Author: بابر خان

  • کم عمر بچیوں کو اغوا اور خریدنے میں ملوث گروہ  گرفتار

    کم عمر بچیوں کو اغوا اور خریدنے میں ملوث گروہ گرفتار

    لاہور: پولیس نے کم عمربچیوں کو اغوا اور خریدنےمیں ملوث گروہ کو گرفتار کرلیا ، ملزمان کم عمرمعصوم بچیوں کواغوا اورخرید کر سندھ لے جاتے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور پولیس نے کم عمر بچیوں کو اغواء کرنے اور خریدنے کے مکروہ دھندے میں ملوث بین الصوبائی گروہ کو گرفتارکر کے ملزموں سے کم سن بچی کو بازیاب کرالیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ تقریباًدو ماہ قبل نواں کوٹ سے 13سالہ معصوم بچی منہال لطیف کے اغواء کا مقدمہ درج ہوا تھا، گرفتار ملزمان میں گروہ کی سرغنہ نجمہ بی بی اور اس کے ساتھی وقار احمد اورصالح محمد شامل ہیں۔

    ایس ڈی پی او نوانکوٹ سرکل عمر فاروق اورانچارج انویسٹی گیشن نوانکوٹ قمر ساجد نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے گروہ کو گرفتار کیا۔

    پولیس کے مطابق ملزمان کم عمر معصوم بچیوں کو اغواء کر کے اور خرید کر صوبہ سندھ لے جاتے تھے، تفتیش کے دوران مکروہ دھندہ کرنے والے بین الصوبائی گروہ کا انکشاف ہوا۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ گروہ کے قبضہ سے معصوم بچی منہال لطیف کر باحفاظت بازیاب کر کے ورثاء کے سپر د کر دیا گیا ہے ، ملزمان سابقہ ریکارڈ یافتہ ہیں جنہوں نے بچی کی بازیابی کے دوران پولیس پارٹی کے ساتھ شدید مزاحمت بھی کی۔

  • منشیات بیرون ملک اسمگل کرنے کی بڑی کوشش ناکام، مسافر گرفتار

    منشیات بیرون ملک اسمگل کرنے کی بڑی کوشش ناکام، مسافر گرفتار

    لاہور : ائیرپورٹ پر کسٹمز حکام نے کارروائی کرتے ہوئے بیرون ملک جانے والے مسافر سے 7 کلوگرام ہیروئن برآمد کرکے گرفتار کرلیا، ہیروئن کی مالیت عالمی منڈی میں 7کروڑ روپے تک بتائی جارہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کسٹمز حکام نے منشیات کی اسمگلنگ ناکام بنا دی، لاہورائیرپورٹ پر کسٹمز حکام نے کارروائی کرتے ہوئے قطرائیر لائن کے ذریعے بیرون ملک جانے والے مسافر محمد عثمان سے چیکنگ کے دوران 7 کلوگرام ہیروئن برآمد کر لی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم محمد عثمان بیگ کے خفیہ جانے میں منشیات چھپا کر بیرون ملک لے جارہا تھا، کسٹمز حکام نے ملزم کو گرفتار کرکے مزید تفتیش کیلئے اے این ایف کے حوالے کر دیا۔

    کسٹمز ذرائع کے مطابق ہیروئن کی مالیت عالمی منڈی میں 7کروڑ روپے تک بتائی جارہی ہے۔

    دوسری جانب اینٹی نارکوٹکس فورس پنجاب نے وہاڑی میں 2 کارروائیوں میں اندرون ملک منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 2ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    اےاین ایف حکام کا کہنا تھا کہ وہاڑی میں مشکوک گاڑی سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کی جبکہ دوسری کارروائی میں گھر سے منشیات برآمد ہوئی، برآمد منشیات میں513کلوچرس اور168کلو ہیروئن شامل ہیں۔

  • لاہور میں مبینہ مقابلے کی زد میں آکر لڑکی جاں بحق

    لاہور میں مبینہ مقابلے کی زد میں آکر لڑکی جاں بحق

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت میں ڈولفن فورس اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ مقابلے کی زد میں آکر 22 سالہ لڑکی جاں بحق ہوگئی۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق لاہور کے علاقے وحدت روڈ پر ڈولفن اہلکاروں اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں فاطمہ نامی راہ گیر طالبہ گولی لگنے سے جاں بحق ہوگئی، وزیر اعلیٰ پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لے کر آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کرلی۔

