Author: بابر ملک

  • پی ٹی آئی کو ایک بار پھر جلسے کی تیاری سے روک دیا گیا

    پی ٹی آئی کو ایک بار پھر جلسے کی تیاری سے روک دیا گیا

    راولپنڈی: تحریک انصاف کو ایک مرتبہ پھرجلسے کی تیاری سے روک دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس حکام نے فیض آباد کے قریب حقیقی آزادی مارچ کی تیاریوں میں مصروف کارکنان کو تیاری سے روک دیا۔

    پولیس حکام کا موقف تھا کہ جلسے کا اسٹیج فیض آباد کےقریب نہیں لگ سکتا، ابھی ابھی آرڈر ملے ہیں کہ جلسہ گاہ اوراسٹیج کا کام روک دیا جائے۔

    واضح رہے کہ ایک دن میں یہ دوبار ہوا ہے کہ پی ٹی آئی کو فیض آباد کے قریب اسٹیج بنانے سے روکا گیا ہے۔

    اب سے کچھ دیر قبل بھی پولیس حکام نے اسٹیج کی تیاری کا کام بند کرادیا تھا اور کام میں مصروف عملے سے شناختی کارڈز چھین لئےتھے۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ اوپر سےحکم آیا ہے یہاں اسٹیج نہیں بننے دیا جائے گا۔

    یہ بھی پڑھیں: پولیس نے فیض آباد کے قریب تحریک انصاف کا اسٹیج بنانے سے روک دیا

    خیال رہے پی ٹی آئی کو فیض آباد میں جلسے کی مشروط اجازت مل چکی ہیں لیکن ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کی جانب سے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کئے جارہے ہیں۔

    ڈی سی نے پی ٹی آئی حکام کو متنبہ کیا کہ فیض آباد کو چھبیس نومبر کی رات ہی خالی کیا جائے گا، کسی کارکن کو بھی علامہ اقبال پارک میں رکنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

  • تحریک انصاف کو راولپنڈی میں جلسے کی مشروط اجازت مل گئی

    تحریک انصاف کو راولپنڈی میں جلسے کی مشروط اجازت مل گئی

    پاکستان تحریک انصاف کو 26 نومبر کو فیض آباد میں جلسے کی اجازت مل گئی ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے 56 شرائط کے ساتھ اجازت نامہ جاری کیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کو حقیقی آزادی مارچ کے سلسلے میں فیض آباد راولپنڈی میں 26 نومبر کو جلسے کی اجازت مل گئی ہے۔ ڈی سی نے 56 شرائط کے ساتھ اجازت نامہ جاری کیا ہے۔ شرائط کی عدم پیروی پر جلسہ انتظامیہ کے خلاف کارروائی ہوگی۔

    ڈپٹی کمشنر کی جانب سے 56 شرائط کے ساتھ جاری کیے گئے اجازت نامے کی اولین شرط ہے کہ فیض آباد کو 26 نومبر کی رات ہی خالی کیا جائے گا۔ انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم روالپنڈی ٹیسٹ کھیلنے پہنچ رہی ہے اس لیے جلسہ کرنے کے بعد جگہ کو مکمل خالی کرنا ہوگا۔

    اجازت نامے میں یہ بھی شرائط شامل ہیں کہ علامہ اقبال پارک کارکنان کے رکنے کیلیے استعمال نہیں کیا جائے گا اور پروگرام کے ختم ہوتے ہی پارک کو بھی خالی کردیا جائے گا۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان انتظامیہ کے طے شدہ روٹ کو استعمال کریں گے اور جلسے سے قبل اور بعد میں سن روف والی گاڑی استعمال نہیں کریں گے۔

    نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ جلسے میں ڈرون کیمرے کے استعمال کی بالکل اجازت نہیں ہوگی اور کسی طریقے کے بھی جانی نقصان کی ذمے دار جلسہ انتظامیہ ہوگی۔

    نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اجازت نامے میں عائد کی گئی شرائط کی خلاف ورزی پر جلسہ انتظامیہ کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

    ڈی سی کے جاری نوٹیفکیشن میں پی ٹی آئی کے جلسے کے سلسلے میں پولیس کو تمام تر ضروری سیکیورٹی اقدامات کرنے اور ٹریفک پلان پر مکمل طور پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین کل احتجاج کی قیادت کریں گے اور جلسے سے خطاب میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

