Author: بابر خان

  • ممنوعہ فنڈنگ کیس میں عمران خان کو گرفتار کرنے کا فیصلہ

    ممنوعہ فنڈنگ کیس میں عمران خان کو گرفتار کرنے کا فیصلہ

    ایف آئی اے نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کو گرفتار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کو ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق ایف آئی اے نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کو گرفتار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے عمران خان کی گرفتاری کے حتمی فیصلے کیلیے سمری ڈی جی ایف آئی اے کو بھجوا دی ہے جب کہ گرفتاری کے لیے 4 رکنی ٹیم بھی تشکیل دے دی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے کی ٹیم لاہور پولیس کی مدد سے عمران خان کو گرفتار کرے گی اور گرفتاری کے بعد انہیں ایف آئی اے اسلام آباد کے حوالے کر دے گی۔

    پولیس کے اعلیٰ حکام کا کہنا ہے کہ جیسے ہی اس حوالے سے ایف آئی اے کی جانب سے ہدایات ملیں گی، پولیس ٹیم عمران خان کی گرفتاری کے لیے فوری طور پر زمان پارک پہنچ جائے گی۔

     

    دوسری جانب عمران خان کی گرفتاری کے حوالے سے خبر منظر عام پر آنے کے بعد پی ٹی آئی کارکنوں کی بڑی تعداد زمان پارک پہنچ گئی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ عمران خان ہماری ریڈ لائن ہیں اور ہمیں انہیں گرفتار نہیں ہونے دیں گے۔

    واضح رہے کہ عمران خان نے آج لاہور ہائیکورٹ میں بھی پیش ہونا ہے، جس کے لئے سیکیورٹی کے تمام تر انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔

  • ننکانہ صاحب واقعے میں ویڈیوز کی مدد سے 12 سے زائد افراد گرفتار

    ننکانہ صاحب واقعے میں ویڈیوز کی مدد سے 12 سے زائد افراد گرفتار

    لاہور: پولیس نے ننکانہ صاحب واقعے میں ویڈیوز کی مدد سے 12 سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ننکانہ صاحب واقعے میں زیر حراست ملزم وارث علی کے ہجومی قتل کے کیس میں پولیس نے ویڈیوز کی مدد سے 12 سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم وارث علی کا پوسٹ مارٹم مکمل کر لیا گیا ہے، اور پولیس حکام کو رپورٹ کا انتظار ہے، آئی جی پنجاب کی ہدایت پر قائم کمیٹی نے تمام پہلوؤں پر تفتیش شروع کر دی ہے۔

    آر پی او شیخوپورہ بابر سرفراز نے میڈیا کو بتایا کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز پنجاب کے شہر ننکانہ صاحب میں مشتعل ہجوم نے قرآن کی بے حرمتی کے الزام میں ایک شخص وارث علی کو تھانے پر حملہ کر کے باہر نکال کر جان سے مار دیا تھا۔

    ننکانہ صاحب میں ہجوم کے ہاتھوں ایک شخص کی ہلاکت کا واقعہ : انکوائری کیلئے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل

    ننکانہ صاحب میں پیش آئے اس انسانیت سوز واقعے کی ویڈیو بھی سامنے آ چکی ہے جس میں دیکھا گیا کہ ہجوم نے ایک شخص کو مار مار کر ہلاک کر دیا اور بعد ازاں پول سے باندھ کر جلانے کی کوشش کی۔

    وارث کو ہجوم میں بچانے کی کوشش بھی کی گئی تھی، لیکن اسے بچایا نہیں جا سکا، ڈی سی ننکانہ احسن رفیق نے بتایا تھا کہ صبح تھانے میں نفری کم تھی، اور مشتعل ہجوم نے تھانے پر حملہ کر دیا تھا، مشتعل ہجوم لاش کو جلانا چاہ رہا تھا لیکن پولیس نے لاش قبضے میں لے کر اسپتال منتقل کی۔

  • گرفتار دہشتگردوں نے کہاں حملے کرنے تھے؟ اہم انکشافات

    گرفتار دہشتگردوں نے کہاں حملے کرنے تھے؟ اہم انکشافات

    سی ٹی ڈی اور وفاقی حساس ادارے نے راولپنڈی میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کالعدم ٹی ٹی پی کے 2 انتہائی مطلوب دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا۔

