Author: بابر خان

  • لاہور: مبینہ پولیس مقابلے میں 2 ملزمان ہلاک

    لاہور: مبینہ پولیس مقابلے میں 2 ملزمان ہلاک

    لاہور: شاہدرہ میں پولیس اور ملزم کے درمیان مبینہ مقابلے میں دو ملزمان ہلاک ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے تھانہ شاہدرہ ٹاؤن میں مشکوک افراد اور پولیس میں مبینہ مقابلہ ہوا،  جس کے نتیجے میں 2 ملزمان ہلاک ہوگئے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مشکوک موٹرسائیکل سواروں نے روکے جانے پر اہلکاروں پر فائر کھول دیا، اہلکاروں کی جوابی فائرنگ  میں سیف اور شاہد نامی ملزمان مارے گئے۔

    پولیس کا مزید بتانا ہے کہ ہلاک ملزمان اقدام قتل، ڈکیتی و زیادتی کی وارداتوں میں  ریکارڈ یافتہ ہیں۔

  • لاہور کے سروسز اسپتال کی 3 منزلہ عمارت زمین بوس ہوگئی

    لاہور کے سروسز اسپتال کی 3 منزلہ عمارت زمین بوس ہوگئی

    لاہور: سروسز اسپتال کی زیر تعمیر تین منزلہ عمارت زمین بوس ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق  لاہور کے سروسز اسپتال کی 3 منزلہ عمارت زمین بوس ہوگئی تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔

    انتظامیہ کے مطابق پولیس اور ریسکیو کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، ملبت کو ہٹایا جارہا ہے ابتدائی معلومات کےمطابق کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    حکام کا بتانا ہے کہ عمارت کو ری ویمپنگ کیلئے خالی کروا گیا تھا، عمارت میں بچہ سرجیکل، ای این ٹی اور آئی ڈیپارٹمنٹ تھے۔

  • لاہور ہائیکورٹ کا اسموگ کے تدارک سے متعلق بڑا حکم

    لاہور ہائیکورٹ کا اسموگ کے تدارک سے متعلق بڑا حکم

    لاہور ہائیکورٹ  نے اسموگ ایمرجنسی نافذ کرنے کا حکم دے دیا ۔ عدالت نے دھواں چھوڑنے والی فیکٹریاں سیل کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے اسموگ کے تدارک کیلئے موثر اقدامات نہ کرنے کیخلاف ایک نوعیت کی درخواستوں پر سماعت کی، عدالت نے کمشنر لاہور  سے کہا کہ آپ لاہور شہر کے مالک ہیں۔

    عدالت نے کمشنر لاہور پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لاہور کا کیا حال کر دیا ہے  اس پر شرمندگی ہونی چاہیے، یہ ہمارے بچوں کے مستقبل کا معاملہ ہے۔

    عدالت نے انڈر پاسز میں ہونے والا رینویشن کا کام  رات بارہ بجے سے پہلے کرنے سے روک دیا ہے، ساتھ ہی عدالت نے  دھواں چھوڑنے والی فیکٹریوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے کا حکم دے دیا۔

    عدالت نے دھواں چھوڑنے والی فیکٹریوں کو سیل کرنے کی حکم دیا اور ریمارکس دیے کہ جسے سیل کیا جائے اسے ڈی سیل نہ ہونے دیں۔

    عدالت نے ہدایت کی کہ اسکولوں میں ہونے والے اسمبلی میں اساتذہ اور طلباء  کو بتایا جائے کہ وہ روزانہ آلودگی پھیلانے والے یونٹس کے متعلق  رپورٹ کریں۔

    عدالت نے حکم دیا کہ  اسموگ تدارک کیلئے آج ہی اسپیشل ہیلپ لائن فعال کیا جائے، عدالت نے قرار دیا کہ  جو پراجیکٹ  چل رہے ہیں اس کی وجہ  ماحول خراب ہورہا ہے۔

    عدالت نے سی سی پی او  اور متعلقہ افسروں کو تھانوں کے ایس ایچ اوز کو الودگی پھیلانے والے صنعتی  یونٹس کی فہرستیں بنانے کا حکم دیا۔

