Author: بابر خان

  • لاہور: نوجوان کو مبینہ طور پر پیٹرول چھڑک کر زندہ جلا دیا گیا

    لاہور: نوجوان کو مبینہ طور پر پیٹرول چھڑک کر زندہ جلا دیا گیا

    لاہور: مانگامنڈی کے علاقے شامکے بھٹیاں میں نوجوان کو مبینہ طور پر زندہ جلا دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ لاہور کے مانگامنڈی کے علاقے شامکے بھٹیاں میں پیش آیا، جہاں چند نامعلوم افراد نے 18 سالہ نامعلوم نوجوان کو زندہ جلا دیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ 4 کار سوار ملزمان آئے انہوں نے مقتول نوجوان کے ہاتھ پاؤں باندھ کر پیٹرول چھڑک کر آگ لگادی، پولیس اور فرانزک ٹیم نے شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات کا آغاز کردیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ یہ معاملہ ذاتی دشمنی کا ہے یا غیرت کا معاملہ تھا، متقول کی شناخت کے لیے علاقے میں اعلان بھی کرایا گیا ہے۔

  • چیئرمین پی ٹی آئی کے بھانجے حسان نیازی کا کیس فوجی عدالت منتقل

    چیئرمین پی ٹی آئی کے بھانجے حسان نیازی کا کیس فوجی عدالت منتقل

    راولپنڈی : چیئرمین پی ٹی آئی کے بھانجے حسان نیازی کا کیس فوجی عدالت منتقل کردیا گیا، حسان نیازی کاملٹری کورٹ میں ٹرائل ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کے بھانجے حسان نیازی کا کیس فوجی عدالت منتقل کردیا گیا، پولیس کا کہنا ہے حسان نیازی کو کل کوئٹہ سے راولپنڈی منتقل کیا گیا، حسان نیازی کا ملٹری کورٹ میں ٹرائل ہوگا۔

    یاد رہے لاہور ہائیکورٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی کے بھانجے حسان نیازی کی بازیابی کیلئے درخواست کی سماعت ہوئی تھی، عدالت نے آئی جی، سی سی پی او، ایس ایچ او تھانہ سرور روڈ سے اٹھارہ اگست کو جواب طلب کرلیا تھا۔

    عدالت نے حکم دیا کہ حسان نیازی آئی جی، سی سی پی او یا ایس ایچ او کی تحویل میں ہیں تو پیش کیا جائے۔

    حسان نیازی کے والد حفیظ اللہ نیازی نے بیٹے کی بازیابی کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں حبس بیجا کی درخواست دائر کی، جس میں درخواست گزار نے حسان نیازی کو بازیاب کرکے پیش کرنے کی استدعا کی تھی۔

    واضح رہے 14 اگست کو پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) کے رہنما حسان خان نیازی کو ایبٹ آباد سے گرفتار کیا گیا ہے، ان پر 9 مئی کو جناح ہاؤس حملے میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔

  • پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں تشدد کے واقعے کا مقدمہ درج

    پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں تشدد کے واقعے کا مقدمہ درج

    لاہور: پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں تشدد کے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں گزشتہ رات تشدد کے واقعے کا مقدمہ اسپتال کے ایم ایس کی درخواست پر دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج کر لیا گیا، ایف آئی آر 6 نامزد اور 8 نامعلوم افراد کے خلاف درج کی گئی ہے۔

    واقعے میں ملوث مریض کے لواحقین کا کہنا تھا کہ پی آئی سی کے گارڈ نے مریض کی رشتہ دار خاتون کو تھپڑ مار دیا تھا، جس پر خاتون کی فیملی اور گارڈز میں جھگڑا ہوا، اس کے بعد تشدد سے اسپتال کے 3 گارڈ ز اور ڈاکٹر زخمی ہو گئے۔

    جھگڑے کے بعد رات 12 بجے ایمرجنسی سروس بند کر دی گئی تھی اور 2 گھنٹے تک ایمرجنسی بند رہی، ڈیوٹی پر موجود ڈی ایم ایس بھی غائب رہا، بعد ازاں ڈاکٹر احمد نعمان نے آ کر معاملے کو ختم کروایا۔