    سی ٹی ڈی پنجاب کے مطابق دہشتگرد حیات اللہ اور وکیل خان کا تعلق حاجی فقیر گروپ سے ہے اور دہشتگردوں نے خودکش حملہ آور کیساتھ پولیس لائنز پر حملہ کرنا تھا۔

    دوران تفتیش دہشتگردوں نے انکشاف کیا کہ تھانہ صدر بیرونی، ڈسٹرکٹ کورٹس، سینٹ پال چرچ ان کاہدف تھے پولیس لائنز اسلام آبادسمیت حساس مقامات ہدف تھے۔

    دہشتگردوں نے انکشاف کیا کہ ریکی کر کے تصاویر کالعدم ٹی ٹی پی کمانڈر افغانستان کو بھجوائے گئے۔

    سی ٹی ڈی پنجاب کے مطابق حاجی فقیر گروپ افغانستان سے آپریٹ کر رہا ہے تاہم گرفتار ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔

  • فواد چوہدری کو اڈیالہ جیل سے رہا کر دیا گیا

    فواد چوہدری کو اڈیالہ جیل سے رہا کر دیا گیا

    ضمانت منظور ہونے کے بعد رہنما تحریک انصاف فوادچوہدری کو اڈیالہ جیل سے رہا کر دیا گیا۔

    سیشن عدالت نے الیکشن کمیشن کو دھمکیاں دینے کے کیس میں پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کی ضمانت منظور کی تھی۔

    عدالتی احکامات ملنے پر روبکاری جاری کیے گئے جس کے بعد ضابطے کی کارروائی کر کے فوادچوہدری کو رہا کر دیا گیا۔

    اڈیالہ جیل کے باہر پی ٹی آئی کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔ کارکنوں کی جانب سے فواد چوہدری کا شانداراستقبال کیا گیا ان پر پھول نچھاور کیے گئے اور کارکنوں نے انہیں کندھوں پر بٹھا لیا۔

    قبل ازیں وکیل الیکشن کمیشن کے دلائل مکمل ہونے پر وکیل بابراعوان نے جواب الجواب دلائل دیتے ہوئے کہا کہ دوران تفتیش پراسیکیوشن نے اعظم سواتی کیساتھ جو کیا وہ سامنے ہے، مورالیٹی کی بات کرتےہیں،اعظم سواتی کو ویڈیو بھیجی گئی، پراسیکیوشن نیا مدعی ڈھونڈ رہی تاکہ کسی نئےادارے کی توہین ہو۔

    سیشن عدالت نے فوادچوہدری کی ضمانت منظور کرلی ، عدالت نے 20ہزار کےضمانتی مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کی۔

    جج فیضان گیلانی نے ریمارکس دیے اس شرط پر ضمانت دے رہا ہوں کہ فواد چوہدری یہ گفتگو دوبارہ نہیں کریں گے ، پارلیمنٹیرینز کو ایسے بیانات نہیں دینے چاہئیں، فوادچوہدری کو ایسا بیان نہیں دینا چاہئے تھا۔

  • مونس الہٰی کے گمشدہ قریبی دوست احمد فاران گھر پہنچ گئے

    لاہور : مسلم لیگ ق کے رہنما مونس الہٰی کے گمشدہ قریبی دوست احمدفاران گھر پہنچ گئے ، احمد فاران خان 4روز قبل گارڈن ٹاؤن سے گمشدہ ہوئے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ق کے رہنما مونس الہٰی کے گمشدہ قریبی دوست احمدفاران گھر پہنچ گئے۔

    احمد فاران خان کو رات گئے 2گاڑیوں میں گھرکے باہر چھوڑ دیا گیا، ان کی واپسی کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے۔

    بھائی ظہیر نے اے آر وائی سے گفتگو میں تصدیق کی ہے کہ میرابھائی خیریت سے گھر واپس پہنچ گیا ہے۔

    یاد رہے 4 روز قبل احمد فاران خان گارڈن ٹاؤن سےگمشدہ ہوئے تھے ، جس کے بعد ہائی کورٹ نے واقعے کا نوٹس لے کر سی سی پی او کو بازیابی کا حکم دیا تھا۔

    اس سے قبل پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنما اور وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کے بیٹے مونس الٰہی نے کہا تھا کہ کل میرے ایک دوست کو کچھ لوگوں نے لاہور سے 2 گاڑیوں میں اٹھایا ہے۔

