Author: بابر خان

  • پنجاب پولیس کے اے ایس آئی نے تھانے میں خود کو گولی مار لی

    پنجاب پولیس کے اے ایس آئی نے تھانے میں خود کو گولی مار لی

    لاہور: پنجاب پولیس میں تعینات اسسٹنٹ سب انسپیکٹر (اے ایس آئی) نے دوران ڈیوٹی تھانے کے اندر خود کو گولی مار کر خودکشی کرلی۔

    اے آر وائی نیوز کو پنجاب پولیس کے ذرائع سے موصول ہونے والی اطلاع کے مطابق خودکشی کرنے والے اے ایس آئی کی شناخت مجید کے نام سے ہوئی جو لاہور کے علاقے گارڈن تھانے میں انویسٹی گیشن ڈیپارٹمنٹ میں تعینات تھا۔

    اے ایس آئی نے دورانِ ڈیوٹی سرکاری اسلحے سے تھانے کے اندر خود کو صبح کے وقت گولی ماری اور فوری طور پر دم توڑ گیا۔

    واقعے کے بعد فرانزک ماہرین کی ٹیم نے جائے مقام کا دورہ کیا اور وہاں سے شواہد اکھٹے کیے جبکہ پولیس افسر کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔

    پولیس ذرائع کے مطابق ٹریفک حادثے میں بیٹے کے زخمی اور معذور ہونے کے بعد مجید ذہنی دباؤ کا شکار تھا اور اُسے اپنے جوان بیٹے کی فکر تھی کہ وہ اپاہجی کے ساتھ اپنی بقیہ زندگی کس طرح گزار سکے گا۔

    قبل ازیں رواں سال پولیس ٹرینگ کالج روات میں بھی پولیس اہلکار کی خودکشی کا واقعہ پیش آیا تھا جس کی روالپنڈی سٹی پولیس نے بھی تصدیق کی تھی۔

  • ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر سی سی پی او لاہور کا چالان

    ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر سی سی پی او لاہور کا چالان

    لاہور: محکمہ پنجاب کے وارڈن نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر کپیٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) لاہور کا چالان کر دیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق سی سی پی او لاہور سادہ لباس میں پنجاب کے دارالحکومت میں تعینات ٹریفک پولیس اہلکاروں کی کارکردگی کو دیکھنے کے لیے دورے پر روانہ ہوئے۔

    دوران ڈرائیونگ موبائل فون استعمال کرتا دیکھ کر ٹریفک پولیس اہلکار نے سی سی پی او لاہور عمر شیخ کی گاڑی کو روکا اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر اُن کا چالان کردیا۔

    ٹریفک پولیس اہلکار نے آفیسر کو بتایا کہ دوران ڈرائیونگ موبائل استعمال کرنا جرم ہے اور پھر اُس نے پانچ سو روپے کا چالان عمر شیخ کے حوالے کردیا۔ اس دوران سی سی پی او نے اہلکار کو اپنا تعارف نہیں کرایا۔

    بعد ازاں عمر شیخ نے اپنا چالان جمع کرویا اور پھر سٹی وارڈن کو اپنے دفتر بلا کر اُس کی حوصلہ افزائی کی۔ سی سی پی او نے ایمانداری اور جانفشانی سے کام کرنے پر اہلکار کو تعریفی اسناد سے بھی نوازا۔

    عمر شیخ نے شمالی کنٹومنٹ پولیس اسٹیشن کا اچانک دورہ کیا اور پولیس ریکارڈ کو چیک کیا۔

    اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سی سی پی او کا کہنا تھا کہ میں آئی جی پنجاب شعیب دستگیر کی ہدایت پر پولیس افسران کی کارکردگی کو دیکھنے کے لیے دورے پر روانہ ہوا تھا، میں ناراض افسران کو مناؤں گا اور سب کے ساتھ مل کر شہر کو مزید بہتر بناؤں گا‘۔