Author: بابر خان

  • پتنگ کی ڈور کے شکار پی ایچ ڈی لیکچرار کا جنازہ اٹھنے پر علاقے میں کہرام

    پتنگ کی ڈور کے شکار پی ایچ ڈی لیکچرار کا جنازہ اٹھنے پر علاقے میں کہرام

    لاہور: پتنگ کی ڈور کے شکار پی ڈی ایچ ڈی لیکچرار کا جنازہ اٹھنے پر علاقے میں کہرام مچ گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور میں مسلم ٹاؤن فلائی اوور پر گزشتہ روز قاتل ڈور نے ایک اور قیمتی جان لے لی تھی، متوفی دیال سنگھ کالج میں کیمسٹری کے لیکچرار تھے، اور امریکا سے اسکالر شپ پر پی ایچ ڈی کر کے آئے تھے۔

    قصور شہر کے رہائشی 35 سالہ آفتاب احمد جمعے کی صبح کو موٹر سائیکل پر جاتے ہوئے مسلم ٹاؤن فلائی اوور کے قریب گردن پر ڈور پھرنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے تھے۔

    آفتاب احمد امریکا سے پی ایچ ڈی کر کے لوٹے تھے اور کیمسٹری کے استاد تھے، پولیس نے لاش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کر دی تھی جو میت کو کنگن پور لے گئے تھے۔

    قاتل ڈور کا نشانہ بننے والے کنگن پور کے پہلے پی ایچ ڈی لیکچرار کا جنازہ اٹھنے پر علاقے میں کہرام مچ گیا، خدمت کا جذبہ لے کر و طن واپس آنے والے آفتاب احمد کو والدین نے اپنے ہاتھ سے مٹی کے سپرد کر دیا۔

    لاہور میں پتنگ بازی کا خونی کھیل ، قاتل ڈور نے ایک اور جان لے لی

    نماز جنازہ میں شریک ہر آنکھ اشک بار تھی، مرحوم کے بھائی نے بتایا کہ آفتاب پورے علاقے میں پی ایچ ڈی کرنے والا پہلا نوجوان تھا، وہ اسکالر شپ پر ریسرچ کرنے امریکا گئے تھے۔

    مرحوم کے والد محمد ابراہیم نے حکومت سے قاتل ڈور بنانے والے لوگوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے حسب دستور واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کی، واقعے کے بعد ایس ایچ او کو معطل کیاگیا، جب کہ پولیس نے نا معلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا۔

  • بدنام زمانہ منشا بم ایک بار پھر پولیس کے ریڈار پر آگیا

    بدنام زمانہ منشا بم ایک بار پھر پولیس کے ریڈار پر آگیا

    لاہور: پولیس نے اوورسیز پاکستانی سے بھتہ مانگنے اور پلاٹ پر قبضے کی کوشش کرنے پر بد نام زمانہ قبضہ مافیا منشا بم اور اس کے بیٹوں پر مقدمہ درج کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بدنامہ زمانہ قبضہ گروپ منشا بم اور اسکے بیٹوں کی جانب سے اوورسیز پاکستانی کی زمین پر قبضہ کرنے کی کوشش ناکام بنادی اور انکے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے جبکہ ملزمان موقع سے فرار ہوگئے ہیں۔

    پولیس کے مطابق منشا بم اور اس کے بیٹوں طارق منشا اور فیصل منشا نے بیرون ملک مقیم جمیل نامی شہری سے بیس لاکھ روپے بھتہ طلب کیا، بھتہ نہ دینے پر جمیل نامی شہری کے پلاٹ پر قبضہ کی کوشش کی اور پلاٹ کی دیواریں مسمار کردی۔

    یہ بھی پڑھیں:  منشا بم کو ہر دورِ حکومت میں سیاسی پشت پناہی حاصل رہی: پولیس

    یہی نہیں بااثر ملزمان پلاٹ پر بنے کمرے سے قیمتی سامان بھی چوری کرکے لے گئے، اوورسیز پاکستانی شہری نے کھلی کچہری میں قبضہ گروپ کی نشاندہی کرتے ہوئے دادرسی کی اپیل کی تھی، جس پر سی سی پی او لاہور نے ایکشن لیا اور پولیس حکام کو ہدایت کی کہ منشاء بم اور اس کے بیٹوں کے خلاف فوری مقدمہ کا اندراج کیا جائے۔