    اسپتال انتظامیہ نے پولیس کو بیان دیا کہ رات گئے ایمرجنسی میں رش لگا ہوا تھا، تشدد کرنے والے افراد میں سے 2 افراد ایمرجنسی میں داخل ہوئے، وہ 10 سے 15 لوگ تھے اور تمام ایمرجنسی میں جانا چاہتے تھے۔

    اسپتال انتظامیہ کے مطابق پہلے خواتین نے تلخ کلامی کی، خواتین نے زبردستی ایمرجنسی میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی، ان کے ساتھ دیگر 10 سے 15 افراد نے گارڈز پر تشدد کیا۔

  • پنجاب میں سی ٹی ڈی کی  کارروائیاں،  21 دہشت گرد گرفتار

    پنجاب میں سی ٹی ڈی کی کارروائیاں، 21 دہشت گرد گرفتار

    لاہور : محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے پنجاب میں کارروائیاں کرتے ہوئے 21 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا، دہشت گردوں میں کالعدم ٹی ٹی پی کے 9 اورکالعدم داعش کے4 کمانڈرشامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے پنجاب میں انٹیلی جنس بیسڈ پر کارروائیاں کیں اور مختلف شہروں سے 21 دہشت گرد گرفتار کرلئے۔

    ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا کہ دہشت گردوں میں کالعدم ٹی ٹی پی کے 9 اور کالعدم داعش کے4 کمانڈرشامل ہیں، دہشت گردوں کو لاہور، نارووال، ڈی جی خان، راولپنڈی ، جہلم سے گرفتار کیا گیا۔

    حکام کا کہنا تھا کہ مظفر گڑھ، گوجرانوالہ ، سرگودھا، لیہ ، اٹک ، ساہیوال میں بھی کارروائیاں کی گئیں، گرفتار دہشت گرد مختلف شہروں میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

    گرفتار دہشت گردوں سے بارودی مواد، پرائما کارڈ، ڈیٹو نیٹر، حفاظتی فیوز، ہینڈ گرینڈ اور نقدی برآمد کرلی ہے اور دہشت گردوں کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش جاری ہے۔

    ترجمان نے بتایا کہ رواں ہفتے700 کومبنگ آپریشنز کے دوران 49 مشتبہ افراد گرفتار کیے۔

  • لاہور : ڈرون سے ہیروئن کی اسمگلنگ کرنے والا نیٹ ورک بے نقاب

    لاہور : ڈرون سے ہیروئن کی اسمگلنگ کرنے والا نیٹ ورک بے نقاب

    لاہور : صوبائی دارلحکومت لاہور میں ڈرون سے ہیروئن کی اسمگلنگ کے کیس میں پولیس اہلکار ملوث نکلا، شواہد پرمقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی دارلحکومت لاہور میں ڈرون سے ہیروئن کی اسمگلنگ کرنے والا نیٹ ورک بے نقاب ہوگیا،اینٹی نارکوٹکس فورس (اےاین ایف ) نے بتایا کہ پولیس اہلکار بھی منشیات کیس میں ملوث نکلا۔

    اےاین ایف کا کہنا تھا کہ شواہد پرمقدمہ درج کرلیا گیا ہے ، جس میں ڈی سی آفس کی نظارت برانچ میں تعینات پولیس اہلکارشرافت مقدمہ میں نامزدکیا ہے۔

    ایف آئی آر کے متن میں کہا ہے کہ ملزمان کی شناخت عبدالرزاق ، جیدا ، شرافت ، مصطفی اور اعجاز ڈیال کےنام سےہوئی، منشیات اسمگلرز کے گروہ کو سرحد پار سے سپورٹ حاصل ہے۔

    ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ ہیروئن بھارت اسمگل کرنے کے لیے ڈرون کا استعمال کیاجاتا۔

    اے این ایف نے بتایا کہ سرحدی علاقے میں چھاپہ مار کر ہیروئن برآمد کرکے ڈرون بھی ضبط کرلیا گیا ہے، کارروائی کےدوران دیگر ملوث ملزمان فرار ہوگئے۔