  • پولیس نے حقیقی آزادی مارچ کے لئے سیکیورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی

    پولیس نے حقیقی آزادی مارچ کے لئے سیکیورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی

    راولپنڈی : پولیس نے حقیقی آزادی مارچ کے لئے سیکیورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی، سیکیورٹی کے لیے 10 ہزار سے زائد پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق حقیقی آزادی مارچ کے لئے راولپنڈی پولیس نے سیکیورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی۔

    مارچ کی سیکیورٹی کے لیے 10 ہزار سے زائد پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا جائے گا ، پنجاب ہائی وے پٹرولنگ کے 500 اور 122 کمانڈوز کو بھی تعینات کیا جائے گا۔

    سیکیورٹی کے لئے 38 ایلیٹ فورس اہلکار،91 خواتین اور ایک ہزار 94 ٹریفک اہلکار و دیگر تعینات ہوں گے جبکہ پنجاب پولیس اور پنجاب ہائی وے پٹرولنگ کے اہلکار اسٹینڈ بائی رہیں گے۔

    راولپنڈی:حقیقی آزادی مارچ کی مانیٹرنگ کے لیے کلوزسرکٹ کیمروں کا کام بھی مکمل کرلیا گیا ہے ، مارچ کی سیکیورٹی کی نگرانی ایس ایس پی آپریشنز کریں گے۔

    خیال رہے تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے دوسرے مرحلے کا نواں روز ہے ، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اپنی رہائشگاہ زمان پارک میں موجود ہیں۔

    عمران خان ساڑھے 4بجےلانگ مارچ کےشرکاسےوڈیولنک پرخطاب کر یں گے۔

    زمان پارک کےاطراف سیکیورٹی کے سخت انتظامات ٓکئے گئے ہیں جبکہ عمران خان کی سیکیورٹی کے لئے کے پی پولیس کے کمانڈوز رہائشگاہ کے اندر تعینات ہیں۔

    رہائشگاہ کے اطراف میں سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے نگرانی کی جا رہی ہے۔

  • عمران خان پر حملے کیخلاف کارکنان سراپا احتجاج، فیض آباد میں مظاہرین پر پولیس کی شیلنگ

    عمران خان پر حملے کیخلاف کارکنان سراپا احتجاج، فیض آباد میں مظاہرین پر پولیس کی شیلنگ

    اسلام آباد: کراچی: لاہور: عمران خان پر حملے کے خلاف پی ٹی آئی کارکنان کا ملک بھر میں احتجاج جاری ہے مظاہرین نے مختلف مقامات پر سڑکیں بند کردیں جبکہ فیض آباد میں احتجاجی مظاہرین پر پولیس کی جانب سے شیلنگ کی گئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر قاتلانہ حملے کے خلاف پی ٹی آئی کارکنان کی جانب فیض آباد میں احتجاج کیا گیا پولیس کی جانب سے مظاہرین پر آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی، لاہور میں 8 مقامات پر احتجاج جاری ہے۔

    لاہور میں مظاہرین نے گورنرہاؤس چوک کو بند کردیا

    لاہور میں مظاہرین نے گورنرہاؤس چوک کو بند کردیا، سینٹر پوائنٹ کی جانب سے لبرٹی جانے والا ٹریک ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے ادھر ٹھوکر نیاز بیگ چوک پر بھی مظاہرین نے سڑک کو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا۔

    ’گل انٹرچینج کو بھی ٹریفک کے لیے بند کردیا جبکہ شاہدرہ چوک، شنگھائی پل، بابو صابو، فیصل چوک پر بھی احتجاج جاری ہے۔‘

    سی ٹی او ڈاکٹر اسد نے تمام افسران کو چوکوں پر موجود رہنے کا حکم

    سی ٹی او ڈاکٹر اسد نے تمام افسران کو چوکوں پر موجود رہنے کا حکم جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو متبادل راستے فراہم کیے جارہے ہیں، ایمبولینسز، ایمرجنسی گاڑیوں کے لیے راستہ کلیئر رکھا جائے۔