    عینی شاہدین کے مطابق زخمی طالبہ کو ایمبولینس نہ ہونے کے سبب رکشے میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ لڑکی دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں جاں بحق ہوئی ہے، یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ آیا فاطمہ کو ڈاکوؤں کی گولی لگی ہے یا وہ ڈولفن فورس اہلکاروں کی فائرنگ کی زد میں آئی اس کی تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق جاں بحق لڑکی کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے مردہ خانے منتقل کردیا گیا ہے تاہم فاطمہ کے والدین نے پوسٹ مارٹم کروانے سے انکار کردیا، والدہ کا کہنا تھا کہ ہم کوئی کارروائی نہیں‌ کرنا چاہتے بس بیٹی واپس لادو۔

    ذرائع کے مطابق ڈولفن اہلکاروں نے تینوں ڈاکوؤں کو گرفتار کرلیا، پولیس کے مطابق گرفتار ہونے والے ڈاکو ریکارڈ یافتہ ہیں اوران کے خلاف درجنوں ڈکیتی کے مقدمات درج ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ڈاکوؤں کی شناخت حسن، ارشد اور فیصل کے نام سے ہوئی ہے، ملزمان سے تحقیقات میں مزید انکشافات متوقع ہیں۔

  • لاہور، لڑکی نے 45 سالہ شہری کو موت کے گھاٹ اتار دیا

    لاہور، لڑکی نے 45 سالہ شہری کو موت کے گھاٹ اتار دیا

    لاہور: پنجاب کے دارالحکومت میں لڑکی نے 45 سالہ شہری کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور کے علاقے شفیق آباد میں ایک روز قبل فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس میں 45 سالہ عاطف نامی شہری جاں بحق ہوا تھا۔

    واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد تھانہ شفیق آباد کی نفری جائے وقوعہ پر پہنچی اور انہوں نے مقتول کی لاش کو قبضے میں لے کر ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کیا۔ تفتیشی افسر کے مطابق مقتول عاطف فیصل آباد کے علاقے گلستان کالونی کا رہائشی تھا۔

    پولیس نے شبہ ظاہر کیا تھا کہ قتل کا واقع دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ ہوسکتا ہے۔ شفیق آباد تھانے میں نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کیا۔

    قبل ازیں پولیس نے فرانزک ٹیم کی مدد سے جائے وقوعہ سے تمام شواہد اکٹھے کیے جن کی روشنی میں تحقیقات شروع کی گئیں۔

    پولیس اپنی تحقیقات کے دوران اس نتیجے پر پہنچی کہ مقتول عاطف کو مخالفین نے لڑکی کے ہاتھوں قتل کروایا، جس کی ویڈیو بھی منظر عام پر آگئی ہے۔

  • گجرپورہ لنک روڈ  زیادتی کیس : متاثرہ خاتون نے عابد ملہی اور شفقت کو شناخت کرلیا

    گجرپورہ لنک روڈ زیادتی کیس : متاثرہ خاتون نے عابد ملہی اور شفقت کو شناخت کرلیا

    لاہور: گجرپورہ لنک روڈ زیادتی کیس میں متاثرہ خاتون نے دونوں ملزموں عابد ملہی اور شفقت کو شناخت کرلیا ، ملزمان کی شناخت پریڈکی کارروائی کیمپ جیل میں کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق موٹر وے پر خاتون سے زیادتی کے معاملے پر اہم پیش رفت سامنے آئی ، پولیس ذرائع کاکہنا ہے کہ زیادتی میں ملوث دونوں ملزمان کی شناخت پریڈ مکمل ہوگئی اور متاثرہ خاتون نے دونوں ملزموں کو شناخت کرلیا ۔

    پولیس ذرائع کے مطابق دونوں ملزمان عابد ملہی اور شفقت کو متاثرہ خاتون کے سامنے لایا گیا، جس کے بعد دونوں ملزمان کو متاثرہ خاتون نے پہچان لیا، ملزمان کی شناخت پریڈ کی کارروائی کیمپ جیل میں مکمل کی گئی ۔

    پولیس نے ملزم عابد ملہی کو گرفتار کرنے کے بعد شناخت پریڈ کے لئے جیل منتقل کیا تھا جبکہ دوسرا ملزم شفقت اس وقت جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں ہے ۔