  • آن لائن بزنس کے نام پر لوگوں سے کروڑوں روپے کا فراڈ کرنے والا ملزم گرفتار

    آن لائن بزنس کے نام پر لوگوں سے کروڑوں روپے کا فراڈ کرنے والا ملزم گرفتار

    لاہور : آن لائن بزنس کے نام پر لوگوں سے کروڑوں روپے کا فراڈ کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا، ملزم کوئٹہ سے ایران جانا چاہتا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق آن لائن بزنس کے ذریعے کروڑوں روپے فراڈ میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا گیا، ملزم یاسر حیات مظفرگڑھ سے گرفتار ہوا ، وہ کوئٹہ سے ایران جانا چاہتا تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ آن لائن فراڈ میں ملوث دوسرا ملزم احمد ندیم تاحال فرار ہے، جس کی تلاش جاری ہے۔

    ملزمان نے کیپیٹل ایف ایکس اور بیٹ فائر نامی کمپنیاں بنا کر کروڑوں روپے اکٹھے کیے ، لاہور چیمبر آف کامرس کےممبرکی درخواست پرملزمان کے خلاف مقدمہ درج ہوا تھا۔

  • پولیس نے 4 بچوں کے قتل کا سراغ لگالیا، قاتل کوئی نہیں  باپ  خود نکلا

    پولیس نے 4 بچوں کے قتل کا سراغ لگالیا، قاتل کوئی نہیں باپ خود نکلا

    لاہور :چار بچوں کے قتل میں باپ ہی ملوث نکلا، سفاک باپ نے بچوں کو نہرمیں پھینک کراغوا کا ڈرامہ رچایا ، ملزم نے واردات کا اعتراف کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہورپولیس نے چار بچوں کے قتل کا سراغ لگا لیا ، بچوں کے اغوا اور قتل میں باپ ملوث نکلا، پولیس کا کہنا ہے کہ باپ نے چاروں بچوں کو قتل کرنے کے بعد للیانی نہرمیں پھینک دیا تھا۔

    پنجو گاؤں کے رہائشی عظیم نے دو دن پہلے اپنے چار کم سن بچوں کو للیانی نہر میں پھینک کر ان کے اغوا کا ڈرامہ رچایا اور خود ہی بچوں کے اغوا کے خلاف ایف آئی آر درج کروائی

    پولیس نے جب تفتیش کی تو واردات کا اعتراف کرلیا ، ملزم عظیم کی نشاندہی پر پولیس کی سرچنگ ٹیم قصور نہر روانہ کر دی گئی ہے، ریسکیو اور پولیس للیانی نہر سے بچوں کی لاشیں نکالنے کیلئے آپریشن کرے گی۔

    نہر میں پھینکے جانے والے بچوں میں بارہ سال کا صابر، نوسالہ سمیہ عمر، پانچ سالہ نبیہہ اور دوسالہ عائشہ شامل ہیں۔

    ڈی آئی جی آپریشن علی ناصررضوی کا کہنا ہے کہ ملزم عظیم نے بہ ہوش وحواس بچوں کا قتل کیا، اس کا ذہنی توازن ٹھیک ہے، ملزم نے بتایا ہے وہ بچوں کونہرپرگھمانے لے گیا، کھلایا پلایا، پھر تصویر کھینچنے کیلئے چاروں کو کھڑا کیا اور دکھا دے دیا۔

    باپ نے اپنے غیراخلاقی کام پر پردہ ڈالنے کیلئے بچوں کا قتل کیا۔ تفتیش کے بعد بچوں کے قتل کے حوالے سے شواہد اور بیانات کی تصدیق کی گئی، ملزم عظیم پانچ بیٹیوں اور ایک بیٹے کا باپ ہے۔

