Author: بابر ملک

  • ججز کی چھٹیاں ختم ہو گئیں، عدالتوں کی طرف واپسی

    ججز کی چھٹیاں ختم ہو گئیں، عدالتوں کی طرف واپسی

    اسلام آباد (01 ستمبر 2025): اسلام آباد ہائیکورٹ کی موسمِ گرما کی تعطیلات ختم ہو گئیں، ججز چھٹیاں گزار کر عدالتوں کی طرف واپس آ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں موسم گرما کی تعطیلات ختم ہو گئی ہیں، معمول کی عدالتی کارروائی کا آغاز ہو گیا، اسلام آباد ہائیکورٹ کے تمام ججز چھٹیوں سے واپس آ گئے، اور آج سماعتیں کریں گے۔

    جسٹس بابر ستار اور جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان کے ڈویژن بنچ کی کازلسٹ آویزاں کر دی گئی، دونوں ججز کے سنگل بنچز ختم کر کے ٹیکس ریفرنسز کے لیے اسپیشل ڈویژن بنچ تشکیل دیا گیا ہے۔

    ہائیکورٹ میں یکم جولائی سے 31 اگست تک 2 ماہ موسم گرما کی عدالتی تعطیلات رہیں، عدالتی تعطیلات کے دوران صرف ہنگامی نوعیت کے کیسز زیر سماعت رہے۔

    گرمیوں کی 3 ماہ تعطیلات کے بعد اسکول کھل گئے

    واضح رہے کہ بانی پی ٹی ائی کے 28 ستمبر اور 26 نومبر کے 7 مقدمات میں درخواست ضمانت کی سماعت بھی آج ہوگی، 28 ستمبر اور 26 نومبر کے مقدمات تھانہ نیو ٹاؤن وارث خان ٹیکسلا سٹی میں درج ہیں۔ بانی پی ٹی ائی کے وکلا محمد فیصل ملک، غلام حسنین مرتضیٰ بیرسٹر سلمان صفدر کی جانب سے درخواست ضمانت دائر کی گئی تھی، بانی پی ٹی آئی مذکورہ سات مقدمات میں جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل میں ہیں۔

    سات مقدمات کے تفتیشی افسران نے عمران خان کی جیل ہی میں گرفتاری ظاہر کر کے انھیں جوڈیشل کروانے کی عدالت سے استدا کی تھی، آج بانی پی ٹی آئی کی ان مقدمات میں درخواست ضمانت کی سماعت ہے، یہ سماعت راولپنڈی انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے جج امجد علی شاہ کریں گے، پراسیکیوٹر ظہیر شاہ بانی پی ٹی آئی کے وکلا اور پی ٹی آئی رہنما عدالت میں پیش ہوں گے۔

    راولپنڈی اڈیالہ جیل میں اسیر بانی پی ٹی آئی کے طبی معائنے کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے سے متعلق درخواست کی سماعت بھی آج ہوگی، عمران خان کے وکیل محمد فیصل ملک نے اور وکیل محمد فیصل ملک نے درخواست دائر کی تھی، سماعت انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج امجد علی شاہ کریں گے، گزشتہ سماعت پر اڈیالہ جیل انتظامیہ کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کو اب تک دی جانے والی تمام طبی امداد کی تفصیلات کی رپورٹ عدالت میں جمع کروائی گئی تھی۔

  • پی آئی اے کی نجکاری کے خلاف درخواست مسترد

    پی آئی اے کی نجکاری کے خلاف درخواست مسترد

    راولپنڈی: لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ نے قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کی نجکاری کے خلاف درخواست مسترد کردی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ نے قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کی نجکاری کے خلاف دائر درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کردیا۔

    تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پی آئی اے کی نجکاری کا عمل قانون کے مطابق انجام دیا گیا ہے اور اس میں کسی قسم کی بے ضابطگی یا غیر شفافیت ثابت نہیں ہوئی۔

    عدالت کے مطابق نجکاری کمیشن آرڈیننس 2000 کی دفعات 23 اور 24 کے تحت کوئی خلاف ورزی سامنے نہیں آئی۔

    فیصلے میں مزید کہا گیا کہ درخواست گزار نے نجکاری عمل میں بے ضابطگیوں اور غیر شفافیت کے الزامات لگائے تھے تاہم ان الزامات کو ثابت کرنے کے لیے کوئی ٹھوس شواہد پیش نہیں کیے گئے۔