    واضح ہے کہ 9 ستمبر کو ملزم شفقت نے عابد علی سے مل کر گجرپورہ میں خاتون سے دوران ڈکیتی زیادتی کی تھی، جس کے بعد پولیس نے شفقت گرفتار کیا، دوران تفتیش شفقت نے خاتون سے زیادتی کا اعتراف کرتے ہوئے بیان میں کہا تھا کہ 9 ستمبر کو وہ اور عابد ڈکیتی کی غرض سے کار کے پاس گئے تھے، پہلے خاتون سے لوٹ مار کی، اور پھر زیادتی کا نشانہ بنایا۔

    مرکزی ملزم عابد ملہی کو واقعہ کے ایک ماہ بعد پولیس نے خود گرفتار کرنے کا دعوی کیا تھا جبکہ ملزم شفقت علی کو دیپالپور سے گرفتار کیا گیا تھا۔

  • لاہور کے شاپنگ سینٹر میں خوف ناک آتش زدگی، کروڑوں کا سامان جل کر راکھ

    لاہور کے شاپنگ سینٹر میں خوف ناک آتش زدگی، کروڑوں کا سامان جل کر راکھ

    لاہور: گلبرگ میں واقع حفیظ سینٹر میں لگنے والی آگ پر تاحال قابو نہیں پایا جا سکا ہے، فائر بریگیڈ کی 2 اسنارکلز 20 گاڑیاں اور 70 سے زائد اہل کار آگ بجھانے میں مصروف عمل ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور میں حفیظ سینٹر کی دوسری منزل پر آج صبح 6 بجے شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، 8 گھنٹے گزرنے کے باوجود آگ پر تاحال قابو نہیں پایا جا سکا ہے۔ ریسکیو ٹیمیں پلازے میں پھنسے افراد کو نکالنے میں مصروف ہیں۔

    آتش زدگی کی اطلاع ملنے پر تاجروں کی بڑی تعداد حفیظ سینٹر پہنچی، جنھوں نے اپنی مدد آپ کے تحت اپنا قیمتی سامان نکالنا شروع کیا، اس دوران رقت آمیز مناظر بھی دیکھنے کو ملے، کئی تاجر اپنا کروڑوں کا سامان جلتا دیکھ کر آب دیدہ ہوگئے، متاثرہ عمارت میں بڑی تعداد میں کمپیوٹر، لیپ ٹاپ، موبائل فونز اور دیگر الیکٹرانک اشیا کی دوکانیں ہیں۔

    فائر بریگیڈ کی دو اسنارکلز، بیس گاڑیاں اور ستر سے زائد اہل کار آگ بجھانے میں تاحال مصروف ہیں، تاہم آلات کی کمی کے باعث دوسرے اضلاع سے بھی مدد طلب کر لی گئی ہے، اس کے علاوہ رینجرز کی بھی معاونت حاصل کی جا چکی ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مقامی انتظامیہ کو تمام ضروری وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے۔

    دوسری جانب سربراہ لاہور پولیس نے حفیظ سینٹر میں خوف ناک آتش زدگی کے باعث لاہور کے شہریوں کے لیے پیغام جاری کیا ہے، جس میں انھوں نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ آتش زدگی کے باعث فضا میں زہریلا دھواں پھیل گیا ہے، لہٰذا اپنے بچوں کو کمروں میں رکھیں جب کہ بزرگوں کا خیال رکھتے ہوئے انھیں بھی محفوظ جگہ پر رکھیں۔

    عمر شیخ کا مزید کہنا تھا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ہم تاجر برادری کے ساتھ ہیں، تمام انتظامیہ مل کر آتش زدگی پر قابو پانے کی کوشش کر رہی ہے، کسی بھی ناخوش گوار واقعے سے نمٹنے کے لیے ڈی سی لاہور کی طرف سے اسپتالوں میں انتظامات کر دیےگئے ہیں۔

  • بے حسی کی انتہا، خاتون کی لاش 3 گھنٹے تک اسپتال کے باہر پڑی رہی

    بے حسی کی انتہا، خاتون کی لاش 3 گھنٹے تک اسپتال کے باہر پڑی رہی

    بہاولپور: پنجاب کے شہر بہاولپور کی تحصیل اوچ شریف میں ماں کی لاش کے پوسٹ مارٹم کے انتظار میں بیٹھی بیٹی تھک ہار کر اسپتال کے باہر زمین پر ہی لیٹ گئی لیکن پوسٹ مارٹم نہ ہوسکا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق اوچ شریف کے رولرز ہیلتھ سینٹر میں شوہر کے ہاتھوں قتل ہونے والی خاتون کی لاش اسپتال کے باہر تین گھنٹے سے زائد پڑی رہی لیکن کوئی مدد کو نہ آیا، مقتولہ کی بیٹی تھک ہارکر اسٹریچر کے پاس ہی زمین پر لیٹ گئی۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق خاتون کو شوہر نے حق مہر کی رقم معاف نہ کرنے پر پے درپے چھریوں کے وار کرکے قتل کردیا تھا۔