  • آنکھوں کے انجیکشن فروخت کرنے پر نوید عبداللہ، بلال رشید کے خلاف مقدمہ درج

    آنکھوں کے انجیکشن فروخت کرنے پر نوید عبداللہ، بلال رشید کے خلاف مقدمہ درج

    لاہور: آنکھوں کے جعلی انجیکشن فروخت کرنے پر ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں تھانہ فیصل ٹاؤن میں آنکھوں کے انجیکشن سے بینائی جانے کے کیس میں ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر نے ڈرگ ایکٹ کے تحت ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کروا دی۔

    مقدمے میں ملزم نوید عبداللہ اور بلال رشید کو نامزد کیا گیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

    ایف آئی آر کے متن کے مطابق ڈرگ اتھارٹی نے سائرہ میموریل اسپتال کو سیل کر دیا ہے، جہاں سے ملزمان مختلف اسپتالوں میں جعلی انجیکشن فروخت کر رہے تھے۔

    نگراں صوبائی وزیر جمال ناصر کے مطابق آنکھوں کے انجیکشن ایواسٹن سے بینائی جانے کے کیسز ملتان، صادق آباد، لاہور اور قصور میں پیش آئے ہیں، نوید اور حافظ بلال کے خلاف ایف آئی آر درج ہو گئی ہے، یہ لوگ انجیکشن سے لاکھوں روپے کما رہے تھے۔

    زیادہ فائدے کے لیے آنکھوں کا انجیکشن 6 حصوں میں تقسیم کیے جانے کا انکشاف

    واضح رہے کہ یہ بھی معلوم ہوا کہ لاہور کے نجی اسپتال میں انجکشن کمپنی نے جگہ کرائے پر لے رکھی تھی، جہاں بین الاقوامی کمپنی کا انجیکشن خرید کر 6 حصوں میں تقسیم کیا جاتا تھا، اور الگ الگ خوارکیں بنا کر فروخت کر کے غیر قانونی کمپنی فائدہ کما رہی تھی۔

    ڈی جی ڈرگ کنٹرول محمد سہیل کے مطابق مذکورہ کمپنی ڈرگ کنٹرول اتھارٹی سے لائسنس یافتہ نہیں تھی، اور غیر قانونی طور پر انجیکشن تیار کر رہی تھی، ایک انجکشن کی الگ الگ خوارکیں فروخت نہیں کی جا سکتیں، خرابی بھی اسی سے پیدا ہوئی۔

  • سی ٹی ڈی کی پنجاب میں کارروائی، 2 دہشتگرد گرفتار

    سی ٹی ڈی کی پنجاب میں کارروائی، 2 دہشتگرد گرفتار

    لاہور: دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر سی ٹی ڈی نے پنجاب کے مختلف شہروں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 2 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق  پنجاب کے مختلف شہروں میں سی ٹی ڈی نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 2 دہشت گرد گرفتار کرلیا، دہشت گردوں سے بارودی مواد، ڈیٹو نیٹر، موبائل فون اور نقدی برآمد کرلی گئی۔

    سی ٹی ڈی حکام کے مطابق دہشت گردوں کی شناحت ذاکر اللہ اور عیسیٰ کے نام سے ہوئی ہے، دہشت گردوں کے خلاف مقدمات درج کرکے تفتیش کی جارہی ہے۔

    سی ٹی ڈی حکام نے مزید بتایا کہ  رواں ہفتے 369 کومبنگ آپریشنز کے دوران 52 مشتبہ افراد گرفتار کیے، اس آپریشنز میں 13871 افراد سے پوچھ کچھ کی گئی۔

  • اینٹی نارکوٹکس یونٹ کا ہیڈ اربوں روپے کی جائیداد کا مالک نکلا

    اینٹی نارکوٹکس یونٹ کا ہیڈ اربوں روپے کی جائیداد کا مالک نکلا

    لاہور : پولیس افسران کے منشیات میں ملوث ہونے کی تفتیش میں اہم انکشافات سامنے آئے، اینٹی نارکوٹکس یونٹ کا ہیڈ اربوں روپے کی جائیداد کا مالک نکلا۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس کے منشیات فروشوں سے روابط اور معاونت کیس کی تفتیش میں اینٹی نارکوٹکس یونٹ کا ہیڈ اربوں روپے کی جائیداد کا مالک نکلا۔