    واضح رہے کہ منشا بم کے دونوں بیٹے طارق منشا اور فیصل منشا اس سے قبل بھی پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہوچکے ہیں، ملزمان پر سرکاری زمینوں پر قبضہ کرنے کا الزام تھا۔

  • لاہور: زیر تعمیر مسجد کا گنبد گرنے سے 3 افراد جاں بحق

    لاہور: زیر تعمیر مسجد کا گنبد گرنے سے 3 افراد جاں بحق

    لاہور: صوبائی دارالحکومت لاہور میں افسوسناک واقعے کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق جبکہ آٹھ زخمی ہوگئے ہیں۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق لاہور کے علاقے مناواں میں مسجد کا تعمیراتی کام جاری تھا، مزدور آج گنبد پر کام کررہے تھے کہ اچانک مسجد کا گنبد زمین پر آگرا، افسوسناک واقعے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ دس سے زائد ملبے تلے آکر زخمی ہوئے۔

    واقعے کی اطلاع ملنے پر امدادی ٹیمیں جائے حادثے پر پہنچیں اور گنبد کے ملبے تلے دبے افراد کو ریسکیو کرتے ہوئے انہیں سروسز اسپتال منتقل کیا، جہاں دوران علاج مزید دو زخمی دم توڑ گئے۔

    ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد کی شناخت ریاض، شفیق اور ناظم کے نام سے ہوئی، جبکہ اسپتال میں زخمیوں کو طبی امداد دی جارہی ہے۔

    دوسری جانب حادثے سے متعلق پولیس کا کہنا ہے کہ اگر کسی کی غفلت یا لاپرواہی ہوئی تو اسکے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

  • اسپتال میں لڑکی کی لاش چھوڑنے والا کون؟ ملزم گرفتار، ویڈیو سامنے آگئی

    اسپتال میں لڑکی کی لاش چھوڑنے والا کون؟ ملزم گرفتار، ویڈیو سامنے آگئی

    لاہور کے جناح اسپتال میں طالبہ کو مردہ حالت میں چھوڑ کر جانے والے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز لاہور کے علاقے نواب ٹاؤن کے ایک نجی میڈیکل کالج کی طالبہ کی لاش ملی تھی، لڑکی کی شناخت مریم کے نام سے ہوئی ور اس کا تعلق پنجاب کے ضلع گجرات سے تھا۔

    واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پر آنے کے بعد پتا چلا کہ لڑکی کی لاش دو نامعلوم افراد چھوڑ کر گئے تھے۔

    فوٹیج ایک نوجوان کو لڑکی کو اٹھا کر کالج کے ایمرجنسی وارڈ میں داخل ہوتا دیکھا گیا جبکہ اس کا دوسرا ساتھی گاڑی میں بیٹھا انتظار کرتا رہا۔

    پولیس نے طالبہ مریم کو کار میں اسپتال چھوڑنے والے مرکزی ملزم اسامہ کو گرفتار کرلیا، پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم لڑکی کا کلاس فیلو ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ دوران تفتیش ملزم نے بتایا کہ مریم نامی لڑکی حاملہ تھی، اسقاط حمل کے دوران خون زیادہ بہہ جانے سے اس کی موت واقع ہوئی۔

    مریم کے والد کا کہنا ہے کہ بیٹی ڈگری لینے گئی تھی لیکن اس کی موت کی اطلاع آگئی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مریم کی لاش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئی ہے، اصل حقائق پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد سامنے آئیں گے جبکہ دوسرے ملزم کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں، ملزم کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔

  • ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کا جنون، راولپنڈی کا نوجوان ٹرین کی ٹکر سے جاں‌ بحق

    ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کا جنون، راولپنڈی کا نوجوان ٹرین کی ٹکر سے جاں‌ بحق