    افسوس ناک واقعے کے بعد پولیس خاتون کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال لائی اور چلتی بنی، پولیس نے پلٹ کر دوبارہ رپورٹ نہیں لی، مقتولہ کی لاش کے پاس بیٹھی بیٹی ماں کی لاش کے پاس تھک ہار کر زمین پر ہی لیٹ گئی۔

    مقتولہ کی بیٹی اسپتال سے گزرنے والے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف سے التجا کرتی رہی ہے، والدہ کا پوسٹ مارٹم کروایا جائے لیکن اس پر کسی کو ترس نہ آیا اور سب لاش پڑی دیکھ کر نظر انداز کرتے رہے۔

  • گوجرانوالہ میں جلسہ، لاہور پولیس کا رائیونڈ جاتی امرا سیل کرنے پر غور

    گوجرانوالہ میں جلسہ، لاہور پولیس کا رائیونڈ جاتی امرا سیل کرنے پر غور

    گوجرانوالہ : پی ڈی ایم کے جلسے سے پہلے لاہورپولیس کارائیونڈ جاتی امرا سیل کرنے پرغور کررہی ہے تاہم جاتی امراسیل ہونے سے ن لیگ نے متبادل حکمت عملی تیار کر لی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور پولیس کی جانب سے 16 اکتوبر کو گوجرانوالہ میں جلسے سے پہلے رائیونڈ جاتی امرا سیل کرنے پر غور شروع کردیا ہے ، ذرائع
    پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس نے جاتی امرارائیونڈ کے باہر کنٹینر کھڑےکردیئے، کنٹینر لگا کر جاتی امرا جانے والے راستے کو سیل کیا جاسکتا ہے۔

    ذرائع کے مطابق جاتی امراسیل ہونے سےن لیگ نے متبادل حکمت عملی تیار کر لی، مریم نواز آج رات یا کل جاتی امراسے کسی اورجگہ منتقل ہوسکتی ہیں، ن لیگ نے پلان اے ،بی ،سی اور ڈی تشکیل دے رکھے ہیں۔

    دوسری جانب رائیونڈ اڈہ پلاٹ پر کنٹینرز کی پکڑ دھکڑشروع کردی گئی ہے اور پولیس نے اڈہ پلاٹ روڈ پر 5 کنٹینر کے ڈرائیورز سے چابیاں اور کاغذات لے لئے ہیں۔

    ڈرائیورز کا کہنا ہے کہ سڑک پر رکاوٹ کھڑی کرنے کے لیے کنٹینرز کو پکڑ لیا گیا، کنٹینرز میں مال بھرا ہوا ہے خراب ہونےکاخدشہ ہے، ہم غریب لوگ ہیں پولیس ہماری بات نہیں سن رہی، پولیس نے زبردستی کنٹینرز کوروک رکھا ہے۔

    خیال رہے پی ڈی ایم کے پہلے جلسے میں دو دن رہ گئے، شاہد خاقان عباسی ، احسن اقبال ، راناثنااللہ ، مریم اونگزیب جلسے کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے موجود ہے تاہم جلسے کے مقام پر انتظامیہ اور ن لیگی قیادت میں ڈیڈلاک ختم نہیں ہوسکا، ن لیگ کی جناح اسٹیڈئیم میں جلسے کی درخواست پر گوجرانوالہ انتظامیہ نے اب تک فیصلہ نہیں کیا۔

  • لاہور: عرصہ دراز سے تعینات پولیس افسروں کے احتساب کی تیاری، اثاثوں کی تفصیلات طلب

    لاہور: عرصہ دراز سے تعینات پولیس افسروں کے احتساب کی تیاری، اثاثوں کی تفصیلات طلب

    لاہور : عرصہ دراز سے تعینات پولیس افسروں کے احتساب کی تیاری کرلی گئی ،سی سی پی او لاہور عمر شیخ نےایس ڈی پی اوز،ایس ایچ اوز اور انچارج انوسٹی گیشنزکی جائیداد اور اثاثہ جات کی تفصیلات طلب کرلی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سی سی پی او لاہور عمر شیخ نے ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز، انچارج انوسٹی گیشنز کے افسران کے اثاثوں کی تفصیلات کےلئے مختلف خفیہ اداروں کو خط ارسال کردیا ہے۔