  • پنجاب میں کالعدم تنظیموں کے 10 دہشتگرد گرفتار

    پنجاب میں کالعدم تنظیموں کے 10 دہشتگرد گرفتار

    دہشتگردی کے خدشات کے پیش نظر سی ٹی ڈی نے پنجاب کے مختلف اضلاع میں آپریشن کرکے ٹی ٹی پی، داعش اور دیگر کالعدم تنظیموں کے 10 دہشتگرد گرفتار کرلیے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق دہشتگردی کے خدشات کے پیش نظر سی ٹی ڈی پنجاب نے صوبے کے مختلف اضلاع لاہور، اٹک، سرگودھا، گوجرانوالہ، ملتان اور ڈی جی خان میں میں 132 آپریشن کرکے 10 دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا جن کا تعلق ٹی ٹی پی، داعش اور دیگر کالعدم تنظیموں سے ہے۔

    ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا کہ گرفتار دہشتگردوں کے قبصے سے بارودی مواد، ڈیٹونیٹر، اسلحہ، اہم عمارتوں کے نقشے اور نقدی برآمد کی گئی ہے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ لاہور، ملتان اور ڈی جی خان سے گرفتار دہشتگرد حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ اٹک سے گرفتار کالعدم ٹی ٹی پیی کے دو کمانڈر چینی شہریوں کو دہشتگردی کا نشانہ بنانا چاہتے تھے۔

    گرفتار دہشتگردوں میں عزیر، عادل، رمضان، عبدالرحمان، عثمان، آصف، معاویہ ودیگر شامل ہیں۔

    ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق ساہیوال سے سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد شیئر کرنے پر بھی 7 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ جن میں امجد عطاری، الطاف، عدنان، شہریار، اعجاز، حمزہ اور عثمان شامل ہیں۔

    سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ رواں ہفتے 485 کومبنگ آپریشنز کے دوران 36 مشتبہ افراد گرفتار کیے اور 21008 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی۔

  • ایڈووکیٹ لطیف کھوسہ کے گھر پر فائرنگ کرنیوالا ملزم گرفتار، اہم انکشافات

    ایڈووکیٹ لطیف کھوسہ کے گھر پر فائرنگ کرنیوالا ملزم گرفتار، اہم انکشافات

    لاہور : ایڈووکیٹ لطیف کھوسہ کے گھر پر فائرنگ کرنیوالے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا، ملزم نے انکشاف کیا کہ سیاسی جماعت کےرہنما زبیر نیازی کے کہنے پر لطیف کھوسہ کے گھر فائرنگ کی، جس کے بعد اعتزاز احسن کے گھر پر فائرنگ کرنا تھی۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کامران عادل نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایڈووکیٹ لطیف کھوسہ کے گھر پر فائرنگ کرنیوالے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے ، گرفتارشوٹر محسن عرف لمبا سابقہ ریکارڈیافتہ اور پیشہ ور ملزم ہے۔

    ملزم نے اعتراف جرم کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی جماعت کے رہنما زبیر نیازی کے کہنے پر لطیف کھوسہ کے گھر پر فائرنگ کی، زبیر نیازی نے اپنا ایک بندہ گھر کی نشاندہی کیلئےساتھ بھجوایا تھا۔

    کامران عادل کا کہنا تھا کہ ملزم نے انکشاف کیا کہ ایڈووکیٹ لطیف کھوسہ کے بعد ایڈووکیٹ اعتزازاحسن کے گھر پر بھی فائرنگ کرنا تھی۔

    ڈی آئی جی انویسٹی گیشن نے بتایا کہ 10لاکھ روپے میں معاوضہ طے ہوا،ملزم 1لاکھ روپےایڈوانس وصول کر چکا تھا، ملزم تھانہ ملت پارک کےاقدام قتل کے مقدمےکا مفرور اشتہاری بھی ہے۔

  • عادل راجہ کی گرفتاری کیلئے انٹرپول کو ریڈ نوٹس جاری کرنے کی درخواست

    عادل راجہ کی گرفتاری کیلئے انٹرپول کو ریڈ نوٹس جاری کرنے کی درخواست

    اسلام آباد : وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے بیرون ملک مقیم سوشل میڈیا پر متحرک شرپسندوں کو گرفتار کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے عادل راجہ کی گرفتاری کیلئےانٹرپول کو ریڈ نوٹس جاری کرنے کی درخواست کردی۔

