راولپنڈی: تھری ایم پی او نظر بندی کے خلاف پیشگی عدالتی اجازت کی پابندی کا فیصلہ معطل ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی کے ڈویژن بینچ نے 3 ایم پی او نظر بندی کے خلاف پیشگی عدالتی اجازت کی پابندی کا سنگل بینچ کا فیصلہ معطل کر دیا۔
ڈپٹی کمشنر کا کسی بھی شخصیت، کارکن کو کسی بھی وقت بغیر اجازت نظر بند کرنے کا اختیار بحال کر دیا گیا، یہ فیصلہ جسٹس جواد حسن اور جسٹس مرزا وقاص رؤف پر مشتمل ڈویژن بنچ نے ڈپٹی کمشنر کی اپیل پر دیا۔
ڈویژن بینچ نے فریقین کو نوٹس جاری کر دیا ہے، اور ان سے 2 ہفتے میں جواب طلب کر لیا ، اپیل کی آئندہ سماعت ستمبر کے پہلے ہفتہ تک ملتوی کر دی گئی۔
لاہور ہائیکورٹ کے روالپنڈی بینچ سابق وفاقی وزیر شہریار آفریدی سمیت پی ٹی آئی کے 57 کارکنوں کی نظر بندی کو کالعدم قرار دے دیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر شہریار آفریدی ودیگر پارٹی کارکنوں کی نظر بندی کے خلاف لاہور ہائیکورٹ کے راولپنڈی بینچ میں سماعت ہوئی۔ جسٹس انوار الحق نے سماعت کی جب کہ شہریار آفریدی کے وکلا عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔
سماعت کے آغاز پر ہائیکورٹ جج نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو ایک گھنٹے میں طلب کر لیا۔ اس موقع پر ضلعی انتظامیہ کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ شہریار آفریدی کی نظر بندی کے احکامات منسوخ کر دیے گئے ہیں۔
عدالت نے 9 مئی واقعات کے بعد نظر بند سابق وفاقی وزیر شہریار آفریدی اور دیگر 57 پی ٹی آئی کارکنان کی نظر بندی کو کالعدم قرار دے دیا۔
واضح رہے کہ سابق وفاقی وزیر برائے امور کشمیر کو 9 مئی واقعے کے بعد ان کی سسرالی رہائشگاہ سے گرفتار کیا گیا تھا بعد ازاں رہائی کے بعد انہیں دوبارہ گرفتار کرکے نظر بند کر دیا گیا تھا۔
راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شہریار آفریدی کی انسداد دہشت گردی عدالت سے رہائی ملنے کے بعد پولیس نے دوبارہ گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شہریار آفریدی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش ہوئے، عدالت نے شہریار آفریدی کو فوری رہا کرنے کا حکم دیدیا۔
انسداد دہشتگردی عدالت کے جج نے شہریار آفریدی کو رہائی کا حکام دیتے ہوئے ایس ایس پی آپریشن کو شو کاز نوٹس جاری کردیا۔
شہریار آفریدی کے وکیل چوہدری اشتیاق نے بتایا کہ شہریارآفریدی عدالت سے وکلاء کے ہمراہ باہر آئے تو پولیس نے پھر گرفتارکیا، گرفتاری کے دوران پولیس نے وکلااور شہریار آفریدی کے کپڑے پھاڑ دیئے۔
وکیل چوہدری اشتیاق نے بتایا کہ شہریار آفریدی، وکلا نے انسداد دہشتگردی عدالت میں پناہ لی ہوئی تھی۔
انسداد دہشتگردی عدالت سے رہائی کے بعد شہریار آفریدی کو 16 ایم پی او کے تحت دوبارہ گرفتار کر کے اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔
راولپنڈی: ایک تیز رفتار ڈمپر نے جی ٹی روڈ ہائیکورٹ کے قریب 5 گاڑیوں کو کچل دیا، جس کی سی سی فوٹیج سامنے آگئی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق راولپنڈی میں جی ٹی روڈ ہائیکورٹ کے قریب ایک تیز رفتار ڈمپر نے پانچ گاڑیوں کو کچل دیا، حادثے میں ایک شخص جاں بحق اور 5 زخمی ہو گئے ہیں، جب کہ 3 کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔
تاہم اب اس المناک ٹریفک حادثےکی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی ہے، سی سی ٹی وی فوٹیج میں تیز رفتار ڈمپر کو گاڑیوں کو کچلتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈمپر کی رفتار بھی تیز تھی اور اسے رفتار کے حوالے سے تنبیہہ بھی کی گئی تھی، جبکہ یہ بھی بتایا جارہا ہے کہ راولپنڈی پولیس کی غفلت، مزکورہ سڑک پر ہیوی ٹریفک کا داخلہ بند ہے۔