    راولپنڈی کے علاقے شاہ خالد کالونی میں ٹک ٹاک ویڈیو سے مشہور ہونے کے چکر میں نوجوان ٹرین سے ٹکرا کر جاں بحق ہوگیا۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق راولپنڈی کے علاقے شاہ خالد کالونی میں حمزہ نامی نوجوان نے ٹرین کی آمد کے عین وقت پٹری کے ساتھ چلنے کی ویڈیو ریکارڈ کرنے کی کوشش کی۔

    نوجوان ویڈیو بنا رہا تھا کہ اسی دوران پیچھے سے ٹرین ہارن بجاتی ہوئی آئی مگر حمزہ کو اس کی کوئی فکر نہیں ہوئی اور وہ رفتار سے آنے والے انجن سے ٹکرا کر ایک طرف گر گیا۔

    نوجوان کے سر میں شدید چوٹ آئی جس کے باعث وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ حمزہ کی ٹرین سے ٹکر کی ویڈیو اے آر وائی نیوز نے حاصل کی مگر اُسے  خطرناک ہونے کی وجہ سے خبر کا حصہ نہیں بنایا جارہا۔

    مزید پڑھیں: ٹک ٹاک ویڈیو بناتے ہوئے شہری اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھا

    یہ بھی پڑھیں: ٹک ٹاک کے شوق نے سیکیورٹی گارڈ کی جان لےلی

    عینی شاہدین کے مطابق حمزہ نامی نوجوان راولپنڈی کے نورانی محلے کا رہائشی تھا اور وہ ویڈیو بنانے کے لیے شاہ خالد کالونی پہنچا تھا۔ پٹری کے پاس پہنچنے کے بعد نوجوان نے جب ہزارہ ایکسپریس نامی ٹرین کو دور سے آتا ہوا دیکھا  ویڈیو ریکارڈ کرنا شروع کی اور اسی دوران حادثہ پیش آگیا۔ واقعے کے بعد 1122 ریسکیو حکام نے لاش کو بے نظیر بھٹو اسپتال منتقل کیا۔

    واضح رہے کہ ٹک ٹاک ویڈیو کے چکر میں نوجوان کی جان جانے کا یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں، پاکستان سمیت دنیا بھر میں ٹک ٹاک استعمال کرنے والے نوجوان صرف ویوز کے چکر میں خطرناک اسٹنٹ کرتے ہیں جس کے دوران وہ اپنی جان بھی گنوا دیتے ہیں۔

  • لاہور: بیٹے نے جائیداد کی خاطر باپ کو قتل کروادیا

    لاہور: بیٹے نے جائیداد کی خاطر باپ کو قتل کروادیا

    لاہور :  جائیداد کی لالچ میں بیٹے نے کرائے کی قاتلوں سے اپنے باپ کو قتل کروادیا، پولیس نے بیٹے سمیت دیگر ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    اےآر وائی نیوز کے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ چند ماہ قبل رمضان نامی تاجر کو گولیاں مار کر قتل کردیا گیا تھا اس اندھے قتل کا پولیس نے سراغ لگا لیا ۔

    پولیس کے مطابق واردات کے بعد باپ کے قتل کا مقدمہ اسی بیٹے عدنان کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا، تفتیشی افسر نے جائے واردات کی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر شواہد کی مدد سے قاتلوں کا پتہ لگا لیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر شک کی بنا پر جب بیٹے سے تفتیش کی گئی تو اس نے سارا راز اگل دیا، اور اعتراف جرم کرلیا۔

    ملزم عدنان نے بتایا کہ اس نے کرائے کے دو قاتلوں کو 12لاکھ روپے کے عوض اپنے والد کو قتل کروایا تھا، ملزم نے بتایا کہ اس نے 5لاکھ روپے ایڈوانس دیئے اور باقی رقم کام پورا ہونے پر ادا کرنا تھی۔

    پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے قتل میں ملوث دونوں کرائے کے قاتلوں کو حراست میں لے کر ان سے واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کرلیا ہے۔