    ق لیگ کے رہنما نے ساتھ ہی ایک سی سی ٹی وی ویڈیو بھی شیئر کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایف آئی اے والے قسمیں کھاتے ہیں ہم نے نہیں اٹھایا پھر کچھ دن بعد اچانک ایف آئی اے کو پہنچا دیا جائے گا اور مجبور کیا جائے گا پرچہ دو۔

  • سی ٹی ڈی کی کارروائی ، 5 مبینہ دہشت گرد گرفتار، اسلحہ و دھماکہ خیز مواد برآمد

    لاہور : سی ٹی ڈی پنجاب نے 5 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے اسلحہ و دھماکہ خیز مواد برآمد کر لیا،ان کا تعلق مختلف کالعدم تنظیموں سے ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے کارروائی کر کے5 مبینہ دہشت گردوں کوگرفتار کر لیا۔

    ترجمان نے بتایا کہ سی ٹی ڈی پنجاب نے ملک میں جاری حالیہ دہشت گردی کے واقعات کے بعد کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے مؤثر طریقے سے نمٹنے کے لیے خفیہ اطلاعات پر صوبہ بھر کے مختلف اضلاع میں 21 آپریشنز کیے گئے۔

    جس میں 22 مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کی گئی اور 5 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے اسلحہ و دھماکہ خیز مواد برآمد کر لیا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ گرفتار ہونے والے مبینہ دہشت گردوں میں انعام الحق‘ مسکین اللہ‘واحد خان‘ شیر نقیب اورشاہ ولی شامل ہیں اور ان کا تعلق مختلف کالعدم تنظیموں سے ہے۔

    سی ٹی ڈی نے کہا کہ دہشت گردوں کے قبضہ سے ایک آئی ای ڈی بم‘ دھماکہ خیز 510 گرام، سیفٹی فیوز وائر 2.1 فٹ، پرائما کارڈ 6 فٹ،2 عدددستی بم، ایک الیکٹرک سرکٹ، ایک الیکٹرک بٹن، 2 ڈیٹونیٹر ز، الیکٹرک وائر 3 فٹ، بیٹری ایک عدد، کالعدم تنظیم کی 05 کتابیں اور ایک رسید بک، 2 موبائل فونز اورنقدی 17,230روپے برآمد کئے گئے ہیں۔

    ترجمان کے مطابق دہشت گردوں نے صوبہ بھر میں تخریب کاری کا منصوبہ بنا رکھا تھا اور وہ اہم تنصیبات اور دہشتگردانہ کارروائی اور مذہبی مقامات کو ٹارگٹ کرنا چاہتے تھے۔

    پولیس نے دہشت گردوں کے خلاف لاہور، گوجرانوالہ اور ساہیوال میں 4 مقدمات درج کر کے ان کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

  • عمران خان پر حملے کرنے والے ملزم کے موبائل فون سے اہم ریکارڈ مل گیا

    لاہور : چیئرمین تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر حملہ کرنے والے ملزم نوید کے موبائل فون سے  دو مختلف کمپنیوں کی سمز برآمد ہوئی ہیں اور 138 نمبرز اور 1869 کالز کا ریکارڈ مل گیا۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پر حملے کرنے والے ملزم نوید کے موبائل فون کی فرانزک رپورٹ سامنے آگئی۔

    موبائل فون کی فرانزک رپورٹ میں بتایا گیا کہ ملزم کے فون سے2 مختلف کمپنیوں کی سمزبرآمدہوئیں اور فون سے 138 نمبرز اور اٹھارہ سو69 کالز کا ریکارڈ مل گیا۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ واٹس ایپ گروپ میں ایک نمبر علی رضا کے نام سے محفوظ تھا جبکہ ملزم کے فون سے 337 ایس ایم ایس 1956 تصاویر ،499 گفتگو کی کالز اور 212 ویڈیوز ملی ہیں۔

    فرانزک رپورٹ میں کہنا ہے کہ ملزم کے فون سے ڈیلیٹ کیا گیا ڈیٹا نہیں ریکورکیا جاسکا تاہم فون کا تمام آڈیو اور وڈیو کی ڈی وی ڈی بناکر جے آئی ٹی کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق نوید کے موبائل فون سے ملنے والا ایک نمبر تھائی لینڈ اور مقامی نمبر تفتیش کے لیے اہم ہیں۔

    یاد رہے عمران خان پر ہونے والے قاتلانہ حملہ کی فرانزک رپورٹ منظر عام پر آئی تھی ، رپورٹ کے مطابق عمران خان کو گولیوں کے تین ٹکڑے اور ایک دھاتی ٹکڑا لگا، جائے وقوعہ سے ملنے والے دس گولیوں کے خول بھجوائے گئے جو عمران خان کے ٹرک پر فائر ہوئے۔