    سی سی پی او لاہور کی طرف سے سپیشل برانچ، انٹیلی جینس یورو اور دیگر حساس ایجنسیوں کو مراسلہ جاری کیا گیا ہے، جس میں ایس ڈی پی اوز،ایس ایچ اوز اور انچارج انوسٹی گیشنزکی جائیداد اور اثاثہ جات کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔

    خط ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز اور انچارج انوسٹی گیشنز کے خفیہ ملکیتی اثاثوں اور جائیدار کی تفصیلات کی فراہمی کیلئے لکھا گیا اور پولیس افسران کے تنخواہ کے علاوہ دیگر کاروبار اور ذریعہ معاش بارے خفیہ معلومات مانگی گئی ہیں۔

    مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سربراہ لاہور پولیس محمد عمر شیخ نے اداروں کو جلد از جلد ریکارڈ فراہم کرنے کےلئےخط لکھا ہے، ابتدائی طور پر 197 ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز اور انچارج انوسٹی گیشنز تعینات افسروں کے اثاثوں، جائیدار، تنخواہ کے علاوہ ذریعہ معاش، کاروبار اور عمومی شہرت کے لئے تفصیلات طلب کی گئی۔

    محمد عمر شیخ کا کہنا ہے آمدن سے زائد اثاثے رکھنے والے پولیس افسران کےخلاف محکمانہ تحقیقات ہوں گی، آئندہ کوئی بھی پولیس آفیسر اثاثوں کی تفصیلات جمع کروائے بغیر فیلڈ میں تعینات نہیں ہوگا۔

    سی سی پی او لاہور نے فیلڈ آفیسرز کی پوسٹنگ کےلئے ایسسٹ ڈیکلریشن کا مراسلہ بھی جاری کر دیا ، خفیہ رپورٹس کے حصول کا مقصد پولیس افسران پر چیک اینڈ بیلنس برقرار رکھنا ہے تمام پولیس افسران و اہلکاروں کو قانون کے تابع کیا جانا ہے۔

  • موٹروے زیادتی کیس، وقار الحسن کو پولیس نے رہا کردیا، عابد علی تاحال مفرور

    موٹروے زیادتی کیس، وقار الحسن کو پولیس نے رہا کردیا، عابد علی تاحال مفرور

    لاہور: پنجاب پولیس نے گجرپورہ زیادتی کیس میں گرفتار ہونے والے شخص وقار الحسن کو بے گناہی ثابت ہونے پر رہا کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق گجر پورہ زیادتی کیس میں پولیس نے ملزم وقار الحسن کو 17 روز قبل حراست میں لیا تھا جس نے تفتیش کے دوران ملزم شفقت ہی کا نام بتایا اور پھر نشاندہی کے بعد اُسے گرفتار کیا گیا۔

    وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے وقار الحسن کی گرفتاری پر 25 لاکھ روپے انعام بھی مقرر کیا تھا۔

    پولیس نے مؤقف دیا کہ وقار الحسن کو بے گناہ ثابت ہونے پر رہا کیا گیا جبکہ کیس کامرکزی ملزم عابد گرفتار نہ ہوسکا۔ یاد رہے کہ پولیس نے عابد علی کو گرفتار کرنے کے بعد اُس سے رابطہ رکھنے والے پانچ رشتے داروں کو بھی قصور سے حراست میں لیا تھا۔ اس سے قبل پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم عابد علی کی اہلیہ کو حراست میں لیا تھا۔

    مزید پڑھیں: گجرپورہ زیادتی کیس: آٹھ اسپیشل ٹیمیں بھی مرکزی ملزم عابد کا سراغ لگانے میں ناکام

    واضح رہے کہ چند روز قبل رات کو دو بجے کے قریب گجرپورہ کے قریب موٹروے پر خاتون کو اس کے بچوں کے سامنے تشدد اور اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے کا واقعہ پیش آیا تھا۔ جس پر پورے ملک سے شدید ردعمل آیا تھا۔

    پولیس تاحال مرکزی ملزم عابد علی کو گرفتار کرنے میں ناکام ہیں، وزیراعلیٰ کی ہدایت پر مرکزی ملزم کی گرفتاری کے لیے 8 خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں جو ملزم کے قریب پہنچ گئیں تھیں مگر وہ چکما دے کر فرار ہوگیا تھا۔