راولپنڈی: ایک تیز رفتار ڈمپر نے جی ٹی روڈ ہائیکورٹ کے قریب 5 گاڑیوں کو کچل دیا، جس میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں جی ٹی روڈ ہائیکورٹ کے قریب ایک تیز رفتار ڈمپر نے پانچ گاڑیوں کو کچل دیا، حادثے میں ایک شخص جاں بحق اور 5 زخمی ہو گئے ہیں، جب کہ 3 کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثہ ڈمپر کے بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا، ڈمپر سیمنٹ ک بوریوں سے لدا ہوا تھا، اترائی پر بریک فیل ہونے کے باعث ڈمپر سڑک پر قطار میں آہستہ رفتار سے جا رہی گاڑیوں پر چڑھ دوڑا۔
حادثے کے باعث ایک شخص موقع ہی پر جاں بحق ہو گیا، حادثے کے فوراً بعد ریسکیو اور پولیس ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی تھیں، زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جن میں سے کئی کی حالت تشویش ناک ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈمپر کی رفتار بھی تیز تھی اور اسے رفتار کے حوالے سے تنبیہہ بھی کی گئی تھی۔
راولپنڈی : نوجوان مسعود کی خودکشی کے بعد ایف آئی اے نے آن لائن ایپس کیخلاف کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے مسعود کے بھائی اوراہلیہ کے بیانات ریکارڈ کرلئے۔
تفصیلات کے مطابق آن لائن لون ایپس کی کمپنیاں لوگوں سے پیسے بٹورنے کے ساتھ ساتھ اُن کی زندگیاں بھی نگلنے لگیں۔
راولپنڈی میں آن لائن ایپ کمپنی کی دھمکیوں سے پریشان اور قرض میں ڈوبے دو بچوں کے باپ نے خودکشی کرلی، واقعے کے بعد ایف آئی اے حرکت میں آگئی۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے نے آن لائن لون ایپس کے خلاف ایکشن کا فیصلہ کرلیا، ایف آئی اے راولپنڈی کی خصوصی ٹیم متاثرہ شہری کے گھر پہنچی۔
ایف آئی اے کی ٹیم نے متوفی مسعود کے بھائی اوراہلیہ کے بیانات ریکارڈ کرکے مسعود کے موبائل فون کو فرانزک کے لیے بھیج دیا ہے۔
لواحقین نے آن لائن لون ایپ کی جانب سے دی جانے والی دھمکیوں کی آڈیوز بھی ایف آئی اے ٹیم کے حوالے کردیں۔
ایف آئی اے نے کہا کہ معاملے کا ہر پہلو سے جائزہ لیا جائے گا اور ملوث کرداروں کو سامنے لایا جائے گا اور جلد ملزمان قانون کے کٹہرے میں ہوں گے۔
راولپنڈی کے رہائشی مسعود نے چند روز قبل آن لائن ایپ کے قرض اور سود سے تنگ آکر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا تھا۔
مسعود نے خودکشی سے پہلے اپنی آخری آڈیو میں ساری رو داد سناتے ہوئے اہلیہ سے معافی مانگی اور کہا میرے پاس کوئی آپشن نہیں تھا۔
اہلیہ مسعود متوفی کی بیوہ کا کہنا تھا کہ بچوں کی فیسوں اور مکان کے کرائے کے لیے ایک ایپ سے تیرہ ہزار روپے قرض لیا تھا، جوچند ہفتوں میں سود کے ساتھ پچاس ہزارتک پہنچ گیا، جسے چکانے کے لیے دوسری ایپ سے مزید اُدھار لیا تاہم لاکھوں روپے ادا کرنے کے باوجود لون ایپس کمپنیوں کے نمائندے مسلسل تنگ کررہے تھے۔
راولپنڈی : آن لائن لون ایپ کی دھمکیوں سے تنگ آکر خودکشی کرنے والے مسعود کے بھائی کا کہنا ہے کہ مسعود کی تدفین کے بعد بھی دھمکی آمیز فون کالز آرہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق آن لائن لون ایپ کی دھمکیوں سے تنگ آکر خودکشی کرنے والے مسعود کے بھائی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسعود کی تدفین کے بعد بھی دھمکی آمیز فون کالز اب بھی آرہی ہیں، پیسے دو ورنہ فیملی کی تصویریں وائرل کردیں گے۔
اس سے قبل آن لائن لون ایپ کےنمائندے کی مسعود کے بھانجے سے فون پر گفتگو بھی سامنے آگئی ہے ، نمائندہ دھمکیاں دے رہا ہے۔
آن لائن ایپ نمائندہ کا کہنا تھا کہ مذاق بنارکھاہے تم سب فراڈیے ہو، سب باہر نکلو گے، ساری معلومات ہیں ہمارے پاس۔
گذشتہ روز راولپنڈی میں ایک شخص نےآن لائن ایپ کی بلیک میلنگ سےتنگ آکرخود کشی کرلی تھی۔