    عدالت نے قرار دیا کہ نجکاری کا عمل آئین کے آرٹیکل 173 اور نجکاری کمیشن آرڈیننس 2000 کے مطابق مکمل کیا گیا۔ حکومت کے پاس قومی ایئرلائن کے 96 فیصد حصص ہیں اور مالی بحران سے نکالنے کے لیے پی آئی اے کی مسابقتی فروخت ناگزیر ہے۔

    فیصلے میں کہا گیا نجکاری کمیشن نے اپنے فرائض قانون کے مطابق انجام دیے ہیں جبکہ عدلیہ معاشی پالیسی میں مداخلت کا اختیار نہیں رکھتی۔

    عدالت کا کہنا تھا کہ اس نے صرف یہ دیکھنا ہوتا ہے کہ نجکاری کا عمل شفاف اور آئینی تقاضوں کے مطابق ہے یا نہیں، اور کیس میں یہ تقاضے پورے کیے گئے ہیں۔

    فیصلے میں مزید کہا گیا کہ پی آئی اے کی نجکاری منصفانہ، شفاف اور قانونی تقاضوں کے مطابق ہے۔

    سماعت کے دوران نجکاری کمیشن کی جانب سے بیرسٹر منال طارق عدالت میں پیش ہوئیں۔

  • بانی پی ٹی ائی کی 7 مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں سماعت کیلیے مقرر

    بانی پی ٹی ائی کی 7 مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں سماعت کیلیے مقرر

    راولپنڈی (28 اگست 2025): انسداد دہشتگردی عدالت نے بانی پی ٹی ائی عمران خان کی 7 مقدمات میں ضمانت بعداز گرفتاری کی درخواستیں سماعت کیلیے منظور کر لی۔

    عدالت نے عمران خان کی ضمانت بعداز گرفتاری کی 7 درخواستیں یکم ستمبر کو سماعت کیلیے مقرر کرتے ہوئے فریقین کو نوٹسز جاری کر دیے۔

    درخواستیں سابق وزیر اعظم کے وکلا کی جانب سے دائر کی گئیں جس پر جج امجد علی شاہ نے سماعت کی۔

    یہ بھی پڑھیں: 9 مئی مقدمات میں عمران خان کی ضمانت منظور، رہائی کا حکم

    سابق وزیر اعظم کو تھانہ نیو ٹاؤن، تھانہ نصیر آباد، تھانہ ٹیکسلا، تھانہ سٹی اور تھانہ سول لائن کے مقدمات میں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجا گیا تھا۔ ان کے مذکورہ تھانوں کے مقدمات میں درخواست ضمانت دائر کی گئی۔

    مقدمات میں سابق وزیر اعظم پر جلاؤ گھیراؤ، سازش کرنے اور قتل کے منصوبے سے متعلق سنگین الزامات عائد ہیں۔

  • لاہور ایئرپورٹ سے نائیجیرین باشندہ گرفتار، پیٹ سے کوکین بھرے کیپسولز برآمد

    لاہور ایئرپورٹ سے نائیجیرین باشندہ گرفتار، پیٹ سے کوکین بھرے کیپسولز برآمد

    لاہور(28 اگست 2025): علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور پر نائجیرین مسافر کے پیٹ سے کوکین برآمد کرلئے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور  پر منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی گئی، اینٹی نارکوٹکس فورس نے نائجیرین مسافر کو گرفتار کر کے اسمگلر کے پیٹ سے 38 کوکین کیپسول برآمد کرلئے۔

      ترجمان اے این ایف ہیڈ کوارٹر کے مطابق برآمدہ کیپسولز سے 646 گرام کوکین برآمد ہوئی، لاہور آمد پر مشتبہ مسافر کو حراست میں لیکر اسپتال منتقل کیا گیا۔

    ترجمان کا کہان ہے کہ ملزم بذریعہ غیر ملکی پرواز، بحرین سے "بزنس ویزہ” پر لاہور پہچا تھا، ملزم کیخلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

    ترجمان اے این ایف کے مطابق بیرون ممالک سے منشیات اسمگلنگ کے بڑھتے کیسز معاشرے کیلئے خطرناک ہے، غیر ملکی باشندوں بالخصوص نائجیرین اور افغان شہریوں کی منشیات اسمگلنگ کیسز میں گرفتاری تشویشناک ہے۔

    اے این ایف وزارت خارجہ کے ذریعے متعلق ممالک کے ساتھ منشیات اسمگلنگ کے انسداد کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے۔