    کراچی: نمائش سے صدر جانے والے ٹریک پر ٹریفک معطل

    شہر قائد کے علاقے نمائش چورنگی پر بھی پی ٹی آئی کی کارکنان کی جانب سے احتجاج کیا گیا جس کے باعث نمائش سے صدر جانے والے ٹریک پر ٹریفک معطل ہوگئی، جبکہ پولیس کی بھاری نفری نمائش سے ہٹا کر سی بریز کی طرف بھیج دی گئی ہے۔

    اوکاڑہ میں پی ٹی آئی کارکنان نے احتجاج کے طور پر ریلوے ٹریک کو بند کردیا کارکنان پھاٹک کے درمیان میں دھرنا دے کر بیٹھ گئے۔

     

  • عدالت  کا وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنااللہ کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم

    عدالت کا وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنااللہ کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم

    راولپنڈی : عدالت نے وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنااللہ کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے اشتہاری قرار دینے کی استدعا مسترد کردی۔

    تفصیلات کے مطابق مقامی عدالت میں وفاقی وزیر داخلہ راناثنا اللہ سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، مقدمے کی سماعت سینئر سول جج غلام اکبر نے کی۔

    دوران سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ ابھی وارنٹ گرفتاری جاری ہوئے، یک دم اشتہاری کیسے قرار دیں۔

    جج نے ریمارکس دیے دوبارہ اسلام آباد جاؤ، ملزم کوگرفتار کرکےعدالت پیش کرو، جس پر تفتیشی ٹیم نے درخواست کی ملزم چھپ رہا ہے، گرفتاری کی کوشش کی، اب اشتہاری ڈکلئیرکیا جائے۔

    جس پر عدالت نے دوبارہ اسلام آباد جا کر وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنااللہ کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے دوبارہ وارنٹ جاری کرنے اور اشتہاری قرار دینے کی استدعا مسترد کردی۔

    خیال رہے رانا ثنا کیخلاف اینٹی کرپشن نے کلرکہار میں مبینہ اراضی فراڈ میں مقدمہ درج کیا تھا۔۔

    یاد رہے دو روز قبل راولپنڈی کے سینیئر سول جج کرمنل ڈویژن ماڈل ٹرائل کورٹ غلام اکبر نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ کی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے، رانا ثناء اللہ پر 420، 471، 109، 467، 468اور دیگر دفعات کے تحت اینٹی کرپشن سیل کو مطوب ہے۔

    ترجمان اینٹی کرپشن نے وضاحت کی تھی کہ اینٹی کرپشن انکوائری میں حاضر نہ ہونے کے باعث رانا ثنا اللہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری مقدمہ نمبر20/19 میں جاری ہوئے ہیں۔

  • پی ٹی آئی کا ممکنہ لانگ مارچ، حکومت نے تیاریاں شروع کردیں

    پی ٹی آئی کا ممکنہ لانگ مارچ، حکومت نے تیاریاں شروع کردیں

    پی ٹی آئی کے ممکنہ لانگ مارچ سے نمٹنے کے لیے وفاقی حکومت نے تیاریاں شروع کردی ہیں اور انتظامیہ نے اسلام آباد کے داخلی راستوں پر کنٹیرز پہنچا دیے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ٹی آئی نے اسلام آباد لانگ مارچ کے لیے باضابطہ تاریخ کا اعلان نہیں کیا اس سے قبل ہی وفاقی حکومت نے ممکنہ لانگ مارچ سے نمٹنے کے لیے بھرپور تیاریاں شروع کردی ہیں۔

    گزشتہ شام پی ٹی ایم حکومتی اتحادی جماعتوں کے اجلاس اور لانگ مارچ کو ہر صورت ناکام بنانے کے مشترکہ فیصلے کے بعد اسلام آباد انتظامیہ بھی حرکت میں آگئی اور رات گئے آپریشن شروع کردیا۔

    اسلام آباد انتظامیہ نے ملک بھر سے وفاقی دارالحکومت آنے والے راستوں کو بند کرنے کے لیے تمام داخلی راستوں پر کنٹینزر پہنچانا شروع کردیے، یہ کنٹینرز فیض آباد پل کے نیچے سڑک پر اور دیگر داخلی راستوں پر رکھے جا رہے ہیں۔