  • عمران پر حملے کے ملزم کا اعترافی ویڈیو بیان کس نے ریکارڈ کیا، حقیقت سامنے آ گئی

    لاہور: سابق وزیر اعظم عمران خان پر حملے کے ملزم نوید بشیر کا اعترافی ویڈیو بیان کس نے ریکارڈ کیا، حقیقت سامنے آ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز وہ سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی ہے جس میں ڈی پی او گجرات کو اپنا موبائل فون ایس ایچ او کو حوالے کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    ایس ایچ او نے اس موبائل فون سے ملزم نوید کا اعترافی بیان ریکارڈ کیا تھا، ایس ایچ او نے بیان ریکارڈ کرنے کے بعد موبائل ڈی پی او کو واپس دے دیا۔

    اس فوٹیج پر تاریخ 3 نومبر 2022 اور ریکارڈنگ کا وقت 5 بج کر 28 منٹ درج ہے، اور عمران خان پر بھی 3 نومبر ہی کو وزیر آباد کے قریب حملہ کیا گیا تھا، جس میں وہ زخمی ہوئے تھے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق یہ ڈی پی او گجرات اب بھی اپنے عہدے پر موجود ہیں۔

  • مال روڈ کے فائیو اسٹار ہوٹل میں سوشل میڈیا پر دوستی کرنے والی لڑکی سے زیادتی

    مال روڈ کے فائیو اسٹار ہوٹل میں سوشل میڈیا پر دوستی کرنے والی لڑکی سے زیادتی

    لاہور: مال روڈ کے فائیو اسٹار ہوٹل میں سوشل میڈیا پر دوستی کرنے والی لڑکی سے زیادتی کا واقعہ پیش آیا ہے، پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق حسنین نامی لڑکے نے سوشل میڈیا پر لڑکی سے دوستی کر کے اسے مال روڈ پر واقع فائیو اسٹار ہوٹل بلوا لیا، لڑکی کے دعوے کے مطابق لڑکے نے اسے زبردستی زیادتی کا نشانہ بنایا۔

    پولیس رپورٹ کے مطابق متاثرہ لڑکی نے الزام عائد کیا ہے کہ 15 دن پہلے اس کی ملزم حسنین کے ساتھ سوشل میڈیا پر دوستی ہوئی تھی، ملزم نے اسے ہوٹل بلا کر زیادتی کا نشانہ بنا دیا۔

    پولیس نے لڑکی کے دعوے کے مطابق ملزم حسنین کے خلاف مقدمہ درج کر کے اسے حراست میں لے لیا ہے، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ لڑکی کا میڈیکل کرا کے تفتیش کے تقاضے پورے کیے جائیں گے۔

  • سانحہ وزیرآباد کی تحقیقات : جے آئی ٹی نے فیصل واوڈا کو طلب کرلیا

    سانحہ وزیرآباد کی تحقیقات : جے آئی ٹی نے فیصل واوڈا کو طلب کرلیا

    لاہور : سانحہ وزیرآباد کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی نے فیصل واوڈا کو کل طلب کرلیا اور تمام دستاویزات، قومی شناختی کارڈ کے ساتھ لانے کی ہدایت کردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سانحہ وزیرآباد کی تحقیقات کے سلسلے میں جے آئی ٹی نے فیصل واوڈا کوطلب کرلیا اور پنجاب حکومت نے فیصل واوڈا کو شامل تفتیش کرتے ہوئے پیش ہونے کی ہدایت کردی۔

    جےآئی ٹی نے فیصل واوڈا کو تمام ریکارڈ سمیت کل طلب کیا ہے اور تمام دستاویزات، قومی شناختی کارڈ کے ساتھ پیش ہونے کی ہدایت
    کی ہے۔

    سانحہ وزیرآباد کیس کی جےآئی ٹی نے یاسمین راشد ،حماد اظہر سمیت 35 افراد کو بھی طلب کرلیا ہے۔

    یاد رہے فیصل واوڈا نے آزادی مارچ میں خون خرابے کے خدشے سے متعلق بیان دیا تھا۔

    خیال رہے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر حملہ کیس میں جےآئی ٹی نے تینوں ملزمان سے تحقیقات کرکے عینی شاہدین کے بیانات قلمبند کرلئے ہیں۔