محمد مسعود نے اپنے آخری پیغام میں بیوی سے معافی مانگی اور کہا بہت سارے لوگوں کے سود کے پیسے دینے ہیں اس کے سوا کوئی اور راستہ نہیں ۔
آن لائن ایب کے ایجنٹ کی آڈیو سامنے آئی تھی ، جس میں میں واضح سنا جاسکتا ہے ایجنٹ اہل خانہ کو دھکمیاں دیں۔
اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر غلام سرور خان دوست کے گھر سے گرفتار ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان کو اسلام آباد کے علاقے ایف 8 میں دوست کے گھر سے گرفتار کر لیا گیا، پولیس حکام نے تصدیق کر دی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار شدگان میں غلام سرور کے بیٹے منصور حیات اور بھتیجے عمار صدیق بھی شامل ہیں، تینوں سانحہ 9 مئی میں جلاؤ گھیراؤ اور جوڈیشل کمپلیکس پر حملے میں مطلوب تھے۔
پولیس حکام کے مطابق ملزمان کے خلاف اسلام آباد، ٹیکسلا اور راولپنڈی میں مقدمات درج ہیں۔
واضح رہے کہ جڑواں شہروں کی پولیس غلام سرور کی گرفتاری کے لیے ان کے مختلف ٹھکانوں پر چھاپے مارتی رہی ہے، ٹیکسلا میں ان کے دفاتر اور پیٹرول پمپ بھی سیل کر دیے گئے تھے۔
ذرائع کے مطابق غلام سرور ایف ایٹ میں اپنے دوست کے گھر ایک میٹنگ کے لیے گئے تھے، لیکن پولیس کو اس کی اطلاع ملی تو چھاپا مار کر انھیں گرفتار کر لیا گیا، یہ آپریشن جڑواں شہروں کی پولیس نے مل کر کیا، سابق وزیر کو مقدمات میں عدالت میں پیش کیا جائے گا، تاہم یہ ابھی طے نہیں ہوا ہے کہ انھیں اسلام آباد کی مقامی ماتحت عدالت میں پیش کیا جائے گا یا راولپنڈی منتقل کیا جائے گا۔
راولپنڈی: اینٹی نارکوٹکس فورس نے گوادر میں 200 لیٹر لیکوئیڈ آئس، ڈی جی خان میں 180 کلو چرس، اور پشین میں 221 کلو مارفین برآمد کر لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس کی منشیات کے خلاف ملک گیر کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، دس سے زائد کارروائیوں میں اے این ایف نے بھاری مقدار میں منشیات برآمدگی سمیت 9 افراد کو گرفتار کر لیا ہے، اور ان کے خلاف منشیات رکھنے اور اسمگلنگ کے مقدمات درج کر دیے ہیں۔
اےاین ایف کے مطابق گوادر کے علاقے پدی زر کے قریب چھپائی گئی 200 لیٹر لیکوئیڈ آئس، اور 30 کلو چرس برآمد ہوئی، برآمد منشیات بیرون ملک اسمگلنگ کی غرض سے چھپائی گئی تھی۔
کوئٹہ سے پنجاب منشیات اسمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بنائی گئی، ڈیرہ غازی خان کے قریب پیاز سے بھرے ایک ٹرک میں چھپائی گئی 180 کلو چرس برآمد ہوئی، چرس ٹرک میں بنے خفیہ خانے میں چھپائی گئی تھی، اے این ایف نے 2 ملزمان کو گرفتار کیا۔
پشین کے غیر آباد علاقے سے 371 کلو ہیروئن اور 221 کلو مارفین برآمد ہوئی، برآمد منشیات بیرون ملک اسمگل کرنے کی غرض سے پہاڑیوں میں چھپائی گئی تھی۔
گڈاپ ٹاؤن کراچی کے قریب انڈس چوک پر کار سے 51 کلو چرس برآمد کی گئی، اور ملزم گرفتار ہوا، ایئر پورٹ روڈ کوئٹہ میں لوڈر رکشے میں چھپائی گئی 10 کلو چرس برآمد ہوئی، اور ملزم کو گرفتار کیا گیا، پنجگور کے علاقے بونستان میں جھاڑیوں کے نیچے چھپائی گئی 15 کلو چرس برآمد ہوئی۔
اے این ایف راولپنڈی کی رنگ روڈ پشاور الحرم ٹاؤن میں کارروائی کے دوران پہلے سے گرفتار ملزم کی نشان دہی پر خیبر ایجنسی کے رہائشی 2 ملزمان گرفتار کیے گئے، ملزمان کے قبضے سے 2 آئس بھرے کیپسول بھی برآمد ہوئے، وزیر آباد روڈ کے قریب سیالکوٹ کے رہائشی ملزم سے 500 گرام ہیروئن برآمد ہوئی۔
جی ٹی روڈ پشاور کے قریب 2 افغان باشندوں سے 2400 نشہ آور گولیاں برآمد ہوئی، باڑہ خیبر کے غیر آباد علاقے سے 5 کلو چرس اور 1 کلو 500 گرام آئس برآمد ہوئی، خیبر ضلع جروبی میں اسمگلنگ کی غرض سے چھپائی گئی 7 کلو چرس برآمد ہوئی، پشاور میں پشتہ خرہ چوک کے قریب گاڑی سے 2 کلو چرس برآمد ہوئی اور ملزم کو گرفتار کیا گیا۔