    اس کے ساتھ ہی وفاقی پولیس سمیت رینجرز اور ایف سی نے ممکنہ لانگ مارچ سے نمٹنے کیلیے مشقیں شروع کر دی ہیں۔

    اسلام آباد کو ماضی کی طرح اگر کنٹینرز لگا کر بند کیا گیا تو نہ صرف اسلام آباد کے عام شہریوں، ملازم پیشہ اور کاروباری طبقے بلکہ طلبہ وطالبات کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا بلکہ پنجاب بھر میں معمولات زندگی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پی ڈی ایم اور اتحادی جماعتوں کا مشاورتی اجلاس ہوا تھا جس میں آڈیو لیکس، سائفر اور عمران خان کے لانگ مارچ سے متعلق حکمت عملی پر اتحادیوں کو اعتماد میں لیا گیا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں: حکومتی اتحادی جماعتوں کا سائفر معاملہ منطقی انجام تک پہنچانے کا فیصلہ

    اجلاس کے جاری اعلامیے کے مطابق اتحادیوں نے طے کیا تھا کہ آئین وقانون کی حدود کو پھلانگ کر اسلام آباد پر دھاوا بولنے کی اجازت نہیں دی جائیگی جب کہ پنجاب اور کے پی حکومتوں کو وارننگ دی گئی کہ وہ فساد کی راہ ہموار کرنے سے باز رہیں۔

  • آؤٹ سورس تھل ایکسپریس کا ٹکٹنگ سسٹم ہیک، کیس ایف آئی اے کو بھیجا جائے گا

    آؤٹ سورس تھل ایکسپریس کا ٹکٹنگ سسٹم ہیک، کیس ایف آئی اے کو بھیجا جائے گا

    راولپنڈی: آؤٹ سورس تھل ایکسپریس کا ٹکٹنگ سسٹم ہیک ہونے کا کیس ایف آئی اے کو بھیجا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلوے کی آؤٹ سورس تھل ایکسپریس کا ٹکٹنگ سسٹم ہیک ہو گیا، مسافروں کو جاری ٹکٹس پر غیر اخلاقی، اور نازیبا الفاظ پرنٹ ہو گئے تھے۔

    تھل ایکسپریس کے آئی ٹی منیجر نے ڈی ایس ریلوے کو درخواست میں انکشاف کیا کہ ٹکٹنگ سسٹم ہیک کیا گیا تھا۔

    ایس پی ریلوے کا کہنا ہے کہ مقدمہ ریلوے پولیس کی جانب سے درج کیا گیا ہے، تاہم یہ سائبر کرائم ہے اس لیے معاملہ ایف آئی اے کو بھیجیں گے۔

    رپورٹ کے مطابق تھل ایکسپریس کو آؤٹ سورس کرنے کا عمل 22 اپریل کو مکمل کیا گیا تھا، 30 ستمبر کو نجی کمپنی نے جب ٹکٹس جاری کیے تو اس پر نازیبا الفاظ پرنٹ ہو گئے۔

    آئی ٹی مینیجر کی درخواست پر نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

  • وفاقی پولیس نے جڑواں شہروں کے ملحقہ راستے سیل کرنا شروع کردیے

    وفاقی پولیس نے جڑواں شہروں کے ملحقہ راستے سیل کرنا شروع کردیے

    وفاقی پولیس نے جڑواں شہروں کے ملحقہ راستے سیل کرنا شروع کردیے راستوں کی بندش کے باعث دفاتر، کام کاج اور تعلیمی ادارون کو جانے والے افراد کو مشکلات کا سامنا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی پولیس نے جڑواں شہروں کے ملحقہ راستے سیل کرنا شروع کردیے ہیں، ڈی چوک سے اسلام آباد جانے والی مرکزی شاہراہ بھی بند کر دی گئی، ریڈ زون، آئی جے پی روڈ، فیض آباد، بہارہ کہو میں کنٹینرز پہنچا دیے گئے ہیں۔

    اس حوالے سے آئی جی اسلام آباد رات بھر راستوں کی بندش کیلیے انتظامات کا جائزہ اور احکامات دیتے رہے، راستوں کی بندش سے دفاتر، کام کاج اور تعلیمی اداروں کو جانے والے افراد اور طلبہ وطالبات کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