  • راولپنڈی میں زیر زمین پائپ لائن سے آئل چوری کا انکشاف

    راولپنڈی میں زیر زمین پائپ لائن سے آئل چوری کا انکشاف

    راولپنڈی (24 اگست 2025): پی او ایل آئل کمپنی کی زیر زمین پائپ لائن سے آئل چوری پکڑی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں آئل کمپنی کی زیر زمین پائپ لائن سے تیل چوری کا انکشاف ہوا ہے، کمپنی کے افسر کی اطلاع پر تھانہ دھمیال نے بروقت کارروائی کر کے آئل چوری پکڑ لی۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تیل چوروں نے ڈمپر کے نیچے ٹینکر بنا کر اوپر بجری ڈال رکھی تھی، تیل کی چوری کا انکشاف تک ہوا جب مرکزی پائپ لائن سے تیل چرانے کے دوران اچانک آگ لگ گئی، جس پر کمپنی کے افسر نے فوری طور پر پولیس کو مطلع کر دیا۔

    پولیس کی تفتیش سے معلوم ہوا کہ قریبی گھر سے آئل پائپ لائن تک ایک سرنگ بنا کر کروڈ آئل کی چوری کی جا رہی تھی، جس پر صدر بیرونی پولیس نے کمپنی افسر شاہد احمد کی درخواست پر مالک مکان فضل خان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔

    پولیس نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہے۔

    سرکاری لائن سے آئل چوری کے معاملے میں بڑی پیش رفت، ایک اور ٹینکر پکڑا گیا

    واضح رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے سے کراچی میں آئل چوری بہت منظم طریقے سے کی جا رہی ہے، اور اس سلسلے میں کئی سرنگیں اور وارداتیں پکڑی گئی ہیں، مارچ کے مہینے میں بھی کورنگی کے علاقے سے سرکاری لائن سے بڑی مقدار میں آئل چوری پکڑی گئی تھی۔

    اس چوری میں پولیس افسران بھی ملوث تھے، تیل چوری میں ملوث جب 6 افراد پکڑے گئے تو ان کی نشان دہی پر زمان ٹاؤن سے ایک اور آئل ٹینکر پکڑا گیا تھا، جس میں 50 ہزار لیٹر کروڈ آئل موجود تھا۔ اس سے ایک دن قبل ایس ایس پی کورنگی طارق نواز کے مطابق 25 ہزار کروڈ آئل سے بھرا ٹینکر پکڑا گیا تھا۔

  • 1 ہزار کلو ناقص اور بدبودار گوشت تلف کردیا گیا

    1 ہزار کلو ناقص اور بدبودار گوشت تلف کردیا گیا

    راولپنڈی(24 اگست 2025): فوڈ اتھارٹی راولپنڈی نے 1 ہزار کلو مرغی کاگوشت تلف کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق فوڈ اتھارٹی راولپنڈی نے ناقص گوشت کیخلاف مختلف کارروائیوں میں 1 ہزار کلو مرغی کے گوشت کو ناقص اور بدبودار ہونے پر تلف کر دیا۔

    ترجمان فوڈ اتھارٹی راولپنڈی کے مطابق کاروائی فوجی کالونی میں موجود چکن شاپ کیخلاف کی گئی، مرغی کے گوشت سے بدبو اور اسے انتہائی ناقص طریقے سے اسٹور کیا ہوا تھا۔

    ترجمان فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ناقص اور بدبودار گوشت کو پیروادہی کے مختلف ہوٹلوں میں سپلائی کیا جانا تھادوکان مالک کیخلاف پیرواداہی تھانے میں درخواست جمع کرا دی گئی۔

    اس سے قبل ڈھوک کشمیریاں سروس روڈ پر واقع گودام پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران ٹیموں نے 8 ہزار کلو برآمد بدبودار گوشت تلف کر دیا تھا۔

    ترجمان فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ گوشت پر کسی سلاٹر ہاؤس کی مہر بھی موجود نہیں تھی، گوشت سرگودھا، جھنگ اور گوجرہ سے گاڑیوں میں چھپا کر لایا گیا، ملزمان کے خلاف تھانے میں ایف آئی آر درج کروا دی گئی ہے۔

  • راولپنڈی کے سرکاری اسپتالوں میں مریضوں سے تضحیک آمیز سلوک کی دوسری رپورٹ سامنے آگئی

    راولپنڈی کے سرکاری اسپتالوں میں مریضوں سے تضحیک آمیز سلوک کی دوسری رپورٹ سامنے آگئی

    راولپنڈی کے سرکاری اسپتالوں میں ناکافی سہولیات، ناقص صفائی، مالی بد عنوانی اور مریضوں سے تضحیک آمیز سلوک کی دوسری رپورٹ سامنے آگئی۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے سرکاری اسپتالوں کے اسپیشل مانیٹرنگ یونٹ نے ڈی ایچ کیو اسپتال کی 55 صفحات پر مشتمل رپورٹ وزیر اعلٰی پنجاب کو بھیج دی ہے۔

