکیوشن کی جانب سے مقدمے میں 37 گواہ پیش کیے گئے،کیس حساس ہونے کی وجہ سے مقدمے کا ٹرائل انسداد دہشت گردی کی عدالت نے جیل میں ہی کیا۔

  • لاہور: مسافر خانے سے 3 سالہ بچہ مبینہ طور پر اغوا

    لاہور: مسافر خانے سے 3 سالہ بچہ مبینہ طور پر اغوا

    لاہور: صوبائی دارالحکومت لاہور میں بچوں کے اغوا ہونے کا سلسلہ تھم نہ سکا ہے، اس طرح کے واقعات نے پولیس کارکردگی پر سوالیہ نشان اٹھادیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے جنرل اسپتال کے مسافرخانہ سے مبینہ طور پر تین سالہ بچے کو اغوا کرلیاگیا ہے، بچے کے اغوا کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی ہے۔

    اغوا ہونے والا تین سالہ مزمل ملتان سے لاہور جنرل اسپتال علاج کے لیے لایا گیا تھا، لواحقین کے مطابق مسافر خانے سے رات نا معلوم اغوا کار بچے کو اٹھا کر کےفرار ہوگئے۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی میں گھر سے بچی اغوا، فوٹیج سامنے آگئی

    اے آر وائی نیوز نے واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی ہے، جس میں ایک شخص کو بچے کو اسپتال سے باہر لے جاتے ہوئے دیکھاجاسکتا ہے۔

    پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کردی ہے۔