    تفصیلات کے مطابق بیرون ملک بیٹھ کر سوشل میڈیا پر قومی سلامتی کے اداروں کی خلاف ہرزہ سرائی کے معاملے پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے 361 سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی نشاندہی کرلی۔

    ذرائع نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم سوشل میڈیا پر متحرک شرپسندوں کو گرفتار کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، ایف آئی اے نے ناقدین کو گرفتار کرکے لانے کے لیے انٹرپول سے رابطہ کرلیا ہے۔

    ایف آئی اے نے بتایا کہ اکاؤنٹس ٹریک کرکےسائبر کرائم ایکٹ کےتحت مقدمات کئےجائیں گے اور مقدمات کے اندراج کے بعد ملزمان کو انٹرپول کی مدد سے واپس لایا جائے گا۔

    ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ عادل راجہ کی گرفتاری کیلئےانٹرپول کو ریڈ نوٹس جاری کرنےکی درخواست کردی، عادل راجہ کو جلد گرفتار کرکے پاکستان لایا جائے گا۔

    ترجمان کے مطابق سوشل میڈیا پر شرانگیزی کرنیوالوں کیخلاف قانونی کارروائی کا لائحہ عمل تیار کیا جارہا ہے۔

  • راولپنڈی میں روٹی کی نئی قیمت مقرر

    راولپنڈی میں روٹی کی نئی قیمت مقرر

    راولپنڈی: آٹے کی قیمتوں میں نمایاں کمی  کے بعد جڑواں شہر کی ضلعی انتظامیہ نے روٹی کی نئی قیمت مقرر کر دی۔

    ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حسن وقار چیمہ نے ایک سو بیس گرام نان اور 100 گرام  روٹی کی قیمت مقررکرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

    اسی طرح راولپنڈی ضلعی انتظامیہ کے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق 100گرام روٹی کی قیمت 15 روپے اور ایک سو بیس گرام کے نان کی قیمت 20 روپے مقرر کردی گئی ہے۔

    ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ نئی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر آج سے ہوگا، روٹی کی نئی قیمتوں کے اطلاق کیلئے اسپیشل مجسٹریٹس کو ہدایت جاری کردی گئی۔

    ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حسن وقار چیمہ نے مزید کہا کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے۔

  • اغوا ہونے والے کم سن بچوں کی لاشیں آٹے کے صندوق سے برآمد

    اغوا ہونے والے کم سن بچوں کی لاشیں آٹے کے صندوق سے برآمد

    لاہور: پنجاب کے شہر لاہور کے علاقے ملت پارک سے لا پتا ہونے والے بچوں کی لاشیں ایک گھر میں آٹے کے صندوق سے برآمد ہو گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز ملت پارک لاہور سے دو بچے لاپتا ہو گئے تھے، جس پر بچوں کے والد ساجد نے اپنی مدعیت میں ناظم کے خلاف اغوا کا مقدمہ درج کروا دیا تھا۔

    پولیس حکام کے مطابق ملت پارک کے علاقے میں گھر سے 2 کم سن بھائیوں کی لاشیں مل گئی ہیں، اغوا ہونے والے کم سن بچوں کی لاشیں آٹے کے صندوق سے برآمد ہوئیں، 5 سالہ ارتضیٰ اور 3 سالہ راحیل کے اغوا کا مقدمہ گزشتہ روز درج کیا گیا تھا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اطلاع ملتے ہیں ڈی ایس پی سمیت پولیس اہل کار فرانزک ٹیم کے ساتھ موقع پر پہنچ گئے تھے، بچوں کی لاشیں خراب ہو چکی ہیں، فرانزک ٹیم نے جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کر لیے ہیں۔

    تاہم پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس بات کا فی الوقت پتا نہیں چل سکا ہے کہ بچوں کو قتل کیا گیا ہے یا وہ خود آٹے کے ڈرم میں چھپنے کے بعد بند ہونے سے جاں بحق ہوئے ہیں۔

    بچوں کی لاشوں کا پوسٹ مارٹم کرایا جا رہا ہے جس سے مزید تفصیلات سامنے آئیں گی۔