    ملزمان نے بتایا کہ انہوں نے35ہزار رورپے کا پستول خریدا تھا جس سے فائرنگ کرکے عدنان کے والد کو قتل کیا، اس طرح پولیس نے اندھے قتل کی واردات کا سراغ لگا لیا۔

  • شہری بینک سے رقم نکالے بغیر لاکھوں روپوں سے محروم

    شہری بینک سے رقم نکالے بغیر لاکھوں روپوں سے محروم

    لاہور: تکینکی خرابی یا آن لائن فراڈ، لاہور کے شہری رقم نکالے بغیر لاکھوں روپوں سے محروم ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں شہریوں کے بینک اکاؤنٹس سے رقم نکالنے کا فراڈ ہوا ہے، ایک ہی دن میں نجی بینک کے دس سے زائد صارفین لٹ گئے ہیں۔

    واقعے سے متعلق خاتون صارف نے بتایا کہ وہ گھر پر تھیں کہ اکاؤنٹ سے ڈیڑھ لاکھ روپے نکلنے کا میسج آیا، کچھ لمحوں میں ایک لاکھ روپےنکلنےکا ایک اور میسج آیا، اگلے متعلقہ بینک پہنچی تو کئی افراد اسی طرح کی شکایت کررہے تھے۔

    اکاؤنٹس سے رقم نکالنے کے معاملے پر ایک اور بزرگ صارف نے بتایا کہ میرے اے ٹی ایم کارڈ سے ساڑھے تین لاکھ روپے نکلےہیں، ہم نے بینک کو اپنی شکایات درج کرادی ہیں۔

  • دلخراش واقعہ: بڑے بھائی کے ہاتھوں چھوٹا بھائی زیادتی کے بعد قتل

    دلخراش واقعہ: بڑے بھائی کے ہاتھوں چھوٹا بھائی زیادتی کے بعد قتل

    لاہور: خون سفید ہوگیا، بڑے بھائی کے ہاتھوں چھوٹا بھائی زیادتی کے بعد قتل ہوگیا، پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔

    لاہور کی نشتر کالونی گذشتہ روز قتل ہونے والے آٹھ سالہ ارسلان کیس میں انویسٹی گیش پولیس کی کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کیا، گرفتار ملزم کوئی اور نہیں مقتول کا سگا بھائی تھا، جس نے زیادتی کے بعد ارسلان کو موت کے گھاٹ اتاردیا۔

    پولیس کے مطابق ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بچےکےساتھ زیادتی ثابت ہوچکی ہے جبکہ مقتول بچے کے بڑےبھائی کی عمر سولہ سال ہے۔

    پولیس کے مطابق قتل کرنیوالے ملزم فیضان نے چھوٹے بھائی کو زیادتی کے بعد قتل کا اعتراف بھی کر لیا ہے، بچے کی لاش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئی ہے اور پولیس کا کہنا ہے کہ مزید حقائق پنجاب فرانزک کی رپورٹ کے بعد سامنے آئیں گے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے نشتر کالونی کےعلاقےمیں آٹھ سالہ بچےکےقتل کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹرجنرل پولیس سےرپورٹ طلب کی تھی، اپنے بیان میں عثمان بزدار نے کہا کہ مقتول بچےکےخاندان کو ہر قیمت پر انصاف فراہم کیاجائے۔

    وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مقتول بچےکے لواحقین سےدلی ہمدردی و اظہار تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کرنےکی مکمل یقین دہانی بھی کرائی۔

    گذشتہ روز نشتر کالونی سے چند روز قبل اغوا ہونے والے آٹھ سال کے ارسلان کی لاش روہی نالہ سے برآمد ہوئی تھی، بچے کی گمشدگی پر مقامی پولیس نے پہلے ٹال مٹول سے کام لیا اور مقدمہ نہیں درج کیا،بعدازاں ایس پی کی مداخلت پرمقدمہ درج کیا گیا، پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ ارسلان کوقتل کیاگیاہے۔