     رپورٹ کے مطابق اسپیشل مانیٹرنگ یونٹ نے ڈی ایچ کیو اسپتال میں بد انتظامی اور بدعنوانی کے اہم شواہد رپورٹ کے ساتھ منسلک کردئیے ہیں، ڈی ایچ کیو اسپتال میں انتظامی خامیاں اور مریضوں کے استحصال کی شکایات سامنے آئی ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق مریضوں سے غیر سرکاری ادائیگی کے مطالبات اور سرجریز تاخیر کا شکار پائی گئی ہیں، لیبر روم میں داخلہ پرچی کی مد میں فیس وصول کی جاتی ہے، مریضوں کے ٹیسٹ اسپتال کے بجائے باہر مہنگے نرخوں پر کرانے پر مجبور کیا جاتا ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ادویات کی قلت، مریضوں کو باہر سے دوائیاں خریدنے پر مجبور کیا جاتا ہے، اسپتال کی فارمیسی میں ایکسپائرڈ دوائیاں اور گندگی کے ڈھیر دیکھے گئے ہیں، بعض ادویات کی میعادِ استعمال قریب ریکارڈ مینجمنٹ میں سنگین خامیاں ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق اسٹاف کی غیر حاضری اور قبل از وقت ڈیوٹی ختم کرنے کا معاملہ سامنے آیا ہے، آرتھوپیڈک او پی ڈی بند ہونے کے باعث علاج میں تاخیر کے مسائل ہیں، ایمرجنسی، او ٹی، نائٹ اسٹاف کے نامناسب رویے کی شکایات سامنے آئی ہیں۔

    اسپتال میں اینڈوسکوپی مشین دو ہفتوں سے خراب، ایم آر آئی دستیاب نہیں، اسپتال میں سی سی ٹی وی کیمرے خراب سیکیورٹی انتظامات نہ ہونے کے برابر ہیں، نیورو اور سرجیکل وارڈز کے واش رومز میں شدید گندگی اور بدبو ہے۔

    فیسلیٹیشن کاؤنٹرز پر پنکھوں اور پینے کے پانی کی کمی دیکھی گئی، ریڈیولوجی میں عملے کی کمی، سیکیورٹی گارڈز غائب، ٹائلز ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، کمپیوٹرائزڈ پرچیاں جاری نہیں کی خاتیں ہینڈ رِٹن پرچیوں پر انحصار کیا جاتا ہے۔

    نیوٹریشن سینٹر اور کچھ کاؤنٹرز مقررہ اوقات سے پہلے بند ملے ہیں، جمعہ کے دن او پی ڈی 1 بجے کے بجائے 12 بجے بند کردی جاتی ہے، ڈریسنگ روم میں آلات نامکمل ایک ہی ڈریسر پر بوجھ ڈالا گیا ہے۔

    مریضوں اور لواحقین کے بیٹھنے کے لیے مناسب انتظامات کی کمی ہے، لیبر روم میں ہر مریض سے 50 روپے کی پرچی چارج کی جاتی ہے،میڈیکل اسٹور میں ڈیٹا انٹری کا کوئی ریکارڈ موجود نہیں، ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف مسلسل غیر حاضر پایا گیا ہے۔

  • لاہور کے سرحدی علاقے  میں حساس اداروں نے بھارتی ڈرون  مار گرایا

    لاہور کے سرحدی علاقے میں حساس اداروں نے بھارتی ڈرون مار گرایا

    لاہور: صوبائی دارلحکومت لاہور کے سرحدی علاقے مناواں میں حساس اداروں نے بھارتی ڈرون مار گرایا، تحقیقات کے بعد مزید حقائق سامنے آئیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے مناواں کی جند یالہ روڈ پر حساس اداروں نے بھارتی ڈرون گرا دیا اور اپنی تحویل میں لے لیا۔

    ایس پی کینٹ قاضی علی رضا نے بتایا کہ ڈرون ایک ہیگزا کاپٹر ماڈل ہے اور ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے سرویلنس ڈرون بھارت کی طرف سے آیا تھا۔

    ایس پی کینٹ کا کہنا تھا کہ حساس ادارے واقعے کی مکمل تحقیقات کر رہے ہیں تحقیقات کے بعد مزید حقائق سامنے آئیں گے۔