    دوسری جانب اسلام آباد پولیس کے مطابق پاکستان کسان اتحاد کی ممکنہ احتجاجی ریلی کے پیش نظر راستے بند کیے ہیں، ریڈ زون کے داخلی اور خارجی راستے بند ہیں، ایوب چوک، ایکسپریس چوک اور نادرا چوک بند ہیں۔

    ٹریفک پولیس حکام کا کہنا ہے کہ متبادل راستے کے طور پر مارگلہ روڈ کھلا ہے، ریڈزون میں داخلے کیلئے سرینا چوک سے ایک لین کھلی ہے جب کہ روات ٹی چوک پر دونوں اطراف کی ٹریفک کے لیے ایک لین کھلی ہوئی ہے، تاہم ایک لین کھلی ہونے کے باعث ٹریفک جام ہوسکتا ہے۔

    واضح رہے کہ اپنے مطالبات کی منظوری کے لیے پاکستان کسان اتحاد کی جانب سے گزشتہ ہفتے بھی وفاقی دارالحکومت میں احتجاج کیا گیا تھا۔

  • ڈاکوؤں نے تاجر سے کروڑ روپے کا سونا اور نقدی چھین لی (ویڈیو)

    ڈاکوؤں نے تاجر سے کروڑ روپے کا سونا اور نقدی چھین لی (ویڈیو)

    راولپنڈی: ڈاکوؤں نے ایک تاجر سے کروڑ روپے کا سونا اور نقدی چھین لی، واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں تھانہ نیو ٹاؤن کی حدود میں ڈکیتی کی بڑی واردات ہوئی ہے، جس میں 2 لٹیرے ایک تاجر سے 25 تولہ سونا اور نقدی لے کر فرار ہو گئے۔

    یہ واقعہ سیٹلائٹ ٹاؤن بی بلاک میں پیش آیا، فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مسلح موٹر سائیکل سواروں نے تاجر کی گاڑی روکی، اور پھر ان سے اور ان کی فیملی سے سونا اور نقدی چھین لی۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج میں مسلح موٹر سائیکل سواروں کو اسلحہ لہراتے بھی دیکھا جا سکتا ہے، پولیس نے اس واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔

  • چراغ تلے اندھیرا، تھانے کے باہر نشئی افراد کے ڈیرے، ویڈیو دیکھیں

    چراغ تلے اندھیرا، تھانے کے باہر نشئی افراد کے ڈیرے، ویڈیو دیکھیں

    راولپنڈی میں منشیات کے عادی افراد کی تعداد میں خطرناک حد تک اضافہ ہوگیا ہے اور ان کے حوصلے اتنے بلند ہوگئے ہیں کہ وہ تھانے کے آگے ڈیرے ڈال کر نشہ کرنے لگے ہیں۔

    پولیس کے بہت سارے فرائض میں سے ایک فرض منشیات کا قلع قمع بھی کرنا ہے لیکن یہاں تو چراغ تلے اندھیرا کے مترادف نشئی افراد تھانوں کے باہر دھڑلے سے نشہ کرنے لگے ہیں جس کی ویڈیو منظر عام پر آگئی ہے۔

    زیر نظر ویڈیو دیکھ کر اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ یا تو پولیس اپنے فرائض منصبی پورا کرنے میں ناکام ہے یا پھر منشیات کے عادی افراد کے حوصلے اتنے بلند ہوگئے ہیں کہ انہیں بلا خوف وخطر تھانے کی دیوار کے سائے میں نشے کی لت پوری کرنی شروع کردی ہے۔

    زیر نظر ویڈیو راولپنڈی کے تھانہ گنجمنڈی سٹی پیر ودھائی کے باہر کی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ تھانے کے مرکزی دروازے کی دیوار کے ساتھ ہی باہر منشیات کے عادی افراد ٹولیوں کی شکل میں بیٹھے ہیں اور کھلے عام بلا خوف وخطر اپنا نشہ پورا کر رہے ہیں۔

    اس حوالے سے شہریوں نے ریجنل پولیس آفیسر اور سی پی او راولپنڈی سے منشیات فروشی میں ملوث افراد کے خلاف بھرپور قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