  • فیصل آباد، لاپتا کمسن بچی کی لاش تالاب سے برآمد

    فیصل آباد، لاپتا کمسن بچی کی لاش تالاب سے برآمد

    فیصل آباد: پنجاب کے شہر فیصل آباد سے لاپتا ہونے والی دو سالہ بچی کی لاش تالاب سے برآمد کرلی گئی۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق فیصل آباد کے علاقے ملکھا نوالہ کے رہائشی افضل کی کمسن بیٹی بدھ کو گلی میں کھیلتے ہوئے لاپتا ہوئی تھی، پولیس کا کہنا ہے کہ لاپتا بچی کی لاش تالاب سے برآمد ہوئی ہے۔

    پولیس کے مطابق تھانہ صدر میں دو سال کی بچی کی گمشدگی کا مقدمہ درج کیا گیا تھا، بچی کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے الائیڈ اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    لاہور سے اغوا ہونے والے 8 سالہ بچے کی لاش نالے سے برآمد

    ادھر لاہور کے علاقے نشتر کالونی سے چند روز قبل اغوا ہونے والے آٹھ سال کے ارسلان کی لاش روہی نالہ سے برآمد ہوئی ہے۔

    ذرائع کے مطابق نشترکالونی سےارسلان نامی بچہ چند روز قبل اغوا ہوگیا تھا،مقامی پولیس نے پہلے ٹال مٹول سے کام لیا اورمقدمہ نہیں درج کیا،بعدازاں ایس پی کی مداخلت پرمقدمہ درج کیا گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے شبہ ہے کہ ارسلان کوقتل کیاگیاہے،تمام پہلوؤں پرتفتیش کی جارہی ہے،سی سی پی اولاہورغلام محمود ڈوگر نے ایس پی ماڈل ٹاون سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

  • میاں بیوی کو ہتھوڑے کے وار سے قتل کرنے والا سفاک ملزم گرفتار

    میاں بیوی کو ہتھوڑے کے وار سے قتل کرنے والا سفاک ملزم گرفتار

    لاہور : پولیس نے ڈیڑھ ماہ قبل پر اسرار انداز میں قتل ہونے والے معمر میاں بیوی کے قاتل کو ڈھونڈ نکالا، ڈکیتی کی واردات کے دوران ملزم نے عمر رسیدہ جوڑے کو موت کی نیند سلادیا تھا۔

    لاہور پولیس نے اندھے قتل کی تفتیش کے بعد قاتل کو گرفتار کرلیا ہے اس حوالے سے ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ ڈیڑھ مہینہ پہلے لاہور میں میاں بیوی کو قتل کرنےوالا ان کا پڑوسی گرفتار کرلیا گیا ہے۔

    پولیس کے مطابق ملزم شہباز نے ڈیڑھ ماہ قبل میاں بیوی کو ہتھوڑے کے وار سے قتل کیا، مقتولین میں80سالہ محمدانور اورانک ی اہلیہ جس کی عمر76سالہ نسیم شامل ہیں۔

    ایس ایس پی انویسٹی گیشن کا کہنا ہے کہ پڑوس میں رہنے والا ملزم شہباز رقم لوٹنے کیلئے مقتولین کے گھر میں داخل ہوا اورواردات کے بعد دونوں معمر افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ پولیس کا مزید کہنا ہے کہ مقتولین کے دونوں بیٹے بیرون ملک رہائش پذیر ہیں، دوںوں میاں بیوی اکیلے ہی گھر میں قیام پذیر تھے۔

    علاوہ ازیں سی سی پی او نے نالے سے 8سالہ بچے کی لاش ملنے کا سختی سے نوٹس لیا ہے، اس حوالے سے غلام محمود ڈوگر نے ایس پی ماڈل ٹاؤن سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔

    ذرائع کے مطابق سی سی پی او غلام محمود ڈوگر نے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملزمان کو جلد کیفر کردار تک پہنچا کر ورثا کو انصاف فراہم کیا جائےگا، یاد رہے کہ ارسلان نامی بچے کے اغوا کا مقدمہ گزشتہ روز تھانہ نشتر میں درج ہوا تھا۔