    پولیس افسران کے منشیات میں ملوث ہونے کی تفتیش میں اہم انکشافات سامنے آئے، تفتیشی ٹیم نے بتایا کہ ایس ایچ او شاہدرہ نےایک کروڑ 25 لاکھ روپے رشوت لی، پندرہ تولے سونا ، ایم فور رائفل ، جرمن ساختہ پستول بطور رشوت لی۔

    تفتیشی ٹیم کا کہنا تھا کہ ملزم کوگرفتار کرکے مزید تفتیش جاری ہے ، ڈی ایس پی مظہر اقبال عبوری ضمانت پر ہے ، مظہر اقبال نے 7کروڑ روپے کا غبن کیا ہے۔

    تفتیشی ذرائع کے مطابق ملزم مظہر اقبال کے اثاثے اربوں روپے مالیت کے ہیں تاہم مظہر اقبال کےاثاثوں کی تحقیقات بھی شروع کردی گئی ہے۔

  • کالعدم داعش سے تعلق رکھنے والی 5 دہشت گرد خواتین گرفتار

    کالعدم داعش سے تعلق رکھنے والی 5 دہشت گرد خواتین گرفتار

    لاہور: دہشت گردی خدشات کے پیش نظر سی ٹی ڈی کی پنجاب کے مختلف شہروں میں کالعدم داعش سے تعلق رکھنے والی 5 دہشت گرد خواتین کو گرفتار  کرلیا۔

    ترجمان محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) کے مطابق دہشت گردی خدشات کے پیش نظر سی ٹی ڈی نے پنجاب کے مختلف شہروں میں کارروائیاں کی، انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 5 دہشت گرد خواتین کو گرفتار کیا گیا۔

    ترجمان سی ٹی ڈی کا بتانا ہے کہ لاہور سے 3 اور شیخوپورہ سے 2 خواتین کو گرفتار کیا گیا، گرفتار دہشت گرد خواتین کا تعلق کالعدم داعش سے ہے۔

    ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں سے فیوز، ممنوعہ کتابیں، موبائل فون، اسلحہ اور نقدی برآمد ہوئے، دہشت گرد خواتین کی شناحت فاخرہ، سعدیہ، ایمن، جویریہ اور فاعذ کے نام سے ہوئی، گرفتار خواتین کے خلاف مقدمات درج کر لئے گئے مزید تفتیش جاری ہے۔

    سی ٹی ڈی حکام نے مزید بتایا کہ رواں ہفتے 308 کومبنگ آپریشنز کے دوران 76 مشتبہ افراد گرفتار کیے، کومبنگ آپریشنز میں 15225 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی۔

  • نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے موٹر وے کے ٹول ٹیکس میں اضافہ کر دیا

    نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے موٹر وے کے ٹول ٹیکس میں اضافہ کر دیا

    لاہور: نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے موٹر وے کے ٹول ٹیکس میں اضافہ کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق این ایچ اے نے موٹر وے ٹول ٹیکس میں اضافہ کر دیا ہے، لاہور سے اسلام آباد تک سفر کرنے والی گاڑیوں کو 1100 روپے ٹول ٹیکس دینا ہوگا۔

    حکام کا کہنا ہے کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی ہر گاڑی سے فی کلو میٹر 3 روپے 7 پیسے وصول کرے گی، موٹر وے پر سفر کرنے والی مسافر وین سے 2 ہزار 590 روپے وصول کیے جائیں گے، مسافر بسوں کو 10 روپے 29 پیسے فی کلو میٹر کے حساب سے 3 ہزار 690 روپے دینا ہوں گے۔

    سامان کی ترسیل کے لیے استعمال ہونے والے ٹرکوں کے ٹول ٹیکس میں بھی اضافہ ہو گیا، نیشنل ہائی وے اتھارٹی ہر ٹرک سے 17 روپے 22 پیسے فی کلو میٹر وصول کرے گی۔