    انھوں نے کہا کہ ڈرون کی برآمدگی پاکستانی حدود میں بھارتی دراندازی کی ایک اور کوشش ہے جسے ناکام بنا دیا گیا۔

    یاد رہے حال ہی میں پاک فوج نے بھمبر کے مناور سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر بھارتی کواڈ کاپٹر کو مار گرایا تھا۔

    سیکیورٹی حکام کے مطابق بھارتی ڈرون جاسوسی کے مقاصد کے لیے پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوا تھا، تاہم فوج کی بروقت اور مؤثر کارروائی نے بھارتی سازش کو ناکام بنا دیا۔

    ذرائع نے کہا کہ بھارتی ڈرونز کی مسلسل دراندازی پہلگام واقعے کے بعد پیدا ہونے والی کشیدگی کا تسلسل ہے، جس میں بھارت اشتعال انگیز اقدامات اور دھمکی آمیز بیانات کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔

    فوجی حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان آرمی ہر قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے اور قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ مکمل یکجہتی سے کھڑی ہے۔

  • پی ٹی آئی کے 65 رہنماؤں و کارکنان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

    پی ٹی آئی کے 65 رہنماؤں و کارکنان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

    راولپنڈی: پی ٹی آئی کے 65 رہنماؤں و کارکنان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اے ٹی سی نے 26 نومبر احتجاج سے متعلق وارنٹ گرفتاری جاری کیے، سابق صدر عارف علوی، علی امین گنڈاپور، علیمہ خانم، عمر ایوب کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے ہیں۔

    ملزمان میں زبیر نیازی، فرخ محمد سیال، حماد اظہر، مطیع اللہ شاہ شامل ہیں۔

    کنول شوزب، شیخ وقاص اکرم، عامر مغل، میاں اسلم اقبال سمیت دیگر ملزمان کے بھی وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے ہیں۔

    صادق آباد کے مقدمے میں 28 ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے ہیں، واہ کینٹ کے مقدے میں 18، نصیر آباد مقدمے میں 19 ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری ہوئے ہیں۔

    ترجمان راولپنڈی پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جارہے ہیں، ملزمان کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

  • حسن ابدال: گاڑی برساتی نالے میں بہہ گئی، ایک ہی فیملی کے 10 افراد سوار تھے

    حسن ابدال: گاڑی برساتی نالے میں بہہ گئی، ایک ہی فیملی کے 10 افراد سوار تھے

    راولپنڈی (30 جولائی 2025): حسن ابدال میں آج صبح افسوسناک حادثہ پیش آیا جہاں گاڑی برساتی نالے میں بہہ جانے سے ایک ہی فیملی کے 10 افراد ڈوب گئے۔

    حادثے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیموں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر امداد کارروائی کا آغاز کیا اور 5 افراد کو بچا لیا جبکہ دیگر 5 کی تلاش جاری ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: گاڑی برساتی نالے میں بہہ گئی، 2 افراد جاں بحق

    ریسکیو حکام نے بتایا کہ ریسکیو کی غوطہ خور ٹیم سرچ آپریشن میں مصروف ہیں، 4 خواتین اور ایک بچے کی تلاش جاری ہے۔

    22 جولائی کو اسلام آباد میں نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے فیز فائیو میں کرنل ریٹائرڈ اسحاق قاضی اپنی بیٹی کے ہمراہ کار میں سوار ہو کر گھر سے نکلے تھے کہ سوسائٹی کے برساتی نالے میں کار بند ہونے کے باعث پانی میں بہہ گئی تھی۔

    حادثے کی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا تھا کہ بے بس باپ گاڑی سے مدد کیلیے پکارتا رہا، کار میں ریٹائرڈ کرنل اسحاق قاضی اوران کی پچیس سال کی بیٹی سوار تھیں۔

    24 جولائی کو بہہ جانے والی گاڑی کا بونٹ اور دروازہ مل گیا تھا تاہم باپ بیٹی کی تلاش جاری رہی۔ کشتیوں کے ذریعے غوطہ خوروں اور جدید الات کی مدد سے آپریشن کا آغاز کیا گیا۔

    آپریشن جی ٹی روڈ سوا پل سے شروع کیا گیا تو سواں پل کے قریب دریا کے پاس گاڑی کا بونٹ اور دروازہ ملا۔

    ریسکیوحکام نے بتایا تھا کہ دریائے سواں میں پانی میں بہاؤ میں کمی کے باعث آپریشن بڑے پیمانے پر جاری رکھا جائے گا، زیر زمین نالوں اور پانی کی دیگر گزرگاہوں پر بھی آپریشن کر رہے ہیں۔